Tag: اے آر وائی

  • نومولود بچوں کی شرح اموات پاکستان میں سب سے زیادہ

    نومولود بچوں کی شرح اموات پاکستان میں سب سے زیادہ

    اسلام آباد: عالمی ادارہ اطفال یونیسف کا کہنا ہے کہ نومولود بچوں کی شرح اموات پاکستان میں سب سے زیادہ ہے۔ نومولود کی اموات کی فہرست میں جنوبی ایشیا کے صرف 2 ملک پاکستان اور افغانستان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ اطفال یونیسف نے نومولود بچوں کی شرح اموات کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے۔

    یونیسف کی رپورٹ کے مطابق نومولود بچوں کی اموات کی فہرست میں جنوبی ایشیا کے صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سنہ 2016 میں 22 بچوں میں سے ایک پیدائش کے پہلے ماہ جاں بحق ہوا۔ پاکستان کو نوزائیدہ بچوں کی اموات کے معاملے پر شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغانستان میں نومولود بچوں کی شرح اموات 25 میں سے ایک ہے۔ اسی طرح سینٹرل افریقی ری پبلک میں شرح 24 میں ایک رہی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایک پاکستانی غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں بچوں کی بڑی تعداد غذائی کمی اور نقص نمو کا شکار ہے اور اس حوالے سے پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن چکا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق غذائی کمی کا شکار بچوں کی شرح سندھ میں 70.8 فیصد، پنجاب میں 65.5 فیصد، اور خیبر پختونخواہ میں 67.4 فیصد ہے۔

    ایسے بچوں کی شرح سب سے زیادہ صوبہ بلوچستان میں ہے جہاں 83.4 فیصد بچے مناسب اور مکمل غذا سے محروم ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان

    بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان

    اسلام آباد: ملک بھر میں مہنگی بجلی سستی کیے جانے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی نے بجلی 2 روپے 97 پیسے کمی کی سفارش کردی۔ فیصلہ 22 فروری کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔ کمی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی جائے گی۔ بجلی کی قیمت میں کمی کے لیے نیپرا کی جانب سے سماعت بائیس فروری کو ہوگی۔

    بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست سینٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی کی جانب سے دی گئی ہے۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 97 پیسے کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

    سی سی پی اے کے مطابق جنوری میں 7 ہزار 9 سو 82 یونٹ بجلی پیدا کی گئی ہے اور 7 ہزار 6 سو 98 یونٹ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کی گئی۔

    جنوری میں بجلی کی فی یونٹ قیمت 6 روپے 88 پیسے رہی جبکہ ریفرنس فیول چارجز 9 روپے 86 پیسے رہی۔ سی سی پی اے کی مجوزہ کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے علاوہ تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • گلوبل وارمنگ سے مطابقت کا انوکھا طریقہ

    گلوبل وارمنگ سے مطابقت کا انوکھا طریقہ

    دنیا بھر میں رونما ہوتے موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج اور اس کی وجہ سے بڑھتا ہوا درجہ حرارت یعنی گلوبل وارمنگ ایک اہم مسئلہ ہے جو انسانی بقا اور معیشت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

    تاہم نیدر لینڈز کا شہر روٹر ڈیم اس مسئلے کے ساتھ انوکھے طریقے سے مطابقت کر رہا ہے۔

    نیدر لینڈز کا نصف سے زائد رقبہ سطح سمندر سے نیچے ہے۔ صدیوں سے نیدر لینڈز میں نالے اور ندیاں بنائی جارہی ہیں تاکہ بارشوں میں آنے والا پانی ان میں چلا جائے اور شہر خشک رہ سکیں۔

    مزید پڑھیں: مشرق سے مغرب تک تباہ کن سیلاب اور طوفان

    لیکن اب کلائمٹ چینج کی وجہ سے یہ ملک مزید غیر محفوظ ہوتا جارہا ہے۔ انتظامیہ کو احساس ہے کہ بلند عمارتیں بنانے یا پانی کے آگے پشتے لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، چنانچہ انہوں نے اس مسئلے سے لڑنے کے بجائے اس کے ساتھ مطابقت کرنے کا سوچا۔

