Tag: اے آر وائی نیوز

  • کراچی: بینک ڈکیتی کے ملزمان نے لوٹی رقم کہاں خرچ کی؟ اہم انکشاف

    کراچی: بینک ڈکیتی کے ملزمان نے لوٹی رقم کہاں خرچ کی؟ اہم انکشاف

    کراچی: گذشتہ ماہ شہر قائد میں ہونے والی بینک ڈکیتی کے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈکیتی کے بعد ملزمان کہاں فرار ہوئے؟ ابتدائی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ کی سترہ تاریخ کو نیو کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب چار ملزمان نے نجی بینک میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر بینک اسٹاف اور سیکیورٹی عملے کو یرغمال بنایا، اس موقع پر دو سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی کوشش کی تو ملزمان نے رائفل کے بٹ مار کر انھیں زخمی کیا اور بینک سے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    آج ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضی تبسم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رضویہ پولیس نے بینک ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں جنید ،ذیشان اور سلمان شامل ہیں، سلمان مذہبی سیاسی جماعت کا مطلوب ٹارگٹ کلر ہے،ملزم پر دس کےقریب قتل اور دیگر دفعات کےتحت مقدمات درج ہیں، اس کے علاوہ وہ جرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان سے ایک لاکھ 60ہزار، دو پستول اور چھ موبائل فونز برآمد ہوئے، ابتدائی تحقیقات میں ملزمان کا کہنا ہے کہ انہوں نےبینک سے صرف7 لاکھ روپے لوٹے۔

    ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ تبسم نے بتایا کہ ملزمان سے لوٹی گئی رقم سے متعلق مکمل تحقیقات کریں گے، گروہ کا اہم رکن عبدالستار تاحال مفرور ہے جس کے متعلق شک ہے کہ لوٹی ہوئی بقایا رقم اسی کے پاس ہے۔

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضی تبسم نے بتایا کہ ملزمان بینک ڈکیتی کے بعد پاکستان ٹور پر نکل گئے تھے، ملزمان لوٹی رقم راستے بھر خرچ کرتے رہے۔

  • کرونا ویکسین کی خریداری سے متعلق پاکستان کا بڑا فیصلہ

    کرونا ویکسین کی خریداری سے متعلق پاکستان کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: کرونا وبا کی تیسری لہر سے نبردآزما قوم کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ پاکستان کا چینی کمپنی سے لاکھوں کرونا ویکسین کا معاہدہ طے پایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان نے چین سے بڑے پیمانے پر کرونا ویکسین کی خریداری کر لی ہے، بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر ستر لاکھ ویکسین کا معاہدے طے پایا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ان ستر لاکھ ویکسین میں چالیس لاکھ "سائینوفارم ” کی ڈوز ہیں جبکہ تیس لاکھ کین سائینو کی سنگل ڈوز ہیں، چینی کمپنیز پاکستان کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین مرحلہ وار فراہم کریں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی کین سائینو کی تیارکردہ "کونویڈیسیا "سنگل ڈوز ویکسین ہے، مذکورہ چینی کمپنیاں آئندہ ماہ سے پاکستان کو ویکسین فراہمی کا آغاز کریں گی۔

    اس سے قبل این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی تھی کہ پاکستان کو اپریل سے "کین سائنو ویکسین "بڑی تعداد میں ملنا شروع ہوجائے گی، کین سائنو ویکسین کی بڑی تعداد ملنےپر30لاکھ خوراکیں بنائی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ حکومت کا 50 لاکھ کرونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ

    اسد عمر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ویکسین پاکستان میں ہی پیک کی جائےگی اور بڑی تعداد میں ویکسین رکھنے سے متعلق انتظامات اور عملے کی تربیت کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ آج کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذراپیچوہو نے بتایا کہ این سی او سی نے صوبوں کو ویکسین خریدنے کی اجازت دےدی ہے، جس کے بعد سندھ حکومت نے چینی ویکسین ” کین سائینو” کی پچاس لاکھ ڈوز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور چین سے یہ سنگل ڈوزویکسین براہ راست لی جائےگی۔

  • سچن ٹنڈولکر بھی کرونا وائرس میں مبتلا

    سچن ٹنڈولکر بھی کرونا وائرس میں مبتلا

    نئی دہلی: دنیائے کرکٹ کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر بھی کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    بھارت میں کرونا ویکسی نیشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ویکسی نیشن کے باوجود کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، کرونا کی تیسری لہر کے باعث بھارت میں ایک ہی دن میں کرونا کے 62 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    بھارت میں کرونا کے بڑھتے وار کے باعث ہالی ووڈ کے فنکاروں سمیت کئی کھلاڑی اس وبا میں مبتلا ہوکر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، جن میں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی شامل ہیں۔

