Tag: اےآروائی نیوز

  • رواں ماہ مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    رواں ماہ مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سال گزشتہ کی نسبت رواں سال جولائی تا اپریل مہنگائی کی شرح 3.77 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ صرف ایک ماہ میں مہنگائی کی شرح میں 1.82 فیصد اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ماہ میں مہنگائی کی شرح میں 1.82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اپریل 2017 کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح 3.68 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    بریفنگ کے مطابق سال گزشتہ کی نسبت جولائی تا اپریل مہنگائی کی شرح 3.77 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سبزیاں 15، ٹماٹر 8.47، پھل 6، کتابیں اور اسٹیشنری 5 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ مٹی کے تیل میں 31، تعلیم میں 13، اخبار میں 12، چاول میں 11، اور پیٹرول، گوشت میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔

    بریفنگ کے مطابق پیاز 11، آلو 7، انڈے 5، گندم اور بیسن 2 فیصد سستے ہوئے۔ ایک سال میں ٹماٹر 47، دال ماش 23، آلو 23، سگریٹ 20، سبزیاں 14، دال مسور 13، چینی 12 اور بیسن 11 فیصد سستے ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • زندگی میں بڑی تبدیلی لانے والا معمولی سا عمل

    زندگی میں بڑی تبدیلی لانے والا معمولی سا عمل

    بعض دفعہ زندگی میں بہت سی مشکلات اور پریشانیاں انسان کو گھیرے میں لے لیتی ہیں جن سے نکلنے کے لیے وہ سخت جدوجہد کرتا ہے۔ کبھی وہ اس جدوجہد میں کامیاب رہتا ہے، کبھی ناکام ہو کر مزید پریشانیوں میں دھنستا چلا جاتا ہے۔

    لیکن بعض اوقات کوئی چھوٹی سی شے انسان کو بہت ہمت اور حوصلہ عطا کرتی ہے اور آج ہم آپ کو ایسی ہی ایک معمولی سی چیز کے بارے میں بتانے جارہے ہیں۔

    یہ معمولی سی چیز امریکی بحریہ کے ایک ریٹائرڈ ایڈمرل ولیم ایچ مک رون کی تجویز کردہ ہے جو امریکی اسپیشل آپریشن کمانڈ کے نویں سربراہ رہ چکے ہیں۔ ان کی لکھی گئی کتاب اس وقت پورے امریکا کا موضوع بحث بن چکی ہے۔

    ایڈمرل کی اس کتاب کا موضوع ان کی عملی زندگی کی جدوجہد کے بجائے وہ چھوٹی چھوٹی اشیا اور کام ہیں جو کسی بھی انسان کی زندگی بدل سکتے ہیں۔

    اور جس ایک کام کے گرد یہ کتاب گھومتی ہے، وہی اس کا ٹائٹل بھی ہے جسے سن کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ اس کتاب کا نام ہے ’اپنا بستر درست کریں‘۔

    یہ کتاب رواں برس اپریل میں شائع کی گئی اور اس وقت امریکا میں مقبول ترین کتاب کی حیثیت حاصل کرچکی ہے۔ یہ کتاب نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلر کتابوں کی فہرست میں سرفہرست ہے۔

    اس کتاب کا خیال دراصل ایڈمرل کی سنہ 2014 میں کی جانے والی ایک تقریر سے آیا جو انہوں نے یونیورسٹی آف ٹیکسس میں گریجویشن کی تقریب کے موقع پر کی۔

    اس خطاب میں ایڈمرل کا کہنا تھا کہ صبح اٹھنے کے بعد اور گھر سے نکلنے سے قبل اپنے بکھرے ہوئے اور بے ترتیب بستر کو صاف کرنا وہ عمل ہے جو آپ کے دن کو خوشگوار اور کارآمد بنانے میں مدد دے گا۔

    بکھرے ہوئے بستر کو صاف کر کے اسے ترتیب میں لانا دراصل انسان کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ اب اس کام کے بعد وہ ایک ایک کر کے اپنے تمام کام نمٹاتا جائے اور اپنی زندگی کے مقصد کے مزید قریب پہنچے۔

