Tag: اےآر وائی نیوز

  • نااہلی کیس: جہانگیر ترین کے جواب میں بے ایمانی نظر نہیں آتی: عدالت

    نااہلی کیس: جہانگیر ترین کے جواب میں بے ایمانی نظر نہیں آتی: عدالت

    اسلام آباد: جہانگیر ترین نا اہلی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کےجواب میں بے ایمانی نظر نہیں آتی۔ جواب کے مطابق غیر ملکی کرنسی قانون کے مطابق خریدی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔

    جہانگیر ترین کے وکیل سکندر بشیر نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسٹیٹ بینک اور ٹیکس حکام نے کبھی ٹرانزیکشنز پر اعتراض نہیں کیا۔

    درخواست گزار حنیف عباسی کے وکیل نے دریافت کیا کہ جہانگیر ترین نے کروڑوں روپے بچوں کوتحفے میں دیے جس پر سکندر بشیر نے کہا کہ تحائف کی رقم پر بھی ٹیکس ادا کیا گیا۔ جہانگیر ترین نے تحفے بذریعہ کراس چیک دیے۔

    چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بینک ریکارڈسے تو ثابت ہوگیا کہ منی لانڈرنگ نہیں ہوئی۔ درخواست گزار کا کیس بیرون ملک گھر ظاہر نہ کرنا تھا، جہانگیر ترین کے مطابق گھر ان کا نہیں آف شور کمپنی کا ہے۔ ان کے جواب میں بے ایمانی نظر نہیں آتی۔

    درخواست گزار حنیف عباسی کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ لندن میں جہانگیر ترین کا گھر بے نامی ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر بے نامی ہو بھی تو فرق نہیں پڑتا۔ سوال یہ ہے کہ جائیداد کی خریداری میں بے ایمانی تو نہیں ہوئی۔ بےنامی جائیداد کا مالک بے نامی دار ہی ہوتا ہے، رقم دینے والا نہیں۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بے نامی ٹرانزیکشنز کو پاکستان میں قانونی تحفظ حاصل ہے۔ باپ بیٹے کو زمین فروخت کرے تو یہ ٹرانزیکشن فراڈ ہوتی ہے۔ جہانگیر ترین کے جواب کے مطابق غیر ملکی کرنسی قانون کے مطابق خریدی گئی۔

    عدالت کا جہانگیر ترین کے وکیل سے مکالمے میں کہنا تھا کہ آپ کا کیس لیز پر لی گئی زمین پر کمزور ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • گلگت بلتستان میں جمہوریت کا تسلسل خوش آئند ہے: وزیر اعظم

    گلگت بلتستان میں جمہوریت کا تسلسل خوش آئند ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان کونسل اجلاس کی صدارت کی جس میں گلگت بلتستان کے لیے 2.4 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان کونسل اجلاس کی صدارت کی۔

    دوران اجلاس انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں جمہوریت کا تسلسل خوش آئند ہے۔ گلگت بلتستان کونسل کے اجلاس تسلسل سے ہونے چاہئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے علاقے کی ترقی کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیا، ’مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو کام پایہ تکمیل تک بھی پہنچاتی ہے۔ ہماری حکومت نے پہلی بار دیامر بھاشا ڈیم پر کام شروع کروایا۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان پاک چین اقتصادی راہداری سے بے پناہ استفادہ کرسکتا ہے، ’سی پیک ایسا منصوبہ ہے جس کے فوائد صدیوں تک ملیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کےلوگ پاکستان سے مثالی محبت کرتے ہیں۔

    گلگت بلتستان کونسل اجلاس میں گورنر میر غضنفر علی خان اور وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن نے بھی شرکت کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • انسانی جسم حیران کن صلاحیتوں کا مجموعہ

    انسانی جسم حیران کن صلاحیتوں کا مجموعہ

    انسان کو اللہ تعالیٰ نے اشرف المخلوقات کا درجہ عطا کیا ہے۔ یہ اپنے دماغ اور جسم کو ایسے ایسے طریقوں سے استعمال کرسکتا ہے جس کا آپ تصور بھی نہیں کرسکتے۔

    ایک عام انسان زندگی بھر میں اپنے دماغ کا صرف 1 یا 2 فیصد حصہ استعمال کرتا ہے۔ جن افراد کا شمار ذہین ترین افراد میں ہوتا ہے ان کے دماغ کے صرف 8 سے 10 فیصد سے زائد خلیات متحرک ہوتے ہیں جس کی بنا پر وہ سائنس دان بنتے ہیں یا نئی دریافتیں کرتے ہیں۔

