Tag: اے آر وائی نیوز

  • نیب کو ہدف تنقید بنانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، چیئرمین نیب

    نیب کو ہدف تنقید بنانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، چیئرمین نیب

    اسلام آباد: چیئرمین نیب نے ادارے کو ہدف بنانے والے عناصر کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ بلاجواز تنقید کرنے والےشاندار کارکردگی اور نیب آرڈیننس ضرور پڑھیں تاکہ اصل حقائق سے آگاہی حاصل ہو سکے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، جہاں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور کرپشن فری پاکستان اولین ترجیح ہے ہم "احتساب سب کے لیے” کی پالیسی پر قانون کے مطابق عمل پیرا ہیں۔

    چیئرمین نیب نے ایک بار پھر واضح کیا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا قومی ادارہ ہے،تعلق کسی سیاسی جماعت گروہ سےنہیں ہے، نیب کا تعلق صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب ملزمان کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کو شاں ہے، نیب اور پاکستان ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں مگرنیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 790 ارب روپے قومی خزانےمیں جمع کرائے جبکہ گذشتہ تین سالوں میں 87ارب قومی خزانے میں جمع کرائے، 1269ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کر رکھےہیں

    اجلاس میں شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے واضح الفاظ میں کہا کہ بلاجواز تنقید کرنے والےشاندار کارکردگی اور نیب آرڈیننس ضرور پڑھیں تاکہ اصل حقائق سے آگاہی حاصل ہو سکے، نیب نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ریفرنسز دائر کیےہیں، نیب کو ہدف تنقید بنانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، نیب کے بارے میں کسی بھی خبر سے پہلےپہلے نیب کا مؤقف ضرور لیا جائے، نیب سےمؤقف لیناادارے کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

    چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کا مزید کہنا تھا کہ نیب ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق فرائض کی انجام دہی پریقین رکھتاہے، غیر قانونی سوسائٹیز اور مضاربہ اسیکنڈلز سے رقوم واپسی کےلیےکوشاں ہیں، نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے سراہا، ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل پاکستان، پلڈاٹ اور مثعال پاکستان نے سراہا جو اعزاز ہے۔

    اس سے قبل نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلا س میں تین ریفرنسز کی منظوری دی گئی، سابق سینئر رکن بور ڈ آف ریونیو کے پی احسان اللہ محسود کےخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی، احسان اللہ محسود پر ڈی آئی خان میں 1976کنال کی غیرقانونی الاٹمنٹ کاالزام ہے سابق ضلعی ناظم مقبول لہڑی ، سابق مئیر کوئٹہ کلیم اللہ اوردیگر کےخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی ملزمان کی خوردبردسےقومی خزانےکو529ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

    اس کے علاوہ سابق وزیر ایکسائز امین عمرانی اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی، ملزم پر اختیارات کےناجائزاستعمال اورآمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

  • دھاندلی سے پاک انتخابات کے انعقاد میں بڑی پیش رفت

    دھاندلی سے پاک انتخابات کے انعقاد میں بڑی پیش رفت

    اسلام آباد: حکومت نے آئندہ الیکشن دھاندلی سے پاک کرانے کا مصمم ارادہ کئے ہوئے ہے، جسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے آج ایک اور سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے جائزے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پارلیمنٹ میں رکھ دی ہے، ووٹنگ مشین کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے اتفاق رائے ضروری ہے، تمام جماعتیں بیٹھیں اور متفقہ فیصلہ کریں، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا ک دھاندلی کے کینسر سے نجات کیلئے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پولنگ کے بعد سب سے بڑا مسئلہ بر وقت نتیجہ نہ آنا ہے، الیکشن کمیشن نے ووٹنگ مشین کیلئے چھتیس شرائط دیں، تمام پوری کر دیں، ن لیگ، پیپلزپارٹی کو الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا جائزہ لینا چاہیئے، میرا موقف ہے کہ ہر الیکشن کےبعد دھاندلی کا رونا بند ہونا چاہیئے۔