    یہ کام انسان کو نئی ہمت اور حوصلہ عطا کرتا ہے کہ جس طرح اس نے اس کام کو درست طریقے سے انجام دیا، اسی طرح اب وہ مزید کئی کاموں کو بہترین انداز میں انجام دے سکتا ہے۔

    ایڈمرل کے مطابق صبح کو مکمل کیا جانے والا یہ کام دن کے اختتام تک بہت سے تکمیل شدہ کاموں کی طرف پہلا قدم بن جائے گا۔

    اپنی تقریر میں ایڈ مرل کا کہنا تھا کہ اگر بدقسمتی سے آپ نے ایک بہت ناخوشگوار اور برا دن گزارا ہے، تو ایسا دن گزارنے کے بعد جب آپ گھر واپس آئیں گے اور آپ کو اپنا بستر درست اور صاف ستھری حالت میں ملے گا، ایسا بستر جسے خود آپ نے اپنے ہاتھ سے درست کیا ہوگا، تو ایسا بستر آپ کو نیا حوصلہ دے گا کہ آنے والا کل یقیناً ایک بہتر دن ہوگا۔

    تو پھر آپ کب سے زندگی کو بدلنے والے اس پہلے قدم کو اپنانے جارہے ہیں؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کوشش ہے نوجوان مستقبل کے چیلنجز سے نمٹ سکیں: احسن اقبال

    کوشش ہے نوجوان مستقبل کے چیلنجز سے نمٹ سکیں: احسن اقبال

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ خوشی کی بات ہے پاکستان میں جنسی امتیاز کا فرق ختم ہو رہا ہے۔ کوشش ہے نوجوان مستقبل کے چیلنجز سے نمٹ سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق کونسل آف آرٹس میں ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ کی تقریب منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہے پاکستان میں جنسی امتیاز کا فرق ختم ہو رہا ہے۔ جو بڑا سوچتا ہے وہ اچھے مستقبل کا خواب دیکھتا ہے، جو برا سوچتا ہے وہ خود کو خراب کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے معاشرے میں مایوسی تیزی سے بڑھنے لگی ہے۔ پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے اس سے کسی کو انکار نہیں۔ ’میرا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے جہاں پہلے تعلیم کا فقدان تھا، اب وہاں 80 فیصد لڑکیوں نے ترقی کی ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ لڑکیاں روشن مستقبل میں اچھا کردار ادا کر رہی ہیں۔ نوجوانوں کو ذہنی نشوونما، تفریح کے مواقع بھی فراہم کرنے چاہئیں۔ کوشش ہے نوجوان مستقبل کے چیلنجز سے نمٹ سکیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ یونیورسٹی میں داخلہ لینے والا ہر طالب علم آسان اقساط پر لیپ ٹاپ حاصل کر سکے گا۔ طلبا و طالبات کے لیے اسمارٹ کیمپس پر توجہ دے رہے ہیں۔ نوجوان مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنا جانتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا

    بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا

    اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے، بڑے بجلی گھروں سے بجلی کی فراہمی تاحال نہ ہوسکی۔ بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرمی میں اضافے کے ساتھ ساتھ بجلی کے بحران میں بھی اضافہ جاری ہے۔ بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا۔ وزارت توانائی ذرائع کے مطابق ٹرانسمیشن لاسسز شامل کرنے پر شارٹ فال 8 ہزار میگا واٹ تک پہنچ جاتا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹرپ ہونے والے سات پاور پلانٹس میں سے صرف ایک سے بجلی کی پیداوار شروع ہوسکی ہے۔ چشمہ تھری پاور پلانٹ سے 300 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو ملنا شروع ہوگئی ہے۔ چشمہ ون، چشمہ ٹو اور چشمہ فور سے بجلی کی پیداوار تاحال معطل ہے۔

    آر ایل این جی سے چلنے والے بلوکی، حویلی بہادر شاہ، بھکی پاور ہاؤسز بھی بحال نہ ہوسکے۔ بجلی پیداوار میں کمی کے باعث بڑے شہروں میں 6 اور چھوٹے شہروں میں 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنس آئل کی سپلائی بھی تاخیر کا شکار ہے۔ وزارت پیٹرولیم کو فرنس آئل کی شپمنٹ رواں ہفتے متوقع ہے۔ پاکستان پہنچنے کے بعد بھی فرنس آئل کی ترسیل میں وقت لگے گا۔

