Tag: اے اْر وائی نیوز

  • کوئٹہ:گیس پریشر میں کمی،سی این جی اسٹیشنز کی بندش کو 6روز ہوگئے

    کوئٹہ:گیس پریشر میں کمی،سی این جی اسٹیشنز کی بندش کو 6روز ہوگئے

    شدید سردی میں گھریلو صارفین کے لئے گیس پریشر میں کمی کو دور کرنے کے لئے کوئٹہ میں سی این جی اسٹیشنز آج چھٹے روز بھی بند ہیں، گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ تاحال جوں کا توں ہے۔

    کوئٹہ میں گزشتہ ہفتے چلنے والی شدید سردی کی لہر کے ساتھ ہی شہر میں گھریلو صارفین کے لئے گیس پریشر میں کمی کو دور کرنے کے لئے حکومت نے شہر کے بارہ سی این جی اسیٹشنز کو گیس کی سپلائی غیر معینہ کے لئے بند کردی تھی۔

    گزشتہ چھ روز سے سی این جی اسٹیشنز بند رہنے کے باعث سی این جی پر چلنے والی سینکڑوں گاڑیوں کا پہیہ رک گیا ہے لیکن سی این جی اسٹیشنز کو گیس سپلائی بند کرنے کے باوجود نواں کلی ‘ بروری روڈ اور سریاب روڈ کے مختلف علاقوں سمیت شہر کے نواحی علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ دور نہیں ہوسکا ہے۔
       

  • سعودی وزیرخارجہ سعود الفیصل آج مشیر خارجہ سے ملاقات کریں گے

    سعودی وزیرخارجہ سعود الفیصل آج مشیر خارجہ سے ملاقات کریں گے

    سعودی وزیرخارجہ سعود الفیصل آج مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے، سعودی وزیرخارجہ کی صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق سعودی وزیرخارجہ سعود الفیصل اور قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیزکے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے اقتصادی اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ ملاقات کے بعد دونوں رہنما دفتر خارجہ میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کرینگے۔

    ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اہم رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔
        
        
       

  • بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم اور قوم پرستوں کے درمیان مفاہمت کو خوش آئند قرار دیا

    بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم اور قوم پرستوں کے درمیان مفاہمت کو خوش آئند قرار دیا

    پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم اور قوم پرستوں کے درمیان مفاہمت کو خوش آئند قرار دیا ہے، تو ایم کیو ایم نے بھی قوم پرست جماعتوں سے رابطوں کیلے کمیٹی تشکل دیدی۔

    بلاول کا اپنے ٹویٹر پیغام میں کہنا ہے کہ احتجاج کا حق اپنی جگہ درست ہے، لیکن سیاسی محاذ آرائی اور آئے روز ہڑتالوں سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی سندھ میں خوش آمدید کہا۔

    بلاول نے شاہ محمود قریشی کے ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ سندھی عوام ہمیشہ سے کشادہ دل اور مہمان نواز رہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے قوم پرست اور سیاسی جماعتوں سے رابطوں کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

    ان رابطوں میں سندھ اور عوام کے مفادات زیر غور لائے جائیں گے اور سندھ کے جائز حقوق اور مفادات کیلئے کوششیں کی جائیں گی، ذرائع کے مطابق کمیٹی کی تشکیل قوم پرست رہنما ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کے بعد دی گئی۔

  • قائد الطاف حسین سے متعلق ریمارکس،ایم کیو ایم ارکان کا سینیٹ سے واک آؤٹ

    قائد الطاف حسین سے متعلق ریمارکس،ایم کیو ایم ارکان کا سینیٹ سے واک آؤٹ

    سینیٹ میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے متعلق ریمارکس پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ارکان میں سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد ایم کیو ایم کے ارکان واک آؤٹ کرگئے، اجلاس بدھ کی شام تک ملتوی کردیا گیا۔

    سینیٹ اجلاس میں الطاف حسین سے متعلق ریمارکس پر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے ارکان میں جھڑپ نے ماحول گرما دیا، پیپلزپارٹی کے کریم خواجہ کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت بیان کا نوٹس لے اور کاروائی کرے، جس پرمتحدہ قومی موومنٹ کے عبدالحسیب اور دیگر ارکان نے شدید احتجاج کیا اورایوان سے باہرچلے گئے۔

