Tag: اے آر وائی نیوز

  • زندگی سے لڑنے کا حوصلہ اس معصوم بچے سے سیکھیں

    زندگی سے لڑنے کا حوصلہ اس معصوم بچے سے سیکھیں

    کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ ایک مشکل، سخت اور پریشان کن زندگی گزار ر ہے ہیں؟ بعض اوقات آپ اس قدر ذہنی تناؤ کا شکار ہوجاتے ہیں کہ خودکشی کے بارے میں بھی سوچنے لگتے ہیں؟ تو پھر آپ کو یہ ویڈیو دیکھنے کی ضرورت ہے جس میں ایک 2 سال کا معصوم بچہ آپ پر زندگی کے نئے مطالب وا کر رہا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں 2 بچے دکھائی دے رہے ہیں جن میں سے ایک نسبتاً بڑی بچی ہے جو سیڑھیاں چڑھ کر سلائیڈز لے رہی ہے۔

    سیڑھیوں پر ایک اور ننھا سا بچہ بھی موجود ہے جو سیڑھیاں نہیں چڑھ پا رہا۔

    بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ اپنی کم عمری کے باعث یہ بچہ سیڑھیاں چڑھنے سے محروم ہے، لیکن اگر آپ غور سے اس بچے کو دیکھیں تو آپ پر یہ ہولناک انکشاف ہوگا کہ یہ بچہ دونوں ہاتھوں اور پاؤں سے محروم ہے۔

    مزید پڑھیں: معذور بچی کی مصنوعی ٹانگ کا اسکول میں پرجوش استقبال

    لیکن داد دیجیئے اس ماں کے حوصلے کی جو ویڈیو بناتے ہوئے مسلسل اپنے بچے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور اسے سیڑھیاں چڑھ کر سلائیڈ لینے کی ترغیب دے رہی ہے۔

    اس دوران وہ بچہ منہ کے بل گر بھی رہا ہے، لڑکھڑا بھی رہا ہے، لیکن اس کی ماں اور بڑی بہن مسلسل اس کی مدد کر رہے ہیں اور اس کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

    ننھا بچہ آہستہ آہستہ سیڑھیاں چڑھ کر گرتا پڑتا سلائیڈ تک پہنچتا ہے اور بالآخر سلائیڈ لینے میں کامیاب ہوجاتا ہے جس کے بعد خود اس بچے اور اس کی ماں کی خوشی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

    یہ تو ایک معمولی سلائیڈ تھی جسے کھیلنے کے لیے دونوں ہاتھ پاؤں سے معذور اس بچے کو اس قدر مشکل کا سامنا کرنا پڑا، ذرا سوچیئے آگے چل کر اسے زندگی میں کتنی بار اور کہاں کہاں اس اذیت ناک کیفیت سے گزرنا ہوگا جہاں وہ ٹوٹے گا، بکھرے گا، تکلیف کا شکار ہوگا، لیکن اس کی ماں کے حوصلہ افزائی سے بھرپور الفاظ یقیناً اس کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گے۔

    اب بتائیں، اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد آپ کو اپنی زندگی کتنی مشکل اور سخت لگ رہی ہے؟


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی، سرفرازاحمد فتح کے لیے پُرعزم

    آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی، سرفرازاحمد فتح کے لیے پُرعزم

    لاہور: آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹرافی کی رونمائی کی جب کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل کھیلا جائے گا.

    آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کل کے میچ کے لیے ہماری تیاریاں اچھی ہیں اور ٹرافی جینتے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے.

    سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ الیون میں دنیا کے بہترین کھلاڑی شاامل ہیں جو ہمیں ٹف ٹائم دینے کی مکمل صلاحیت بھی رکھتے ہیں تاہم پاکستان بھی پوری تیاری کر کے میدان میں اترے گی اور ورلڈالیون کے خلاف بھر پور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے.

    سرفراز احمد نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے اگر اچھا کھیلیں گے تو داد بھی ملے گی، امید ہے مقابلہ سخت ہوگا اور شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور ہماری بھی کوشش ہوگی عالمی منتخب پلیئرزکی ٹیم کوٹف ٹائم دیں گے.

    انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ اچھی ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اپنی پوزیشن برقرار رکھیں تاہم ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم بڑی نہیں جواچھا کھیلتی ہے وہی فاتح ٹیم بنتی ہے.

    ٹیم اسکواڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامردستیاب نہیں ہیں لیکن ہمارے پاس ان کا متبادل موجود ہے اور میں کسی ایک بالر پر انحصار نہیں کر رہا ہوں ٹیم کا مورال بلند ہے.

