Tag: اےآر وائی نیوز

  • اکرم شیخ نے پی آئی اے کا ہزاروں کا نقصان کردیا

    اکرم شیخ نے پی آئی اے کا ہزاروں کا نقصان کردیا


    وطن عزیز میں عوام کیلئے قانون کچھ  اور لیکن معروف ترین قانون دان کیلیے قانون  کچھ اور ہی ہے، اس کی تازہ ترین مثال لاہور ایئرپورٹ پر دیکھنے میں آئی جہاں قومی ایئرلائن کسی مسافر کو پینتالیس  کلو سے زائد وزن نہیں لے جانے دیتی لیکن اکرم شیخ بلا معاوضہ سو کلواضافی  سامان لے گئے۔

    معروف قانون اکرم شیخ قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے سات پانچ پانچ  سے سعودی عرب روانہ ہوئے، اور جاتے جاتے قومی ادارے کو ہزاروں روپے کا ٹیکہ لگا گئے۔
     
    پی آئی اے نے اکرم شیخ کو سو کلو اجافی سامان مفت لے جانے کی اجازت دیدی پی آئی اے قوانین کے مطابق بین الاقوامی پرواز پر کسی مسافر کوپینتالیس  کلو تک سامان مفت لے جانے کی اجازت ہوتی ہے،  لیکن  لاجواب لوگوں کی باکمال سروس نے اکرم شیخ کو سو کلو اضافی سامان لے جانے کی سہولت دیدی۔

      معروف قانون دا ن اکرم شیخ  سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کے مقدمہ میں وفاق کے وکیل بھی ہیں۔

  • پاکستان میں پہلی بار سجا ڈولفن میلہ

    پاکستان میں پہلی بار سجا ڈولفن میلہ


      کراچی میں ڈولفن کی شرارتیں، بچے خوش بڑے بھی ہوئے لطف اندوز ہوئے ، پانی کی بلی نے بھی کرتب دکھائے سب نے کیا خوب انجوائے۔

    اٹکھیلیاں، مستیاں، دلجوئیاں، اداوٗں سے کراچی کے لوگوں کا دل لبھاتی ڈولفن، کراچی کے میری ٹائم میوزیم میں ڈولفن کی دیکھ دیکھ کر ادا ہر کوئی ہورہا ہے فدا، لچکتی  مٹکتی، بل کھاتی، میوزک کے سنگ جھومتی ڈولفن بکھیر رہی مسکراہٹیں اوردے رہی ہے خوشیوں کا تحفہ۔

     شوخ حسینہ کی طرح ادا دکھاتی ڈولفن ناز اٹھانا بھی خوب جانتی ہے۔ ڈولفن کو صرف والی بال کھیلنے کی شوقین نہیں بلکہ مصوری کا شغف بھی رکھتی ہے۔
       

  • قصورمیں فائرنگ،پی ٹی آئی کےمقامی رہنماسمیت 5افرادجاں بحق

    قصورمیں فائرنگ،پی ٹی آئی کےمقامی رہنماسمیت 5افرادجاں بحق

    قصور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے تحریک انصاف کے مقامی رہنما مسعود احمد بھٹی اوران کے تین محافظوں کو قتل کردیا

    قصور میں فیروزپور روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کے تحریک انصاف کے مقامی رہنما مسعود احمد بھٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، فائرنگ کے نتیجے میں مسعود بھٹی کے تین محافظ شدید زخمی ہو گئے  جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔

     مسعود بھٹی گذشتہ عام انتخابات میں پی پی ایک سو چھہتر سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔ واقعے کے بعد پولیس موقع پرپہنچی اور شواہد جمع کرنے شروع کردیئے۔
           
    دوسری جانب لاہور میں تحریک انصاف کی سیکرٹری ویمن ونگ نیلم اشرف کے بیٹے نعمان اشرف پراسرار انداز میں ہلاکت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق گولی نعمان اشرف کے سر میں لگی،  واقعے کی اطلاع ملتے ہی نعمان اشرف کے اہل خانہ اسپتال پہنچ گئے اگلے مہینے نعمان اشرف کی شادی ہونے والی تھی۔


    سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق کہتے ہیں کہ اہل خانہ کی نشان دہی پر تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم بظاہر یہ خودکشی کا واقعہ ہے، مقتول کی گاڑی سے پسٹل اور دیگر اشیا برآمد ہوئی ہیں۔
       

