Tag: اے آر وائی نیوز

  • قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ کے لئے روانہ

    قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ کے لئے روانہ

    لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے انگلینڈ روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ روانگی سے قبل پی ایس ایل شریک قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کو چارٹرڈ طیارہ کے زریعے علی الصبح ابوظبی سے لاہور لایا گیا پھر یہی طیارہ کھلاڑیوں کو لے کر برمنگھم روانہ ہوا۔

    قومی اسکواڈ بر منگھم سے ڈربی پہنچنے پر تین روز آئسولیشن میں گزارے گا، روم آئسولیشن مکمل ہونے کے بعد اگلے سات روز قومی کرکٹرز ڈربی کی آئسولیشن میں ٹریننگ ‏کریں گے، اس دوران قومی اسکواڈ ڈربی میں پچاس اوورز پر مشتمل دو انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز بھی کھیلے گا۔

    پہلا انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ یکم جولائی اور دوسرا 3تین جولائی کو کھیلا جائے گا، قومی اسکواڈ چھ جولائی کو کارڈف روانہ ہوگا، پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز آٹھ جولائی سے ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان انگلینڈ سیریز، فواد چوہدری نے شائقین کرکٹ کو بڑی خوشخبری سنادی

    پی سی بی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اکیس جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی جبکہ قومی ‏ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی چھبیس جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچیں گے۔

    ویسٹ انڈیز ‏کےخلاف ٹی 20کےبعد قومی ٹی 20کرکٹرز وطن لوٹیں گے، قومی ٹیسٹ اسکواڈ ویسٹ انڈیز ‏کےدورےکےبعد 25 اگست کووطن واپس آئے گا۔

    دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے مختلف مواقعوں پر تین بار کرونا ٹیسٹنگ کی گئی،خوش قسمتی سے تمام کھلاڑی اور اسٹاف کی کرونا رپورٹ منفی آئی۔

  • ایسا لگ رہا ہے کہ بھارت میں ایک نئی سوچ پروان چڑھ رہی ہے: شاہ محمود قریشی

    ایسا لگ رہا ہے کہ بھارت میں ایک نئی سوچ پروان چڑھ رہی ہے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے روس کے ساتھ قربتیں بڑھنے کا اعتراف کر لیا، انھوں نے بتایا کہ ولادی میر پیوٹن کے دورہ پاکستان سے متعلق تیاریاں کر رہے ہیں، چینی صدر شی جِنپنگ کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دے دی ہے، بھارت اب افغان طالبان سے رابطے کیوں کر رہا ہے، یہ قابل غور ہے، دوسری طرف کشمیر کے حوالے سے ایسا لگ رہا ہے کہ بھارت میں ایک نئی سوچ پروان چڑھ رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں کیا، وزیر خارجہ نے کہا میری اطلاع کے مطابق بھارتی حکام کی افغان طالبان سے ملاقات نہیں ہوئی، تاہم بھارتی وزیر خارجہ نے ملاقات کی کوشش ضرور کی ہے، افغان طالبان اور بھارتی حکام کی ملاقات کی کوئی اطلاعات نہیں، لیکن قابل غور بات ہے کہ بھارتی حکام افغان طالبان سے کیوں ملنا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ترکی میں افغان حکام سے 3 اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن سے اندازہ ہوا کہ افغانستان میں ایک گھبراہٹ ہے، کیوں کہ افغانستان سے اتحادی افواج کا انخلا تیزی سے ہو رہا ہے، گھبراہٹ یہ بھی ہے کہ امن مذاکرات اس وقت تعطل کا شکار ہیں، اور افغان امن مذاکرات میں پیش رفت ہماری خواہش کے مطابق نہیں ہو رہی، وجہ یہ ہے کہ افغان حکام کی سوچ میں مجھے یکسوئی نہیں دکھائی دے رہی، دوسرا فریق ایسی صورت حال دیکھےگا تو یقیناً وہ بھی مذاکرات سے پیچھے ہٹے گا۔

