Tag: اے اْر وائی نیوز

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ پر قبضے سے متعلق بڑا بیان

    ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ پر قبضے سے متعلق بڑا بیان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر قبضے کے معاملے کو اسرائیل پر چھوڑ دیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پورے غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے سے متعلق سوال پر کہا کہ انکی حکومت کی توجہ فلسطینیوں کے محصور علاقوں میں زیادہ غذا پہنچانے پر ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ غزہ کے باقی معاملے پر وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ یہ زیادہ تر اسرائیل پر منحصر ہوگا۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے منگل کو سینئر سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ پر مکمل فوجی قبضے کی حمایت کی جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کا غزہ میں امداد کا انتظام امریکا کے زیرانتظام لینے کا منصوبہ ہے۔

    دوسری جانب حماس کی جانب سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ تشکیل دی جانے والی حکومتی انتظامیہ میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔

    حماس رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عرب ٹی وی کو انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ حماس کو غزہ پٹی کی گزرگاہیں اور امدادی کارروائیوں کا کنٹرول سنبھالنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے بے دخلی روکنے کیلئے بین الاقوامی برادری کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

    ٹرمپ کا روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر پابندیاں لگانے کا اعلان

    حماس رہنما کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام اور حماس پر بہت زیادہ دباؤ ہے، جنگ بندی کے لئے مثبت رویہ اختیار کرلیا گیا ہے۔

    حماس رہنماء نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی غزہ پٹی پر قبضے کی دھمکی اسرائیل کی بدنیتی کی عکاسی کرتی ہے، اسرائیلی یرغمالیوں کے اہلخانہ کے جذبات سے بخوبی آگاہ ہیں۔

  • جاپان میں شدید گرمی، ایک ہی دن میں 2 نئے ریکارڈ قائم

    جاپان میں شدید گرمی، ایک ہی دن میں 2 نئے ریکارڈ قائم

    جاپان میں شدید گرمی کی لہر کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہی دن میں درجہ حرارت کے 2 نئے ریکارڈ قائم ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان میں درجہ حرارت 41.6 اور پھر 41.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، محکمہ موسمیات نے آئندہ مزید گرمی کی وارننگ جاری کردی ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی گنما کے شہر ایسسا کی میں شدید گرمی نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، 2020 اور 2018 میں جاپان میں 41.1 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ ماہ جاپان کی تاریخ کاسب سے گرم مہینہ قرار دیا گیا، جولائی کا درجہ حرارت معمول سے 2.89 ڈگری زیادہ رہا۔

    کیوٹو میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ گیا ہے، جو 1880 سے اب تک کی بلند ترین سطح قرار دیا جا رہا ہے۔

    خبرایجنسی کے مطابق کیوٹو کے کسی بھی اسٹیشن پر اتنا درجہ حرارت پہلے کبھی ریکارڈ نہیں ہوا، گرم موسم کے باعث جاپانی چیری کے پھول وقت سے پہلے کھلنے لگے۔

    جاپان میں شدید گرمی کی نئی تاریخ رقم، درجہ حرارت بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    ماؤنٹ فیوجی کی برف دیر سے نمودارہوئی، نومبر تک برف کا نام و نشان نہ تھا، جاپان کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت کی بھی اطلاعات ہیں، جس کے باعث کاشتکاروں کو چاول اگانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    جاپان میں کم بارش اور شدید گرمی نے دھان کی کاشت بھی متاثرکردی ہے، مغربی جاپان میں مون سون 3 ہفتے پہلے ختم ہوگئی یہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔

  • ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اہم دورے پر ماسکو پہنچ گئے

    ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اہم دورے پر ماسکو پہنچ گئے

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف ماسکو پہنچ گئے۔ روس کے سرمایہ کاری کے مندوب کیرل دمتری یوف نے وٹکاف کا استقبال کیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی نمائندے اہم سفارتی امور پر روسی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

    نیٹو میں امریکی سفیر میتھیو وِٹیکرکے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد یوکرین پرجاری تنازع کے حل کیلئے مذاکرات میں پیش رفت کی کوشش کرنا ہے۔

    نیٹو اتحادیوں کو امریکی ہتھیاروں کی فراہمی روس پردباؤ بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ ماسکو کو مذاکرات کی میز پر لایا جاسکے۔

