Tag: اے آر وائی

  • کرونا ویکسین کی خریداری سے متعلق پاکستان کا بڑا فیصلہ

    کرونا ویکسین کی خریداری سے متعلق پاکستان کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: کرونا وبا کی تیسری لہر سے نبردآزما قوم کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ پاکستان کا چینی کمپنی سے لاکھوں کرونا ویکسین کا معاہدہ طے پایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان نے چین سے بڑے پیمانے پر کرونا ویکسین کی خریداری کر لی ہے، بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر ستر لاکھ ویکسین کا معاہدے طے پایا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ان ستر لاکھ ویکسین میں چالیس لاکھ "سائینوفارم ” کی ڈوز ہیں جبکہ تیس لاکھ کین سائینو کی سنگل ڈوز ہیں، چینی کمپنیز پاکستان کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین مرحلہ وار فراہم کریں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی کین سائینو کی تیارکردہ "کونویڈیسیا "سنگل ڈوز ویکسین ہے، مذکورہ چینی کمپنیاں آئندہ ماہ سے پاکستان کو ویکسین فراہمی کا آغاز کریں گی۔

    اس سے قبل این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی تھی کہ پاکستان کو اپریل سے "کین سائنو ویکسین "بڑی تعداد میں ملنا شروع ہوجائے گی، کین سائنو ویکسین کی بڑی تعداد ملنےپر30لاکھ خوراکیں بنائی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ حکومت کا 50 لاکھ کرونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ

    اسد عمر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ویکسین پاکستان میں ہی پیک کی جائےگی اور بڑی تعداد میں ویکسین رکھنے سے متعلق انتظامات اور عملے کی تربیت کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ آج کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذراپیچوہو نے بتایا کہ این سی او سی نے صوبوں کو ویکسین خریدنے کی اجازت دےدی ہے، جس کے بعد سندھ حکومت نے چینی ویکسین ” کین سائینو” کی پچاس لاکھ ڈوز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور چین سے یہ سنگل ڈوزویکسین براہ راست لی جائےگی۔

  • قومی ایئر لائن کا اہم اعلان، برطانیہ جانیوالے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    قومی ایئر لائن کا اہم اعلان، برطانیہ جانیوالے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    کراچی: قومی ایئر لائن مسافروں کو بہترین فضائی سفر کرانے کے لئے مختلف اقدامات کرتی رہتی ہے، حال ہی میں پی آئی اے نے برطانیہ جانیوالے مسافروں کو اچھی خبر سنائی ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی ایئر لائن نے انگلینڈٖ کے شہر مانچسٹر کے لئے دو طرفہ چارٹر پروازوں میں اضافہ کردیا ہے، پی آئی اے اسلام آباد مانچسٹر کے لئے ہفتہ وار 5پروازیں آپریٹ کریگی۔

    قومی ایئر لائن انتظامیہ کے مطابق پی آئی اے 2اپریل سے11اپریل تک مانچسٹر کیلئے پروازیں روانہ ہوگی، چارٹرڈ کمپنی ہائی فلائی کے ذریعے یہ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، اس سے قبل پی آئی اے مانچسٹر کے لئے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے نے ترکی کی سیر و سیاحت کرنے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

    پی آئی اے انتظامیہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پی آئی اے اسلام آباد اور لندن کیلئے بھی دو طرفہ چارٹرڈ پروازیں اپریل کے وسط میں شروع کریگی، چارٹرڈ پروازوں کو آپریٹ کرنے کا مقصد ہم وطنوں کو سفری سہولت مہیا کرنا ہیں۔

    اس سے قبل قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے ترکی کے لیے براہ راست فضائی سفر شروع کر نے کا فیصلہ کیا تھا ، پی آئی اےلاہور اور اسلام آباد سے استنبول پروازیں آپریٹ کرے گی ، مئی کے وسط سے ہفتہ وار 3پروازیں استنبول کے لیے چلائے گی۔

    اس اقدام سے فضائی سفرکی بحالی سے پی آئی اے کو زرمبادلہ کے حصول میں پیش رفت ہوگی، پی آئی اے کا ترکی سیکٹر کئی سال قبل بند کیا گیا تھا۔

