Tag: اے اْر وائی نیوز

  • کراچی:صدر میں فرنیچر کے شوروم میں آگ لگ گئی

    کراچی:صدر میں فرنیچر کے شوروم میں آگ لگ گئی

    کراچی کے علاقے صدر میں فرنیچر کے شوروم میں آگ لگ گئی، فائربریگیڈ کے عملے نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے آگ پرقابو پالیا۔

    کراچی کے بارونق اور معروف تجارتی علاقے زیب النسا اسٹریٹ میں ریگل پلازہ کے قریب دو منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی، دیکھتے ہی دیکھتے ہی آگ نے عمارت کے کافی حصے کولپیٹ میں لے لیا، عمارت سے آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھنے لگے۔

    فائربریگیڈ کی گاڑٖیاں موقع پرپہنچیں اور آگ بجھانے کی کوشش شروع کردی، کافی دیر کی جدوجہد کے بعد فائربریگیڈ کی دو گاڑٖیوں نے آگ پر قابو پالیا۔
       

  • سجاول ضلع کونسل کی 21 نشستوں پر پیپلزپارٹی کامیاب

    سجاول ضلع کونسل کی 21 نشستوں پر پیپلزپارٹی کامیاب

    سجاول ڈسٹرکٹ کونسل کی چھتیس میں سے اکیس نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد پیپلزپارٹی کا امیدوار چئیرمین ضلع کونسل منتخب ہونے کا امکان ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما سید اویس مظفر نے نو منتخب کونسل کے ارکان کو مبارک باد دیتے ہوئے اسے پیپلز پارٹی پر عوام کا اعتماد قرار دیا ہے، سید اویس مظفر کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو جس طرح شریک چیرمین آصف علی زرداری اور سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری لے کر چل رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جلد ملک بھر میں پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں میدان مارے گی اور ہر طرف پیپلز پارٹی کے نمائندے کامیاب ہوں گے، پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پیپلز پارٹی کے رہنما سید اویس مظفر کی انتھک محنت کا نتیجہ قرار دیا ہے اور ضلع سجاول میں جشن کا اعلان کیا ہے۔
       

  • محکمہ بلدیات میں کسی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائیگا،شرجیل میمن

    محکمہ بلدیات میں کسی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائیگا،شرجیل میمن

    سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں اور بالخصوص محکمہ بلدیات میں کسی بھی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایات دی کہ وہ کے ایم سی کی اسکولوں، ڈسپنسریوں اور دیگر محکموں میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کریں اور ان کی فہرستیں بنا کر ان کے خلاف کاروائی کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات میں گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں سندھ حکومت پر بوجھ بن گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ گھروں پر بیٹھ کر تنخوائیں لینے والوں کو اب ان کے گھروں پر ہی بٹھا دیا جائے گا اور انہیں اب کوئی تنخواہ نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور دیگر محکموں کے افسران کو بھی متعلقہ محکموں میں موجود گھوسٹ ملازمین کی فہرستیں تیار کرنے کے احکامات دیئے اور ایسا نہ کرنے والے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
       

  • صاحبزادہ حامد رضا نے آج ملک بھر میں ہونے والا احتجاج منسوخ کر دیا

    صاحبزادہ حامد رضا نے آج ملک بھر میں ہونے والا احتجاج منسوخ کر دیا

    فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تمام مطالبات تسلیم کئے جانے پر 9 گھنٹے بعد احتجاجی دھرنے ختم کر دیئے، آج ملک بھر میں ہونے والا احتجاج بھی منسوخ کر دیا گیا۔

    سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے ان کے تمام مطالبات منظور کرلئے ہیں اور دھرنے کو پر امن طور پر برخاست کردیا گیا ہے۔

    تمام تنظیمات اہل سنت کی اپیل پر ضلع کونسل چوک میں دھرنا جاری تھا، جس میں عید میلادالنبی کے جلوس نکالنے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے غیرمناسب رویہ پر شدید احتجاج کیا گیا۔

    دھرنے میں سنی اتحاد کونسل، جمعیت علماء پاکستان، مرکزی جمعیت علماء پاکستان، جماعت اہلسنّت، انجمن طلباءاسلام، تحریک منہاج القرآن، دعوت اسلامی، پاکستان سنی تحریک اور دیگرتنظیمیں شامل تھیں ۔
       

  • کراچی: سندھ بھرکے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آج سےکھل گئے

    کراچی: سندھ بھرکے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آج سےکھل گئے

