Tag: اےآر وائی نیوز

  • سنہ 2050 تک دنیا سے غذا ختم ہونے کا خدشہ

    سنہ 2050 تک دنیا سے غذا ختم ہونے کا خدشہ

    بین الاقوامی سماجی ادارے آکسفیم نے ہولناک انکشاف کیا ہے کہ سنہ 2050 تک دنیا میں غذا و خوراک کے تمام ذرائع ختم ہونے کا خدشہ ہے اور سنہ 2030 سے غذا کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ متوقع ہے۔

    آکسفیم کی حال ہی میں شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق سنہ 2050 تک دنیا کی آبادی 9.8 ارب افراد تک جا پہنچے گی۔ اتنے سارے لوگوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہمیں موجودہ زراعت میں 70 فیصد اضافہ کرنا ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق سنہ 2030 سے غذا کی قیمتوں میں بھی بتدریج اضافہ ہوتا جائے گا۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق مکئی کی قیمت میں 180 جبکہ چاول کی قیمت میں 130 فیصد اضافہ ہوجائے گا۔

    اس ممکنہ غذائی قلت کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا بھی مشکل نہیں کہ دنیا میں بھوک اور غذائی قلت کا شکار افراد کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں: دنیا بھر میں 80 کروڑ افراد غذائی قلت کا شکار

    ماہرین کے مطابق یہ صرف بڑھتی ہوئی آبادی نہیں ہے جو غذائی صورتحال کے لیے تشویش ناک ہے۔ فصلوں کی نئی بیماریاں، صحرا زدگی اور زمین کا کٹاؤ بھی زراعتی زمین کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔


    امید کی کرن

    تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس خوفناک صورتحال سے بچنے کی صورت بہرحال موجود ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم زراعت کو موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج کے مطابق تبدیل کریں۔ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی اور نئے ذرائع استعمال کر کے زرعی پیداوار میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

    اس کے علاوہ انفرادی طور پر ہمیں غذا کی خریداری اور اس کے استعمال پر بھی دھیان دینا ہوگا اور کوشش کرنی ہوگی کہ کم سے کم غذا ضائع کریں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ: پنجاب حکومت کی اپیل پر فیصلہ محفوظ

    سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ: پنجاب حکومت کی اپیل پر فیصلہ محفوظ

    لاہور: صوبائی دارالحکومت میں لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری رپورٹ شائع کرنے کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ حکومت پنجاب کے وکیل خواجہ حارث نے جوابی دلائل مکمل کر لیے۔

    انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے ماڈل ٹاؤن انکوائری سانحہ کے اصل حقائق جاننے کے لیے کروائی تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہوسکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ انکوائری ٹربیونلز ایکٹ کے تحت کسی جوڈیشل انکوائری کو شائع کرنا یا نہ کرنا حکومت کا اختیار ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ٹریبونل کی حیثیت سے انکوائری کی یہ عدالتی کارروائی نہیں تھی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ میں کئی حساس معاملات ہیں جن کی وجہ سے حکومت پنجاب اس رپورٹ کو منظر عام پر لانا نہیں چاہتی۔

    خواجہ حارث کے مطابق متاثرین کی درخواست پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے انکوائری کو منظر عام پر لانے کا حکم دیا تاہم پنجاب حکومت کا مؤقف پوری طرح نہیں سنا گیا۔

    قانون کے مطابق عدالت اس رپورٹ کو شائع کرنے کا حکم نہیں دے سکتی۔ لہٰذا سنگل بنچ کا رپورٹ شائع کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

    عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    اس سے قبل منہاج القرآن کے وکیل علی ظفر اور متاثرین کے وکیل خواجہ طارق رحیم اور اظہر صادق نے اپنے دلائل مکمل کر لیے تھے۔

    ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے متاثرین کی درخواست پر سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ شائع کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف پنجاب حکومت نے اپیل دائر کر رکھی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دیوہیکل روبوٹس پر مبنی چین کا ٹیکنالوجی پارک