    ایک منصوبے کے تحت اب روٹر ڈیم میں نئے سرے سے تعمیرات کی جارہی ہیں جس کے بعد شہر کے گیراج، پارک اور اسکوائرز پانی ذخیرہ کرنے کے مقامات بن گئے ہیں۔

    بارشوں کے موسم میں جب پانی سمندروں اور دریاؤں کے کناروں سے اچھل کر شہر کے اندر آجاتا ہے تب کشتیوں میں سفر کرنا یا تیراکی کا لباس پہن کر گھر سے نکلنا معمول کی بات بنتا جارہا ہے۔

    اس طریقہ کار سے نیدر لینڈز نے ایک بڑے مسئلے کو اپنے لیے ایک بہترین موقع میں بدل لیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل 3: کس میں کتنا ہے دم، ایونٹ میں شریک ٹیموں کا ماہرانہ تجزیہ

    پی ایس ایل 3: کس میں کتنا ہے دم، ایونٹ میں شریک ٹیموں کا ماہرانہ تجزیہ

    تجزیہ: شاہد ہاشمی

    پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن اپنے جلو میں بے شمار ہنگامہ خیزی اوررنگینیاں لیے آیا ہی چاہتا ہے۔ اس بار ہوگا پہلے سے زیادہ ایکشن، تھرل اور پہلے سے زیادہ میچز، کیونکہ اس بار چھ ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ ملتان سلطانز بھی میدان میں اتر چکے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ اس کو نئے افق پر لے جاکر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو نئی دنیاؤں سے روشناس کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیڈیم، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بالآخر نو سال بعد ایک عالمی سطح کا ایونٹ منعقد ہوگا۔ سیزن کا فائنل اسی گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس مقابلے کے لیے زور وشور سے تیاریاں جاری ہیں۔

    آئیں جائزہ لیتے ہیں کہ پی ایس ایل کی چھ ٹیموں میں سے کس کی کتنی استعداد ہے اور ان میں سے کون فائنل تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    پشاور زلمی

    پشاور زلمی میں کامران اکمل، حارث سہیل ، تمیم اقبال، تیمور سلطان اور ابتسام شیخ جلوے دکھائیں گے، جب کہ آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ، شکیب الحسن، ڈیوین براوو ، ڈیرن سیمی، حماد اعظم اور سعد نسیم اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

    باؤلنگ سائیڈ دیکھی جائے، تو اسپنرز میں محمد اصغر جب کہ فاسٹ باؤلرز میں وہاب ریاض ، حسن علی، کرس جارڈن اور سمین گل اپنے جوہر دکھائیں گے۔ دیگر اہم کھلاڑیو ں میں اینڈرے فلیچر، ایوین لوئیس، خالد عثمان اور محمد عارف کے نام موجود ہیں۔

    پشاور زلمی جو اس سال اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی، وہ اس بار اسٹا رکرکٹر شاہد خان آفریدی سے محروم ہے۔ سپراسٹار کراچی کنگز میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ البتہ زلمی کے پاس ویسٹ انڈیز کو دو بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جتوانے والے کپتان ڈیرن سیمی موجود ہیں۔

    یہ بات بھی پیش نظر رہے کہ بنگلا دیش کے تمیم اقبال اور شکیب الحسن پی ایس ایل کے کتنے میچز کھیل پائیں گے، کیوں کہ انہیں 8 تا 18 مارچ بنگلا دیش، سری لنکا اور بھارت کے مابین منعقدہ سہہ فریقی سیریز میں بھی شریک ہونا ہے، شاید یہ دونوں اہم کھلاڑی ابتدائی پانچ میچز کے بعد دستیاب نہ ہوں۔ ان کی جگہ کامران اکمل اور محمد حفیظ کو ٹاپ آرڈر جب کہ ڈیوین براوو اور حارث سہیل کو مڈل آرڈر پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    باؤلنگ سائیڈ میں اس سال ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے حسن علی کی موجودگی پشاور زلمی کو مضبوط کرے گی۔ ان کے ہمراہ وہاب ریاض اور کرس جارڈن بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسپن اٹیک کے لیے حفیظ کا کردار اہم ہے۔