    دوسری جانب روس کی جانب سے واضح کردیا گیا ہے کہ وہ زمین سے درمیانے اور کم فاصلے تک مار کرنیوالے میزائلوں کی تعیناتی پر حدود کے تعین کا مزید پابند نہیں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس کے مطالبات کے باوجود نیٹو کی جانب سے اس معاہدے کی پابندی کی یقین دہانی نہیں کرائی جارہی۔

    روسی وزارت خارجہ کے مطابق ماسکو نے واشنگٹن کو اس معاملے پر بارہا خبردار کیا تھا مگر تمام انتباہ نظرانداز کردیے گئے۔

    روسی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ امریکی ساختہ ایسے میزائل یورپ اور ایشیا و بحرالکاہل میں تعینات کرنے کی صورتحال پیدا کی جارہی ہے۔

    ’صدر ٹرمپ روسی تیل خریدنے والے ممالک سے خوش نہیں‘

    فریقین INF معاہدے کے تحت اس بات کے پابند ہیں کہ وہ زمین سے درمیانے اور کم فاصلے تک مار کرنیوالے بیلسٹک اور کروز میزائل نہ تیار کرسکتے ہیں نہ انکی تحقیقات کی جاسکتی ہے۔ ساتھ ہی ایسے میزائل تعینات بھی نہیں کیے جاسکتے۔

    رپورٹس کے مطابق درمیانے فاصلے کے میزائلوں کی رینج ایک ہزار ایک کلومیٹر سے پانچ ہزار پانچ سو کلومیٹر ہے جبکہ کم فاصلے کے میزائلوں کی رینج پانچ سو سے ایک ہزار کلومیٹر ہے۔ معاہدے پر دستخط کرنیوالے ممالک ان میزائلوں کے لانچرز بھی تیار نہیں کرسکتے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایت جاری

    عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایت جاری

    سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امور کی جنرل اتھارٹی نے مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین اور نمازیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران سیفٹی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان سیفٹی گائیڈ لائنز میں محفوظ ایریاز میں رہنا، چھتری کا استعمال، موسمیاتی الرٹ کی مانیٹرنگ، حکام کی ہدایات پر عمل، آسمانی بجلی گرنے پر موبائل فون بند کرنا شامل ہیں۔

    بیان کے مطابق کسی رپورٹ یا استفسار کے لیے ہیلپ لائن 1966 پر کال کرکے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے دوران ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔

    دوران بارش کوشش کی جاتی ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔ جنرل اتھارٹی کی سیفٹی گائیڈ لائنز کا مقصد بھی زائرین کی سیفٹی کو یقینی بنانا ہے۔

    دوسری جانب اگر آپ جی سی سی ملک کے رہائشی ہیں اور سعودی عرب میں لیاوور کے ساتھ بین الاقوامی سفر کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو اب آپ مفت اسٹاپ اوور ویزا سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو آپ کو اپنے ٹرانزٹ کے دوران عمرہ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

    یہ ویزا سعودیہ ائیرلائنز اور فلائین کے ساتھ بکنگ کے ذریعے دستیاب ہے جو روحانی سفر کے ساتھ طویل فاصلے کے سفر کو یکجا کرنے کا ایک آسان طریقہ ہے۔

    سعودی ٹرانزٹ ویزا یا اسٹاپ اوور ویزا ایک خصوصی ویزا ہے جو مسافروں کو مملکت میں 96 گھنٹے (چار دن) تک رہنے کی اجازت دیتا ہے۔

    کون سے شہری کسی بھی وقت عمرہ ادا کر سکتے ہیں؟

    یہ سعودیہ ایئر لائنز یا فلائناس پر پرواز کرنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ہے، اور اسے عمرہ اور زیارت جیسے مذہبی مقاصد کے لیے مکہ یا مدینہ جانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    ویزا مفت ہے تاہم صرف پروسیسنگ اور لازمی میڈیکل انشورنس کے لیے کم سے کم فیس رکھی گئی ہے۔

  • حماس نے غزہ سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا

    حماس نے غزہ سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا

    حماس کی جانب سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ تشکیل دی جانے والی حکومتی انتظامیہ میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حماس رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عرب ٹی وی کو انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ حماس کو غزہ پٹی کی گزرگاہیں اور امدادی کارروائیوں کا کنٹرول سنبھالنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے بے دخلی روکنے کیلئے بین الاقوامی برادری کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