  • کرونا کی نئی لہر: مزید 72 افراد لقمہ اجل بن گئے

    کرونا کی نئی لہر: مزید 72 افراد لقمہ اجل بن گئے

    اسلام آباد: ملک میں کرونا وبا کی تیسری لہر کے خوفناک اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں، مزید 72 افراد کو اس وبا کے باعث لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کئے ہیں، این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 3 ہزار 270 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    این سی او سی کے مطابق ملک میں گذشتہ چوبیس گھنٹےمیں کرونا کےمزید72مریض انتقال کرگئے، جس کے باعث پاکستان میں کرونا کے باعث جاں بحق مریضوں کی تعداد 13ہزار935ہوگئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے میں 39 ہزار 742 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3270 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8.22 فیصد رہی۔

    گذشتہ روزنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر نے پابندیاں مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وبا کا پھیلاؤ روکنا ہوگا، اس سلسلے میں تمام اضلاع میں ایس او پیز پر عملدرآمد سخت کرایا جائے گا۔ ایمرجنسی کے سوائے نقل وحرکت کی اجازت نہیں ہوگی، ہفتے میں 2 روز کیلئے کاروبار مکمل بند رہیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد میں کورونا پھر بڑھنے لگا،کیسز کی تعداد 51 ہزار 400 سے تجاوز کرگئی

    اس کے علاوہ 300 افراد کے اجتماع کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا، اسپورٹس سرگرمیاں بھی بند رہیں گی،تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ تاہم واکنگ اور جاگنگ ٹریکس پر جانے کی اجازت ہوگی۔

    تمام دفاتر میں آدھے عملہ کو آنے کی اجازت ہو گی، ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی، اس کے علاوہ ریلوے ٹرنیں بھی 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چل سکیں گی،تمام لوگوں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

  • وزیراعظم  نے سوشل میڈیا پر "آئسولیشن ” کی تصویر جاری کردی

    وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر "آئسولیشن ” کی تصویر جاری کردی

    اسلام آباد: گذشتہ روز کرونا میں مبتلا ہونے والے وزیراعظم عمران خان نے قوم کی جانب سے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا ہے۔

    پاکستان میں گذشتہ روز اس وقت ہل چل مچی جب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا ٹیسٹ کرایا تھا اور ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

    یہ خبر پاکستان سمیت دنیا بھر میں جنگل میں آگ کی طرح پھیلی، وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لئے دعاؤں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ عالمی رہنماؤں نے بذریعہ ٹوئٹر وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    پاکستان میں متعدد ہیش ٹیگز وزیراعظم عمران خان کی صحت یابی کے حوالے سے زیر گردش رہے، تاہم صارفین کو وزیراعظم کی صحت سے متعلق تشنگی نہ ہوئی، جس پر آج وزیراعظم عمران خان آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر اپنی آئسولیشن کی تصویر شیئر کردی۔

    کرونا میں مبتلا وزیراعظم عمران خان نے فیس بک پر اپنے آفیشل پیچ پر آئسولیشن کی تصویر شیئر کرتے ہوئےقوم کے نام پیغام میں لکھا کہ نیک خواہشات پر عوام کا شکریہ۔

    وزیراعظم کی جانب سے فیس بک پر کی گئی تصویر پر عوام کی بڑی تعداد اپنے کمنٹس کا اظہار کررہی ہے، ابھی تک اس تصویر کو 50 ہزار سے زائد لائیکس مل چکے ہیں۔

  • افسوس: پاکستانی عوام  پی ایس ایل میچز سے محروم ہوئے، مالک کراچی کنگز سلمان اقبال

    افسوس: پاکستانی عوام پی ایس ایل میچز سے محروم ہوئے، مالک کراچی کنگز سلمان اقبال

    کراچی: کراچی کنگز کے مالک اور سی ای او اے آر وائی گروپ سلمان اقبال نے پی ایس ایل سیزن سکس کے ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ افسوس ہے کہ پاکستانی عوام پی ایس ایل میچز سے محروم ہوئے، پی سی ایل ملتوی ہونا مذاق نہیں، دنیا دیکھ رہی ہے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو مشکل سے پاکستان لیکر آئے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا پاکستان آنا ہماری جیت ہے۔

    اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا کہ کرونا سے لڑنا ہمارے بس کی بات نہیں ہے،میچز کے لئے  پی سی بی نے آئسولیشن کا طریقہ   کار دار دیا وہ ہم نے پوراکیا، پی سی بی نے تین کرونا ٹیسٹ کرانے کا کہا میں نے اپنے کھلاڑیوں کے چار ٹیسٹ کرائے، ایونٹ کے دوران ٹیم مینجمنٹ کی شکایت پر میں خود بائیوببل چیک کرنےگیا تھا۔

    سلمان اقبال نے پی ایس ایل کے انتظامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ تین دن کی آئسولیشن کسی بھی کتاب میں نہیں، آئسولیشن سات دن کی ہوتی ہے،کرونا علامات چار دن بعد ظاہرہوتی ہیں، جس ہوٹل میں کھلاڑیوں کو ٹہرایا گیا وہاں شادیاں ہورہی ہیں،کچن بھی سب کیلئےکھلا رہا۔

    کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ صورتحال سے کیسےنمٹیں ؟ پی سی بی نے ہم سےمشورہ ہی نہیں کیا، ہم اسٹیک ہولڈرز ہیں، ہم نے پی ایس یل کو کامیاب کیا ہے، آج جو میٹنگ ہوئی وہ بہت پہلے ہونی چاہیے تھی، پی سی بی حکام کی جانب سے آج میٹنگ کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔

    سلمان اقبال کا اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ میں نے میٹنگ میں کہا کہ کسی کو ذمہ دار ہونا چاہیے تھا، پی سی بی حکام نے ہم سے مشاورت کی نہ کوئی بات کی گئی، پی سی بی چار یا پانچ لوگوں کے ہاتھ میں ہے، غلط فیصلے سےکرکٹ اورشائقین افسردہ ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی کے سی ای او کا کہنا تھا کہ اے آر وائی سے 11ہزار لوگ وابستہ ہیں، مشکل سے 50لوگ کرونا سے متاثر ہوئے، ہم نے اے آر وائی میں سخت ایس اوپیز رکھے ہوئے ہیں، پی سی بی کے اتنے لوگ تھے مگر کسی نے ٹھیک مینجمنٹ نہیں کی، میٹنگ میں سختی سے کہا تھا کہ کسی ایک کوذمہ داری لینا ہوگی۔

    کراچی کنگز سلمان اقبال نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ پی ایس ایل کے لئے بنائے گئے بائیو سیکیور ببل میں کچھ لوگ تھے کچھ نہیں تھے، جو افراد بائیوببل میں نہیں تھے وہ بھی گراؤنڈ میں موجود تھے، ایونٹ میں تین کیسز رپورٹ ہوئےتو حکام سےکہا اب تو ایس اوپیز سخت کریں۔

  • ظلم اور سختیاں جھیل کر حالات کا مقابلہ کرنے والی باہمت شازیہ

    ظلم اور سختیاں جھیل کر حالات کا مقابلہ کرنے والی باہمت شازیہ

    کراچی: شہر قائد سے تعلق رکھنے والی باہمت خاتون شازیہ ظہور کی زندگی ہم سب کے لیے ایک روشن مثال ہے جنہوں نے ظلم و تشدد اور سختیاں جھیل کر بھی ہمت نہیں ہاری اور حالات کا مقابلہ کرتی رہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شازیہ ظہور نامی خاتون شریک ہوئیں جنہوں نے اپنے عزم و حوصلے کی داستان سنائی۔

    شازیہ نے بتایا کہ ان کی کم عمری میں شادی ہوگئی تھی جس کے بعد وہ کراچی سے لاہور چلی گئیں، وہ ان کی زندگی کا سب سے تکلیف دہ وقت تھا۔

    شازیہ کے مطابق ان کے سسرال والوں نے انہیں بے پناہ تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ان کے کئی حمل بھی ضائع کروائے۔ ان کے یہاں قبل از وقت (پری میچور) 2 جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تو انہیں ان کے سسرال والوں نے دفنانے کے بجائے کچرے میں پھینک دیا۔

    اس کے بعد وہ اپنے والدین کے گھر پہ تھیں جب حاملہ ہوئیں، تب انہیں سسرال والوں کی جانب سے کہا گیا کہ اس حمل کو ضائع کروا دیا جائے ورنہ وہ طلاق بھجوا دیں گے، جس پر ان کے والد نے حتمی فیصلہ کرلیا اور ان کی اس اذیت ناک رشتے سے جان چھڑا دی۔