    دنیا میں آج تک کوئی بھی شخص اپنے دماغ کا 100 فیصد حصہ استعمال نہیں کرسکا۔ معروف سائنس دان آئن اسٹائن کے لیے کہا جاتا ہے کہ ان کے دماغ کے 13 فیصد خلیات متحرک تھے۔

    بعض افراد ایسے بھی ہوتے ہیں جن کا دماغ بہت کم عمری میں اس قدر کام کرنے لگتا ہے کہ ان کا جسم ان کا ساتھ نہیں دے پاتا اور وہ شخص موت کا شکار ہوجاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: دماغی کارکردگی میں اضافہ کے لیے ورزشیں

    ایسی ہی ایک مثال فخر پاکستان ارفع کریم کی بھی ہے جس نے صرف 9 سال کی عمر میں دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائڈ پروفیشنل ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

    کہا جاتا ہے کہ اس کا دماغ اس قدر تیز رفتار اور متحرک تھا کہ اس کا ننھا جسم دماغ کے اس بوجھ کو برداشت نہیں کر پایا اور صرف 17 سال کی عمر میں ارفع دل کے اچانک دورہ پڑنے کے بعد دنیا سے ناتا توڑ بیٹھی۔

    اسی طرح ہمارا جسم بھی ہمارے دماغ کے تابع ہے۔ کیا آپ اپنے دونوں ہاتھوں سے بیک وقت کام کرسکتے ہیں؟ یا پھر ہمالیہ کے پہاڑوں میں بغیر لباس کے مراقبہ کرسکتے ہیں؟

    یقیناً نہیں کرسکتے لیکن دنیا میں ایسے افراد موجود ہیں جو یہ کام سر انجام دے سکتے ہیں۔ اشرف المخلوقات کا درجہ رکھنے والا انسان جسمانی طاقت و ہمت کے ایسے ایسے مظاہرے کر سکتا ہے جس کا آپ تصور بھی نہیں کرسکتے۔

    زیر نظر ویڈیو میں دیکھیں کہ انسان کیا کیا کر سکتا ہے۔

    بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ صوفیا اور اور اولیا کے خدا سے قریبی رابطے کے باعث ان کے دماغی خلیات اس قدر متحرک ہوجاتے ہیں کہ وہ اپنی دل کی دھڑکن کو روک سکتے ہیں۔ دل کی دھڑکن رک جانے کا مطلب سمجھتے ہیں؟ کلینکل موت واقع ہوجانا یعنی اب آپ زندہ نہیں رہے۔

    لیکن ان اولیا پر خدا کی خاص رحمت ہوتی ہیں کہ ان کی پوشیدہ صلاحیتیں ابھر کر سامنے آجاتی ہیں اور وہ اپنے دل کی دھڑکن کو دوبارہ بحال کرسکتے ہیں، اسے کم یا زیادہ بھی کرسکتے ہیں۔

    اسی طرح بعض افراد ماحول کے مطابق اپنے جسم کے درجہ حرارت کو کم یا زیادہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

    گویا انسان چاہے تو کیا کچھ نہیں کرسکتا، لیکن شرط یہ ہے کہ وہ اپنی ان پوشیدہ دماغی و جسمانی صلاحیتوں کو جگائے جس کے لیے کسی استاد کا ہونا ضروری ہو۔

    ذہنی یا جسمانی طور پر طاقتور بننے کے لیے کسی تجربہ کار استاد کی رہنمائی از حد ضروری ہے ورنہ بغیر کسی مشورے کے کیا جانے والا کوئی بھی کام الٹا آپ کے گلے میں پڑسکتا ہے اور آپ کو ذہنی یا جسمانی معذوری کا شکار بھی بنا سکتا ہے۔

    یاد رکھیں اپنے جسم کی پوشیدہ صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ آپ کا دماغ یا جسم کس حد تک کتنا بوجھ اٹھا سکتا ہے جس کا اندازہ اس میدان کا ماہر کوئی استاد ہی بتا سکتا ہے۔

    بعض افراد جسم کو بھاری بھرکم بنانے کے لیے بغیر کسی رہنمائی کے اچانک بے تحاشہ ورزشیں یا مشکل کام کرنا شروع کردیتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ معذور ہو سکتے ہیں، کوما میں جاسکتے ہیں، اور ہلاک بھی ہوسکتے ہیں۔


    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی کسی بھی تجویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔

