Tag: اے آر وائی

  • کلائمٹ چینج فضائی سفر کو غیر محفوظ بنانے کا سبب

    کلائمٹ چینج فضائی سفر کو غیر محفوظ بنانے کا سبب

    دنیا بھر میں موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج کے نقصانات دن بدن سامنے آتے جارہے ہیں اور حال ہی میں ایک تحقیق میں متنبہ کیا گیا کہ کلائمٹ چینج کے باعث مستقبل کے فضائی سفر غیر محفوظ ہوجائیں گے۔

    انگلینڈ کی یونیورسٹی آف ریڈنگ میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کلائمٹ چینج مستقبل میں فضائی سفر کو بے حد غیر محفوظ بنا دے گا جس کے بعد پروازوں کے نا ہموار ہونے کے باعث مسافروں کے زخمی ہونے اور دوران سفر ان میں بے چینی اور گھبراہٹ میں مبتلا ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں: فضائی حادثے کی صورت میں ان اقدامات سے جان بچانا ممکن

    تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان ناہموار پروازوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان پہنچنے کی شرح میں بھی اضافہ ہوجائے گا جس کے بعد جہازوں کی مینٹینس پر اضافی رقم خرچ ہوگی، یوں فضائی سفر، سفر کا مزید مہنگا ذریعہ بن جائے گا۔

    ماہرین نے اس تحقیق کے لیے شمالی بحر اقیانوس کے اوپر فضائی گزرگاہ کا مطالعہ کیا۔ ماہرین کے مطابق فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کی مقدار میں اضافہ پروازوں کی رفتار اور ہمواری پر منفی اثر ڈالے گا۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ کلائمٹ چینج کے ان منفی اثرات کی وجہ سے فضائی سفر کی خطرناکی میں 59 فیصد اضافہ ہوجائے گا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی سفر کے دوران پرواز کا معمولی سا ناہموار ہونا معمول کی بات ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو متلی اور گھبراہٹ میں مبتلا کرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ہوائی جہاز کے بارے میں 8 حیرت انگیز حقائق

    تاہم مستقبل کی جو تصویر سامنے آرہی ہے، اس کے مطابق فضائی سفر میں مسافروں کو گہرے زخم لگنے کا خدشہ ہوگا۔

    ان کے مطابق فضائی سفر کی یہ ناہمواری اس قدر خطرناک ہوجائے گی کہ جہاز کے لینڈ کرتے ہی جہاز میں سوار تمام مسافروں کو اسپتال منتقل کرنا ہوگا تاکہ انہیں طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

    تحقیق میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ اثرات صرف بحر اقیانوس کے اوپر پروازوں پر مرتب ہوں گے یا دیگر خطوں میں بھی ایسی صورتحال پیش آئے گی۔

    تاہم ماہرین نے یہ ضرور کہا کہ جس علاقے میں موسمیاتی تغیرات کے جتنے زیادہ نقصانات مرتب ہوں گے، وہاں فضائی سفر اتنا ہی خطرناک ہوتا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کمر درد سے نجات دلانے والی آسان ورزشیں

    کمر درد سے نجات دلانے والی آسان ورزشیں

    آج کل کے مصروف دور میں خصوصاً دن کا آدھا وقت دفاتر میں بیٹھ کر گزارنے والے افراد کو کمر درد کی شکایت ہوجاتی ہے جو نہایت تکلیف دہ ثابت ہوتی ہے۔

    کمر کا درد روزمرہ زندگی میں نہایت مسائل پیدا کرتا ہے اور آپ چلنے پھرنے، اٹھنے بیٹھے اور جھکنے کے دوران شدید تکلیف کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    لیکن فکر مت کریں۔ کمر کے درد سے چھٹکارہ پانا نہایت آسان ہے۔ اس کے لیے بس آپ کو یہ ورازش کرنی ہوں گی۔

    پہلی ورزش بچے کی طرح لیٹنا ہے۔ الٹا لیٹ کر ایک گھٹنے کو اس طرح اوپر کرلیں کہ آپ کا گھٹنا معدے پر دباؤ ڈالے۔ اس طریقے سے جتنی دیر تک ممکن ہو تب تک آرام کریں۔

