Tag: اے آر وائی فلمز

  • ہمائیوں سعید اور ماہرہ خان کی فلم ‘لو گرو’ کے ٹریلر نے آتے ہی دھوم مچادی

    ہمائیوں سعید اور ماہرہ خان کی فلم ‘لو گرو’ کے ٹریلر نے آتے ہی دھوم مچادی

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی ہمائیوں سعید اور ماہرہ خان کی نئی فلم ‘لو گرو’ کے ٹریلر نے آتے ہی شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔

    سلمان اقبال فلمز، اے آر وائی فلمز اور سکس سگما پلس کی جانب سے پیش کردہ فلم ‘لو گرو’ کا ٹریلر اتوار کی شب لانچ کیا گیا، انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں فلم کو ہنسی، محبت اور بہت سارے جذبات کا امتزاج قرار دیا گیا ہے۔

    ٹریلر میں ہمائیوں سعید بظاہر ایک ایسے لڑکے کا کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں جو بہت ساری لڑکیوں سے فلرٹ کرنے میں ماہر ہے اور لڑکیوں کا پھنسانا اس کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔

    فلم میں جاوید شیخ جو کہ ماہرہ خان کے والد ہیں وہ ہمائیوں کو ماہرہ خان کو اپنی محبت کے دام میں پھنسانے کا ٹاسک دیتے ہیں، تاہم ہیرو کا بالآخر ہیرؤن سے پیار ہوجاتا ہے۔

    میکرز نے پوسٹ میں بتایا کہ فلم کو اس عید قرباں پر ریلیز کیا جائے گا جبکہ فلم کے حوالے سے شائقین کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ ایک ایسی کہانی کے لیے تیار ہو جائیں جو انھیں ہنسائے گی، رلائے گی اور پھر سے محبت کا احساس دلائے گی۔

    فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ندیم بیگ نے انجام دیے ہیں جبکہ اسے واسع چوہدری نے تحریر کیا ہے، ہمائیوں سعید اور ماہرہ خان کے علاوہ فلم میں جاوید شیخ، مرینہ خان، سوہائے علی ابڑو، مومنہ اقبال اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

  • ستارہ: نیٹ فلکس پر پاکستان کی پہلی فلم

    ستارہ: نیٹ فلکس پر پاکستان کی پہلی فلم

    آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے اور اے آر وائی فلمز ایک اور بہترین اینی میشن فلم پیش کرنے جارہے ہیں جو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی، یہ نیٹ فلکس پر پیش کی جانے والی پہلی پاکستانی فلم ہوگی۔

    اینی میشن فلم ’ستارہ‘ کم عمری کی شادی اور لڑکیوں کو ان کے خواب پورے کرنے سے روکے جانے کے متعلق ہے اور یہ نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم کا اعزاز حاصل کرلے گی۔

    ستارہ شرمین عبید چنائے (ایس او سی) فلمز، وادی اینی میشنز اور اے آر وائی فلمز کے اشتراک سے پیش کی جارہی ہے۔ شرمین عبید چنائے، سلمان اقبال اور جرجیس سیجا فلم کے پروڈیوسرز ہیں جبکہ اینی میشن ڈائریکٹر کامران خان ہیں۔

    اینی میشن فلم ستارہ دو بہنوں پری اور مہر کی کہانی ہے۔ فلم میں 70 کی دہائی میں لاہور کے مناظر دکھائے گئے ہیں جہاں یہ دونوں بہنیں اپنے چھوٹے سے گھر میں پڑھتی لکھتی اور کھیلتی دکھائی دیتی ہیں۔

    یہ دونوں بہنیں بڑی ہو کر پائلٹ بننا چاہتی ہیں اور یہ روز اپنی چھت پر کاغذ کے جہاز بنا کر اڑاتی ہیں۔

    ایک روز اچانک پری کے والد اس کے لیے ایک سرخ جوتا لاتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ انہوں نے اس کی شادی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ 14 سالہ پری سمیت گھر میں کوئی بھی ان کے اس فیصلے سے خوش نہیں۔

    فلم کی کہانی ننھی مہر کی زبانی ہے جو پھر ایک روز اپنی بہن کو زیورات میں لدی پھندی، سرخ جوڑے میں ملبوس دیکھتی ہے، جب اسے پتہ چلتا ہے کہ وہ اب اس گھر سے جارہی ہے تو وہ رونے لگتی ہے۔

    فلم اپنے دیکھنے والوں کے ذہنوں میں یہ سوال چھوڑ دیتی ہے کہ آخر کیوں لڑکیوں کو خواب دیکھنے اور اس کی تکمیل کرنے سے روکا جاتا ہے۔