    لاہور قلندرز

    لاہور قلندرز کے پاس بلے بازی کے لیے برینڈن میک کیلم، فخر زمان، عمر اکمل، کرس لین، کیمرون ڈیل پورٹ اور سہیل اختر موجود ہیں، آل راؤنڈرز میں عامر یامین، امید یوسف اور بلال آصف سے امیدیں وابستہ ہیں۔

    باؤلنگ کی جانب نگاہ کی جائے تو سنیل نارائن، یاسر شاہ ،رضا حسن اور آغا سلمان جیسے مضبوط نام سامنے آتے ہیں، فاسٹ باولرز میں سہیل خان، مستفیظ الرحمان، شاہین شاہ آفریدی، غلام مدثر اور سلمان ارشان موجود ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں مشعل میک کلنگھم اور گلریز صدف موجود ہیں۔

    بد قسمتی سے پی ایس ایل کی نمایاں ٹیموں میں شامل لاہور قلندرز گذشتہ دو ایڈیشنز میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ البتہ اس بار ان کے پاس کرس لین جیسا کھلاڑی موجود ہے، جوٹی ٹوئنٹی میچز کو سنسنی خیز بنانے کا ہنر اچھی طرح جانتے ہیں۔ محمد رضوان کی جگہ آنے والے سہیل خان بھی یقیناً ٹیم میں ایک اچھا اضافہ ثابت ہوں گے۔

    کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے انعقاد سے مثبت پیغام جائے گا: شاہد آفریدی

    اسپننگ سائیڈ بھی ٹیم میں سنیل نارائین اور یاسر شاہ کی موجود گی کے سبب مضبوط ہوئی ہے، تاہم بلال آصف فی الحال انجرڈ ہیں اور انہیں ریکور ہونے کے لیے وقت درکار ہے، فاسٹ باؤلنگ میں سہیل اور عامر یامین بھی اپنا جادو جگائیں گے۔ البتہ بلاول بھٹی کی انجری اور عرفان جونیئر کے کراچی کنگز جانے کے سبب یہ شعبہ مشکلات کا شکار رہے گا۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے سلمان ارشاد کی پرفارمنس کو اہم تصور کیا جارہا ہے۔

    لاہور کی خامی ان کا مڈل آرڈر ثابت ہوگی، تاہم اس سے عمر اکمل کو موقع ضرور ملے گا کہ وہ پی ایس ایل 2 کی طرح دھواں دھار کاکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں اپنی واپسی کی راہ ہموار کریں۔

    ملتان سلطانز

    پی ایس ایل میں پہلی بار شامل ہونے والی ٹیم ملتان سلطانز کے پاس بلے بازوں کی فہرست میں جو نام ہیں، ان میں شعیب ملک، کمار سنگا کارا، صہیب مقصود، ڈیرن براوو، احمد شہزاد، شان مسعود، نک پوراںِ عبداللہ شفیق، سیف بدر اور عرفان خان شامل ہیں۔

    آل راؤنڈر کے طور پراس ٹیم میں صرف سہیل تنویر ہیں جب کہ باؤلنگ کی بات کی جائے تو عمران طاہر بطور اسپنر ہوں گے اور محمد عرفان، جنید خان اور محمد عباس بطور فاسٹ باؤلر اپنا جلوہ دکھائیں گے، دیگر کھلاڑیوں میں ہارڈس ول جوائن، عمر گل، عمر صدیق اور روز وائٹلے شامل ہیں۔