    یہ ورزش کمر درد میں کمی کے لیے نہایت معاون ہے۔

    یہی ورزش سیدھا لیٹ کر بھی دہرائی جاسکتی ہے۔ سیدھا لیٹ کر گھٹنے کو اوپر (پیٹ کی طرف) اور نیچے کی سمت حرکت دیں۔ یہ عمل 7 بار دہرائیں۔

    سیدھا لیٹ کر پاؤں کے پنجوں کو اپنی سمت اور مخالف سمت حرکت دیں۔ یہ عمل 6 سے 7 بار دہرائیں۔

    ایک اور ورزش کے لیے سیدھا لیٹ کر سانس کی آمد و رفت کے ساتھ بازوؤں کو اوپر اٹھائیں اور نیچے کی طرف کریں۔ لیکن خیال رہے کہ اس دوران کمر یا پشت تکلیف کا شکار نہ ہوں۔

    انتباہ: اگر کمر درد شدید ہو تو ڈاکٹر کے مشورے سے قبل ہرگز ان تجاویز پر عمل نہ کریں۔ کسی ورزش کے دوران کمر میں تکلیف کا احساس بڑھ جائے تو اس ورزش کو کرنے سے گریز کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جنوبی افریقہ سے درآمد شدہ گوشت پر پابندی عائد

    جنوبی افریقہ سے درآمد شدہ گوشت پر پابندی عائد

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی نے جنوبی افریقہ سے درآمد شدہ گوشت کو مضر صحت قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ سےدرآمد شدہ گوشت اور اس سے تیار کی گئی اشیا صحت کے لیے خطرناک ہیں۔

    وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی افریقہ کے سرکاری حکام کی طرف سے نقصان دہ گوشت سپلائی کرنے والی کمپنیوں کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں افریقہ کی گوشت فراہم کرنے والی ٹائیگر انٹرپرائز اور آر سی ایل فوڈز نامی دو کمپنیاں شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: گوشت کھانے سے قبل اس کے خطرناک نقصانات جانیں

    مذکورہ کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ گوشت معائنے کے بعد مضر صحت نکلا۔

    وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی کے شعبہ فوڈ سیفٹی کے ڈائریکٹر محمد ال حربوی کا کہنا تھا کہ وزارت ماحولیات نے ابو ظہبی فوڈ کنٹرول اتھارٹی اور دبئی، شارجہ، اجمان اور ام القیوان سمیت تمام شہروں کی میونسپل اتھارٹی کو مطلع کردیا ہے کہ فہرست میں شامل دونوں کمپنیوں کی اشیا کی درآمد فوری طور پر منسوخ کردی جائے اور ان کمپنیوں کی پہلے سے موجود گوشت سے تیار کردہ اشیا کو بھی تلف کردیا جائے۔

    وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سرکاری حکام سے رابطہ کیا ہے کہ گوشت کے حوالے سے کی گئی تحقیقات دبئی حکام کو فراہم کی جائیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہائیکنگ کرنے کے فوائد سے آگاہ ہیں؟

    ہائیکنگ کرنے کے فوائد سے آگاہ ہیں؟

    کیا آپ جانتے ہیں ہائیکنگ کرنا آپ کی صحت پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟

    شہروں کی بھیڑ بھاڑ اور شور شرابہ سے دور کسی پرسکون قدرتی مقام پر پیدل چلنا اور گھومنا پھرنا آپ کے جسم، دماغ اور روح پر نہایت خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے۔

    معروف امریکی ماہر ماحولیات جان میئر، جسے پہاڑوں والا جان بھی کہا جاتا تھا، اپنی کتاب ’اور نیشنل پارکس‘ میں رقم طراز ہے، ’فطرت کا سکون آپ کے اندر ایسے سرائیت کرے گا جیسے سورج کی روشنی درختوں میں سرائیت کرتی ہے۔ ہوا کی تازگی آپ کے اندر تازگی بھر دے گی، اور طوفانوں کی قوت آپ کے اندر آجائے گی‘۔

    مزید پڑھیں: فطرت کے قریب وقت گزارنا بے شمار فوائد کا باعث

    جنگل یا درختوں کے درمیان چہل قدمی، درختوں کی خوشبو سونگھنا، اور جنگل میں بہنے والی پانیوں کا شور اور پرندوں کی چہکار سننا آپ کے دماغ کو تازہ دم کرتا ہے اور اس بات کی تصدیق طبی ماہرین بھی کرتے ہیں۔