    حماس رہنما کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام اور حماس پر بہت زیادہ دباؤ ہے، جنگ بندی کے لئے مثبت رویہ اختیار کرلیا گیا ہے۔

    حماس رہنماء نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی غزہ پٹی پر قبضے کی دھمکی اسرائیل کی بدنیتی کی عکاسی کرتی ہے، اسرائیلی یرغمالیوں کے اہلخانہ کے جذبات سے بخوبی آگاہ ہیں۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی یرغمالیوں کے اہلخانہ کو بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ہر فلسطینی خاندان کا فرد اسرائیلی جیلوں میں قید ہے۔

    دوسری جانب نیتن یاہو کی جنگی کابینہ نے پورے غزہ میں فوجی کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق فیصلہ ہو چکا اب پیچھے نہیں ہٹیں گے اسرائیل پورے غزہ میں آپریشن کرے گا اگر اب کارروائی نہ کی تو یرغمالی بھوک سے مر جائیں گے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی علاقائی جنگ میں بدل سکتی ہے، انٹیلی جنس رپورٹ

    نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ جنگی مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور حماس کا خاتمہ کریں گے۔

    فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی برادری مداخلت کرے اسرائیلی جنگی کابینہ کا فیصلہ امن کیلئے خطرہ ہے قبضے کا منصوبہ سنجیدہ ہو یا آزمائشی دنیا کو اسے روکنا ہو گا۔

  • کراچی کے موسم سے متعلق محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    کراچی کے موسم سے متعلق محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    کراچی:محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں آج بوندا باندی کا امکان ہے، مطلع ابرآلود رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں دن بھر سمندری ہواؤں کے ساتھ موسم مرطوب رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    جبکہ اسلام آباد میں گزشتہ رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

    پاکستان بھر کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

    مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے پانی سے اسلام آباد کے نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے، بہارہ کہو، سواں، چک شہزاد و دیگرسوسائٹیوں میں پانی گھروں میں داخل گیا ہے۔

    چک شہزاد اور پارک روڈ کے نالے میں بھی طغیانی کی صورتحال ہے، نیوچھٹہ بختاور موسلا دھاربارش کے بعد تالاب کامنظر پیش کرنے لگا۔

  • لاہور میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور: شاہدرہ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چاروں افراد دکان کی چھت پر نصب لوہے کا بل بورڈ اتار رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لوہے کا بل بورڈ اتارتے ہوئے بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، بورڈ اور بلڈنگ میں کرنٹ آنے سے چاروں افراد موقع پر چل بسے۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کی جانب سے شہریوں کو دکان پر لگے بورڈ اتارنے کا کہا گیا تھا، کاریگر نہ ملنے اور ایف آئی آر کے خوف سے دکاندارخود بورڈ اتار رہے تھے۔

    حادثے میں 45 سالہ ندیم، 25 سالہ نعمان، 26 سالہ اویس اورایک نامعلوم شخص جاں بحق ہوئے۔

    اس سے قبل بھی لاہور میں برساتی پانی کے اندر بچی بجلی کے کھمبے سے چپک گئی تھی لیکن اس کا بال بیکا نہ ہوا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے شالیمار لنک روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں رہائشی آبادی میں بارش کا پانی جمع تھا۔

    9 سالہ رامین اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ اسی برساتی پانی سے گزر کرجا رہی تھی کہ اچانک وہ راستے میں آنے والے بجلی کے کھمبے سے چپک گئی۔

    کرنٹ لگنے سے کراچی میں 2 گدھے ہلاک

    لیکن جس کو اللہ رکھے تو اس کا کوئی بال بیکا نہیں کر سکتا۔ رامین کو فوری طور پر اس کے چھوٹے بھائی نے کھینچ کر کھمبے سے الگ کیا، جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی۔

    شور سن کر گھروں سے لوگ بھاگتے ہوئے آئے اور دونوں بہن بھائیوں کو انکے گھر تک پہنچایا۔

  • حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے پر بنگلادیش میں جشن

    حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے پر بنگلادیش میں جشن

    بنگلادیش میں سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے ایک سال مکمل ہونے پر بنگلادیشی عوام نے بھرپور جشن منایا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں سابقہ وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے پر ہزاروں بنگلادیشی شہری سڑکوں پر نکل آئے۔

