Tag: اےآر وائی نیوز

  • دبئی ٹیسٹ:سری لنکا57رنز پرآج اننگز دوبارہ شروع کریگا

    دبئی ٹیسٹ:سری لنکا57رنز پرآج اننگز دوبارہ شروع کریگا

    دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، قومی ٹیم ایک سو پیسنٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے ایک وکٹ پر ستاون رنزبنالئے۔

    دبئی ٹیسٹ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا احمد شہزاد صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حفیظ بھی اچھی فارم کا فائدہ نہ اٹھاسکے اور اکیس رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

    پہلے ٹیسٹ کے سینچری میکرز یونس خان اور مصباح الحق اس با رفیل ہوئے، خرم منظور کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا، خرم تہتر رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، قومی ٹیم ایک سو پینسٹھ رنز پر پویلین لوٹ گئی، پاکستان ٹیم کے سات بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    ہیراتھ اور نوان پرادیپ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، سری لنکا نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، سری لنکا کی پہلی وکٹ چالیس رنز پر گری، جب اوپنر کرونارتنے جنید خان کو وکٹ دے بیٹھے، پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر ستاون رنز بنالئے تھے، مہمان ٹیم کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید ایک سو آٹھ رنز درکار ہے۔

  • سال2013:بینکس ڈپازٹس میں13فیصد کاغیرمعمولی اضافہ

    سال2013:بینکس ڈپازٹس میں13فیصد کاغیرمعمولی اضافہ

    سال دو ہزار تیرہ کے اختتام پر کمرشل بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم سترکھرب پچاس ارب روپے ہوگیاہے. بینکنگ سیکٹر کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال کے اختتام پر بینکوں کے ڈپازٹس میں تیرہ فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    بینکوں کے ڈپازٹس میں اضافے کی وجہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے صارفین کو زیادہ منافع دینے کی شرط ہے ۔زیر غور عرصے میں بینکوں کی جانب سے سرمایہ کاری کاحجم پانچ فیصد اضافے کے ساتھ چالیس کھرب سات ارب روپے رہا۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق افراط زر کو قابو میں رکھنے کیلئے اسٹیٹ بینک شرح سود میں اضافے کرئے گا جو کہ بینکوں کی ڈپازٹس میں اضافے کا باعث بنے گا۔

     

  • مشرف رواں ماہ کے آخرمیں بیرون ملک جاسکتے ہیں، امریکی میڈیا

    مشرف رواں ماہ کے آخرمیں بیرون ملک جاسکتے ہیں، امریکی میڈیا

    امریکی میڈیا کا سابق صدرپرویز مشرف کے قریبی عزیزوں کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ علاج کی غرض سے رواں ماہ کے آخر تک بیرون ملک جا سکتے ہیں۔

    امریکا میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف علاج کے لئے بیرون ملک جاسکتے ہیں، پرویز مشرف کے قریبی عزیزوں کا کہنا ہے کہ وہ بیمار ہیں اور انہیں علاج کی غرض سے رواں مہینے کے آخر تک بیرون ملک منتقل کیا جا سکتا ہے تاہم مشرف علاج کے لئے کہاں جائیں گے، اس بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی۔

    اعلی سیکورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ سابق صدر کا ملک سے باہر چلے جانا، ملک اور خود ان کے لئے اچھا ہوگا، مشرف کو آرٹیکل چھ کے مقدمے سمیت دیگر مقدمات کا سامنا ہے۔

    خصوصی عدالت نے مشرف کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، انہیں علالت کے باعث ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ تاحال زیرعلاج ہیں۔
           

  • امریکہ:کمپیوٹرالیکٹرونکس شو2014، 105انچ کی ٹی وی اسکرین کی نمائش

    امریکہ:کمپیوٹرالیکٹرونکس شو2014، 105انچ کی ٹی وی اسکرین کی نمائش

    اسمارٹ ٹی وی اور گاڑی کو کنٹرول کرنے والے گیجیٹس کی نمائش کیلئے امریکا میں کمپیوٹر الیکٹرونکس شو دوہزار چودہ سجایا گیا، ایک سو پانچ انچ کی لچک دار ٹی وی اسکرین نے صارفین کو حیران کردیا۔

    نمائش میں شامل جدید ٹی وی، اسمارٹ گھڑیاں اور انٹرنیٹ سے جڑی گھریلو استعمال کی اشیا سب کی توجہ کا مرکز ہیں، امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والی نمائش میں ایک سو پانچ انچ کا لچکدار ٹی وی متعارف کروایا گیا ہے، جسے جب چاہیں فلیٹ یا کرووڈ ٹی وی بنایا جاسکتا ہے۔

    اس کے علاوہ نمائش اسمارٹ فون گھڑیاں، انٹرنیٹ سے جڑے فریج ،اوون اور دیگر گھریلو استعمال کے الیکٹرونک آئٹمز اور شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی کے ساتھ ہزاروں جدید اشیاء رکھی گئی ہیں، جدت سے بھرپور دنیا کا یہ سب سے بڑا ’کمپیوٹر الیکٹرونکس شو2014‘ چار روز تک جاری رہے گا۔
     