    وزیر خارجہ نے کہا دیکھنا ہوگا افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات آگے بڑھتے ہیں یا نہیں، افغان امن مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہوتی تو پھر خانہ جنگی کا خطرہ ہے، ہم افغان حکومت کی مدد کرنا چاہتے ہیں، ہماری ایسی سوچ نہیں کہ افغانستان کو پختون اور نان پختون میں تقسیم کیا جائے، افغان امن مذاکرات میں پیش رفت سے افغان حکومت اور عوام کو فائدہ ہوگا۔

    شاہ محمود نے بتایا کہ چینی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی ہے، اس دورے سے متعلق ہماری تیاریاں جاری ہیں، کرونا کی صورت حال واضح ہونے کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا، یہ بھی درست ہے کہ روس کے ساتھ بھی قربتیں بڑھ رہی ہیں، پاکستان، ایران، روس گیس پائپ لائن معاہدہ ہو گیا ہے، اس کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب کے لیے بھی تیاریاں جاری ہیں، روس اور پاکستان دونوں جگہوں پر بہترین تقریب ہوگی۔ ترکی کے دورے کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی تھی، روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے دورہ پاکستان سے متعلق بھی تیاریاں کر رہے ہیں۔

    انھوں نے بھارتی حکومت کی 24 اگست کی اے پی سی کی دعوت کو غیر معمولی پیش رفت قرار دیا، شاہ محمود نے کہا ایسا لگ رہا ہے کہ بھارت میں ایک نئی سوچ پروان چڑھ رہی ہے، اس کی کشمیر پالیسی بری طرح ناکام ہو چکی ہے، اے پی سی ہونے دیں پھر صورت حال واضح ہو جائے گی، اللہ پاکستان پر کرم فرما رہا ہے، جو ہم کہتے تھے آج بھارت میں سے آوازیں آ رہی ہیں، پاکستان میں بہت لوگ تنقید کرتے تھے کہ دفتر خارجہ کیا کر رہا ہے، لیکن 5 اگست کے بھارتی حکومت کے اقدامات بھارتی عوام مسترد کر رہے ہیں۔

  • "بےمقصد اور بے سمت تقریروں سے قوم کی خدمت نہیں ہوتی”

    "بےمقصد اور بے سمت تقریروں سے قوم کی خدمت نہیں ہوتی”

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ذاتی انا اور ضد کی سیاست نے اپوزیشن ٹولےکی منفی سیاست کوبکھیر کر رکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا غیرفطری اتحاد ختم ہوچکا ہے، اپوزیشن والےہر روز بیانات بدلنےکا ورلڈ ریکارڈ قائم کرتےہیں، ذاتی انا اور ضد کی سیاست نے اپوزیشن ٹولےکی منفی سیاست کو بکھیر کر رکھ دیا ہے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے،خدمت خلق ہمارا اوڑھنابچھونا ہے، خلوص نیت سے عوا م کی خدمت کررہےہیں اور عوام کےساتھ کھڑے ہیں اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگےبڑھا رہےہیں جبکہ اپوزیشن والے خود ستائش میں مبتلا بےربط تقریریں کرنے کےسوا کچھ نہیں کرسکتے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے بھاشن نہیں بلکہ عوام کےساتھ کھڑاہونا پڑتا ہے۔

    وفاقی بجٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بہترین اور عوام دوست بجٹ پر ان کی مایوسی سب کےسامنےعیاں تھی، شہباز شریف کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ نام نہاد لیڈر آج بھی وہی بھاشن دے رہےہیں جو وہ پہلے دیتےآئے، قوم کو پتہ نہیں چلا یہ بجٹ پر بحث کا آغاز تھا یا خودنمائی کی جھوٹی داستان، پارلیمنٹ میں رام کہانی سنا کر قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا، بے مقصد اور بے سمت تقریروں سے قوم کی خدمت نہیں ہوتی۔

  • پی ایس ایل 6: کس ٹیم نے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا؟

    پی ایس ایل 6: کس ٹیم نے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا؟

    ابوظبی: اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل سیزن سکس کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