    کراچی !! پھر ملیں گے فائنل میں، کراچی کنگز کے روی بوپارہ پُرعزم

    پی ایس ایل کی یہ نئی فرنچائز سابقہ مہنگی ترین ٹیم، یعنی کراچی کنگز سے دگنی مالیت کی ہے۔ وسیم اکرم اور ٹام موڈی کے مشوروں پر متوازن ٹیم منتخب کی گئی ہے۔ شعیب ملک بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں، جنھوں نے سابق دو ایڈیشنز میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی تھی، مگر ان کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی. اس بار انھیں اپنی پرفارمنس ثابت کرنی ہوگی۔ کیرن پولارڈ اور براوو ٹاپ آرڈر پر ٹیم کے لیے ایک اچھا کمبنی نیشن ثابت ہوں گے۔ احمد شہزاد اور صہیب مقصود کو بھی اپنی پرفارمنس ثابت کرنا ہوگی۔

    ملتان سلطان کی لائن اپ کا سقم یہ ہے کہ ان کے پاس محض ایک اسپنر ہے، یو اے ای کی وکٹ پر انھیں اسپینر کی کمی محسوس ہوگی۔

    کراچی کنگز

    کراچی کنگز کو پی ایس ایل کی سب سے زیادہ مقبول ٹیم تصور کیا جاتا ہے، ان کے پاس بلے بازی کےمیدان میں کولن انگرام، جو ڈینلے، خرم منظور، بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے کھلاڑی موجود ہیں، جب کہ آل راؤنڈرز میں اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی، روی بوپارا، عماد وسیم، ڈیوڈ ویزے اور حسن محسن جیسے اہم نام موجود ہیں، جن سے پی ایس ایل شائقین کو خاصی امیدیں‌ ہیں.

    باؤلنگ سائیڈ پر دیکھا جائے، تو اسپنرز میں اسامہ میر جب کہ فاسٹ باؤلرز میں محمد عامر، تیمل ملز، عثمان شنواری، تابش خان اورمحمد عرفان جونیئر جیسے نام شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیو میں لینڈل سائمنز، ایوین مورگن اور سیف اللہ بنگش موجود ہیں۔

    کراچی کنگز پی ایس ایل کی وہ ٹیم ہے، جس نے سب سے زیادہ تبدیلیاں کی گئیں، کرس گیل اور سہیل خان کو ڈراپ کرکے ان کی جگہ شاہد خان آفریدی جیسے سپراسٹار کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف تماشائیوں کے جوش و خروش میں اضافہ ہوگا، بلکہ ٹیم کا مورال بھی بلند ہوگا. شاہد خان آفریدی کسی بھی ٹی ٹوئنٹی میچ میں محض چند گیندوں میں مقابلے کا پانسہ پلٹنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتے ہیں۔

    سہیل خان کی کمی تیمل ملز پوری کریں گے، جب کہ محمد عامر بھی اپنا تیز رفتار فن دکھانے کے لیے میدان میں موجود ہوں گے۔ محمد عرفان جونیئر اور عثمان خان شنواری بھی کراچی کنگز کے حق میں ایک بڑے فیکٹر کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    کولن انگرام، جو دینلے اور خرم منظور سے امید کی جارہی ہے وہ ٹیم کو ایک اچھا اسٹارٹ فراہم کریں گے تاہم بابر اعظم بھی ٹیم کو سنبھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس آل راؤنڈرز بھی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

    ٹیم میں شاہد آفریدی کی موجود گی، جب کہ نئے کپتان عماد وسیم کی مناظر میں آمد کراچی کنگز کی پرفارمنس پر گہرے اور مثبت کردار ادا کرسکتی ہے.

    اسلام آباد یونائیٹڈ

    پہلا سیزن اپنے نام کرنے والی اس ٹیم کے بلے بازوں میں مصباح الحق، افتخار احمد، آصف علی، جے پی ڈومینی، لیوک رونچی، سیم بلنگز، صاحبزادہ فرحان اور طلعت حسین شامل ہیں۔ آل راؤنڈرز میں اینڈرے رسل، شاداب خان اور فہیم اشرف اپنا ہنر آزمائیں گے۔