    فواد چوہدری نے بتایا کہ یہ مشین انٹرنیٹ سے منسلک نہیں ہے، عام انتخابات میں جو اخراجات آتے ہیں ای وی ایمز لگنےسےبھی تقریباً اتنا ہی آئیگا، ای وی ایمز بہت آسان ہے جو موبائل استعمال کرتا ہے وہ آسانی سے چلاسکتاہے، ای وی ایم بجلی سےمنسلک بھی نہیں ہوگی،اسکی اپنی بیٹری ہے۔

    اس موقع پر بابراعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں الیکشن کے نتائج پر احتجاج ہوتا ہے، ہارنے والا الیکشن کے نتائج کو قبول نہیں کرتا، ہم ٹیکنالوجی کےذریعے دھاندلی کو شکست دینے کیلئے یہاں موجود ہیں ن لیگ،پیپلزپارٹی کو دعوت ہے کہ آئیں سوالات اٹھائیں۔

    بابراعوان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے ماضی میں الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں دیا گیا تھا موجودہ حکومت نےالیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا ہے۔

  • کویت جانے والوں کے لئے خوشخبری،  بڑا اعلان ہوگیا

    کویت جانے والوں کے لئے خوشخبری، بڑا اعلان ہوگیا

    کویت سٹی: کویت نے ایک ماہ کے دوران اپنے ہوائی اڈوں کو مکمل طور پر کھولنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔

    روزنامہ الرای کی خبر کے مطابق نائب وزیر اعظم ، وزیر دفاع اور سپریم کمیٹی برائے کرونا ایمرجنسی کے چیئرمین شیخ حماد جابر العلی نے تصدیق کی ہے کہ ایک ماہ میں بندرگاہوں اور ہوائی اڈے کو مکمل طور پر کھولنے کے لئے ضروری منصوبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

    العلی کا کہنا تھا کہ شہریوں اور تارکین وطن کی صحت کے مفاد میں ملک میں حالات آہستہ آہستہ معمول پر آ جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ ملک میں جلد ازجلد سیاحت شروع کرنے کے لئے اگلے ہفتے کمیٹی کے ذریعے وزیر صحت اور تعاون کونسل کے وزراء کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرنے کے علاوہ دیگر فیصلے منظور ہوں گے۔

    کویت سپریم کمیٹی برائے کرونا ایمرجنسی کے چیئرمین شیخ حماد جابر العلی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد بندرگاہوں اور ہوائی اڈے کھولنے کے مرحلے تک پہنچنا ہے لیکن ایک ماہ میں انتظامات اور طریقہ کار کے بارے میں کچھ فیصلہ کرنا پڑے گا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کویت کے محکمہ صحت نے ماہرین کی پیش گوئیوں کی روشنی میں اس امید کا اظہار کیا تھا کہ مئی کے وسط میں کرونا کی شدت میں کمی ہوجائے گی جبکہ کویت جلد کرونا فری ملک بھی بن جائے گا۔

    کویتی میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمۂ صحت کی جانب سے کرونا کی شدت کے حوالے سے مختلف مطالعاتی تحقیقات کی گئیں تھیں، جس میں ماہرین صحت نے اس بات کی پیش گوئی کی کہ ماہِ مئی کے وسط میں وائرس کی شدت میں کمی ہوئی جائے گی۔

    رپورٹ کے مطابق نئے کرونا وائرس کی موجودہ لہر کے اعداد و شمار کے حساب سے مئی تک کیسز میں نمایاں کمی ہوگی اور ممکن ہے کہ یہ آخری لہر ہو، ماہرینِ صحت نے اس امید کا اظہار کیا کہ کویت جلد کرونا فری ملک بن جائے گا۔

  • آرمی چیف کا دورہ افغانستان، اہم ملاقاتیں، آئی ایس پی آر

    آرمی چیف کا دورہ افغانستان، اہم ملاقاتیں، آئی ایس پی آر

    کابل: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان عوام کے دیر پا امن کی کوششوں کی حمایت کرتا رہےگا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کا دورہ کیا، دورے میں آرمی چیف سے افغان صدر اشرف غنی نے تفصیلی ملاقات کی ، اہم ترین ملاقات میں برطانوی چیف آف ڈیفنس بھی موجود تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی،افغان مفاہمتی عمل میں تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ساتھ ہی سیکیورٹی، دفاعی تعاون، مؤثربارڈر مینجمنٹ پربھی غور کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صدر سے ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پرامن افغانستان کا مطلب پاکستان اور خطےمیں امن ہے،پاکستان افغان عوام کے دیر پا امن کی کوششوں کی حمایت کرتارہےگا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اہم ترین ملاقات میں افغان صدر نے بامقصدبات چیت،افغان مفاہمتی عمل میں سنجیدہ کردار پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

  • پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر نے شائقین کرکٹ کو بڑی خوشخبری سنادی

    پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر نے شائقین کرکٹ کو بڑی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد:وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں شائقین کرکٹ کو بڑی خوشخبری ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں فواد چوہدری سے پاکستان میں برطانیہ کےہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی، ملاقات کے بعد وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں بتایا کہ آج برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر سےمل کر خوشی ہوئی، شائقین کرکٹ کے لئے اچھی خبر ہے کہ سولہ سال وقفےکے بعد اکتوبر میں برطانوی ٹیم پاکستان آئےگی۔اس سے قبل ملاقات میں پاکستان میں برطانیہ کےہائی کمشنرکرسچن ٹرنر نے کہا کہ رواں سال برطانوی مرد، خواتین کرکٹ ٹیمز کےدورہ پاکستان کا منصوبہ ہے، اس دوران برطانوی میوزیکل بینڈبھی پاکستان کادورہ کرےگا، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ برطانوی ٹیموں اور میوزیکل بینڈ کےدورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتےہیں، کھیلوں سےدلچسپی رکھنےوالوں کیلئے یہ ایک اچھی خبرہے، اس سے شہریوں کومزید اسپورٹس تفریح کاماحول میسرآئےگا۔

    ملاقات میں وفاقی وزیر اور پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر نے پاکستان کے75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے مشترکہ پروڈکشن کی ضرورت پر زور دیا، وفاقی وزیر نےمیڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کےلئےکرسچن ٹرنرکو آگاہ کیا اور برطانوی ماہرین کے ذریعےسیٹ ڈیزائنرز ،صنعتکاروں کےتربیتی انتظامات پر گفتگو کی۔

    اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نےتجاویز پرہر ممکن تعاون فراہم کرنےکی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ میں کرونا سےمتعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا، برطانوی ہائی کمشنر نےپاکستان کی جاری کرونا ویکسی نیشن مہم کی تعریف کی۔

  • ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی، آئی سی سی نے محمد رضوان کو بڑی خوش خبری سنادی

    ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی، آئی سی سی نے محمد رضوان کو بڑی خوش خبری سنادی

    دبئی: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا اور انہوں نے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کی ٹاپ رینکنگ میں جگہ بنالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کی تازہ ترین رینکنگ جاری کی ہے، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں اپنے کیریئر میں پہلی بار ٹاپ ٹین میں شامل ہوئے ہیں، آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں وہ دسویں نمبر پر آئے ہیں۔

    محمد رضوان کو یہ صلہ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عمدہ کارکردگی کے باعث ملا، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو نصف سینچریوں کی بدولت 186 رنز بنائے اور مین آف دی سیریز کے حقدار قرار پائے تھے۔یہی نہیں وکٹ کپیر بلے باز محمد رضوان ٹی 20 انٹرنیشنل میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز کا اعزاز بھی رکھتے ہیں، انہوں نے یہ کارنامہ دورہ زمبابوے سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں انجام دیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:’ہمیشہ حلال کمائی کو ترجیح دی‘ : محمد رضوان نے کامیابی کے راز بتا دیے

     اس شاندار اننگز کی بدولت رضوان نے کئی اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کئے، وہ پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر ہیں جنھوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سنچری اسکور کی۔

    واضح رہے کہ محمد رضوان کو پچھلے سال انگلینڈ میں شان دار کارکردگی پر وزڈن فائیو 2021 میں شامل کیا گیا ہے، محمد رضوان کو یہ اعزاز وکٹوں کے پیچھے اور بیٹنگ میں کارکردگی دکھانے پر دیا گیا، انھوں نے 3 ٹیسٹ میچز میں 161 رنز بنائے اور 5 کیچز پکڑے تھے۔