    پاکستان سپر لیگ سکس کے دلچسپ مقابلے ابوظبی میں جاری ہیں، جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ آٹھ میچز میں بارہ پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن پر ہے، پشاور زلمی دوسرے ، لاہور قلندرز تیسرے نمبر پر ہے، دونوں ٹیمیں بھی 8، 8 میچز کھیل چکی ہے اور دونوں کے 10، دس پوائنٹس ہیں۔

    ملتان سلطانز 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کی 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔

    دوسری جانب پی ایس ایل کا اہم ترین میچ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا، پلے آف کی امیدوں کو زندہ رکھنے کیلئے سرفراز الیون کو آج کا میچ جیتنا لازمی ہے، شکست ہوئی تو پی ایس ایل کے بقیہ میچز ان کے لئے بے معنی ہوجائیں گے۔

    ملتان سلطانز کیلئے آج کا میچ نہایت اہمیت کا حامل ہے، اگر سلطانزہارتے ہیں تو پلے آف تک رسائی کیلئے انہیں آخری دونوں میچ بڑے مارجن سےجیتنا ہوں گے۔

  • چین: گیس پائپ لائن زوردار دھماکے سے پھٹ گئی ، متعدد افراد ہلاک

    چین: گیس پائپ لائن زوردار دھماکے سے پھٹ گئی ، متعدد افراد ہلاک

    بیجنگ: چین میں گیس پائپ لائن دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ وسطی چین کے صوبے ہوبے میں پیش آیا، جہاں رہائشی علاقے میں گیس پائپ لائن زور دار دھماکے سے پھٹ گئی، مقامی سرکاری حکام نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ دھماکے میں ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں انتالیس افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

    سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے ہوا، دھماکے میں دکاندار اور فوڈ مارکیٹ میں ناشتہ اور تازہ سبزیاں خریدنے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے، دھماکے کے نتیجے میں متعددمکانات تباہ اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    Image

    واقعے کے بعد علاقے میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم دھماکے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر متاثرہ علاقےجاری تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امدادی کارکن ملبے تلے افراد کو ریسکیو کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

    Image

  • انگلش فاسٹ بالر کا کیریئر شروع ہوتے ہی زوال پزیر ہوگیا

    انگلش فاسٹ بالر کا کیریئر شروع ہوتے ہی زوال پزیر ہوگیا

    لندن: انگلش کرکٹ بورڈ نے نسل پرستانہ اور خواتین سے متعلق نازیبا ٹوئٹس کرنے پر انگلش فاسٹ بالر اولی رابنسن کو بین الاقوامی کرکٹ سے معطل کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا کہ انگلش فاسٹ بولر اولی رابنسن کو متنازعہ ٹوئٹس کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ سے معطل کردیا گیا ہے۔

    بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اولی رابنسن کو فوری طور پر انگلینڈ ٹیم کا کیمپ چھوڑنے کی ہدایات کی گئی ہے، اولی رابنسن تحقیقات مکمل ہونے تک انٹرنیشنل کرکٹ سےمعطل رہیں گے۔

    گزشتہ ہفتے اولی رابنسن نے انگلینڈ کے لئے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جہاں انہوں نے پہلی اننگز میں سات وکٹیں اور قیمتی 42 رنز بنائے تھے۔

    یاد رہے کہ اولی رابنسن نے آٹھ سال قبل نسل پرستانہ،خواتین سےمتعلق نازیباٹوئٹس کی تھیں، تاہم نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے دوران ان کے متعدد پرانے ٹوئٹس سامنے آئے جو نسل پرستانہ، جنس پسندی اور ہم جنس پر مبنی تبصرے پر مشتمل تھے۔

    کاؤئنٹی کرکٹ میں سسیکس کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر نے متنازعہ ٹوئٹس سامنے آنے کے بعد غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے واضح کیا تھا کہ میں نسل پرست نہیں ہوں اور نہ ہی میں جنس پرست ہوں، ماضی میں کئے گئے ٹوئٹس پر مجھے افسوس ہے اور میں نے آج یقیناً اپنا سبق سیکھ لیا ہے۔

