Tag: اےآر وائی نیوز

  • پھلوں، سبزیوں، چاول اورسمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ

    پھلوں، سبزیوں، چاول اورسمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ

    رواں مالی سال 2013-14ء کے 5 ماہ(جولائی تا نومبر 2013ء )کے دوران پھلوں، سبزیوں، چاول اور سمندری خوراک کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس)کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے نومبر 2013ء کے دوران چاول کی برآمدات 17.76فیصد اضافہ کے ساتھ 68 کروڑ 17 لاکھ ڈالر مالیت رہی جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 57 کروڑ 89لاکھ ڈالر رہی تھی ۔

    مالی سال کے 5 ماہ کے دوران سمندری خوراک کی برآمدات 14 کروڑ 61 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی جو گذشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 12 کروڑ 63 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں 12 فیصد زائد ہے، مذکورہ بالا عرصہ کے دوران گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 39 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

     

  • ٹریکٹروں کی پیداوار اور فروخت میں نمایاں اضافہ

    ٹریکٹروں کی پیداوار اور فروخت میں نمایاں اضافہ

    رواں سال 2013ء میں ماہ نومبرکے دوران ٹریکٹروں کی پیداوار اور فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹو پارٹس اینڈ مینوفیکچرز کے اعدادوشمارکے مطابق  ٹریکٹرتیارکرنے والی دو بڑی کمپنیوں کی نومبر2013ء کے دوران پیداوار بالترتیب 3 ہزار720 اور 4 ہزار 319 یونٹس رہی جوگزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 3 ہزار 210اور 3 ہزار 292 یونٹس تھی، حکام کے مطابق نومبر 2013ء کے دوران ٹریکٹروں کی فروخت دو ہزار 58 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

     

  • مشرف کو سزا دینے سے جمہور کی حکمرانی کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوگا ؟

    مشرف کو سزا دینے سے جمہور کی حکمرانی کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوگا ؟

    تحریر: سید فواد رضا

    جذباتی مزاج کی حامل پاکستانی قوم جو کہ جمہوریت کی سب سے بڑی دعویدار ہے آج کل اپنی تاریخ کے اہم ترین موڑ سے گزر رہی ہےاور یہ ایک ایسا موقع ہے کہ جب اس قوم نے ایک عہد ساز فیصلہ کر کے اپنے مستقبل کی سمت کا تعین کرنا ہے اور یہ فیصلہ ہے سابق صدر مملکت جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے مستقبل کا، انکے خلاف ایک خصوصی عدالت کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے اور اس عدالت نے سابق صدر پر فرد ِ جرم عائد کرنے کے لئے انکے عدالت میں طلب کر رکھا تھا اور انتہائی سخت الفاظ میں فیصلہ سنا چکی تھی کہ اگر آج وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو انکی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردئے جائیں گے لیکن ہوا کچھ یوں کہ پرویز مشرف  چک شہزاد میں واقع اپنے فارم ہاوٗس سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں عدالت کے لئے روانہ تو ہوئے لیکن پہنچ گئے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی۔

    یہ خبر نشر ہونا تھی کہ سرد موسم میں اسلام آباد کا سیاسی ماحول یکدم گرم ہوگیا انکے حامی اور مخالف دونوں ہی میدان میں اتر آئے اور ان میں سب سے زیادہ متحرک نظرآئے بلاول بھٹو جنہوں نے ٹویٹر پر پیغامات کی بھرمار کردی یہ تک کہہ دیا کہ نجانے بزدل مشرف نے بہادر فوج کی وردی کیسے پہنی ہوگی؟  اسکے بعد پیپلز پارٹی کے قمرالزمان کائرہ اس بیان کی تردید کرتے نطر آئے۔

    کور کمانڈرز کی میٹنگ بھی ہوئی  اورحجاز ِمقدس کے وزیرِ خارجہ سعود الفیصل بھی پاکستان تشریف لا رہے ہیں تو گویا افواہوں کا ایک طوفان گرم ہوگیا ہر کوئی اپنی ذہنی استعطاعت کی مطابق قیاس آرائیاں کرنے لگا کہ یہ ہونے والا ہے اور وہ ہونے والا ہے ، سونے پر سہاگہ ایک اور خبر سنی کہ صہبا مشرف پہلی دستیاب پرواز سے لندن روانہ ہوجائیں گی اس خبر نے تو گویا پچھلی تمام خبروں پر تصدیق کی مہر ثبت کردی اور پرویز مشرف کے مخالفین یہ سمجھنے لگے کہ اب تو بس مشرف گئے ہاتھ سے لیکن پھر ایک اور بیان آیا چوہدری شجاعت حسین کا جس میں انہوں نے کہا کہ انکی ڈاکٹر کیانی سے بات ہوئی ہے اور انکے مطابق پرویز مشرف کو علاج کے لئے بیرون ِ ملک جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