    افسوسناک بات یہ ہے کہ کئی دہائیوں پہلے کی یہ کہانی آج 21 ویں صدی میں بھی دنیا میں کہیں نہ کہیں، کسی نہ کسی معاشرے میں دہرائی جارہی ہے۔

  • فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز

    فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز

    اے آر وائی فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز کردی گئی، لوگوں کی بڑی تعداد فلم کو دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز کردی گئی۔ اپنے ٹریلرز اور گانوں سے مداحوں کے دلوں میں تجسس جگانے والی فلم نے ملک بھر سے مداحوں کو سینما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

    اے آر وائی فلمز اور این کے پکچرز کی مشترکہ پیشکش ’شیر دل‘ کی کہانی 1965 کی جنگ پر بنائی گئی ہے۔

    فلم کی کاسٹ میں میکال ذوالفقار، ارمینا رانا خان اور سبیکا امام شامل ہیں جبکہ ’شیر دل‘ کی کہانی اور اس کی پروڈکشن کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے۔ فلم کی ہدایت کاری اظفر علی نے کی۔

    شیر دل میں مرکزی کردار ادا کرنے والے میکال ذوالفقار اور حسن نیازی کو اس بات کا یقین ہے کہ فلم شائقین کو متاثر کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ بھی رقم کرے گی۔ اس سے قبل فلم کے ٹیزر اور پہلے گانے نے ریلیز ہوتے ہی بے تحاشہ مقبولیت حاصل کرلی تھی۔

    گزشتہ کئی دن سے فلم کے پریمیئر مختلف شہروں میں پیش کیے گئے تھے جن میں فنکاروں سمیت ملک کی نامور شخصیات نے شرکت کی اور فلم کو بے حد سراہا۔

  • اے آر وائی فلمز اور این کے پکچرز کی مشترکہ پیشکش فلم ’شیر دل‘ کا ٹیزر ریلیز

    اے آر وائی فلمز اور این کے پکچرز کی مشترکہ پیشکش فلم ’شیر دل‘ کا ٹیزر ریلیز

    کراچی: اے آر وائی فلم اور این کے پکچرز کی مشترکہ پیشکش فلم شیر دل کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی فلمز کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، نئی آنے والی فلم شیر دل کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے، فلم کی کاسٹ میں میکال ذوالفقار، ارمینا رانا خان اور سبیکا امام شامل ہیں۔

    فلم شیر دل کی کہانی اور اس کی پروڈکشن کے فرائض نعمان خان نے انجام دئیے ہیں جبکہ فلم پرچی اور جانان جیسی ہٹ فلموں کے ڈائریکٹر اظفر علی نے ہدایت کاری کے فرائض انجام دئیے ہیں۔

    فلم میں 1965 کی جنگ دکھائی گئی ہے، ٹیزر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انڈین لڑاکا طیارے جب پاکستان میں داخل ہوئے تو پاک فضائیہ کے جوانوں نے انہیں تباہ کردیا۔

    اداکارہ ارمینا رانا خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فلم شیر دل کا پوسٹر شیئر کیا اور لکھا کہ فلم شیر دل کا ٹیزر جاری ہوچکا ہے۔

    فلم شیر دل 22 مارچ کو ملک بھر کے سنیماؤں گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

  • وادی اینی میشن اور اے آر وائی فلمز کی پیشکش تین بہادر نے ریلیز سے پہلے ہی دھوم مچادی

    وادی اینی میشن اور اے آر وائی فلمز کی پیشکش تین بہادر نے ریلیز سے پہلے ہی دھوم مچادی

    لاہور: اے آر وائی فلمز اور وادی اینی میشن کی پیشکش تین بہادر رائز آف دی واریئرز نے ریلیز سے پہلے ہی دھوم مچادی، فلم 14 دسمبر سے بڑے پردے کی زینت بنے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی فلمز اور وادی اینی میشن کی پیشکش تین بہادر رائز آف دی واریئرز کے رنگا رنگ پریمیئر کا لاہور میں انعقاد کیا گیا۔

    فلم کے پریمیئر میں اداکار و ہدایت کار سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور فلم کی کہانی کو سراہا۔

    اداکارہ ماہرہ خان اور مہوش حیات بھی تین بہادر کی مداح نکلیں، ماہرہ خان نے کہا کہ ’پاکستان کا ہر بچہ بہادر ہے‘ جبکہ مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ’بچپن میں بہت بہادر اور ایڈونچرز تھی‘۔ فلم تین بہادر رائز آف دی واریئرز 14 دسمبر کو بڑے پردے پر پیش کی جائے گی۔

