Tag: اےآر وائی نیوز

  • عمران خان نااہلی کیس: خان سے پائی پائی کا حساب لیا، عدالت

    عمران خان نااہلی کیس: خان سے پائی پائی کا حساب لیا، عدالت

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے عمران خان سے ایک ایک پائی کاحساب لیا، وہ بھی حساب لیا جو درخواست گزار نے نہیں مانگا تھا۔ نتائج تک پہنچنے کے لیے عدالت سوالات کرسکتی ہے، دیکھنا صرف یہ ہے کہ جھوٹ تو نہیں بولا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ عدالت نے خود نعیم بخاری کو دستاویزات دینے کے لیے کہا تھا، نتائج تک پہنچنے کے لیے عدالت صرف سوالات کرسکتی ہے۔

    درخواست گزار حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عمران خان کیس میں 8 تحریری جواب جمع کروائے گئے، عمران خان کا ہر جواب دوسرے سے مختلف ہے۔

    جواباً چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نےعمران خان سے ایک ایک پائی کاحساب لیا، وہ بھی حساب لیا جو درخواست گزار نے نہیں مانگا تھا۔ دیکھناصرف یہ ہے کہ جھوٹ تو نہیں بولا گیا۔

    عدالت نے عمران خان کے اضافی دستاویزات پر درخواست گزار حنیف عباسی سے بھی جواب طلب کرلیا۔ عمران خان نااہلی کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اپنے خون سے ذاتی بجلی پیدا کریں

    اپنے خون سے ذاتی بجلی پیدا کریں

    دنیا جیسے جیسے آگے بڑھ رہی ہے ویسے ویسے بجلی بنانے کے نئے نئے طریقے دریافت ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں چینی سائنسدانوں نے انسانی خون کی روانی سے بھی بجلی تیار کرنے کا طریقہ ایجاد کرلیا۔

    چین کی فیوڈن یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک ایسا ننھا سا پاور جنریٹر ایجاد کرلیا ہے جو رگوں میں دوڑنے والے خون کی حرکت اور توانائی سے بجلی بنا سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: انسانی آنسو بجلی کی پیداوار میں مدد گار

    لیکن گھبرانے کی بات نہیں، یہ ڈیوائس آپ کے جسم کی کسی رگ میں داخل ہو کر بجلی نہیں بنائے گی، بلکہ یہ جلد کے اوپر ہی کسی فعال رگ سے منسلک کی جائے گی اور اس کے بعد یہ اس رگ میں بہنے والے خون کی حرارت اور توانائی سے بجلی پیدا کرے گی۔

    ماہرہن کا کہنا ہے کہ یہ وہی آئیڈیا ہے جس کے ذریعے ہم ہوا کی توانائی (ونڈ پاور) یا پانی کی لہروں کی توانائی (ہائیڈرو پاور) سے بجلی بناتے ہیں۔

    یہ بجلی اتنی ہوگی کہ نہ صرف آپ کا موبائل چارج کرسکے گی بلکہ آپ کے ذاتی طبی آلات جیسے دل کے اندر نصب کیا جانے والے پیس میکر وغیرہ کو بھی بجلی فراہم کرسکے گی۔

    مزید پڑھیں: موبائل فون چارج کرنے کے لیے ذاتی بجلی تیار کریں

    سب سے اچھی بات یہ ہوگی کہ یہ کسی قسم کے خاص حالات، سورج کی روشنی، ہوا یا پانی کی محتاج نہیں ہوگی۔

    گویا بہت جلد ہم اپنی ذاتی ضروریات کے لیے ذاتی بجلی بنانے کے بھی قابل ہوسکیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ماحولیاتی آلودگی دنیا بھر میں سالانہ 90 لاکھ افراد کی قاتل

    ماحولیاتی آلودگی دنیا بھر میں سالانہ 90 لاکھ افراد کی قاتل

    دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ایک حالیہ تحقیق کے مطابق یہ اس قدر خطرناک ہوچکی ہے کہ دنیا میں سالانہ 90 لاکھ افراد کو موت کا شکار کر رہی ہے۔

