Tag: اےآر وائی نیوز

  • عمران خان کی 3 حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری

    عمران خان کی 3 حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات 2018 میں کامیاب امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے۔ عمران خان کی 3 حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 817 کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 23 حلقوں کے نوٹیفکیشن روک دیے گئے ہیں۔ روکے گئے نوٹیفکیشن عدالتی فیصلوں کے بعد جاری ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے 8، اور پنجاب اسمبلی کے 8 حلقوں کے نتائج روکے گئے ہیں۔

    روکے جانے والے نتائج میں این اے 90، این اے 91، این اے 106، این اے 108، این اے 112، این اے 131، این اے 140 اور این اے 215 کے نتائج شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پی کے 32 اور پی کے 23 کے نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیے گئے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخواہ اور سندھ کے 3،3 حلقوں کے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے گئے۔ پرویز خٹک کے 3 حلقوں کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان میں پی بی 26، پی بی 36 اور پی بی 41 کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا۔


    عمران خان کے حلقوں کا مشروط نوٹیفکیشن

    الیکشن کمیشن نے الیکشن میں فتح پانے والی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 3 حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کی 2 حلقوں سے الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا بھی ہے جن میں این اے 53 اسلام آباد اور این اے 131 لاہور شامل ہیں۔

    جن حلقوں سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے ان میں این اے 35 بنوں، این اے 95 میانوالی اور این اے 243 کراچی کے حلقے شامل ہیں۔


    الیکشن کمیشن کی وضاحت

    عمران خان کی کامیابی سے متعلق نوٹی فکیشن پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کےعہدےکاحلف لےسکتے ہیں،  دو حلقوں سے الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جانا اس راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔

  • برطانیہ میں کتوں کا گوشت کھانے پر پابندی کا مطالبہ

    برطانیہ میں کتوں کا گوشت کھانے پر پابندی کا مطالبہ

    لندن: برطانیہ میں کتوں کا گوشت کھانے پر پابندی لگانے کا مطالبہ زور پکڑنے گا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق برطانوی قانون کے تحت کھلے عام کتے کے گوشت کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے، تاہم اگر آپ اپنے پاس موجود کتے کو، اسے تکلیف دیے بغیر مار ڈالیں تو آپ اسے کھا سکتے ہیں۔

    تاہم اب کتے کے گوشت کو کھانے پر مکمل طور پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

    برطانیہ کی اسکاٹس نیشنل پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر لیزا کیمرون بھی اس کے حق میں ہیں۔

    ڈاکٹر لیزا آل پارٹیز پارلیمنٹری ڈاگ ایڈوائزری ویلفیئر گروپ کی سربراہ بھی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ میرا نہیں خیال پارلیمان میں کوئی اس کے خلاف کھڑا ہوگا چنانچہ اس قانون کو جلد سے جلد منظور ہوجانا چاہیئے۔

    جانوروں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں کتے کا گوشت کھانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے تاہم ان کے پاس اس کے باقاعدہ ثبوت اور ڈیٹا موجود نہیں ہیں۔

    ان کے مطابق کچھ ایشیائی ممالک میں کتے کا گوشت کھایا جاتا ہے جبکہ سوئٹزر لینڈ میں بھی اس کا رجحان ہے تاہم یہ بہت زیادہ عام نہیں۔

    ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک میں کتوں کو گوشت کے لیے قتل کرنے سے قبل بہت بری حالت میں رکھا جاتا ہے اور ان پر تشدد بھی کیا جاتا ہے۔

    تنظیم کی ایک کارکن کے مطابق کتوں کے گوشت پر پابندی کا قانون امریکا میں بھی زیر غور ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہمارا خیال ہے کہ امریکا آنے والے ایشیائی پناہ گزین کتے کا گوشت کھاتے ہیں، ’ہمیں ڈر ہے کہ ایسا برطانیہ میں بھی نہ شروع ہوجائے‘۔


     

  • موبائل فون چارج کرنے کے لیے ذاتی بجلی تیار کریں

    موبائل فون چارج کرنے کے لیے ذاتی بجلی تیار کریں

    حرکت اور دباؤ سے بجلی بنانے والے آلات تو موجود ہیں لیکن اب ماہرین نے ایسا آلہ تیار کر لیا ہے جو صرف چھونے سے معمولی مقدار میں ذاتی استعمال کے لیے بجلی پیدا کرسکتا ہے۔

    امریکی ریاست ٹینیسی میں تیار کیا جانے والا یہ ننھا آلہ نہایت باریک ہے جس کو چھونے سے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔

