Tag: اے آر وائی نیوز

  • مفکر و شاعر خلیل جبران کا 135 واں یوم پیدائش

    مفکر و شاعر خلیل جبران کا 135 واں یوم پیدائش

    معروف مفکر، شاعر، اور مصور خلیل جبران کا آج 135 واں یوم پیدائش ہے۔ خلیل جبران شیکسپیئر کے بعد سب سے زیادہ پڑھے جانے والے شاعر ہیں۔

    لبنان کے شہر بشری میں پیدا ہونے والے خلیل جبران نے اپنے خاندان کے ساتھ بہت کم عمری میں امریکا کی طرف ہجرت کرلی تھی۔ ان کی نصف ابتدائی تعلیم لبنان، جبکہ نصف امریکا میں مکمل ہوئی۔

    خلیل جبران مفکر شاعر ہونے کے ساتھ ایک مصور بھی تھے۔ انہوں نے اپنی مصوری میں قدرت اور انسان کے فطری رنگوں کو پیش کیا۔

    art-1

    جبران کی شہرہ آفاق کتاب ’دا پرافٹ (پیغمبر)‘ ہے جس میں انہوں نے شاعرانہ مضامین تحریر کیے۔ یہ کتاب بے حد متنازعہ بھی رہی۔ بعد ازاں یہ سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب بن گئی۔

    خلیل جبران ایک مفکر بھی تھے۔ انہوں نے اپنے اقوال میں زندگی کے ایسے پہلوؤں کی طرف توجہ دلائی جو عام لوگوں کی نگاہوں سے اوجھل تھے۔

    آئیے ان کے کچھ اقوال سے آپ بھی فیض حاصل کریں۔

    اگر تمہارا دل آتش فشاں ہے، تو تم اس میں سے پھول کھلنے کی توقع کیسے کرسکتے ہو؟

    میں نے باتونی سے خاموشی سیکھی، شدت پسند سے برداشت کرنا سیکھا، نامہربان سے مہربانی سیکھی، اور کتنی حیرانی کی بات ہے کہ میں ان استادوں کا شکر گزار نہیں ہوں۔

    خود محبت بھی اپنی گہرائی کا احساس نہیں کرپاتی جب تک وہ جدائی کا دکھ نہیں سہتی۔

    بے شک وہ ہاتھ جو کانٹوں کے تاج بناتے ہیں، ان ہاتھوں سے بہتر ہیں جو کچھ نہیں کرتے۔

    کیا یہ عجیب بات نہیں کہ جس مخلوق کی کمر میں مہرے نہیں، وہ سیپی کے اندر مہرہ دار مخلوق سے زیادہ پر امن زندگی بسر کرتی ہے۔

    تم جہاں سے چاہو زمین کھود لو، خزانہ تمہیں ضرور مل جائے گا۔ مگر شرط یہ ہے کہ زمین کامیابی کے یقین کے ساتھ کھودو۔

    گزرنے والا کل آج کی یاد ہے، آنے والا کل آج کا خواب ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فاروق ستار کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ

    فاروق ستار کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی پر مشاورت سمیت ملک کی سیاسی صورتحال اور انتخابی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لیے ایک صفحہ پر آگئے۔

    متحدہ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے حوالے سے مشاورت، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور انتخابی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت وفد جلد ہی ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ کرے گا جس میں نئے اپوزیشن لیڈر کے نام پر غور کیا جائے گا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت کے بعد تحریک انصاف کے امیدوار کا بطور اپوزیشن لیڈر پلڑا بھاری ہو نے کا قوی امکان ہے۔


     

  • جنگلی حیات سے محبت کرنے والے چلتن مارخور کی حفاظت کے لیے کوشاں

    جنگلی حیات سے محبت کرنے والے چلتن مارخور کی حفاظت کے لیے کوشاں

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میں کوہ چلتن نامی پہاڑ بھی شامل ہے جو دلکش مناظر کے ساتھ پہاڑی بکروں کی ایک نایاب نسل کا خوبصورت مسکن ہے۔

