Tag: اےآر وائی نیوز

  • سپریم کورٹ کا ملک بھر میں نجی میڈیکل کالجز میں داخلے روکنے کا حکم

    سپریم کورٹ کا ملک بھر میں نجی میڈیکل کالجز میں داخلے روکنے کا حکم

    لاہور: فیسوں میں اضافے کے ازخود نوٹس پر سپریم کورٹ نے ملک بھر میں پرائیوٹ میڈیکل کالجز کے داخلوں پر پابندی لگا دی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ چھوٹے کمروں اور گیراجوں میں میڈیکل کالجز چلائے جا رہے ہیں، میو اسپتال کا دورہ کیا تو تنقید کی گئی، جہاں بچوں کی صحت کا مسئلہ ہوگا وہاں جاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق نجی میڈیکل کالجز کی زائد فیس وصول کرنے کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوئی۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے کمروں اور گیراجوں کے اندر میڈیکل کالجز چلائے جا رہے ہیں، میں نے میو اسپتال کا دورہ کیا تو تنقید کی گئی، جہاں بچوں کی صحت کا مسئلہ ہوگا، وہاں خود جاؤں گا۔

    انہوں نے ملک بھر میں پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلے روکنے کا حکم دیتے ہوئے نجی میڈیکل کالجز کی تفصیلات طلب کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ بتایا جائے میڈیکل کالجز کا اسٹرکچر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی میڈیکل کالجز مالکان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیل بھی فراہم کی جائیں۔

    دوران سماعت چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے پوچھا صاف پانی منصوبے میں ساڑھے تین کروڑ روپے کی گاڑی خریدی گئی ہے۔ یہ گاڑی کیسےخریدی گئی، آگاہ کیا جائے اور ہو سکے تو گاڑی یہاں پر منگوالیں۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے کیس کی سماعت ہفتے اور اتوار کو بھی ہوگی۔ ذاتی نمائش نہیں جذبے کے لیے کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ صاف پانی کیس بھی اسی کیس کے ساتھ سنا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سال 2017: پلاسٹک خوردنی اشیا میں تبدیل

    سال 2017: پلاسٹک خوردنی اشیا میں تبدیل

    سال 2017 اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ ماہرین ماحولیات کے مطابق اس شعبے میں یہ سال خوردنی اشیا کے نام رہا جس میں مختلف پھینک دی جانے والی چیزوں کو کھانے کے قابل بنایا گیا تاکہ کچرے کے ڈھیر میں بدلتی ہماری زمین پر دباؤ میں کچھ کمی آئے۔

    آئیں دیکھتے ہیں سائنسدانوں نے رواں برس کن اشیا کو خوردنی اشیا میں تبدیل کیا۔


    پانی کی گیند

    پانی کی فراہمی کا سب سے عام ذریعہ پلاسٹک کی بوتلیں ہیں جو زمین میں تلف نہ ہونے کے سبب شہروں کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر رہا ہے۔

    ان بوتلوں سے نجات کے لیے کچھ ماہرین نے پانی کی گیندیں ایجاد کر ڈالیں۔ ان گیندوں کو ایک باریک جھلی کی صورت دائرے کی شکل میں تیار کیا گیا اور اس کے اندر پانی بھر دیا گیا۔

    پانی کی یہ گیندیں ویسے تو کھائی جاتی ہیں تاہم یہ پیاس بجھانے کا ضروری کام ہی سر انجام دیتی ہیں۔

    پلاسٹک کی تباہ کاری کے بارے میں مزید مضامین پڑھیں


    خوردنی گلاس

    انڈونیشیا میں سمندری گھاس سے خوردنی گلاس تیار کیے گئے جو پانی پینے کے کام آسکتے تھے۔ یہ گلاس نہ صرف کھانے کے قابل ہیں بلکہ اگر آپ انہیں پھینکنا چاہیں تو یہ بہت جلد زمین کا حصہ بن کر وہاں خودرو پودے بھی اگا سکتے ہیں۔


    الجی جیلی سے بنائی گئی بوتل

    آئس لینڈ میں ایک طالب علم نے الجی جیلی کو جما کر بوتلوں کی شکل دے دی۔ اسے اس شکل میں برقرار رہنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے اندر کوئی سیال مادہ بھراجائے۔