    اسپن اٹیک میں‌ سیموئل بدری اور ظفر گوہر موجود ہیں، فاسٹ باؤلرز میں محمد سمیع ، رومان رئیس اور عماد بٹ نمایاں‌ ہیں. دیگر کھلاڑیوں میں الیکس ہیلز، سمت پٹیل، اسٹیو فن محمد حسن اور محمد حسنین شامل ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے مداح یقیناً شرجیل خان اور خالد لطیف کی کمی محسوس کریں گے، دونوں کھلاڑی گذشتہ سال اسپاٹ فکسنگ کے الزام کے سبب ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔ فرنچا ئز نے ڈیوین اسمتھ کو بھی اس سال ریلیز کردیا ہے، تاہم اینڈرے رسل کی واپسی یقینی طور پر خوش آئند ثابت ہوگی۔

    کراچی کنگزکے آفیشل گانے ’’ دے دھنا دھن ‘‘ کی ویڈیو ریلیز

    شین واٹس تو ٹیم میں‌ نہیں. ان کی جگہ جے پی ڈومنی، لیوک رونچی اور صحبزاداہ فرحان بلے بازی کے جوہر دکھائیں گے۔ سیم بلنگز بھی آخر کےمیچز میں میسر ہوں گے. ٹیم کی سب سے مضبوط اور قابل بھروسہ شخصیت مصباح الحق ہیں. دیکھنا یہ ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد مصباح الحق کس طرح اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں.

    فہیم اشرف کا انتخاب انتہائی اہم ہے، آصف علی، طلعت حسین اور احمد بٹ کو ٹیم میں برقرار رکھا ہے، شاداب خان میچ کے ہر شعبے میں‌ اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

    پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں حیرت انگیز طور پر ابھر کر سامنے آنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس بلے بازی کے میدان میں سرفراز احمد، کیون پیٹرسن، ریلی روشو، عمرامین، اسد شفیق، رمیز راجا جونیئر، سعد علی اور سعود شکیل شامل ہیں۔ آل راؤنڈرز کے طور پر شین واٹسن، محمد نواز اور انور علی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    اسپنرز میں حسن خان، جب کہ فاسٹ بالرز میں میر حمزہ ، راحت علی اور جوفرہ آرکر اپنا جادو جگائیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن رائے ، راشد خان، اعظم خان ، فراز احمد خان شامل ہوں گے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کی وہ ٹیم ہے جس کی تمام تر توجہ بڑے ناموں کے بجائے بہترین کمبی نیشن بنانے پر رہی ہے اور معین خان کی کوچنگ نے ٹیم کو یکجا کر رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل کے دونوں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رنر اپ رہے۔ اگر یہ ٹیم ٹائٹل جیت جاتی ہے، تو حیرت نہیں ہوگی۔

    پی سی ایل تھری: کراچی کنگز اور معروف برانڈ نورپور میں‌ معاہدہ طے پا گیا

    کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کیون پیٹرسن، رلی روشو، سرفراز، اسد شفیق اور محمد اللہ کی موجودگی کے سبب انتہائی مضبوط ہے اور یہی ٹیم کی طاقت ہے۔ سعد علی اور سعود شکیل بھی رن بنانے کی اپنی حیرت انگیز صلاحیت کے سبب ٹیم میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    شین واٹسن یقیناً پریرا کی جگہ پر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ جبکہ انور علی کے پاس بھی اپنی کارکردگی منوانے کا بے مثال موقع ہے۔ عمر گل اور تیمل ملز کے جانے سے یقیناً ٹیم میں فاسٹ باؤلرز کی کمی محسوس ہو گی تاہم جوفرہ آرکر اگر اپنے گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہوجاتے ہیں تو وہ اس کمی کا مداوا کرتے نظر آئیں گے۔ راحت علی کو منتخب کرنے سے لگ رہا ہے کہ اس بار کوئٹہ زیادہ تر اسپنرز پر انحصارکرنے جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • رائل ملائیشین نیوی کے چیف کے لیے نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز

    رائل ملائیشین نیوی کے چیف کے لیے نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز

    اسلام آباد: رائل ملائیشین نیوی کے چیف نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان کا استقبال کیا۔ رائل ملائیشین نیوی کے چیف کو صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز بھی دیا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق رائل ملائیشین نیوی کے چیف ایڈمرل تان سری احمد قمر الزماں نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

