Tag: اے آر وائی

  • الیکشن وقت پر ہوں‌ گے، پارٹیاں بدلنے والوں کا انجام اچھا نہیں ہوتا: ایاز صادق

    الیکشن وقت پر ہوں‌ گے، پارٹیاں بدلنے والوں کا انجام اچھا نہیں ہوتا: ایاز صادق

    لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کا کہنا ہے کہ جو لوگ اپنی پارٹیاں تبدیل کرتے ہیں، ان کا انجام کبھی اچھا نہیں ہوتا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں‌ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ کوئی ادارہ اختیارات سے تجاوز کرے گا، تو اسمبلی اپنا کردار ادا کرے گی.

    اُن کا کہنا تھا کہ جب تشویش تھی کہ الیکشن وقت پر نہیں ہوں گے، تو اپنا مؤقف دیا، البتہ اب مجھے لگ رہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے. یقین ہے کہ الیکشن کمیشن ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائے گا.

    ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی بھی حرف آخر نہیں ہوتا، پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں پی ٹی آئی نے ووٹ دیا، مستقبل کے بارے میں‌ بھی کچھ نہیں‌ کہا جاسکتا.

    ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سیاست میں‌ پارٹیاں‌ تبدیل کرنے والوں‌ کا انجام اچھا نہیں ہوتا، ن لیگ اپنی جگہ کھڑی رہے گی، جسے جانا ہے، وہ جائے، اُسےروکنے کی ضرورت نہیں.

    ایک سوال کے جواب میں‌ انھوں نے کہا کہ مولانا صاحب کی اپنی جماعت ہے کہ فیصلہ انھیں کرنا ہے کہ کہاں جانا ہے کہ کس کے ساتھ کھڑے ہوں۔

    ایاز صادق کا کہنا تھا کہ شخصیات کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، اداروں کی ہوتی ہے، میں ایک ادارے کی نمائندگی کررہا ہوں اور اس کا تحفظ کروں گا.

    یاد رہے کہ چیئرمین قومی اسمبلی نے دسمبر 2017 میں یہ اسمبلی اپنی مدت پوری نہیں کرے گی۔


    کچھ ہونے والا ہے، ہوسکتا ہے اسمبلی مدت پوری نہ کرے، ایاز صادق


  • واجد ضیا کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے: فواد چوہدری

    واجد ضیا کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے: فواد چوہدری

    لاہور: ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جان بوجھ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ واجد ضیا نے شریف خاندان کو کلین چٹ دے دی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے لاہور میں‌ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ پراپرٹی کے لئے پیسہ کہاں سے آیا، نوازشریف اب تک یہ واضح نہیں کرسکے۔

    [bs-quote quote=”وزیراعظم کو چیف جسٹس سے ملاقات کی درخواست نہیں کرنی چاہیے تھی، اٹارنی جنرل کووزیراعظم کومشورہ دینا تھا کہ ملاقات کی درخواست نہ دیں” style=”style-2″ align=”right” author_name=”فواد چوہدری”][/bs-quote]

    فواد چوہدری نے کہا کہ واجد ضیا کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، نوازشریف کی منی ٹریل مکمل طور پرجعلی ثابت ہوئی، حسین اور حسن نواز مقدمے میں پیش نہیں ہورہے، دونوں‌ کو نیب قوانین کے مطابق تین سال کی سزامتوقع ہے.

    انھوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان کے خلاف مقدمہ ثابت ہوچکا ہے، یہ سوال ہی بے تکا ہے کہ پراپرٹی نوازشریف کی ہے یا نہیں، پراپرٹی نیلسن اور نیسکول کی ہے، جس کی بینفشل اونرمریم نواز ہیں، بچوں کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا، یہ نوازشریف نے اب تک نہیں‌ بتایا. 