    ذرائع کے مطابق حبکو کے پاس فرنس آئل کا صرف 3 دن کا جبکہ کے الیکٹرک کے پاس پانچ دن کا اسٹاک موجود ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہم پوٹاٹو چپس کیوں کھاتے چلے جاتے ہیں؟

    ہم پوٹاٹو چپس کیوں کھاتے چلے جاتے ہیں؟

    پوٹاٹو چپس ایک ایسی شے ہے جو اگر ہمارے سامنے آجائے تو اسے پسند کرنے یا نہ کرنے سے قطع نظر ہم اسے کھاتے چلے جاتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں ایسا کیوں ہوتا ہے؟

    ایک عام مشاہدہ ہے کہ جب بھی ہمارے سامنے پوٹاٹو چپس رکھے جائیں تو چاہے ہم ڈائٹنگ پر ہوں یا اپنے کھانے پینے کے معاملے میں احتیاط کرتے ہوں، ایک چپس کھانے کے بعد ہم بے اختیار مزید چپس کھانا چاہتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معمول کی بات ہے اور اس کی وجہ چپس میں موجود اشیا ہیں۔

    ماہرین کے مطابق پوٹاٹو چپس میں 2 اشیا کا مجموعہ ہوتا ہے، ایک نمک اور دوسری چکنائی۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق جب ہم صرف ایک پوٹاٹو چپس کھاتے ہیں تو اس میں موجود نمک ہمارے دماغ کے اس حصے کو متحرک کرتا ہے جو ڈوپامائن کیمیکل خارج کرتا ہے۔

    ڈوپامائن نامی کیمیکل ہمارے اندر خوشی پیدا کرتا ہے۔ گویا پوٹاٹو چپس کھانا ہمارے اندر خوشی کو جنم دیتا ہے جس کے بعد ہمارا دماغ مزید چپس کی طلب کرتا ہے۔

    تحقیق کے مطابق نہ صرف پوٹاٹو چپس بلکہ کسی بھی کھانے میں نمک کی مناسب مقدار ڈالی جائے تو یہ ہمارے جسم میں جا کر اس کھانے کی مزید طلب پیدا کرتی ہے۔

    اس کے برعکس کم نمک والے کھانے کھاتے ہوئے خود پر کنٹرول رکھنا آسان ہوتا ہے نتیجتاً ہم اتنا ہی کھاتے ہیں جتنی ہمیں بھوک ہوتی ہے یا جتنا ہمارا ڈائٹنگ چارٹ اجازت دیتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عملی طور پر کام کر کے دکھانا بہت مشکل ہوتا ہے: وزیر اعظم

    عملی طور پر کام کر کے دکھانا بہت مشکل ہوتا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مشکل کام کوحقیقت میں تبدیل کردیا۔ ملک میں ترقی جمہوریت کی بدولت ہے، عملی طور پر کام کر کے دکھانا بہت مشکل ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک مشکل کام کو حقیقت میں تبدیل کر دیا۔ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ ملک کا بہترین منصوبہ تھا۔ ہوائی سفر اب ایک ضرورت بن گیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے ایئر پورٹ کی تکمیل کی اور نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔ نیا اسلام آباد ایئر پورٹ عالمی معیار کا ہوائی اڈہ ہے۔ حکومت نے پرانے منصوبے مکمل کیے اور نئے منصوبے بنائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پرائیوٹ سیکٹر کی شراکت سے تعمیر پہلا ایئر پورٹ ہے۔ کوئٹہ اور پشاور ایئر پورٹس کی تزئین و آرائش آخری مراحل میں ہے۔ لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے ایئر پورٹس بھی جدید بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈہ گزشتہ 5 سال کی حکومتی کارکردگی کی مثال ہے۔ یہ منصوبہ اقتصادی ترقی کے لیے گیٹ وے ثابت ہوگا۔ ہم نے جو منصوبے شروع کیے وہ مکمل بھی کیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملتان، فیصل آباد میں ایئر پورٹ منصوبے مکمل کیے۔ پشاور سے کراچی ہائی ویز منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔ ملک میں ہزاروں کلو میٹر شاہراہیں بن رہی ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ گیس کی طلب اور رسد کا فرق ختم کیا۔ 10 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کی۔ اسلام آباد ایئر پورٹ کا منصوبہ کئی سال سے التوا کا شکار تھا۔ ملک میں ہزاروں کلو میٹر شاہراہیں بن رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات پر تنقید کرنا بہت آسان بات ہے۔ بے شمار مسائل کے باوجود بہترین انداز میں کام کیا۔ بے شمار چیلنجز میں حکومت کرنا آسان نہیں ہوتا۔ عملی طور پر کام کر کے دکھانا بہت مشکل ہوتا ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ چلنا ہے تو جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔ ملک میں ترقی جمہوریت کی بدولت ہے، ’کسی ملک نے جمہوریت کے بغیر ترقی نہیں کی‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کل وزیراعظم کریں گے

    نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کل وزیراعظم کریں گے

    اسلام آباد: دس سال کے عرصے میں مکمل ہونے والے نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے اسلام آباد ایئر پورٹ کا کل افتتاح کیا جائے گا۔ ایئرپورٹ کی تعمیر پر 106 ارب روپے لاگت آئی ہے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد 7اپریل 2007 میں جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے رکھا تھا اور اسے تین سال کے عرصے میں مکمل ہونا تھا، تاہم تعطل کا شکار رہنے کے سبب کام وقت پر مکمل نہیں کیا جاسکا اور اب دس سال بعد کل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اس کا افتتاح کریں گے۔

    اس سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایئرپورٹ کے لیے متعدد نام زیر بحث رہے جن میں عبدالستار ایدھی، لیاقت علی خان، فاطمہ جناح، گندھارا اور نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے نام زیر بحث آئے تاہم کل کے لیے جاری کیے جانے والے دعوت ناموں اس کا نام اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ درج کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ کو فعال بنانے کے لئے پاک فضائیہ کی معاونت

    علاوہ ازیں قومی اداروں کی معاونت میں پاک فضائیہ کی درخشاں روایات اور اس کی اعلیٰ قیادت کی ہدایات کی روشنی میں پاک فضائیہ نے نئے تعمیر شدہ اسلام آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر منظم اور محفوظ آپریشنز کے آغاز کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھر پور تعاون فراہم کیا ہے۔

    اسی تناظر میں جمعہ کے روز سول ایوی ایشن اتھا رٹی کی درخواست پر مسافروں اور سامان سے لدا ہوا پاک فضائیہ کا ایک سی 130طیارہ اس ائیر پورٹ پر اترا جس کا مقصد انسٹرومنٹ لینڈنگ پیٹرن او ر رن وے کے معیار کو جانچنا تھا۔

    یہ لینڈنگ اس سلسلے کی ایک کڑی تھی جس میں پاک فضائیہ کے کم وزن تربیتی طیا رے سپر مشاق سے لے کر بھاری بھر کم سی-130 طیارے بھی اس رن وے پر کامیابی سے اتر تے رہے اور اسی ماہ ہونے والی پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز کی کامیاب لینڈنگ کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    پاک فضائیہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ مل کر اپنی فضائی تربیتی حدود کا ازسرنو تعین کیا ہے تاکہ اس ائیر پورٹ پرفضائی ٹریفک کی ہموار آمدورفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

    علاوہ ازیں پاک فضا ئیہ نے اپنے تربیت یافتہ افراد سے لیس ایک جدید ائیر ٹریفک کنٹرول اسکواڈرن بھی قائم کیا ہے جو کہ ائیر پورٹ پر منظم فضائی آمدورفت میں ہمہ وقت معاون ثا بت ہوگا۔

    قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی ائیر وائس مارشل عسید الرحمان عثمانی نے اس نئے ائیر پورٹ کو فعال بنانے میں پاک فضائیہ کی بھر پور معاونت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ شاندار منصوبہ ملک میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغا ز ثابت ہو گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے اضافے کا خدشہ

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے اضافے کا خدشہ

    اسلام آباد: حکومت نے تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے تک اضافے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد مقامی قیمتوں میں بھی 5 روپے تک اضافے کا خدشہ ہے۔ اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کرلی۔