    دیوہیکل روبوٹس پر مبنی چین کا ٹیکنالوجی پارک

    چین کے صوبے قوئی ژو میں ورچوئل رئیلٹی پر مبنی حیران کن اشیا اور دیو ہیکل جہاز اور روبوٹس پر مشتمل ٹیکنالوجی پارک تیار کرلیا گیا۔

    چین نے اپنے غریب ترین صوبے قوئی ژو میں ٹیکنالوجی پارک بنا دیا جس سے اس علاقے کی اہمیت اور سیاحوں کی آمد بڑھے گی۔

    اس پارک میں بنجی جمپرز، بلند و بالا جھولے اور ورچوئل رائیڈز کا ایڈونچر بھی ہے۔ پارک میں دیو ہیکل روبوٹس کے مجسمے بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔

    چینی حکام کے مطابق یہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا پارک ہے جو اس علاقے کی سیاحت کو فروغ دے گا۔

    ساڑھے 8 ملین ڈالر کی لاگت سے بنا ورچوئل رئیلٹی پارک اگلے سال فروری میں عوام کے لیے کھول جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے کارکنان کی سزائے موت پر تحفظات ہیں: دفتر خارجہ

    بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے کارکنان کی سزائے موت پر تحفظات ہیں: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں خود ساختہ جنگی جرائم کے ٹریبونل اور جماعت اسلامی کے 6 ارکان کی سزا پر تحفظات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کی۔ بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ پاک چین تزویراتی مذاکرات کا آٹھواں دور اسلام آباد میں ہوا۔ سیکریٹری خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب سے تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان، جزیرہ نما کوریا اور دیگر عالمی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔ بھارتی قابض افواج کے مختلف آپریشنز میں 12 کشمیری شہید ہوئے۔ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی دہشت گرد اور جاسوس کلبھوشن یادیو کی بیوی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملاقات کی پیشکش کی۔ بھارت کی جانب سے کلبھوشن کی والدہ کی درخواست موصول ہوئی جس پر دفتر خارجہ غور کر رہا ہے۔

    ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ افغانستان میں منشیات کی پیداوار پر تحفظات رکھتے ہیں۔ منشیات کی پیداوار دہشت گردی کی مالی امداد میں استعمال ہوتی ہے۔ دہشت گرد افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا 43 فیصد علاقہ دہشت گردوں کے کنٹرول میں ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں خود ساختہ جنگی جرائم کے ٹریبونل پر تحفظات رکھتے ہیں۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے 6 ارکان کو سزائے موت پر تحفظات ہیں۔

    دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ مہران مری پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ مہران مری کی سوئٹزر لینڈ میں داخلے پر پابندی کا معاملہ سوئس حکام سے اٹھایا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کابل میں جنگ سے زیادہ فضائی آلودگی لوگوں کی اموات کا سبب

    کابل میں جنگ سے زیادہ فضائی آلودگی لوگوں کی اموات کا سبب

    کابل: ایک طویل عرصے سے جنگ کا شکار ملک افغانستان کا دارالحکومت اپنے شہریوں کے لیے کوئی محفوظ جائے پناہ نہیں رہا۔ آئے روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعات سے کابل کے لوگوں کی زندگی ہر وقت خطرے کا شکار رہتی ہے کہ کب اور کہاں وہ کسی دھماکے کا شکار ہوجائیں۔

    لیکن اس کے علاوہ ایک شے اور ہے جو کابل کے شہریوں کو بلا دریغ موت کے گھاٹ اتار رہی ہے، اور وہ ہے فضائی آلودگی۔

    اقوام متحدہ کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر مرنے والے افراد کی سالانہ تعداد جنگ میں مرنے والے افراد کی تعداد سے دگنی ہے۔

    گو کہ افغانستان قدرتی مناظر اور خوبصورت مقامات سے بھرپور ملک ہے تاہم اس کی فضائی آلودگی اس ملک کا حسن برباد کر رہی ہے۔ ملک کا دارالحکومت کابل اکثر و بیشتر اسموگ کی لپیٹ میں رہتا ہے۔

    مزید پڑھیں: طالبان اب درخت اگائیں گے

    کابل پولی ٹیکنک یونیورسٹی کے ایک پروفیسر ڈاکٹر اسرار الدین گزید کا کہنا ہے کہ شہر میں آلودگی کی سب سے بڑی وجہ شہر میں جابجا بکھرے گندگی کے ڈھیر ہیں جنہیں مناسب طور پر ٹھکانے لگانے کا انتظام موجود نہیں۔