    وادی کوئٹہ کے جنوب مغرب میں واقع کوہ چلتن میں 100 سے زائد اقسام کے نایاب جنگلی جانور اور پرندے پائے جاتے ہیں جن کے تحفظ کے لیے 27 ہزار سے زائد ایکڑ پر محیط اس پہاڑی سلسلے کو سنہ 1980 میں ہزار گنجی چلتن نیشنل پارک کا درجہ دیا گیا ہے۔

    اس پہاڑی سلسلے میں مارخور کی ایک نایاب نسل بھی موجود ہے جو پاکستان کے قومی جانور سلیمان مارخور اور بلوچستان کے جنگلی بکرے کے اختلاط (کراس بریڈ) سے وجود میں آیا ہے۔

    چلتن مارخور

    مقامی افراد اسے چلتن مار خور کے نام سے جانتے ہیں۔

    ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق چلتن مارخور دنیا بھر میں معدومی کے خطرے کا شکار ہے تاہم پاکستان میں اس کے تحفظ کے لیے سرکاری و انفرادی دونوں سطحوں پر کام کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ دونوں اقسام کے مارخوروں میں سینگوں کا فرق ہے۔ قومی جانور سلیمان مارخور کے سینگ بل کھاتے ہوئے ہیں جبکہ چلتن مارخور کے سینگ سیدھے ہیں۔

    پاکستان کا قومی جانور ۔ سلیمان مارخور

    کوہ چلتن ۔ قدرت کا شاہکار

    کوہ چلتن کی خوبصورتی چاروں موسموں میں بے مثال ہے۔

    یہاں بسنے والے لومڑی، بھیڑیے، خرگوش اور پہاڑی بکرے اس مقام کو ایک خوبصورت مقام میں تبدیل کردیتے ہیں جہاں فطرت اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ موجود ہے۔

    یہاں موجود جنگلی انجیر، دیگر پھلوں کے درخت اور مختلف اقسام کی جڑی بوٹیاں اس مقام کے حسن کو مزید دوبالا اور ماحول کو معطر کیے رکھتی ہیں جبکہ جنگلی پرندوں کی چہچاہٹ دلوں کو خوشی سے بھردیتی ہے۔

    کوہ چلتن کا شمار بلوچستان کے بلند پہاڑوں میں ہوتا ہے جو کوہ پیماؤں کی توجہ کا مرکز بھی ہے۔

    بلوچستان کے لوک گیتوں میں بہادری اورخوبصورتی کے لیے چلتن کے نام کو بطور استعارہ استعمال کیا جاتا ہے جبکہ اس پہاڑ سے مختلف کہانیاں بھی منسوب ہیں۔ یہ ایک حسین تحفہ ہے جو قدرت نے اس سرزمین کو نوازا ہے۔

    خصوصی رپورٹ: منظور احمد رپورٹر کوئٹہ


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پنجاب اسمبلی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں قرارداد منظور

    پنجاب اسمبلی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں قرارداد منظور

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع پنجاب اسمبلی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں قرارداد منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں سابق اور نااہل وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔

    قرارداد میں پاک چین اقتصادی راہداری، ایٹمی دھماکوں اور نیپ پر نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ نواز شریف کے خلاف ہر سازش کو بے نقاب کریں گے۔ نواز شریف کے خلاف سازشوں کا قانونی اور سیاسی محاذ پر مقابلہ کریں گے۔

    اس موقع پر اپوزیشن نے حکومتی ارکان کی پیش کی گئی قرارداد کے خلاف احتجاج کیا۔ اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نا اہل قرار دیا ہے۔ نواز شریف نا اہلی کے بعد پارٹی قائد نہیں رہ سکتے۔


     

  • مریم لاؤ لشکر کے ساتھ انتخابی مہم چلا رہی ہیں، الیکشن کمیشن روک نہیں سکا: کائرہ

    مریم لاؤ لشکر کے ساتھ انتخابی مہم چلا رہی ہیں، الیکشن کمیشن روک نہیں سکا: کائرہ

    لاہور: پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اختیارات ہونے کے باوجود الیکشن کمشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی نہیں کر رہا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے لاہور میں پریس کانفرنس میں حلقہ این اے 120 میں الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے آئین پر عملدر آمد کا مطالبہ کردیا۔

    پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری ندیم افضل چن نے کہا کہ مریم نواز سرکاری وسائل استعمال کر رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کی درخواست پر عدلیہ نے فیصلہ دیا ہے، حکمران جماعت کا احتساب نہیں ہو رہا۔ ٹیکس ریکارڈ کے بعد خطرہ ہے کہ پاناما لیکس کا ریکارڈ بھی نہ جل جائے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے 20 ستمبر کو ساہیوال اور جمعرات کے روز مزنگ میں جلسے کا بھی اعلان کیا۔


     

  • کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواستیں مسترد

    کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواستیں مسترد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 120 کے لیے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ 3 رکنی بنچ نے 1۔2 سے اکثریتی فیصلہ سنایا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس امین الدین، جسٹس عباد الرحمٰن لودھی اور جسٹس شاہد جمیل پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے پیپلز پارٹی کے فیصل میر، عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری سمیت 4 درخواستوں کی سماعت کی۔

    درخواست گزاروں کے وکلا نے دلائل دیے کہ کلثوم نواز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کا ذکر کیا مگر اس سے حاصل ہونے والی آمدن اور اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ کلثوم نواز نے مختلف کمپنیوں کے حصص کے متعلق تفصیلات بھی فراہم کیں نہ مری میں جائیداد کے متعلق ذکر کیا۔

    مزید پڑھیں: کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور

    درخواست گزاروں کے مطابق کلثوم نواز کے خلاف سندھ میں بغاوت کا مقدمہ درج ہے مگر انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اسے جان بوجھ کر ظاہر نہیں کیا۔ کلثوم نواز نے حقائق چھپائے اور جھوٹ بولا لہٰذا وہ الیکشن لڑنے کی اہل نہیں۔

    درخواست میں کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر کو ٹھوس شواہد دیے گئے مگر انہوں نے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے لہٰذا عدالت ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور کلثوم نواز کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکے۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ریٹرننگ افسر نے اپنی ذمہ داری پوری کی؟ جس پر سرکاری وکیل نے بیان دیا کہ ریٹرننگ افسر نے قانون کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت کے وکلا نے بھی درخواستوں کو نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کرنے کی استدعا کی۔

    عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواستیں مسترد کردیں۔ بنچ کے 2 فاضل اراکین نے درخواستیں مسترد کردیں تاہم ایک رکن نے اختلافی نوٹ دیا اور درخواستیں منظور کر لیں۔

    پیپلز پارٹی کے فیصل میر اور عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری کی جانب سے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔


     

  • مسلم لیگ ن کی پارٹی رجسٹریشن کی منسوخی کے لیے تمام درخواستیں یکجا

    مسلم لیگ ن کی پارٹی رجسٹریشن کی منسوخی کے لیے تمام درخواستیں یکجا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ نواز کی بطور پارٹی رجسٹریشن کی منسوخی کے لیے دائر کردہ چاروں درخواستوں کو سماعت کے لیے یکجا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مسلم لیگ ن کی پارٹی رجسٹریشن منسوخی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

    درخواست گزاروں اور نواز شریف کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے پارٹی رجسٹریشن کی منسوخی کے لیے چاروں درخواستوں کو یکجا کر دیا۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر تمام درخواستوں پر دلائل سنیں گے۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن میں درخواستوں پر سماعت 26 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

    مسلم لیگ نواز کے وکیل آئندہ سماعت پر نواز شریف کی جانب سے جواب داخل کریں گے۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن منسوخی کے لیے درخواستیں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک، رئیس عبد الواحد اور مخدوم انقلابی نامی اشخاص نے دائر کر کھی ہیں۔


     

  • انصار الشریعہ پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے: وزیر داخلہ

    انصار الشریعہ پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ انصار الشریعہ کا سرغنہ اور 4 مرکزی کردار گرفتار ہوچکے ہیں، تنظیم پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بتایا کہ انصار الشریعہ کا سرغنہ گرفتار ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق تنظیم پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔

