Tag: اے آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس

  • پشاو پولیس لائنز حملے کی منصوبہ بندی کہاں ہوئی؟ آئی جی سی ٹی ڈی  کے اہم انکشافات

    پشاو پولیس لائنز حملے کی منصوبہ بندی کہاں ہوئی؟ آئی جی سی ٹی ڈی کے اہم انکشافات

    پشاور : اے آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس  کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز حملے کے ماسٹرمائنڈ اور خود کش حملہ آور کے ہینڈلر کو ٹریس کرلیا گیا ہے ، حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا شوکت عباس نےنیوز کانفرنس کرتے ہوئے پولیس لائنز حملہ کیس میں پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور میں پولیس لائنز میں سانحہ پیش آیا تھا، سانحہ پشاور میں 84 افراد شہید اور235 زخمی ہوئے تھے۔

    اےآئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ پولیس لائنز حملے کے ماسٹرمائنڈ اور خودکش حملہ آور کے ہینڈلر کو ٹریس کرلیا ہے۔

    شوکت عباس کا کہنا تھا کہ پشاور پولیس لائنز دھماکا کالعدم ٹی ٹی پی جماعت الاحرار گروپ نے کیا اور دھماکے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی۔

    پشاورپولیس لائنز دھماکا کے گرفتارملزم امتیاز کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا، ملزم کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ امتیاز خان کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا ہے ، ملزم امتیاز اور خودکش حملہ آور نےافغانستان کےایک مرکزمیں ٹریننگ لی۔

    اے آئی جی سی ٹی ڈی نے مزید کہا کہ ملزم امتیاز اورخودکش حملہ آْور نےقاری بشیر کے مرکز اخنتے میں تربیت لی، خودکش حملہ آور کے ماسٹر مائنڈ کانام غفار عرف سلمان ہے، ماسٹرمائنڈ غفار واقعے کے دن خودکش حملہ آور سے رابطے میں تھا۔

    شوکت عباس کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کاتنظیمی نام قاری ہے ، خودکش حملہ آورکے سہولت کار کا نام بھی جانتے ہیں مگرابھی نہیں بتا سکتے۔

    انھوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہینڈلرز کے حوالے سے ابھی مزید تفصیل نہیں بتا سکتے، اب تک پشاور پولیس میں سے کسی کے ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے ، ہوسکتاہے خودکش حملہ آور کچھ دن پہلےآئے اورریکی بھی کی ہوگی۔

    اے آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کی شناخت کیلئے ملنے والی جسمانی اعضا سےڈی این اے میچ کیاگیا ، ملزم امتیازبھی خود کش حملہ آور ہےجوٹارگٹ ملنے کےانتظارمیں تھا، ملزم امتیاز افغان علاقے قندوز میں زیرتربیت رہا تھا۔