Tag: اے اْر وائی نیوز

  • چین میں چاکلیٹ ڈریم پارک عوام کیلئے کھول دیا گیا

    چین میں چاکلیٹ ڈریم پارک عوام کیلئے کھول دیا گیا

    چاکلیٹ سے بنے شاہکار ہمیشہ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں, پر اس بار چین میں چاکلیٹ کے دل دادہ ماہرین نے چاکلیٹ کا ڈریم ورلڈ تیار کرلیا۔

    چین میں چاکلیٹ کے دیوانوں کیلئے چاکلیٹ ڈریم ورلڈ تیار کیا گیا ہے، پارک میں چاکلیٹ سے بنی بھیڑیں، لمبی ہیل کے سینڈلز اور آرٹ کے دیگر شاہکار نمونے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کررہے ہیں۔

    چاکلیٹی دنیا میں لوگ کھینچے چلے آرہے ہیں کیونکہ مزیدار چاکلیٹ سے تخلیق کی گئی یہ دنیا اس پہلے کبھی ایسی نہ سجی تھی، چاکلیٹ لور ورلڈ چاکلیٹ ڈریم پارک کی سیر اکتیس مارچ تک کرسکتے ہیں۔

  • سابق چیف جسٹس کو 3دن میں بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم

    سابق چیف جسٹس کو 3دن میں بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو تین دن میں بلٹ پروف گاڑی فراہم کر نے کا حکم دے دیا، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ گاڑی نہیں ہے تو کسی پارلیمنٹرین سے لے کر دی جائے، اب کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔

    سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کو سیکیورٹی دینے سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، عدالت نے سابق چیف جسٹس کوتین دن میں بلٹ پروف گاڑی فراہم کر نے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گاڑی نہیں ہے تو کسی پارلیمنٹرین سے لیکردی جائے۔

    دوران سماعت کیبنٹ ڈویژن کے جوائنٹ سیکٹریری ضیا الحق اور آئی جی اسلام آبادعدالت میں پیش ہوئے، جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس میں کہا کہ چیف جسٹس کی سیکیورٹی سے متعلق عدالت کو گمراہ کیا گیا، عدالت نے جوائنٹ سیکریٹری کے جھوٹ بولنے پراظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے اپنے دور میں افسران کو بلا کران کی سرزنش کی، اب اُن سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔

    جسٹس شوکت صدیقی کا کہنا تھا کہ ایسی گاڑی چیف جسٹس کو فراہم کی گئی جو ٹو کرکے واپس لے لی، ایسی گاڑی کو پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے نمائش کے لئے رکھنا چاہئے، اب کوئی عذر نہیں چلے گے، آپ کے لئے شرمندگی کا مقام ہے، جنہوں نے آئین توڑا اور ڈرامہ کیا انکے لئے ہزاروں اہلکار ہیں، مزید سماعت نو جنوری تک ملتوی کردی گئی۔
     

  • میڈیکل ٹیم  کا مشرف کے دل کا سی ٹی انجیوگرام ٹیسٹ کے ذریعے جائزہ

    میڈیکل ٹیم کا مشرف کے دل کا سی ٹی انجیوگرام ٹیسٹ کے ذریعے جائزہ

    پرویز مشرف کے دل کا سی ٹی انجیو گرام ٹیسٹ کے ذریعے جائزہ لیا جارہا ہے، پرویز مشرف نے پہلی رات راولپنڈی کے اے ایف آئی سی کے سی سی یو میں گزاری، حالت میں اب تک کوئی بہتری نہیں آسکی۔

    سابق صدر پرویز مشرف اے ایف آئی سے اسپتال میں زیر علاج ہیں، سابق صدر پرویزمشرف کے علاج کیلئے سات رکنی میڈیکل ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی جبکہ دوسری جانب لندن میں بھی مشرف کے ساتھیوں نے ایک ہسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں سے رجوع کرلیا ہے، جنہیں سابق صدر کی میڈیکل رپورٹس بھجوائی جائیں گی۔

