Tag: اے آر وائی

  • سنجوان کیمپ پر حملے کے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہیں: دفتر خارجہ

    سنجوان کیمپ پر حملے کے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہیں: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارتی حکام کی جانب سے سنجوان کیمپ پر حملے کے الزامات مسترد کرتا ہے۔ تحقیقات سے پہلے ہی پاکستان کو بدنام کرنے کی خاطر الزامات عائد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارتی حکام کے سنجوان کیمپ پر حملے کے الزامات مسترد کرتا ہے۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں بھارتی وزیر نے بھی پاکستان کو مورد الزام ٹہرانا وطیرہ قرار دیا۔ پاکستان کسی بھی جارحیت کے مقابلے کے لیے تیار ہے۔ عالمی برادری بھارتی اقدامات کا نوٹس لے، خطے کے امن کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ بھارت نے خود ہی کٹاس راج یاتریوں کے دورہ پاکستان میں بھی رکاوٹ ڈالی۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ تیونسی ہم منصب کی دعوت پر تیونس کا دورہ کر رہے ہیں۔ دورے کا مقصد باہمی تعلقات کا فروغ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ روس میں طیارہ حادثے پر دلی افسوس ہے۔ پاکستانی حکومت اور عوام روسی حکومت و عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    دفتر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے امن و استحکام پر مذاکرات ہوئے۔ 3 فروری کو سیکریٹری خارجہ کی قیادت میں پاکستانی وفد مذاکرات میں شریک ہوا۔ 5 شعبوں میں ورکنگ گروپس نے مذاکرات کیے۔

    ترجمان کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس عالمی ادارہ ہے جو جی سیون ممالک کی ایما پر بنایا گیا۔ اس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی امداد کی نگرانی شامل ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کا براہ راست رکن نہیں ہے۔ فروری 2012 میں پاکستان ایف اے ٹی ایف کے گرے ممالک کی فہرست میں تھا، بعد ازاں پاکستان کی قابل ستائش کاوشوں سے گرے ممالک سے نکالا گیا تھا۔ چند ممالک پاکستان کو گرے ممالک میں شامل کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کے نئے طریقہ کار پر تحفظات ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • محکمہ اطلاعات سندھ میں کرپشن: شرجیل میمن پر فرد جرم عائد

    محکمہ اطلاعات سندھ میں کرپشن: شرجیل میمن پر فرد جرم عائد

    کراچی: محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن اور انعام اکبر سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی کرپشن ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی۔

    سماعت میں سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن، ذوالفقار علی شلوانی، یوسف کابرو، انعام اکبر، سلمان منصور، منصور احمد راجپوت، گلزار علی، منصور ہاشمی، الطاف حسین میمن، عمر شہزاد،سید نوید اور مسعود ہاشمی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    سماعت کے دوران ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے گواہان کو نوٹس جاری کر کے انہیں اگلی سماعت پر طلب کرلیا۔

    فرد جرم عائد کرنے پر ملزم انعام اکبر کے وکیل کی جانب سے اعتراض دائر کیا گیا۔ اعتراض میں کہا گیا کہ مقدمہ میں فرد جرم نہیں بنتی، میری درخواست سنی جائے۔

    احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔


    پنجاب میں ملزمان ذاتی مچلکوں پر رہا ہو رہے ہیں

    بعد ازاں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ملزمان ذاتی مچلکوں پر رہا ہو رہے ہیں۔ سندھ میں الگ قانون اور پنجاب میں الگ قانون کیوں ہے؟

    انہوں نے کہا کہ آئین سب سے ایک جیسے سلوک کا کہتا ہے۔ وزیر اعظم جواب دیں، دہرا معیار کیوں۔ ’ٹرائل سے نہیں بھاگ رہے، مجھے کوئی پکڑ کر نہیں لایا۔ بیماری کے باوجود میں نے خود کو پیش کیا‘۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جب ملک میں تھا تو میرے خلاف کوئی مقدمہ نہیں تھا۔ نیب سے پوچھیں غیر موجودگی میں نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں کیوں ڈالا ۔ چوہدری نثار کھل کر بولیں نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایس ایس پی تشدد کیس: عمران خان کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی

    ایس ایس پی تشدد کیس: عمران خان کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کے موقع انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچے جہاں انہوں نے بریت اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کےمطابق ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی۔ سماعت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بریت کی درخواست دائر کردی۔

    عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی گئی۔ عدالت نے دونوں درخواستوں کی نقول پراسیکیوشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ فرد جرم عائد کرنے سے پہلے بریت کی درخواست پر فیصلہ کریں جس پر عدالت نے کہا کہ درخواست پر بحث کے لیے پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کر رہے ہیں۔

    وکیل نے استدعا کی کہ 26 فروری کو پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت بھی ہے اسی دن اس کیس کی سماعت بھی رکھ لیں جس پر عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 26 فروری تک ملتوی کردی۔

    دوران سماعت عمران خان نے کہا کہ ایک آدمی سیاسی احتجاج کرے اور اس کے خلاف کیسز بن جائیں، یہ سراسر غیر جمہوری عمل ہے۔ عدالت نے کہا کہ ابھی حاضری سے استثنیٰ نہیں ملا تو آپ کو آنا پڑے گا۔


    عدالت کے کتنے چکر لگائے اب بھول چکا ہوں

    سماعت سے قبل عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون ہم جیسوں کے لیے ہے۔ نواز شریف تو مغل اعظم ہے وہ کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔

    انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے کتنے چکر لگائے اب بھول بھی چکا ہوں۔ عدالت اس لیے آیا کہ ملک میں قانون کی بالا دستی قائم ہوسکے۔

    انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں خرچ کر کے قیمے والے نان کھلا کر ووٹ لیے جا رہے ہیں۔ کٹھ پتلی وزیر اعظم سمیت یہ سب کرپشن میں ملوث ہیں۔ ’انہوں نے لودھراں میں کروڑوں روپے خرچ کر کے الیکشن جیتا‘۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کا کام ہے ووٹ دینا اور عدلیہ کا کام ہے انصاف دینا۔ چھوٹے میاں خادم اعلیٰ پولیس کے ذریعے لوگوں کو قتل کرواتا ہے۔

    انہوں نے لودھراں الیکشن کے حوالے سے کہا کہ ایک نوجوان پہلی بار الیکشن لڑتا ہے اور 91 ہزار ووٹ لے لیتا ہے۔ ’ق لیگ کے 5 سال میں کتنی بار مسلم لیگ ن ضمنی انتخابات جیتی تھی۔ ق لیگ کے دور میں ن لیگ کا ایک ڈسٹرکٹ ناظم نہیں تھا‘۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ خبر آئی ہے پاکستان کو دہشت گردی کی واچ لسٹ میں ڈالا جا رہا ہے۔ اس سے بڑی خارجہ پالیسی کی ناکامی کوئی ہو نہیں سکتی۔ ’یہ سب پیسہ بنانے میں لگے ہیں، وزیر خزانہ ملک سے بھاگا ہوا ہے۔ ان کے پاس وقت ہی نہیں تھا کہ خارجہ پالیسی دیکھیں، حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے بھارت اپنے مقصد میں کامیاب ہو رہا ہے‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر داخلہ سندھ کا راؤ انوار کو جمعہ کو عدالت میں پیش ہونے کا مشورہ

    وزیر داخلہ سندھ کا راؤ انوار کو جمعہ کو عدالت میں پیش ہونے کا مشورہ

    کراچی: وزیر داخلہ سندھ سہیل انوار سیال نے مفرور سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو جمعہ کو عدالت میں پیش ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ راؤ انوار کے پاس واحد حل ہے چیف جسٹس کی ہدایت پر عمل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا راؤ انوار کو مشورہ ہے کہ وہ عدالت میں پیش ہوجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کے پاس واحد حل ہے چیف جسٹس کی ہدایت پر عمل کریں اگر راؤ انوار سمجھتا ہے کہ وہ ملوث نہیں تو عدالت میں ثبوت پیش کرے۔

