Tag: اے اْر وائی نیوز

  • کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، ٹم ڈیوڈ پر بھاری جرمانہ عائد

    کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، ٹم ڈیوڈ پر بھاری جرمانہ عائد

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر آسٹریلیا کے ٹم ڈیوڈ پر بھاری جرمانہ عائد کردیا۔

    آئی سی سی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹم ڈیوڈ کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    آئی سی سی کے مطابق ٹم ڈیوڈ کو میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا اور کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر ان کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔

    آئی سی سی کے مطابق ٹم ڈیوڈ نے اپنی غلطی مانتے ہوئے دی گئی سزا قبول کر لی ہے۔

    یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آسٹریلیا کی بیٹنگ کے دوران وائیڈ نہ دینے پر ٹم ڈیوڈ نے امپائر کے فیصلے پر ناگواری کا اظہار کیا تھا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل لارڈز ٹیسٹ میچ میں قانون کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی کرکٹر محمد سراج پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا تھا۔

    اتھلیٹ ارشد ندیم ڈائمنڈ لیگ سے باہر ہو گئے

    بھارتی کرکٹر محمد سراج نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی، کوڈ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی پر ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

    بین ڈکٹ کی وکٹ پر سراج نے جشن کے دوران بیٹر کے خلاف جارحانہ رویہ اپنایا تھا، جس کے باعث ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا بھی اضافہ کیا گیا تھا۔

  • جوہری تنصیبات تک کسی کو رسائی نہیں دی جائے گی، ایران کا واضح پیغام

    جوہری تنصیبات تک کسی کو رسائی نہیں دی جائے گی، ایران کا واضح پیغام

    ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی کا کہنا ہے کہ ایرانی شوریٰ کونسل کے منظور کردہ قوانین کے مطابق کسی بھی حالت میں کسی بھی بین الاقوامی ادارے کو ایران کی جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابراہیم عزیزی نے نیوز ایجنسی ”تسنیم“ کو بتایا کہ اگلے ہفتے ایران کا دورہ کرنے والا بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کا وفد صرف ایرانی حکام اور ماہرین کے ساتھ تکنیکی اور پیشہ ورانہ بات چیت اور مشاورت کے لیے مجاز ہوگا۔

    رپورٹس کے مطابق انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی کہ ایجنسی ایران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ دوبارہ شروع کرے گی۔

    ابراہیم عزیزی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے منظور شدہ قوانین کسی بھی وفد یا غیر ملکی فریق کو جوہری تنصیبات میں داخل ہونے سے مکمل طور پر روکتے ہیں۔ اس وفد کو یا کسی اور کی طرف سے کسی بھی قسم کے معائنے کی اجازت نہیں ہے۔

    رپورٹس کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے زور دیا کہ یہ پابندیاں مستقل اور ناقابلِ تبدیلی ہیں اور ان کی مکمل پاسداری میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی۔

    یمن کا اسرائیل پر میزائل حملہ، اسرائیلی فوج کا دفاع کا دعویٰ

    عرب میڈیا کے مطابق انہوں نے نشاندہی کی کہ اس دورے کے حوالے سے ایرانی حکومت اور جوہری توانائی تنظیم کے پروگرام میں کسی بھی طرح سے ایسے مسائل پر بحث شامل نہیں ہے جن میں ایجنسی کے مطالبے کے مطابق تنصیبات تک رسائی یا معائنہ کا نفاذ بھی ہو۔

    ابراہیم عزیزی کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی فریق کی طرف سے پیش کیے گئے موضوعات مکمل طور پر اجازت شدہ تکنیکی تعاون کے فریم ورک کے اندر ہیں۔ ان کا مقصد صرف تکنیکی آراء کا تبادلہ کرنا اور کچھ تکنیکی ابہام یا مسائل کو دور کرنا ہے۔

  • اسرائیلی فوج کے امداد کے منتظر فلسطینیوں پر حملے، مزید 74 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج کے امداد کے منتظر فلسطینیوں پر حملے، مزید 74 فلسطینی شہید

    اسرائیل کی جانب سے غزہ میں قتل عام کا سلسلہ تاحال جاری ہے، غزہ میں امداد لینے آئے کمزور و بے بس فلسطینیوں پر وحشیانہ فائرنگ اور پناہ گزین کیمپوں پر بمباری سے مزید 74 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز غزہ میں امداد کیلئے کھڑے بے بس فلسطینیوں پر فائرنگ کی گئی جبکہ پناہ گزین کیمپوں پر بھی شدید بمباری کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق غزہ پر اسرائیلی حملوں میں پیر کی صبح سے اب تک 74 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں، جن میں 36 امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری اور امداد کی کمی کے باعث روزانہ 28 بچے جان سے جارہے ہیں۔