     

  • شوگر اسکینڈل میں بڑی پیش رفت،  دو حکومتی شخصیات طلب

    شوگر اسکینڈل میں بڑی پیش رفت، دو حکومتی شخصیات طلب

    لاہور: شوگر اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دو حکومتی وزیروں کو نیب نے طلب کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق چینی اسکینڈل میں نیب راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیرپنجاب میاں اسلم کوطلب کرلیا ہے، میاں اسلم اقبال کو 4مئی کو نیب راولپنڈی کے آفس طلب کیا گیا ہے، نیب کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم میاں اسلم سے تفتیش کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق نیب نے پنجاب میں شوگر ملز کو دی جانیوالی سبسڈی کا ریکارڈ بھی مانگ لیا گیا، میاں اسلم کو 2018تا 2019میں شوگر سبسڈی کاریکارڈ بھی لانےکی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ ایکسپورٹ اجازت نامہ دینے کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب شوگر اسیکنڈل کی تحقیقات منی لانڈرنگ ایکٹ2010کے تحت کر رہا ہے۔

    اس کے علاوہ سابق صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری بھی نیب راولپنڈی میں طلب کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب چینی سٹہ مافیا کیخلاف مقدمات پر شوگر ملوں سے تفتیش جاری ہے ، ایف آئی اے نے اکیس خاندانوں اور گروپوں کی اڑتیس شوگرملوں سے سٹے کے الزام میں درج ایف آئی آر پر تفتیش کیلئے سوالنامے بھجوا رکھے ہیں۔

    چوہدری شوگر مل نے سٹے پر جواب جمع کرادیا ہے تاہم شہباز شریف فیملی،مونس الہیٰ،جہانگیر ترین سمیت پانچ ملوں نے تاحال جواب جمع نہیں کرایا۔

    یہ بھی پڑھیں: چینی سٹہ اسکینڈل: 21 خاندانوں اور گروپوں کی 38 شوگر ملوں کو سوالنامے بھجوا دیئے گئے

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مونس الہیٰ، عمر شہریارکی رحیم یار خان شوگرملز سے سٹے کے ایک سے زائد مقدمے میں تفتیش ہورہی ہے ، مونس الہیٰ اور عمر شہریارکی شوگرملوں کی تعداد چار ہے۔

    یاد رہے کہ ایف آئی اے لاہور نے گزشتہ نومبر میں شوگر اسکینڈل میں جہانگیر ترین، ان کے بیٹے علی ترین، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، ان کے بیٹے حمزہ اور سلیمان شہباز اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ، فراڈ اور دیگر الزامات کے تحت مقدمات درج کیے تھے۔

  • زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ہرارے: زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، طویل عرصے بعد جارح مزاج بلے باز برینڈن ٹیلر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت شان ولیمز کریں گے، زمبابوے ٹیم میں کافی عرصے بعد برینڈنٹ ٹیلر اور گریک ایرون کی واپسی ہوئی ہے، اس کے علاوہ زمبابوے کے اسکواڈ میں تین ریزرو کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ رواں ماہ کی اکیس تاریخ کو ہرارے میں کھیلا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ زمبابوے کا شیڈول

    جنوبی افریقا میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرنے والی گرین شرٹس کل جوہانسبرگ سے ہرارے پہنچیں گے، جہاں وہ اپنے مشن کی شروعات کرے گی، تین ٹی 20 اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 21 اپریل سے ہو گا، ٹی ٹوئنٹی میچز21، 23 اور 25 ‏اپریل کوکھیلے جائیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 29 اپریل اور دوسرا 7 مئی سے شروع ہوگا، سیریز کےتمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب ‏میں کھیلےجائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: زمبابوے نے سپر اوور میں‌ پاکستان کو شکست دے دی

    واضح رہے کہ گذشتہ سال زمبابوے نے پاکستان کا دورہ کیا تھا،دورے میں ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی گئی تھی، گرین شرٹس نے ایک روزہ سیریز سمیت ٹی ٹوئنٹی سیریز کو اپنے نام کیا تھا۔