    مگر شائقین کرکٹ کے لئے برُی خبر یہ ہے کہ سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکربھی کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں، طبیعت ناسازی کے باعث ٹنڈولکر نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا جوکہ مثبت آیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں سچن ٹنڈولکر نے تصدیق کی کہ معمولی علامات کے باعث انہیں کرونا ہوا ہے، تاہم فیلمی ارکان کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

    بھارت کے سابق بلے باز نے بھارتی قوم سے کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کی ہدایات پر تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آئیسولیشن میں چلا گیا ہوں۔

    سماجی رابطے پر اپنے پیغام میں ٹنڈولکر نے ہیلتھ کیئر پروفیشنل کا شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ چند  روز قبل عامر خان کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ اداکار کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

  • کرونا کی نئی لہر: مزید 72 افراد لقمہ اجل بن گئے

    کرونا کی نئی لہر: مزید 72 افراد لقمہ اجل بن گئے

    اسلام آباد: ملک میں کرونا وبا کی تیسری لہر کے خوفناک اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں، مزید 72 افراد کو اس وبا کے باعث لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کئے ہیں، این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 3 ہزار 270 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    این سی او سی کے مطابق ملک میں گذشتہ چوبیس گھنٹےمیں کرونا کےمزید72مریض انتقال کرگئے، جس کے باعث پاکستان میں کرونا کے باعث جاں بحق مریضوں کی تعداد 13ہزار935ہوگئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے میں 39 ہزار 742 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3270 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8.22 فیصد رہی۔

    گذشتہ روزنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر نے پابندیاں مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وبا کا پھیلاؤ روکنا ہوگا، اس سلسلے میں تمام اضلاع میں ایس او پیز پر عملدرآمد سخت کرایا جائے گا۔ ایمرجنسی کے سوائے نقل وحرکت کی اجازت نہیں ہوگی، ہفتے میں 2 روز کیلئے کاروبار مکمل بند رہیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد میں کورونا پھر بڑھنے لگا،کیسز کی تعداد 51 ہزار 400 سے تجاوز کرگئی

    اس کے علاوہ 300 افراد کے اجتماع کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا، اسپورٹس سرگرمیاں بھی بند رہیں گی،تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ تاہم واکنگ اور جاگنگ ٹریکس پر جانے کی اجازت ہوگی۔

    تمام دفاتر میں آدھے عملہ کو آنے کی اجازت ہو گی، ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی، اس کے علاوہ ریلوے ٹرنیں بھی 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چل سکیں گی،تمام لوگوں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

  • وزیراعظم  نے سوشل میڈیا پر "آئسولیشن ” کی تصویر جاری کردی

    وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر "آئسولیشن ” کی تصویر جاری کردی

    اسلام آباد: گذشتہ روز کرونا میں مبتلا ہونے والے وزیراعظم عمران خان نے قوم کی جانب سے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا ہے۔

    پاکستان میں گذشتہ روز اس وقت ہل چل مچی جب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا ٹیسٹ کرایا تھا اور ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

    یہ خبر پاکستان سمیت دنیا بھر میں جنگل میں آگ کی طرح پھیلی، وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لئے دعاؤں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ عالمی رہنماؤں نے بذریعہ ٹوئٹر وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    پاکستان میں متعدد ہیش ٹیگز وزیراعظم عمران خان کی صحت یابی کے حوالے سے زیر گردش رہے، تاہم صارفین کو وزیراعظم کی صحت سے متعلق تشنگی نہ ہوئی، جس پر آج وزیراعظم عمران خان آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر اپنی آئسولیشن کی تصویر شیئر کردی۔

    کرونا میں مبتلا وزیراعظم عمران خان نے فیس بک پر اپنے آفیشل پیچ پر آئسولیشن کی تصویر شیئر کرتے ہوئےقوم کے نام پیغام میں لکھا کہ نیک خواہشات پر عوام کا شکریہ۔

    وزیراعظم کی جانب سے فیس بک پر کی گئی تصویر پر عوام کی بڑی تعداد اپنے کمنٹس کا اظہار کررہی ہے، ابھی تک اس تصویر کو 50 ہزار سے زائد لائیکس مل چکے ہیں۔

  • امریکی نائب صدر کی رہائش گاہ کے قریب سے مسلح شخص کی گرفتاری

    امریکی نائب صدر کی رہائش گاہ کے قریب سے مسلح شخص کی گرفتاری

    واشنگٹن: امریکی سیکرٹ سروس نے نائب صدر کی رہائش گاہ کے قریب سے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