    بالآخر اس کچرے کو ختم کرنے کے لیے اسے جلایا جاتا ہے۔

    ایک اور وجہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں ہے جس نے کابل کو آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔ کابل میں زیادہ تر پرانی گاڑیاں اور غیر معیاری فیول استعمال ہوتا ہے جن سے نکلنے والا دھواں شہر کی فضا میں سانس لینا دو بھر کردیتا ہے۔

    کابل میں گاڑیوں، کچرا جلانے سے اٹھنے والا دھواں، اور پاور جنریٹرز یہاں کی آلودگی کی اہم وجوہات ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پگھلتے ہوئے لاوے کی حیران کن ویڈیو

    پگھلتے ہوئے لاوے کی حیران کن ویڈیو

    دنیا حیران کن واقعات و اتفاقات کا مجموعہ ہے۔ اب اس سیاحتی گائیڈ کو ہی دیکھ لیجیئے جو ایک لاوا ابلتے ہوئے پہاڑ پر گیا تو کسی اور مقصد سے تھا، لیکن وہاں اس کا کیمرہ اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر گر پڑا جس نے پگھلتے ہوئے لاوے کی حیران کن ویڈیو ریکارڈ کرلی۔

    امریکی ریاست ہوائی میں ایرک اسٹورم نامی یہ سیاحتی گائیڈ سیاحوں کے ایک گروپ کے ساتھ ایک آتش فشاں پہاڑ کے اوپر گیا۔ اسی دوران وہاں سے کم مقدار میں لاوا ابلنا شروع ہوگیا اور سیاح اس پگھلتے لاوے کو بہتا دیکھ کر رک گئے۔

    ایرک بھی اس کی ویڈیو بنانے لگا کہ اچانک کیمرا اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر گر پڑا اور لڑھکتا ہوا لاوے کے ساتھ ایک تنگ جگہ پر پھنس گیا جس کے بعد لاوا کیمرے کے اوپر آگرا اور کیمرا بھی جلنا اور پگھلنا شروع ہوگیا۔

    خوش قسمتی سے لاوا شدید نوعیت کا نہیں تھا لہٰذا اس کا اخراج جلد ہی رک گیا اور بہتا ہوا لاوا چند منٹ بعد سخت پتھر کی شکل اختیار کرگیا۔

    ایرک کا کیمرہ بھی لاوے کی زد میں آکر سخت پتھر میں قید ہوچکا تھا جسے کسی طرح ایرک نکال کر گھر لے آیا۔

    ایرک کا خیال تھا کہ اس پتھر کے نیچے سے اس کا جلا ہوا کیمرہ برآمد ہوگا اور وہ اپنے کیمرے سے محروم ہوجائے گا۔ اس نے ایک ارضیاتی پتھر کے مخصوص ہتھوڑے سے پتھر کو توڑ کر کیمرے کو باہر نکالا تو کیمرے کا لینس جل چکا تھا۔

    تاہم یہ دیکھ کر ایرک کی حیرت کی انتہا نہ رہی کہ اس میں موجود فلم اور ریکارڈنگ بالکل محفوظ رہی تھی۔ ایرک نے اس ویڈیو کو چلایا تو پگھلتے لاوے کی یہ حیران کن ویڈیو سامنے آئی۔

    ایرک نے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا جہاں لوگوں نے اس ویڈیو کو دیکھ کر بے حد خوشی و حیرت کا اظہار کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مالک کی بے وفائی سے غمزدہ کتا جان کی بازی ہار گیا

    مالک کی بے وفائی سے غمزدہ کتا جان کی بازی ہار گیا

    انسانوں کی بے وفائی صرف دوسرے انسانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ جانوروں کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے جس کا حالیہ ثبوت یہ کتا ہے جسے اس کا مالک ایئرپورٹ پر چھوڑ کر چلا گیا۔