    اس آلے کو سیاہ فاسفورس کی انتہائی باریک پرتوں سے تیار کیا گیا ہے اور یہ بیٹری کے ذریعے کام کرتا ہے۔

    ٹینیسی کی ونڈر بلٹ یونیورسٹی کے پروفیسر کارل زیلک کے مطابق یہ ایجاد خطرناک مشن پر جانے والوں اور مشکل کام سر انجام دینے والوں کے لیے نہایت کارآمد ثابت ہوگی جس کے دوران اسے کپڑوں سے منسلک کرلینا آسان ہوگا۔

    لباس سے منسلک ہونے کے بعد یہ آلہ نہ تو دکھائی دے گا اور نہ ہی یہ لباس کی ساخت یا شکل میں کوئی تبدیلی لائے گا۔

    اس سے پیدا ہونے والی بجلی سے اسمارٹ فونز، فٹنس ٹریکر اور ذاتی استعمال کے دیگر چھوٹے برقی آلات چارج کیے جاسکیں گے۔

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس آلے کے استعمال کا مطلب ہے کہ آپ اپنی ذاتی بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

    اس آلہ پر فی الحال مزید کام کیا جارہا ہے اور مزید بہتری کے بعد یہ انسانی حرکت اور ارد گرد کے ماحول سے بجلی بنانے کے قابل ہوجائے گا۔


     

  • اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت

    اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دوران استغاثہ کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔

    سماعت میں استغاثہ کے 4 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

    عدالت میں شریک ملزمان سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی بھی پیش ہوئے۔

    عدالت میں استغاثہ کے گواہ مرزا فیض الرحمٰن نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ 17 اگست 2017 کو پہلی بار لاہور نیب کے سامنے پیش ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر ایپلی کیشن کی تفصیلات جمع کروائی تھیں۔

    خیال رہے کہ مرزا فیض الرحمٰن کا تعلق لینڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ سے ہے۔

    مرزا فیض الرحمٰن کے علاوہ اظہر حسین اور علی اکبر بھنڈر نامی گواہان نے بھی بیان قلمبند کروایا۔ مزید گواہان میں میر زمان، فیصل شہزاد، انعام الحق اور شکیل انجم شامل ہیں۔

    گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد عدالت نے استغاثہ کے مزید 3 گواہوں کو طلب کر لیا جن میں محمد اشتیاق، عمر دراز اور قمر زمان شامل ہیں۔

    احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔


     

  • ہماری جنگ صرف دہشت گردی کے خلاف ہے: نگراں وزیر اطلاعات

    ہماری جنگ صرف دہشت گردی کے خلاف ہے: نگراں وزیر اطلاعات

    اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہماری جنگ صرف دہشت گردی کے خلاف ہے۔ غربت کے خاتمے اور معیار زندگی کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات کا کوئی تعلق نہیں۔

    بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہماری تہذیب اور ثقافت دنیا میں الگ شناخت رکھتی ہے۔ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ پاکستان کے کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ صرف دہشت گردی کے خلاف ہے۔ غربت کے خاتمے اور معیار زندگی کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

    نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمیں پانی کی قلت اور بڑھتی ہوئی آبادی کے دباؤ کا سامنا ہے۔ دنیا میں امن و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں تیزی سے ترقی کرتی معیشت ہے، پاکستان دنیا میں بہت سے معاملات میں دیگر ممالک سے آگے ہے۔


     

  • کراچی: شیر شاہ میں سلنڈر پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق

    کراچی: شیر شاہ میں سلنڈر پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق

    کراچی: کراچی کے علاقے شیر شاہ میں جناح روڈ پر دکان میں سلنڈر پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی شیر شاہ مارکیٹ میں ایک دکان میں موجود سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے 2 زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

    عینی شاہین کے مطابق دھماکے کی آواز خاصی دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے دکان کی چھت پھٹ گئی اور سامان دور جا گرا۔

    جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

     

  • دہشت گردی کے خلاف پولیس نے لازوال قربانیاں دیں: عمران خان

    دہشت گردی کے خلاف پولیس نے لازوال قربانیاں دیں: عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف بالخصوص خیبر پختونخواہ پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیغام جاری کیا کہ شہید پولیس کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بہادری اور جرات ہمارے جوانوں کا خاصہ ہے۔ پولیس نے نہایت مشکل اور نا مساعد حالات میں فرائض انجام دیے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بالخصوص خیبر پختونخواہ پولیس نے لازوال قربانیاں دیں۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف پختونخواہ کی طرح ملک بھر میں پولیس کے لیے اصلاحات کرے گی۔ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پولیس کو پیشہ وارانہ مہارت سے مسلح کرنا اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کو بھی قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