    دوسری جانب انگلش کپتان نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ٹوئٹس ناقابل قبول ہیں۔

  • رینجرز، پولیس کی مشترکہ کارروائی، 5 خطرناک ملزمان گرفتار

    رینجرز، پولیس کی مشترکہ کارروائی، 5 خطرناک ملزمان گرفتار

    کراچی: کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث پانچ انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق پولیس اور رینجرز نے پراناگولیمار میں مشترکہ کارروائی کی، کارروائی کے دوران بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث انتہائی مطلوب پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں ارسلان عرف مٹھوعرف سندھی، بلال اور دیگر ملزمان شامل ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان موبائل اسنیچنگ کی دو سو سے زائد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں،گرفتار ملزمان سے اسلحہ، منشیات برآمد کی گئیں ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی : رینجرز کی موبائل اور چوکیوں پر حملوں میں ملوث 4 دہشت گرد گرفتار

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش کاشف ڈاڈا نامی منشیات فروش کے اڈے پر کام کرنےکا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ کاشف ڈاڈا بیرون ملک سے واٹس ایپ پربھتےکی کال کرتاہے، ملزمان علاقےمیں دس سے15ہزار فی دکان ماہانہ بھتہ لیتےتھے،گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • سندھ پولیس مکمل طور پر ناکام ہے تو آئین میں گنجائش ہے، اسد عمر

    سندھ پولیس مکمل طور پر ناکام ہے تو آئین میں گنجائش ہے، اسد عمر

    خیرپور: وفاقی وزیر اسد عمر نے سندھ میں امن و امان کی صورت حال کو انتہائی مخدوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس مکمل طور پر ناکام ہےتو آئین میں گنجائش موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے آج گھوٹکی کا دورہ کیا ، بعد ازاں وہ خیرپور پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں سندھ میں امن وامان کی صورت حال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

    اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، قبائلی جھگڑوں کے باعث قتل عام ہو رہا ہے،سندھ پولیس مکمل طور پر ناکام ہےتو آئین میں گنجائش ہے اب وفاق کو سنجیدگی سے رینجرز آپریشن پر غور کرنا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ اورپیپلزپارٹی کی پالیسی ہےنہ کچھ کریں گےنہ کرنےدیں گے، اسد عمر

    وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں لا اینڈ آرڈر کا بریک ڈاؤن بہت ہوگیا ہے، کرپشن پر جو آواز اٹھاتا ہے انھیں ڈرایا دھمکایا جاتا ہے، یہ سندھ کے عوام کی خدمت نہیں کر رہے ہیں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سندھ کےلئے تاریخی پیکج کا اعلان کیا تھا، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ ایک ماہ کےاندر کام ہوتا نظرآئیگا، پہلے مرحلے میں سندھ کےعوام کو گھروں کےقریب نادرا دفاتر کی سہولت دینگے اس کے علاوہ لوگوں کی آسانی کیلئے وراثت کےقانون میں تبدیلی کی گئی ہے کیونکہ وراثت کے مقدمات میں لوگوں کو سالوں دھکےکھانےپڑتے ہیں۔

  • پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کا فیصلہ چیلنج کردیا

    پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کا فیصلہ چیلنج کردیا

    لاہور: پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کا فیصلہ چیلنج کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے عدالتی فیصلے کے خلاف ابتدائی نظر ثانی درخواست دائر کردی ہے جبکہ فیصلےکےخلاف جامع اپیل کچھ روز میں دائر کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب بلدیاتی اداروں سے متعلق نیا قانون لارہا ہے، نئےقانون میں لوکل نمائندوں کو زیادہ بااختیاربنایاجائےگا۔

    دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ دو ہزار سولہ کےبلدیاتی اداروں کوبحال کرنےسےمسائل ہونگے لہذا سپریم کورٹ بلدیاتی اداروں کی بحالی کے25مارچ فیصلےپرنظر ثانی کرے۔