    انھوں نے کہا کہ مریم نوازکا موقف ہے کہ میں پراپرٹی کی بینفشل آنر نہیں، حالاں‌ کہ برطانیہ سے آنے والی دستاویزات میں لکھا ہے، مریم بینفشل آنرہیں، اندازہ لگائیں کہ مریم نواز کس حیثیت میں لیڈر بننے کی کوشش کررہی ہیں، شریف خاندان کی 16 کمپنیاں منی لانڈرنگ کررہی تھیں۔

    [bs-quote quote=”نوازشریف کی منی ٹریل مکمل طور پر جعلی ثابت ہوئی، حسین اور حسن نواز مقدمے میں پیش نہیں ہورہے، دونوں‌ کو نیب قوانین کے مطابق تین سال کی سزامتوقع ہے” style=”style-2″ align=”left” author_name=”فواد چوہدری”][/bs-quote]

    ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ابھی تک نہیں بتا سکے کہ 300 ارب بیرون ملک کیسے بھیجے، پاپا بچوں کے نام  پر یہاں پیسے بنا کر باہر بھجواتے تھے، یہ لوگ اب ملک سے باہر بھی نہیں جا سکیں گے، سیدھا اڈیالہ جیل جائیں گے.

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو چیف جسٹس سے ملاقات کی درخواست نہیں کرنی چاہیے تھی، آئین کے مطابق اداروں کی حدود متعین ہیں، اٹارنی جنرل کووزیراعظم کو مشورہ دینا تھا کہ ملاقات کی درخواست نہ دیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اتنا خود مختار ہونا چاہیے، نگراں حکومت کی ضرورت نہ پڑے، نگراں حکومت کے معاملے پرشاہ محمود، خورشید شاہ سے رابطے میں ہیں، حلقہ بندیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن نےاچھا کام کیا ہے۔


    بجلی پیداوار سے متعلق وزیر اعظم کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں: فواد چوہدری


    اصل چابی والا کھلونا تو خود نواز شریف ہیں: فواد چوہدری اور شیخ رشید کا ردعمل


  • ایگزیکٹوکے کاموں میں مداخلت کا کوئی شوق نہیں: چیف جسٹس

    ایگزیکٹوکے کاموں میں مداخلت کا کوئی شوق نہیں: چیف جسٹس

    اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ یقین کیجیے، ایگزیکٹوکے کاموں میں مداخلت کا ہمیں کوئی شوق نہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے اسلام آباد میں ایک کارڈیولوجی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا. جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ مجھ پر بڑے بھائی کی طرح یقین کریں، صحت کا نظام بہتر بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ ہیں.

    چیف جسٹس نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام کی ازسر نو تجدید کی ضرورت ہے، تعلیم کے فروغ کو صدقہ جاریہ سمجھ کرکیجیے، اللہ کی خاطر عوام الناس کی خدمت کریں.


    وزیراعظم کی چیف جسٹس سے دو گھنٹے طویل ملاقات، سپریم کورٹ‌ کا اعلامیہ جاری

    انھوں نے کہا، دو قبل ماہ سوچا تھا کہ صحت سے متعلق مسائل حل ہوں، پنجاب کارڈیالوجی میں دل کےمریضوں کے آپریشن کے لئے قطارتھی، خوشی ہے ک اب 60 ہزار سے ایک لاکھ تک میں‌ مریض کو اسٹنٹ ڈالاجاسکتا ہے، البتہ علاج کے لئے مزید اسپتال بنانے کی ضرورت ہے.

    انھوں‌ نے کہا کہ ایک جج کی بیٹی کا ایکسیڈنٹ ہوا، تو اسپتال کابل مجھے منظورکرنا تھا، نجی اسپتال کا کچھ دن کا بل ایک کروڑ روپے سے زائد تھا، جسے دیکھ کر میں حیران رہ گیا۔ ہمیں ایسے اسپتال بالکل نہیں چاہییں.

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ دواؤں کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں، ڈائلیسز، ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لئے بھی کام کرنا چاہتا ہوں، آپ لوگ اس سلسلے میں میری رہنمائی کریں، صحت کے بنیادی حق کے لئےکو شش کرتے ہیں.


