Tag: اےآروائی نیوز

  • زینب قتل کیس: ملزم عمران کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ملا: ذرائع اسٹیٹ بینک

    زینب قتل کیس: ملزم عمران کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ملا: ذرائع اسٹیٹ بینک

    اسلام آباد: نجی ٹی وی چینل کے اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کا دعویٰ جھوٹا نکل آیا۔ قصور کی 7 سالہ زینب کے قتل کے مرکزی ملزم عمران علی کے بینک اکاؤنٹس کی تصدیق نہ ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران علی کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق مختلف بینکوں نے تفصیلات اسٹیٹ بینک کو جمع کروا دیں۔ اسٹیٹ بینک نے ملزم عمران کے اکاؤنٹس کے حوالے سے بینکوں سے تفصیلات مانگی تھیں۔

    اسٹیٹ بینک ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 بینکوں میں ملزم عمران کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ملا۔ ملزم کے اکاؤنٹس کی مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق ابھی مکمل تفصیلات موصول نہیں ہوئیں۔ ملزم کے اکاؤنٹس کی تفصیلات صیغہ راز رکھی جا رہی ہیں۔ تفصیلات صرف عدالت اور سیکیورٹی اداروں کو دی جائیں گی۔

    ادھر ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ کسی صارف کے اکاؤنٹ کی تفصیلات عام نہیں کی جاتی۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر انہیں صارف کا ڈیٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے پروگرام میں انکشاف کیا تھا کہ زینب کے ساتھ قتل اور زیادتی میں پورا گینگ ملوث ہے جس میں چند سیاستدانوں کے نام بھی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: زینب قتل کیس میں ملوث وزیر کا نام سپریم کورٹ کو دے دیا: شاہد مسعود

    ان کے اس پروگرام کے بعد سپریم کورٹ نے انہیں عدالت میں پیش ہونے اور ثبوت و شواہد پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت میں شاہد مسعود کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملزم عمران ذہنی مریض ہے نہ نفسیاتی مریض، اور نہ پاگل ہے۔ پاکستان میں زیادتی میں گینگ ملوث ہے جس میں سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں۔

    عدالت کی ہدایت پر شاہد مسعود نے ملوث افراد کے نام لکھوا دیے تھے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملزم عمران کے 37 فارن کرنسی اکاؤنٹس ہیں۔ ان اکاؤنٹس میں ڈالر اور یورو میں ٹرانزکشن ہوتی ہے۔ یہ اکاؤنٹس ملزم عمران خود استعمال کرتا ہے۔

    شاہد مسعود کے مطابق گھناؤنے فعل میں ملوث گینگ پہلے پاکستان سے تصویر سائٹ مینیجر کو بھجواتا ہے، تصویر کی منظوری کے بعد بچی کو اغوا کیا جاتا ہے اور اس پر جنسی تشدد کر کے قتل کردیا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق یہ مناظر انٹرنیٹ پر بھی دکھائے جاتے ہیں۔

    عدالت میں شاہد مسعود نے کہا تھا کہ ملزم کو پولیس کے بجائے حساس ادارے کی تحویل میں دیا جائے، جبکہ انہوں نے امکان ظاہر کیا تھا کہ پس پردہ متحرک اصل شخصیات کو چھپانے کے لیے ملزم کو دوران حراست قتل بھی کیا جاسکتا ہے۔

    عدالت نے زینب قتل کیس سے متعلق تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو شاہد مسعود کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد کی تحقیقات کا حکم دے دیا تھا۔


    ڈاکٹر شاہد مسعود دعوے پر قائم

    دوسری جانب اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود اپنی خبر پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اتوار والے دن سپریم کورٹ میں ضرور پیش ہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم بینک اکاؤنٹس کو کون ہینڈل کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بتا چکا ہوں۔ ’بینک اکاؤنٹس سے متعلق پوری فائل عدالت میں دی ہے‘۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے خبر دی، تحقیقات کرنا اداروں کا کام ہے۔ ملزم عمران کا معاملہ عالمی سطح پر ہے صرف پاکستان تک محدود نہیں۔

    انہوں نے اپنے دعوے پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک انٹرنیشنل مافیا کو بے نقاب کیا ہے۔ ’میرے پاس جو انفارمیشن ہے وہ پبلک کیوں کروں۔ کسی دباؤ میں نہیں آؤں گا، جے آئی ٹی میں سارے ثبوت دوں گا‘۔


    سماعت کی تاریخ تبدیل

    دوسری جانب زینب قتل از خود نوٹس کی سماعت کی تاریخ تبدیل کردی گئی۔ سپریم کورٹ اب اتوار 28 جنوری کو لاہور رجسٹری میں سماعت کرے گی۔