    رپورٹس کے مطابق قائم مقام حکومت کے سربراہ محمد یونس نے حکومت کے پہلے سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مل جل کر بنگلادیش کی ترقی کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔

    محمد یونس کا کہنا تھا کہ اگلے سال منصفانہ، شفاف اور پُرامن انتخاب کا انعقاد کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو توہین عدالت کیس میں 6 ماہ قید کی سزا بھی سنا دی گئی تھی۔

    شیخ حسینہ کو توہین عدالت کیس میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی، بنگلادیش کی انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) نے توہین عدالت کیس میں حسینہ واجد کو مجرم قرار دے دیا تھا۔

    حسینہ واجد کی پارٹی بنگلہ دیشی الیکشن سے بھی باہر، جماعت کی رجسٹریشن منسوخ

    ڈھاکا ٹریبون کے مطابق جسٹس محمد غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا، مبینہ آڈیو لیک میں شیخ حسینہ کو اپنی جماعت عوامی لیگ کے طلبہ وِنگ چھاترا لیگ کے مقامی رہنما شکیل سے یہ کہتے سنا گیا کہ میرے خلاف 227 مقدمات ہیں، اس لیے دو سو ستائیس لوگوں کو مارنے کا لائسنس مل گیا ہے۔

  • امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگل میں آگ بھڑک اُٹھی

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگل میں آگ بھڑک اُٹھی

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے وسطی جنگل میں ایک بار پھر آگ بھڑک اُٹھی، آگ سے جھلس کر 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وسطی کیلیفورنیا میں آگ لگنے سے سیکڑوں مکانات کے جل جانے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا فائر ڈیپارٹمنٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ آگ سے سانٹا بابرا اور سین لوئس اوبیسپو کاؤنمٹیز میں 1 سو مربع میل سے زیادہ رقبے پر پھیل چکی ہے۔

    امریکی فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ نے آگ سے زخمی ہونے والوں کے حوالے سے بتایا کہ آگ سے ایک کار سوار جھلس کا زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فائر فائٹرز کی مدد کرنے والے 2 کنٹریکٹ ملازمین بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یونان کے جزیرے کریٹ میں جنگل کی آگ بے قابو ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں موجود لوگوں کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔

    ترکیہ کے شہر ازمیر میں جنگل میں لگنے والی آگ پھیل گئی، 50ہزار افراد کا انخلا

    رپورٹس کے مطابق متاثرہ علاقوں میں دھوئیں کی موٹی تہہ کی وجہ سے حد نگاہ صفر پر جا چکی تھی۔

    وزارتِ صحت کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کریٹ میں موجود تمام اسپتالوں کو ہنگامی تیار رہنے کا پیغام جاری کردیا گیا تھا۔

  • طوفان فلورس نے برطانیہ اور آئرلینڈ کو لپیٹ میں لے لیا، ٹرینیں، پروازیں منسوخ

    طوفان فلورس نے برطانیہ اور آئرلینڈ کو لپیٹ میں لے لیا، ٹرینیں، پروازیں منسوخ

    لندن: برطانیہ اور آئرلینڈ میں طوفان ”فلورس” کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث متعدد پروازیں، ٹرینیں اور کشتیاں منسوخ کی جاچکی ہیں جبکہ تفریحی تقریبات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

    طوفان فلورس کے باعث آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ اور یارکشائر میں تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا جا چکا ہے، یارکشائر کے کئی تفریحی مقامات بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ درخت گرنے اور سڑکوں پر رکاوٹوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوچکی ہے۔

    گلاسگو سے اسکاٹش جزیروں کی جانب تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ نیو کیسل کے شمال میں ریلوے سروسز بند کر دی گئی ہیں، پریسٹن کے شمال میں ریلوے مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    برطانیہ کے مختلف حصوں میں ایمبر اور یلو وارننگز جاری کر دی گئی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں صبح 10 بجے سے ایمبر وارننگ نافذ ہے جبکہ شمالی انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں صبح 6 بجے سے یلو وارننگ جاری کی گئی۔

    جنوبی ایران میں 5.7 شدت کا زلزلہ ، کئی شہر لرز اٹھے

    ڈرائیوروں کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈنبرا میں واقع پرنسز اسٹریٹ گارڈنز بند کر دیے گئے جبکہ نارتھ بیروک میں ہونے والا ”فرنج بائے دی سی” فیسٹیول بھی ملتوی کر دیا گیا۔