    ماحولیاتی آلودگی سے متعلق بین الاقوامی میڈیکل جرنل لنسیٹ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر 6 میں 1 شخص ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے ہلاک ہورہا ہے۔

    یاد رہے کہ ماحولیاتی آلودگی میں آبی اور فضائی آلودگی دونوں شامل ہیں۔

    لنسیٹ کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی یہ شرح جنگوں یا تمباکو نوشی کے باعث ہلاکتوں کی شرح سے بھی زیادہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق آلودگی سے سب سے زیادہ ہلاکتیں بھارت میں ہوتی ہیں جہاں سالانہ 25 لاکھ افراد ماحولیاتی آلودگی کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔

    دوسرے نمبر پر چین ہے جہاں کی فضائی آلودگی روزانہ 4 ہزار افراد کو موت کے منہ میں پہنچا دیتی ہے۔

    اس سے قبل یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ چین میں ہر سال 16 لاکھ اموات آلودگی کے باعث پیدا ہونے والے امراض قلب، پھیپھڑوں کے امراض اور فالج کے باعث ہوتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: فضائی آلودگی دماغی بیماریاں پیدا کرنے کا باعث

    دراصل چین میں کوئلے کا استعمال توانائی کے حصول کا اہم ذریعہ ہے اور یہی چین کی فضا کو جان لیوا حد تک آلودہ کرنے کا سبب بھی ہے۔

    لنسیٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور روس بھی مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔ امریکا چین کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا کوئلے کا استعمال کنندہ ہے۔

    دوسری جانب برطانیہ میں بھی سالانہ 50 ہزار افراد ماحولیاتی آلودگی سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی دنیا بھر کے لیے بحران بنتی جارہی ہے۔ بعض ماہرین کا ماننا ہے کہ دھویں اور آلودگی کے باعث ہونے والے موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج آئندہ آنے والے چند برسوں میں دہشت گردی سے بھی بڑا مسئلہ بن جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • آج رات آسمان سے شہاب ثاقب کی برسات ہوگی

    آج رات آسمان سے شہاب ثاقب کی برسات ہوگی

    اس ہفتے آپ ممکنہ طور پر نہایت ہی خوبصورت فلکیاتی مظہر دیکھ سکیں گے۔

    دراصل آج رات آسمان پر شہاب ثاقب کی روشنیوں کی بھرمار ہوگی جن میں سے کچھ شہاب ثاقب زمین پر بھی آ گریں گے، لیکن ڈرنے کی بات نہیں، یہ زمین کو کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے بلکہ یہ ایک نہایت ہی خوبصورت اور دلفریب نظارہ ہوگا۔

    یہ فلکیاتی مظہر دراصل ہیلے نامی دمدار ستارے کے ملبے کا زمین کی حدود میں داخل ہونے کے بعد رونما ہوگا، تاہم یہ زمین کے باسیوں کے لیے 74 سے 79 برس بعد قابل مشاہدہ ہوتا ہے، اور آج کی رات وہی رات ہے جب زمین والے اس نظارے کو دیکھ سکیں گے۔

    دمدار ستارے ہیلے کے ٹوٹے ہوئے ذرات جب زمین کے مدار میں داخل ہوتے ہیں تو یہ جل اٹھتے ہیں اور آسمان پر روشنی کا نہایت دلفریب نظارہ تخلیق کریتے ہیں۔

    یہ عمل ہر سال پیش آتا ہے جس کے باعث آسمان کم از کم 30 کے قریب شہاب ثاقبین کی روشنیوں سے جگمگا اٹھتا ہے۔

    سب سے زیادہ مزے کی بات یہ ہے کہ یہ پوری دنیا میں ہر جگہ دکھائی دے گا، بس آپ کے مطلوبہ مقام کی فضا آلودگی اور مصنوعی روشنی سے پاک ہو اور آسمان دھندلا نہ دکھائی دیتا ہو۔

    شہروں کی بڑی بڑی عمارتوں کی جگمگاتی روشنیوں میں تو یہ ہرگز نظر نہیں آئیں گی، لہٰذا بہتر ہے کہ یہ نظارہ دیکھنے کے لیے آپ شہر سے دور کسی ویران جگہ کا رخ کریں جہاں مصنوعی روشنیاں آنکھوں کو چندھیاتی نہ ہوں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • حکومت پر واجب الادا مقامی قرضوں میں ریکارڈ اضافہ