    اس سے پہلے سپریم کورٹ نے پیر کو سماعت کا حکم دیا تھا۔

    سماعت میں ٹی وی اینکر شاہد مسعود اور آئی جی پنجاب کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے جبکہ ڈی جی فرانزک چائلڈ اسپیشلسٹ اور ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو بھی طلب کیا گیا ہے۔


     

  • انتظار قتل کیس: جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس، مدیحہ سمیت تمام افراد کا بیان ریکارڈ

    انتظار قتل کیس: جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس، مدیحہ سمیت تمام افراد کا بیان ریکارڈ

    کراچی: انتظار قتل کیس پر بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا آج پہلا اجلاس ہوا۔ جے آئی ٹی کے روبرو انتظار کے والد، مدیحہ کیانی اور مقدس حیدر سمیت تمام افراد نے بیان ریکارڈ کروادیا۔

    تفصیلات کے مطابق انتظار قتل کیس کی تفتیش آگے بڑھنے لگی۔ کیس کے لیے قائم کی گئی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس محکمہ انسداد دہشت گردی کے دفتر میں ہوا۔

    انتظار کے والد اشتیاق احمد بھی جے آئی ٹی میں پیش ہوئے جبکہ اجلاس میں کیس سے جڑے تمام افراد کا بیان ریکار ڈ کیا گیا۔

    انتظار کے والد کے مطالبے پر مدیحہ کیانی اور اینٹی کار لفٹنگ سیل کے معطل شدہ ایس ایس پی مقدس حیدر کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔

    واقعے میں ملوث ایک اہلکار نے جے آئی ٹی کو بتایا کہ انتظار بھاگنا چاہتا تھا اس لیے فائرنگ کی گئی تاہم جے آئی ٹی کو انتظار کے والد کی جانب سے ایس ایس پی مقدس حیدر کے موقع پر موجودگی کے دعوے کے باعث سچ کی تلاش ہے۔

    یاد رہے کہ جواں سال انتظار احمد کو 14 جنوری کی شب درخشاں تھانے کی حدود میں قتل کیا گیا تھا اور اس قتل کا مقدمہ اینٹی کار لفٹنگ سیل کے 9 اہلکاروں پر درج ہے۔

    انتظار قتل کیس میں اہم پیشرفت اس وقت ہوئی جب سندھ حکومت نے واقعے میں ملوث ہونے پر اے سی ایل سی کے ایس ایس پی مقدس حیدر کو عہدے برطرف کردیا۔ پولیس افسر کا سیکیورٹی اہلکار اور ڈرائیور پہلے ہی گرفتار ہیں۔

    انتظار کی کار کو سادہ لباس میں ملبوس افراد نے اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا جب وہ ایک لڑکی کے ہمراہ کہیں جا رہے تھے۔

    واقعے میں کار میں موجود لڑکی محفوظ رہی جس کی شناخت بعد ازاں مدیحہ کیانی کے نام سے ہوئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیجز سے معلوم ہوا کہ انتظار کی گاڑی کو دو موٹر سائیکل سوار افراد نے نشانہ بنایا جب کہ اے سی ایل کی موبائل بھی ساتھ تھی جس کے بعد اے سی ایل ایس کے اہلکاروں کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈبلیو ایچ او کی جانب سے انفلوئنزا کی دوا فراہم کر دی گئی

    ڈبلیو ایچ او کی جانب سے انفلوئنزا کی دوا فراہم کر دی گئی

    اسلام آباد: انفلوئنزا وائرس پر قابو پانے کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اپنی خدمات پیش کردیں۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے سرکاری اسپتال کو انفلوئنزا کی دوا فراہم کر دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے انفلوئنزا سے بچاؤ کی دوا پولی کلینک اسپتال کو فراہم کردی گئی ہے۔ پولی کلینک کو 100 مریضوں کے لیے اسٹار فلو نامی دوا فراہم کی گئی۔

    پولی کلینک کے سربراہ ڈاکٹر زاہد لاڑک نے ڈبلیو ایچ او سے دوا ملنے کی تصدیق کردی ہے۔

    ڈاکٹر زاہد کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او سے دوا فراہمی کی درخواست کی تھی۔ ڈبلیو ایچ او ضرورت پڑنے پر مزید دوا فراہم کرے گا۔

    ان کے مطابق انفلوئنزا کی دوا کا وافر اسٹاک موجود ہے۔ خصوصی انفلوئنزا آئیسولیشن وارڈ قائم کیا ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں انفلوئنزا ایچ ون این ون کی دوا ناپید ہے۔ دیگر سرکاری اسپتالوں میں انفلوئنزا کی دوا دستیاب نہیں۔ انفلوئنزا کے لیے اسٹار فلو کیپسول بطور دوا استعمال کیا جاتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دوسرا ٹی 20: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

