Tag: اے اْر وائی نیوز

  • جوبا: سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے مذکرات تیسرے دن میں داخل

    جوبا: سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے مذکرات تیسرے دن میں داخل

    جنوبی سوڈان کے سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششیں تاحال کامیاب نہ ہوسکیں، باغیوں کے حملے میں ایک جنرل مارا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی سوڈان کے متحارب گروہوں کے مابین ایتھوپیا کے دارلحکومت ادیس ابابا میں ہونے والے مذاکرات تیسرے دن میں داخل ہوگئے ہیں، تاہم فریقین اب تک جنگ بندی کے معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔

    صدر سلوا کیر اور اپوزیشن رہنما ریک مچار نے تصدیق کی ہے کہ ادیس ابابا میں مذاکرات کار فائر بندی کے کسی سمجھوتے تک پہنچنے کی کوشش کریں گے، باغی رہنما نے مذاکرات کامیاب بنانے کے لئے ملک میں نافذ ہنگامی صورتحال اٹھانے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب جنوبی سوڈان میں باغیوں کے حملے میں ایک جنرل کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں، جنوبی سوڈان میں خانہ جنگی میں ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔

  • بغداد:کار بم دھماکوں میں 19 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    بغداد:کار بم دھماکوں میں 19 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    عراق کے دارالحکومت بغداد کے تجارتی علاقوں میں کار بم دھماکے میں اننیس افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بغداد میں سڑک کے کنارے اور کام میں نصب کئے گئے بم دھماکے بغداد کے تجارتی علاقے میں کئے گئے، دھماکے سے عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے، عراق میں دوہزار آٹھ سے تشدد کی لہر جاری ہے، تاہم حالیہ چند مہینوں کے دوران تیزی آ گئی ہے، دوہزارتیرہ میں آٹھ ہزار سے زائد افراد تشدد کے واقعات میں ہلاک ہوگئے تھے۔
        

       

  • یروشلم: افریقی تارکین وطن کا اسرائیلی حکومت کیخلاف مظاہرہ

    یروشلم: افریقی تارکین وطن کا اسرائیلی حکومت کیخلاف مظاہرہ

    افریقی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد نے اسرائیل میں زیرحراست افراد کی رہائی کے لئے اسرائیلی حکومت کے خلاف ریلی میں شرکت کی۔

    مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اسرائیلی حکومت فوری طورپر نئے قوانین منسوخ کرے، تمام قیدیوں کو رہا اور تارکین وطن کوانسانی صحت کے حقوق، کام کرنے کی اجازت کے ساتھ ساتھ تمام انسانی بنیادی حقوق دے۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ دو ہزار چھ سے مصر کے راستے غیر قانونی طور افریقی ممالک سےساٹھ ہزار سے زائد افراد اسرائیل میں غیر قانونی طور پر موجود ہیں۔

    انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کی طرف منظور کئے گئے نئے قانون کے بعد سے تقریبا تین سو افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
       

  • بنکاک: ہزاروں مظاہرین کی جانب سے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ

    بنکاک: ہزاروں مظاہرین کی جانب سے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ

    تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ایک بار پھر ہزاروں لوگوں نے وزیر اعظم ینگ لک شیناواترا کے استعفے کا مطالبہ کرنے سڑکوں پر نکل آئے۔

    تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہرے زور پکڑتے جارہے ہیں، مظاہرین انتخابات کے عمل کو روکنے کا اعادہ دے چکے ہیں، مظاہرین کا کہنا ہے کہ فروری میں ہونے والے انتخابات میں شیناواترا کی حکومت دوبارہ اقتدار حاصل کرسکتی ہے۔

    حکومت نے پارلیمان کو تحلیل کرکے ملک میں انتخابات کا اعلان کرچکی ہے۔ جسے مظاہرین نے مسترد کرچکے ہیں۔

  • سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

    سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

    سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، وہ اسلام اآباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں اہم امور پر بات چیت کریں گے، دیگر امور سمیت سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے بات چیت بھی خارج از امکان نہیں ہے۔

    سعودی عرب پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، اس نے کئی مشکلوں میں پاکستان کا ساتھ بھی دیا ہے، جنگِ خلیج کے موقع پر پاکستان کو تیل کی فراہمی انہیں اقدامات کا سلسلہ تھی لیکن اب یہ امداد بند کی جاچکی ہے، امداد و تعاون کے ساتھ ساتھ سعودی عرب سیاسی معاملات میں بھی پاکستان سے معاونت کرتا رہا ہے۔

    ضیا الحق کے دور میں ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت ختم کرنے کی اپیل بھی اس وقت کے سعودی فرماں روا شاہ خالد نے کی تھی جبکہ نواز شریف کو طیارہ سازش کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد سعودی عرب ہی تھا، جس نے شریف خاندان کی جنرل پرویز مشرف سے ڈیل کے بعد اپنے ملک میں پناہ دی۔

    اب شاید جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جان چھڑانے کی باری ہے، جو غداری کیس میں عدالت جانے سے گریزاں ہیں، ہوسکتا ہے سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد دیگر معاملات پر افہام و تفہیم کے ساتھ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی گلو خلاصی بھی ثابت ہو۔

  • مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے صہبا مشرف آج درخواست دائرکرینگی

    مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے صہبا مشرف آج درخواست دائرکرینگی