    حماس کے مطابق اگر اسرائیل غزہ کے تمام شہریوں تک امداد پہنچانے کے لیے انسانی راہداریوں کو کھول دے تو وہ بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی (ICRC) کو غزہ میں موجود اسرائیلی قیدیوں تک امداد پہنچانے کی اجازت دینے کے لیے تیار ہے۔

    یمن کا اسرائیل پر میزائل حملہ، اسرائیلی فوج کا دفاع کا دعویٰ

    غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت سے غزہ میں اب تک 60 ہزار 839 افراد شہید جبکہ ایک لاکھ 49 ہزار 588 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

    ترک میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے نتیجے میں اب تک 18 ہزار 592 فلسطینی بچے شہید ہو چکے ہیں جو گزشتہ 22 ماہ کے دوران غزہ میں ہونے والی کل ہلاکتوں کا 31 فیصد ہیں۔

  • ٹرمپ کی ٹیرف میں اضافے کی دھمکی پر بھارت کا جواب سامنے آگیا

    ٹرمپ کی ٹیرف میں اضافے کی دھمکی پر بھارت کا جواب سامنے آگیا

    امریکی صدر ٹرمپ کی ٹیرف میں مزید اضافے کی دھمکی پر بھارت کا جواب سامنے آگیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ بھارت کو نشانہ بنانا غیر منصفانہ اور غیر معقول ہے، بھارت قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اُٹھائے گا۔

    ترجمان بھارتی وزارت خارجہ رندھیر جیسوال کا کہنا ہے کہ بھارت نے روس سے درآمدات اس وقت شروع کی جب یوکرین تنازع کے بعد روایتی رسد یورپ کی طرف موڑ دی گئی تھیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا نے اس وقت ایسی درآمدات پر بھارت کی حوصلہ افزائی کی تھی، امریکا نے عالمی توانائی منڈیوں کو مستحکم بنانے کے لیے بھارت کی حوصلہ افزائی کی۔

    بھارتی ترجمان کے مطابق روس سے درآمدات کا مقصد بھارتی صارفین کے لیے توانائی کی قیمتوں کو قابل برداشت بنانا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت کو یوکرین میں جاری جنگ اور ہلاکتوں کی پرواہ نہیں وہ روس سے تیل خرید کر بھاری منافع فروخت کررہا ہے۔

    آئی این ایف معاہدے کے پابند نہیں، روس نے واضح کردیا

    انہوں نے کہا کہ بھارتی مصنوعات کی امریکا درآمد پر ڈیوٹی میں بڑا اضافہ کیا جائے گا، بھارت نے امریکا سے حاصل رعایتوں کا غلط فائدہ اٹھایا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ بھارتی منافع روسی جنگی مشین کو تقویت دے رہا ہے۔

  • آئی این ایف معاہدے کے پابند نہیں، روس نے واضح کردیا

    آئی این ایف معاہدے کے پابند نہیں، روس نے واضح کردیا

    روس کی جانب سے واضح کردیا گیا ہے کہ وہ زمین سے درمیانے اور کم فاصلے تک مار کرنیوالے میزائلوں کی تعیناتی پر حدود کے تعین کا مزید پابند نہیں ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس کے مطالبات کے باوجود نیٹو کی جانب سے اس معاہدے کی پابندی کی یقین دہانی نہیں کرائی جارہی۔

    روسی وزارت خارجہ کے مطابق ماسکو نے واشنگٹن کو اس معاملے پر بارہا خبردار کیا تھا مگر تمام انتباہ نظرانداز کردیے گئے۔

    روسی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ امریکی ساختہ ایسے میزائل یورپ اور ایشیا و بحرالکاہل میں تعینات کرنے کی صورتحال پیدا کی جارہی ہے۔

    فریقین INF معاہدے کے تحت اس بات کے پابند ہیں کہ وہ زمین سے درمیانے اور کم فاصلے تک مار کرنیوالے بیلسٹک اور کروز میزائل نہ تیار کرسکتے ہیں نہ انکی تحقیقات کی جاسکتی ہے۔ ساتھ ہی ایسے میزائل تعینات بھی نہیں کیے جاسکتے۔

    رپورٹس کے مطابق درمیانے فاصلے کے میزائلوں کی رینج ایک ہزار ایک کلومیٹر سے پانچ ہزار پانچ سو کلومیٹر ہے جبکہ کم فاصلے کے میزائلوں کی رینج پانچ سو سے ایک ہزار کلومیٹر ہے۔ معاہدے پر دستخط کرنیوالے ممالک ان میزائلوں کے لانچرز بھی تیار نہیں کرسکتے۔