  • عامر لیاقت حسین کا تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ

    عامر لیاقت حسین کا تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ

    کراچی: معروف مذہبی اسکالر عامر لیاقت حسین نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا تاہم اس کا باضابطہ اعلان وہ کل پریس کانفرنس کے ذریعے کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کل عمران اسماعیل کی رہائش گاہ پر عمران خان سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

    اے آر وائی کے نمائندے وسیم بادامی کے مطابق عامر لیاقت نے تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے موصول ہونے والی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کل شمولیت کا عندیہ دیا ہے۔

    پڑھیں: مجھے قتل کیا گیا تو ذمہ دار الطاف حسین ہوں گے،عامر لیاقت

    واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین گزشتہ کئی عرصے سے مختلف چینلز پر مذہبی پروگرام کرتے نظر آتے ہیں اور وہ آج کل ایک نجی ٹیلی ویژن پر ٹاک شو بھی کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین نے اپنا سیاسی کیریئر متحدہ کے پلیٹ فارم سے شروع کیا اور وہ مشرف دورِ حکومت میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امورکے امور سرانجام دے چکے ہیں، گزشتہ برس 22 اگست سے قبل عامر لیاقت نے متحدہ میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا تھا تاہم ملک مخالف نعروں کے اگلے روز ہونے والی پریس کانفرنس میں انہوں نے فاروق ستار کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

    مزید پڑھیں: متحدہ جوائن نہیں کروں گا، عامر لیاقت کا فاروق ستار کو دو ٹوک جواب

    ڈاکٹر عامر لیاقت نے دو روز بعد اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں سیاست چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا تاہم اب وہ ایک بار پھر سیاسی میدان میں اترنے کا اعلان کرچکے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سندھ کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہے: عمران خان

    سندھ کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہے: عمران خان

    راولپنڈی: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے طنز کے تیر چلاتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہیں۔ آصف زرداری کے خلاف ایک خصوصی پلان بنایا ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی گرفتاری خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ سندھ کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہیں۔ اندرون سندھ کھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ سندھ اس لیے ترقی نہیں کر رہا کیونکہ سندھ پر پیسہ نہیں لگایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ پر پیسہ خرچ کیا جاتا تو سندھ کا ایسا حال نہ ہوتا۔ سندھ کے وسائل سندھ کے لوگوں پر خرچ ہونے چاہئیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں کے مسائل کو سمجھنے کے لیے سابق بیورو کریٹس سے ملاقات کر رہا ہوں۔

    شرجیل میمن کی گرفتاری سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی گرفتاری کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ حکومت مجرموں کی مدد کرے تو عام آدمی امید کھو بیٹھتا ہے۔ نیب چیئرمین نے اہم کرپشن کیسز کھول کر اچھا قدم اٹھایا ہے۔

    مزید پڑھیں: شرجیل میمن 11 ساتھیوں سمیت گرفتار

    انہوں نے کہا کہ ملتان میٹرو پروجیکٹ میں کرپشن کا کیس بھی کھولا جا رہا ہے۔ نیب چیئرمین اچھا کام کریں گے تو فرق بھی نظر آئے گا۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت گر رہی ہے، صنعتیں بند ہو رہی ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ ’آصف زرداری کی شوگر مافیا کسانوں کا حق مارتی ہے، ادھر ن لیگ نے معیشت کو سخت نقصان پہنچایا ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف ایک خصوصی پلان بنایا ہوا ہے۔ ان کے خلاف خاص ان سوئنگ تیار کی ہے۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ڈو مور کرتے کرتے پاکستان نے 70 ہزار افراد کی قربانی دی، ڈو مور کرتے پاکستان میں انتہا پسندی بڑھی، معیشت تباہ ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈو مور ہم کرتے رہے اور امریکا آج بھارت کی تعریفیں کر رہا ہے۔

    عائشہ گلالئی کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا عائشہ گلالئی سے متعلق فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔ آئین کے مطابق پارٹی پالیسی سے منحرف رکن کو ہٹایا جاتا ہے۔ ’جو پارٹی کے بلز پر ووٹ نہیں کرتیں وہ پارٹی میں کیسے رہ رہی ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لیے عمران خان کی درخواست مسترد

    انہوں نے کہا کہ ایسا تاثر نہیں دینا چاہیئے کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے خلاف کھڑی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جعفر ایکسپریس، خیبر میل اور عوام ایکسپریس کے کرایوں میں 50 فیصد کمی

