Tag: اے آر وائی گروپ

  • پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں انقلاب: اے آر وائی گروپ کا چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان

    پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں انقلاب: اے آر وائی گروپ کا چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان

    پاکستان کے سب سے بڑے اور کامیاب کاروباری گروپس میں سے ایک اے آر وائی نے چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔

    پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں نئی تبدیلی آ گئی ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے اور کامیاب کاروباری گروپس میں سے ایک، اے آر وائی گروپ، جو مشرق وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا میں بھی اپنی مضبوط موجودگی رکھتا ہے، نے چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

    چیس، جو پاکستان کے قدیم اور معروف ریٹیل اسٹور چینز میں سے ایک ہے، اس شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرے گا اور بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی کو بڑھائے گا، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے۔

    اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال نے اس اشتراک کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہم چیس کو ایک نئے اور بڑے پیمانے پر لے جانا چاہتے ہیں تاکہ اسے پاکستان کی سب سے بڑی ریٹیل چین بنایا جائے اور بین الاقوامی سطح پر بھی پھیلایا جائے۔

    چیس پہلے ہی برمنگھم میں موجود ہے، اور جہاں جہاں اے آر وائی اور پاکستانی کمیونٹی ہے، ہم وہاں بھی پہنچنا چاہتے ہیں۔ اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم ان اسٹورز کو ریبرانڈ کر کہ اےآروائی چیس (ARY Chase) کا نام دیا ہے”۔

     

    چیس ریٹیل اسٹورز کے مالک، فراز اقبال نے اس شراکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ چیس کے لیے ایک بہت مثبت قدم ہے۔ اے آر وائی گروپ کی سرمایہ کاری کے ساتھ، ہم مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ایک وسیع کسٹمر بیس کو خدمات فراہم کر سکیں گے۔ اس اشتراک میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جو مستقبل میں ہمارے صارفین کو زبردست فائدے پہنچائے گی۔‘‘

    چیس نے 1984 میں اپنا پہلا ریٹیل اسٹور قائم کیا تھا اور اپنی اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور مناسب قیمتوں کی وجہ سے صارفین میں مقبولیت حاصل کی ہے۔

    چیس کا شمار پاکستان کی معروف ریٹیل چینز میں ہوتا ہے، اور اس کی موجودگی برطانیہ میں بھی ہے۔

    اے آر وائی گروپ اور چیس نے ابتدائی طور پر پاکستان کے بڑے شہروں اورعلاقوں میں 100 نئے اسٹورز کھولنے کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی توسیع کی جائے گی۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کرنا، خریداری کے بہترین مواقع مہیا کرنا اور ریٹیل انڈسٹری میں نئے معیارات قائم کرنا ہے۔

    یہ شراکت پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جو صارفین کو بہتر سہولیات، ملازمت کے نئےمواقع اور پاکستانی برانڈز کو عالمی سطح پر ایک نئی پہچان فراہم کرے گی۔

  • اے آر وائی گروپ کے بانی حاجی عبدالرزاق یعقوب کو بچھڑے5برس بیت گئے

    اے آر وائی گروپ کے بانی حاجی عبدالرزاق یعقوب کو بچھڑے5برس بیت گئے

    کراچی : معروف کاروباری، سماجی و فلاحی شخصیت اور اے آر وائی گروپ کے بانی چئیرمین حاجی عبدالرزاق یعقوب کی آج پانچویں برسی منائی جارہی ہے۔

    دنیا میں ایسی شخصیات کم ہی پیدا ہوتی ہیں جو اپنی طلمساتی شخصیت سے ایسی صورتحال پیدا کردیں کہ انہیں ان کے جانے کے بعد بھی بھلایا نہ جاسکے، ان ہی میں ایک عاشق رسول، سخاوت کے پیکر، انسان دوست، معروف سماجی و فلاحی شخصیت اور اے آر وائی گروپ کے بانی چئیرمین حاجی عبدالرزاق ہیں جن کو ہم سے بچھڑے پانچ برس بیت گئے۔

    انسانیت کا درد رکھنے والے حاجی عبدالرزاق نے اپنے سماجی کاموں سے دنیا کے لیے مثال قائم کی۔ آپ انیس سو چوالیس میں بھارتی ریاست گجرات میں پیدا ہوئے، انتہائی قلیل سرمائے سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا اور انیس سو باہتر میں اے آر وائی کی بنیاد رکھی۔

    حاجی عبدالرزاق نے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے۔ مرحوم عظیم وژن رکھنے والی شخصیت تھے۔ ان کی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے شب و روز محنت سے ملک کا نام روشن کیا۔

    مرحوم نے دوہزار ایک میں دبئی میں ورلڈ میمن آرگنائزیشن کی بنیاد رکھی۔ تجارتی پالیسی پر حکومت کو اہم اور مفید مشورے دئیے۔ پاکستان میں پہلے مذہبی چینل کیو ٹی وی کی بنیاد کا سہرا بھی انہی کے سرجاتا ہے۔

    حاجی عبدالرزاق نے خواجہ غریب نواز ویلیفئر ٹرسٹ انٹرنیشنل اور احساس انٹرنیشنل ٹرسٹ کی بنیاد رکھی۔ انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں متعدد ملکی اور بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

    یہ اہم شخصیت اکیس فروری دوہزار چودہ کو اس جہان فانی سے کوچ کرگئی۔ ان کی ملک و ملت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

  • ایم کیوایم کے وفد کی اے آر وائی گروپ کے چیئرمین حاجی عبدالرزاق کی عیادت

    ایم کیوایم کے وفد کی اے آر وائی گروپ کے چیئرمین حاجی عبدالرزاق کی عیادت

    متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد نے ہفتہ کی صبح لندن کے مقامی اسپتال میں اے آر وائی گروپ کے چیئرمین حاجی عبدالرزاق کی عیادت کی ۔

    ایم کیو ایم کے وفد میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت، اراکین رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار، بابر غوری ، عادل صدیقی اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی روٴف صدیقی شامل تھے ۔ وفد کے اراکین نے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے حاجی عبدالرزاق کی خیریت دریافت کی ،گلدستہ پیش کیا اور ان کیلئے دعائے صحت کی۔

    اس موقع پر حاجی عبدالرزاق کی صاحبزادی شبانہ بھی موجود تھیں جنہوں نے ایم کیوایم کے وفدکی آمد اور ایم کیو ایم کےقائد الطاف حسین کی جانب سے حاجی عبدالرزاق کیلئے دعائے صحت کی اپیل پر اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ حاجی عبدالرزاق طویل عرصے سے علیل ہیں اورلندن کے مقامی اسپتال کے انتہائی نگہداشت میں زیرعلاج ہیں۔