Tag: اے اْر وائی نیوز

  • کراچی:دہشت گردی کا راج، فائرنگ کے واقعات میں 3افراد جاں بحق

    کراچی:دہشت گردی کا راج، فائرنگ کے واقعات میں 3افراد جاں بحق

    کراچی دہشت گردوں کی زد میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جان سے گئے، دوسری جانب پولیس اور رینجرز کی کاروائیوں میں متعدد ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔

    کراچی میں دہشت گردی بدستور زوروں پر ہے، پولیس کے مطابق تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود ریڑھی روڈ سے تین افراد کی لاشیں ملیں، جنھیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، مقتولین کی شناخت عطااللہ، حمید عرف موٹا اور عدیل خٹک کے ناموں سے ہوئی۔ عدیل خٹک کا تعلق جرائم پیشہ گروہ سے تھا، ابراہیم حیدری پولیس کے مطابق واقعہ جرائم پیشہ دو گروپوں میں دشمنی کا شاخسانہ ہے، واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب پیرآباد کے علاقے کنواری کالونی میں پولیس اور رینجرز نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مشترکہ کاروائی کی، اس دوران ملزمان نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، پولیس اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے دو مبینہ دہشت گرد مارے گئے، ایس پی اورنگی چوہدری اسد کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا، جن کی شناخت صدیق اور اعظم محسود کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ملزمان کے قبضے سے دستی بم، دیگر اسلحہ اور جعلی شناختی کارڈز برآمد ہوئے، پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، ملیر لیاقت مارکیٹ کے قریب رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائی میں سیاسی جماعت کے دوکارکن گرفتار کرلئے گئے۔
           

  • چارسدہ:تھانہ پڑانک کی حدود میں فائرنگ3 افراد جاں بحق

    چارسدہ:تھانہ پڑانک کی حدود میں فائرنگ3 افراد جاں بحق

    چارسدہ میں تھانہ پڑانک کی حدود میں فائرنگ سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے، جنوبی وزیرستان میں پولیس وین کے قریب دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

    چارسدہ میں تھانہ پڑانک کی حدود میں پولیس چوکی کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے، تین افراد کی ہلاکت کے بعد اہل علاقہ مشتعل اور علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، مقتول افراد کے لواحقین نے لاشوں کو چوک پر رکھ کے احتجاج کیا اور ٹریفک معطل کردی۔

    دوسری طرف جنوبی وزیرستان میں پولیس وین دہشت گردوں کا نشانہ بنی، وین کے قریب دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول بم کا تھا۔

  • پشاور:سینٹرل جیل پرممکنہ حملے سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی سخت

    پشاور:سینٹرل جیل پرممکنہ حملے سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی سخت

    سینٹرل جیل پشاور پر طالبان کے حملے سے نمٹنے کیلئے جیل کی سیکورٹی بڑھا دی گئی، پاک فوج اور پولیس اہلکاروں نے ریہرسل بھی کی۔

    دہشت گردوں کی دھمکیوں کی زد میں رہنے والی سینٹرل جیل پشاور میں طالبان حملے سے نمٹنے کیلئے پاک فوج اور پولیس اہلکاروں نے جیل میں ریہرسل بھی کی اور جیل کے اطراف میں پولیس کے اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی۔

    سینٹرل جیل پشاور میں صوفی محمد کے علاوہ اسامہ کیس کے مشہور پولیو کمپئن کے سربراہ شکیل آفریدی بھی قید ہیں، اس کے علاہ طالبان کے کئی اہم رہنما قید ہیں۔

    سینٹرل جیل پشاورمیں اس سے قبل بھی کئی بار پاک فوج اور پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا جا چکا ہے اور قیدیوں سے موبائل فونز اور منشیات بھی برآمد کئے گئے۔
           

  • معروف مزاحیہ فنکار لہری کی آج 85ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

    معروف مزاحیہ فنکار لہری کی آج 85ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

    بے ساختہ مکالموں سے لوگوں کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے اداکار لہری کی آج پچاسی ویں سالگرہ ہے۔

    لہری انیس سو انتیس میں بھارت میں پیدا ہوئے، خوبصورت، برجستہ اور چبھتے ہوئے جملوں سے طنز و مزاح پیدا کرنا اور پھر انتہائی کامیابی سے ادا کرنے میں لہری کو کمال حاصل تھا۔

    ان کی پہلی فلم سن انیس سو چھپن میں ریلیز ہوئی، لہری نے اپنے منفرد انداز سے بہت جلد ترقی کی منازل طے کیں، لہری نے کم و بیش سوا دو سو فلموں میں کام کیا، جن میں انسان بدلتا ہے، رات کے راہی، فیصلہ، جوکر، کون کسی کا، آگ، توبہ، جیسے جانتے نہیں، اور دیگر شامل ہیں۔

    لہری پاکستان کے وہ پہلے کامیڈین ہیں، جنہوں نے فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ نگار سب سے زیادہ حاصل کیے، ان کا آخری ایوارڈ بھی نگار ایوارڈ تھا، جو سن انیس سو تیرانوے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، لہری کے زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لاکھوں پرستار موجود تھے، ہیں اور رہیں گے۔
     
      