    انہوں نے کہا کہ معزز چیف جسٹس نے راؤ انوار کی حفاظتی ضمانت کے لیے احکامات دیے۔ راؤ انوار کے پاس جمعے تک کا وقت ہے۔

    یاد رہے کہ نقیب اللہ قتل میں ملوث راؤ انوار نے گزشتہ روز چیف جسٹس کو خط لکھا تھا کہ وہ بے گناہ ہیں۔ وقوع کے وقت وہ موقع پر موجود نہیں تھے، انصاف مظلوم کا حق ہے، آزاد جے آئی ٹی بنا دیں۔

    خط پڑھ کر سپریم کورٹ نے راؤ انوار کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے راؤ انوار کو حفاظتی ضمانت دے دی تھی۔

    چیف جسٹس نے انہیں جمعے کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آج کھانے میں مزیدار مصالحہ گوشت تیار کریں

    آج کھانے میں مزیدار مصالحہ گوشت تیار کریں

    آج کھانے میں مزیدار اور چٹ پٹا مصالحہ گوشت تیار کر کے اپنے اہل خانہ سے داد وصول کریں۔


    اجزا

    گائے کا گوشت ہڈیوں کے ساتھ: 1 کلو

    دہی: 1 پاؤ

    ٹماٹر: آدھا کلو

    پیاز: 2 عدد

    ہری مرچ: 4 عدد

    ہلدی: 1 چائے کا چمچ

    دھنیہ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ کٹی ہوئی: 1 کھانے کا چمچ

    ادرک لہسن پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    خشک دھنیہ: 1 کھانے کا چمچ

    زیرہ: 1 کھانے کا چمچ

    گرم مصالحہ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    کالی مرچ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    ہرا دھنیہ: آدھی گٹھی

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    تیل: 1 کپ


    ترکیب

    گائے کے گوشت کو ابال لیں اور یخنی کے ساتھ نکال کر ایک طرف رکھ دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کر کے پیاز کو فرائی کرلیں، یہاں تک کہ سنہری ہوجائے۔

    اب ادرک لہسن کا پیسٹ، ثابت دھنیہ، لال مرچ، زیرہ، دھنیہ پاؤڈر، نمک اور ہلدی کو ڈال کر ہلائیں اور فرائی کرلیں۔

    پھر ابلا ہوا گوشت یخنی کے ساتھ ڈال کر ایک ابال آنے تک پکائیں۔

    پھر ٹماٹر اور دہی ڈال کر مکس کریں اور پکنے دیں یہاں تک کہ ٹماٹر گل جائیں۔

    جب پانی خشک ہوجائے تو اس میں لیموں کا رس، کالی مرچ، گرم مصالحہ، ہری مرچ اور ہرا دھنیہ شامل کردیں۔

    مزیدار مصالحہ گوشت تیار ہے، ڈش میں نکال کر نان کے ساتھ سرو کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بے اولاد جوڑے نے 17 کینگرو گود لے لیے

    بے اولاد جوڑے نے 17 کینگرو گود لے لیے

    میلبرن: اولاد سے محروم ہونا بعض جوڑوں کے لیے بہت بڑی محرومی بن جاتی ہے تاہم آسٹریلیا کے ایک بے اولاد آسٹریلوی جوڑے نے نا امید ہونے کے بجائے 17 کینگرو گود لے لیے۔

    آسٹریلیا کی تھریسا اور ان کے شوہر ٹونی متھیوز نے اپنی تنہائی کا بہترین حل ڈھونڈ نکالا۔

    تھریسا اور ٹونی کو خدا نے اولاد جیسی نعمت سے محروم رکھا تاہم انہوں نے 17 کینگروز کو گود لے لیا۔