       لیجئے جی ! بات وہیں پر آگئی جہاں سے شروع ہوئی تھی اب مشرف باہر جائیں گے یا نہیں؟ انکو سزا ہوگی یا نہیں ؟ یہ دونوں سوال ابھی بھی اپنی جگہ قائم ہیں اور انکا جواب تو بس آنے والا وقت ہی دے سکتا ہے یا وہ مقتدر افراد کے جنکے ہاتھوں میں اس ملک کے عوام کی تقدیر یک جنبش ِ قلم سے بدل دینے کا اختیار ہے لیکن میرا آج کا موضوع پرویز مشرف نہیں بلکہ آمریت ہے وہ آمریت جسکے خلاف آج اس ملک کا ہر طبقہ فکر صف بندی کئے ہوئے ہے  اور ان سرفروشان ِ جمہوریت کا پورا زور صرف اس بات پر صرف ہورہا ہے کہ  اب کوئی طالع آزما اقتدار پر قابض نا ہوپائے۔

    لیکن سوال تو یہ ہے کہ کیا ہم نے اس ملک کی تقدیر حقیقتاً جمہوری  نمائندوں کو سونپ دی ہے ؟

    تاریخ کا طالب علم ہونے کی حیثیت سے جمہوریت کی جو سب سے بہترین تشریح میری نظر سے گزری وہ کچھ اس طرح ہے کہ عوام کی عوام پر عوام کے لیے عوام کی جانب سے دیئے گئے اختیار کو جمہوریت کہتے ہیں، لیکن ہمارے ملک کا منظر نامہ کچھ اسطرح ہے کہ نا تو عوام کی حکمرانی ہے اور نا ہی عوام کی حالتِ زار کے لئےکوئی بہتری کی امید، چند گنے چنے چہرے ہیں جو بار بار ایوانِ اقتدارپر براجمان ہیں اور اب کیونکہ وہ چہرے بزرگی کی جانب مائل ہیں تو انہوں نے اپنے سیاسی گدی نشین بھی میدان میں اتار دیئے ہیں جو کہ مستقبل میں اس قوم کی قیادت کا اہم ترین فریضہ انجام دیں گے۔

     ہر پانچ سال بعد الیکشن ہونگے یکے بعد دیگرے پارٹیاں اپنی باری لیں گی اور نظام چلتا رہے گا لیکن کب تک؟ اس وقت تک جب تک ایک عام سیاسی کارکن جو کہ ہر جلسے میں سب سے آگے نعرے بازی کرتا ہے اپنے لیڈر کے لئے جذباتی سیاسی بحثیں کرتا ہے بم دھماکوں اور گولیوں کی بوچھار میں سینہ سپر رہتا ہے لیکن یہ بات نہیں سمجھ پاتا کہ اگر اسکے قائد کا جواں سال بیٹا یا بیٹی وزارت کا امیدوار ہوسکتا ہے تو وہ خود کیوں امیدوار نہیں ہوسکتا۔

    کیا ایم این اے ، ایم پی اے کی کرسیاں صرف مخصوص خاندانوں کے لے ہی مخصوص رہیں گی ایک عام سیاسی کارکن کیوں ان کرسیوں پر بیٹھ کر ملک و قوم کی قسمت کا فیصلہ کرسکتا ؟ پرویزمشرف اگرآئین و قانون کے مجرم ہیں تو انکو سزا ضرور دینی چائیے لیکن اس سے پہلے ہمیں ایک تلخ فیصلہ کرنا پڑے گا اور وہ یہ کہ صرف فوجی آمر کو سزا نہیں دینی بلکہ ہر وہ شخص سزا کا سزاوار ہے جو جمہوریت کا لبادہ اوڑھے جمہور کے حقوق پر شب خون مارتا آیا ہے اور یقین کیجئے کہ عوام کے حق میں یہ تاریخ ساز فیصلہ ان افراد میں سے کوئی بھی نہیں کرے گا جنکے ہاتھ میں اس وقت کی قوم کی تقدیر ہے ، عوام کو اپنی تقدیر کا یہ تاریخ ساز فیصلہ خود ہی کرنے ہوگا ورنہ تاریخ اس قوم کے بارے میں جو فیصلہ کرے گی اسے بیان کرنے کی قلم میں تاب نہیں۔

    وطن کی فکر کر ناداں مصیبت آنے والی ہے
    تری بربادیوں  کے مشورے ہیں آسمانوں میں

     

  • صحافی کے قتل کیخلاف سانگھڑ میں صحافیوں وسیاسی تنظیموں کی ریلی

    صحافی کے قتل کیخلاف سانگھڑ میں صحافیوں وسیاسی تنظیموں کی ریلی

    لاڑکانہ میں سینیئر صحافی شان ڈہر کے قتل کے خلاف سانگھڑ میں صحافیوں سیاسی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے شاہ مردان شاہ پریس کلب سے سول ہسپتال چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے سینئر صحافی شان ڈہر کے قاتلوں کی گرفتاری اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سخت نعرے بازی کی

    ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ فنکشنل کے تعلقہ صدرالله بچایو نظامانی ،پیپلزپارٹی کے اقبال یوسف زئی،متحدہ قومی موومنٹ کے ممبر زونل کمیٹی اختر مغل،سول سوسائٹی کے علی شیر ڈاہری،پریس کلب کے جنرل سیکریٹری الیاس انجم،اور پریس کلب کے صدر لالہ قادر سریوال نے شان ڈہر کے بہمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری اورمقتول صحافی کے ورثاء کی مالی معاونت اور صحافیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا

  • کشکول توڑنے کیلئے ایک قوم بننا پڑے گا,چودھری محمد سرور

    کشکول توڑنے کیلئے ایک قوم بننا پڑے گا,چودھری محمد سرور

    گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم سمیت کئی قومی معاملات سیاست کا شکار ہیں، کشکول توڑنے کیلئے ایک قوم بننا پڑے گا۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں، یہی بنیادی جمہوریت ہے، بدقسمتی سے کچھ قومی معاملات سیاست کا شکار ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایران نے گیس پائپ لائن کو اپنے ملک میں مکمل کرلیا ہے لیکن پاکستان میں یہ منصوبہ الجھا ہوا ہے، کشکول توڑنے اور آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کے لیے پہلے ہمیں ایک قوم بننا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک سیلاب، زلزلے اور صاف پانی کے منصوبوں کے فنڈز ہڑپ کئے جاتے رہیں گے ۔

    کوئی ہم پر اعتماد نہیں کریگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مغرب کا پاکستان میں اقلیتی حقوق سے متعلق نظریہ غلط فہمی کا شکار ہے، کرسمس کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، آئندہ ہولی کی تقریب بھی ادھر ہی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس اور محکمہ تعلیم کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، وزیر اعلی پنجاب سے میری مکمل ہم ہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یونیورسٹیوں کے نئے کیمپس بننے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مخالف نہیں ہیں۔

  • لاہور:واپڈا ملازمین کا مہنگائی، بیروزگاری،نجکاری کیخلاف مظاہرہ

    لاہور:واپڈا ملازمین کا مہنگائی، بیروزگاری،نجکاری کیخلاف مظاہرہ

    لاہور میں واپڈا ملازمین نے مہنگائی، بیروزگاری، بجلی گیس کی بندش اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ واپڈا پیغام یونین کی کال پر ہونےوالے احتجاجی مظاہرے کے بعد لاہور پریس کلب کے سامنے دھرنا بھی دیا گیا۔

    شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کیخلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پیغام یونین احسان احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی کئی قومی اداروں کی نجکاری کی گئی ،جس سے ہزاروں ملازمین بیروزگار ہوئے۔

    مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ بنیادی اشیاءبھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے بجائے اِن کی اصلاح کی جائے تاکہ مزید ملازمین کوبیروز گار ہونے سے بچایا جا سکے۔

     

  • ابو ظہبی ٹیسٹ:پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو تراسی رنز بناکرآؤٹ

    ابو ظہبی ٹیسٹ:پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو تراسی رنز بناکرآؤٹ

    ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو تراسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یونس خان اور مصباح الحق کی سینچریوں کی بدولت قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں سری لنکا پر ایک سو اناسی رنز کی برتری حاصل کرلی۔ ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکن بولرز نےبھرپور کم بیک کیا۔

    پاکستان کے آخری چھ کھلاڑی اسکور میں صرف چھپن رنز کا اضافہ کرسکے۔ تین سو ستائیس رنز چارکھلاڑی آؤٹ پر پاکستان نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق زیادہ دیر تک حریف بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکے اور تیرہ رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔

    عدنان اکمل بھی ٹیم کے لئے کچھ نہ کرسکے اور چھ رنزبناکر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ سعید اجمل اور راحت علی نے بھی ہتھیار ڈال دیئے. پاکستانی کپتان مصباح الحق ایک سو پینتیس رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

    سری لنکا کی پہلی اننگز کے اسکور دو سو چار رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم تین سو تراسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یونس خان اور مصباح کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ایک سو نواسی رنز کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔

     

  • کے پی کے حکومت نے ایوب میڈ یکل کالج میں غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا

    کے پی کے حکومت نے ایوب میڈ یکل کالج میں غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا

    خیبر پختو نخواہ حکومت نے صوبہ کے دوسرے بڑے ایوب میڈ یکل کالج ایبٹ آباد میں ہونے والی مالی بے ضا بطگیوں، اورضا بطہ سے ہٹ کر ہونے والی غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا، حکومت نے صوبائی ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور انٹی کرپشن کو پندرہ روز کے اندر تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا

    آج سے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ایوب میڈ یکل کالج میں گزشتہ کہیں سالوں سے پرو فیسرزکو غیر قانو نی طور پر گریڈ اٹھارہ سے بیس میں ترقی دی گئی جبکہ وہ اس کی اہلیت ہی نہیں رکھتے تھےاور ان پرو فیسرز کی جانب سے بیسک سائنس الاؤنس بھی و صول کیا جا تا رہا جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے.