    نیول ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر معزز مہمان نے نیول چیف سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ رائل ملائیشین نیول چیف نے یادگار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔

    ایک اور تقریب میں صدر ممنون حسین کی جانب سے رائل ملائیشین نیول چیف کو نشان امتیاز ملٹری سے بھی نواز گیا۔ تقریب میں سربراہ پاک بحریہ سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

    ترجمان کے مطابق رائل ملائشین نیول چیف کو تعلقات مزید مضبوط بنانے کے اعتراف پر اعزاز دیا گیا۔

    اس موقع پر صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی، دہشت گرد سرحد پار سے آرہے ہیں۔ بچی کھچی دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پاک افغان سرحد پر باڑ لگائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا پر خلوص دوست اور مشکل میں کام آتے ہیں۔ پاکستان کو آسیان کا فل ڈائیلاگ پارٹنر بنانے کے لیے ملائیشیا کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کا مزید کہنا ہے کہ رائل ملائیشین نیول چیف لاہور اور کراچی میں نیول فیلڈ کمانڈز سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات خود اٹھا رہے ہیں: وزیر داخلہ

    دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات خود اٹھا رہے ہیں: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات خود اٹھا رہے ہیں۔ ہمارا بجٹ متاثر ہونے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ بھی متاثر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات ہم خود اٹھا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا بجٹ متاثر ہونے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہوگی۔

    احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ بھارت کی ایل او سی، سیز فائر کی خلاف ورزیاں بزدلانہ اقدام ہیں۔ بھارت بزدلانہ اقدام سے مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

    گفتگو میں احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تیسری شادی کی مبارکباد بھی دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہم سب مانتے ہیں کہ فاروق ستارپارٹی کے سربراہ ہیں: خواجہ اظہار الحسن

    ہم سب مانتے ہیں کہ فاروق ستارپارٹی کے سربراہ ہیں: خواجہ اظہار الحسن

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کا اندرونی تنازع حل کرنے کے لیے ثالثی کا عمل پھر شروع ہوگیا. ثالثی کمیٹی نے فاروق ستار سے اہم ملاقات کی ہے.

    تفصیلات کے مطابق سرداراحمد، خواجہ اظہار اور خواجہ سہیل منصور پر مشتمل کمیٹی نے پی آئی بی میں‌ ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار سے ملاقات کی.

    پارٹی ذرایع کے مطابق خواجہ اظہار نے فاروق ستار سے کہا ہے کہ آپ بڑے ہیں، آپ کی عزت پہلے جیسی ہی قائم ہے، جب کہ سردار احمد کا کہنا تھا کہ واپس آ جائیں، پارٹی کو منظم و متحد کرتے ہیں.

    اس سے قبل فاروق ستار کی رہائش گاہ پر پہنچنے پر خواجہ اظہار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ تنظیم کارکنان کی ہے، وہ تقسیم نہیں چاہتے، کارکنان بہادرآباد کے ہوں یا پی آئی بی کے، سب تنظیم کا حصہ ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ سب مانتے کہ ہیں فاروق ستارسربراہ ہیں، اس میں دو رائے نہیں، تقسیم سے کچھ لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے، جوفائدہ اٹھارہے ہیں، ان سےکہتاہوں پیٹرول چھڑکنا بند کردیں.

    فاروق ستار آئیں اورکنوینرکی سیٹ سنبھالیں: رابطہ کمیٹی کا ردعمل

    اس سوال کے جواب میں‌ انھوں نے کہا کہ ذاتی حیثیت میں نہیں آیا، ثالثی کمیٹی نےمینڈیٹ دیا ہے،ثالثی کا کردار پہلے بھی ادا کیا، اب بھی کررہا ہوں.

    یاد رہے کہ گذشتہ روز فاروق ستار نے اپنے سینیٹ کے امیدواروں‌ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے پیش کش کی تھی کہ تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی سینینٹ کے چار امیدواروں‌ کے نام دے دے، وہ انھیں فائنل کر دیں‌ گے.