    سرفراز احمد لکا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون میں میرے پسندیدہ کھلاڑی ہاشم آملہ ہیں اور چیمپئنز ٹرافی کے بعد ذمے داری بڑھ گئی ہے اس لیے کوشش ہوگی کہ ایونٹ جیتیں اور قوم کے اعتماد پر اتریں.

    کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفرازاحمد نے کہا کہ کراچی میرا ہوم گراؤنڈ ہے اور وہاں حالات اب بہتر ہو رہے ہیں جس کے بعد امید ہوچلی ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی میں بھی ہوں گے بعد ازاں کراچی کے بعد پورے ملک میں انٹرنیشنل میچز ہوں گے.

    انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت تمام بورڈز کا شکر گزار ہوں اور اب بھارت کی ٹیم بھی بہت جلد پاکستان آئے گی جس سے پاکستان میں کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • تہران: خواجہ آصف کی ایرانی صدر و وزیر خارجہ سے ملاقات

    تہران: خواجہ آصف کی ایرانی صدر و وزیر خارجہ سے ملاقات

    تہران: وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ایرانی دارالحکومت تہران میں ایرانی ہم منصب جواد ظریف اور ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف آج صبح ہی ایران پہنچے جہاں ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے خواجہ آصف کا استقبال کیا۔

    بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    ملاقات میں امریکا کی افغانستان اور جنوبی ایشیا کے لیے پالیسی اور اس کے خطے پر اثرات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی شریک تھیں۔

    ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے بعد خواجہ آصف نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں پاک ایران باہمی تعلقات، بین الاقوامی اورخطے کی صورتحال اور امریکا کی نئی افغان پالیسی اور خطے پر اس کے اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف اس سے قبل چین کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ چین کے دورے پر روانگی سے قبل انہوں نے خارجہ پالیسی کے بنیادی خدوخال میں تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کو بتائیں گے کہ ہم نے کتنی قربانیاں دی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قربانیوں کا اعتراف کرنے والے ممالک کے ساتھ پاکستان آگے بڑھے گا۔


     

  • ورلڈ 11 میں کوئی پھٹیچرکھلاڑی نہیں، سیاسی رنگ نہ دیا جائے: وزیر داخلہ

    ورلڈ 11 میں کوئی پھٹیچرکھلاڑی نہیں، سیاسی رنگ نہ دیا جائے: وزیر داخلہ

    کراچی: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ورلڈ 11 میں کوئی پھٹیچر کھلاڑی نہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ لاہور میں میچز کے انعقاد کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ انہوں نے نواز شریف اور ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں میں ملاقات کی بھی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے مزار قائد پر حاضری دی۔ انہوں نے بانی پاکستان کی آخری آرام گاہ پر پھول چڑ ھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ 11 میں کوئی پھٹیچر کھلاڑی نہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ لاہور میں میچز کے انعقاد کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے اور کرکٹ کی واپسی پر تعصب نہیں پھیلانا چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عملدر آمد ہو رہا ہے۔ ملک میں فرقہ واریت کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر احسن اقبال نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں میں ملاقات کی تردید بھی کردی۔


     

  • خودکشی پر مجبور کرنے والے بلیو وہیل سے نمٹنے کے لیے فیس بک میدان میں

    خودکشی پر مجبور کرنے والے بلیو وہیل سے نمٹنے کے لیے فیس بک میدان میں

    نئی دہلی: انٹرنیٹ پر تیزی سے مشہور ہونے والے بدنام زمانہ اسمارٹ فون گیم بلیو وہیل کے خطرات کی روک تھام کے لیے فیس بک نے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بھارت میں موجود آفس کا کہنا ہے کہ وہ بلیو وہیل گیم کی جانب سے دیے جانے والے خطرناک چیلنجز سے صارفین کو روکنے کے لیے خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے سے محفوظ رکھنے کے طریقوں کو فیس بک پر فروغ دیں گے۔

    اس مقصد کے لیے فیس بک ان ہیش ٹیگز اور مختلف فیس بک گروپس کو استعمال کرے گا جن میں لوگوں کو خود کو نقصان پہنچانے کی ترغیب دی جارہی ہو۔

    ان کے مطابق وہ فیس بک سے ایسا مواد ہٹانے پر بھی کام کر رہے ہیں جس میں خود کو یا کسی دوسرے کو نقصان پہنچانے کے خیالات کا اظہار یا فروغ کیا جارہا ہو۔

    مزید پڑھیں: فیس بک کا جعلی خبروں کے صفحات کی بندش کا فیصلہ

    فیس بک نے یہ کام ایک روز قبل سے شروع کیا ہے جب 10 ستمبر کو دنیا بھر میں خودکشی سے تحفظ کا عالمی دن منایا جارہا تھا۔