    خیبر پختو نخواہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دو رکنی کمیٹی ڈاکٹر زمان آفریدی اور ڈاکٹر محمود عالم کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ انٹی کرپشن نے بھی اپنی تحقیقات شروع کردی ہیں

    ایوب میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل پر وفیسر ڈاکٹرعبدالرشید، وائس پرنسپل ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عبدالواحد،پروفیسرڈاکٹرارم عباس، پروفیسرڈاکٹرمعراج اللہ، پر وفیسر ڈاکٹردلاور خان، پرو فیسرڈاکٹرشمشیرعلی خان و دیگر کیخلاف مالی بے ضا بطگیوں اور غیر قانونی پروموشنز کا الزام ہے-

    جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے اور تاحال ان تمام افراد نے حاصل کردہ غیر قانونی الاؤنس سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروایا۔

     

  • لاہور:ینگ ڈاکٹرز کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری،نعرے بازی

    لاہور:ینگ ڈاکٹرز کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری،نعرے بازی

    لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ینگ ڈاکٹرز نے سروس اسٹرکچر کیلئے دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا اور ریلی بھی نکالی۔ ینگ ڈاکٹرز سروس اسٹرکچر کے حصول کیلئے ایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں۔

    پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دوسرے دن بھی احتجاج کیا گیا۔ ینگ ڈاکٹرز نے آؤٹ ڈور سے جیل روڈ تک ریلی نکالی۔ مظاہرین حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ سروس اسٹرکچر دینے کے حوالے سے حکومت کے وعدے کو ایک سال گذر گیا ہے اور ابھی تک سروس اسٹرکچر پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد حکومت کو اپنا وعدہ یاد دلانا ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سروس اسٹرکچر ڈاکٹرز اور مریضوں کی بھلائی میں ہے۔ اس موقعے پر ینگ ڈاکٹرز نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں احتجاج جاری رہے گا، 6 جنوری کو میو ہسپتال لاہور میں احتجاج جاری کریں گے۔

     

  • شکارپور:رینجرز کا چھاپہ،پندرہ من چھ سو کلوچرس برآمد،ملزم گرفتار

    شکارپور:رینجرز کا چھاپہ،پندرہ من چھ سو کلوچرس برآمد،ملزم گرفتار

    رینجرز کی لینڈ کسٹم انٹیلی جنس کے ہمراہ کارروائی پندرہ من چھ سو کلوچرس برآمد کرکے ملزم ریلوے کا ملازم گرفتار کر لیا گیا ۔

    چالیس ونگ شہباز رینجرز کے ونگ کمانڈر ملک مختیار نے رینجرز ہیڈ کوارٹر ز لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ شب رینجرز اور لینڈ کسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے شکارپور میں جاری اسنیپ چیکنگ کے دوران شکارپور ریلوے اسٹیشن کے باہر کھڑے ایک شخص جس کے پاس سامان کے بیس بڑے بڑے پیکٹ موجود تھے کو چیک کیا تو سامان کے ڈبوں میں بجلی کے اسٹیپلائیزر موجود تھے جن کے اندر بجلی کی وائرنگ کے بجائے چرس کے پیکٹ موجود تھے،

    جس پر ملزم اکبر شاہ کو گرفتار کیا گیا ونگ کمانڈر ملک مختیار نے مزید بتایا کے ملزم اکبر شاہ محکمہ ریلوے میں بکنگ کلرک ہے اور شکارپور میں ہی تعینات تھا جس نے دوران تفتیش بتایا ہے کے چرس بذریعہ ٹرین ہی کوئٹہ سے شکارپور پہنچائی گئی تھی جسے سندھ میں ہی سپلائی کیا جانا تھا ملزم نے یہ بھی بتایا ہے کے اس کے دو ساتھی ریلوے اسٹیشن میں ہی گاڑی لیے موجود تھے۔

    تاکہ چرس کو گاڑی میں لوڈ کیا جا سکے لیکن رینجرز ان سے پہلے پہنچی جس پر وہ فرار ہو گئے ونگ کمانڈر ملک مختیار نے بتایا کے ملزم کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جب کہ ملزم سے مزید تفتیش بھی جاری ہے۔