    جیسے ہی اس کے اندر بھرا پانی یا سیال ختم ہوجاتا ہے یہ ٹوٹ جاتی ہے یا گل جاتی ہے۔ اب یہ پھینکنے کے بعد زمین میں نہایت آسانی سے اور بہت کم وقت میں تلف ہوجانے والی شے ہے۔


    کھانے والے اسٹرا

    کیا آپ جانتے ہیں امریکا میں ہر روز 5 کروڑ پلاسٹک کے اسٹرا مختلف جوسز پینے کے بعد پھینک دیے جاتے ہیں۔ بظاہر معمولی سا پلاسٹک کا ٹکڑا دکھائی دینے والا یہ اسٹرا بھی کچرے کے ڈھیر میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

    اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکا میں سمندری گھاس سے اسٹرا تیار کرنے کا تجربہ کیا گیا جسے بے حد پذیرائی ملی۔ اس اسٹرا کو مختلف فلیورز سے بنایا جاتا ہے جس کے باعث لوگ جوس ختم کرنے کے بعد اس اسٹرا کو بھی نہایت مزے سے کھا لیتے ہیں۔


    کھانے والا ریپر

    دودھ کے پروٹین سے تیار کیے جانے والے باریک ریپر آکسیجن کو جذب نہیں کرسکتے لہٰذا اس کے اندر لپٹی چیز خراب ہونے کا اندیشہ نہیں ہوتا۔

    ان ریپرز کو مختلف اشیا کے ساشے پیکٹ، برگر کے ریپرز اور سبزیاں اور پھل محفوظ کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ ان ریپرز سے بنے ساشے کو کھولنے کے بجائے آپ پورا ریپر گرم پانی میں ڈال کر اپنی مطلوبہ شے تیار کرسکتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دنیا کا انوکھا ترین گھر

    دنیا کا انوکھا ترین گھر

    دنیا کے انوکھے ترین گھر کو بالآخر خریدار مل گیا۔ نئے مالک نے عجیب ہیئت کے اس گھر کو 28 لاکھ ڈالرز میں خرید لیا۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایک چھوٹے سے قصبے میں واقع کسی تھیم پارک جیسا دیو قامت پتھروں سے بنا یہ گھر دنیا کا منفرد ترین گھر ہونے کا اعزاز رکھتا ہے۔

    مقامی افراد اس گھر کو معروف کارٹون سیریز فلنٹ اسٹون کے گھر کے نام سے پکارتے ہیں جس میں تمام چیزیں پتھر سے بنی ہوئی دکھائی جاتی تھیں۔

    اس گھر کی تعمیر سنہ 1976 میں کی گئی تھی۔ گھر کی ساخت اس طرح بنائی گئی ہے جیسی عموماً ہوا بازی سے متعلق تحقیق کرنے والے ایروناٹیکل سینٹرز کی بنائی جاتی ہے۔

    گھر کے اندر کی جانے والی سجاوٹ بھی اسے عام گھروں سے مختلف اور نہایت منفرد بناتی ہے اور اندر داخل ہو کر یوں لگتا ہے جیسے آپ پتھر کے کسی سجے سجائے غار میں آگئے ہوں۔

    اس گھر کے منفرد اور انوکھے محل وقوع کی وجہ سے اس پراپرٹی کی قیمت بہت زیادہ ہے جو عام افراد کی دسترس سے باہر ہے۔ اس سے قبل کئی ہالی ووڈ فنکاروں نے اس گھر کو خریدنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے۔

    اب اس گھر کو خریدنے والی شخصیت معروف تو نہیں البتہ دولت مند ضرور ہے جو اس گھر کو خریدنے میں کامیاب ہوئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے!

    اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے!

