Tag: اےآروائی نیوز

  • اپنی شناخت پرفخردرست ہےپرکسی کی تذلیل نہ ہو، الطاف حسین

    اپنی شناخت پرفخردرست ہےپرکسی کی تذلیل نہ ہو، الطاف حسین

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ اپنی شناخت پر فخرکرنا درست ہے تاہم کسی دوسرے کی شناخت کی تذلیل وتحقیرکرنا یا اس بنیادپر ان کے ساتھ نفرت و تعصب اورامتیازی سلوک کرناکسی بھی طورپردرست اورقابل قبول نہیں ہے۔انہوں نے یہ بات ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں برطانیہ کے مختلف کالجوں اوریونیورسٹیوں کے طلبہ وطالبات کو دیے گئے لیکچر میں کہی۔

    لیکچر میں مختلف زبانیں بولنے والے طلبہ وطالبات شریک تھے۔ شناخت کے موضو ع پر طلبہ وطالبات کولیکچر دیتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ دنیامیں جوفردبھی پیدا ہوتاہے وہ اپنی ایک شناخت رکھتاہے۔ یہ شناخت انفرادی بھی ہوتی ہے اوراجتماعی بھی ۔ شناخت کااعتراف اوراس پر فخر کرنانہ توتعصب ہے اورنہ ہی خلاف مذہب اورخلاف شرع ہے۔

    انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے اپنی مقدس کتاب قرآن مجید کی سورہء الحجرات میں ارشاد فرمایاکہ ”ہم نے تمہیں ایک مرد اور عورت سے پیداکیا اورتمہیں قوموں اورقبیلوں میں تقسیم کیاتاکہ تمہاری آپس کی شناخت ہوسکے“۔اس آیت ربانی کاواضح مطلب یہ ہے کہ انسانوں کی قبیلوں اورقوموں میں تقسیم اپنی شناخت کی غرض سے ہے اوریہ تقسیم اللہ کی جانب سے کی گئی ہے۔لہٰذا اپنی شناخت سے انکار اللہ تعالیٰ کے فرمان سے انکار ہے۔

    الطاف حسین نے کہاکہ کسی بھی شخص کااپنی شناخت کوکھل کرتسلیم کرنا اورخودکوفخریہ پنجابی،پختون، سندھی، بلوچ ، سرائیکی، مہاجر، کشمیری، ہزارہ ، گلگتی یا بلتستانی کہنا کسی بھی طرح نہ تومتعصبانہ عمل ہے اورنہ ہی غلط عمل ہے۔اپنی شناخت پر فخرکرنا تودرست عمل ہے تاہم کسی دوسرے کی شناخت کامذاق اڑانا، ان کی تذلیل اور تحقیر کرنا یا اس بنیادپر ان کے ساتھ نفرت، تعصب اورامتیازی سلوک کرناکسی بھی طور پردرست اورقابل قبول نہیں ہے۔

    الطاف حسین نے طلبہ وطالبات سے کہاکہ آپ کومیری یہ تلقین ہے کہ آپ خواہ مہاجرہوں یا سندھی، بلوچ ہوں یاپختون،پنجابی ہوں یا سرائیکی، اپنی شناخت کونہ بھولیں لیکن ساتھ ساتھ یہ عہدبھی کریں کہ آپ کسی شخص کواس بنیاد پر زیادتی ، ناانصافی ، نفرت اورتعصب کا نشانہ نہیں بنائیں گے کہ اسکی شناخت آپ سے مختلف ہے۔ آپ کسی سے اس بنیاد پر نفرت نہیں کریں گے کہ اس کی زبان، رنگ، ملک، مذہب یافقہ آپ کی زبان، رنگت ،قومیت یامذہب سے مختلف ہے۔