    کولمبیا کے شہر بکارامنگا کے ائیرپورٹ پر اس کتے کو کئی روز سے دیکھا جارہا تھا جو آنے جانے والوں کو سونگھتا پھر رہا تھا۔ اس کے بعد وہ ایک کونے میں جا کر خاموشی سے بیٹھ جاتا۔

    کتا جب یہاں آیا تو وہ خاصا صحت مند تھا۔ وہاں آںے والے مسافر اور ایئرپورٹ کا عملہ اس کے لیے کھانے کی چیزیں چھوڑ جاتا لیکن وہ انہیں نہیں کھا رہا تھا اور دن بدن لاغر ہوتا جارہا تھا۔

    مزید پڑھیں: کتے کی زندگی کا مقصد اپنے مالک کو خوش کرنا

    بعد ازاں اسے جانوروں کا خیال رکھنے والی ایک تنظیم کے حوالے کیا گیا جنہوں نے کتے کا بغور جائزہ لے کر بتایا کہ کتے کا مالک اسے یہاں چھوڑ گیا ہے اور کتا اس کی تلاش میں لوگوں کو سونگھتا پھر رہا ہے۔

    ادارے نے کتے کو اپنی تحویل میں لے کر اس کے علاج اور غذا پر توجہ دینی شروع کی تاہم کتے کی حالت میں کوئی بہتری نہ آئی اور ایک وقت ایسا آیا کہ اسے چلنے پھرنے اور کھڑے ہونے میں بھی مشکل پیش آنے لگی۔

    بالآخر کئی دن تک جان کنی کے عالم میں رہنے کے بعد کتا زندگی کی بازی ہار گیا۔ گو کہ ادارے کے طبی عملے نے اسے زندگی کی طرف واپس لوٹانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں تاہم ان کی کوششیں رائیگاں چلی گئیں۔

    جانوروں کے ڈاکٹر کے مطابق مرنے سے قبل کتا ڈپریشن اور شدید اداسی کا شکار تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کے دیہی علاقوں میں بیت الخلا استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ

    پاکستان کے دیہی علاقوں میں بیت الخلا استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ

    دنیا بھر میں آج بیت الخلا کا عالمی دن یعنی ورلڈ ٹوائلٹ ڈے منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ہماری زندگیوں میں بیت الخلا کی موجودگی کی اہمیت اور پسماندہ علاقوں میں اس کی عدم فراہمی کے مسئلے کی طرف توجہ مبذول کروانا ہے۔

    عالمی ترقیاتی ادارے واٹر ایڈ کے مطابق پاکستان کی لگ بھگ پونے 7 کروڑ آبادی صاف ستھرے بیت الخلا یا سرے سے ٹوائلٹ کی سہولت سے ہی محروم ہے جبکہ دنیا بھر میں ہر 8 میں سے 1 شخص کو محفوظ بیت الخلا تک رسائی دستیاب نہیں۔

    سنہ 2013 سے اس دن کے انعقاد کا آغاز کیے جانے کا مقصد اس بات کو باور کروانا ہے کہ صحت و صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک محفوظ اور باقاعدہ بیت الخلا اہم ضرورت ہے۔ اس کی عدم دستیابی یا غیر محفوظ موجودگی بچوں اور بڑوں میں مختلف بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔

    یونیسف کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے جہاں لوگ کھلے عام رفع حاجت کرتے ہیں۔ یعنی کل آبادی کے 13 فیصد حصے یا 2 کروڑ 5 لاکھ افراد کو ٹوائلٹ کی سہولت میسر نہیں۔ یہ تعداد زیادہ تر دیہاتوں یا شہروں کی کچی آبادیوں میں رہائش پذیر ہے۔

    یونیسف ہی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں صفائی کی ناقص صورت حال کی وجہ سے روزانہ پانچ سال کی عمر کے 110 بچے اسہال، دست اور اس جیسی دیگر بیماریوں کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں۔

    دوسری جانب دنیا بھر میں صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث ہونے والی اموات کی شرح 2 لاکھ 80 ہزار سالانہ ہے۔


    ٹوائلٹ ۔ ایک سماجی مسئلہ

    گزشتہ برس بھارت میں بیت الخلا کی عدم موجودگی ایک سماجی مسئلہ بن کر سامنے آئی جب دیہاتوں میں کھلے عام رفع حاجت کے لیے جانے والی خواتین پر جنسی حملے ہوئے اور کئی خواتین زیادتی کا نشانہ بنیں۔