    اوگرا ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 55 پیسے تک اضافے کا خدشہ ہے۔

    اس وقت حکومت پیٹرول پر ساڑھے 21 فیصد، ڈیزل پر ساڑھے 27 فیصد اور مٹی کے تیل پر 17 فیصد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ بجٹ میں پیش کی جانے والی پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی اس کے علاوہ ہے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ٹیکس 17 فیصد وصول کیا جائے تو پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ اوگرا کی تجویز کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 89 روپے 22 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 101 روپے 47 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔

    حالیہ اضافے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت ساڑھے چار سال کی بلند ترین سطح پر آجائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جلد بوڑھا کرنے والی نقصان دہ عادات

    جلد بوڑھا کرنے والی نقصان دہ عادات

    ہماری زندگی میں غیر صحت مندانہ عادات ایک طرف تو ہمیں بے شمار بیماریوں میں مبتلا کرتی ہیں، دوسری طرف یہ ہماری جلد اور عمر پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہیں۔

    ان غیر صحت مندانہ عادات کی وجہ سے بعض افراد اپنی عمر سے بوڑھے نظر آنے لگتے ہیں۔

    اگر آپ بھی کچھ ایسی ہی صورتحال کا شکار ہیں، یعنی اپنی عمر سے بڑے نظر آتے ہیں، تو پھر آپ کو جاننے کی ضرورت ہے کہ آپ میں کون کون سی مضر صحت عادات موجود ہیں۔


    سن اسکرین کا استعمال نہ کرنا

    1

    ماہرین کا متفقہ طور پر ماننا ہے کہ دھوپ کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ جلد پر سن اسکرین کا استعمال کیا جائے۔ جلد پر براہ راست دھوپ کی روشنی جلد کے کینسر میں مبتلا کر سکتی ہے۔


    کروٹ لے کر سونا

    اگر آپ کروٹ لے کر سونے کے عادی ہیں تو آپ اپنی جلد کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ کمر کے بل سیدھا سونا بہترین پوزیشن ہے، یہ نہ صرف آپ کو نیند کے دوران آرام فراہم کرتی ہے بلکہ یہ کمر درد سے بھی نجات دلاتی ہے۔


    کم چکنائی والی غذائیں

    4

    ویسے تو ماہرین چکنائی کو جسم کے لیے مضر قرار دیتے ہیں اور یہ موٹاپے، فالج اور امراض قلب سمیت کئی بیماریوں کا سبب بنتی ہیں لیکن ایسا صرف اس صورت میں ہوتا ہے جب آپ حد سے زیادہ چکنائی والی غذائیں کھانے لگتے ہیں۔

    دنیا میں موجود کوئی بھی شے نقصان دہ نہیں ہے۔ ایک خاص مقدار کے اندر لی جانے والی چکنائی بھی ہمارے جسم کے لیے فائدہ مند اور ضروری ہے۔

    اگر آپ چکنائی کا استعمال بالکل کم کردیں گے تو آپ کی جلد خشک ہونے لگے گی اور اس پر جھریاں نمودار ہونے لگیں گی یوں آپ آہستہ آہستہ بوڑھے محسوس ہوں گے۔


    چینی کا کم استعمال

    3

    چکنائی کی طرح چینی کا زیادہ استعمال بھی صحت کے لیے مضر ہے تاہم اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ آپ اپنی زندگی سے مٹھاس کو بالکل خارج کردیں۔

    ہفتے میں ایک سے دو بار بھرپور میٹھا جیسے کوئی سویٹ ڈش یا کیک کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں۔ شوگر کی مناسب مقدار دماغی کارکردگی میں اضافہ کرتی ہے۔


    اسٹرا سے پینا

    5

    مشروب اور مائع اشیا کو اسٹرا سے پینے کی عادت آپ کے ہونٹوں کے آس پاس جھریاں پیدا کرنے کا باعث بنے گی۔ اگر آپ ہمیشہ اسٹرا سے مشروبات پینے کے عادی ہیں تو اس عادت کو فوراً ترک کرنے کی کوشش کریں۔ اس کی جگہ براہ راست گلاس سے پیئں۔