    شائقین کرکٹ کو گذشتہ سال نومبر میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جانے والا تیسرا ایک روزہ میچ طویل عرصے تک یاد رہےگا اس میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • ٹی ایل پی سندھ  کا مرکزی قیادت کو اہم مشورہ

    ٹی ایل پی سندھ کا مرکزی قیادت کو اہم مشورہ

    کراچی: تحریک لبیک پاکستان سندھ کے امیر نے فوری طور پر حکومت سے مذاکرات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سعد رضوی نے اپنی ضد نہ چھوڑی اور بات چیت نہ کی تو ہم پارٹی چھوڑ دینگے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں ٹی ایل پی سندھ کےامیر رضی حسینی نے مرکزی قیادت ‏کو مشورہ دیا کہ مسائل سڑکوں پرنہیں بات چیت سے حل ہوں گے، ملک میں جہاں بھی احتجاج ‏ہورہا ہےاسےختم کرکے قیادت سے رجوع کیا جائے۔

    ٹی ایل پی سندھ کے امیر نے کہا کہ ملک میں جواس وقت افراتفری ہے،اس کے باعث کئی بےگناہ ‏جانوں کا نقصان ہوا ہے، حکومت سے بات چیت کے زریعے مسائل حل نہ ہوئے تو قوم سعدرضوی ‏سے مایوس ہوجائےگی۔

    رضی حسینی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ احتجاج سے متعلق سعد رضوی نے اپنی ضد نہ چھوڑی ‏اوربات چیت نہ کی تو ہم پارٹی چھوڑدینگے۔

    امیر ٹی ایل پی سندھ رضی حسینی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم کسی اورکیلئےنہیں ‏حضورﷺکی حرمت کے لئےنکلے ہیں، مسائل سڑکوں پر نہیں بات چیت سے حل ہوں گے، ‏مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹرشفیق مسئلے کو فوری مذاکرات سےحل کریں۔

    ٹی ایل کے مستقبل کے حوالے سے آج بڑی پیش رفت بھی سامنے آئی، جہاں وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی ہے، پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی سفارش کی تھی۔

    ذرائع کابینہ ڈویژن کے مطابق وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دیدی ہے، وفاقی کابینہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی کی منظوری دی، وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز شہر قائد میں مذہبی جماعت کے پر تشدد مظاہروں میں 35 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے، زخمیوں میں ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر بھی شامل تھے، حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے مجموعی طور پر 16 مقدمات درج کرلیے اور کارروائیوں کے دوران 183 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس ہر وقت موجود ہے۔

    اس سے قبل محکمہ داخلہ سندھ نے قانون کی خلاف ورزی پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کراچی کے تین رہنماؤں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، رہنماوں میں مولانا عباس قادری ، مولانا غوث بغدادی اور زین العابدین شامل تھے۔

  • دو ماہ روپوش رہنے والے مفتی کفایت اللہ گرفتار

    دو ماہ روپوش رہنے والے مفتی کفایت اللہ گرفتار

    مانسہرہ: ریاست مخالف بیانات دینے کے باعث جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار کرلئے گئے ہیں۔

    ڈی پی او مانسہرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار کرلئے گئے ہیں، ان کی گرفتاری تین ایم پی او کے تحت کی گئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری نے ان کے گھر چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔

    ڈی پی او کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ دو ماہ سے روپوش تھے، وفاقی حکومت نے ریاست مخالف بیانات پر مفتی کی گرفتاری کافیصلہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پانچ جنوری کو آئی جی خیبر پختون خوا نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مفتی کفایت کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق خیبر پختون خواہ پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا تھا کہ مفتی کفایت اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج ہے، اور وہ کے پی پولیس کو مطلوب ہیں اس لیے انھیں گرفتار کر کے کے پی پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط

    واضح رہے کہ جمیعت علمائے اسلام نے جے یو آئی ضلع مانسہرہ کے امیر مفتی کفایت اللہ کی جانب سے مسلسل پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزیوں اور متنازع بیانات پر ان کی پارٹی رکنیت معطل کررکھی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پولیس نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کیا تھا بعدازاں پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد سرکٹ کے حکم پر ان کی رہائی عمل میں آئی تھی۔