    دونوں میاں بیوی کو کینگروز کی پرورش اور دیکھ بھال کا خیال اس وقت آیا جب ایک شخص ان کے گھر پر ایک زخمی کینگرو کو چھوڑ گیا۔ دونوں اس کی دیکھ بھال میں جت گئے۔

    تب انہیں احساس ہوا کہ کینگرو ان کی تنہائی کا بہترین ساتھی ہے۔

    اب ان کے گھر میں 17 کینگروز ہیں جن کی دیکھ بھال اور پرورش سے انہیں فرصت نہیں ملتی۔ ٹونی اور تھریسا اب خوش اور مصروف نظر آتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جلدی سونے والے بچے ڈپریشن سے محفوظ

    جلدی سونے والے بچے ڈپریشن سے محفوظ

    کیا آپ کا بچہ رات جلد سوجانے کا عادی ہے؟ تو جان لیں اس کی یہ عادت اسے زندگی میں بے شمار طبی مسائل سے محفوظ رکھے گی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ بچے جو اپنے والدین کے طے کیے ہوئے شیڈول کے مطابق جلدی سوجاتے ہیں، ان میں ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔

    کولمبیا یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق اگر بچوں کو جلد سونے کی عادت ڈالی جائے تو نو عمری اور نوجوانی میں وہ بے شمار مسائل اور پیچیدگیوں سے بچ سکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بچپن میں ڈالی جانے والی عادات پختہ ہوجاتی ہیں اور تاعمر قائم رہتی ہیں لہٰذا بچوں کو بچپن ہی سے مثبت عادات کا عادی بنانا چاہیئے۔

    مزید پڑھیں: سبزہ زار بچوں کی ذہنی استعداد میں اضافے کا سبب

    دوسری جانب ماہرین اس بات پر بھی متفق ہیں کہ نیند کی کمی شدید قسم کے جسمانی و ذہنی مسائل کا سبب بنتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈپریشن کی ایک وجہ نیند کی کمی ہونا بھی ہے۔

    نیند پوری نہ ہونے کے باعث دماغ دباؤ کا شکار رہتا ہے اور معمولی معمولی چیزوں کو شدت سے محسوس کرتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ تھکن کا شکار دماغ معمولی مسئلوں کا حل نکالنے سے بھی قاصر رہتا ہے کیونکہ وہ سوچنے کے قابل ہی نہیں ہوتا۔

    child-2

    تحقیق کے مطابق نیند پوری کرنا دماغی وجسمانی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے اور زندگی میں پیش آنے والے مسائل سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

    ماہرین نے واضح کیا کہ زیادہ جذباتی اور شدت پسند بچوں میں خودکشی کا رجحان بھی نمو پاسکتا ہے لہٰذا اس کے لیے ضروری ہے کہ ان کی نیند پوری ہو۔

    مزید پڑھیں: غریب اور امیر بچوں کے انٹرنیٹ کے استعمال میں فرق

    ماہرین نے دیکھا کہ رات کو دیر سے سونے والے نوعمر افراد اور بچوں میں بے وقت کھانے خاص طور پر آدھی رات کو بھوک لگنے اور جنک فوڈ کھانے کا رجحان بھی دیکھا گیا جس کے باعث انہیں موٹاپے سمیت صحت کے دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

    ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ والدین بچوں کے کھیلنے اور پڑھنے کے ساتھ ساتھ ان کے جلدی سونے کا بھی وقت مقرر کریں اور سختی سے اس کی پابندی کریں تاکہ بڑے ہونے کے بعد بچے مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • علاقائی امن واستحکام کاراستہ افغانستان سےگزرتا ہے: آرمی چیف

    علاقائی امن واستحکام کاراستہ افغانستان سےگزرتا ہے: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ علاقائی امن واستحکام کاراستہ افغانستان سےگزرتا ہے.

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کابل میں منعقدہ چیفس آف ڈیفنس کانفرنس میں شرکت کی، جہاں انھوں‌ نے کہا کہ علاقائی امن کا راستہ افغانستان سے گزرتا ہے.