    اس کے بعد بھارت میں بیت الخلا تعمیر کرنے کی ملک گیر مہم شروع ہوگئی جس میں بالی ووڈ اداکاروں نے بھی حصہ لیا۔ اس بارے میں آگاہی مہمات بھی شروع ہوئیں جس کے خاطر خواہ تنائج برآمد ہوئے۔

    کچھ عرصے قبل بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ ۔ ایک پریم کتھا‘ بھی بھارت کے اہم ترین مسئلے بیت الخلا کی عدم موجودگی کی طرف توجہ دلانے کے لیے بنائی گئی۔

    بھارت میں اس وقت 63 کروڑ سے زائد افراد بیت الخلا کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔

    فلم کی ریلیز کے موقع پر اکشے کمار کا کہنا تھا، ’بھارتیوں کا ایک مائنڈ سیٹ ہے کہ جہاں کھانا پکایا جاتا ہے، کھایا جاتا ہے، وہاں رفع حاجت نہیں کی جاسکتی، اور اس کے لیے گھروں سے باہر جا کر اس بنیادی ضرورت کو پورا کیا جاتا ہے۔ ہم اس فلم کے ذریعے اس نظریے کے خلاف لڑ رہے ہیں‘۔


    پاکستان میں بیت الخلا استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ

    نئی صدی کے آغاز میں طے کیے جانے والے ملینیئم ڈویلپمنٹ گولز میں (جن کا اختتام سنہ 2015 میں ہوگیا) صاف بیت الخلا کی فراہمی بھی ایک اہم ہدف تھا۔ پاکستان اس ہدف کی نصف تکمیل کرنے میں کامیاب رہا۔

    رپورٹس کے مطابق سنہ 1990 تک صرف 24 فیصد پاکستانیوں کو مناسب اور صاف ستھرے بیت الخلا کی سہولت میسر تھی اور 2015 تک یہ شرح بڑھ کر 64 فیصد ہوگئی۔

    سنہ 2016 سے آغاز کیے جانے والے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف میں طے کیا گیا ہے کہ سنہ 2030 تک دنیا کے ہر شخص کو صاف ستھرے بیت الخلا کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    پاکستان اس ہدف کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان میں یونیسف کی ترجمان انجیلا کیارنے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں باتھ روم کا استعمال بڑھ رہا ہے اور یہ ایک حیرت انگیز اور خوش آئند کامیابی ہے۔

    کئی دیہی علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت یا کسی سماجی تنظیم کے تعاون سے باتھ روم کی تعمیر کروا رہے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستانیوں کو باتھ روم کی اہمیت کا احساس ہے۔


    ایک بہترین مثال

    دیہی آبادیوں کو بیت الخلا استعمال کرنے پر مجبور کرنا بھی ایک مسئلہ ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سالوں سے کھلے میں رفع حاجت کرنے کے عادی ہیں۔ اس کی ایک بہترین مثال نیپال میں پیش کی گئی۔

    نیپال میں حکومت عوامی تعاون کے ساتھ ملک بھر میں کھلے میں رفع حاجت کرنے کے عمل کو رواں برس کے آخر تک ختم کرنا چاہتی ہے۔

    اس مقصد کے لیے گزشتہ برس دیہاتوں میں بچوں کو ایک رضا کارانہ عمل کے لیے تیار کیا گیا۔ یہ بچے ہر روز صبح کھیتوں میں نکلتے ہیں اور جہاں کہیں کسی شخص کو رفع حاجت کرتے پاتے ہیں تو اسے سیٹیاں بجا کر تنگ کرتے ہیں۔

    بعد ازاں بچے اس مقام پر جہاں کسی شخص نے رفع حاجت کی ہو، ایک پیلا جھنڈا گاڑ کر اس شخص کا نام لکھ دیتے ہیں تاکہ وہ شرمندہ ہو کر دوبارہ گھر سے باہر یہ عمل نہ دہرائے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ صاف ستھرے بیت الخلا کے استعمال اور صحت و صفائی کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات اور آگاہی مہمات چلائی جانی ضروری ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نارنگی کینسر اور گردوں کی پتھری سے بچاؤ میں معاون