    امریکی میڈیا کےمطابق امریکی نائب صدر کاملا ہیرس کے گھر کے باہر سےمسلح شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، مشتبہ شخص کی گرفتاری سیکرٹ سروس کے ہاتھوں ہوئی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت پال مرے کے نام سے ہوئی ہے، مسلح شخص کی گاڑی کی تلاشی لی گئی تو گاڑی سے رائفل اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسلح شخص سرکاری رہائش کے باہر کافی دیر تک چکر لگاتا رہا مگر واقعےکےوقت امریکی نائب صدرگھرمیں موجودنہیں تھیں، جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا کاملاہیرس کےگھرپر تزئین وآرائش کا کام جاری تھا،نائب صدر اس وقت بلیئر ہاؤس میں رہائش پذیر ہیں۔

  • "ہائی کورٹ پر حملہ، وکلا تحریک کے شہدا کی تذلیل ہے”

    "ہائی کورٹ پر حملہ، وکلا تحریک کے شہدا کی تذلیل ہے”

    اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے واضح کردیا ہے کہ سات سال میں کسی غیر قانونی کام کو سپورٹ کیا نہ ہی کروں گا، ایسے واقعات پر کسی صورت بھی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران دو روز قبل پیش آنیوالے واقعے کا ذکر ہوا، اس موقع پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بتایا کہ ججز چیمبر میں وہ کتنی دیر تک محصور رہے۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے بتایا کہ جب مشتعل وکلا کا گروہ ہائیکورٹ میں داخل ہوا تو میں باہر آیا، میں دروازے پر پہنچا تو وکلا دروازہ توڑ چکے تھے، اس دوران پولیس میری حفاظت کیلئےآئی تو میں نے انہیں خود پیچھے ہٹنے کا حکم دیا۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بتایا کہ وکلا کی جانب سے مجھے تین گھنٹے تک محصور رکھا گیا مگر میں کھڑا رہا،چھ ہزار کی بار میں صرف 100وکلا نے حملہ کیا بدنامی سب کی ہوئی، توقع نہیں کر سکتا تھا کہ یہ مجھ پر حملے کر سکتے ہیں، واضح کردوں کہ سات سال میں کسی غیر قانونی کام کو سپورٹ کیا نہ ہی کروں گا۔چیف جسٹس ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ گملوں کا کیا قصورتھا ؟ شیشےکیوں توڑے؟ ہم کس طرف چل پڑے؟ قائد اعظم نے پروفیشنل کنڈکٹ کی وجہ سے یہ پاکستان حاصل کیا، ہائیکورٹ پر حملہ وکلا تحریک کے نوے شہدا کی تذلیل ہے، یہ حملہ میری ذات نہیں عدلیہ اور ادارے پرہے، مجھ سمیت کوئی قانون سےبالا نہیں، قانون اپنا راستہ بنائےگا۔

    اس موقع پر سینئر وکیل عبدالرؤف نے چیف جسٹس کو یقین دہانی کرائی کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہیں ہو گا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہیں ہوگا جب واقعے کےذمہ داران کو مثال بنایا جائےگا، یہ عدالت بار کونسل سےامید کرتی ہے کہ ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرے، ایسے واقعات پرکسی صورت بھی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ایک چیز یاد رکھیں تاریخ کبھی غلط لکھی نہیں جاتی، وکیل اپنی عزت خود کرا سکتے ہیں 95 فیصد وکلا تبدیلی لا سکتے ہیں، ہر وکیل اپنی عزت خود بنا سکتا ہے عدالت نہیں بنا سکتی، میں ایکشن لے سکتا تھا میں نے اکیلے محصور رہنے کا فیصلہ کیا، ایکشن لیتا تو کہتے اپنے ہی ایڈووکیٹس کیخلاف کارروائی کرائی۔

  • پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

    پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

    پشاور: اے آر وائی نیوز ٹیم پر حملہ کرنے کے واقعے پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

    شوکت یوسفزئی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ آزادی صحافت کی بات کرنے والے خود تنقید برداشت نہیں کر سکتے، پی ڈی ایم والے صحافیوں کو اپنی گندی سیاست میں نہیں گھسیٹیں، وہ حوصلہ اور ہمت پیدا کرے اور اصل حقیقت تسلیم کرے۔

    صوبائی وزیر نے کہا پی ڈی ایم کی لیڈر شپ اور جلسے بری طرح پٹ چکے ہیں، لیکن جلسوں کی حقیقت بتانے پر انھیں برا لگتا ہے، اے آر وائی نیوز سب سے زیادہ دیکھا جانے والا چینل بن چکا ہے، یہ آزادی صحافت کا علم بردار چینل ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا جمہوری ممالک میں آزاد صحافت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، لیکن لوٹ مار کرنے والوں کی نشان دہی پر اے آر وائی نیوز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    مالاکنڈ جلسہ: پی ڈی ایم کارکنوں کا اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر تشدد