  • چوہدری اسلم کی شہادت: طالبان کے خلاف پہلی ایف آئی درج

    چوہدری اسلم کی شہادت: طالبان کے خلاف پہلی ایف آئی درج

       کراچی کے علاقے پی آئی بی میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے اسکواڈ پر خودکش حملے کا مقدمہ انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا تفتیشی اداروں نے مبینہ حملہ آور نعیم اللہ کے دوبھائیوں سمیت12سےزائد مشتبہ افراد کوحراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    ایف آئی آر میں تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ مولوی فضل اللہ اور ترجمان شاہد اللہ شاہد کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے اور یہ کسی بھی جرم میں طالبان کے خلاف درج ہونے والی پہلی ایف آئی آر ہے۔

     چوہدری اسلم خان پر خودکش حملہ میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے پولیس اور حساس ادارے سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں ہفتے کے روز بھی کئی افراد کے بیانات قلبند کئے گئے اور جائے وقوعہ پر تفتیشی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔

     پولیس حکام کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والی پک اپ کے ٹکڑے اور دیگر واقعاتی شواہد فارنزک لیب بھیج دیئے ہیں جمعرات کے روز جائے وقوعہ سے ملنے والےانسانی اعضا میں مبینہ حملہ آور کا ہاتھ بھی موجود تھا جس کے فنگر پرنٹس کی مدد سے تفتیش میں مدد مل رہی ہے۔
     
    تفتیشی ذرائع کے مطابق مبینہ حملہ خودکش حملہ آورنعیم اللہ اورنگی ٹاون قصبہ موڑ کا رہائشی جبکہ اس کا آبائی تعلق مہمند ایجنسی سے تھا ملزم نے افغانستان سے عسکری تربیت حاصل کی تھی دوسری جانب جائے وقوعہ کے قریب سے ملنے والی ٹیکسی کے ڈرائیور کو بھی پولیس نے شامل تفتیش کرلیا ہے۔
        
        
       

  • چوہدری اسلم پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ہوگئی

    چوہدری اسلم پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ہوگئی


    نادرا نے ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے میں ملوث مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت کردی ہے، قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے چھبیس سالہ حملہ آور کا نام نعیم اللہ ولد رفیع اللہ بتایا جاتا ہے، جو بنارس کالونی کراچی کا رہائشی تھا۔جس کی تصویر اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔


     ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے کو خود کش قرار دیدیا گیاہے اور تفتیشی افسر نیاز احمد کھوسو کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا ہاتھ شناخت کیلئے نادرا بھجوایا گیا، نشانات کی مدد سے حملہ آور کے کوائف سامنے آگئے۔

     کوائف کےمطابق مبینہ حملہ آورکا نام نعیم اللہ ہے، نیاز کھوسو نے دوران تفتیش کسی گرفتاری کی تردید کیہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ قصبہ کالونی میں نعیم اللہ کے گھر سےغلام اللہ اور قاری صدیق کو گرفتار کیا گیا، یہ کارروائی دھماکے کے بعد گرفتار زخمی ملزم کی نشاندہی پر کی گئی۔

    سی آئی ڈی پولیس نے کراچی کی ایک نجی اسپتال سے بھی ایک مبینہ حملہ آور کو گرفتار کیا تھا تفتیشی ذرائع کے مطابق چوہدری اسلم پر حملے کے بعدمسلح حملہ آوروں اور سی آئی ڈی اسکواڈ میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔

     چوہدری اسلم کیس کی تفتیش کرنےوالی تحقیقاتی ٹیموں کےموقف میں تضاد برقرار ہے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق نصب شدہ بم یونی ڈائریکشن تھا جبکہ پولیس اسے سوزوکی پک اپ میں رکھے دھماکا خیز موادکا نتیجہ بتا رہی ہے۔

     ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی تصدیق کرچکے ہیں کہ چوہدری اسلم کے قتل میں ملوث شخص اور اس کے خاندانی پس منظر تک پہنچ چکے ہیں، تمام کوائف سندھ حکومت کو منتقل کئے جا رہے ہیں۔
        
       

  • اعتزاز حسن نے خودکش بمبار سے مذاکرات کیوں نہیں کئے

    اعتزاز حسن نے خودکش بمبار سے مذاکرات کیوں نہیں کئے

    تحریر: سید فواد رضا

    پاکستان گذشتہ تیرہ سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے اس جنگ میں سب سے زیادہ نقصان بھی پاکستان نے ہی برداشت کیا ہے جس میں جانی نقصان کا بے پناہ ہے مختلف اعداد و شمار کے مطابق اب تک 50 ہزار عام شہری اور تقریباً 10 ہزار فوجی اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔

    ایک منٹ ٹھہرئیے ! کیا یہ سب افراد واقعی شہید ہیں؟ ہمارے ملک میں کچھ لوگوں نے طالبان رہنما حکیم اللہ محسود کو شہید قرار دےدیا اس بات پر کافی لے دے ہوئی  لیکن وہ افراد اپنے موقف پر ڈٹے رہے دوسری جانب طالبان کے مخالف بھی اپنی بات پر سختی سے ڈٹے ہوئے ہیں کہ طالبان سے آہنی ہاتھ سے نپٹا جائے۔

    قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ جمعرات کو ہنگو میں ایک پندرہ سالہ لڑکے اعتزاز حسن نے جرات اور بہادری کی شاندار مثال قائم کرتے ایک خودکش حملہ کو اسوقت دبوچ لیا جب وہ ہنگو میں واقع ابراہیم زئی اسکول پر حملہ کرنے جارہا تھا جہاں اسوقت دو ہزار کے لگ بھگ لڑکے اسمبلی کے لئے جمع تھے۔

    شہید اعتزاز حسن کا دوست قیصر حسین جو اس واقعے کا عینی شاہد  ہے بتاتا ہے کہ حملہ آور جو اسکول کے یونیفارم میں ملبوس تھا  اس نے ہم سے اسکول  کا پتہ پوچھا جس پر ہمیں اسپر شک گزرا اور جب اعتزاز نے آگے بڑھ کر اسے روکنے کی کوشش کی تو اسنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    اعتزاز حسن کی حوصلہ مندانہ شہادت کی خبر نشر ہونے کی دیر تھی کہ پورے ملک سے اسکا ردعمل آنے لگا اور قوم نے اپنے اس بہادر فرزند کے لئے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر کا مطالبہ تک کردیا لیکن سوال تو یہ ہے کہ اعتزاز کے ذہن میں وہ کیا سوچ تھی کہ جسکے زیر ِ اثراس نے حملہ آور کو دبوچ لیا اسے تو چائیے تھا کہ وہ وہی راستہ اختیار کرتا جو ہمارے ملک کے ذہین اور باصلاحیت سیاستدانوں نے تجویز کیا ہے یعنی مذاکرات کرتا ، حملہ آور سے پوچھتا کہ تمھارے مطالبات کیا ہیں ؟ کن شرائط پر تم یہ دھماکہ کرنے سے باز آجاو گے لیکن نہیں! اسنے وہی کیا جو جبلتِ انسانی کا تقا ضا ہے یعنی دفاعی حملہ۔

    وہ حملہ آور جو اسکے دو ہزار ہم مکتبوں کی جان لینے جارہا تھا اس نے آنکھیں بند کر کے اسے جانے نہیں دیا کہ چلو اسکے ساتھ کوئی زیادتی ہوئی ہوگی یا اسکا کوئی عزیز کسی ڈرون حملے میں مارا گیا ہوگا لہذا یہ بھی خودکش حملہ کرکے اپنے انتقام کی آگ کو سرد کرلے بلکہ اعتزاز نے اسکو روک کر اپنا قومی فریضہ ادا کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

    میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس واقعے کو بے پناہ شہرت ملی اور صدر مملکت ، وزیر اعظم اور آرمی چیف نے اسکو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

    راسف اس بات پر ہے کہ ہمارے ملک کا ایک پندرہ سالہ لڑکا تو یہ بات جانتا ہے کہ جب آگ اپنے گھر تک پہنچ جاتی ہے تو پھرصرف باتیں نہیں کی جاتیں بلکہ آگ بجائی جاتی ہے لیکن ہمارے کچھ ذہین سیاستدان اور دفاعی امور میں خود کو عقل ِ کل سمجھنے والے تجزیہ نگار ابھی بھی مذاکرات کی بین بجا کر سانپ کو رام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    مذاکرات کے حامی تمام افراد سے میری یہ دست بستہ التماس ہے کہ مذاکرات کرنے سے پہلے صرف ایک بار دہشت گردوں کی بربریت کے شکار شہید کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کرلیں اوراگر ان لوگوں کے چہرے پر آپکو طالبان کا خوف نظر آئے تو پھر بیشک مذاکرات کریں لیکن اگر ان لوگوں کے حوصلے بلند ہوں تو پھر آپ اپنے اندرونی خوف اور ذاتی مفادات کو قومی مفادات کا نقاب نا پہنائیں کیونکہ پاکستانی قوم کے بچے بھی اب اس بات سےاچھی طرح واقف ہیں کہ ان وحشی درندوں کو اب بزورِ قوت روکنا ہوگا اوراگرایسا نا ہوتا تو اعتزاز حسن بھی شاید شہادت کے بجائے مذاکرات کی راہ اختیار کرتا 