    مزید پڑھیں: انصار الشریعہ کا سربراہ افغانستان سے تربیت یافتہ

    احسن اقبال نے مزید بتایا کہ انصار الشریعہ سے متعلق ڈی جی رینجرز سے بریفنگ لی ہے، پورے نیٹ ورک کو جلد بریک کرلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ انصار الشریعہ کے 4 مرکزی کرداروں کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ کچھ عناصر کا پیچھا جاری ہے انہیں بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کو بہتر طریقے سے چلانا ہے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو دہشت گردی کی لعنت سے روکنا ہے۔ ’ہم نے تمام وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ بھی کی تھی جس میں فیصلہ ہوا کہ وفاق المدارس کا بنایا فارم لازمی پر کروایا جائے گا‘۔


    ایم کیو ایم کو سیاسی آزادی حاصل

    وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان سمیت تمام جماعتوں کو سیاسی آزادی ہے۔ کسی بھی پر تشدد گروہ یا جماعت کو اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں۔

    انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے حوالے سے تقریر کے متعلق کہا کہ ٹرمپ نے تقریر کی لیکن روس، چین اور یورپی ممالک نے ہماری تائید کی۔


     

  • علماء کا ایک بار پھر پولیو کے خاتمے میں تعاون کا عزم

    علماء کا ایک بار پھر پولیو کے خاتمے میں تعاون کا عزم

    اسلام آباد: قومی اسلامی مشاورتی گروپ (این آئی اے جی) نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک میں جاری پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی تمام مہمات میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے اور اس موذی مرض کا پاک وطن سے خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں منعقد کیے جانے والے گروپ کے اجلاس میں صوبائی و قومی سطح پر پولیو کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    یہ تمام اقدامات پولیو کے خاتمے کے لیے بنائے جانے والے پروگرام نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان (این ای اے پی) 18۔2017 کے تحت اٹھائے جارہے ہیں۔

    گو کہ رواں برس اب تک ملک میں صرف 4 پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی اور یوں لگ رہا ہے کہ پاکستان پولیو فری ملک بننے کی جانب بڑھ رہا ہے، لیکن اس سلسلے میں مرتب کی جانے والی رپورٹس کچھ اور ہی حقائق بتاتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: یونیسف کو پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا یقین

    پروگرام کے ماحولیاتی نگرانی نیٹ ورک کی تحقیق کے مطابق مختلف شہروں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس تاحال موجود ہے جن میں صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی، بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع قلعہ عبداللہ شامل ہے۔

    دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کا پانی بھی اس سے پاک نہیں۔

    اجلاس میں شریک وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے پولیو سینیٹر عائشہ رضا نے علما سے درخواست کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور مقامی آبادیوں میں پولیو کے قطروں کے حوالے سے رائج مختلف اعتقاد اور توہمات کو ختم کرنے کی کوشش کریں۔

    مزید پڑھیں: پشاور کا پانی پولیو وائرس سے پاک قرار

    سینیٹر عائشہ رضا نے کہا، ’ہم سے پوچھا جاتا ہے کہ بچے کو پولیو کے قطرے کب تک پلائے جائیں گے۔ پولیو کے یہ قطرے جسمانی صحت کے لیے بالکل بے ضرر ہیں البتہ یہ پولیو وائرس کے خلاف ایک ڈھال کی صورت کام کرتے ہیں۔ تو یہ ڈھال جتنی زیادہ مضبوط ہوگی پولیو وائرس کے حملے کا خطرہ اتنا ہی کم ہوتا جائے گا‘۔

    انہوں نے اس پہلو کی طرف بھی اشارہ کیا کہ باقاعدگی سے ہر سال پولیو کے قطرے نہ پینے والے بچے بھی بعض اوقات پولیو وائرس کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

    اجلاس میں قومی اسلامی مشاورتی گروپ کے سربراہ مولانا حنیف جالندھری نے بتایا کہ بچوں کو پولیو وائرس اور عمر بھر کی معذوری سے بچانا اسلام اور شریعت کی رو سے ہمارا فرض ہے کیونکہ ہمارے بچوں کی دیکھ بھال اور مناسب پرورش ہماری ذمہ داری ہے جب تک کہ وہ خود باشعور نہیں ہوجاتے۔

    انہوں نے بتایا، ’جب بھی پولیو ٹیم میرے گھر کے دروازے پر آتی ہے، میری کوشش ہوتی ہے کہ میرے گھر میں موجود بچوں میں سے کوئی بھی یہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے‘۔

    انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک پاکستان پولیو سے پاک ملک نہیں بن جاتا اور ہمارے بچے اس موذی وائرس سے محفوظ نہیں ہوجاتے، اس مہم کے ساتھ ہمارا تعاون ہر حال میں جاری رہے گا۔

    مزید پڑھیں: قبائلی علاقے میں پولیو کیسز کی شرح صفر

    یاد رہے کہ قومی اسلامی مشاورتی گروپ سنہ 2013 میں قائم کیا گیا تھا جس کا بنیادی مقصد پاکستانی کے چوٹی کے علماؤں کے ذریعے ملک بھر میں یہ پیغام عام کرنا تھا کہ انسداد پولیو وائرس کے قطرے نہ تو انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں، اور نہ ہی کوئی مذہبی عقیدہ اسے پینے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

    سنہ 2013 سے ان علماؤں نے خصوصاً قبائلی علاقوں میں لوگوں کی ذہن سازی میں خصوصی کردار ادا کیا ہے جس کے بعد اب آہستہ آہستہ انسداد پولیو وائرس کے قطرے پینے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور پولیو کے قطروں کے بارے میں رائج توہمات کا بھی خاتمہ ہو رہا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • آزادی کپ، پاکستان نے ورلڈ الیون کو شکست دے دی

    آزادی کپ، پاکستان نے ورلڈ الیون کو شکست دے دی

    لاہور: آزادی کپ کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 20 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی، بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہونے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، سرفراز الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو جیت کے لیے 198 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں ورلڈ الیون مقررہ 20 اوورز میں صرف 177 رنز ہی بنا سکی۔

    پڑھیں: پاکستان بمقابلہ ورلڈ الیون، کھلاڑیوں کا خوبصورت رکشوں پر گراؤنڈ کا چکر

    پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 197 رنز بنائے اور ورلڈ الیون کو جیت کے لیے 198 رنز کا ٹارگٹ دیا، پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 86 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ احمد شہزاد 39 اور شعیب ملک 38 رنز بنا کر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبرز پر رہے۔

    Image may contain: text

    ورلڈ الیون کے تسارا پریرا 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں باؤلر رہے جبکہ مورنی مورکل، عمران طاہر اور بین کٹنگ نے1،1 وکٹ حاصل کی۔

    ورلڈ الیون کی جانب سے سیمی 16 گیندوں پر 29 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے رومان رئیس، سہیل خان اور شاداب خان نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ورلڈ الیون اننگز

    بیسویں اوور میں سیمی نے ٹیم کو فتح دلوانے کی بھرپور کوشش کی مگر اُن کی قسمت نے ساتھ نہ دیا اور پاکستان نے مخالف ٹیم کو 20 رنز سے شکست دی۔

    دوسری اننگز جھلکیاں

    انیسویں اوور میں سیمی نے دو بار گیند کو باؤنڈری کے باہر پھینکا جس کے بعد ٹیم کا مجموعی اسکور 163 تک پہنچا۔

    اننگز کا اٹھارواں اوور حسن علی نے کیا جس میں صرف تین رنز کا اضافہ ہوا اور مجموعی اسکور 151 تک پہنچا۔

    سترہویں اوور میں بھی سہیل خان نے گرانٹ ایلیٹ کو پویلین کی راہ دکھائی انہوں نے 14 رنز اسکور کیے، اوور اختتام پر ورلڈ الیون نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز اسکور کیے۔

    سولہویں اوور میں ورلڈ الیون کے کھلاڑی نے مسلسل تین چوکے لگائے جس کے بعد ٹیم کا مجموعی اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر 139 رنز تک پہنچا۔

    پندرہواں اوور شاداب خان نے کیا اور اس میں بھی ورلڈ الیون کے ایک اور کھلاڑی ملر آؤٹ ہوئے، اوور اختتام پر مجموعی اسکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 123 تک پہنچا۔

    چودہویں اوور کی دوسری بال پر پین نے باؤنڈری لگانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے اور کیچ آؤٹ ہوگئے، سہیل خان کے اوور میں ورلڈ الیون صرف تین رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جس کے بعد مجموعی اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 110 تک پہنچا۔