    آپ نے ’آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا‘ والی کہاوت تو ضرور سنی ہوگی، لیکن آج ہم آپ کو اس کی عملی مثال دکھاتے ہیں۔

    نیشنل جیوگرافک کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ایک زیبرا کی حیرت انگیز جدوجہد کی ویڈیو آپ کو سوچنے پر مجبور کردے گی کہ چاہے انسان ہو یا جانور، اپنے لیے کتنی ہی جدوجہد کرلے، لیکن وہ قسمت کے لکھے سے بچ نہیں سکتا۔

    زیر نظر ویڈیو ایک زیبرا کی ہے جو دریا کے بیچ میں کھڑا ہوا کنارے کی طرف جانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اچانک اس کے قریب پانی میں کچھ ہلچل ہوتی ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ ایک مگر مچھ اسے اپنے جبڑوں کا نشانہ بنانے کے لیے زیبرا کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    مگر مچھ کی موجودگی محسوس ہوتے ہی زیبرا چھلانگیں لگاتا ہوا اور پوری قوت صرف کرتا پانی سے باہر کنارے پر پہنچ جاتا ہے۔

    لیکن ہائے ری قسمت، کنارے پر پہنچ کر ابھی وہ سانس بھی نہیں لینے پاتا، کہ جھاڑیوں میں گھات لگائے ایک شیرنی اس پر حملہ آور ہوجاتی ہے اور موت کو چکمہ دے کر بھاگنے والا زیبرا اس بار نہیں بچ پاتا۔

    شیرنی اس پر حملہ کر کے اسے نیچے گرا لیتی ہے، اس دوران ایک اور شیرنی بھی اپنے ساتھی کی مدد کے لیے شکار کی دعوت اڑانے پہنچ جاتی ہے، یوں موت سے بھاگتا زیبرا بالآخر تمام تر جدوجہد کے باوجود اسی وقت موت کا شکار ہوجاتا ہے، جو وقت اس کا لکھا گیا تھا۔

    اس حیرت انگیز ویڈیو کو دیکھ کر ہمیں تو غالب کا ایک شعر یاد آگیا۔

    پنہاں تھا دام سخت قریب آشیان کے،
    اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے!


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ننھی منی ڈزنی شہزادیوں سے ملیں

    ننھی منی ڈزنی شہزادیوں سے ملیں

    کون ایسا ہوگا جو ڈزنی فلموں کی خوبصورت اور دلکش شہزادیوں کا دلدادہ نہ ہوگا۔ نہایت معصوم اور ہمت و حوصلے سے بھرپور یہ شہزادیاں بچوں اور بڑوں سب ہی کو متاثر کرتی ہیں۔

    ایسی ہی ایک نرس بھی ان شہزادیوں کی اس قدر دیوانی ہے کہ ان سے متاثر ہو کر اس نے ایک نہایت ہی انوکھا فوٹو شوٹ کر ڈالا جس میں ننھی منی بچیوں کو ڈزنی شہزادیوں کے روپ میں پیش کیا گیا ہے۔

    کیرن میری نامی یہ نرس خود بھی 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کی ماں ہے، تاہم مذکورہ خیال کی تکمیل کے لیے اسے شیر خوار بچیوں کی ضرورت تھی۔

    آٹھ گھنٹے طویل اس فوٹو شوٹ کے لیے کیرن اور اس کی ٹیم نے نہ صرف ان بچیوں کو شہزادیوں جیسا تیار کیا، بلکہ آس پاس کے ماحول کو بھی فلم کے مناظر کی طرح ہی تشکیل دیا جس سے یہ فوٹو شوٹ نہایت خوبصورت بن گیا۔

    آئیں ان ننھی منی ڈزنی شہزادیوں سے ملتے ہیں۔

    سلیپنگ بیوٹی پھولوں کے بستر پر محو استراحت ہے۔

    بیوٹی اینڈ دا بیسٹ کی بیلے اپنے مشہور زمانہ زرد لباس اور بیسٹ کے سرخ پھول کے ساتھ موجود ہے۔

    فلم الہٰ دین کی جیسمین جادوئی قالین پر سو رہی ہے جو تاروں سے بھرے رنگین آسمان میں محو پرواز ہے۔

    سنڈریلا اپنے جادوئی کدو کے ساتھ، جو جادو کے زور سے شاندار بگھی میں تبدیل ہو کر اسے محل میں لے جاتا ہے۔

    دی لٹل مرمیڈ کی ایریل اپنی دوست مچھلی کے ساتھ۔

    سنو وائٹ اور 7 بونوں کی شہزادی اپنے ننھے منے دوستوں کے ساتھ۔

    آپ کو ان ننھی شہزادیوں میں کون سی سب سے زیادہ پسند آئی؟


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فاٹا آزاد علاقہ ہے، پاکستان کا حصہ نہیں: محمود اچکزئی کے بیان پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ

    فاٹا آزاد علاقہ ہے، پاکستان کا حصہ نہیں: محمود اچکزئی کے بیان پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ

    اسلام آباد: حکومتی اتحادی محمود خان اچکزئی نے فاٹا کو آزاد علاقہ قرار دے دیا۔ محمود اچکزئی کے بیان پر قومی اسمبلی میں شدید ہنگامہ برپا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اتحادی محمود خان اچکزئی نے کہا کہ فاٹا آزاد علاقہ ہے، پاکستان کا حصہ نہیں۔ اچکزئی کے اس بیان پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔

    اپنے ریمارکس میں اچکزئی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا فاٹا پر کوئی حق نہیں، فاٹا کو چھیڑا تو فوج وہاں پھنس جائے گی۔

    محمود خان اچکزئی کے ریمارکس پر رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ جسے کابل پسند ہے وہ اس پارلیمنٹ میں کیا کر رہا ہے؟

    بعد ازاں فاٹا کے معاملے پر اپوزیشن پیپلز پارٹی نے تیسرے روز بھی اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

    اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فاٹا کےعوام پہلے قانون اور آئین مانگ رہے ہیں۔ جب تک فاٹا کے عوام کو حق نہیں دیا جاتا، ایوان میں نہیں بیٹھیں گے۔

    خورشید شاہ نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو آنکھیں کھول کر کام کرنا ہوگا۔ پارلیمنٹ کو ربر اسٹیمپ بنانے کی کوشش کی گئی، ہم پارلیمنٹ کو کسی کی جاگیر نہیں بننے دیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سندھ پولیس کی کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی: آئی جی سندھ کا کردار ہی مشکوک

    سندھ پولیس کی کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی: آئی جی سندھ کا کردار ہی مشکوک

    کراچی: سندھ پولیس کی کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر صوبائی حکومت کی انکوائری کمیٹی نے آئی جی سندھ کے کردار کو مشکوک اور پولیس افسران کے خلاف کارروائی کو سپریم کورٹ کا دباؤ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر چیف سیکریٹری سندھ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں رپورٹ پیش کردی۔

    سندھ حکومت کی انکوائری کمیٹی نے آئی جی سندھ کے کردار کو ہی مشکوک اور پولیس افسران کے خلاف کارروائی کو سپریم کورٹ کا دباؤ قرار دے دیا۔

    ثنا اللہ عباسی کی رپورٹ کے مطابق سابق ایس ایس پی دادو ڈاکٹر فاروق شاہ غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث پائے گئے تھے، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے نیب سیکریٹری سہیل اکبر شاہ سے دوبارہ تحقیقات کروائے جانے کا انکشاف ہوا۔

    مزید پڑھیں: سندھ پولیس کے 12 ہزار افسران جرائم میں ملوث

    چیف سیکریٹری سہیل اکبر شاہ کی انکوائری رپورٹ کے مطابق ثنا اللہ عباسی نے سپریم کورٹ کے دباؤ اور خوف میں تحقیقات کیں۔ جلد بازی میں سابق ایس ایس پی ڈاکٹر فاروق کو انکوائری میں طلب تک نہیں کیا۔

    سہیل اکبر شاہ نے پولیس افسر کو کلیئر کرتے ہوئے معاملے میں آئی جی سندھ کا کردار بھی مشکوک قرار دے دیا۔

    واضح رہے کہ خود سہیل اکبر شاہ پر کوئلہ کرپشن کیس میں خزانے کو ڈھائی ارب روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے اور ان کے خلاف ریفرنس نیب عدالت میں زیر سماعت ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ناشتہ نہ کرنا دل کے جان لیوا دورے کا سبب

    ناشتہ نہ کرنا دل کے جان لیوا دورے کا سبب

    ہم میں سے بہت سے افراد دن کے آغاز پر ناشتہ کرنے کے عادی نہیں ہوتے۔ دیر سے اٹھنے اور اسکول، کالج یا دفتر کے لیے دیر ہوجانے کے سبب اکثر افراد عموماً ناشتہ چھوڑنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