    اداکار فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ’ہر کسی کے اندر ایک سپر پاور ہوتی ہے اور ہر کوئی کسی نہ کسی کا بہادر ہوتا ہے‘۔ انہوں نے اپنے بچپن کا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک دن بارش ہورہی تھی اور ایک بلی کا بچہ بھیگ رہا تھا جسے میں اُٹھا کر گھر لے آیا اور اس کا خیال رکھا بغیر کسی کے کچھ کہے تو میرے والد نے کہا کہ فہد تم میرے بہادر ہو۔

    فلم کے تین کردار سعدی، کامل اور آمنہ کی ہوشیاری اور روشن بستی کو بچانے کے لیے ان کی بہادری بچوں کے لیے مثال بن گئی ہے۔

    پریمیئر دیکھنے کے بعد بچوں کا کہنا تھا کہ اے آر وائی بچوں کے لیے بہت اچھی فلمیں بناتا ہے، ہمیں فلم دیکھ کر یہ سبق ملا کہ پریشانی میں مبتلا لوگوں کی مدد کرنا چاہئے۔

  • بلاؤں سے نبرآزما ’تین بہادر‘ دوستوں کی کہانی، نیا ٹریلر جاری

    بلاؤں سے نبرآزما ’تین بہادر‘ دوستوں کی کہانی، نیا ٹریلر جاری

    کراچی: اے آر وائی فلمز اور وادی اینیمیشن کی مشترکہ پیش کش فلم ’تین بہادر رائز آف دی واریئرز‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی فلمز اور وادی اینیمیشن کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم تین بہادر رائز آف دی واریئرز میں ہدایت کاری کے انجام آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے فرائض اے آر وائی سی ای او سلمان اقبال نے انجام دے رہے ہیں۔

    رائز آف واریئرز میں اداکار فہد مصطفیٰ اور نامور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے اپنے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے جبکہ دیگر کاسٹ میں بہروز سبزواری، ثروت گیلانی، نمرہ بُچہ اور خالد ملک شامل ہیں۔

    تین بہادر کا نیا پارٹ 14 دسمبر سے ملک بھر کے سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: فہد مصطفیٰ ’تین بہادر‘کے سیکوئل میں صداکاری کریں گے

    تین بہادر ایسے باہمت تین بچوں کی کہانی ہے جو ناقابل یقین طاقت کی مدد سے اپنے معاشرے کو جرائم کے شر سے نجات دلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

    ٹریلر کے آغاز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے آپس میں کرکٹ کھیل رہے ہوتے ہیں تو اسی دوران بیٹسمین اونچا شارٹ کھیلتا ہے جس پر فیلڈر اپنی پوشیدہ طاقت استعمال کرتے ہوئے فضا میں بلند ہوکر گیند کو پکڑ لیتا ہے اور پھر سب آؤٹ ہونے کا جشن مناتے ہیں، اسی دوران کھیلنے والی ٹیم کا ایک کھلاڑی اعتراض اٹھاتا ہے کہ ’اس (فیلڈر) نے اپنی پاور استعمال کی ہے‘۔

    جس کے بعد وہ گھر واپس آتاہے تو دیگر دو دوست اُسے سمجھاتے ہیں کہ ’اپنی طاقت کا غلط استعمال نہیں کرو‘۔ اس پر ننھا اداکار شکوہ کرتا ہے کہ ’اب پاور کا کیا کریں، نہ باہر بچے اپنے ساتھ کرکٹ کھیلاتے ہیں اور نہ ہی لڑنے کے لیے غنڈے باقی ہیں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: فلم تین بہادر باکس آفس پر سپرہٹ

    قبل ازیں کراچی کے مقامی سینیما میں ٹریلر لانچ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جرجیس سیجا، ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے، اداکار فہد مصطفیٰ سمیت فلم کی پوری کاسٹ نے شرکت کی۔

    واضح رہے کہ شرمین عبید چنائے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’تین بہادر‘ پاکستان کی پہلی اینیمیٹد فلم تھی جسے ملک بھر میں نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں میں بھی بھرپور پذیرائی ملی تھی۔

  • مومنہ مستحسن کی آواز میں جادو جگاتا ’عشق ہوا جو طاری‘

    مومنہ مستحسن کی آواز میں جادو جگاتا ’عشق ہوا جو طاری‘

    اے آر وائی فلمز کے زیر اہتمام بنائی جانے والی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ کا نیا گانا ’عشق ہوا جو طاری‘ جاری کردیا گیا۔ گانے کی گلوکارہ کوئی اور نہیں بلکہ مقبول ترین گلوکارہ مومنہ مستحسن ہیں۔