    وزیراعظم سےملاقات میں کھویا کچھ نہیں پایا ہی پایا ہے، چیف جسٹس


  • نوازشریف چیف جسٹس، وزیراعظم ملاقات سے جو حاصل کرنا چاہتے تھے، وہ حاصل نہیں ہوا:شفقت محمود

    نوازشریف چیف جسٹس، وزیراعظم ملاقات سے جو حاصل کرنا چاہتے تھے، وہ حاصل نہیں ہوا:شفقت محمود

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شفقت محمود نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم چیف جسٹس سے ملاقات پر قوم کواعتماد میں لیں۔

    ان خیالات کا اظہار شفقت محمود نے اے آر وائی کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ملاقات کے معاملے پر پارلیمنٹ کو بھی اعتماد میں لیں، یہ از حد ضروری ہے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ لگتا ہے، نوازشریف جو حاصل کرنا چاہتے تھے، وہ اسے حاصل نہیں کرسکے۔ پہلے ہی کہا تھا کہ شہبازشریف کبھی نوازشریف کے خلاف نہیں جائیں گے۔ یہ دونوں ایک ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب کو پتا ہے کہ پیراگون سٹی کے پارٹنرخواجہ سعدرفیق ہیں، اکاؤنٹس کے آڈٹ پر پیراگون کے لین دین کا ریکارڈ سامنے آجائے گا اور دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔

    شفقت محمود نے کہا کہ ٹرانزیکشنز سے اندازہ ہوجائے گا کہ پیراگون کی لین دین کیسے ہورہی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے درمیان سپریم کورٹ میں دو گھنٹے طویل اہم ملاقات ہوئی تھی۔ یہ ملاقات وزیر اعظم کی درخواست پر کی گئی۔

    سیاسی صورت حال اور ن لیگ کے عدالتوں میں جاری مقدمات کے تناظر میں اس ملاقات کو بہت اہم گردانا گیا۔

    اسی ضمن میں شفقت محمود کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اور وزیر اعظم کی ملاقات غیرمعمولی تھی، البتہ نوازشریف کی پریس کانفرنس سے لگتاہے کہ وزیراعظم ناکام رہے۔ اب لازم ہے کہ وہ اس معاملے میں قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔


    شریف خاندان کے بچوں میں جانشینی کی جنگ چل رہی ہے، شفقت محمود


  • بلین ٹرین سونامی بلاشبہ عظیم کامیابی ہے: عمران خان

    بلین ٹرین سونامی بلاشبہ عظیم کامیابی ہے: عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ بلین ٹرین سونامی بلاشبہ عظیم کامیابی ہے۔ خیبر پختونخواہ کے منصوبے نے بون چیلنج میں دنیا کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے منصوبے نے بون چیلنج میں دنیا کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ سنہ 2014 میں بون چیلنج کا حصہ بننے والا پہلا صوبہ بنا بعد ازاں یہ 2017 میں ہدف حاصل کرنے والا پہلا صوبہ بنا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کا اصل ہدف 3 لاکھ 48 ہزار ایکڑ رقبے پر جنگل اگانا تھا۔ خیبر پختونخوا نے 2017 میں یہ ہدف حاصل کرلیا۔ اب بون چیلنج 2 لاکھ 52 ہزار ایکڑ رقبے پر جنگل لگانے کا اضافی ہدف دے چکا ہے۔

    چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جرمنی برازیل کے مندوبین کے ساتھ کانفرنس میں اعلان کریں گے۔ ماحول کے تحفظ کا وعدہ بلین ٹری منصوبے کی صورت میں نبھایا۔ دنیا اس منصوبے کی کامیابی اور افادیت کا اعتراف کر رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • گرنے سے بچانے کے لیے سلائس کیچپ تیار

    گرنے سے بچانے کے لیے سلائس کیچپ تیار

    جنک فوڈ کھاتے ہوئے کیچپ کا کپڑوں اور ہاتھوں پر گرجانا ایک عام بات ہے جو بعض اوقات کھانے کا مزا خراب کرسکتا ہے۔ اس صورتحال سے بچنے کے لیے اب سلائس کیچپ تیار کرلیے گئے ہیں۔

    ایک غیر ملکی فوڈ کمپنی کی جانب سے تیار کردہ سلائس آف سوس نامی اس کیچپ کو فریج میں رکھنے کی بھی ضرورت نہیں اور اسے باآسانی ایک سے دوسری جگہ لے جایا جاسکتا ہے۔