    اگر آپ کا شمار بھی ایسے ہی افراد میں ہوتا ہے تو آپ اپنے لیے دل کے امراض اور کسی بھی دن اچانک دل کے جان لیوا دورے کی راہ ہموار کر ر ہے ہیں۔

    breakfast-3

    حال ہی میں امریکی ڈاکٹروں کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق دن کے آغاز میں زیادہ کیلوریز لینا اور رات کے وقت کم کھانا کھانا امراض قلب، فالج اور خون کی شریانوں سے متعلق دیگر کئی امراض کا خطرہ کم کردیتا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق جب آپ صبح سو کر اٹھتے ہیں تو آپ کے دماغ کو فوری طور پر توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس وقت آپ جو بھی غذا کھاتے ہیں وہ آپ کے جسم کے بجائے آپ کے دماغ کو توانائی پہنچانے میں صرف ہوجاتی ہے۔

    مزید پڑھیں: ہمارے ناشتہ میں شامل 6 نقصان دہ غذائیں

    اسی طرح اگر ہم ناشتے میں صحت مند اور غذائیت سے بھرپور غذائی اشیا کھائیں گے تو وہ سارا دن چلنے پھرنے کے دوران ہمارا جزو بدن بن جائے گی اور ہضم ہوجائے گی۔ اس کے برعکس اگر ہم دن ڈھلنے کے بعد مختلف غذائیں کھائیں گے تو وہ ہضم ہونے میں وقت لیں گی۔

    breakfast-4

    کولمبیا یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق دن کے آغاز پر بھرپور ناشتہ کرنا ہمیں توانائی پہنچاتا ہے اور ہم فٹ رہتے ہیں۔ علاوہ ازیں ہم دماغی طور پر چاک و چوبند اور بہترین ذہنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔

    اس سے قبل بھی کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ناشتہ میں چاکلیٹ کھانا آپ کی دماغی صلاحیت میں اضافہ اور وزن میں کمی کر سکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پتوکی: فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی، کروڑوں روپے مالیت کی روئی جل کر خاک

    پتوکی: فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی، کروڑوں روپے مالیت کی روئی جل کر خاک

    لاہور: صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کے شہر پتوکی کی کاٹن فیکٹری میں لگنے والی ہولناک آگ سے کروڑوں روپے مالیت کی روئی جل کر خاکستر ہوگئی۔ آگ پر قابو پانے میں 16 گھنٹے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق پتوکی میں کاٹن فیکٹری کے گودام میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    آگ اتنی شدید تھی کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں کم پڑگئیں۔ ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، رائے ونڈ، چونیاں اور لاہور سے مزید گاڑیاں طلب کی گئیں۔

    فیکٹری مالک کادعویٰ ہے کہ کاٹن کے 15 ہزار بنڈل جلنے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ ریسکیو آپریشن میں 15 گاڑیوں نے حصہ لیا۔

    آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • امریکا میں آرنلڈ شوازینگر نامی مگر مچھ

    اگر آپ ہالی ووڈ فلمیں دیکھنے کے شوقین ہیں تو یقیناً آرنلڈ شوازینگر آپ کے پسندیدہ اداکاروں میں شامل ہوں گے جو باڈی بلڈر، امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر اور کامیاب اداکار ہیں۔

    امریکی شہر نیویارک میں ایک گھر میں 4 فٹ لمبا مگر مچھ برآمد ہوا تاہم اس کی بھاری بھرکم جسامت دیکھ کر گھر والوں نے اس کا نام آرنلڈ شوازینگر رکھ دیا۔

    جس گھر میں یہ مگر مچھ برآمد ہوا اس کے اہل خانہ مہم جوئی کے کچھ زیادہ ہی شوقین تھے چنانچہ انہوں نے متعلقہ محکمہ کو اطلاع کرنے کے بجائے اسے حفاظت سے گھر میں ہی رکھ لیا۔

    تاہم ایک پڑوسی کو جب اس مگر مچھ کی موجودگی کا علم ہوا تو اس نے پولیس کو طلب کرلیا جس کے بعد ’آرنلڈ‘ کو پکڑ کر محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے حوالے کردیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