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خطے اکٹھےترقی کرتے ہیں، انفرادی ملکوں کے طورپرترقی نہیں‌ کی جاتی. مشترکہ سوچ اورتحمل کے ساتھ تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا.

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنا کردارادا کرنے کے لئےتیار ہے، اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونےدیں گے، دیگرممالک بھی اپنی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال نہ ہونے دیں.

    اس موقع پر پاکستان فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ پاکستانی سرزمین سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا ہے. آپریشن ردالفسادسے بچے کھچے دہشت گردوں کا صفایا کیا جارہا ہے.

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی اور ترک سفیروں کی ملاقاتیں

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 27 لاکھ افغان پناہ گزین موجود ہیں، دہشت گرد پناہ گزینوں کی موجودگی اور غیرمؤثرسرحدی سیکیورٹی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں.

    کابل میں منعقدہ چیفس آف ڈیفنس کانفرنس میں شریک پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خطے اکٹھےترقی کرتے ہیں، پاکستان اپنا کردارادا کرنےکے لئے تیار ہے، اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • معروف قانون داں عاصمہ جہانگیر سپرد خاک

    معروف قانون داں عاصمہ جہانگیر سپرد خاک

    لاہور: معروف قانون داں اور سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر کی نماز جنازہ قذافی اسٹیڈیم میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی جس کے بعد ان کی میت کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عاصمہ جہانگیر کی نماز جنازہ میں چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، بیرسٹر اعتراز احسن، قمرالزمان کائرہ، اے این پی کے میاں افتخار اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سمیت سیاسی، سماجی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    ان کی نماز جنازہ مولانا مودودی کے فرزند حیدر فاروق مودودی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    مزید پڑھیں: غریبوں سے معاوضہ نہ لینے والی وکیل

    عاصمہ جہانگیر کی وصیت کے مطابق ان کی تدفین لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر واقع ان کے فارم ہاؤس میں کی گئی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عاصمہ جہانگیر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اس حوالے سے انہوں نے وزیر اعظم کو خط بھی لکھا جبکہ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، سینیٹر پرویز رشید، وکیل رہنما علی احمد کرد سمیت دیگر نے وزیراعظم سے اپیل کی تھی کہ عاصمہ جہانگیر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے۔

    خیال رہے کہ عاصمہ جہانگیر کو اتوار کے روز دل کے دورے کے سبب لاہور کے اسپتال میں داخل کروایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ مرحومہ کی صاحبزادی بیرون ملک تھیں جس کی وجہ سے نماز جنازہ میں تاخیر کی گئی۔

    عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ پیشے کے لحاظ سے وکیل تھیں۔ اس کے علاوہ انسانی حقوق کی علمبردار اور سماجی کارکن کی حیثیت سے بھی اپنی سماجی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں۔

    وہ سپریم کورٹ بار کی سابق صدر بھی رہ چکی ہیں۔ عاصمہ 2 کتابوں کی مصنفہ بھی ہیں۔انہیں سنہ 2010 میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ انہیں کئی بین الاقوامی ایوارڈ بھی ملے۔

    عاصمہ جہانگیر آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کے مقدمے میں بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئیں اور آخری مرتبہ انہوں نے 9 فروری کو عدالت کے روبرو پیش ہو کر دلائل دیے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وقت بچانے کے آسان طریقے

    وقت بچانے کے آسان طریقے

    وقت نہیں ملتا، آج کل کا سب سے زیادہ کہا جانے والا جملہ بن چکا ہے۔ انگریزی زبان کا محاورہ ہے، مصروف نظر آتے ہیں لیکن کر کچھ نہیں رہے۔ یہی حال ہماری زندگیوں کا بھی ہوگیا ہے۔ ہم نے اپنی زندگی میں بے مقصد اور بے فائدہ چیزوں کو اس قدر اہمیت دے دی ہے کہ وہ رشتوں اور ضروری کاموں سے بھی زیادہ اہم بن گئی ہیں۔