    سلائس کیچپ اس سے قبل ایک بین الاقوامی فوڈ چین کی جانب سے بھی استعمال کیا جارہا تھا۔

    اس کیچپ کی تیاری کے لیے مائع کیچپ کو بیکنگ شیٹ پر پھیلا کر اسے اوون میں 3 گھنٹے تک ڈی ہائیڈریٹ کرلیا جاتا یعنی اس میں سے پانی خشک کرلیا جاتا۔

    تاہم اب نئے طریقہ کار میں اسے مزید آسان کر لیا گیا ہے جس کے بعد اب کیچپ گروسری شیلفس میں رکھنے والی شے بن جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اوکاڑہ: چیف جسٹس کے نوٹس پر نکاسی آب کا کام شروع

    اوکاڑہ: چیف جسٹس کے نوٹس پر نکاسی آب کا کام شروع

    لاہور: سوشل میڈیا پر سیوریج کے پانی پر سے گزرتے جنازے کی وائرل ہونے والی تصویر صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ کی نکلی۔ چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں نکاسی آب کا کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر پر نوٹس لیا تھا۔ تصویر میں ایک جنازے کو ایسی گلی سے لے جایا جارہا تھا جو سیوریج کے گندے پانی سے بھری ہوئی تھی۔

    چیف جسٹس نے عدالت میں موجود میڈیا اور دیگر نمائندگان سے کہا تھا کہ اس علاقے کی نشاندہی کریں کہ یہ کون سا علاقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گندگی اور غلاظت انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ علاقے کی نشاندہی ہونے کے بعد مذکورہ علاقے کے عوامی نمائندوں اور رکن قومی اسمبلی کو طلب کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: ضلعی انتظامیہ کی نااہلی، کونسلر نے احتجاجاً خود صفائی شروع کردی

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز نے تصویر کا مقام ڈھونڈ نکالا۔ تصویر اوکاڑہ میں ہجرہ شاہ مقیم کے محلہ زاہد پورہ کی ہے۔

    چیف جسٹس کے از خود نوٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ علاقے میں پہنچ گئی اور نکاسی آب کے لیے کام شروع کروا دیا۔ چیف جسٹس کے از خود نوٹس پر مقامی کونسلر موسیٰ غوری نے خراج تحسین پیش کیا۔

    موسیٰ غوری نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس مقامی رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین کو عدالت بلائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ایم این اے اور چیئرمین سے فنڈز کا حساب لیں۔

    کونسلر کے مطابق تصویر میں نظر آنے والا جنازہ محکمہ زراعت کے ملازم کی ہمشیرہ کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث علاقے کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جنگلات کا عالمی دن: شہروں کی ترقی کے لیے جنگلات ضروری

    جنگلات کا عالمی دن: شہروں کی ترقی کے لیے جنگلات ضروری

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج جنگلات کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ کسی ملک میں صحت مند ماحول اور مستحکم معیشت کے لیے اس کے 25 فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن پاکستان میں جنگلات کا رقبہ 4 فیصد سے بھی کم ہے۔

    رواں برس یہ دن جنگلات اور پائیدار شہر کے مرکزی خیال کے تحت منایا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے جنگلات کو کاٹ کر رہائشی علاقوں میں تبدیل کیا جارہا ہے لہٰذا جنگلات کا تناسب برقرار رکھنے کے لیے شہروں میں شجر کاری کی جائے تاکہ موسمیاتی تغیرات کے نقصانات سے نمٹا جاسکے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی شہر میں جنگلات کی موجودگی اس شہر کی خوشحالی، خوبصورتی اور باشندوں کی صحت و تندرستی میں اضافہ کرسکتی ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بڑے اور پرہجوم شہروں میں درختوں کا ہونا ضروری ہے تاکہ وہاں موسمیاتی تغیرات (کلائمٹ چینج) کی وجہ سے ہونے والی گرمی اور ماحول کی آلودگی میں کمی آئے۔

    مزید پڑھیں: سب سے زیادہ درختوں والے شہر


    پاکستان کے 2 نایاب جنگلات

    پاکستان میں جنگلات کی 2 ایسی نایاب اقسام موجود ہیں جن کی موجودگی اور اہمیت کے بارے میں بہت کم لوگوں کو علم ہے۔ ان میں سے ایک صنوبر کے جنگلات ہیں اور دوسرے تیمر کے جنگلات۔