    فیس بک کے مطابق ان نئے اقدامات کے ذریعے نہ صرف لوگ خود بھی خودکش خیالات سے محفوظ رہ سکیں گے بلکہ اگر وہ اپنے کسی دوست یا عزیز کو اس قسم کی صورتحال سے دو چار دیکھیں گے تو فوری طور پر اس کی بھی مدد کرسکیں گے۔

    یاد رہے کہ انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبول ہونے والا گیم بلیو وہیل نہایت خطرناک چیلنجز پر مبنی ہے جس کی شروعات ہی صارف کو بلیڈ سے اپنی کلائی پر وہیل کی تصویر بنانے کی ہدایت سے ہوتی ہے۔

    یہ گیم صارف سے اس کی قابل اعتراض تصاویر بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کو کہتا ہے۔ 50 چیلنجز پر مبنی اس کھیل کا آخری چیلنج خودکشی کرنا ہے۔

    دنیا بھر میں اب تک درجنوں افراد اس کھیل کو کھیلنے کے باعث موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔

    اس کھیل کا تخلیق کار 22 سالہ روسی نوجوان فلپ ہے جو فی الحال پولیس کی حراست میں ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عید کی دعوتیں نمٹانے کے بعد آج سبزیوں کی یہ لذیذ ڈش بنائیں

    عید کی دعوتیں نمٹانے کے بعد آج سبزیوں کی یہ لذیذ ڈش بنائیں

    گزشتہ ہفتہ عید الاضحیٰ کا ہفتہ تھا جس کے دوران آپ نے یقیناً مختلف دعوتوں میں شرکت کی ہوگی۔ گھر میں رہنے والے افراد نے بھی گوشت کے مزے مزے کے لیکن مرغن کھانے بنائے ہوں گے جنہیں کھانے کے بعد اب یقیناً آپ کا گوشت کی طرف دیکھنے کو بھی دل نہیں چاہ رہا ہوگا۔

    اسی لیے منہ کا ذائقہ بدلنے، اور معدے اور نظام ہضم کو آرام پہنچانے کے لیے آج ہم آپ کو سبزیوں کا ٹیمپورا بنانے کی ترکیب بتارہے ہیں۔

    یہ دراصل جاپانی ڈش ہے جسے یاسائی نو تیمپورا کہا جاتا ہے۔ اس ڈش کو بنانے کا آغاز تو پرتگال سے ہوا تاہم اس کا پھیلاؤ اور مقبولیت جاپان میں ہوئی لہٰذا اب اسے جاپانی پکوان کہا جاتا ہے۔


    اجزا

    ٹیمپورا کا آمیزہ بنانے کے لیے

    انڈا: نصف پھینٹا ہوا

    سرد پانی: ملی لیٹر

    میدہ: 150 گرام

    مزید اجزا

    گاجر: عدد

    آلو: 2 عدد

    پیاز: 100 گرام

    تیل: حسب ضرروت

    میدہ: حسب ضرورت

    لیموں: ایک عدد

    نمک: حسب ذائقہ


    ترکیب

    گاجر کو چھیل کر اوپری سرے کو کاٹ دیں۔ اب اسے 5 سینٹی میٹر لمبے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    ہر ٹکڑے کو 5 ملی میٹر موٹائی کے قتلوں میں کاٹ کر 5 ملی میٹر چوڑے لمبے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    آلو چھیل لیں اور اگر ان پر کسی بھی قسم کی کونپلیں موجود ہوں تو انہیں ہٹا دیں۔ اب 8 ملی میٹر موٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر انہیں فوراً پانی میں بھگو دیں۔

    پیاز چھیل کر جڑ والا حصہ کاٹ دیں اور یکساں طور پر پیاز کی پرتوں کے ساتھ ساتھ 5 ملی میٹر موٹے قتلے بنا لیں۔

    ذائقہ کے طور پر استعمال کیے جانے والے لیموں کو 8 ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    اس کے بعد آمیزہ تیار کریں۔ ایک برتن میں پھینٹا ہوا انڈا اور ٹھنڈا پانی اچھی طرح ملا کر میدہ شامل کریں اور دوبارہ ملائیں۔

    سبزیوں پر تھوڑا سا میدہ چھڑکیں۔ تقریباً 1 کھانے کا چمچ میدہ 1 کاغذ پر پھیلائیں اور ہاتھوں کی مدد سے سبزیوں پر اچھی طرح میدہ لگا دیں۔ آلو پر میدہ لگانے سے قبل ان کا پانی اچھی طرح سے خشک کر لیں۔