    آپ ظلم کوظلم کہیں اور مظلوم کی حمایت کریں خواہ وہ کسی بھی علاقہ، زبان یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو۔اسی جذبہ سے مہاجروں، سندھیوں، پنجابیوں، پختونوں، بلوچوں، سرائیکیوں، کشمیریوں، گلگتی اور بلتستانیوں میں حقیقی بھائی چارہ جنم لے گا، پاکستانیت فروغ پائے گی اورقومی اتحاد ویکجہتی میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پرسوال جواب کاسیشن بھی ہواجس کے دوران طلبہ وطالبات نے لیکچر کے موضوع کے حوالے سے الطاف حسین نے مختلف سوالات بھی کئے جن کے انہوں نے تفصیلی جواب بھی دیے۔

     

  • نواز لیگ آمروں کی بنائی جماعت ہے ، عمران خان

    نواز لیگ آمروں کی بنائی جماعت ہے ، عمران خان

     

    تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے نواز لیگ آمروں کے نیلام گھر میں بنائی گئی جماعت ہے ، غیر جماعتی 

    انتخابات کے ذریعے ہمیشہ مفادات کی سیاست کی جاتی رہی۔

    لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

     انہوں نے کہا کہ ملک میں مفادات کی سیاست غیر جماعتی انتخابات کے ذریعے پروان چڑھتی رہی ہے جسکا اعادہ ایک بار پھر نون لیگ 

    پنجاب میں کرنا چاہتی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی جماعت آمروں کے نیلام گھر میں بنائی گئی جس نے چھانگا مانگا اور لفافہ صحافت کے 

    ذریعے صحافیوں اور سیاستدانوں کی خریدوفروخت کی روایت کو جنم دیا، عمران خان کا کہنا تھاکہ نیٹو سپلائی اور ڈرون حملے رکوانے 

    کیلئے دو بار اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی مگر نواز شریف نے اپنے ہی موقف سے ہٹ کر قوم کو مایوس کیا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی باتوں کا جواب نہیں دینا چاہتا ، تاہم انہیں یہ بھی معلوم ہونا 

    چاہیے تھا کہ انکی اپنی جماعت نے بھی قرارداد وں پردستخط کیے، عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کالاباغ ڈیم پر سندھ اور خیبر 

    پختونخواہ کے عوام کے تحفظات دور کرنے کیلئے پنجاب کو اہم کردار اداکرنا ہوگا۔  

  • طالبان علما کے کہنے پر خودکش حملہ آور بنے، صاحبزادہ حامد رضا

    طالبان علما کے کہنے پر خودکش حملہ آور بنے، صاحبزادہ حامد رضا

     

    سنی اتحاد کونسل کے چئیرمین صاحبزادہ حامد رضا کہتے ہیں کہ طالبان ان علما کے کہنے پر خودکش حملہ آور بنے جن کے مدار

    میں انہوں نے تعلیم حاصل کی انکے خلاف آپریشن نہ بھی کیا جائے تو خودکش حملے ہو رہے ہیں۔

    مولانا سمیع الحق کے طالبان کے حوالے سے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کچھ 

    عرصہ پہلے تک فرما رہے تھے کہ وہ طالبان کے باپ ہیں اور حکومت اور طالبان کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

     حامدرضا قادری کا کہنا تھا کہ طالبان انہی علما کے کہنے پر خودکش حملہ آور بنے جن کے مدارس میں انہوں نے تعلیم حاصل کی  

     مولاناسمیع الحق برائی کی جڑیں کاٹنےمیں مدد کریں اور عوام کوڈرانا بندکردیں۔

  • عشرت العباد خان کی چوہدری نثار احمد سے ملاقات

    عشرت العباد خان کی چوہدری نثار احمد سے ملاقات

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے گورنرہاؤس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد نے ملاقات کی، ملاقات میں صوبے سمیت کراچی میں امن وامان کی صورتحال اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

     دونوں رہنماؤں نے اپنے اس عزم کا اظہا رکیا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کو مزید موثٗر بنایا جائے گا وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد نے گورنر سندھ کو وفاق کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ جاری آپریشن عوام کی توقعات کے مطابق کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔

     اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات کی گئی ہے جرائم میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لائیں ۔
    دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ آپریشن کی کامیابی کا دارومدارعوام کی شمولیت سے ہی ممکن ہے، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کے لئے عوام کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا  انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی امن و امان کی بہتری میں مضمر ہے ۔