    سندھ بھرکےتمام سرکاری ونجی اداروں میں مزید ایک ہفتے کی تعطیلات کے بعد آج سے تدریسی عمل دوبارہ شروع ہوگیا ہے، بچوں نے اسکول کا رخ کیا تو سردی نے بھی اپنا رنگ دکھا دیا۔

    بچے سردیوں کی چھٹیوں کا مزہ لے کر ایک بار پھر اپنی درسگاہوں کی جانب جارہے ہیں، کراچی میں اسکول کھلتے ہی سردی لوٹ آئی، سندھ میں آج سردیوں کی چھٹیاں تمام ہوئی تو سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔

    کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارے یکم جنوری سے کھول دیئے گئے تھے تاہم شدید سردی کے باعث والدین اور بچوں کی مشکلات کے پیش نظر حکومت سندھ نے صوبہ بھرمیں نجی اورسرکاری اسکولز کی تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی تھی۔

    سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری و نجی اسکول اور کالجز کی تعطیلات آٹھ جنوری کو ختم ہونی تھیں۔
     

     

     


       

  • خصوصی عدالت میں مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی

    خصوصی عدالت میں مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی

    خصوصی عدالت میں مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی، کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔

    گزشتہ روز سماعت میں پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ خصوصی عدالت میں پیش کی گئی، عدالت کو ملنے والی میڈیکل رپورٹ کا بنچ کے تینوں ارکان نے معائنہ کیا اور وکلا کی درخواست پر انہیں میڈیکل رپورٹ کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کردی، جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ وکلا دو دن تک رپورٹ کا بغور مطالعہ کرلیں، مقدمے کا فیصلہ جمعرات کو سنایا جائے گا۔

    میڈیکل رپورٹ کی نقول وکلاء کو فراہم کردی گئی، اس سے قبل عدالت میں دلائل دیتے ہوئے وکیل صفائی انور منصور کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت کرنے کے لئے بنائی گئی خصوصی عدالت عام عدالت نہیں، سنگین غداری اور توہین عدالت آئینی جرائم ہیں اور ان کے لئے رہنمائی بھی آئین سے لینی ہوگی۔

    انور منصور نے کہا کہ آرٹیکل چھ اور دو سوچار یا ان کے تحت بنائے گئے قوانین میں دوران سماعت گرفتاری کی کوئی شق نہیں اور انیس سو چھہتر کی خصوصی عدالت کے قانون میں ملزم کی گرفتاری کی کوئی شق نہیں، انور منصور کی اس دلیل پر جسٹس فیصل عرب نے سوال کیا کہ اگر مقدمہ توہین عدالت کا ہو یا آرٹیکل چھ کا، ملزم کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری کیے جا سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وکیل صفائی کے مطابق اگر عدالت کو گرفتاری کا اختیار نہیں ہے تو ملزم صرف اس لیے حکم عدولی کرسکتا ہے کہ اسے گرفتار نہیں کیا جائیگا۔

     

  • کسی مشن پر پاکستان نہیں آیا، مشرف کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،سعودی وزیر خارجہ

    کسی مشن پر پاکستان نہیں آیا، مشرف کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،سعودی وزیر خارجہ

    سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے کہا کہ سعودی عرب نے پرویز مشرف کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا، جس میں انہوں نے وضاحت کی کہ وہ نہ کسی مشن پر پاکستان آئے ہیں اور نہ ہی وہ پرویز مشرف کیلئے پاکستان آئے ہیں۔

    سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ صدر ممنون حسین کے لئے سعودی فرما رواں کا خصوصی پیغام لیکرآئے ہیں، سعود الفیصل نے یہ نہیں بتایا کہ خصوصی پیغام ہے کیا، سعود الفیصل کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کو دوبارہ منظم نہ ہونے دیا جائے۔

    انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے معاملات کے جائزے کے لیے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز دی، اور کہا کہ سعودی عرب دوسرے ملکوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، بجلی کے شعبے میں پاکستان سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، علاقائی صورتحال پر بھی دونوں ممالک کا تعاون جاری رہنا چاہئے۔

    وزیراعظم نواز شریف کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے سعودی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

    اسلام آباد میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ہیں، دونوں ممالک مذہبی عقائد، اقدار اور روایات سے جڑے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی امور پردونوں ممالک کے یکساں خیالات ہیں، مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعلقات پراعتماد کا اظہارکیا۔

  • آئندہ24 گھنٹوں میں کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بادل برسنے کا امکان