    آئیے دیکھتے ہیں کہ ہائیکنگ آپ کو کیا کیا فوائد پہنچا سکتی ہے۔


    منفی خیالات میں کمی

    hiking-2

    منفی خیالات رکھنا اور ان پر مسلسل توجہ مرکوز کیے رہنا بے چینی، ڈپریشن اور عدم اطمینان کو جنم دیتا ہے۔ حال ہی میں کی جانے والی ایک ریسرچ کے مطابق فطرت کے ساتھ وقت گزارنا دماغ میں منفی خیالات میں کمی کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق پیدل چلنا بھی ایک بہترین ورزش ہے جو غصہ، حسد اور دیگر منفی خیالات کا خاتمہ کرتی ہے لہٰذا اگر ہائیکنگ کی جائے یعنی کسی قدرتی مقام پر پیدل چلا جائے تو یہ آپ کے اندر سے تمام منفی خیالات کو ختم کردیتی ہے۔


    جدید ٹیکنالوجی سے دوری

    ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی جیسے کمپیوٹر، ٹی وی، اسمارٹ فونز وغیرہ نے ہمیں ساری دنیا سے جوڑ تو دیا ہے لیکن یہ ہماری جسمانی و نفسیاتی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ دور دراز علاقوں میں جانا جہاں آپ کے اسمارٹ فونز کام نہ کر سکیں، آپ کو فطرت سے جڑنے میں مدد دیتے ہیں۔

    آج کل کے دور میں ہم اپنے تمام مسائل کا حل گوگل سے تلاش کرنے کے عادی ہوچکے ہیں، تو ماہرین کے مطابق ایسی صورتحال میں جب آپ کا اسمارٹ فون آپ کے پاس نہ ہو، اور آپ کسی مشکل کا شکار ہوجائیں، تو آپ کی سوئی ہوئی صلاحیتیں بیدار ہوتی ہیں جو آپ کو مشکلات کا حل ڈھونڈنے میں مدد کرتی ہیں۔


    بچوں پر مفید اثرات

    hiking-3

    ہائیکنگ کے لیے جاتے ہوئے اپنے بچوں کو بھی ساتھ رکھیں۔ فطرت کے قریب وقت گزارنا ان بچوں کے لیے نہایت مفید ہے جن میں شدت پسندی کا رجحان پایا جاتا ہے اور وہ سخت مزاج یا غصیلے ہوتے ہیں۔

    فطرت کے قریب رہنا ایسے بچوں کے مزاج میں ٹہراؤ اور نرمی پیدا کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہائیکنگ کے لیے جانا ان بچوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو چیزوں پر اپنی توجہ مرکوز نہیں رکھ پاتے اور باآسانی ان کی توجہ بھٹک جاتی ہے۔ قدرتی مناظر ان کی تخلیقی اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہیں۔


    دماغی کارکردگی میں اضافہ

    hiking-5

    ماہرین کے مطابق ہائیکنگ آپ کے دماغ کے افعال و کارکردگی میں بھی اضافہ کرتی ہے اور آپ کی فیصلہ سازی، چیزوں کو سمجھنے کی صلاحیت اور یادداشت میں بہتری آتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بڑے ہدف کے باوجود قلندرز کو اسلام آباد کے ہاتھوں پھر شکست

    بڑے ہدف کے باوجود قلندرز کو اسلام آباد کے ہاتھوں پھر شکست

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے اٹھارویں میچ میں بڑا ہدف بھی لاہور قلندرز کے کام نہ آسکا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لک رونچی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت میکولم الیون کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپرلیگ کا اٹھارواں میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا گیا، قلندرز کی کپتانی میکولم جبکہ یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق کررہے تھے۔

    مصباح الحق نے  ٹاس جیت کر میکولم الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قلندرز کی جانب سے اوپنگ کا آغاز فخر زمان اور اینٹون ڈیوچ نے کیا، لاہور اچھی اوپنگ ملی اور پہلی وکٹ 56 کے مجموعی اسکور پر اسکور گریں۔