  • الطاف حسین پرویز مشرف کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں،میاں محمود الرشید

    الطاف حسین پرویز مشرف کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں،میاں محمود الرشید

    پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ الطاف حسین جو زبان استعمال کررہے ہیں، کوئی محب وطن ایسا نہیں کہہ سکتا، وہ اسطرح کی باتیں کرکے پرویز مشرف کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔

    لاہور میں مجسٹریٹ کے جرمانے کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہونے والے مزدور کے اہلخانہ سے تعزیت کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے بیان کی پوری پنجاب اسمبلی مذمت کرے گی، الطاف حسین کو اُس وقت مسائل کیوں یاد نہیں آئے جب وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ حکومت کے مزے لوٹ رہے تھے۔

    آج سندھ ون اور سندھ ٹو کیوں یاد آرہا ہے، ایسے حالات میں اس طرح کی باتیں پاکستان کونقصان پہچانے کی سازش ہے، میاں محمود الرشید نے کہا کہ شہباز شریف صرف میڈیا پر ڈرامے کرنا جانتا ہے ، وہ غریب عوام کےلیے کچھ نہیں کرسکتا، آج تک غربت اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کےلیے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔

    شہباز شریف اور انکی ٹیم رزق حلال کمانے والوں کے گلے پر چھری پھیر رہی ہے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالا جاتا، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایک پالک فروش کو پانچ ہزار جرمانہ کیا گیا۔ اسے دل کا دورہ پڑا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    خیبر پختون خواہ میں پنجاب سے بہتر حالات ہیں، آئندہ چھ ماہ میں لوگ کے پی کے میں انقلاب محسوس کرینگے، ہیلی کاپٹر پر گھومنے والے مہنگائی کنٹرول نہیں کرسکتے انہیں صرف ہوائی سیر سپاٹوں کا شوق ہے۔

  • پرویزمشرف کو نوازشریف کی طرح سے ہی راستہ دیا جائیگا،منظوروٹو

    پرویزمشرف کو نوازشریف کی طرح سے ہی راستہ دیا جائیگا،منظوروٹو

    پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو بھی ایسے ہی راستہ دیا جائے گا جیسے نواز شریف کو دیا گیا تھا، قیاس آرائیاں یہیں ہیں کہ سعودی وزیر خارجہ کی آمد مشرف کے حوالے سے ہی ہے۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں منظور وٹو نے کہا کہ وہ چودھری شجاعت کے اس بیان کی حمایت کرتے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پرویز مشرف کے ساتھ جنرل کیانی، جسٹس افتخار سمیت دیگر شخصیات کا بھی ٹرائل کیا جانا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکومت پہلے ہی راہ فرار اختیار کررہی تھی، افسوس ناک بات ہے کہ آمریت کے دور میں بلدیاتی انتخابات ہوئے لیکن سول دور میں ایسا نہیں ہوا، میاں منظور وٹو نے واضح کیا کہ آصف علی زرداری نیب عدالت میں پیش ہونگے۔

    پنجاب کے کارکن بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے منتظر ہیں، سندھ کی تقسیم کے حوالے سے الطاف حسین کےبیانات کو مسترد کرتے ہیں، وہ بادشاہ آدمی ہیں، وہ پرویز مشرف کے ٹرائل سے ناراض ہیں۔

     

  • ایشیا کپ:پاکستانی ٹیم کا بنگلہ دیش جانا درست نہیں

    ایشیا کپ:پاکستانی ٹیم کا بنگلہ دیش جانا درست نہیں

    بنگلہ دیش میں آئندہ ماہ ایشیا کپ اورمارچ میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی شیڈول ہے۔ لیکن وہاں کے خراب حالات اور پاکستان مخالف جذبات کو دیکھتے ہوئے قومی ٹیم کا بنگلہ دیش جانا کسی خطرے سے کم نہیں۔ بنگلہ دیش میں گزشتہ دنوں پاکستانی قونصل خانے کا گھیراؤ بھی کیا گیا۔

    اب تک ہونے والے پرتشدد واقعات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دہشت گر د واقعات اور بم دھماکوں کے سبب ویسٹ انڈیز پہلے ہی اپنی انڈر نائنٹین ٹیم بنگلہ دیش سے واپس بلاچکا ہے۔ اب تو بنگلہ دیش کے ڈومیسٹک ایونٹ بھی سیکیورٹی وجوہات کے سبب منسوخ ہوچکے ہیں۔

    ایسی صورتحال میں پاکستان کا بنگلہ دیش جانا درست نہیں ہوگا۔ ایسے میں ایشین کرکٹ کونسل کا ایونٹ کو بنگلہ دیش سے منتقل نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ آئی سی سی کے سابق سربراہ احسان مانی نے پی سی بی کو ایشیا کپ سے دستبردار ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا مناسب نہیں ہوگا۔ دوسری جانب دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش بھیجنے کے حوالے سے پی سی بی نے کوئی رابطہ نہیں کیا، بنگلہ دیش کے حوالے سے پی سی بی نے مشورہ کیا تو فیصلہ کریں گے۔

