Tag: اےآروائی نیوز

  • کراچی:تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلدیہ ملازمین کا مظاہرہ

    کراچی:تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلدیہ ملازمین کا مظاہرہ

    کراچی کے علاقے ناظم آباد گجر نالے کے قریب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کیا اس دوران مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا جسکی وجہ سے ناظم آباد انڈر پاس اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی معطل ہوگئ اور بعض مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گیئں جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا۔

    مظاہرے میں شریک ملازمین کا کہنا تھا کہ کئ ماہ گزر جانے کے باوجود تنخواہیں اور دیگر مراعات نہیں ملیں جس کی وجہ سے مہنگائی کے اس دور میں ان کے لئے گزر بسر کرنا مشکل ہوگیا ہے، ملازمین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تنخواہیں ادا کی جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیاجائے گا اور ملازمین کام چھوڑ دیں گے۔

     

  • کوئٹہ:گھر میں گیس بھرنے سے دھماکہ،تین افراد شدید زخمی

    کوئٹہ:گھر میں گیس بھرنے سے دھماکہ،تین افراد شدید زخمی

    کوئٹہ کے نواحی علاقے قمبرانی روڈ پر گھر کے کمرے میں گیس بھر جانے سے دھماکے کے نتیجے میں بچہ اور خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق قمبرانی روڈ کے کلی بیڑﺅمیں اہل خانہ رات کو سوتے وقت گیس  کاچولہا بند کرنا بھول گئے تھے صبح جب نماز کی تیاری کے لئے اٹھے اور ماچس کی تیلی جلائی تو کمرے میں موجود گیس کے باعث دھماکہ ہوا جس سے کمرے کی چھت اڑ گئی ۔

    آگ کے شعلے بھڑک اٹھنے سے خاتون اور بچہ سمیت ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ، مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پالیا، زخمیوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیاہے۔

     

  • اسلام آبادہائیکورٹ:چیئرمین پیمرا کی برطرفی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

    اسلام آبادہائیکورٹ:چیئرمین پیمرا کی برطرفی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

    چیئرمین پیمرا کی برطرفی کے خلاف سماعت کے لیے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان نے سماعت کے لیے منظور کر لی ہے, درخواست پیمرا کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے چیئرمین چوہدری رشید کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن معطل کیا مگرنئے مقرر کیے گئے چیئرمین کا نوٹیفیکیشن تاحال برقرار ہے اس طرح عملی طور پر ادارے میں دو چیرمین کام کر رہے ہیں۔

    کیس کی سماعت جسٹس ریاض احمد خان نے جنوری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔ جسٹس ریاض احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم واضح ہے۔

     

  • پنجاب: بیشتر علاقوں میں دھند کا سلسلہ رواں ہفتے جاری رہنے کا امکان

    پنجاب: بیشتر علاقوں میں دھند کا سلسلہ رواں ہفتے جاری رہنے کا امکان

    لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کا سلسلہ رواں ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے تاہم اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں اس کی شدت کم ہو سکتی ہے۔

    لاہور میں محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان اور بہاولپور ڈویژنوں میں دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے تاہم اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں اس کی شدت میں کمی آ جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں مطلع ابرآلود رہے گا، اس دوران بعض مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاروں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

    صوبائی دارالحکومت میں آج صبح درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 100 فیصد تک پہنچ گیا۔ دھند کے باعث پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔

     

  • ہیملٹن ٹیسٹ:ویسٹ انڈیزکے پہلی اننگز میں چھ وکٹوں پر دو سو نواسی رنز

    ہیملٹن ٹیسٹ:ویسٹ انڈیزکے پہلی اننگز میں چھ وکٹوں پر دو سو نواسی رنز

    ہیملٹن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں چھ وکٹوں پر دو سو نواسی رنزبنالئے۔
    ہیملٹن میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس نیوزی لینڈ نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو اکتالیس رنز کا آغاز فراہم کیا۔

    بریتھ ویٹ پینتالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ چندرپال اور دنیش رام دین نے ٹیم کی پوزیشن بہتر کی۔ دنیش رام دین نے سینچری بنائی۔ وہ ایک سو سات رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹوں پر دو سو نواسی رنزبنالئے ہیں۔ چندرپال چورانوے رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

     

  • جوہانسبرگ ٹیسٹ:بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ،دوسرے دن کا کھیل آج ہوگا

    جوہانسبرگ ٹیسٹ:بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ،دوسرے دن کا کھیل آج ہوگا

    جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں بھارت آج اپنی پہلی نامکمل اننگز دو سو پچپن رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کرے گا۔

    جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس بھارت نے جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ چوبیس رنز پر ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی کی شاندار سینچری نے بھارتی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