    بعد ازاں 101، 121، 149، 150، 162، 163 کے مجموعی اسکور پر گریں، اینٹون ڈیوچ 42 گیندوں پر 62 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے علاوہ ازیں فخرزمان 34 اور میکولم 33 کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمایاں بیٹسمین رہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلر فہیم اشرف نے چار اوورز میں 32 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز اسکور کیے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 164 کا ہدف دیا۔

    ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو جے پی ڈومینی اور لک رونچی نے کیا، 47 کے مجموعی اسکور پر ڈومینی پویلین لوٹے بعد ازاں شاداب خان نے اوپنر کے ساتھ شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 87 رنز کی شراکت داری کے ذریعے مستحکم پوزیشن فراہم کی۔

    مصباح الیون کی پہلی وکٹ 47، دوسری 134، 145 اور 151 کے مجموعی اسکور پر گری، رونچی 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شاداب خان 32 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، قلندرز کے باؤلر سنیل نارائن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    لک رونچی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔


    اسلام آباد یونائیٹڈ اننگز خلاصہ

    سنیل نارائن کے چوتھے اور اننگز کے سولہویں اوور کی پانچویں گیند پر لک رونچی 6 چھکوں اور پانچ چوکوں کے ساتھ 77 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، بعد ازاں مصباح الحق اور صاحبزادہ فرحان نے 17.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    بارہویں اوور کی آخری گیند پر شاداب خان 32 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے نئے آنے والے کھلاڑی آصف علی بھی 7 رنز پر پویلین لوٹے، پندرہویں اوور کے اختتام پر مصباح الیون نے تین وکٹوں کے نقصان پر مجموعی اسکور کو 149 تک پہنچایا۔

    لک رونچی اور شاداب خان نے چھٹے اوور سے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور اگلے پانچ اوورز میں 67 رنز بنائے، دس اوورز کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 1 وکٹ کے نقصان پر 115 تک پہنچا۔

    ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز لک رونچی اور جے پی ڈومینی نے کیا تاہم 48 کے مجموعی اسکور پر اوپنر ڈومینی 21 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، 5 اوورز کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 48 تک پہنچا۔

    قلندرزاننگز خلاصہ

    سولہویں اوور میں دنیش رام دین کلین بولڈ اور اینٹون ڈیوچ کیچ آؤٹ ہوئے، انیسویں اوور میں سنیل نارائن بھی پویلین لوٹے پھر اننگز کے آخری اوور میں لاہور قلندرز مخالف ٹیم کی دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

    لاہور قلندرزکی ٹیم نے گیارہویں اوور میں مجموعی اسکور کی سنچری ایک وکٹ کے نقصان پر مکمل کی، بعد ازاں 12 اوورز میں شاداب خان نے آغاز سلمان کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    ساتویں اوور کی چوتھی گیند پر اوپنر فخر زمان 24 بالز پر 34 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، نئے آنے والے کھلاڑی آغا سلمان نے ان ٹن ڈوچچ کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 10 اوور کے اختتام پر 94 تک پہنچایا۔

    لاہور کی جانب کی جانب سے اوپنگ کا آغاز فخر زمان اور ڈیوسچ ان ٹن نے کیا، 5 اوورز کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے 47 تک پہنچا۔

    قلندرز کی ٹیم مسلسل 5 مرتبہ شکست کا سامنا کرنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ جیتنے کا عزم لیے میدان میں اتری ہے، پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ لاہور قلندرز 0 صفر پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔

    دونوں ٹیموں نے اب تک 5، 5 میچز کھیلے ہیں جن میں سے لاہور قلندرز ایک میں بھی فتح حاصل نہ کرسکی۔ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میچز میں فتح جبکہ 2 میچز میں شکست کھا چکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عرفان خان کو دماغ کے کینسر کی تشخیص

    عرفان خان کو دماغ کے کینسر کی تشخیص

    ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عرفان خان کو دماغ کے سرطان کی تشخیص ہوئی ہے۔ اداکار نے چند دن پہلے اپنی موذی بیماری کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی تھی۔

    عرفان خان نے 2 روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کبھی کبھی آپ کے دن کا آغاز ایسے انوکھے واقعات کے ساتھ ہوتا ہے جو آپ کو زندگی کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ گزشتہ 15 دن سے میرے اوپر یہی کیفیت طاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نایاب کہانیوں کی تلاش مجھے اچھوتی بیماری کی طرف لے جائے گی اس بات کا بالکل علم نہیں تھا تاہم اب جب مرض لاحق ہونے کی تصدیق ہوچکی تب بھی میں نے شکست تسلیم نہیں کی۔