    حکومت پر واجب الادا مقامی قرضوں میں ریکارڈ اضافہ

    اسلام آباد: حکومت پر واجب الادا مقامی قرضوں میں ایک سال میں 11 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر مقامی قرضوں کا حجم ڈیڑھ سو کھرب سے زائد ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے لیے گئے غیر ملکی قرضوں میں اضافہ تو ایک طرف رہا، مقامی قرضے بھی ریکارڈ سطح پر آگئے۔

    اعداد وشمار کے مطابق حکومت کا مقامی بینکوں سے لیا گیا قرضہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصد زائد ہوگیا۔ جولائی 2017 کے اختتام تک مقامی قرضوں کا حجم 154 کھرب روپے تک جا پہنچا ہے۔

    صرف جولائی 2017 میں مقامی قرضوں میں 540 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق حکومت کے مقامی قرضوں میں سے 50 فیصد سے زائد طویل المدتی قرضے ہیں۔

    معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق مقامی بینکوں کے حکومت کو قرضہ دینے سے کاروبار اور عوام کے لیے قرضوں کا حصول مشکل ہوجاتا ہے۔ ملک پر واجب الادا قرضوں میں اضافے نے ملکی معیشت کے بارے میں خدشات میں اضافہ کردیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بھارت کی پہلی خواجہ سرا جج

    بھارت کی پہلی خواجہ سرا جج

    نئی دہلی: بھارتی شہر کلکتہ میں پہلی بار ایک خواجہ سرا کو عوامی عدالت کا جج مقرر کردیا گیا جس کے بعد وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خواجہ سرا بن گئیں۔

    مغربی بنگال میں قائم یہ عدالتیں جرگے یا پنچائیت کی طرز پر منعقد کی جاتی ہیں جن میں عموماً مقامی لڑائی جھگڑوں کے معاملات کا حل نکالا جاتا ہے۔ جویتا منڈل اس عدالت کی جج مقرر ہونے والی پہلی خواجہ سرا ہیں۔

    جویتا کو بچپن سے ہی بے انتہا مصائب کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں اسکول میں تضحیک کا نشانہ بنایا گیا، بعد میں ان کا نام اسکول سے خارج کردیا گیا۔

    بعد ازاں انہیں گھر سے بھی نکال دیا گیا جس کے بعد وہ سڑکوں پر بھی سوئیں اور بھیک بھی مانگی۔ اس کے بعد وہ ریاست اتر پردیش کے ایک چھوٹے سے قصبے اسلام پور چلی آئیں اور یہیں رہائش اختیار کرلی۔

    یہاں سے انہوں نے خواجہ سراؤں کی بہبود کے لیے ایک تنظیم ’دیناج پور کی روشنی‘ قائم کی جو اب تک 22 سو کے قریب خواجہ سراؤں کو مختلف اقسام کی ٹریننگز دلوا چکی ہے جو اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔

    دو سال قبل جویتا نے ویلفیئر کمیٹیوں کے ساتھ مل کر ایڈز کا شکار افراد کے لیے ایک علیحدہ رہائش گاہ بھی تیار کروائی اور یہیں سے وہ علاقے میں مشہور ہوگئیں۔

    مزید پڑھیں: خواجہ سراؤں کے لیے مفت تعلیم کا آغاز

    بعد ازاں ان کی ذہانت و خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں عوامی عدالت کا جج مقرر کردیا گیا۔

    جویتا کا کہنا ہے کہ عموماً وہ کوشش کرتی ہیں کہ فریقین کو آمنے سامنے بٹھا کر بات چیت سے مسئلے کا حل نکالیں۔ ان کے مطابق وہ مخالف فریقین کو بھی نرمی کا رویہ اختیار کرنے پر مجبور کرتی ہیں جس کے باعث قصور وار خود ہی اپنے غلطی کا اعتراف کرلیتا ہے۔