    صنوبر کے جنگلات

    بلوچستان کے ضلع زیارت میں واقع صنوبر کے تاریخی جنگلات کو یونیسکو کی جانب سے عالمی ماحولیاتی اثاثہ قرار دیا جاچکا ہے۔ تقریباً 1 لاکھ ہیکٹر رقبے پر پھیلا اور ہزاروں سالہ تاریخ کا حامل یہ گھنا جنگل دنیا کا دوسرا سب سے بڑا اور نایاب ذخیرہ ہے۔

    forest-2
    زیارت میں واقع صنوبر کا گھنا جنگل

    واضح رہے کہ صنوبر کو سب سے قدیم اور سب سے طویل عمر پانے والے درختوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ بعض اندازوں کے مطابق ان درختوں کی عمر 3 ہزار سال تک محیط ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ سطح سمندر سے 2 سے 3 ہزار میٹر بلندی پر شدید موسم میں بھی افزائش پاسکتا ہے۔

    یونیسکو کے مطابق صنوبر کے بیش قیمت ذخائر انسان اور قدرت کے مابین تعلق کی وضاحت اور سائنسی تحقیق میں انتہائی مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔ صنوبر کے جنگل میں موجود درختوں کی عمروں، ہیئت اور ساخت سے صحت، تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے حوالے سے نئی معلومات کے حصول میں مدد ملے گی۔

    پاکستان میں موجود صنوبر کے جنگلات میں بیشتر درختوں کی عمریں ہزاروں برس ہے جنہیں ’زندہ فاسلز‘ بھی کہا جاتا ہے۔ 

    forest-3
    زیارت میں واقع صنوبر کا گھنا جنگل

    یہ جنگلات سلیمانی مار خور، اڑیال، کالے ریچھ، بھیڑیے، لومڑی، گیدڑ اور ہجرت کر کے آنے والے پرندوں کی جائے سکونت و افزائش، 13 سے زائد قیمتی جنگلی حیات اور چکور سمیت 36 اقسام کے نایاب پرندوں کا مسکن ہیں۔

    اس تاریخی جنگل میں 54 سے زائد اقسام کے انمول پودے اور جڑی بوٹیاں پائی جاتی ہیں جنہیں ادویہ کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے جبکہ یہ جنگلات مقامی آبادیوں کے لیے تالابوں، چشموں اور زیر زمین پانی کے ذخائر کو محفوظ اور متواتر جاری رکھنے میں بھی انتہائی مدد گار ہیں۔


    تیمر کے جنگلات

    کراچی میں سینڈز پٹ سے لے کر پورٹ قاسم تک پھیلے ہوئے تیمر کے جنگلات کراچی کو قدرتی آفات سے بچانے کے لیے قدرتی دیوار کی حیثیت رکھتے ہیں۔

    forest-5
    کراچی میں تیمر کے جنگلات

    تیمر کے جنگلات سمندری کٹاؤ کو روکتے ہیں اور سمندر میں آنے والے طوفانوں اور سیلابوں سے حفاظت فراہم کرتے ہیں۔

    سنہ 2004 میں بحیرہ عرب میں آنے والے خطرناک سونامی نے بھارت سمیت کئی ممالک کو اپنا نشانہ بنایا تاہم پاکستان انہی تیمر کے جنگلات کی وجہ سے محفوط رہا۔

    forest-6
    کراچی میں تیمر کے جنگلات

    لیکن خدشہ ہے اب ایسا نہ ہوسکے۔ ٹمبر مافیا کی من مانیوں کی وجہ سے 60 ہزار ایکڑ اراضی پر پھیلے تیمر کے جنگلات کے رقبہ میں نصف سے زائد کمی ہوچکی ہے اور تیمر کے جنگلات اب اپنی بقا کے خطرے سے دوچار ہیں۔