    زندگی کی تیز رفتاری کے ساتھ ساتھ اس بات پر بحث بھی بڑھ رہی ہے کہ کس طرح زیادہ سے زیادہ وقت کو بچایا جائے اور اسے ضروری کاموں میں صرف کیا جائے۔ یہاں ایسے ہی کچھ طریقے بتائے جارہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ اپنا وقت بچا سکتے ہیں۔

    طے کریں کہ کیا اہم ہے۔ کیونکہ آج سے 5 یا 10 سال بعد 80 فیصد وہ کام جو آپ ابھی کر رہے ہیں، آپ کے لیے بے مقصد ثابت ہوں گے۔ یہ صرف آپ کو مصروف کر رہے ہیں جبکہ ان کا حاصل کچھ بھی نہیں۔

    اچھی غذا، بھرپور نیند اور ورزش کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں کیونکہ یہ آپ کی توانائی میں اضافہ کریں گے اور آپ زیادہ کاموں کو کم وقت میں نمٹا سکیں گے۔

    دو منٹ کا اصول: کوئی ایسا کام جسے کرنے میں صرف 2 منٹ کا وقت لگے فوراً کر ڈالیں۔ اسے بعد میں ٹالنے پر آپ کے ادھورے کاموں کی فہرست میں اضافہ ہوتا جائے گا۔

    دماغ کو کام یاد رکھنے سے آزاد کریں کیونکہ دماغ میں بہت سا ڈیٹا بھرنے سے آپ ضروری کاموں کو بھول سکتے ہیں۔ اس کی جگہ نوٹ بک یا یاد دہانی کے نوٹس اور موبائل ایپس کا استعمال کریں۔

    توجہ مرکوز کریں: کسی کام کو کرنے پر مکمل توجہ مرکوز کریں اور اسے مکمل کر کے کسی اور جانب متوجہ ہوں۔ ایسا کرنے سے وہ کام جلدی ہوجائے گا۔

    ہیڈ فونز کا استعمال کرنے سے آپ دیگر افراد کے ساتھ غیر ضروری مباحثوں سے بچ سکیں گے اور لوگ آپ کو کام کے دوران پریشان نہیں کرسکیں گے۔

    ای میل چیک کرنے کا وقت مقرر کریں۔ روز صبح آفس آتے ہی یا شام میں گھر جانے سے چند منٹ قبل ای میل چیک کرنا آپ کا پورا دن خراب کرسکتا ہے۔ کیونکہ ہوسکتا ہے آپ کو کوئی ایسی ای میل موصول ہوئی ہو جو آپ کے لیے ذہنی پریشانی کا سبب بن سکتی ہو۔ اس کی جگہ دن کے درمیانی حصہ میں ای میل چیک کریں۔

    فون کو دور رکھیں۔ یہ ضروری نہیں کہ آپ فون کے دوسری طرف موجود لوگوں کے لیے ہر وقت دستیاب رہیں۔ فون کو سائلنٹ پر رکھیں اور دن میں ایک سے دو بار دیکھ کر ایک ساتھ ہی رپلائی یا کال بیک کریں۔

    ذہنی دباؤ کو قبول کریں۔ یہ آپ کو کام کو جلدی اور اچھے طریقے سے کرنے میں مدد دے گا۔

    دماغ کو آرام دیں۔ دن کے درمیانی حصہ میں 5 سے 10 منٹ کے لیے کوئی کام نہ کریں اور دماغ کو خالی چھوڑ دیں۔ یہ آپ کو مزید آدھا دن کام کرنے کے لیے نئی توانائی فراہم کرے گا۔

    نظر انداز کریں۔ جس کام سے آپ کا تعلق نہیں یا جو سرگرمی آپ کی دلچسپی کی نہیں اسے ’نہ‘ کہیں۔ غیر ضروری چیزوں کو نظر انداز کرنے کی عادت پیدا کریں۔ یہ یقیناً آپ کا بہت سا قیمتی وقت بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