    گو کہ جویتا کو اس عدالت کا جج ان کی سماجی خدمات کی وجہ سے مقرر کیا گیا، تاہم اس عہدے پر کسی خواجہ سرا کا مقرر کیا جانا یقیناً ایک خوش آئند بات ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • آگ لگنے کے بعد آسمان پر قوس قزاح کے رنگ، ویڈیو وائرل

    آگ لگنے کے بعد آسمان پر قوس قزاح کے رنگ، ویڈیو وائرل

    تھائی لینڈ: برسات کے بعد تو آپ نے آسمان پر قوس قزاح کے رنگ بکھرتے دیکھے ہوں گے  تاہم تھائی لینڈ میں لگنے والی آگ کے بعد عجیب منظر دیکھنے میں آیا۔

    شمالی تھائی لینڈ میں واقع صوبے چیانگ کے ایک گھر میں آگ لگی جس کے بعد آسمان پر دھواں پھیل گیا، آگ کی اطلاع ملنے  پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے بجھانے کی کوشش کی تاہم کچھ دیر میں ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی آگ پر قابو پانے کے لیے پہنچیں۔

    ویڈیو دیکھنے کے لیے اسکرول کریں

    مبینہ طور پر حیران کن منظر اُس وقت دیکھنے میں آیا کہ جب آسمان پر جمع ہونے والے دھویں سے قوس قزاح کے رنگ جھلکنے لگے جسے دیکھ کر عوام بے حد حیران ہوئے۔مکینوں کی جانب سے اس منظر کی ویڈیو بنائی گئی اور اُسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔

    دیکھیں: کراچی: بارش کے بعد آسمان پر قوس قزح کے رنگ

    مورگن نامی شخص نے امریکی ویب سائٹ ڈیلی میل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کام میں مصروف تھے اسی دوران جب اچانک آسمان پر نظر پڑی تو دھویں سے قوس قزاح کے رنگ دکھائی دینے لگے جس کے بعد انہوں نے اس منظر کو اپنے موبائل میں محفوظ کیا۔

    ویڈیو دیکھیں


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کنگ خان سے ملاقات کی خواہش، سوشل میڈیا صارفین کینسر مریضہ کی آواز بن گئے

    کنگ خان سے ملاقات کی خواہش، سوشل میڈیا صارفین کینسر مریضہ کی آواز بن گئے

    ممبئی: کینسر کے مرض میں مبتلا کنگ خان کی مداح نے شاہ رخ خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین اُن کی مدد کے لیے کھڑے ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایک ایسا فورم ہے جہاں کوئی بھی صارف کسی بھی مشہور شخصیت کو با آسانی مخاطب کرکے اپنی خواہش سے آگاہ کرسکتا ہے۔

    لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے کنگ خان کی شہرت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں یہی وجہ ہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلاء خاتون مداح نے شاہ رخ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کردیا۔

    ارونا نے مارچ کے ماہ میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ کیا تھا کہ وہ شاہ رخ خان سے زیادہ اس دنیا میں کسی کو بھی نہیں چاہتیں، اگر کنگ خان اُن سے ملاقات کرلیں تو وہ ٹھیک ہوسکتی ہیں‘۔

    بعد ازاں انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کیا جس میں لکھا کہ ’میں گریجوٹ ڈاکٹر ہوں اور اپنے اہل خانہ ، دوستوں سے خوش گوار تعلقات ہیں مگر شاہ رخ سے ملاقات میری طاقت اور آخری خواہش ہے‘۔

    سوشل میڈیا پر ارونا کے ٹوئٹ کے بعد صارفین نے شاہ رخ سے اپیل کی کہ وہ اپنے سب سے بڑی مداح سے ملاقات کریں اس ضمن میں انہوں نے #SRKMeetsAruna کا ایک ہیش ٹیگ بھی شروع کیا اور مریضہ کا دل بہلانے کے لیے مختلف تصاویر بنا کر شیئر کیں۔

    صارفین کی کنگ خان سے اپیل


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • چوتھا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دیدی

    چوتھا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دیدی

    شارجہ: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شارجہ میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    پاکستان ٹیم نے 174 رنزکا ہدف39 اوورزمیں  3 وکٹوں پربا آسانی حاصل کیا، شعیب ملک اور بابراعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں، پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان17رنز بنا سکے جبکہ شعیب ملک اور بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 69- 69 رنز اسکور کیے۔