    دوسرا ٹی 20: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

    آکلینڈ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی 20 میں شکست دے دی۔ پاکستان نے میزبان ٹیم کو 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ آج نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلا گیا۔ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے محمد نواز کی جگہ احمد شہزاد کو شامل کیا گیا۔

    پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 202 رنز کا ہدف دیا۔

    پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے جبکہ ٹاپ آرڈر کے چاروں بلے باز 40 سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنانے میں بھی کامیاب رہے۔

    فخر زمان اور بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ احمد شہزاد نے 44 اور کپتان سرفراز احمد نے 41 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بی ایم وہیلر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ پاکستان کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 153 پر ڈھیر ہوگئی۔

    ایم جے سنچنر نے سب سے زیادہ 37 اور بی ایم وہیلر نے 30 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

    نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا اور آخری ٹی 20 اتوار 28 جنوری کو کھیلا جائے گا جس میں سیریز کے فاتح کا فیصلہ ہوگا۔

    یاد رہے کہ ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیوزی لینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 15 اوورز میں دیا گیا ہدف مکمل کر کے 7 وکٹوں سے فتح اپنے نام کرلی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • زینب قتل کیس: عدالت کی طلبی پر شاہد مسعود عدالت میں پیش

    زینب قتل کیس: عدالت کی طلبی پر شاہد مسعود عدالت میں پیش

    اسلام آباد: زینب قتل کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے ایک اور ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران عدالت نے ملزم کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کردی جبکہ نجی ٹی وی چینل کے اینکر شاہد مسعود بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں قصور کی 7 سالہ زینب کے قتل کے کیس میں ایک اور ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کرتے ہوئے 2 دن میں آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ ملزم عمران کی حفاظت کی ذمہ داری براہ راست آئی جی پنجاب کے حوالے کردی گئی۔

    دوسری جانب عدالت کے حکم پر نجی ٹی وی چینل کے اینکر شاہد مسعود بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

    شاہد مسعود کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملزم عمران ذہنی مریض ہے، نہ نفسیاتی مریض اور نہ پاگل ہے۔ پاکستان میں زیادتی میں گینگ ملوث ہے جس میں سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں۔

    عدالت کی ہدایت پر شاہد مسعود نے ملوث افراد کے نام لکھوا دیے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملزم عمران کے 37 فارن کرنسی اکاؤنٹس ہیں۔ ان اکاؤنٹس میں ڈالر اور یورو میں ٹرانزکشن ہوتی ہے۔ یہ اکاؤنٹس ملزم عمران خود استعمال کرتا ہے۔

    شاہد مسعود کے مطابق گھناؤنے فعل میں ملوث گینگ پہلے پاکستان سے تصویر سائٹ مینیجر کو بھجواتا ہے، تصویر کی منظوری کے بعد بچی کو اغوا کیا جاتا ہے اور اس پر جنسی تشدد کر کے قتل کردیا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق یہ مناظر انٹرنیٹ پر بھی دکھائے جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ شاہد مسعود نے اپنے پروگرام میں انکشاف کیا تھا کہ زینب کے ساتھ قتل اور زیادتی میں پورا گینگ ملوث ہے جس میں چند سیاستدانوں کے نام بھی شامل ہیں۔

    ان کے اس پروگرام کے بعد سپریم کورٹ نے انہیں عدالت میں پیش ہونے اور ثبوت و شواہد پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت میں شاہد مسعود نے کہا کہ ملزم کو پولیس کے بجائے حساس ادارے کی تحویل میں دیا جائے، جبکہ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ پس پردہ متحرک اصل شخصیات کو چھپانے کے لیے ملزم کو دوران حراست قتل بھی کیا جاسکتا ہے۔

    عدالت نے زینب قتل کیس سے متعلق تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو شاہد مسعود کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔

    کیس کی مزید سماعت 29 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سپریم کورٹ نے 24 منرل واٹر کمپنیوں کے پانی فروخت کرنے پر پابندی لگادی

    سپریم کورٹ نے 24 منرل واٹر کمپنیوں کے پانی فروخت کرنے پر پابندی لگادی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 24 منرل واٹر کمپنیوں پر پابندی عائد کردی۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ جب تک صاف پانی کی تسلی نہ ہو فروخت کی اجازت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے 24 منرل واٹر کمپنیوں کے پانی فروخت کرنے پر پابندی لگادی۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جب تک صاف پانی کی تسلی نہ ہو فروخت کی اجازت نہیں دیں گے۔ کمپنیوں کو ادراک ہونا چاہیئے گندا پانی فروخت نہیں کرنا، بڑی کمپنیاں ہیں لیکن پانی صاف نہیں، بچوں کا خیال رکھنا ہے۔

    انہوں نے واضح طور پر کہا کہ عدالت کی تسلی تک پانی فروخت کی اجازت نہیں۔

    اس موقع پر کمپنیوں کے وکیل نے کہا کہ پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی سی ایس کیو اے) کی رپورٹ منگوا لیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ رپورٹ ہم منگوالیں گے۔