    نارنگی کینسر اور گردوں کی پتھری سے بچاؤ میں معاون

    سردیوں کا پھل نارنگی اپنے اندر بے شمار خواص و فوائد رکھتا ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور یہ پھل کئی بیماریوں سے حفاظت فراہم کرتا ہے اور جلد کی خوبصورتی کے لیے بہترین ہوتا ہے۔

    لیکن اس پھل کے کچھ فوائد ایسے بھی ہیں جن سے بہت کم لوگ واقف ہیں۔ تو آپ ان فوائد کے بارے میں جانیں، اور جاتی سردیوں کی سوغات سے جی بھر کر لطف اٹھا لیں۔


    :کینسر کا خطرہ گھٹائے

    cancer

    نارنگی متعدد اقسام کے کینسر سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس میں موجود وٹامن سی اور سٹرس جلد، پھیپھڑے، چھاتی اور معدے کے کینسر سے حفاظت فراہم کرتے ہیں۔


    :وزن کم کرے

    loss

    کیا آپ جانتے ہیں؟ سردیوں میں آپ بغیر کسی ڈائٹنگ کے صرف نارنگی کھا کر بھی اپنا وزن کم کر سکتے ہیں؟ نارنگی دراصل جسم کی ضروریات کو پورا کر کے بھوک کے احساس کو کم کرتی ہے جس سے آپ بار بار اسنیکس اور مختلف اشیا کھانے سے بچے رہتے ہیں۔


    :کولیسٹرول میں کمی

    orange-2

    نارنگی میں موجود پیکٹن اور لیمونن نامی اجزا جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو معمول کے مطابق رکھتے ہیں اور اسے بڑھنے سے روکتے ہیں۔


    :گردوں کے امراض سے حفاظت

    kidney

    نارنگی کا جوس جسم میں سٹریٹ کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے جس سے گردوں میں پتھری بننے کا امکان کم ہوتا ہے۔ روزانہ نارنگی کا جوس پینا پتھری سمیت گردوں کے دیگر کئی امراض سے بھی حفاظت فراہم کرتا ہے۔


    :بوڑھا ہونے سے روکے

    skin

    نارنگی اور اس کے چھلکے جلد کی خوبصورتی کے لیے بہترین اشیا ہیں۔ یہ نہ صرف جلد کو چمکدار بناتے ہیں بلکہ جلد کی خلیات کی ٹوٹ پھوٹ کو روک کر اسے خراب ہونے، اور جلد پر جھریاں پڑنے سے بچاتے ہیں۔


    :نزلہ زکام سے بچاؤ

    نارنگی ترش ہونے کے باوجود نزلہ زکام سے حفاظت اور ان کے علاج میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ نارنگی میں وٹامن سی کی بھرپور مقدار سردیوں میں مختلف وائرل انفیکشن سے حفاظت فراہم کرتی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سانحہ تربت میں ملوث یونس توکلی ایف سی سے مقابلے میں ہلاک

    سانحہ تربت میں ملوث یونس توکلی ایف سی سے مقابلے میں ہلاک

    راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی میں سانحہ تربت میں ملوث دہشت گرد مارا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ ایف سی نے تربت میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

    فورسز نے گاؤں عبد الرحمٰن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا تو دہشت گردوں نے فورسزپر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں مطلوب دہشت گرد یونس توکلی مارا گیا۔ یونس توکلی کالعدم تنظیم کے 8 ٹاپ کمانڈرز میں سے ایک تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یونس توکلی کالعدم تنظیم کا کمانڈر اور سانحہ تربت کا اہم ملزم تھا۔

    یاد رہے کہ 2 روز قبل بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت کے علاقے گروک سے 15 گولیوں سے چھلنی لاشیں ملی تھیں۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کا کہنا تھا کہ تمام افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔

    مقتول افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا اور یہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، وزیر آباد، منڈی بہاؤ الدین کے رہائشی تھے۔ مقتولین ایران کے راستے یورپ جانے کے لیے نکلے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