    بعد ازاں وہ ملازمت کرنے لگیں، وہ بائیک پر جیولری ڈیلیور کرنے کا کام کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں اپنے بیٹے کو بھی پک اینڈ ڈراپ کرتی ہیں جبکہ بیٹے کی ٹیچر کو بھی پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔

    شازیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ملازمت سے اپنے لیے گھر بھی تعمیر کرلیا ہے جو ان کے سر چھپانے کا ٹھکانہ ہے۔ وہ لڑکیوں کو بائیک چلانے کی ٹریننگ بھی دیتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں ان کے بھائیوں نے ان کی بائیک چلانے کی مخالفت کی لیکن ان کے والد نے ان کا ساتھ دیا اور کہا کہ ہم ایک بار اس کی زندگی کا فیصلہ کرچکے ہیں جو نہایت بھیانک تھا، اب وہ خود ہی اپنی زندگی کا فیصلہ کرے گی۔

    شازیہ نے نوجوان لڑکیوں کو پیغام دیا کہ وہ کسی پر بھی انحصار کرنے کے بجائے خود اپنا بوجھ اٹھائیں اور محنت کرنے سے کبھی بھی نہ شرمائیں۔

  • ’’وزیراعظم کی کوششوں سے عالمی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنے آرہی ہیں‘‘

    ’’وزیراعظم کی کوششوں سے عالمی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنے آرہی ہیں‘‘

    کراچی: وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت گیس فراہمی میں وفاق سے تعاون نہیں کررہی، رینٹل پاور سمیت پیپلزپارٹی کی کرپشن سامنے لاتے رہیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ وزیراعظم کی کوششوں سے عالمی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنے آرہی ہیں، گزشتہ رمضان کی نسبت اس بار لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مافیا اور کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، وزیراعظم کا مقصد عوام تک بنیادی سہولیات پہنچانا ہے، پاکستان تحریک انصاف ملکی معیشت کو مضبوط کرنے سمیت غریب طبقے کا کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

    ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا گیا، کنڈا سسٹم کاخاتمہ کیا جا رہا ہے، عمر ایوب

    خیال رہے کہ 13 جنوری کو وزیر توانائی عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوڈ شیڈنگ وہاں ہو گی جہاں بجلی چوری ہوگی، ملک کے 8 ہزار885 سے زائد فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا گیا، کنڈا سسٹم کاخاتمہ کیا جا رہا ہے، سہون میں پہلے 14،14 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اب اس کو کلیئر کردیا، بجلی چوری میں ملوث 7 ہزار افراد حراست میں لیے گئے۔

  • اے آر وائی ریذیڈنشیا میں بکنگ کیلیے آخری تاریخ مقرر

    اے آر وائی ریذیڈنشیا میں بکنگ کیلیے آخری تاریخ مقرر

    کراچی: بحریہ ٹاوٴن کراچی میں واقع اےآروائی ریذیڈنشیا پراجیکٹ میں بکنگ کےلیے اوپن فائلیں جمع کرانے کی آخری تاریخ پندرہ جنوری دو ہزار بیس مقررکردی گئی۔

    جدید طرز تعمیر پرسکون رہائش اور حفاظتی نکتہ نظر سے بہترین ساکھ کے حامل بحریہ ٹاوٴن میں واقع اے آر وائی ریذیڈنشیا میں تعمیراتی کام زور و شور سے جاری ہے ۔

    انتہائی تیزی سے ہونے والے کام کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جارہا ہے ۔جدید مشینری پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے افراد کی نگرانی میں تکنیکی انداز سے کام ہورہا ہے۔

    اے آر وائی ریذیڈنشیا میں بکنگ کے لئیے اوپن فائلیں جمع کرانے کی آخری تاریخ پندرہ جنوری 2020 مقرر کی گئی ہے ۔

    یونٹس کی بکنگ کے لیے اوپن فائلیں آئی کیو پراپرٹیز کے پاس جمع کرانی ہوں گی جبکہ پندرہ جنوری کے بعد موصول ہونے والی کسی بھی اوپن فائل پر کاروائی نہیں ہوگی۔

    معیار و ساکھ کی علامت اے آر وائی ریذیڈنشیا تمام تر سہولتوں کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہے ، اے آر وائی ریذیڈنشیا میں پارک ،کشادہ سڑکیں، محفوظ ماحول اور بہترین طرز زندگی یہاں آنے والوں کی منتظر ہے۔