    یہی نقصان سگریٹ نوشی کا بھی ہے۔ سگریٹ نوشی مختلف بیماریاں اور نقصانات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ جھریاں پیدا کرنے کا سبب بھی بنتی ہے لہٰذا اگر آپ سگریٹ نوشی میں مبتلا ہیں تو آہستہ آہستہ اس عادت سے چھٹکارہ پانے کی کوشش کریں۔


    نیند کی کمی

    روزانہ بھرپور نیند آپ کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ نیند کی کمی جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے اور آپ کو بوڑھا کرنے کے ساتھ ساتھ بدترین نقصانات پہنچاتی ہے۔

    یہی نہیں نیند کی کمی آپ میں کئی جان لیوا امراض کا خطرہ بھی بڑھا دیتی ہے جس سے آپ قبل از وقت موت کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔


    بیٹھنے کی غلط پوزیشن

    6

    اگر آپ بیٹھتے ہوئے غلط پوزیشن اختیار کرتے ہیں تو یہ عمل آپ کی ہڈیوں اور اعصاب کو تھکا دے گا جس کے بعد آپ خود کو تھکا تھکا محسوس کریں گے۔

    طویل عرصے تک غلط زاویوں سے بیٹھنا ہڈیوں کو بوسیدگی کا شکار کرنے لگتا ہے یوں آپ وقت سے قبل ہی جوڑوں کے درد کا شکار ہوسکتے ہیں۔


    زیادہ درجہ حرارت

    7

    سردیوں کے موسم میں گھر کو بہت زیادہ گرم کردینا، اور تیز گرم پانی سے نہانا آپ کی جلد اور بالوں کو خشک کردیتا ہے۔

    اپنے جسم کو ہلکے گرم درجہ حرارت سے گرمی پہنچائیں۔


    ذہنی تناؤ

    stress

    پریشانی، ذہنی تناؤ اور دباؤ نہ صرف آپ کے دماغ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ آپ کی جلد پر بھی منفی اثرات ڈالتے ہیں جس سے آپ بوڑھے نظر آنے لگتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جنگلی حیات کی خوبصورت تصاویر

    جنگلی حیات کی خوبصورت تصاویر

    جنگلی حیات ہماری زمین کا توازن برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہماری زمین پر موجود جانور، پرندے، پودے اور ایک ایک چیز آپس میں منسلک ہیں اور اگر کسی ایک شے کو بھی نقصان پہنچا تو اس سے پورے کرہ ارض کی زندگی متاثر ہوگی۔

    تاہم موسمیاتی تغیرات اور شکار میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے جنگلی حیات کی کئی اقسام تیزی سے معدومی کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سنہ 2020 تک ہماری زمین سے ایک تہائی جنگلی حیات کا خاتمہ ہوجائے گا جس سے زمین کا توازن بری طرح بگڑ جائے گا۔

    آج ہم نے مختلف جنگلی حیات کی کچھ منفرد تصاویر جمع کی ہیں۔ وائلڈ لائف فوٹو گرافرز کی جانب سے کھینچی گئی ان تصاویر میں جانوروں کی زندگی کو مختلف انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ آئیے آپ بھی ان تصاویر سے لطف اندوز ہوں۔


    ایک شہد کی مکھی ایک پھول سے پولن اکٹھے کر رہی ہے۔


    ایک بگلا گھونسلا بنانے کے لیے جھاڑیاں لے کر جارہا ہے۔


    آسٹریلیا میں ایک زخمی پینگوئن کو علاج کے بعد بحفاظت ساحل پر چھوڑ دیا گیا۔


    ایک روبن چڑیا درختوں پر اگ آنے والی فنگس پر بیٹھی ہے۔


    کچھوے کا نومولود بچہ سمندر کی طرف جاتے ہوئے۔


    ارجنٹینا میں ایک وہیل 2 سگ ماہیوں کا پیچھا کرتے ہوئے۔


    آسٹریلیا میں ایک 4.7 میٹر لمبے مگر مچھ کو بندرگاہ پر گھومتے دیکھا گیا جس کے بعد وائلڈ لائف اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا۔


    شام کے وقت فلیمنگوز کی گھر واپسی کا سفر۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