Tag: اے اْر وائی نیوز

  • ہانگ کانگ:جمہوریت کے حق میں ہزاروں مظاہرین کی ریلی

    ہانگ کانگ:جمہوریت کے حق میں ہزاروں مظاہرین کی ریلی

    ہانگ کانگ میں جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے ہزاروں شہری سڑکوں نکل آئے، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ چینی حکومت انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کرے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت دو ہزار سترہ میں ہونے والے انتخابات کے نتائج پراثرانداز ہوسکتی ہے، جمہوریت ریلی میں بڑی تعداد میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

    جس میں ہانگ کانگ میں جمہوری نظام کی پاسداری کیلئے نعرے درج تھے، ریلی میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ہانگ کانگ میں مکمل طور پر جمہوری نظام کا نفاذ چاہتے ہیں۔

    مظاہرین نے چین کی جانب سے دو ہزار سترہ کے انتخابات میں امیدواروں کے تعین کے فیصلے کومسترد کر دیا، واضح رہے کہ چینی حکومت نے ہانگ کانگ میں دو ہزار سترہ میں انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

  • تل ابیب: صابرہ اور شتیلا کے قصاب ایریل شیرون کی حالت تشویشناک

    تل ابیب: صابرہ اور شتیلا کے قصاب ایریل شیرون کی حالت تشویشناک

    فلسطینی مہاجر کیمپ صابرہ، شتیلا میں فلسطینی مہاجروں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سابق اسرائیلی وزیراعظم اور اس وقت کے وزیر دفاع ایریل شیرون کی حالت تشویشناک ہوگئی، ڈاکٹروں نے اگلے چوبیس گھنٹے اہم قرار دے دیئے۔

    قصاب کے نام سے معروف سابق اسرائیلی وزیراعظم ایریل شیرون گذشتہ آٹھ سال سے برین ہیمرج کے باعث کوما میں ہیں، دو ہزار چھ میں شیرون کے دماغ کی شریان پھٹ گئی تھی، جس کے بعد سے وہ کوما میں چلے گئے تھے۔

    اسرائیلی قصاب کے نام سے مشہور ایریل شیرون کو گذشتہ آٹھ سال سے مصنوعی تنفس دیا جارہا ہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایریل شیرون کی حالت مزید بگڑ گئی ہے۔

    ڈاکٹروں کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے جا رہے ہیں، شیرون نے انیس سو بیاسی میں لبنان کے صابرہ اورشتیلا مہاجر کیمپوں میں فلسطینوں کا قتل عام کیا تھا، جس کے بعد انھیں قصاب کا لقب عطا کیا گیا تھا۔

  • بوسٹن:خراب موسم کے باعث اسکولوں میں عام تعطیلات

    بوسٹن:خراب موسم کے باعث اسکولوں میں عام تعطیلات

    امریکہ کی مختلف ریاستوں میں خراب موسم اور شدید برفباری کے باعث اسکولوں میں جمعہ تک عام تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔

    امریکی ریاست کے مختلف شہر آجکل سخت سردی اور برفباری کی لپیٹ میں ہیں، موسم کی شدت کے پیش نظر نیویارک اور بوسٹن میں حکام نے اسکولوں میں آئندہ جمعہ تک عام تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔

    امریکہ کا شمالی اور مغربی حصہ ان دنوں شدید برفباری اور خراب موسم کی لپیٹ میں ہیں، جس سے ہزاروں پروازیں معطل، کاروباری سرگرمیاں معدوم اور ہزاروں افراد متاثر ہورہے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں نیویارک ،پین سلوینیا ،نیوجرسی اور بوسٹن میں چھ سے بارہ انچ تک برفباری کی پیشن گوئی کی ہے۔
       

  • سابق صدر مشرف خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے روانہ

    سابق صدر مشرف خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے روانہ

    اسلام آباد میں سابق صدر پرویز مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے خصوصی عدالت روانہ ہوگئے،  اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشرف کی رہائش گاہ سے عدالت تک سرچنگ بھی کی۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں پیشی کے لئے سخت ترین سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا، مشرف کی رہائش گاہ سے خصوصی عدالت تک رینجرز اور پولیس کے پندرہ سو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    گزرگاہ کے اطراف میں واقع مقامات عمارات کی سیکیورٹی کو بھی سخت کردیا گیا ہے، پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے ساتھ بی ڈی ایس کا عملہ بھی موجود ہے۔

    مشرف فارم ہاؤس کے قریب سے گزشتہ روز ملنے والے بارودی مواد کی ایف آئی آر ایکسپلوسیر ایکٹ کے تحت تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج کرلی گئی، اس سے قبل بھی چوبیس دسمبر کو بھی پانچ کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

    اب تک سابق صدر پرویز مشرف کے گھر کے پاس سے بارودی مواد سے بھری ایک مشتبہ گاڑی جب کہ تین مرتبہ سڑک کے اطراف سے باورودی مواد برآمد ہوچکا ہے۔
           

  • پرویزمشرف کےخلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع

    پرویزمشرف کےخلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع

    پرویزمشرف کے خلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع ہوئی تو معاملہ پھر وہی تھا، پرویز مشرف کو پیش کیا جائے، وکلا کا اصرار تھا سیکورٹی خدشات شدید ہیں، اس کت ساتھ ہی سابق صدر کے وکلاء نے خود کو ملنے والوں دھمکیوں کا معاملہ بھی اُٹھایا۔

    پرویز مشرف کے وکیل نے بتایا کہ ان کی کار پرحملہ کیا گیا، دھمکیاں دی گئیں، جاسوسی بھی کی جارہی ہے، رات ایک بجے سے صبح پانچ بجے تک گھر کی گھنٹی بجائی جاتی رہی، رات بھر نہیں سو سکا، ان حالات میں دلائل نہیں دے سکتے، مشرف کو نہ بلایا جائے۔