    روسی وزارت خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ حالات تبدیل کردیے گئے ہیں جن میں ایسے ہتھیاروں کی تعیناتی سے متعلق یکطرفہ معطلی برقرار رکھی جاسکتی تھی۔

    اس لیے اب یہ اعلان کیا جاسکتا ہے کہ روسی فیڈریشن ماضی میں خود پر لگائی گئی پابندیوں پر عمل سے متعلق خود کو مزید پابند محسوس نہیں کرتی۔

    یمن کا اسرائیل پر میزائل حملہ، اسرائیلی فوج کا دفاع کا دعویٰ

    روسی وزارت خارجہ نے خبردار کیا کہ ملکی قیادت مناسب جوابی اقدامات کا فیصلہ کرے گی جس کا انحصار امریکی اور دیگر مغربی ممالک کے درمیانے درجے کے میزائلوں کی تعیناتی کی تعداد پر ہوگا۔

  • یمن کا اسرائیل پر میزائل حملہ، اسرائیلی فوج کا دفاع کا دعویٰ

    یمن کا اسرائیل پر میزائل حملہ، اسرائیلی فوج کا دفاع کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یمن کی جانب سے میزائل فائر کیا گیا جسے تباہ کر دیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی آرمی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ یمن کے ہوثیوں کی جانب سے داغے جانے والے میزائل کی وجہ سے اسرائیل میں مختلف علاقوں میں سائرن بج اُٹھے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ فضائی دفاعی نظام خطرے سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 18 مارچ سے اب تک یمن سے 67 بیلسٹک میزائل اور 17 ڈرون اسرائیل کی جانب لانچ کیے گئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز یمن میں ایک افسوس ناک حادثے میں کشتی ڈوبنے سے 68 افریقی تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ یمن کے ساحل پر ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 68 افریقی مہاجرین اور تارکین وطن ہلاک اور 74 لاپتا ہو ئے۔

    یمن میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت (IOM) کے سربراہ عبدالستور ایسویف نے اتوار کے روز خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ یہ کشتی، جس میں 154 ایتھوپیائی باشندے سوار تھے، یمن کے صوبے ابیان کے قریب الٹ گئی۔

    نیتن یاہو کا غزہ میں فوجی آپریشن کو مزید وسعت دینے کا ارادہ

    انھوں نے بتایا کہ بحری جہاز غرق ہونے کے واقعے میں 12 افراد زندہ بچ گئے ہیں، جنھیں بچا لیا گیا ہے، 54 مہاجرین اور تارکین وطن کی لاشیں ضلع خانفر میں ساحل پر بہہ کر آ گئی تھیں، اور 14 دیگر کی لاشیں مختلف جگہوں پر مردہ پائی گئیں، جنھیں اسپتال کے مردہ خانے منتقل کیا گیا۔ ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔

  • نیتن یاہو کا غزہ میں فوجی آپریشن کو مزید وسعت دینے کا ارادہ

    نیتن یاہو کا غزہ میں فوجی آپریشن کو مزید وسعت دینے کا ارادہ

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں فوجی آپریشن کو وسعت دینے اور پوری غزہ پٹی پر قبضے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اس معاملے پر آج اپنی کابینہ اجلاس میں فیصلہ کر سکتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے چینل 12 کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں غزہ کے مکمل علاقے پر قبضے کی کوششیں شامل ہو سکتی ہیں۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق زیر غور منصوبوں میں ان علاقوں میں بھی فوجی کارروائیاں شامل ہیں جہاں یہ شبہ ہے کہ یرغمالی رکھے گئے ہیں۔

    دوسری جانب ترک صدر طیب اردوان اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے درمان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، طیب اردوان نے ان کو فلسطین سے متعلق بیان پر مبارکباد دی۔

    اردوان اور کیئر اسٹارمر کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے موقع پر دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پر گفتگو کی گئی۔

    ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں جنگ بندی اور مسئلہ کے دو ریاستی حل پر مجبور کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    ترک صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنایا جائے، اس موقع پر ترک صدر نے فلسطینی ریاست کے اعتراف کے برطانوی اعلان کو خوش آئند قرار دیا۔

    رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا قیام خطے میں امن واستحکام کے لیے ناگزیر ہے، برطانیہ نے فرانس، کینیڈا، پرتگال، مالٹا کے ساتھ فلسطین کو تسلیم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    یو اے ای کا بڑا اقدام، غزہ میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے پائپ لائن منصوبہ شروع