     

  • حکومت میں آنے کے بعد بڑے پیمانے پر نجکاری کی جائے گی: اسد عمر

    حکومت میں آنے کے بعد بڑے پیمانے پر نجکاری کی جائے گی: اسد عمر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ 200 کمپنیاں حکومتی تحویل سے نکالی جائیں گی اور بڑے پیمانے پر نجکاری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے غیر ملکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد بڑے پیمانے پر نجکاری کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف پر غور کر رہا ہے۔ 200 کمپنیاں حکومتی تحویل سے نکالی جائیں گی۔ کارپوریشنز کو نجی شعبے کے زیر انتظام ویلتھ فنڈ کے حوالے کیا جائے گا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پہلے 100 دن میں کمپنیز کو ویلتھ فنڈ کے حوالے کیا جائے گا۔ فنڈ کا مقصد کارپوریشنز کے نقصانات اور قرضوں کو کم کرنا ہوگا۔

    اپنے انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ نئی حکومت کو یہ حکمت عملی اقتدار میں آتے ہی بنانی ہوگی۔ ویلتھ فنڈ کے قیام سے آئی ایم ایف کو قائل کرنے میں مدد ملے گی۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے بھی قرضے لینے پر غور کر رہے ہیں۔ ’سکوک بانڈز کے اجرا اور سعودی عرب سے خام تیل کی قیمتیں مؤخر کرنے پر بھی غور ہوگا‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یہ ہے ہماری قوم اقربا پروری کو فروغ دینے والی: سہانا کی ماڈلنگ پر شدید تنقید

    یہ ہے ہماری قوم اقربا پروری کو فروغ دینے والی: سہانا کی ماڈلنگ پر شدید تنقید

    بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان نے بھی ماڈلنگ سے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کردیا۔ ان کی تصاویر ووگ انڈیا میگزین کے سرورق کی زینت بنی ہیں۔

    تاہم ووگ کے اس اقدام پر اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ووگ کی جانب سے تصاویر جاری کیے جانے کے بعد طنز اور تنقید کا طوفان امڈ آیا۔

    صارفین نے بالی ووڈ میں پنجے پھیلائی اقربا پروری کو برا بھلا کہتے ہوئے کہا کہ سہانا کا یہ ڈیبیو صرف ان کے سپر اسٹار والد کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔

    ایک صارف نے لکھا، ’یہ ہماری قوم ہے جہاں اسٹارز کے بچے آسانی سے آگے بڑھ جاتے ہیں جب کہ با صلاحیت افراد اپنی ساری زندگی جدوجہد کرتے ہوئے گزار دیتے ہیں‘۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ ووگ بالکل بھارتی بننے کی کوشش کر رہا ہے اور اقربا پروری کو فروغ دے رہا ہے۔ سہانا کے پاس کچھ نہیں سوائے ان کے سپر اسٹار والد کے۔

    ایک اور خاتون نے کہا کہ سہانا ایک طالب علم اور مستقبل کی سپر اسٹار ہیں کیوں کہ ان کے والد اس وقت تک ان کی فلموں پر پیسہ لگاتے رہیں گے جب تک وہ کامیاب نہیں ہوجاتیں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ ووگ نے کیا سوچ کر سہانا کی تصویر اپنے سرورق پر شائع کی۔ وہ کچھ بھی نہیں ہیں۔’آپ نے اپنے برانڈ کی اہمیت گھٹا دی ہے‘۔

    اسی دوران ایک بھارتی ویب سائٹ نے سہانا کا ایک انٹرویو بھی شائع کیا جس میں سہانا نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے ایک اسٹار کی اولاد ہونے کی حیثیت سے جدوجہد کی۔

    ایک صارف نے اس ویب سائٹ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ شاہ رخ اور ان کی اہلیہ کو بیٹی کے لیے کسی اچھے پی آر شخص کا انتخاب کرنا چاہیئے جو اسے یہ سکھائے کہ وہ اپنی گفتگو میں سے ’جدوجہد‘ کا لفظ نکال دے۔

    خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب بالی ووڈ میں اقربا پروری کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل اداکارہ کنگنا رناوٹ بھی معروف ہدایت کار کرن جوہر کے بارے میں کہہ چکی ہیں کہ وہ صرف اسٹارز کے بچوں کو لے کر نئی فلمز بناتے ہیں۔