    جعفر ایکسپریس، خیبر میل اور عوام ایکسپریس کے کرایوں میں 50 فیصد کمی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مین لائن ون پر مسافروں کے لیے کرایوں کے نئے رعایتی پیکج کا اعلان کردیا۔ پشاور سے چلنے والی جعفر ایکسپریس، خیبر میل اور عوام ایکسپریس کے کرایوں میں 50 فیصد تک کمی کردی گئی جبکہ ریل کاروں اور تیز گام کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مین لائن ون پر مسافروں کے لیے کرایوں کے نئے رعایتی پیکج کا اعلان کر دیا۔

    جعفر ایکسپریس اور خیبر میل کا پشاور سے لاہور تک اے سی بزنس کا کرایہ 1740 سے کم کر کے 900 روپے کر دیا گیا۔ اٹک سٹی سے لاہور کے لیے کرایے میں 670 روپے کی رعایت، مسافر 1520 کے بجائے صرف 850 روپے ادا کریں گے۔

    جعفر ایکسپریس میں اے سی سلیپر کا پشاور سے لاہور کا کرایہ 2280 کے بجائے 1410 روپے ہوگا، مسافروں کو ہر ٹکٹ پر 870 روپے کی بچت ہو گی۔

    جہلم سے لاہور کا کرایہ 770 سے کم کر کے 610 روپے کر دیا گیا۔ جعفرایکسپریس اور عوام ایکسپریس کے اکانومی کلاس کے کرایوں میں بھی زبردست کمی کرتے ہوئے کرایہ 700 روپے سے کم کر کے 460 روپے کر دیا گیا۔

    اٹک سٹی سے کرایہ 620 روپے سے کم کر کے 410 روپے کر دیا گیا ہے۔ جعفر اور عوام ایکسپریس کے مسافر اے سی اسٹینڈرڈ میں پشاور سے لاہور کے لیے 1340 کے بجائے 860 روپے میں سفر کر سکیں گے۔

    اٹک سے لاہور کا کرایہ 1180 کے بجائے 830 روپے ہوگا۔ جہلم کے مسافر جعفر ایکسپریس، عوام ایکسپریس اور ریل کار میں لاہور کے لیے اے سی اسٹینڈرڈ میں 480 کے بجائے 390 روپوں میں سفر کر سکیں گے۔

    گوجرانوالہ سے لاہور کے لیے جعفر ایکسپریس اور خیبر میل کا اے سی بزنس کا کرایہ 390 سے کم کر کے 290 روپے، اے سی بزنس کا کرایہ 330 سے کم کر کے 270 روپے کر دیا گیا۔

    وزیر آباد سے لاہور آنے کے لیے جعفر ایکسپریس اور خیبر میل پر لاہور آنے کے لیے اے سی بزنس کلاس میں 100 روپے کی رعایت کردی گئی جس کے بعد کرایہ 390 کے بجائے 290 ہوگا۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی بحالی پوری قوم کے لیے ایک تحفہ ہے۔ مزید ٹرینوں کے کرائے بھی کم کریں گے جبکہ گرین لائن میں بھی مسافروں کو رعایت دینے کے لیے ہداِیات جاری کر دی گئی ہیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق کرایوں میں 49 فیصد تک کمی پشاور، راولپنڈی، لاہور سیکشن پر ایک خصوصی پیکج کے تحت کی جار ہی ہے۔ وزیر ریلوے کی طرف سے دی گئی خصوصی رعایت کا آغاز یکم نومبر 2017 سے ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کرپشن کیس: شرجیل میمن جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    کرپشن کیس: شرجیل میمن جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    کراچی: محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 75 کروڑ روپے کی کرپشن کے مقدمے میں کراچی کی احتساب عدالت نے سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کو 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر 4 نومبر تک جیل بھجوا دیا۔ سابق صوبائی وزیر کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر نیب کو 4 نومبر کے لیے نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں کرپشن کے کیس میں گزشتہ روز گرفتار ہونے والے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا۔

    عدالت نے نیب اور وکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد سابق صوبائی وزیر کو 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر 4 نومبر تک جیل بھجوا دیا۔

    مزید پڑھیں: شرجیل میمن 11 ساتھیوں سمیت گرفتار

    شرجیل میمن کے وکیل نے اپنے مؤکل کی رہائی کے لیے عدالت میں درخواست بھی دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 91 کے تحت ملزم کو ذاتی مچلکوں پر رہا کیا جا سکتا ہے۔ شرجیل میمن تفتیش میں مکمل تعاون کرر ہے ہیں۔