    تیرہویں اوور کی دوسری گیند پر شاداب خان نے ڈپلیسی کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 18 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 29 رنز اسکور کیے،اوور اختتام پر ورلڈ الیون نے تین وکٹوں‌ کے نقصان پر 107 رنز اسکور کیے۔

    بارواں اوور ورلڈ الیون کے لیے اچھا ثابت ہوا اور ڈوپلسی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکا اور تین چوکے لگائے، اوور میں مجموعی طور پر 22 رنز کا اضافہ ہوا۔

    گیارہویں اوور میں مجموعی اسکور 78 تک پہنچا۔

    دسویں اوور کے اختتام پر ورلڈ الیون کا مجموعی اسکور 68 تک پہنچا۔

    شاداب خان نے اپنا پہلا اور اننگز کا 9 واں اوور کروایا جس میں ورلڈ الیون صرف 2 رنز بنا سکی، اوور اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 60 تک پہنچا۔

    آٹھویں اوور میں عماد وسیم نے صرف 3 رنز دیے جس کے بعد ورلڈ الیون کا مجموعی اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 58 تک پہنچا۔

    ساتویں اوور میں 7 رنز کا اضافہ ہوا اور ورلڈ الیون کا مجموعی اسکور 55 تک پہنچا۔

    چھٹا اوور رومان رئیس نے کیا اور دوسری ہی بال پر تمیم اقبال کو کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، اوور کی آخری بال پر رومان نے ہاشم آملہ کو بھی پویلین بھیجا اس طرح یہ اوور ورلڈ الیون پر بھاری پڑا کیونکہ دونوں اوپنرز پویلین لوٹے، کامیاب اوور کے اختتام پر ورلڈ الیون کا اسکور دو وکٹوں کے نقصان پر 48 تک پہنچا۔

    پانچویں اوور کے اختتام پر ورلڈ الیون نے 39 رنز اسکور کیے۔

    چوتھا اوور سہیل خان نے کیا جس میں 11 رنز کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے 29 رنز تک پہنچا۔

    تیسرے اوور عماد سوسیم نے کیا جس میں ہاشم آملہ نے ایک چھکا مارا اور مجموعی اسکور 18 رنز تک پہنچایا۔

    سہیل خان نے اننگز کا دوسرا اور اپنا پہلا اوور شروع کیا، اختتام پر ورلڈ الیون نے 11 رنز اسکور کیے،

    ورلڈ الیون کی جانب سے اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے کیا جبکہ اٹیکنگ اوور کے لیے سرفراز احمد نے عماد وسیم کو منتخب کیا، اوور کے اختتام پر مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے چار رنز تک پہنچا۔

    پاکستان اننگز

    بیسویں اوور کی پہلی گیند پر شعیب ملک نے چھکا مارا تاہم اگلی ہی بال پر پھریرا نے انہیں کلین بولڈ کیا، عماد وسیم کا ساتھ دینے کے لیے فہیم اشرف کریز پر آئے، عماد وسیم نے آخری اوور میں 2 چھکے مار کر مجموعی اسکور 197 تک پہنچایا۔

    اننگز کی ویڈیو جھلکیاں

    سرفراز کے آوٹ ہونے کے بعد عماد وسیم شعیب ملک کا ساتھ دینے کے لیے کریز پر آئے، انیسویں اوور کی ابتدائی 3 گیندوں پر شعیب ملک نے لگاتار 3 چوکے لگائے، اوور اختتام پر مجموعی اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 166 تک پہنچا۔

    اٹھارہویں اوور میں شعیب ملک نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے اسکور کو 166 رنز تک پہنچایا تاہم آخری گیند پر سرفراز احمد وکٹ گنوا بیٹھے، اوور اختتام پر پاکستان نے چار وکٹ کے نقصان پر 166 رنز اسکور کیے۔

    سترہویں اوور میں142 رنزپر پاکستان کی تیسری وکٹ گری، بابراعظم 86 رنز بنا کرعمران طاہر کی گیند پرآؤٹ ہوئے، شعیب ملک کا ساتھ دینے کے لیے کپتان نے بلا سنبھالا اور کریز پر آئے، اوور اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز اسکور کیے۔

