Tag: اے آئی جی کراچی

  • کچھ بھی کریں مگر کراچی کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کریں: وزیر اعلیٰ کا اے آئی جی کو حکم

    کچھ بھی کریں مگر کراچی کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کریں: وزیر اعلیٰ کا اے آئی جی کو حکم

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کے اجلاس کے دوران ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کو سختی سے کہا کہ میں کچھ نہیں جانتا، کچھ بھی کریں مگر کراچی کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی غلام نبی میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کافی حد تک کنٹرول کیا ہے، عوام اسٹریٹ کرائم میں بیان ریکارڈ نہیں کرواتے۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ مسئلہ حل نہ ہوا تو ملزم اسٹریٹ کرائمز کرتے رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 3 ماہ میں منشیات فروشی میں ملوث 3 ہزار افراد کو پکڑا۔ انسداد منشیات عدالتوں میں 12 سو چالان جمع کروائے گئے۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے سختی سے اے آئی جی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ آپ کو کیا کرنا ہے۔ سمری کورٹ بنائیں یا دیگر اقدامات، کراچی اسٹریٹ کرائم سے پاک کریں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو شہریوں پر اپنا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

    انہوں نے منشیات میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کو بھی سراہا اور کہا کہ حکومت کی طرف سے کوئی کسی کی سفارش کرے تو نہ مانیں۔

    وزیر اعلیٰ نے اے آئی جی سے کہا کہ مجھے امن و امان کی صورتحال خاص طور پر اسٹریٹ کرائم ختم کر کے دیں۔

    اجلاس میں سندھ ریونیو بورڈ (ایس بی آر) کے چیئرمین نے وزیر اعظم عمران خان کی تعمیری شعبے کی تجدید کی تجویز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

    چیئرمین نے بتایا کہ وزیر اعظم کے ساتھ 2 اجلاس ہوچکے ہیں۔ تجویز تھی صوبائی سیلز ٹیکس سے تعمیراتی خدمات کو مستثنیٰ کیا جائے۔ اس پر پنجاب اور پختونخواہ راضی تھے تاہم سندھ اور بلوچستان نے تحفظات کا اظہار کیا۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دوسری تجویز نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو صوبائی سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے کی تھی۔ دوسری تجویز پر بھی سندھ اور بلوچستان رضا مند نہیں ہوئے۔

  • کرائم سین پر موجود لوگوں کے لیے خطرے کی گھنٹی

    کرائم سین پر موجود لوگوں کے لیے خطرے کی گھنٹی

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کرائم سین پر جمع ہونے والے لوگوں کے لیے ایک اہم ویڈیو پیغام جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات ہیں کہ جائے واردات پر موجود افراد گواہ بنیں گے۔

    پولیس چیف کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے صرف ان لوگوں کو گواہ بنایا جاتا تھا جو خود گواہ بننا چاہتے تھے، تاہم اب موقع واردات پر جو بھی موجود ہوگا، اس کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔

    غلام نبی میمن نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ لوگ کرائم سین پر جمع ہو کر تماشا دیکھنے لگ جاتے ہیں، لیکن جرم کی گواہی نہیں دیتے، اصل عینی شاہد گواہ بنے گا تو سزاؤں کا تناسب بھی بڑھے گا۔

    کراچی پولیس چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدالت میں پیشیاں ہوں گی تو لوگ خود موقع واردات پر جمع ہونے سے گریز کرنے لگیں گے۔

    واضح رہے کہ تین دل قبل ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے کلفٹن تھانے میں نئے بنائے جانے والے کرائم سین یونٹ کا افتتاح کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ یونٹ ڈیٹا جمع کرنے اور ملزمان کو سزا دلانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • کراچی میں بد امنی کبھی واپس نہیں آنے دیں گے: ایڈیشنل آئی جی کراچی

    کراچی میں بد امنی کبھی واپس نہیں آنے دیں گے: ایڈیشنل آئی جی کراچی

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کا کہنا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں پڑھے لکھے نوجوان ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آئی جی کراچی امیر شیخ نے کہا ہے کہ بد امنی کا خاتمہ ہوا ہے اب ریکوری کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، کراچی میں بد امنی کبھی واپس نہیں آنے دیں گے۔

    ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ غربت اور بے روزگاری کے باعث جرائم بڑھ رہے ہیں، پڑھے لکھے نوجوان اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ نوکری پیشہ نوجوان موبائل چھینتے ہیں، غربت اور بے روزگاری جرائم بڑھنے کی وجوہات ہیں، نوجوانوں سے جیلیں بھری ہوئی ہیں۔

    دریں اثنا، کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس نے خصوصی مہم چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    ایک نوٹی فکیشن کے مطابق شہر کے تمام زونز میں ایک ہفتے کی خصوصی اسنیپ چیکنگ مہم چلائی جا رہی ہے، مہم کے دوران ڈبل سواری پر جانے والے افراد، کالے شیشے والے ہیلمٹ اور ماسک لگانے والے افراد کو چیک کیا جائے گا۔

    آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ رش والے علاقوں، رات کے اوقات اور اندھیری جگہوں پر اسنیپ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