  • لیاری میں فائرنگ ، دو افراد زخمی، جاوید ناگوری حملے میں محفوظ رہے

    لیاری میں فائرنگ ، دو افراد زخمی، جاوید ناگوری حملے میں محفوظ رہے

    لیاری کے علاقے جمعہ بلوچ گوٹھ  میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے  ، ایم پی اے جاوید ناگوری کے مطابق فائرنگ ان  کی گاڑیوں پر  کی گئی، جبکہ علاقہ مکینوں نے  جاوید ناگوری کو فائرنگ کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

    لیاری کےعلاقہ ہنگورآبادمیں بلدیاتی الیکشن کی مہم کیلئے جانے والے صوبائی وزیرجاوید ناگوری کی گاڑی پر نامعلوم افراد  نے فائرنگ کردی،جاوید ناگوری نے اے آروائی  کو بتایا کہ  فائرنگ کے نشانات ان کی سرکاری اورپولیس موبائل پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

    دوسری جانب جمعہ بلوچ روڈ کے مکینوں کا دعوی ہے کہ جاوید ناگوری کے محافظوں نے ان پر فائرنگ کی جس سے دو افراد زخمی ہوئے ، واقعے کے خلاف مکینوں نے احتجاج بھی کیا۔

  • کراچی: جیالے بلاول ہاؤس کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں، عبدالقادر پٹیل

    کراچی: جیالے بلاول ہاؤس کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں، عبدالقادر پٹیل

    پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ جیالے بلاول ہائوس کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت وضاحت کرے کہ  بلاول ہائوس پر احتجاجی مظاہرہ  پارٹی فیصلہ تھا یا عارف علوی کے ذہن کی اختراع۔

    کراچی میں بلاول ہاوٗس پر پی ٹی آئی کے کارکنوں  کے احتجاج کے بعد پریس کانفرنس میں  عبد  القادر پٹیل کا کہنا تھاکہ  پیپلز پارٹی  کے کارکن بھٹو خاندان کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں۔

     اگر پی ٹی آئی کو احتجاج کرنا تھا تو اسکی  کال کسی اور جگہ بھی دی جاسکتی تھی، عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ  عارف علوی دو جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم کرانا چاہتے ہیں،تحریک انصاف کی  قیادت واضح کرے کہ احتجاج کا فیصلہ پارٹی نے کیا تھا یا پھر یہ  عارف علوی کے ذہن کی اختراع  ہے۔

  • کینجھر جھیل میں واقع مزار سے 5  لاشیں برآمد

    کینجھر جھیل میں واقع مزار سے 5 لاشیں برآمد

     

     ٹھٹہ کے قریب  کینجھر جھیل میں واقع مزار سے پانچ لاشیں ملی ہیں،مرنے والوں کا تعلق  کراچی سے  بتایا جاتا ہے۔

    کینجھر جھیل  کےقریب واقع نوری  جام تماچی  کے مزار میں پانچ افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والےمحمد علی ، عرفان اور سہیل کا تعلق کراچی سے جبکہ بلاول کا راولپنڈی اور  جہانگیر اختر کا  گلگت سے ہے، لاشوں کو سول اسپتال  ٹھٹہ پہنچا دیا گیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد سول اسپتال کراچی روانہ کر دیا جائے گا۔   

    پولیس نے  نامعلوم قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

  • صوبائی وزیرکا دورہ ختم، ماڈل بازار غائب

    صوبائی وزیرکا دورہ ختم، ماڈل بازار غائب

     

    پنجاب کیبنٹ کی پرائز کنٹرول کیمٹی کا ساہیوال ڈویژن کا دورہ، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا دورہ ختم ہوتے ہی جعلی ماڈل بازار
     غائب ہو گئے۔

    صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین ہیلی کاپٹر پرساہیوال پہنچے، انکے ہمراہ صوبائی وزیرذراعت  ڈاکٹر فرخ جاوید کے علاوہ چیف سیکرٹری پنجاب بھی موجود تھے، کیبنٹ کیمیٹی نے سستے بازاروں کے دورے  کے  لیے ہیلی  کاپٹر کا استعمال کیا.

    وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر پولیس کی جانب سے ناکے لگائے گئے تھے جس کے  باعث شہری دن بھر مشکلات کا شکار رہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ریڑھیوں کو زبردستی ماڈل بازار میں لایا گیا، کیبنٹ کمیٹی کے دورے کے فوری بعد ریڑھی بانوں  نے ماڈل بازاروں سے واپسی سے شروع کر دی اور صوبائی وزیرخوراک ماڈل بازاروں کا دورہ کر کے چلے گئے۔

  • ایم کیو ایم کی چوہدری نثار سے ملاقات، ملک کی صورتحال پر غور

    ایم کیو ایم کی چوہدری نثار سے ملاقات، ملک کی صورتحال پر غور

     

    متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیوایم کے ایک نمائندہ وفد نے ہفتہ کے روز گورنر ہاؤس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی۔

    ایم کیوایم کے اعلامیے کے مطابق ملاقات 45منٹ جاری رہی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،ملک میں امن و امان کے استحکام بالخصوص کراچی میں امن وامان کی صورتحال سمیت دیگرامورپرتفصیلی تبادلہ خیال گیا اور کراچی میں پائیدارامن کیلئے مل جل کرکام کرنے پراتفاق کیاگیا۔

    ایم کیوایم کے وفدمیں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی رکن وقومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈرڈاکٹرمحمدفاروق ستار،ارکان ڈاکٹرصغیراحمد ، کنور نوید جمیل اورسینیٹ میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈربابرخان غوری شامل تھے۔

  • پورے ملک میں صرف 120 دماغی صحت کے ماہرین ہیں

    پورے ملک میں صرف 120 دماغی صحت کے ماہرین ہیں

     

     پاکستان کی اٹھارہ کروڑ آبادی کے لیے دماغی امراض کے علاج کے لیے صرف 120 تربیت یافتہ نیورو فزیشن ہیں جو کسی بھی ترقی یافتہ ملک کی نسبت انتہائی کم ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں 15 لاکھ افراد کے لیے صرف ایک نیورولوجسٹ  میسرہے۔

    ان خیالات کا اظہار مقررین نے تیرھویں تین روزہ بین الاقوامی نیورولوجی کانفرنس کے میڈیا سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ امریکہ، یورپ، مشرقِ وسطیٰ، کینیڈا اور سنگاپور سے دنیا کے معروف نیورو فزیشنز نے شرکت کی۔ 

    کانفرس کے انعقاد کا مقصد ذہنی امراض کے علاج میں نئی پیشرفت کے علاوہ فالج اور دیگر دماغی امراض کی موجودہ صورتحال اور پاکستان میں اس اہم شعبہ میں ڈاکٹروں کی شدید کمی سمیٹ درپیش دیگر مسائل کا تعین اور تدارک کی کوشش کرنا تھا۔

     کانفرس میں دنیا کے مشہور نیورو سائنسدان ڈاکٹر ٹیپو صدیقی نے خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر خورشید عالم خان نے کہا کہ فالج سے ہر سال تقریباً ایک کروڑ ساٹھ لاکھ لوگ متاثر ہوتے ہیں اور ہرچھ سیکنڈ میں ایک آدمی کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ مشہور پاکستانی نیورولوجسٹ ڈاکٹر اسماعیل کھتری نے کہا کہ فالج کے مریضوں کے لیے ہسپتالوں میں باقاعدہ فالج یونٹ ہونے چاہئیں تاکہ ان کی بہتر دیکھ بھال ہو سکے۔

     ان کا کہنا تھا کہ جن مریضوں کا علاج فالج یونٹ میں ہوتا ہے وہ دوسرے مریضوں کی نسبت مرض کے ایک سال بعد ذیادہ بہتر اور خودمختار زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور پاکستان فالج سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ ملک میں ماہرین کی کمی کو پورا کرنے اور فالج کے یونٹس کے قیام کے لیے کوششیں کریں۔