    تیل کو 160 ڈگری تک گرم کریں۔ تیل میں آمیزہ کا ایک قطرہ ڈالیں۔ اگر آمیزہ تیل میں ڈوب جائے لیکن فوراً ہی تیل کی سطح پر آ جائے تو سمجھ لیں کہ تیل 160 ڈگری تک گرم ہو چکا ہے۔

    سب سے پہلے آلو کے ٹکڑوں کو تلیں۔ ٹکڑوں پر اچھی طرح آمیزہ لگا لیں اور 3 سے 4 منٹ تک تلیں۔

    سبزیاں سطح پر آ جائیں اور تیل کی سطح پر کسی بھی قسم کے بلبلے بننا تقریباً ختم ہو جائیں تو سبزیوں کو تیل سے اوپر اٹھائیں اور اچھی طرح تیل نکل جانے دیں۔ پھر انہیں فرائنگ پین سے نکال لیں۔

    اب پیاز پر آمیزہ لگائیں۔ ایک بڑے چمچ میں آمیزہ لگے ہوئے پیاز کے ٹکڑوں کو اکٹھا اٹھائیں اور آہستگی سے 160 ڈگری گرم تیل میں ڈالیں۔ اس کے بعد چوپ اسٹک کی مدد سے پیاز کے درمیانی حصے کو ایک بار ہلائیں۔

    اس کے بعد حدت سے آمیزہ پک کر نسبتاً ٹھوس حالت میں آ جائے اور اس کی ایک شکل بن جائے تو اسے پلٹیں۔

    جب سطح سے بلبلے غائب ہو جائیں اور پیاز اوپر آ جائے تو انہیں تیل سے اوپر اٹھائیں اور اچھی طرح تیل نکل جانے دیں۔ پھر انہیں فرائنگ پین سے نکال لیں۔

    گاجر کے ٹکڑوں کو بھی اسی طرح تل لیں۔

    تازہ تلے گئے ٹیمپورا کو ایک پلیٹ میں نکالیں، ان پر نمک اور لیموں ڈال کر لذیذ ٹیمپورا سے لطف اٹھائیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور

    کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے این اے 120 کے لیے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کلثوم نواز سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس امین الدین، جسٹس عباد الرحمٰن لودھی اور جسٹس شاہد جمیل پر مشتمل 3رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔

    عدالت نے پیپلز پارٹی کے فیصل میر، عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری سمیت 4 درخواستوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 13 ستمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز، فیڈریشن اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔

    درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کلثوم نواز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کا ذکر کیا مگر اس سے حاصل ہونے والی آمدن اور اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    مزید پڑھیں: کلثوم نوازکی اہلیت جانچنے والا بنچ دوسری بار تحلیل

    درخواست گزاروں کے مطابق کلثوم نواز کے خلاف سندھ میں بغاوت کا مقدمہ بھی درج ہے مگر انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اسے جان بوجھ کر ظاہر نہیں کیا۔ کلثوم نواز نے حقائق چھپائے اور جھوٹ بولا لہٰذا وہ الیکشن لڑنے کی اہل نہیں۔

    دائر شدہ درخواستوں میں مزید کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر کو ٹھوس شواہد دییے مگر انہوں نے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے لہٰذا عدالت ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور کلثوم نواز کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہائیکورٹ نے مذکورہ درخواستوں کی سماعت کے لیے 2 بار فل بنچ تشکیل دیا تاہم دونوں بنچ تحلیل کردیے گئے اور سماعت نہ ہو سکی جس کے بعد اب یہ تیسرا بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔


     

  • سمندری طوفان ارما فلوریڈا سے ٹکرا گیا، بجلی معطل، 4 افراد ہلاک

    سمندری طوفان ارما فلوریڈا سے ٹکرا گیا، بجلی معطل، 4 افراد ہلاک

    واشنگٹن: بحر اوقیانوس میں بننے والا سمندری طوفان ارما امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا جس کے باعث شہر میامی کے کچھ علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جزائر کیریبیئن اور کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد تاریخ کا بد ترین طوفان ارما فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ طوفان کے پیش نظر میامی کے ساحلوں اور ٹامپا شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ شہر میں 72 گھنٹوں کے لیے ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے۔

    طوفان کے فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد درخت اکھڑ گئے، مکانات تباہ ہوگئے، سڑکیں دریا بن گئیں اور متعدد علاقے زیر آب آگئے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریاست میں 30 لاکھ افراد بجلی کی فراہمی سے محروم ہوچکے ہیں۔ مختلف حادثات میں اب تک 4 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے۔