    سولہویں اوور میں احمد شہزاد کیچ آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹے، انہوں نے 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 39 رنز بنائے، بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے شعیب ملک بلا سنبھال کر کھیلنے کے لیے آئے، اوور اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم نے دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 133 رنز اسکور کیے۔

    چودہویں اوور میں ایک چھکے کی مدد سے اسکور 130 تک پہنچا۔

    تیرہویں اوور میں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ پیش کیا جس کی وجہ سے مجموعی اسکور 117 تک پہنچا۔

    پہلی وکٹ جلدی گرنے کے باوجود بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ہر اوور میں اسکور حاصل کرتے رہے، گیارہویں اوور کی دوسری بال پر 100 رنز مکمل ہوئے اوور اختتام پر مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 106 تک پہنچا۔

    دسویں اوور کی چوتھی بال پر بابر اعظم نے 33 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، اوور اختتام پر مجموعی اسکور 85 تک پہنچا۔

    نویں اوور میں 6 رنز بنے جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کا مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 76 تک پہنچا۔

    آٹھ اوورز کا کھیل مکمل ہونے پر قومی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز اسکور کیے، بابر اعظم نے ستائیس گیندوں کا سامنا کر کے 42 جبکہ احمد شہزاد نے 18 گیندوں کا سامنا کر کے 20 رنز اسکور کیے۔

    ساتویں اوور میں بابر اعظم کے شاندار چوکوں کے باعث ٹیم کا مجموعی اسکور 62 تک پہنچا، اوور اختتام پر بابر اعظم 40 اور احمد شہزاد 14 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

    چھٹے اوور میں 9 رنز کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی اسکور 49 تک پہنچا، اوور اختتام کے ساتھ پہلا پاؤر پلے بھی اختتام کو پہنچا۔

    پانچویں اوور میں مزید رنز بنے تو اسکور41 ہوگیا،اس اوور کے اختتام تک بابر اعظم کے 21 رنز اور احمد شہزاد کے 11 رنز تھے۔

    چوتھے اوور میں بابر اعظم اور احمد شہزاد نے ایک ایک چوکا مارا، اوور کے اختتام تک پاکستان کا اسکور 34 ہوگیا۔

    تیسرے اوور کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر پاکستان نے 24 رنز اسکور کیے، کریز پر بابر اعظم اور احمد شہزاد موجود رہے۔

    دوسرے اوور میں بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دو چوکے مارے، اوور اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 21 رنز اسکور کیے۔

    پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز فخر زمان اور احمد شہزاد نے کیا جبکہ ورلڈ الیون کی جانب سے پہلا اوور مورکل نے کیا، یکے بعد دیگرے دو چوکے مارنے کے بعد فخر زمان سلپ پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے، انہوں نے چار گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 رنز اسکور کیے۔ اوور اختتام پر ٹیم کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 12 تک پہنچا۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ الیون کی آمد پاکستان میں عالمی کرکٹ لانےمیں پہلا قدم ہے‘ اینڈی فلاور

    ٹاس کے بعد گفتگو

    اس موقع پر ورلڈ الیون کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر بے حد خوشی ہوئی اور امید ہے کہ ایک اچھی سیریز کھیلنے کو ملے گی، مخالف ٹیم پراعتماد ہے کیونکہ اسے ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کا ایڈوانٹیج بھی حاصل ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اگر میں ٹاس جیتتا تو میری بھی پہلے ترجیح بیٹنگ کرنا ہوتی کیوں کہ یہ بیٹنگ پچ ہے اور مخالف ٹیم کو بڑا ٹارگٹ دے کر نفسیاتی برتری حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    اسکواڈ

    پاکستانی بلے باز فہیم اشرف کے ڈیبیو پر تمام کھلاڑیوں نے مبارک باد پیش کی

    کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی میں ہوٹل سے اسٹیڈیم لایا گیا اور رکشے کے ذریعے پورے گراؤنڈ کا چکر لگوایا گیا، شائقین نے ورلڈ الیون اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا شاندار انداز میں استقبال کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