    رابطہ کمیٹی چار سینیٹرز کے نام دے دے: فاروق ستار کا اپنے امیدواروں سے دستبرداری کا اعلان

    فاروق ستار بیک فٹ پر گئے، تو رابطہ کمیٹی کی جانب سے بھی اس کا خیرمقدم کیا گیا اور پیش کش کی گئی کہ فاروق ستار واپس آکر پارٹی کی قیادت سنبھالیں.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ثابت ہوگیا فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں : نواز شریف

    ثابت ہوگیا فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں : نواز شریف

    لودھراں: نواز شریف نے لودھراں میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ثابت کیا فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔ آپ نے مجھے خرید لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لودھراں میں مسلم لیگ ن کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ خوشی ہے عبد الرحمٰن کانجو اپنے والد کے نقش قدم پر قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ مریم نواز اور حمزہ شہباز دوبارہ لودھراں آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں، آپ نے مجھےخرید لیا ہے۔ میں، شہباز شریف،مریم اور حمزہ کو لے کر آپ کو مبارکباد دینے آیا ہوں۔ آپ نے ثابت کیا فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا۔ لودھراں کے عوام نے ووٹ کے احترام کو بحال کیا۔ عوام نے 5 سال جھوٹ بولنے والوں کو رد کیا۔ لاڈلے کو 5 سال بعد لودھراں سے سب سیکھنے کا خیال آگیا ہے۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے صرف پنجاب نہیں پاکستان کی خدمت کی ہے۔ ہم نے نہ صرف بجلی دی بلکہ سستی بجلی دی۔ کراچی میں روز ہڑتالیں ہوتی تھیں، مظاہرے ہوتے تھے۔ کراچی کو ہم نے ٹھیک کیا جبکہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 27 ہزار ووٹ سے ہارے ہو، اللہ سے ڈرو، تکبر نہیں ہونا چاہیئے۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ پر ایک روپے کی بھی رشوت کا الزام نہیں ہے۔ کچھ نہ ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کردیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کیا آپ کے ووٹ کی حرمت کو اسی طرح پیروں تلے روندا جائے گا۔ اپنے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرو گے یا نہیں؟ کیا آپ کا وزیر اعظم اسی طرح سے ذلیل ہوتا رہے گا؟ جسے آپ وزیر اعظم منتخب کرتے ہیں کیا بار بار اسے اسی طرح نااہل کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ جسے جنگلہ بس کہتے رہے آج وہی جنگلہ بس پشاور میں بنا رہے ہیں۔ خیبر پختونخواہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، 5 سال میں میٹرو بس نہیں بنا سکے۔ ہم نے 4 سال گنوائے نہیں بلکہ کام کیا ہے سی پیک لے کر آئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عدالتوں میں عوامی نمائندوں کو چور، ڈاکو کہنا قبول نہیں: وزیر اعظم