    اطلاعات کے مطابق ان ڈاکٹروں سے امور طے ہونے پر عدالت کو ان کے شیڈول سے آگاہ کیا جائے گا اور استدعا کی جائے گی کہ سابق صدر کو علاج کیلئے لندن جانے کی اجازت دی جائے، پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی کی صورت میں سابق صدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے وزارت داخلہ حکومتی فیصلے کی روشنی میں لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

    گزشتہ روز غداری کیس میں پیشی کیلئے جاتے وقت سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی، جس کے باعث انہیں اے ایف آئی سی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق گزشتہ رات سابق صدر نے بات کرنے کی کوشش کی تاہم وہ بات کرنے سے قاصر رہے۔

    جس پر ڈاکٹروں نے انہیں بات کرنے سے منع کرتے ہوئے مکمل آرام تجویز کیا ہے، سابق صدر کی اے ایف آئی سی میں منتقلی کے باعث اسپتال میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

  • حیدر آباد میں ایم کیو ایم کا جلسہ عام کی تیاریاں مکمل

    حیدر آباد میں ایم کیو ایم کا جلسہ عام کی تیاریاں مکمل

    متحدہ قومی موومنٹ آج صوبے میں سیاسی جمود توڑنے جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں پہلا جلسہ حیدر آباد کے باغ مصطفیٰ گرائونڈ میں ہورہا ہے، جہاں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اہم ٹیلی فونک خطاب کریں گے۔

    حیدر آباد میں آج الطاف حسین کا خطاب ہوگا، اس سلسلہ میں باغ مصطفیٰ گراؤنڈ کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے، جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے لوگوں میں بھی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

    جلسے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور جلسہ گاہ میں عوام کی آمد جاری ہے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، جلسہ میں آنیوالے شرکاء کی جامہ تلاشی لی جائے گی، جلسہ گاہ میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان بھی موجود ہیں۔

  • سندھ کے ریٹرننگ افسران نے الیکشن کمیشن سے ہدایات مانگ لیں

    سندھ کے ریٹرننگ افسران نے الیکشن کمیشن سے ہدایات مانگ لیں

    سندھ کے ضلعی ریٹرننگ افسران نے عدالتی حکم کے بعد کی صورتحال پر الیکشن کمیشن سے ہدایات مانگ لیں۔

    الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں سندھ کے ضلعی ریٹرننگ افسران نے کہا ہے کہ انتخابی قوانین کالعدم قرار دیئے جانے کے باوجود انتخابی قوانین اور حلقہ بندیاں طے نہیں کی جاسکیں جبکہ ڈی آر اوز انتخابی شیڈول پر کاروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے انتخابی قوانین کالعدم قرار دئیے جانے کے بعد الیکشن شیڈول پر عملدرآمد بلا جواز ہے، عدالتی فیصلے پر رہنمائی کی جائے۔

  • چمن میں دہشتگردی کا بڑامنصوبہ ناکام بنا دیا گیا

    چمن میں دہشتگردی کا بڑامنصوبہ ناکام بنا دیا گیا

    چمن کے علاقے گلدار باغیچہ میں حساس اداروں مکان پر چھاپہ مار کر دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا, ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا، ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    فورسز نے چمن میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، حساس ادارے کے اہلکاروں نے چمن کے علاقے گلدار باغیچہ میں خفیہ اطلاع ملنے پر ایک مکان پر چھاپہ مارا، کاروائی کے دوران مکان سے دو ٹن دھماکہ خیز مواد پانچ سو بارودی سرنگیں اور پچاس بم بر آمد کر لئے گئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مکان سے اسّی ریموٹ کنٹرول بم اور ڈیٹونیشن وائرکے پانچ بنڈل بھی برآمد ہوئے جبکہ دو دہشتگردوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    اس سے پہلے بھی چمن میں ایف سی کی جانب سے بم بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا تھا، فیکٹری سے بم بنانے کے سامان سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد کو قبضے میں لیا گیا تھا۔
           

  • پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں،من موہن سنگھ

    پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں،من موہن سنگھ

    بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان سے اچھے اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، وزارت عظمی کی مدت پوری ہونے سے پہلے پاکستان کا دورہ کرنا چاہتا ہوں۔

    بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، اقتدار کی مدت چھوڑنے سے پہلے سازگار ماحول میں پاکستان کا دورہ کرنا چاہتا ہوں، راہول گاندھی وزارت اعظمی کے لئے بہترین امیدوار ہیں۔

    کانگریس کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کا نام کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ وزارت اعظمی نئے وزیراعظم کے حوالے کردیں گے، بھارتی وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نئے وزیراعظم کا تعلق بھی یو پی اے کے اتحاد سے ہوگا۔

    من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے رہنما نریندر مودی وزیراعظم بن گئے تو ملک کے لئے تباہ کن ہوگا، انہوں نے کبھی استعفی دینے کے بارے میں نہیں سوچا، ہمیشہ اپنے کام کو انجوائے کیا، وزیراعظم کے منصب کو ملک کی خدمت کے لئے استعمال کیا دوستوں اور رشتے داروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے نہیں۔

    ریاستی انتخابات میں کانگریس کی شکست پر من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافہ انتخابات میں شکست کا سبب بنا۔
           

  • رینٹل پاورکیس:سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف عدالت میں پیش

    رینٹل پاورکیس:سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف عدالت میں پیش

    سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف رینٹل پاور کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ریفرنس سے غیر متعلقہ افراد کے نام نکالنے کے لیے نیب کو سترہ جنوری تک کی مہلت دے دی۔

    رینٹل پاور کرپشن کیس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بطور ملزم عدالت میں پیش ہوئے، اُن کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ مالی کرپشن سے راجہ پرویز اشرف کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ ابھی تک مجرم ہیں۔

    کیس کے دو ملزمان نے لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناع لے رکھا ہے، وکیل صفائی کے دلائل پرعدالت نے ریفرنس سے غیر متعلقہ افراد کے نام نکالنے کے لیے نیب کو سترہ جنوری تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    اس موقع پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ خود عدالت آنا چاہتا تھے تاکہ حقائق سے آگاہ کرسکیں، وہ پرویز مشرف کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف پر فرد جرم عائد ہوئی توبھرپور دفاع کریں گے۔

  • سابق چیف جسٹس کی سیکیورٹی کیخلاف درخواست مسترد

    سابق چیف جسٹس کی سیکیورٹی کیخلاف درخواست مسترد

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کی سیکیورٹی کے خلاف درخواست مسترد کردی اور درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔

    سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کی سیکیورٹی کے خلاف سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی، عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار ریاض حنیف راہی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔

    ریاض حنیف نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی اضافی سیکیورٹی دینے اور بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ اگرافتخار چوہدری کو اٖضافی سیکیورٹی فراہم کی گئی تو سابق چیف جسٹس صاحبان بھی کلیم کریں گے، جس سے ملکی خزانے پر بوجھ پڑے گا۔

    جسٹس شوکت عزیز نے درخواست گزار کو دلائل سے روکتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ دلائل نہ دیں، درخواست پڑھیں، درخواست گزارکا کہنا تھا کہ فیصلہ کیخلاف اپیل کریں گے۔
           

  • حکومت عوام کو گیس یا بجلی میں سے ایک سہولت تو دے،لاہور ہائیکورٹ

    حکومت عوام کو گیس یا بجلی میں سے ایک سہولت تو دے،لاہور ہائیکورٹ

    چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ حکومت عوام کو گیس اور بجلی میں سے کوئی ایک سہولت تو فراہم کرے، عام آدمی کے لئے ایک ہزار روپے من کی لکڑی لے کر جلانا ممکن نہیں۔

    چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطا بندیال نے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا، حکومتی غفلت کے باعث عوام پتھر کے دور میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکی ہے۔

    عدالت نے ریمارکس دیئے حکومت بجلی یا گیس میں سے کوئی ایک سہولت تو عوام کو فراہم کرے، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے، عام آدمی کس طرح ایک ہزار روپے من لکڑی خرید کر گھر کا چولھا جلاسکتا ہے، عدالت نے وفاقی حکومت، محکمہ گیس اور لیسکو سے دو ہفتوں میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