    اے آر وائی فلمز، سلمان اقبال فلمز اور سکس سگما پلس پروڈکشن کی مشترکہ پیشکش جوانی پھر نہیں آنی 2 کے ایک اور گانے نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کردیے۔

    گانا ’عشق ہوا جو طاری‘ معروف اداکارہ سارہ لورین پر فلمایا گیا ہے۔

    گانے کو مومنہ مستحسن نے اپنی خوبصورت آواز میں گایا ہے۔ اس کی شاعری شکیل سہیل جبکہ موسیقی ساحر علی بگا نے ترتیب دی ہے۔

    خیال رہے کہ یہ سنہ 2015 کی مقبول ترین فلم جوانی پھر نہیں آنی کا سیکوئل ہے جس کے ٹریلر اور گانے فلم کی ریلیز سے پہلے ہی مقبولیت کے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔

    چند روز قبل ہی ایک اور گانا ’آیا لاڑیے‘ ریلیز کیا گیا تھا جس نے آتے ہی ناظرین کے دل جیت لیے تھے۔

    جوانی پھر نہیں آنی 2 کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایات ندیم بیگ دے رہے ہیں۔

    فلم کی کاسٹ میں ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، کبریٰ خان، ماورا ہوکین، احمد علی بٹ، واسع چوہدری، ثروت گیلانی اور عظمیٰ خان شامل ہیں۔

    فلم عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں ریلیز کردی جائے گی۔


     

  • فلم ’آزادی‘ کا رنگا رنگ پریمیئر

    فلم ’آزادی‘ کا رنگا رنگ پریمیئر

    کراچی: اے آر وائی فلمز کے بینر تلے کشمیر کی آزادی پر بنائی جانے والی فلم ’آزادی‘ کا رنگا رنگ پریمیئر منعقد ہوا جس میں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق فلم آزادی کا رنگا رنگ پریمیئر کراچی میں منعقد ہوا۔ پریمیئر میں فلم انڈسٹری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    فلم کی ہدایت کاری کے فرائض عمران ملک نے انجام دیے ہیں جبکہ فلم میں معمر رانا اور سونیا حسین نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ دیگر اداکاروں میں ندیم بیگ، جاوید شیخ، مریم انصاری، علی فتح، ارم اور بلال شامل ہیں۔

    شائقین نے فلم کی شاندار کہانی اور فنکاروں کی اداکاری کو بے حد سراہا۔ فلم میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے مجاہدین کو موضوع بنایا گیا ہے جسے شائقین کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی۔


    شاندار کہانی لوگوں کی توجہ سمیٹنے میں کامیاب

    فلم کا آغاز پاکستانی نژاد برطانوی صحافی زارا (سونیا حسین) سے ہوتا ہے جو اپنے ہندو دوست راج سے شادی کرنے جارہی ہوتی ہے۔

    شادی سے چند روز قبل ایک دن اسے پرانے سامان میں سے ایک نکاح نامہ ملتا ہے جس کے بعد اس پر انکشاف ہوتا ہے کہ اس کی شادی کشمیر میں مقیم اس کے کزن آزاد سے ہوچکی ہے۔

    زارا کی غیر ملکی والدہ اسے مشورہ دیتی ہیں کہ یہ بچپن کی بات ہے لہٰذا وہ اسے بھول کر راج کے ساتھ اپنی نئی زندگی شروع کرے لیکن زارا کو اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ اتنا آسان نہیں۔

    کچھ تجسس اور کچھ الجھن کے ہاتھوں مجبور ہو کر وہ اپنے خاندان سے ملنے کے لیے مقبوضہ کشمیر پہنچتی ہے۔

    یہاں اس کے انکل (ندیم بیگ) تحریک آزادی کے ایک سرگرم رہنما کی حیثیت سے کام کر رہے ہوتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ایک بھارتی میجر ان کے گھر پر ریڈ کے دوران ان کی بیٹی جنت کو زیادتی کا نشانہ بناتا ہے۔

    اس وقت ان کا بیٹا آزاد (معمر رانا) ایک کم عمر اور زندہ دل نوجوان ہوتا ہے لیکن اپنی بہن کے ساتھ یہ ہولناک واقعہ اس کے دل میں آگ بھڑکا دیتا ہے جس کے بعد وہ تحریک آزادی کے مجاہدین کی صف میں جا کھڑا ہوتا ہے اور کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد شروع کردیتا ہے۔