    آئندہ24 گھنٹوں میں کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بادل برسنے کا امکان

    اہل کراچی تیار ہوجائیں، سرد ہوائیں ایک بار پھرشہر قائد کا رخ کرنے والی ہیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بادل برس سکتے ہیں، ملک بھر میں سردی اپنے جوبن پر ہے، کہیں یخ بستہ ہواؤں کے ڈیرے ہیں تو کہیں برف باری نے موسم کا لطف دوبالا کردیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کوئٹہ ،قلات ، زیارت سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بادل برس سکتے ہیں، اس کے ساتھ ہی کراچی والے بھی تیار ہوجائیں، یخ بستہ ہواؤں کا سلسلہ ایک بار پھر شہر کا رخ کر رہا ہے۔

    خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر بادل برسنے اور پہاڑوں پر ہلکی برف پڑنے کی امید ہے، پشاور میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے سے شہریوں نے ایک بار پھر سردی سے بچاؤ کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

    بالائی علاقوں کالام ، مالم جبہ اور سوات کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری سے موسم مزید سرد ہوگیا، سرد موسم کا مزہ لینے سیاح بڑی تعداد میں ان علاقوں کا رخ کر رہے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی سرد ہواؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

    مری اور گلیات میں بھی کہیں بارش تو کہیں برف باری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں جاری سردی کی شدت میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید شدت آجائے گی۔
       

  • کراچی:پرتشدد واقعات جاری، 6افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

    کراچی:پرتشدد واقعات جاری، 6افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

    کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے ساتھ پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے، گلشن معمار میں چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں، مقتولین میں چار کی شناخت منور، شفیق ، جاوید اور عمران کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دو کی شناخت نہ ہوسکی۔

     ایس ایس پی عامر فاروقی کے مطابق گلشن معمار سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد کرلی گئیں، مقتولین کو تشدد کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، پولیس حکام کے مطابق گلشن معمار کے علاقے میں واقع مزار کے قریب سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، جنہیں تیز دھار آلے کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق تمام لاشیں مردوں کی ہیں اور انھیں گلشن معمار سے اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر خنجر کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کر دیا گیا ، پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے، مقتولین کی عمریں بیس سے تیس سال کے درمیان ہیں۔

    پولیس کے مطابق تمام افراد فیکٹری ورکر اور مزدور ہیں، جنہیں واپسی پر اغواء کے بعد قتل کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین میں سے تین مزار کے متولی تھے، ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق مقتولین کو گزشتہ رات آٹھ سے نو بجے کے درمیان قتل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، سپرہائی وے پر لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، لاش کو ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    دوسری جانب موچکو پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے عبید نامی ٹارگٹ کلر کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، ملزم نے اٹھائیس افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم دس افراد کے قتل کے الزام میں پہلے گرفتار اور پھر رہا ہوچکا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سے دو دستی بم دو راکٹ، دو کلاشنکوف اور چار ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے، نیو کراچی پولیس نے کوثر نیازی کالونی میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر بدنام زمانہ منشیات فروش مظفر شاہ کو گرفتار کرلیا، ملزم منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب تھا۔

    کاروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ اور متعدد گولیاں برآمد کر لی گئیں، دوسری جانب اورنگی ٹاوٴن کے علاقے سیکٹر فائیو ای میں پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد انیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان زخمی ہوگیا، کورنگی نمبر تین میں شہری کی فائرنگ سے دو مبینہ ڈاکو زخمی ہوگئے، جنھیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

  • سی ایس ایف کے 50 کروڑ ڈالر جلد فراہم کردیئے جائیں گے،امریکی سفیر

    سی ایس ایف کے 50 کروڑ ڈالر جلد فراہم کردیئے جائیں گے،امریکی سفیر

    امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کولیشن سپورٹ فنڈ کے پچاس کروڑ ڈالر کی جلد فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران  وزیر خزانہ اسحاق ڈار  اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے  پاکستان اور امریکہ کے درمیان اکنامک ورکنگ گروپ کے اجلاس کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    یہ اجلاس رواں سال اپریل میں واشنگٹن میں ہوگا، ملاقات میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہونے اخراجات کی ادائیگی سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔

    امریکی سفیر نے وزیر خزانہ کو بچاس کروڑ ڈالرز کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی جبکہ اسحاق ڈار نے رچرڈ اولسن کو یقین دلایا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مضبوط معاشی تعلقات کا خواہاں ہے۔