    عدالت کا مزید کہنا تھا کہ قوم کا مفاد دیکھنا ہے، کمپنی کے وکیل بڑی فیس لیتے ہیں۔ زعم میں نہ رہیں کہ بڑا وکیل کرنے سے ریلیف ملے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بلوچستان میں 200 فراری کمانڈرز نے ہتھیار چھوڑ کر لیپ ٹاپ اٹھا لیے

    بلوچستان میں 200 فراری کمانڈرز نے ہتھیار چھوڑ کر لیپ ٹاپ اٹھا لیے

    کوئٹہ: بلوچستان میں 200 فراری کمانڈرز ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے۔ سرینڈر کرنے والوں میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 200 فراری کمانڈرز نے ہتھیار ڈال دیے۔

    تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ تھے۔

    تربت کے ایف سی ہیڈ کوراٹر میں منعقدہ تقریب میں سرینڈر کرنے والے فراریوں میں کالعدم بی ایل ایف اور بی آر اے کے 15 کمانڈر بھی شامل ہیں۔

    ہتھیار ڈالنے والوں نے آئندہ ریاست مخالف سرگرمیوں کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    ہتھیار ڈالنے والے کمانڈرز کو لیپ ٹاپ بھی دیے گئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اورکزئی ایجنسی میں ڈرون حملہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    اورکزئی ایجنسی میں ڈرون حملہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    ہنگو: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) کی اورکزئی ایجنسی میں امریکی ڈرون حملے میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق ڈرون اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈپہ ماموزئی میں ایک گھر پر داغا گیا۔

    حملے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ 2 مبینہ دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ گھر افغان مہاجرین کا تھا جس پر امریکی جاسوس طیارے نے 2 میزائل داغے۔

    اس سے قبل 17 جنوری کو بھی پاک افغان سرحدی حصے کرم ایجنسی کے علاقے لوئر کرم پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 1 زخمی ہوا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لیبیا میں 2 کار بم دھماکے، 30 سے زائد افراد جاں بحق

    لیبیا میں 2 کار بم دھماکے، 30 سے زائد افراد جاں بحق

    بن غازی: لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں 2 کار بم دھماکوں میں 33 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پہلا دھماکہ بن غازی کے مرکزی ضلع میں ایک مسجد کے باہر ہوا۔

    دھماکے کے بعد جب ریسکیو، پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچیں تو تھوڑی دیر ایک اور بڑی شدت کا دھماکہ ہوا۔

    دوسرا دھماکہ جائے وقوعہ کے قریب کھڑی ایک مرسڈیز میں ہوا جس نے ایک ایمبولینس کو نقصان پہنچایا جبکہ کئی سیکیورٹی اہلکار بھی دھماکے کی زد میں آئے۔

    مارے جانے والے عام شہریوں سمیت ایک مصری شہری بھی شامل ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    تاحال کسی نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔


     

  • حکومت مدت پوری کرے گی، انتخابات وقت پر ہوں گے: وزیر اعظم

    حکومت مدت پوری کرے گی، انتخابات وقت پر ہوں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ صرف پارٹی کے کہنے پر ہی اسمبلی تحلیل کروں گا کسی اور کے کہنے پر نہیں۔ حکومت مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت پر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صحافیوں سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار میرے پاس ہے۔ پارٹی کے کہنے پر ہی اسمبلی تحلیل کروں گا کسی اور کے کہنے پر نہیں۔ ’کسی میں دم ہے تو تحریک عدم اعتماد لے آئے، حکومت مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت پر ہوں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ طالبان اگر امریکا سے بات کرنا چاہتے ہیں تو کریں۔ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جنگ سے کچھ نہیں ملے گا۔ امریکا اربوں ڈالر ہتھیاروں پر لگانے کے بجائے مہاجرین پر خرچ کرے۔

    زینب قتل کیس پر ان کا کہنا تھا کہ زینب کا قاتل ضرور گرفتار ہوگا ڈیڈ لائن دینا مناسب نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اداروں میں میرٹ پر تعیناتی کر رہے ہیں۔ میرے وزیر اعظم اب بھی نواز شریف ہیں۔ ججز کا کردار اور سوچ بھی عوام کے سامنے آنی چاہیئے۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں کوئی کارروائی نہیں کر سکتا۔ اگر کچھ ہوا تو سفارتی یا ملٹری سطح پر جواب دے سکتے ہیں۔ امریکا کی طرف سے ڈو مور مطالبے کی مزید گنجائش نہیں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کا یومیہ خسارہ 15 کروڑ ہے، نجکاری ناگزیر ہے۔ نیا اسلام آباد ایئرپورٹ مارچ میں مکمل ہوگا


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