    فلم میں مضبوط ہدایت کاری، جاندار مکالموں اور ایکشن مناظر کے ساتھ ساتھ رومانوی مناظر بھی ہیں جبکہ موسیقی بھی نہایت خوبصورت ہے جس کی وجہ سے یہ فلم خاصی پسند کی جارہی ہے۔

    فلم کو عید الفطر کے موقع پر سینما گھروں میں ریلیز کردیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فلم پرچی کا پریمیئر: رنگین ستاروں کی کہکہشاں زمین پر اتر آئی

    فلم پرچی کا پریمیئر: رنگین ستاروں کی کہکہشاں زمین پر اتر آئی

    کراچی: اے آر وائی فلمز، آئی آر کے فلمز اور عارف لاکھانی فلمز کی مشترکہ پیشکش اور اظفر جعفری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم پرچی کا رنگا رنگ پریمیئر کراچی اور لاہور میں منعقد ہوا جہاں جھلملاتے ستاروں کی کہکہشاں زمین پر اتر آئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی فلمز کے زیر اہتمام بننے والی فلم ’پرچی‘ کے لاہور اور کراچی میں پریمیئرز منعقد ہوئے جس میں اداکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

    پریمیئر کے موقع پر سربراہ اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ، ’اے آر وائی فلمز ہمیشہ سے اپنے ناظرین کو بہترین تفریح فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ فلم پرچی اپنے اچھوتے موضوع اور اداکاروں کی شاندار کارکردگی کے باعث بہت مقبول ہوگی‘۔

    پرچی کی کہانی بھتہ خوروں کی جانب سے تقسیم کی جانے والی پرچیوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ غنڈہ عناصر کاروباری لوگوں اور تاجروں سے کس طرح رقم طلب کرتے ہیں۔

    فلم کے اداکاروں میں حریم فاروق، علی رحمٰن خان، احمد علی اکبر، عثمان مختار، شفقت چیمہ ہیں جب کہ اس کے مصنف شفقت خان ہیں۔

    فلم پرچی 5 جنوری کو پاکستان، 12 جنوری کو متحدہ عرب امارات، امریکا اور کینیڈا جبکہ 19 جنوری کو فرانس میں ریلیز کی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بھتے کی ’پرچی‘ بھیجتی حریم فاروق

    بھتے کی ’پرچی‘ بھیجتی حریم فاروق

    اے آر وائی فلمز کے زیر اہتمام پیش کی جانے والی ایک اور فلم ’پرچی‘ کی پہلی شاندار جھلک جاری کردی گئی جس میں حریم فاروق غنڈہ گردی کرتی ہوئی کافی خوبصورت اور منفرد نظر آرہی ہیں۔

    اے آر وائی فلمز، آئی آر کے فلمز اور عارف لاکھانی فلمز کی مشترکہ پیشکش اور اظفر جعفری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم پرچی کے مرکزی کرداروں میں حریم فاروق اور علی رحمٰن خان شامل ہیں۔

    حریم فاروق اس سے پہلے اے آر وائی فلمز کے زیر اہتمام بننے والی ایک اور فلم دوبارہ پھر سے میں بھی شاندار اداکاری کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔

    پرچی کے حال ہی میں جاری کیے جانے والے ٹیزر میں حریم فاروق کافی منفرد نظر آرہی ہیں جس میں وہ غنڈہ گردی، مار دھاڑ کرتی اور بھتے وصول کرتی دکھائی دے رہی ہیں اور یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ بلاشبہ اس کردار میں وہ بہترین دکھائی دے رہی ہیں۔

    ٹیزر کا آغاز ان کے غصیلے تاثرات سے ہوتا ہے جس میں وہ ایک سہمے ہوئے شخص سے سوال کرتی نظر آتی ہیں، ’کس نے مخبری کی‘؟

    فلم بظاہر بھتہ خوری کے موضوع پر مبنی نظر آتی ہے جس میں فلم کے مختلف کرداروں کو ایک پرچی میں گولی وصول ہوتی ہے اور پرچی پر مطلوبہ رقم اور اسے ادا کرنے کی مدت لکھی ہوتی ہے۔

    ٹیزر میں سسپنس کا عنصر بھی برقرار رکھا گیا جس نے فلم بینوں کے تجسس میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

    فلم کے دیگر کرداروں میں احمد علی اکبر، شفقت خان، عثمان مختار اور شفقت چیمہ بھی شامل ہیں۔

    ٹیزر میں حریم فاروق کو غنڈہ گردی کے ساتھ ساتھ رقص کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

    مذکورہ ٹیزر کو دیکھتے ہوئے یہ بات نہایت واضح معلوم ہوتی ہے کہ اے آر وائی فلمز کی کاوش پرچی پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک اور سنگ میل ثابت ہوگی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