  • قاہرہ:عبوری حکومت کیخلاف مظاہروں میں شدت،2 جاں بحق، متعدد زخمی

    قاہرہ:عبوری حکومت کیخلاف مظاہروں میں شدت،2 جاں بحق، متعدد زخمی

    مصر میں فوجی بغاوت کے بعد بننے والی عبوری حکومت کے خلاف کئی ماہ سے جاری مظاہرے شدت اختیارکرگئے، پولیس فائرنگ اور شیلنگ سے دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    عبوری حکومت کیجانب سے اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دینے کے جابرانہ اقدام کے بعد سے احتجاج میں تیزی آتی جارہی ہے، قاہرہ میں احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے فائرنگ اور شیلنگ کی۔

    جس پر پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں شروع ہوگئیں، جھڑپوں میں دو مزید افراد جان کی بازی ہار گئے، مصر میں نئے قوانین کے تحت کالعدم جماعت کے حق میں تحریری یازبانی تشہیری مہم چلانیوالے افراد کو قید وبند کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    منتخب حکومت کی بحالی کے لئے جولائی سے جاری مظاہروں میں اب تک ہزاروں افراد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔
        
       

  • سوڈان میں فوری امن قائم کرنے کے اقدامات شروع کئے جائیں

    سوڈان میں فوری امن قائم کرنے کے اقدامات شروع کئے جائیں

    سوڈان میں جاری بحران کے فوری مکمل حل کے لئے اقوام متحدہ نے دونوں دھڑوں پر زور دیا ہے کہ ملک میں فوری امن کے لئے اقدامات کریں.

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے ایف جانسن نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دو ہفتوں میں سوڈان میں تشدد کی خوفناک کاروائیوں میں قتل وغارت، ظلم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، اس جاری صورت کو ختم کرنے کے لئے دونوں دھڑوں پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح بحران کوحل کرنے کے اقدامات کرتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سوڈان میں جاری تشدد کی لہر کی وجہ سے سترہزار سے زائد افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر ترک وطن ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد اس بحران سے بے گھر ہوئے ہیں۔
       

  • موغادیشو: جزیرہ ہوٹل دہشت گردی کا نشانہ بنا ،11 ہلاک

    موغادیشو: جزیرہ ہوٹل دہشت گردی کا نشانہ بنا ،11 ہلاک

    صومالیہ کے جزیرہ ہوٹل کے باہر کار بم دھماکے اور فائرنگ میں گیارہ افراد مارے گئے متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت موغا دیشو میں جزیرہ ہوٹل کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، ہوٹل کے باہر ہونے والے یکے بعد دیگرے دو کار بم دھماکوں میں گیارہ افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ سترہ زخمی ہوئے۔

    زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کاروائیاں شروع کردی ہیں، کسی گروپ نے فوری طور پر دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
       

  • بغداد: عراق میں پولیس اسٹیشن پر حملے،14 افراد ہلاک

    بغداد: عراق میں پولیس اسٹیشن پر حملے،14 افراد ہلاک

    عراقی صوبہ الانبار میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہوگئی، مسلح افراد نے الرمادی میں چار پولیس اسٹیشنوں کو نذرآتش کردیا، چودہ افراد مارے گئے جبکہ کئی قیدی فرار ہوگئے۔

    عراقی صوبے انبار میں گزشتہ دو روز سے صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، صوبائی دارالحکومت رمادی میں مشتعل افراد نے چار تھانوں کے علاوہ دو فوجی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی ہے۔

    سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپوں میں چودہ افراد مارے گئے ہیں، نذر آتش کی گئی پولیس کی گاڑیوں سے زیرحراست افراد کے فرار ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

    یاد رہےگزشتہ روز ایک گروہ کے احتجاجی کیمپ کو اکھاڑے جانے کے بعد سے شہر میں صورتحال ابتر ہے۔
       

  • پراگ: جمہوریہ چیک میں فلسطینی سفیر کی پر اسرار موت

    پراگ: جمہوریہ چیک میں فلسطینی سفیر کی پر اسرار موت

    جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں متعین فلسطینی سفیر اپنے قیام گاہ پر پراسرار دھماکے سے سفیر جاں بحق ہوگئے۔

    پراگ پولیس کے ترجمان کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا، جب سفیر جمال الجمال اپنی تجوری کھول رہے تھے، ترجمان کا کہنا تھا کہ بظاہر دھماکا کسی حملے کا نتیجہ نہیں تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

    چھپن سالہ مقتول جمال الجمال کو اکتوبر دو ہزار تیرہ میں پراگ میں فلسطینی سفیر مقرر کیا گیا تھا۔
        

       

  • جکارتا: انڈونیشیا میں پولیس مقابلہ 6مشتبہ افراد ہلاک

    جکارتا: انڈونیشیا میں پولیس مقابلہ 6مشتبہ افراد ہلاک

    انڈونیشیا میں پولیس نے ایک چھاپے کے دوران چھ مشتبہ افراد کو پولیس مقابلے کے بعد ہلاک کردیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے بینٹن میں مختلف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف ایک کاروائی کے دوران پولیس نے ڈکییتوں اور دیگر سرگرمیوں میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف چھاپے کے دوران چھ مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ چھ افراد ایک سونے کی دکان سے لوٹ مار اورحال ہی میں ایک بینک سے تقربیا اکتالیس ہزار ڈالرز کی ایک ڈکیتی میں ملوث تھے، کاروائی کے بعد ان افراد کی جانب سے نقد، پستول گولہ بارود اور مواد ملا ہے۔