    عرفان خان نے بتایا تھا کہ انہوں نے مرض کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کروائے ہیں جن کے رزلٹس کا انہیں انتظار ہے۔ ٹیسٹ کے مطابق ان کو دماغ کے سرطان کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے سرطان کی نوعیت شدید ہے اور ڈاکٹرز ان کی نیڈل بائیوپسی کرنا چاہتے ہیں تاکہ مرض کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکے۔

    ذرائع کے مطابق رپورٹ سامنے آنے کے بعد اب فوری طور پر ان کی سرجری ہونی چاہیئے تاہم عرفان اس کے حق میں نہیں۔ وہ کیمیو اور ریڈیو تھراپی کروانا چاہتے ہیں تاہم حتمی فیصلہ بائیوپسی کی رپورٹ آنے کے بعد ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مزیدار فالودہ تیار کرنے کی ترکیب

    مزیدار فالودہ تیار کرنے کی ترکیب

    فالودہ آئس کریم گرمیوں کی خاص سوغات ہے جسے مختلف طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے۔

    آج ہم آپ کو گھر میں فالودہ تیار کرنے کی آسان ترکیب بتا رہے ہیں۔


    اجزا

    دودھ: آدھا کلو

    کھویا: 1 پاؤ

    چینی: حسب ضرورت

    پستہ، بادام ۔ باریک کٹا ہوا: 2 کھانے کے چمچ

    سبز الائچی کے دانے: حسب ضرورت

    کارن فلور: 5 کھانے کے چمچ


    ترکیب

    دودھ کو ابالیں۔ اب دودھ میں کھویا اور چینی شامل کر کے گاڑھا ہونے تک پکائیں۔

    گاڑھا ہونے پر پستہ بادام ڈال کر مکس کریں اور چولہے سے اتار کر ٹھنڈا ہونے دیں۔

    آئس کریم ٹھنڈی ہوجائے تو فریزر میں رکھ کر جما لیں اور حسب پسند ٹکڑے کاٹ لیں۔

    فالودہ بنانے کے لیے کارن فلور کو 1 گلاس پانی میں اچھی طرح مکس کریں، مکس کرنے کے بعد کارن فلور کو ہلکی آنچ پر مسلسل چمچ چلاتے ہوئے اتنا پکائیں کہ کارن فلور کا وائٹ کلر ختم ہو جائے۔ کارن فلور پکنے کے بعد گاڑھی لئی کی شکل کا ہوگا۔

    اب گرم کارن فلور کو چمچ کی مدد سے سفید پولی تھین میں ڈالیں۔ پولی تھین کے نچلی طرف کونے میں ماچس کی تیلی سے چھوٹا سا سوراخ بنا لیں۔

    اب ایک پیالے میں ٹھنڈا یخ پانی لیں اور آئس کیوب بھی ڈال لیں ، اب پولی تھین کو ہلکے ہاتھ سے دباتے ہوئے فالودہ کی سویاں پیالے میں گراتے جائیں۔

    سرو کرنے کے لیے پہلے آئس کریم ڈالیں، اوپر فالودہ ڈال کر روح افزا ڈالیں اور تھوڑے سے پستے بادام بھی ڈال دیں۔

    مزید اضافہ کرنا ہو تو پائن ایپل کے ٹکڑے، ویفرز بسکٹ اور رنگ برنگے مربے سے گارنش کر لیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سمندروں اور دریاؤں کی صفائی کرنے والا پہیہ

    سمندروں اور دریاؤں کی صفائی کرنے والا پہیہ

    آبی آلودگی ایک بڑا ماحولیاتی مسئلہ ہے جو سمندروں اور دریاؤں میں رہنے والی آبی حیات کو سخت نقصان پہنچا رہی ہے۔ سمندر کی مچھلیوں کا آلودہ پانی میں افزائش پانا اور پھر اس مچھلی کا ہماری غذا میں شامل ہونا ہمیں بھی نقصان پہنچانے کا سبب بن رہا ہے۔

    علاوہ ازیں دریاؤں کے قابل استعمال میٹھے پانی کی آلودگی بھی انسانی صحت کو شدید خطرات کا شکار بنا رہی ہے۔

    ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 3.4 ملین افراد گندے پانی کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔ ان بیماریوں میں ٹائیفائیڈ، ہیپاٹائٹس، ڈائریا اور ہیضہ شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: آبی آلودگی سے دنیا بھر کی آبادی طبی خطرات کا شکار

    تاہم حال ہی میں امریکی ماہرین نے ایسا پہیہ ایجاد کیا ہے جو دریاؤں اور سمندروں کی صفائی کر کے اس میں سے ٹنوں کچرا باہر نکال سکتا ہے۔

    امریکی ریاست میری لینڈ کے ساحلی شہر بالٹی مور میں آزمائشی تجربے کے موقع پر اس پہیہ نے سمندر سے 50 ہزار پاؤنڈ کچرا نکالا۔

    یہ تجربہ بالٹی مور کی بندرگاہ پر انجام دیا گیا جہاں جہازوں کی آمد و رفت اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے بے تحاشہ کچرا سمندر میں پھینک دیا جاتا ہے۔

    اس پہیہ پر شمسی توانائی کے پینلز نصب کیے گئے ہیں جو اسے فعال رکھتے ہیں۔ پہیہ استعمال کے لیے کسی بحری جہاز یا چھوٹی کشتی پر نصب کیا جاتا ہے جس کے بعد یہ تیرتے ہوئے سمندر میں سے کچرا نکالتا جاتا ہے۔

    اسے تیار کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کو بنانے کا مقصد سمندر کی آلودگی میں کمی کرنا اور بندرگاہ کو تیراکی کے لیے محفوظ بنانا ہے۔

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں آبی آلودگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث 30 کروڑ افراد کو صحت کے سنگین مسائل لاحق ہوسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    اجلاس میں 11 ارب 63 کروڑ مالیت کے ٹیلی کمیونیکشن سسٹم کو اپ گریڈ کرنے، راولپنڈی میں 5 ارب مالیت سے 200 بیڈ کے گائنی سینٹر کے قیام، سدرن پنجاب سے غربت کے خاتمے کے لیے 7 ارب سے زائد کے منصوبے اور ڈیرہ غازی خان میں ناردرن بائی پاس منصوبے کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں چترال، بومی، مستوج شندور شاہراہ کی توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔ شاہراہوں کی توسیع پر 16 ارب 75 کروڑ سے زائد لاگت آئے گی۔

    علاوہ ازیں راولپنڈی کہوٹہ روڈ منصوبے، مجوزہ بائی پاسز کے لیے 13 ارب کی منظوری، 8 ارب کی لاگت سے زیارت، مور، کیچ ہرنائی شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ اور کے کے ایچ متاثرین کی بحالی، لینڈ ایکوزیشن کا 12 ارب 60 کروڑ روپے کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • رواں سال پاکستان کے لیے اقتصادی طور پر مشکل ہوگا: آئی ایم ایف

    رواں سال پاکستان کے لیے اقتصادی طور پر مشکل ہوگا: آئی ایم ایف

    واشنگٹن: عالمی مالیاتی ادارے نے بھی سیاسی اتفاق رائے معیشت کے لیے ضروری قرار دے دیا۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ بیرونی کھاتوں پر دباؤ کے باعث رواں سال پاکستان کے لیے مشکل ہوگا۔

    انٹرنیشل مانیٹری فنڈ کی پاکستان میں نمائندہ ٹریزا ڈیبن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی اتفاق رائے ضروری ہے۔ معاشی اصلاحات کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہوتا ہے۔

    پاک امریکا تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پر امریکا کا کوئی دباؤ نہیں۔ آئی ایم ایف فنڈ میں امریکا کا حصہ صرف 17 فیصد ہے۔

    آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ بیرونی کھاتوں پر دباؤ، قرضوں کی ادائیگی اور خام تیل قیمت میں اضافے کے باعث رواں سال پاکستان کے لیے مشکل ہوگا۔ زرمبادلہ ذخائر میں کمی تشویشناک ہے۔

    ادارے کے مطابق روپے کی قدر میں کمی معشیت کے لیے بہتر ہے۔ آئی ایم ایف نے شرح سود میں مزید اضافے کی پیش گوئی بھی کی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