    وزارت داخلہ میں درخواست مسترد ہونے پر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی اہلیہ نے اسلام آباد کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا، پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے صہبا مشرف آج عدالت میں دراخوست دائر کریں گی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد ہونے کے بعد صہبا مشرف پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررہی ہیں۔

    سابق آرمی چیف کی اہلیہ صہباء مشرف نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پرویز مشرف پاکستان کے سابق صدر اور آرمی چیف رہے ہیں اور باعزت پاکستانی شہری ہیں، ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔

    اس سے پہلے وزارت داخلہ نے واضح طور پر صہباء مشرف کو عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر صہبا مشرف کے وکلاء الیاس صدیقی اور بیرسٹر شاہجہاں درانی پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں دراخوست دائر کریں گے۔

  • کراچی:سرکاری، نجی اسکولز 8 جنوری کو ہی کھلیں گے، سیکریٹری تعلیم

    کراچی:سرکاری، نجی اسکولز 8 جنوری کو ہی کھلیں گے، سیکریٹری تعلیم

    سیکریٹری تعلیم سندھ نے کہا ہے کہ صوبے کے سرکاری اور نجی اسکولز آٹھ جنوری کو ہی کھلیں گے، آج سے کھلنے والے اسکولوں کیخلاف کاروائی کیجائے گی۔

    چیرمین آل پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ نے کہا ہے کہ سندھ کے نجی اسکولز آٹھ جنوری کو ہی کھلیں گے، واضح رہے کہ صوبے کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے سردیوں کی تعطیلات کی وجہ سے بند تھے اور انھیں یکم جنوری دو ہزار چودہ کو کھلنا تھا۔

    تاہم ملک بھر کی طرح کراچی اور اندرون سندھ میں شدید سردی کی لہر اور والدین کی جانب سے تعطیلات میں توسیع کی اپیل پر حکومت اور ایسوسی ایشنز نے ان تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کردی تھی، جس کے بعد اب اسکول آٹھ جنوری کو کھلیں گے۔
       

  • سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی آج پہلی برسی ہے

    سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی آج پہلی برسی ہے

    جماعت اسلامی کے سابق امیر اور اتحاد امت کے داعی قاضی حسین احمد کو دنیا سے گذرے آج ایک سال بیت گیا۔

    انیس سو اڑتیس میں ضلع نوشہرہ کے زیارت کاکا خیل میں آنکھیں کھولنے والے قاضی حسین احمد مہد سے لحد تک اقبال کے اس شعر کی عملی تفسیر بنے پاکستانی سیاست کے خارزار میں اہل وطن کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے رہے، اسلامیہ کالج پشاور سے گریجویشن اور پشاور یونیورسٹی سے جغرافیہ میں ایم ایس سی کرنے کے بعد تین برس تک تدریسی فرائض انجام دیتے رہے، دوران طالبعلمی اسلامی جمعیت طلباء کے پلیٹ فارم سے طلبا حقوق کے لیے جدو جہد میں مصروف رہے۔

    انیس سو ستر میں عملی سیاست کا آغاز جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے کیا، انیس سو اٹھتر میں جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور انیس سو ستاسی میں امیر جماعت اسلامی پاکستان کی ذمہ داری سنبھالی، چار مرتبہ اس عہدے پر فائز رہے، سیاسی کیرئر کے دوران دو مرتبہ سینیٹ کے رکن اور دو ہزار دو کے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی بنے، کئی مرتبہ قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کی۔

    ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مسلکی اختلافات کو ختم کرنے اور پوری قوم کو ایک لڑی میں پرونے کے لیے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں، قاضی حسین احمد عالم اسلام کی تمام اسلامی تحریکوں کے لیے قائد اور رہنما کا درجہ رکھتےتھے، انھوں نے پیرانہ سالی کے باوجود نوجوانوں کی مانند ملی، سیاسی اور دینی خدمات سر انجام دیں، گذشتہ سال چھ جنوری کو وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
        

       

  • پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی

    پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی

    پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر خصوصی عدالت میں ہوگی، گزشتہ تاریخ پر انھیں بیماری کے باعث استثنا دیا گیا تھا، سابق صدر پرویز مشرف اے ایف آئی سے اسپتال میں زیر علاج ہیں، سابق صدر پرویزمشرف کے علاج سات رکنی میڈیکل ٹیم کررہی ہے۔

     یاد رہے کہ غداری کیس میں پیشی کیلئے جاتے وقت سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی، جس کے باعث انہیں اے ایف آئی سی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
       

  • لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کراچی سے مارچ کے شرکاء خیرپور پہنچ گئے

    لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کراچی سے مارچ کے شرکاء خیرپور پہنچ گئے

    بلوچستان سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے کراچی سے اسلام آباد پیدل مارچ کرنے والا قافلہ خیرپور پہنچ گیا، مارچ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دھرنا دیں گے اور جب تک ہمارے پیارے بازیاب نہیں ہوں گے تب تک دھرنا جاری رہے گا۔

    مارچ کےشرکاء کا کہنا تھا کہ بلوچ قوم پرامن قوم ہے اور نہ ہی بلوچ کسی کے خلاف ہیں، بلوچوں کو مجبور کرکے مزاحمت کی جانب دھکیلا جارہا ہے، اُن کا کہنا تھا کہ انہیں سندھ میں جو محبت ملی ہے، وہ اسے زندگی بھر نہیں بھلا سکتے۔