    عدالتوں میں عوامی نمائندوں کو چور، ڈاکو کہنا قبول نہیں: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عدالتوں میں عوامی نمائندوں کو چور، ڈاکو، مافیا کہنا قبول نہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کی سیاست کا فیصلہ لودھراں میں ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے صوبہ پنجاب کے شہر حافظ آباد میں قومی صحت کارڈ کا اجرا کر دیا۔ وزیر اعظم نے مستحق افراد میں صحت کارڈ تقسیم بھی کیے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ آج حافظ آباد آ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔ جس علاقے کو اچھے نمائندے ملیں وہاں ترقی ہوتی ہے۔ عوامی نمائندگی آسان کام نہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملک سے توانائی بحران ختم کیا۔ ملک میں اس وقت گیس وافر مقدار میں موجود ہے۔ اخلاقیات اور ملکی مسائل حل کرنے کی صلاحیت والوں کو منتخب ہونا چاہیئے۔ موجودہ حکومت نے 10 ہزار 4 میگا واٹ بجلی نظام میں شامل کی۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے دعوے تو بہت کیے لیکن کام نہ کیا۔ گزشتہ 4 سال میں جتنے کام ہوئے ان کی مثال نہیں ملتی۔ معیاری طبی سہولتیں غربا تک پہنچنانا عوام کا مقصد تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے صحت کے معاملے پر بے مثال کام کیا۔ صحت کارڈ کو پھیلایا جا رہا ہے تاکہ ہر ایک مستفید ہوں۔ عوامی نمائندگی کا حق صرف عوامی تائید لانے والوں کو ہے۔ جو فیصلے پارلیمنٹ کرے وہ بھی قبول ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے۔ احتساب کسی ادارے کا نہیں صرف سیاستدانوں کا ہوتا ہے۔ ذاتی انا، پسند ناپسند کو ایک طرف کردیں، ملکی مفاد کی بات کریں۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں کو غلط ناموں سے پکارنا درست نہیں۔ ملک کو آگے لے جانے کے لیے ادارے ایک دوسرے کی عزت کریں۔ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، عوامی فیصلے عوام پر چھوڑ دینے چاہئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خود سے باتیں کرنا ذہانت کی نشانی

    خود سے باتیں کرنا ذہانت کی نشانی

    اپنے آپ سے باتیں کرنے کی عادت کو عموماً اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ ایسے افراد کو غائب دماغ یا بعض اوقات کسی ذہنی پیچیدگی کا شکار سمجھا جاتا ہے۔ اس عادت کا شکار افراد اکثر اقات خفت اور شرمندگی کا شکار بھی ہوتے ہیں۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں یہ عادت کسی شخص کے ذہین ہونے کی طرف اشارہ کرتی ہے؟

    نفسیات سے متعلق ایک غیر ملکی جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اپنے آپ سے باتیں کرنا ایک فائدہ مند عادت ہے اور یہ ذہانت کی نشانی ہے۔

    تحقیق میں کئی مفکرین، سائنسدانوں و فنکاروں کا تذکرہ کیا گیا جو اپنے آپ سے باتیں کیا کرتے تھے۔ معروف سائنسدان البرٹ آئن اسٹائن نئی تحقیق و دریافتیں کرتے ہوئے اکثر جملوں کو باآواز بلند دہرایا کرتے تھے۔

    talking-3

    ماہرین نے تحقیق کے لیے مختلف تجربات کیے جس سے انہیں کئی حیرت انگیز نتائج حاصل ہوئے۔

    ان کے مطابق اپنے آپ سے باتیں کرنے کی عادت آپ کے دماغ کی کارکردگی میں اضافہ کرتی ہے۔

    مزید پڑھیں: ذہانت میں اضافہ کرنے کے 10 طریقے

    تحقیق کے لیے کچھ افراد کو ایک سپر اسٹور میں بھیجا گیا۔ ان میں سے کچھ کو وہاں موجود اشیا کے نام باآواز بلند لینے کو کہا گیا۔ بعد ازاں تمام افراد سے کہا گیا کہ وہ یاد کریں کہ انہوں نے سپر اسٹور میں کن کن اشیا کو دیکھا۔

    جن افراد نے اشیا کو دیکھ کر ان کا نام بلند آواز سے لیا تھا وہ باآسانی انہیں یاد کرنے میں کامیاب رہے۔ اس کے برعکس جو افراد چیزوں کو دیکھ کر خاموشی سے گزر گئے وہ چند لمحوں بعد ہی انہیں بھول گئے۔

    talking-2

    ماہرین کے مطابق اپنے آپ سے باتیں کرنا اپنے کاموں کو یاد رکھنے اور اپنے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ یہ عادت دراصل اپنے آپ کو بار بار یاد دہانی کروانا ہوتی ہے کہ اب مجھے یہ کام انجام دینا ہے، اور مجھے یہ کامیابی حاصل کرنا ہے۔

    کیا آپ بھی خود سے باتیں کرنے کے عادی ہیں؟ اگر ہاں، تو یقیناً آج کے بعد آپ اس عادت پر شرمندہ نہیں ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