    دوسری طرف کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، آج کورنگی میں بینک سے رقم نکلوانے والے شہری کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا۔

  • کراچی: پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ

    کراچی: پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ پولیس نے کراچی میں ہونے والے پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ ہوا ہے، اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز نے نوٹیفکیشن کی کاپی حاصل کر لی، نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس مقابلوں کی تفتیش ڈی آئی جی سی آئی اے کی سربراہی میں ہوگی، پولیس مقابلوں کے مقدمے از خود سی آئی اے منتقل ہو جائیں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کے ماتحت 3 یونٹ تمام مقابلوں کی تفتیش کریں گے، ایسٹ زون میں تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کرے گا، ویسٹ زون کے مقابلوں کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کرے گا، جب کہ ساؤتھ زون میں پولیس مقابلوں کی تفتیش اینٹی کار لفٹنگ سیل کرے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس مقابلہ، مقتول طالبہ نمرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں یونٹس کے ایس ایس پیز تفتیش کے لیے ٹیمیں مقرر کریں گے، گرفتار ملزمان سے تفتیش اور شواہد اکٹھے کیے جائیں گے، اور اس سلسلے میں پیش رفت رپورٹ محکمے کو ہفتہ وار بنیاد پر ارسال کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ ابھی حال ہی میں شہر قائد کے علاقے انڈا موڑ پر پولیس مقابلے کی زد میں آ کر ایک طالبہ نمرہ جاں بحق ہو گئی تھی۔

  • کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ، روک تھام کے لیے حکمت عملی تیار

    کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ، روک تھام کے لیے حکمت عملی تیار

    کراچی: شہر قائد میں موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی وارداتوں سے نمٹنے کے لیے کراچی پولیس نے حکمتِ عملی تیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان وارداتوں کی روک تھام کے لیے حکمت عملی تیار کر لی۔

    کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ چوری کی گئیں موٹر سائیکلیں کھول کر ان کے اسپیئر پارٹس فروخت کر دیے جاتے ہیں، چوری کے اسپیئر پارٹس خریدنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آئی جی امیر شیخ کا کہنا ہے کہ بیش تر موٹرسائیکلیں شہر کے اندر ہی فروخت کر دی جاتی ہیں، تاہم چوری اور چھینی گئیں موٹر سائیکلیں دوسرے شہر بھی بھیجی جاتی ہیں۔

    خیال ہے کہ دو دن قبل سی پی ایل سی کی جاری کردہ ماہانہ کرائم رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اپریل کے مہینے میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 2446 موٹر سائکلیں چوری اور چھینی گئی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اپریل کا مہینا شہر قائد کے باسیوں پر بھاری گزر گیا، 40 افراد قتل، ہزاروں موٹر سائیکلیں چوری

    دریں اثنا، ملیر سکھن سے کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی کرنے والے خاتون منشیات فروش سمیت 2 ملزمان کو قاسمانی محلے سے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

    کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پر چھاپا خفیہ اطلاع پر مارا گیا، ملزمان میں زرغونہ اور دولت شاہ شامل ہیں، ملزمان سے آدھا کلو اعلیٰ کوالٹی ہیروئن اور چرس برآمد کیا گیا۔

    ایس ایس پی عرفان بہادر نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم سکھن سے رکشے کے ذریعے منشیات اسمگل کرتے تھے، منشیات شاہ فیصل، محمود آباد سمیت کئی علاقوں میں سپلائی ہوتی تھی، سپلائی میں استعمال ہونے والا رکشا بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

  • کراچی پولیس کرکٹ میچوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے: ڈاکٹر امیر شیخ

    کراچی پولیس کرکٹ میچوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے: ڈاکٹر امیر شیخ

    کراچی: پاکستان میں پی ایس ایل کے آٹھوں میچز کی کراچی منتقلی کے فیصلے کے بعد کراچی پولیس نے اہم اجلاس طلب کر لیا، جس میں سیکورٹی کا ایک بار پھر جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے میچز کی کراچی منتقلی کے بعد کراچی پولیس بھی پوری طرح تیاریوں میں لگ گئی ہے، میچز اور کھلاڑیوں کی سیکورٹی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس ڈاکٹر امیر شیخ نے اس سلسلے میں ہیڈ کوارٹر ز میں منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کی، میٹنگ میں شریک تمام متعلقہ افسران نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو بریفنگ دی۔

    ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ میچز کراچی منتقل ہونے سے پولیس کی ذمے داریاں بڑھ گئی ہیں، پاکستان سپر لیگ فور کے لیے بھرپور سیکورٹی اقدامات کر رہے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ میچز کی سیکورٹی پر پولیس پہلے ہی کنٹی جینسی پلان بنا چکی ہے، اب مزید میچز کی منتقلی کے بعد سیکورٹی کا پھر جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کی کراچی آمد سے متعلق شیڈول جاری

    اے آئی جی امیر شیخ نے کہا کہ کراچی پولیس کرکٹ میچوں کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کی ٹیموں کی کراچی آمد سے متعلق شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کراچی کنگز کی ٹیم 6 مارچ کو ای کے 606 کے ذریعے کراچی پہنچے گی، پشاور زلمی کی ٹیم بھی 6 مارچ کو ای کے 604 کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 مارچ کو ای کے 602 کے ذریعے کراچی پہنچے گی۔