    کوہلی نے ٹیسٹ کیرئیر کی چوتھی سینچری اسکور کی۔ وہ ایک سو انیس رنزبناکر کیلس کا شکار بنے۔ شیکھر دھون تیرہ، مرلی وجے چھ اور روہت شرما نے چودہ رنزبنائے۔ بھارت نے پہلے روز کے اختتام پر پانچ وکٹوں پر دو سو پچپن رنزبنائے۔

     

  • آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،مصباح الحق آٹھویں نمبرپربرقرار

    آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،مصباح الحق آٹھویں نمبرپربرقرار

    آئی سی سی نے ٹیسٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں۔
    آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلئیرز پہلے اور ہاشم آملہ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

    پاکستان کے مصباح الحق آٹھویں اور یونس خان دسویں نمبر پر برقرار ہیں۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تین درجہ بہتری کے بعد گیارہویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بولرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین کو پہلا نمبر ہے۔ پاکستان کے سعید اجمل چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔

     

  • شارجہ کا میدان بولرز کا امتحان بن گیا،چوکوں چھکوں کی بارش

    شارجہ کا میدان بولرز کا امتحان بن گیا،چوکوں چھکوں کی بارش

    صحرا میں بلے بازوں نے رنز کے دریا بہادیئے۔ پہلے پاکستان اور پھر سری لنکن بیٹسمینوں نے بولرز پر خوب لاٹھی چارج کیا۔ پاکستان کے شرجیل خان ڈیبیو پر نصف سینچری بنانے والے آٹھویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ شارجہ کا میدان بولرز کا امتحان بن گیا،چوکوں اور چھکوں کی برسات ہوئی۔

    بولرز پرلاٹھی چارج کی ابتدا کی شرجیل خان نے اور ڈیبیو میں ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواڈالا۔ شرجیل خان پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پرنصف سینچری بنانے والے آٹھویں کھلاڑی بن گئے۔ شرجیل کے بعد حفیظ، صہیب مقصود اور شاہد آفریدی نے بھی لنکن بولرز کی جم کر دھلائی کرڈالی۔ 

    پاکستان نے بنائے تین سو بائیس رنز جو شارجہ میں قومی ٹیم کا تیسرا بڑا اسکور ہے۔ پاکستانی ٹیم شارجہ کے میدان میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والی ٹیم بھی بن گئی۔ لنکن بیٹسمینوں نے حساب چکانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی ،پاکستان کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے سری لنکن بیٹسمنوں نے ہتھیار نہیں ڈالے۔

    ایک موقع پر مہمان بلے بازوں کے آگے پاکستانی بولرز کے ہاتھ پاؤں پھول گئے تھے  انچاسویں اوور میں میچ پاکستان کے ہاتھ میں آگیا اور سیریز میں گرین شرٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر کی برتری  حاصل کرلی۔

     

  • بنگلہ دیش میں مظاہرے:ایشیا کپ و ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی شرکت مشکوک

    بنگلہ دیش میں مظاہرے:ایشیا کپ و ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی شرکت مشکوک

    بنگلہ دیش میں پاکستان خلاف مظاہروں نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی شرکت پر شکوک وشبہات پیدا کردیئے ہیں۔

    بنگلہ دیش میں حکومت مخالف گروپس کی جانب سے مظاہروں اور جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ جس میں کئی ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی انڈر نائنٹین ٹیم کو بھی بنگلہ دیش سے دورہ ادھورہ چھوڑ کر وطن واپس بلالیا گیا ہے جبکہ دیگر ٹیموں کی جانب سے بھی بنگلہ دیش میں موجودہ حالات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    عبدالقادر ملا کو پھانسی دینے کے بعد سے بنگلہ دیش میں حالات کشیدہ ہیں ایسے میں عبدالقادر ملا کی سزائے موت پر پاکستان کی مذمتی قراد داد سے بنگلہ دیش میں پاکستان خلاف مظاہرے بھی شروع ہوگئے ہیں۔

    مظاہروں کے سبب فروری میں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ بنگلہ دیش سے ایونٹ کی منتقلی اور ٹیموں کے تحفظات دور کرنے کے لئے اب آئی سی سی کو کوئی فیصلہ کرنا ہوگا۔

     

  • آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہوگا

    آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہوگا

    آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہوگا جس میں پاکستان کو پچپن کروڑ ڈالر کی دوسری قسط منظور کئےجانے کا امکان ہے۔

    آئی ایم ایف کے بورڈآف ایگزیکٹو کا اجلاس آج واشنگٹن میں ہو گا۔ جس میں پاکستان کو نئے قرضے کی دوسری قسط کی ادائیگی کا فیصلہ ہوگا۔ قسط کی مالیت پچپن کروڑ ڈالرہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف حکام کی جانب سے زرمبادلہ ذخائرکا ہدف حاصل نہ کرنےپر چھوٹ ملنےکاامکان ہے ۔ جب کہ آئی ایم ایف حکام وزیراعظم نواز شریف کی سرمایہ کاری و ٹیکس ایمنسٹی اسکیمز کا جائزہ بھی لیںگے۔