    کنگنا کے مذکورہ بیان کے بعد دونوں شخصیات کے درمیان کافی عرصے تک لفظی جنگ جاری رہی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آپ کو لوگوں میں ناپسندیدہ بنانے والی عادات

    آپ کو لوگوں میں ناپسندیدہ بنانے والی عادات

    آپ اپنی روزمرہ زندگی میں بعض ایسے افراد سے ملتے ہوں گے جنہیں دیکھتے ہی آپ خودبخود ان کی طرف کھنچے چلے جاتے ہیں۔

    ضروری نہیں کہ یہ لوگ خوش لباس یا خوبصورت ہوں، مگر ان کی شخصیت میں کچھ ایسی بات ہوتی ہے کہ آپ ان کی صحبت میں بیٹھنا پسند کرتے ہیں۔

    اسی طرح بعض افراد سے لوگ بہت خار کھاتے ہیں اور ان سے ملنا بالکل پسند نہیں کرتے۔ کچھ افراد کے چہرے کے تاثرات ہی ایسے ہوتے ہیں کہ دیکھنے والے پہلی دفعہ میں ہی ان کے بارے میں منفی تاثر قائم کرلیتے ہیں۔

    ماہرین نے تحقیق کے بعد ایسی ہی کچھ چیزوں کی نشاندہی کی ہے جو کسی شخص کو پر کشش یا ناپسندیدہ بناتی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ چہرے کے تاثرات شخصیت کا تاثر قائم کرنے میں سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    آئیے دیکھیں کہیں آپ میں وہ چیزیں تو نہیں پائی جاتیں جو آپ کو لوگوں کے درمیان ناپسندیدہ بنا سکتی ہیں۔


    تناؤ

    ماہرین کے مطابق وہ افراد جو ہر وقت ذہنی تناؤ کا شکار رہتے ہیں اور ان کے چہرے سے بھی اس کا اظہار ہوتا ہے، لوگ ان سے دور رہنا پسند کرتے ہیں۔


    بددیانتی

    جو افراد بددیانتی سے کام لیتے ہوئے بڑھا چڑھا کر خود کو پیش کرتے ہیں، وہ عموماً اپنے دوستوں کی تعداد میں کمی کر لیتے ہیں۔


    نیند کی کمی

    ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی ہمارے چہرے کے خدوخال پر اثرا انداز ہوتی ہے اور ہمیں کم پرکشش بناتی ہے۔


    خود غرضی

    ایک بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ہمارے اندرونی جذبات کا اظہار ہمارے چہرے سے بھی ہوتا ہے۔ ہمارے دل میں موجود اچھے اور برے خیالات کا عکس ہمارے چہروں پر پڑتا ہے۔

    اگر ہم اندر سے خود غرض ہوں گے تو لازماً ہمارا چہرہ اس کی عکاسی کرے گا اور لوگ ہم سے دور بھاگیں گے۔


    باڈی لینگویج

    یہ بات کئی بار تحقیق سے ثابت کی جاچکی ہے کہ اکڑ کر بیٹھنا، ہاتھ باندھے رکھنا غرور کی علامت ہے۔

    لوگ ایسے افراد کی طرف زیادہ متوجہ ہوتے ہیں جو آرام دہ حالت میں بیٹھتے ہیں اور گفتگو کے دوران ہاتھوں کو حرکت دیتے ہیں۔


    سستی

    سست افراد کو کوئی پسند نہیں کرتا۔ سستی سے بولنا یا حرکت کرنا ظاہر کرتا ہے کہ آپ بورنگ ہیں اور کسی سرگرمی میں دلچسپی نہیں لیں گے۔


    بہت زیادہ مسکرانا

    مسکرانا ویسے تو خوش اخلاقی کی علامت ہے لیکن اگر آپ بلا وجہ، کسی کو دیکھ کر مسکرا رہے ہیں اور مستقل مسکرا رہے ہیں تو یہ حرکت آپ کو ناپسندیدہ افراد کی فہرست میں شامل کرسکتی ہے۔


    مغرور دکھنا

    ماہرین کے مطابق خواتین ایسے مردوں سے بات کرنا ہرگز پسند نہیں کرتیں جو مغرور دکھائی دیں یا گفتگو کے دوران غرور کا اظہار کریں۔


    حس مزاح کی کمی

    حس مزاح کے ذریعہ لوگوں کو اپنا گرویدہ کرنے کی تاریخ بہت پرانی ہے۔

    لوگ ایسے افراد کی صحبت میں بیٹھنا پسند کرتے ہیں جو دلچسپ باتیں کرتے ہوں اور لوگوں کو ہنساتے ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