    اس سے قبل سری لنکن ٹیم پاکستانی بالرز کا سامنا نہ کرسکی اور پورے اوورز کھیلے بغیرہی 173 رنز پر ڈھیر ہوگئی، حسن علی نے تین، شاداب خان اور عماد وسیم نے 2،دو وکٹیں حاصل کیں۔

    سری لنکا ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، تھریمانے 62اسکور کے ساتھ نمایاں رہے، ون ڈے میں ڈیبیو کرنے والے پاکستانی کھلاڑی عثمان خان شنواری نے اپنے پہلے اووور میں ہی سری لنکا کی بڑی وکٹ اپنے نام کی۔

    انہوں نے سری لنکن کپتان اپل تھرنگا کو کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین بھیج دیا، تھریمانے کے علاوہ کوئی سری لنکن کھلاڑی پاکستانی بالرز کے آگے جم کر نہ کھیل سکا، سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3اوورز میں 173رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

    یاد رہے کہ سری لنکا کے ساتھ پاکستان کو مذکورہ 5 میچوں کی سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی  ہے۔

    چوتھے ون ڈے کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں، رومان رئیس اور فہیم اشرف کی جگہ عثمان شنواری اور عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیاتھا۔

    ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کھلاڑیوں نے ون ڈے سیریز میں زبردست کم بیک کیا ہے اور تینوں میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مسلسل 7 ون ڈے میچز میں کامیابی حاصل کر چکی ہے جبکہ سری لنکا کو مسلسل 10 ون ڈے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ‘انضمام کا بھانجا ہونا میرا قصور نہیں، خراب کھیل پر تنقید کریں’

    ‘انضمام کا بھانجا ہونا میرا قصور نہیں، خراب کھیل پر تنقید کریں’

    انٹرویو : شاہد ہاشمی

    شارجہ: پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا جس کا جواب میں نے اپنی کارکردگی سے دیا، انضمام کا بھانجا ہونا میرا قصور نہیں، اگر میں اچھا کھیل پیش نہ کروں تو لوگوں کو مجھ پر تنقید کا حق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈی سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے امام الحق نظر کمزور ہونے کے باوجود اچھی کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور وہ اس بات کا ثبوت وہ اپنے میچ میں عمدہ کھیل کے ذریعے دے چکے ہیں۔

    پڑھیں: امام الحق کی سلیکشن اچھی کارکردگی پر کی گئی، انضمام الحق

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ خصوصی شاہد ہاشمی نے امام الحق سے تفصیلی انٹرویو کیا جو آپ کی خدمت میں پیش ہے۔

    سوال: انضمام الحق کا کردار آپ کے کیرئیر پر کس طرح اثر انداز ہورہا ہے؟

    جواب: اس میں کوئی شک نہیں کہ انضمام بہت بڑے کھلاڑی ہیں، مجھے جب بھی کرکٹ کے حوالے سے کوئی مشکلات پیش آئیں تو اُن سے مدد لی اور انہوں نے مجھے اپنی خامیوں پر قابو پانے کے لیے تراکیب بھی بتائیں تاہم انضمام نے محنت سے اپنے آپ کو منوانے کا طریقہ سکھایا جس پر عمل کرتے ہوئے میں یہاں تک پہنچا۔

    سوال: سلیکشن پر تنقید کے باوجود سنچری اسکور کی، کیا سمجھتے ہیں یہ سینچری دباؤ سے نکال دے گی؟

    جواب: سیلکشن پر تنقید میرے لیے کوئی نئی بات نہیں کیونکہ میں ایک ایسی فیملی سے تعلق رکھتا ہوں جہاں اپنی صلاحیتیں منوانے کا سبق سکھایا جاتا ہے، میں جونیئر ورلڈکپ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کرچکا ہوں اور ماضی کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

    تنقید کرنے والوں کا احترام کرتا ہوں تاہم ایسے افراد سے یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ اگر میں پرفارم نہ کروں تو آپ مجھ پر کھل کر تنقید کریں، میں ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی سے ناقدین کو جواب دوں گا۔