    پنجاب حکومت کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    دوسری جانب سپریم کورٹ میں پنجاب حکومت کے خلاف توہین عدالت کی دوسری درخواست دائر کی گئی ہے، توہین عدالت کی درخواست لاہور کے سابق ن لیگی میئر نےدائر کی، درخواست میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری بلدیات کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے بلدیاتی اداروں سےمتعلق واضح حکم دیا، پنجاب حکومت عدالتی احکامات کی عدولی کررہی ہے، عدالت فیصلے پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

    واضح رہے کہ رواں سال پچیس مارچ کو سپریم کورٹ نے بلدیاتی ایکٹ کے سیکشن 3 کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

    سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ پنجاب کی بلدیاتی حکومتیں بحال کی جائیں، عوام نے بلدیاتی نمائندوں کو پانچ سال کے لیے منتحب کیا، ایک نوٹیفیکشن کا سہارا لے کر انہیں گھر بھجوا نے کا اجازت نہیں دے سکتے۔

    یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے بلدیاتی ادارے بحال کرنے کا حکم

    چیف جسٹس نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ آرٹیکل140کے تحت قانون بنا سکتے ہیں مگر ادارے کو ختم نہیں کر سکتے، اٹارنی جنرل صاحب آپ کو کسی نے غلط مشورہ دیا ہے، حکومت کی ایک حیثیت ہوتی ہے چاہے وہ وفاقی صوبائی یابلدیاتی ہو۔

    چیف جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ اختیار میں تبدیلی کرسکتے ہیں اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

  • نایاب ترین کچھووں کا علاج کیسے ممکن ہوا؟ حیرت انگیز خبر

    نایاب ترین کچھووں کا علاج کیسے ممکن ہوا؟ حیرت انگیز خبر

    جدہ: سعودی عرب میں دنیا کے نایاب ترین کچھووں کو بیماری سے نجات ملنے کے بعد فطری ماحول میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریڈ سی کمپنی میں نایاب سمندری جانوروں کی صحت و سلامتی کے ڈائریکٹر خالد الدھلوی نے بتایا کہ دو اپریل دوہزار اکیس کو ادارے سے رابطہ کرکے بتایا گیا تھا کہ تعمیراتی ٹیم کو کچھوے ملے تھے جو پانی میں جانے سے قاصر تھے۔

    جس پر جنگلی حیاتیات کی افزائش کے قومی مرکز سے رابطہ کرکے فوری طور پر دونوں کچھووں کو علاج کے لیے جدہ شہر کے ایک اسپیشلسٹ سینٹر بھیجا گیا جہاں کئی ہفتے تک ان کا علاج ہوتا رہا۔

    خالد الدھلوی نے بتایا کہ دونوں کچھوے نایاب نسل سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں بچانے والی اسکیم کا نام ’امید اور زندگی‘ رکھا گیا، دونوں کو صحت یاب ہونے پر جزیرہ الوقادی میں چھوڑ دیا گیا جو ان کا حقیقی فطری ماحول تھا۔

    خالد الدھلوی نے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ اپنے اردگرد میں جانوروں کے تحفظ کا پورا خیال رکھیں اور ہر جانور کو اس کے فطری ماحول میں رہنے سہنے میں مدد دیں۔

    انہوں نے کہا کہ پلاسٹک، ماہی گیری کے بے کار جال، غیرقانونی شکار اور تیس کلو میٹر سے زیادہ رفتار سے بوٹس چلانا اور ایسے علاقوں میں جہاں سمندری جانور انڈے دیتے ہوں وہاں تعمیرات کرنا، ان کا تعاقب کرنا اور انہیں پریشان کرنا غلط ہے، اس سے جانوروں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

    ساتھ ہی انہوں نے بائیس جزیروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے منصوبوں کے نفاذ کے دوران ریڈ سی کمپنی کے ماحول دوست پروگرام کی تعریف کی ہے۔