    پیشی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی، مکیش کمار چاولہ سمیت دیگر رہنما اور جیالے بھی عدالت پہنچنے۔ شرجیل میمن کے بیٹے کو عدالت داخل ہونے سے پہلے روکا گیا لیکن پھر جانے دے دیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں کرپشن کیس میں نامزد شرجیل میمن سمیت 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توثیق کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد احاطہ عدالت سے شرجیل میمن کو نیب حکام نے گرفتار کرلیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نادیہ خان کی ڈراموں میں واپسی

    نادیہ خان کی ڈراموں میں واپسی

    پاکستانی معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان طویل عرصے بعد ایک بار پھر سلور اسکرین پر جلوہ گر ہونے جارہی ہیں۔

    نادیہ خان کی واپسی اے آر وائی ڈیجیٹل پر پیش کیے جانے والے ڈرامے ’ایسی ہے تنہائی‘ کے ذریعے ہورہی ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل ویسے ہی اپنے منفرد اور اچھوتے موضوعات پر مبنی ڈراموں کے باعث منفرد حیثیت کا حامل ہے اور اب حالیہ ڈرامے کے ٹیزر میں نادیہ خان کو دیکھ کر ایک بار پھر سب حیران رہ گئے ہیں۔

    ڈرامے کے مختصر سے ٹیزر سے بظاہر ڈرامہ گھریلو چپقلش اور خواتین پر زیادتی پر مبنی لگتا ہے۔ ڈرامہ کب ریلیز کیا جائے گا، یہ تو فی الحال نہیں بتایا گیا تاہم مداح نادیہ خان کو ایک بار پھر اسکرین پر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فرد جرم سے متعلق درخواستیں مسترد، ڈار کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

    فرد جرم سے متعلق درخواستیں مسترد، ڈار کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے فرد جرم سے متعلق درخواستیں مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا۔ وکیل صفائی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہمارا مؤقف سنا ہی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ سے فرد جرم کے متعلق 2 درخواستیں مسترد ہونے پر اسحٰق ڈار نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    وزیر خزانہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکو رٹ نے ہمارا مؤقف سنا ہی نہیں، آئینی تقاضے پورا کرنا اسحٰق ڈار کا آئینی حق ہے۔

    وکیل صفائی نے کہا کہ قانوناً فرد جرم عائد کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا جاتا ہے، لیکن ہمارے مؤکل کے کیس میں 2 دن بعد فرد جرم عائد کی گئی۔ اسحٰق ڈار کے وکیل نے کہا کہ احتساب عدالت کے حکم نامے کو معطل کیا جانا چاہیئے۔

    مزید پڑھیں: ڈار کےخلاف ریفرنس کی سماعت پیر تک ملتوی

    یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہے جس میں اسحٰق ڈار پر فرد جرم بھی عائد کی جاچکی ہے۔

    تاہم اسحٰق ڈار نے فرد جرم کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں جنہیں ہائیکورٹ نے مسترد کردیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کا کلین سوئپ، شاہینوں نے سری لنکن بلے بازوں کی لنکا ڈھا دی

    پاکستان کا کلین سوئپ، شاہینوں نے سری لنکن بلے بازوں کی لنکا ڈھا دی

    شارجہ: سری لنکا اور پاکستان کے خلاف آخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کلین واش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز پانچ صفر سے اپنے نام کرلی اس میچ کی خاص بات عثمان شینواری کی تباہ کن بولنگ اسپیل ہے جس میں نوجوان بولر نے پانچ سری لنکن بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 103 رنز پر پوری ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی اور کوئی سری لنکن بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھا سکا جب کہ میچ کے ہیرو عثمان شنواری نے 34 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے کیریئر بیسٹ پرفارمنس دی۔

    سری لنکا کے 104 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف ایک کھلاڑی کے نقصان پر محض 21 ویں اوور میں حاصل کر کے سیریز کو واش آؤٹ کردیا۔

    آخری ون ڈے میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے لیکن پاکستانی بولر عثمان شنواری نے پچ پر آتے ہی تباہی مچا دی۔

    عثمان شنواری کی تباہ کن بالنگ کی وجہ سے صرف 27 رنز پر سری لنکا کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

     

    یاد رہے کہ سری لنکا کے ساتھ مذکورہ سیریز میں پاکستان اب تک تمام ون ڈے میچز جیت چکا ہے اور اسے سری لنکا پر 0-4 کی برتری حاصل ہے۔

    چیمپئنر ٹرافی کے پہلے میچ میں بھارت سے ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم اب تک لگا تار 8 ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے۔

    اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شارجہ میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