    سوال: جب آپ کا کوئی رشتے دار کرکٹ کی تاریخ کا بڑا نام ہو تو اپنی علیحدہ شناخت بنانا مشکل ہوتا ہے، آپ اپنی شناخت کس طرح بنائیں گے؟

    جواب: اگر میں انضمام کا بھانجا ہوں تو اس میں میری کوئی غلطی نہیں، میں اپنی کارکردگی پر توجہ دوں گا اور عمدہ کھیل پیش کر کے ہی شناخت بنواؤں گا، گراؤنڈ میں کھلاڑی ناکام بھی ہوتے ہیں تو یہ میرے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

    سوال: اگر آپ 89 رنز پر آؤٹ ہوجاتے تو کیا جذبات ہوتے؟

    جواب: یقیناً بہت برے جذبات ہوتے کیونکہ یہ میرا پہلا میچ تھا اور مجھے اپنے آپ منوانا تھا، مجھے معلوم تھا کہ رن لینا مشکل ہوسکتا ہے مگر سرفراز نے بھاگنے کا اشارہ دے دیا تھا۔

    سوال: آپ نے پہلے میچ (ڈیبیو) میں سنچری اسکور کی تو اہم سنگ میل عبور کرنے پر کیا جذبات تھے؟

    جواب: حقیقتاً مجھے اس بات کا علم نہیں تھا کہ میں پہلے میچ میں سنچری اسکور کرنے والا دوسرا کھلاڑی ہوں، کپتان ، ٹیم اور پوری قوم نے مبارک باد کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا جو میرے لیے بہت فخر کی بات ہے۔

    سوال: حفیظ آپ کے ساتھ کریز پر موجود تھے، انہوں نے سنچری بنانے میں کس طرح مدد فراہم کی؟

    جواب: میں اپنی سنچری کا کریڈٹ حفیظ کو دوں گا اور اُن کا شکریہ کیونکہ وہ مجھے مسلسل غلط شارٹ کھیلنے سے روک رہے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ اگر غلط شارٹ کھیلنے کی وجہ سے آؤٹ ہوئے تو بہت ماروں گا، محمد حفیظ نے یہ بھی کہا کہ اگر تم 100 رن مکمل کرو گے تو یہ میرے لیے بہت خوشی کی بات ہوگی۔

    سوال : کس کھلاڑی سے متاثر ہیں؟

    جواب: مجھے یونس خان اور شعیب ملک بہت پسند ہیں کیونکہ یونس بہت زیادہ محنتی اور مضبوط کھلاڑی جبکہ شعیب ملک گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کی مدد زیادہ کرتے ہیں، دونوں کھلاڑیوں سے بہت کچھ سیکھا۔

    سوال: انڈر 19 کا کھیل کام آرہا ہے؟

    جواب: جی ہاں! کیونکہ جب میرا قومی ٹیم میں انتخاب ہوا تو اُس کے بعد شدید تنقید کی گئی جس کی وجہ سے میں بہت دباؤ میں تھا تاہم مسلسل پریکٹس اور گراؤنڈ میں جاکر کھیلنے کے تجربے کی بنیاد پر پہلے میچ میں اچھا کھیل پیش کیا، مجھے اُس وقت سکون ملا جب تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ نے حوصلہ افزائی کی۔

    سوال: گھر میں کون زیادہ سپورٹ کرتا ہے؟

    جواب: مجھے کرکٹ سے لگاؤ بچپن ہی سے تھا جس کو دیکھتے ہوئے والد نے اسکول کے دور سے ہی مجھے سپورٹ کیا تاہم والدہ کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی تھیں۔

    واضح رہے کہ امام الحق کو نظر کمزور ہونے کے باوجود ٹیم قومی ٹیم میں منتخب کیا گیا جس پر کھلاڑیوں اور کرکٹ مداحوں نے بے حد تنقید کی تاہم ابھرتے ہوئے بلے باز نے تمام اندازے غلط ثابت کرتے ہوئے اپنے پہلے ہی میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ناقدین کو خاموش رہنے پر مجبور کردیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