    واضح رہے کہ آج خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ کے شہر بٹ خیلہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کارکنوں نے اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر حملہ کر کے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا، مشتعل افراد نے اے آر وائی نیوز کے عملے کو زد و کوب کیا، اور ڈی ایس این جی وین پر پتھر پھینکے اور ڈنڈے برسائے۔

    پی ڈی ایم کے مشتعل کارکنوں کے حملے میں اے آر وائی نیوز کی گاڑی کو نقصان پہنچا، اور کیمرہ مین آپریٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

  • انٹر میڈیا ٹی 20 ٹورنامنٹ، اے آر وائی نیوز نے ٹائٹل جیت لیا

    انٹر میڈیا ٹی 20 ٹورنامنٹ، اے آر وائی نیوز نے ٹائٹل جیت لیا

    کراچی: اے آر وائی نیوز نے انٹر میڈیا ٹی 20 ٹورنامنٹ ٹائٹل جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے کراچی میں ہونے والا انٹر میڈیا ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ جیت لیا، فائنل میں اے آر وائی نیوز نے آج نیوز کو 88 رنز سے شکست دی۔

    اے آر وائی نیوز نے پہلے کھیلتے ہوئے 215 رنز بنائے تھے، بدر عابدی نے شان دار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 67 رنز بنائے، بابر خان اور عتیق احمد نے 38-38 رنز بنائے۔

    جواب میں اے آر وائی نیوز کی تباہ کن بولنگ کے آگے مخالف ٹیم زیادہ مزاحمت نہ کر سکی، بولرز نے نپی تلی بولنگ سے آج ٹی وی کو 215 رنز کے تعاقب میں صرف 127 رنز تک ہی محدود کر دیا۔

    اے آر وائی کی جانب سے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بابر خان، عامر شیخ اور عدنان خان نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔

    اے آر وائی نیوز نے جیونیوز کو ہرا دیا

    میچ کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    واضح رہے کہ یہ ایونٹ حکومت سندھ کے محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کے اشتراک سے کھیلا گیا، 27 نومبر کو اے آر وائی نیوز نے سیمی فائنل میں جیو نیوز کو 9 وکٹوں سے ہرایا تھا، اے آر وائی نیوز کی ٹیم نے 141 رنز کا ہدف ایک وکٹ پر 10 اوورز میں ہی پورا کر لیا تھا۔

  • نواز شریف کی واپسی کا 100 فی صد چانس ہے: بابر اعوان

    نواز شریف کی واپسی کا 100 فی صد چانس ہے: بابر اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے نواز شریف کی واپسی کے لیے برطانیہ سے آفیشل ریکوزیشن کی ہے، ان کی واپسی کا سو فی صد چانس ہے۔

    ان خیالات کا اظہار قانون دان ڈاکٹر بابر اعوان نے اے آر وائی نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا برطانیہ سے نواز شریف کی ایکسٹرڈیشن مانگی ہے، کارروائی جاری ہے نواز شریف اپنی سزا پاکستان میں پوری کریں۔

    انھوں نے کہا برطانیہ جیسا ملک کسی مجرم کو صرف بیماری کی آڑ میں چھپا کر نہیں رکھے گا، نواز شریف کے پاس برطانیہ میں علاج معالجے کا ریکارڈ نہیں، نواز شریف کے برطانیہ میں مقیم رہنے کے چانسز تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔

    بابر اعوان نے مزید کہا کہ پاکستان میں نظام اور حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ریاستی اداروں کے خلاف جو زبان استعمال ہوئی قوم نے اسے مسترد کر دیا، بلاول کا نواز شریف کے حالیہ بیان سے متعلق ردعمل مناسب تھا، یہ اور بھی بہتر ہوتا اگر یہ ری ایکشن بروقت ہوتا، بلاول کو نواز شریف کی تقریر کے دوران فوری اختلاف کرنا چاہیے تھا۔

    وزیر اعظم کے مشیر نے کہا جی بی کے عوام 11 جماعتوں کا فیصلہ کر دیں گے، اپوزیشن جماعتیں اور پی ڈی ایم خود ایک پیج پر نہیں ہیں، مولانا، بلاول اور مریم نے دسمبر میں حکومت کے جانے کی تاریخ دی ہے، شاید انھوں نے دسمبر 2027 کی تاریخ دی ہو، تاریخیں دیتے ہوئے ڈھائی سال گزرگئے ہیں، باقی کے 2 سال اور اگلے 5 سال بھی تاریخیں دیتےگزر جائیں گے۔

    بابر اعوان کا کہنا تھا کرپشن کے بڑے بڑے ذرائع پکڑےگئے ہیں، گوگل منی لانڈرنگ نیٹ ورک بنا کر پاکستان سے منی لانڈرنگ کی گئی، اور اب اپوزیشن جماعتوں کی این آر او کے لیے ہر وقت کوششیں جاری ہیں۔