     

  • ارجنٹائن:ڈاکار ریلی کا دوسرا مرحلہ فرانس نے جیت لیا

    ارجنٹائن:ڈاکار ریلی کا دوسرا مرحلہ فرانس نے جیت لیا

    ارجنٹائن ڈاکار ریلی کا دوسرا مرحلہ فرانس کے اسٹیون پیٹرہینسل نے جیت لیا۔ فرانسیسی ڈرائیور کو ریس میں مجموعی برتری حاصل ہے۔ سین لوئس سے سین ریفل تک کار ریلی کا دوسرا مرحلہ چار سو تینتیس کلو میٹر پرمشتمل تھا۔ ڈرائیورز کو اونچے نیچے راستوں میں دشواری کا سامنا رہا۔

    دفاعی چیمپئین فرانس کے اسٹیون پیٹرہینسل نے گاڑی پر کنٹرول برقرار رکھا اور تمام ڈرائیورزکو پیچھے چھوڑتے ہوئے مقررہ فاصلہ تین گھنٹے باون منٹ اور پانچ سیکنڈز میں سب سے پہلے طے کیا۔ اسپین کے کارلوس سینز دوسرے نمبر پر رہے۔

    فرانسیسی ڈرائیور کو ریس میں مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ موٹربائیک ریس میں برطانیہ کے سیم سدر لینڈ نے میدان مارلیا۔ برطانوی رائڈر تین گھنٹے بیالیس منٹ اور دس سیکنڈز کے ساتھ دوسرے مرحلے کے فاتح رائڈر رہے۔

     

  • چوالیس سال سے کھیلاجانیوالاون ڈے کرکٹ تاریخ کے آئینے میں

    چوالیس سال سے کھیلاجانیوالاون ڈے کرکٹ تاریخ کے آئینے میں

    آزمائشی طورپرشروع ہونے والی ایک روزہ کرکٹ کے آغاز کو چوالیس سال بیت گئے۔ون ڈے کرکٹ میں اب تک تین ہزارچار سو ستاون ون ڈے میچزکھیلےجاچکے ہیں۔ کرکٹ کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔ جینٹل مین گیم کی ابتدا برطانیہ سے ہوئی لیکن اس وقت تک اس کھیل سے گورے ہی واقف تھے۔

    وقت بدلتا گیا۔ کھیل میں جدت آتی رہی اور پھر کرکٹ دنیا بھر میں کھیلی جانے لگی،اس کھیل کے شیدائی بڑھ گئے اور پھرفٹبال کے بعد یہ دنیا کا سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا کھیل بن گیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کے بعد پانچ جنوری انیس سواکہتر کو ایک روزہ کرکٹ کا آزمائشی طور پرانعقاد ہوا جس کو شائقین کرکٹ نے دنیا بھر میں عالمی سطح کی اونچائیو ں پر پہنچا دیا۔

    ون ڈےکرکٹ کی روزافزاں مقبولیت کا یہ عالم ہوا کہ چوالیس سال کے دوران اس طرز کی کرکٹ کے دس عالمی کپ منعقد ہوچکےہیں، دنیاکی پچیس ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر تین ہزارچارسوباون ون ڈے میچزکھیلے جاچکے ہیں۔بھارتی ٹیم نے سب سے زیادہ آٹھ سوچوالیس ایک روزہ میچزکھیلے پاکستان نے آٹھ سوبارہ ایک روزہ میچز میں چارسوچونتیس کامیابیاں سمیٹیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان نے کئی کارنامے بھی انجام دیئے۔

    عمران خان کی قیادت میں انیس سو بانوے میں عالمی کپ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے عظیم بولرز پیدا کئے اور ون ڈے میں کئی منفرد ریکارڈز آج بھی پاکستان ہی کے پاس ہیں۔

     

  • اسپینش لالیگا فٹبال لیگ:ریال میڈرڈ نے سیلٹا ڈی ویگو کوشکست دیدی

    اسپینش لالیگا فٹبال لیگ:ریال میڈرڈ نے سیلٹا ڈی ویگو کوشکست دیدی

    اسپینش لالیگا لیگ میں ریال میڈرڈ نے سیلٹا ڈی ویگو کو تین صفر سے شکست دے دی۔ اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے کیرئیر میں گولز کی چار سینچریاں مکمل کرلیں۔ برناباؤ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

    دوسرے ہاف میں ریال میڈرڈ نے سرسٹویں منٹ میں بینزیما کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ بیاسویں منٹ میں پرتگال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے گول کرکے ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔

    میچ کے آخری لمحات میں رونالڈو نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو تین صفر سے جیت دلادی۔ حریف ٹیم میچ میں کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے کیرئیر میں گولز کی چار سینچریاں مکمل کرلی ہیں۔

    لالیگا لیگ میں ریال میڈرڈ کی ٹیم چوالیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ بارسلونا کی ٹیم انچاس پوائنٹس کے ساتھ لیڈ کررہی ہے۔