  • سندھ کی تقسیم کے خلاف 9 فروری کو ریلی اور جلسے کا اعلان

    سندھ کی تقسیم کے خلاف 9 فروری کو ریلی اور جلسے کا اعلان

    سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹرقادر مگسی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف 9 فروری کو مزار قائد سے تبت سینٹر تک ریلی اور جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا تھا کہ 9 فروری کو کراچی میں رہنے والے اردو بولنے والوں سمیت تمام قومیتوں کے لوگ لاکھوں کی تعداد میں جمع ہوکرایم کیو ایم کے قائد کو بتائیں گے کہ سندھ ہم سب کی ماں ہے اور ماں کبھی تقسیم نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین الگ ٹکڑے کی صورت میں نیا ملک چاہتا ہے لیکن وہ اصل میں سندھ میں کاروبار کرنے والے اردو بولنے والوں سے دشمنی کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ریلی میں لاکھوں سندھی کراچی سے کشمور تک شرکت کریں گے ریلی کی حفاظت کرنا سندھ حکومت کی ذمے داری ہوگی۔

     

  • لاہور:ڈکیت گروہ کےسات ملزمان گرفتار،اسلحہ و نقدی برآمد

    لاہور:ڈکیت گروہ کےسات ملزمان گرفتار،اسلحہ و نقدی برآمد

    لاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس نے دو ڈاکو گروہوں کے سات ارکان کو گرفتارکرلیا، ملزمان سے اسلحہ، نقدی اور لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈویژن طارق عزیز اور اے ایس پی کاہنہ سید اقرار حسین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوما اور پانڈو ڈکیت گینگز متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    پولیس نے کارروائی کر کے دونوں گروہوں کے سات ارکان کو گرفتار کیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ نقدی اور لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس افسران نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش ڈکیتی اور رہزنی کی 18 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان ایک عرصہ سے کاہنہ اور گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں وارداتیں کررہے تھے۔

     

  • اولمپئین قاسم ضیا کی بیٹی گرفتار

    اولمپئین قاسم ضیا کی بیٹی گرفتار

     

    قاسم ضیا اولمپئین تھے تو ان کی بیٹی فاسٹ اینڈ فیورس نکلیں،انعم ضیا نے گاڑی کیا ریورس کی پولیس اہلکار کے چھکے چھڑا دئے بیچارہ اسپتال کے وارڈ میں پہنچ گیا ہے۔

     قاسم ضیا کی بیٹی انعم گھر سے نکلیں تو تھیں اپنی سہیلی کو بیٹی کی مبارکباد دینے لیکن پہنچ گئیں تھانے اور وہ بھی سلاخوں کے پیچھے ، انعم نے اے آر وائی کو بتایا کہ گاڑی کو ٹکر کیسے لگی ، انعم کے والد فل بیک تھے لیکن بیٹی نے سینڑفارورڈ ہونے کا ثبوت دیا۔

    پولیس نے لائسنس مانگا تو کہا انکے بیگ میں ٹافیوں اور فارن آئیٹمز کے سوا کچھ بھی نہیں، انعم نے ڈرائیونگ انگلینڈ میں سیکھی اور ٹکر ماری ماڈل ٹائون میں ان کے پاس پاکستان کا ڈرائوینگ لائسنس بھی نہیں ہے۔

      واقعے کے بعد پولیس نے انعم ضیاء کو حراست میں لے لیا اور انکے خلاف معمولی نوعیت کے حادثے کی ایف آئی آر درج کرلی اور زخمی پولیس کانسٹیبل اشفاق کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا۔

     

    قاسم ضیا کو خبر ہوئی تو دوڑے دوڑے تھانے پہنچ گئے یہاں ایک راز اور کھلا کہ انعم کے زیر استعمال گاڑی ان کی اپنی نہیں بلکہ ہاکی فیڈریشن کی ملکیت ہے۔

    نیوز دیکھنے کے لئے درج ذیللنک پر کلک کریں

    http://videos.arynews.tv/ppp-leaders-daughter-arrested-in-lahore-accident-case/

     

  • پشاور:بچے کے اغواءو قتل میں ملوث ملزمان کو دو بارعمر قید

    پشاور:بچے کے اغواءو قتل میں ملوث ملزمان کو دو بارعمر قید

    پشاور میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 10سالہ بچے کے اغواء اور قتل میں ملوث ملزموں کو دو بار عمر قید کی سزا سنا دی ۔10 اپریل 2013ء کو تھانہ ہشتنگری کی حدود سے ملزم علی رضا، بختیار اور یاسر شہزاد نے 10سالہ شعیب کو اغواء کرکے اس کے والدین سے 5 لاکھ روپے تاوان ادائیگی کا مطالبہ کا تھا تاوان کی رقم وصول کرلینے کے باوجود ملزموں نے شعیب کو قتل کرکے اس کی لاش کو تیزاب پھینک کر مسخ کردیا تاکہ لاش کی شناخت ممکن نہ رہے۔۔انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر تینوں ملزموں کو دو بار عمر قید کی سزا سنادی۔