  • ملزمان کو گولی مارنے سے متعلق اے آئی جی کراچی کی پولیس کو سخت ہدایات

    ملزمان کو گولی مارنے سے متعلق اے آئی جی کراچی کی پولیس کو سخت ہدایات

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے پولیس فورس کو ملزمان کو گولی مارنے سے متعلق سخت ہدایات دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج پولیس ہیڈ کوارٹرز میں پولیس کے تمام ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کا اجلاس منعقد ہوا، اے آئی جی امیر شیخ نے ہدایت کی پولیس کسی کارروائی میں شہریوں کی زندگی خطرے میں ہرگز نہ ڈالے۔

    [bs-quote quote=”اسلحے کے استعمال یا فائرنگ کرنے میں غیر ذمہ داری ہرگز نہ برتی جائے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”اے آئی جی کراچی”][/bs-quote]

    ایڈیشنل آئی جی نے اجلاس میں ہدایت کی کہ شہریوں کے جانی نقصان کا خطرہ ہو تو ملزمان کو مارنے کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔

    ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کو دوبارہ گرفتار کیا جا سکتا ہے یا انھیں پھر کبھی مارا جا سکتا ہے، لیکن معصوم شہری کی زندگی واپس نہیں لائی جا سکتی۔

    کراچی پولیس چیف نے ہدایت کی کہ اسلحے کے استعمال یا فائرنگ کرنے میں غیر ذمہ داری ہرگز نہ برتی جائے، شہریوں سے بد اخلاقی اور نا انصافی بھی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس مقابلہ، مقتول طالبہ نمرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ پولیس ملازمین کو اسلحے کے استعمال کے حوالے سے تربیت دیتے رہیں گے۔

    اجلاس میں گزشتہ روز انڈا موڑ پر پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی طالبہ نمرہ کے لیے دعا بھی کرائی گئی۔

  • غلام قادر تھیبو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات

    غلام قادر تھیبو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات

    کراچی: سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کرتے ہوئے غلام قادر تھیبو کو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ایک بار پھر سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کردیے۔

    سندھ حکومت نے سردار عبد المجید دستی کو ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سندھ پولیس تعینات کردیا ہے۔ غلام قادر تھیبو کو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کردیا گیا۔

    غلام قادر تھیبو سے قبل مشتاق مہر ایڈیشنل آئی جی کراچی کے عہدے پر کام کر رہے تھے تاہم اب انہیں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک تعینات مقرر کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سردار عبد المجید دستی کو انسپکٹر جنرل سندھ پولیس بھی مقرر کیا گیا تھا تاہم ان کے پیش رو اللہ ڈنو خواجہ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں لے جایا گیا۔ کیس کا فیصلہ عدالت نے محفوظ کرلیا ہے۔

    سندھ حکومت کے احکامات کے مطابق خادم حسین بھٹی کو ایڈیشنل آئی جی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، امیر شیخ کو ڈی آئی جی ٹیکنیکل اینڈ ٹرانسپورٹ مقرر کیا گیا انہیں جبکہ ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا۔

    آفتاب پٹھان کو ایڈیشنل آئی جی پی کرائم برانچ کا مقرر کیا گیا ہے۔

    عمران یعقوب ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ کراچی اور نواز شیخ ڈی آئی جی سیکیورٹی کراچی تعینات کردیے گئے ہیں۔

    مذکورہ بالا تمام تقرریوں اور تبادلوں کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔


  • آئی جی سندھ، اے آئی جی اور چیئرمین اینٹی کرپشن کی تبدیلی پر غور

    آئی جی سندھ، اے آئی جی اور چیئرمین اینٹی کرپشن کی تبدیلی پر غور

    کراچی: سندھ پولیس میں چند روز میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے،نئے آئی جی سندھ،اے آئی جی کراچی اور چیئرمین اینٹی کرپشن کے لیے ناموں پر غور جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن کی تبدیلی اور رضوان میمن کی بہ طور نئے چیف سیکریٹری کی تقرری کے بعد صوبے بھر میں امن و امان کے قیام اور سندھ پولیس کی کارکردگی میں مزید بہتربنانے کے لیے بڑے پیمانے پر تبدیلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے اس سلسلے میں سندھ حکومت اچھی شہرت کے حامل افسران میں سے نئے آئی جی سندھ کے لیے غلام قادر تھیبو، ایڈیشنل آئی جی کراچی کے لیے ثنا اللہ عباسی اور چیئرمین اینٹی کرپشن کے لیے سہیل راجپوت کے ناموں پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ فی الحال سندھ میں آئی جی سندھ کے عہدے پر اللہ ڈنو خواجہ اور اے آئی جی کراچی کے عہدے پر مشاق مہر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اے آئی جی غلام قادر تھیبو اس وقت چیئرمین اینٹی کرپشن اور ثناء اللہ عباسی اے آئی جی (کاؤنٹر ٹیرر ازم ) کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ سہیل راجپوت محکمہ توانائی اور فنانس میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