     پاکستان میں درختوں کی کٹائی

    وفاقی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سنہ 2000 سے 2005 تک پاکستان کے جنگلات کی بے تحاشہ کٹائی کی گئی۔ اس بے دریغ کٹائی کی وجہ شہروں کا تیز رفتار اور بے ہنگم پھیلاؤ، زراعت کے لیے درختوں کو کاٹ دینا، اور گلوبل وارمنگ (درجہ حرارت میں اضافہ) ہے۔

    ماہرین کے مطابق جب کسی مقام پر موجود جنگلات کی کٹائی کی جاتی ہے تو اس مقام سمیت کئی مقامات شدید سیلابوں کے خطرے کی زد میں آجاتے ہیں۔

    وہاں پر صحرا زدگی کا عمل شروع ہوجاتا ہے یعنی وہ مقام بنجر ہونے لگتا ہے، جبکہ وہاں موجود تمام جنگلی حیات کی آبادی تیزی سے کم ہونے لگتی ہے۔


    اگلے 100 سال میں جنگلات کا خاتمہ؟

    اس وقت ہماری زمین کے 30 فیصد حصے پر جنگلات موجود ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت ایف اے او کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں 1.8 کروڑ رقبے پر موجود جنگلات کو کاٹ دیا جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں موجود گھنے جنگلات جنہیں رین فاریسٹ کہا جاتا ہے، اگلے 100 سال میں مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے۔

    جنگلات کی کٹائی عالمی حدت میں اضافہ یعنی گلوبل وارمنگ کا ایک اہم سبب ہے جس کے باعث زہریلی گیسیں فضا میں ہی موجود رہ جاتی ہیں اور کسی جگہ کے درجہ حرارت میں اضافہ کرتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل 2018: فائنل میں پہنچنے کے لیے آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی مدمقابل

    پی ایس ایل 2018: فائنل میں پہنچنے کے لیے آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی مدمقابل

    لاہور: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں فائنل تک پہنچنے کے لیے آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی آپس میں ٹکرائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی فائنل تک رسائی حاصل کرچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فائنل کی جنگ تک پہنچنے کے لیے آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی آپس میں مدمقابل ہوں گے۔ جیتنے والی ٹیم 25 مارچ کو کراچی میں لیگ کا فائنل کھیلے گی۔

    پشاور زلمی کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دے چکی ہے۔ کراچی کنگز بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی آرہی ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اس سے قبل کراچی کنگز کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔ آج کے میچ میں جیتنے والی ٹیم فائنل میں اسلام آباد سے ٹکرائے گی۔

    میچ کا آغاز شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ میچ کے لیے شہر بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کے آس پاس کا پورا علاقہ سیل کیا جاچکا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری ڈیوٹی پر تعینات ہے۔

    میچ کے دوران بارش کی بھی پیشن گوئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ ناقص ہے: سعودی وزیر خارجہ

    ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ ناقص ہے: سعودی وزیر خارجہ

    واشنگٹن: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ ناقص ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے امریکا پہنچ چکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 3 ہفتے کے دورے پر آج امریکا پہنچے ہیں۔ سعودی ولی عہد امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر سیاسی و کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

    شہزادہ محمد بن سلمان نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انٹونیو گٹریس سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ محمد بن سلمان کا ولی عہد بننے کے بعد امریکا کا پہلا دورہ ہے جسے نہایت اہم خیال کیا جارہا ہے۔

    وہ اس سے قبل اپنا پہلا غیر ملکی دورہ برطانیہ کا کر چکے ہیں۔

    سعودی ولی عہد سے قبل سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر واشنگٹن پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایرانی ایٹمی معاہدے کو ناقص قرار دیا۔

    سعودی وزیر خارجہ نے ایران پر ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ تہران کا رویہ خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے۔ ضرورت ہے کہ ایران کے خلاف سخت پالیسیاں اپنائی جائیں۔

    ان کے مطابق وہ اس سلسلے میں اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے یمن میں حوثیوں کی مدد کرنے اور شام میں بشار الاسد کی حمایت کرنے پر بھی ایران کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی صدارت کا حلف اٹھانے کے بعد اپنا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جب دونوں ممالک نے متعدد معاہدوں پر اتفاق کا اظہار کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