    اردوان نے مزید کہا کہ ترکی غزہ کو امداد فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے، جنگ بندی کے لیے ثالثوں کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اور مذاکراتی عمل کی پُرزور پشت پناہی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی

    راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی

    راولپنڈی: ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں 7 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، اس دوران احتجاجی ریلیاں، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، مظاہروں پر پابندی لگادی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد مری روڈ کے مختلف علاقوں میں پولیس کی تعیناتی کا عمل جاری ہے۔

    اس کے علاوہ مرید چوک، لیاقت باغ، کمیٹی چوک، رحمان آباد، ڈبل روڈ، فیض آباد شامل ہیں، مختلف چوراہوں پر قیدیوں کی وین بھی کھڑی کی جائیں گی۔

    پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 1403 ٹریفک حادثے

    دوسری جانب بانی پی ٹی آئی سے ممکنہ ملاقات اور 5 اگست کی احتجاج کی کال کی مناسبت سے اڈیالہ جیل اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

    جیل کے اندر رینجرز اور جیل سیکیورٹی الرٹ کرکے نگرانی سخت کردی گئی ہے۔ جیل حکام نے پولیس کوسیکیورٹی انتظامات سے متعلق خط ارسال کیا تھا۔

  • گونگی بہری 7 سالہ بچی سے زیادتی، ملزم آزاد

    گونگی بہری 7 سالہ بچی سے زیادتی، ملزم آزاد

    بھارتی ریاست راجھستان کے ضلع جے پور میں 7 سالہ گونگی بہری بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا، پولیس تاحال ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متاثرہ بچی گزشتہ روز دوپہر سے لاپتہ تھی، جو شام میں اپنے گھر کے قریب سے ملی، اس کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ جب بچی کو گھر لایا گیا تو وہ کانپ رہی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق متاثرہ بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا تو وہاں پر بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اس کے والد نے نامعلوم ملزم کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ بچی نہ بول سکتی ہے اور نہ سن سکتی ہے، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے اور ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اوکاڑہ میں دھاگہ خریدنے گئی ایک آنکھ کی بینائی سے محروم 11 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    ڈی پی او اوکاڑہ کے مطابق دکان کے قریب بچی کے رونے کی آواز پر ملزم بھاگ گیا تاہم پولیس نے ملزم وسیم کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    لاہور: شوہر کے سامنے خاتون سے مبینہ زیادتی کرنیوالے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

    ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہے ملزم کو سزا دلوائی جائے گی، اس سے قبل تھانہ صدر کے علاقہ میں ایک خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اسکی کمسن بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    خاتون نے پولیس کو بتایا کہ 11 سالہ بیٹی ٹیوشن سے واپس آ رہی تھی کہ ملزم حیدر اسے ورغلا کر اپنے ساتھ لے لیا گیا اور ویرانے میں لے جا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

  • حارث رؤف کا وکٹ لینے کے بعد انوکھا انداز سوشل میڈیا پر وائرل

    حارث رؤف کا وکٹ لینے کے بعد انوکھا انداز سوشل میڈیا پر وائرل

    پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے فاست بالر حارث رؤف کا ’اورا فارمنگ‘ ڈانس سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر حارث رؤف کی منفرد ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے فلوریڈا میں گزشتہ روز ہونے والے تیسرے فیصلہ کُن ٹی ٹوئنٹی میچ میں جیول اینڈریو کی وکٹ لینے کے بعد فاسٹ بولر نے غیر متوقع طور پر انوکھے انداز میں جشن منایا، جو سوشل میڈیا صارفین کو بھا گیا۔

    فاسٹ بولر نے ایک کیچ ڈراپ کے سبب آؤٹ ہونے سے بچ جانے والے ویسٹ انڈیز کے بلے باز جیول اینڈریو کو 15 گیندوں پر 24 رنز اسکور کرنے کے بعد پویلین کی راہ دکھادی۔

    حارث نے جیول اینڈریو کی وکٹ پر سوشل میڈیا ٹرینڈ ’اورا فارمنگ‘ ڈانس اسٹیپس کرکے جشن منایا، جو فوری طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے میچ میں 190 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے میچ 13 رنز سے جیت لیا۔

    ہر سیریز ورلڈکپ کو مد نظر رکھ کر کھیل رہے ہیں، سلمان علی آغا

    پاکستان کی جانب سے حسن علی، حارث رؤف، صائم ایوب، سفیان مقیم اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، قومی ٹیم نے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز اسکور کیے۔

    صاحبزادہ فرحان 74 اور صائم ایوب 66 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسن نواز 15 اور محمد حارث 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