    غداری کیس پر بات کرتے ہوئے ن لیگ کے مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ آمر کی حمایت نہ کی جائے، حکومت نے فرض پورا کیا اور معاملہ عدالت میں ہے، اسپتال میں زیرعلاج مشرف پراپرٹی ڈیلنگ کررہے ہیں۔

    ملک میں امن وامان کی صورتحال پرفرحت اللہ بابرکا کہنا تھا کہ پاک افغان کراس بارڈرعسکریت پسندی کا مسئلہ حل کرنا ہوگا، لاپتہ افراد کے حوالے سے سیکیورٹی اداروں کو پارلیمنٹ کے ماتحت لایا جائے، غیرقانونی اقدام پراحتساب ہونا چاہیے۔
       

  • قانون کے مطابق فیصلے کرنا مقصد ہے،عمرعطا بندیال

    قانون کے مطابق فیصلے کرنا مقصد ہے،عمرعطا بندیال

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمرعطا بندیال کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق فیصلے کرنا مقصد ہے، انصاف نمبرز سے نہیں معیار سے ملتا ہے۔

    سرکٹ ہاوس ملتان میں ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ فیصلوں کا معیار تب ہوگا جب وکلا کا بھرپور تعاون ہوگا، ملتان سمیت تمام علاقوں میں بہتر ججز دیں گے تاکہ انصاف کی فراہمی ہوسکے۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ عدلیہ مضبوط ہو کر ادارہ بن گئی ہے اب عوام کو انصاف فراہم کرنا ہے، تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور بار ممبران سمیت ججز کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

  • اے این پی رہنماء ارباب عبدالظاہر کاسی تاحال بازیاب نہ ہوسکے

    اے این پی رہنماء ارباب عبدالظاہر کاسی تاحال بازیاب نہ ہوسکے

    حکومت اور اپوزیشن میں شامل سیاسی جماعتوں کی کوششوں کے باوجود اے این پی رہنماء ارباب عبدالظاہر کاسی پچھہتر روز گزرنے کے باوجود تاحال بازیاب نہ ہوسکے۔

    ارباب عبدالظاہر کاسی کے خاندانی ذرائع کے مطابق اغواء کاروں نے ایک ارب روپے تاوان طلب کیا ہے، کاسی قبیلے نے ارباب عبدالظاہر کاسی کی بازیابی اور تحفظ کو حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے تاوان کی رقم دینے سے انکار کردیا ہے۔

    دوسری جانب اے این پی رہنماء کی بازیابی کے لئے بلوچستان کی حکمران اور اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ طور پر کوششیں اور مختلف پلیٹ فارمز پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    نوابزادہ عمر فاروق کاسی کی جانب سے والد کی بازیابی کے لئے آئینی درخواست بھی بلوچستان ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، تاہم یہ تمام کوششوں تاحال نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکیں ہیں۔
       

  • خصوصی عدالت میں غداری کیس کی سماعت آج  پھر ہوگی

    خصوصی عدالت میں غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی

    پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے اسپتال میں داخلے کے سرٹیفیکیٹ پیش کردیئے جائیں گے، میڈیکل رپورٹ بیرون ملک سے آنے کے بعد پیش کی جائے گی۔

    اس سے قبل خصوصی عدالت میں غداری کیس کی چوتھی سماعت میں بھی پرویز مشرف بیماری کے باعث پیش نہ ہوئے تو خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو ایک دن کا اور استثنیٰ دیا تھا، جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کو پرویزمشرف کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل بیمار ہیں پیش نہیں ہوسکتے۔

    انورمنصور کا کہنا تھا کہ مقدمہ اخلاقی جرم سے متعلق نہیں، آئین کے حوالے سے ہے اس میں ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا، جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ خصوصی عدالت کے طریقہ کار پر فوجداری قانون کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں پہلے اس بات کا فیصلہ کریں گے۔

    وکیل استغاثہ اکرم شیخ نے دلائل میں کہا کہ خصوصی عدالت طے شدہ اختیارات سے تجاوز کرسکتی ہے نہ اس عدالت پرعام عدالتوں کی طرح قوانین کا اطلاق ہوتا ہے۔
       