    میامی میں ائیر پورٹ بھی بند کردیا گیا ہے۔

    امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث 209 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کی تیزہوائیں چلنے اور 15 فٹ تک اٹھنے والی طوفانی لہروں سے علاقے میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

    فلوریڈا کے گورنر رک اسکاٹ کا کہنا ہے کہ انہیں ریاست کی مغربی خلیجی ساحل کے حوالے سے تشویش لاحق ہے جو اس طوفان کا اگلا نشانہ ہوگی۔

    یاد رہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا سے پہلے ہی 63 لاکھ لوگوں کو ساحلی علاقے چھوڑ دینے کے لیے کہا جا چکا ہے۔

    طوفان کے باعث ڈزنی لینڈ بھی بند ہے جبکہ ٹامپا بے ایڈونچر پارک کی انتظامیہ نے نایاب گلابی راج ہنسوں کے جوڑوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔

    دو روز قبل سمندری طوفان ارما کیوبا کے ساحل سے ٹکرایا تھا جس کے بعد مختلف حادثات میں 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کیا آپ نے کسی بالی ووڈ گانے کو چینی لہجے میں سنا ہے؟

    کیا آپ نے کسی بالی ووڈ گانے کو چینی لہجے میں سنا ہے؟

    ویسے تو چین اور بھارت کے درمیان کشیدگی آج کل عروج پر ہے لیکن فن اور ثقافت ان تمام تنازعوں اور سرحدوں سے بالاتر ہوتے ہیں۔ فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد، اور عام لوگ بھی جنگ نہیں چاہتے۔ وہ امن و سکون سے رہنا چاہتے ہیں اور اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک کوشش ایک چینی خاتون نے کی جب انہوں نے ایک بالی ووڈ گانا گا کر سب کو حیران کر دیا۔

    چند روز قبل جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی برکس کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچے تو ایک بھارتی صحافی نے ایک چینی خاتون سے حالیہ چین و بھارت کشیدگی کے متعلق سوالات کرنے شروع کردیے۔

    یہ خاتون خود بھی کوئی معمولی شخصیت نہیں تھیں بلکہ چین کے سرکاری ریڈیو کی صحافی تھیں اور جانتی تھیں کہ ان کا ایک بھی منفی یا مثبت لفظ حالات کو مزید کشیدہ کرسکتا ہے۔

    چنانچہ تانگ یونگائی نامی ان خاتون نے بھارتی صحافی سے ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو کی۔

    اس کے بعد انہوں نے ہندی میں ہی بتایا کہ انہیں ایک پرانی بالی ووڈ فلم کا گانا بہت پسند ہے، اور اس کے بعد انہوں نے بالکل درست الفاظ اور لہجے کے ساتھ وہ گانا گا کر سب کو دنگ کردیا۔

    سنہ 1979 میں بنائی گئی بالی ووڈ فلم نوری میں لتا منگیشکر کا گایا ہو گانا ’آجا رے او دلبر آجا‘ گا کر چینی صحافی نے ایک طرف تو جنگ اور طاقت کے نشے میں چور بھارتیوں کو امن کا پیغام دیا تو دوسری جانب بھارتی صحافی بھی ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوہرا ہوگیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

    روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

    جدہ : میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم، تشدد اور ملک بدر کیے جانے پر اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے کل قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہنگامی اجلاس  طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق میانمار میں مظلوم روہنگیائی مسلمانوں کی آہ و بکا نے سرحدوں کی دیوار چیرتے ہوئے اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم او آئی سی کے حکام تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد کل آستانیہ میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کل آستانہ میں ہونے والے اجلاس کی صدارت ترک صدر طیب اردگان کریں گے جو کہ سائنس وٹیکنالوجی سربراہ اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہوگا اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور کسمپرسی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اس اہم معاملے پر او آئی سی کا مشترکہ مؤقف سامنے لایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چار ماہ سے جاری روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی، قتل عام اور سیکڑوں بستیاں جلانے کے باعث لاکھوں روہنگیائی مسلمان در بدر ہوں گئے جنہیں کہیں پناہ نہیں مل پارہی کچھ بنگلہ دیش پہنچ گئے ہیں جب کہ زیادہ تر تاحال سطح دریا پر کشتیوں پر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ او آئی سی کی جانب سے ہنگامی اجلاس طلب کرنا دیر آید درست آید کے مترادف ہے اور ترک صدر کی سربراہی کے باعث توقع کی جارہی ہے کہ اجلاس اس ایشو پر کوئی ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی پوزیشن میں ہوگا اور روہنگیائی مسلمانوں کے مشکلات میں کمی واقع ہو پائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