    اے آر وائی ریذیڈنشیا کے قریب بین الاقوامی معیار کے اسکول بچوں کوبہترین تعلیم فراہم کرے گا اور یہاں زندگی کا ہر پل خوبصورت دلفریب اور یادگار رہے گا ۔

  • کراچی میں ضلعی حکومت کے لوگ خود کچرا پھینک رہے ہیں: وفاقی وزیر علی زیدی

    کراچی میں ضلعی حکومت کے لوگ خود کچرا پھینک رہے ہیں: وفاقی وزیر علی زیدی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کسی مہم کے ذریعے کراچی کا کچرا صاف نہیں ہو سکتا.

    ان خیالات کا اظہار  انھوں نے  اے آر  وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن ’’کراچی سب کا، کراچی کسی کا نہیں‘‘ میں‌ اینکر  وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ نالے صاف کرنے کا یہ مقصد تھا کہ عوام کے گھروں میں پانی نہ جائے، نالوں کی صفائی کے لئے ایف ڈبلیو او کو ذمہ داری دی، کراچی کے نالوں میں کچراکون ڈال رہا ہے، اس کے ثبوت میرے پاس ہیں، میئر کراچی کے ماتحت لوگ ان سےجھوٹ بول رہے ہیں۔

    نالے صاف کرنے میں ساڑھے 6 کروڑ روپے لگے، البتہ ناصرشاہ کہتے کہ ہیں میں نے وسیم اختر کو 50 کروڑ روپے دیے، سٹی حکومت کےڈسٹرکٹ سینٹرل کے اپنے لوگ کچرا ڈال رہے ہیں، حالاں کہ ہم نےکچراصاف کردیا تھا، مگر وہاں دوبارہ کچرا پھینکا گیا. ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بحریہ ٹاؤن کی ٹیموں کے ساتھ میں نے صفائی کی تھی.

    مزید پڑھیں: میرے پاس بھی وہی اختیارات تھے، جو آج وسیم اختر کے پاس ہیں: مصطفیٰ کمال

    علی زیدی نے کہا کہ کراچی 11 گاربیج ٹرانسفراسٹیشن نہیں ہیں، صرف 5 گاربیج ٹرانسفراسٹیشن ہیں،11 کا دعویٰ غلط ہے، اگر گاربیج ٹرانسفراسٹیشن نکل آئے، تومیں مستعفی ہوجاؤں گا.

    انھوں نے کہا کہ ناصرشاہ وزیربلدیات رہیں گے تو کراچی کا مسئلہ حل ہوجائے گا، سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ناصرشاہ کام کر رہے ہیں، میں صرف سندھ حکومت کی مدد کو آیا ہوں، میں نے کراچی صفائی مہم کے لئے 10 کروڑ  روپے اکٹھا کیا، ایف ڈبلیو او کو ذمے داری دی تھی، ان کا بل 6 کروڑ روپے سے اوپر بنا ہے۔

  • کشمیریوں کی آواز بننے پر اے آر وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس موصول

    کشمیریوں کی آواز بننے پر اے آر وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس موصول

    اسلام آباد: مظلوم کشمیریوں کی آواز بننے پر اے آر وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس ارسال کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ مودی کی آلہ کاربن گئی، آر وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس موصول ہوا ہے۔

    ٹوئٹر نے بھارت کی درخواست پر  اے آر  وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس بھیجا ہے، اے  آر  وائی نیو ز ٹوئٹر اکاؤنٹ کو  کشمیریوں کے لئے  15 اگست کے ٹوئٹ پرنوٹس بھیجا گیا.

    خیال رہے کہ پاکستان نے 15 اگست کو  مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور  اظہار یک جہتی کیا تھا. اس پلیٹ فورم سے آرٹیکل 370 کے خاتمہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عوام تک پہنچایا گیا۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز مظلوم کشمیروں کی آواز بنا ہوا ہے، 5 اگست سے بھارت کے مظالم اور زیادتی کی خبریں دنیا تک پہنچا رہا ہے.

    اے آر وائی نیوز نے ہندوستانی مظالم کو بے نقاب کیا اور  ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بنا، قبل ازیں اے آر وائی نیوز کے سینئر اینکر ارشد شریف کو اس ضمن میں نوٹس موصول ہوا تھا۔