  • خصوصی عدالت نے پرویزمشرف کو پیشی سے استثنیٰ دیدیا

    خصوصی عدالت نے پرویزمشرف کو پیشی سے استثنیٰ دیدیا

    غداری کیس میں پرویزمشرف پر غیرحاضری کے باعث ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی، خصوصی عدالت نے پیشی سے استثنیٰ دیتے ہوئے منگل کی صبح گیارہ بجے تک میڈیکل رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    پرویز مشرف آج بھی پیشی پر نہیں آئے، عدالت نے فریقین کے دلائل سنے اور پھرعبوری حکم میں سابق جنرل پرویز مشرف کو ایک دن کا استثنیٰ دیتے ہوئے مقدمہ کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

    غداری کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی صدارت میں تین رکنی بنچ نے کی ، پرویز مشرف کے سینئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل بیمار ہیں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، عدالت میں دلائل دیتے ہوئے مشرف کے وکیل انور منصور کا کہنا تھا کہ یہ مقدمہ اخلاقی جرم سے متعلق نہیں بلکہ آئین کے حوالے سے ہے، توہین عدالت کے مقدمے کی طرح اس کیس میں بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔

    انور منصور کے دلائل پر بنچ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ پہلے اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ یہ خصوصی عدالت کے طریقہ کار پر فوجداری قانون کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں، وکیل استغاثہ اکرم شیخ نے اپنے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی عدالت خصوصی قوانین کے تحت قائم کی جاتی ہے، یہ عدالت اپنے طے کئے گئے اختیارات سے تجاوز نہیں کر سکتی اور نہ اس عدالت پر عام عدالتوں کی طرح عام قوانین کا اطلاق ہوتا ہے۔

    آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت دائر کئے گئے مقدمے میں ملزم کی گرفتاری لازمی ہے، انہوں نے کہا کہ جو اعتراضات مشرف کے وکلا نے اٹھائے ہیں، ان پر اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے، وکیل صفائی نے عدالت سے یہ بات چھپائی ہے، وقفے کے بعد عدالت نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے پرویز مشرف کو ایک دن کا استثنیٰ دے دیا، مقدمے کی سماعت کے دوران وکلاء کے درمیان تند و تیز جملوں کاتبادلہ بھی ہوا۔
        

     

     

  • کراچی سمیت سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری

    کراچی سمیت سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری

    سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا، اب کراچی سمیت سندھ بھر میں منگل اور جمعرات کو سی این جی اسٹیشنز چوبیس گھنٹوں کیلئے بند رہیں گے۔

    سوئی سدرن نے رواں ہفتے صرف دو روز سی این جی اسٹیشنز کو گیس نہ دینے کا اعلان کیا ہے، گزشتہ ہفتے صوبے بھر میں سی این جی سیکٹر کو چار دن گیس نہیں دی گئی تھی،ملک میں قدرتی گیس کی شدید قلت ہے۔

    پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں گھروں کے چولہے گیس نہ ہونے کی وجہ سے ٹھنڈے پڑے ہیں لیکن سندھ میں گاڑیوں کیلیے گیس موجود ہے، حکومت نے سندھ میں سی این جی اسٹیشنز اور ٹرانسپورٹ مافیا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔

    سی این جی ایسوسی ایشن کے نائب چیئر مین محمد علی کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس، سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹ اتحاد میں مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

    جس کے بعد اب رواں ہفتے صرف دو دن گیس کی بندش کی جائے گی، محمد علی نے مزید کہا کہ سوئی سدرن سے مذاکرات کا دوسرا دور بدھ کو ہوگا۔

  • الطاف حسین کے بیان پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد ِمذمت جمع

    الطاف حسین کے بیان پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد ِمذمت جمع

    پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف نے سندھ میں وسائل کی تقسیم کے حوالےسے الطاف حسین کے بیان کے خلاف قرارداد مذمت جمع کرادی، مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے قرارداد کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

          تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد ِحزبِ اختلاف میاں محمود الرشید نے اپنے قرار داد میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے حیدر آباد میں اپنے خطاب کے دوران ملک توڑنے کی بات کی ہے جو قابل مذمت ہے۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کے بیانات ملکی سلامتی کے خلاف ہیں اور وہ ان کی مذمت کرتے ہیں، قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ الطاف حسین کے ملک توڑنے کے بیانات کا نوٹس لیا جائے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ انکی جماعت پنجاب اسمبلی میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان پر جمع کرائی جانے والی قرار داد کی حمایت نہیں کرے گی۔