    جس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا ہم آپ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم جاری کرتے ہیں، مشرف کی حاضری یقینی بنائیں، اسکے بعد ریلیف دیدیا جائیگا، دوران سماعت پرویز مشرف اور حکومتی وکلاء کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    سابق صدر کے وکیل ابراہیم ستی نے بتایا کہ اکرم شیخ نے کہا میرا نشانہ قصوری نہیں پیر زادہ ہوگا، جس پراکرم شیخ نے کہا انھوں نے دھمکی نہیں دی بلکہ درخواست کی تھی کہ ایک دوسرے کی ذات پر حملے نہیں کیے جائیں۔

    ایک موقع پر مشرف کے وکیلوں نے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کردیا، تاہم بعد میں وہ عدالت میں واپس آگئے، وکلاء کے آپس میں بات کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے جسٹس فیصل عرب نے کہا آپس میں بات کی گئی تو اسے عدالتی کاروائی میں مداخلت سمجھا جائیگا۔

  • مشرف  کی رہائش گاہ کے قریب بارودی مواد ملنے کا وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

    مشرف کی رہائش گاہ کے قریب بارودی مواد ملنے کا وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

    سابق صدر پرویز مشرف کی رہائش گاہ کے قریب دھماکا خیز ملنے کی خبرکا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    سابق صدر پرویز مشرف رہائش گاہ کے قریب سے بارودی مواد ملنے کا وزیر اعظم نے نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی، وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ سابق صدر مشرف کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنایا جائے۔

    سابق صدرکو عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لئے جس راستے سے گزرنا ہے، اس میں بہت سی اہم عمارات ہیں، چک شہزاد سے خصوصی عدالت کے درمیان سپریم کورٹ کی عمارت ہے، تھوڑے ہی فاصلے پر مختلف ممالک کے سفارتخانے ہیں۔

    جہاں بڑی تعداد میں ملکی و غیرملکی افراد پر مشتمل عملہ بین الاقوامی روابط کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں، اس سے تھوڑے فاصلے پر سرینا ہوٹل کی عمارت ہے، جہاں غیرملکیوں اوربیوروکریٹس کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے، خصوصی عدالت کے راستے میں اسلام آباد کلب بھی ہے۔

    سابق صدرکی عدالت حاضری اور ممکنہ دہشتگردی حملے کے سبب ان مقامات کی سیکیورٹی کو بھی خطرات لاحق ہیں، ایک ہفتے کے دوران سابق صدرکی رہائش گاہ کے اطراف سے دھماکا خیز مواد ملنے کے تین واقعات رونما ہوچکے ہیں، صدر مشرف کی دو پیشیوں کے موقع پر اس گزرگارہ سے پہلے بھی دوبار بارودی مواد ملا تھا۔

  • شہر قائد میں قائم سردی کا تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    شہر قائد میں قائم سردی کا تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    کوئٹہ کی یخ بستہ ہواوں نے کراچی کا رخ کیا تو شہر قائد میں قائم سردی کا تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت برقرار ہے، کپکپی طاری کرنے والی سرد ہوائیں اور پہاڑوں پر برفباری سے کئی شہروں میں زندگی ٹھٹر گئی، کوئٹہ کی سرد ہواوں نے کراچی کا رخ کیا تو ہر جگہ گرم کپڑوں میں ملبوس شہری ہائے سردی ہائے سردی کرتے نظر آنے لگے، اس ریکارڈ توڑ سردی کو شہر کراچی کے منچلیں خوب انجوئے کر رہے ہیں۔

    سردی میں اضافے کے ساتھ قہوا خانے، چائے اور سوپ کی دکانوں پر بھی لوگوں کا ہجوم نظر آنے لگا کہ ایسے سرد موسم میں گرما گرم سوپ اور بھاپ اڑاتی چائے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، شدید سرد موسم کے باعث خشک میوہ جات اور گرم کپڑوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    سرسراتی سرد ہواوں سے بچنے کےلیے شہریوں نے الاوٗ روشن کرلیے ہیں، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت مختلف شہروں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
       

  • ریلوے حکام کا موسمی تہوار بسنت پر اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    ریلوے حکام کا موسمی تہوار بسنت پر اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    ریلوے حکام نے موسمی تہوار بسنت پر اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ہر بار کی طرح اس بار بھی لاہور شہر میں بسنت کا تہوار پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا، لاہور ریلوے حکام کی جانب سے بسنت کے موقع پر خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اکیس فروری سے پانچ مارچ تک ٹرینوں کو چھانگا مانگا کے اسپیشل اسٹاپ دئیے جائیں گے، بسنت کے دنوں میں تمام ٹرینیں 3 سے پانچ منٹ تک چھانگا مانگا ریلوے اسٹیشن پر رکیں گی۔
       

  • کوئٹہ:زائرین کی بس پرخودکش حملہ، 2 افراد جاں بحق،30 سےزائد زخمی

    کوئٹہ:زائرین کی بس پرخودکش حملہ، 2 افراد جاں بحق،30 سےزائد زخمی

    کوئٹہ میں زائرین کی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں دو زائرین جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، خودکش حملے کا مقدمہ سیالکوٹ تھانے میں درج کر لیا گیاہے۔

    دہشت گردی کے عفریت نے دو ہزار چودہ میں بھی پاکستان کا پیچھا نہ چھوڑا، نئے سال کے پہلے روز کوئٹہ میں دہشت گردی کا پہلا واقعہ پیش آیا جس میں دہشتگردوں نے ایران سے واپس آنے والے زائرین کے قافلے کو نشانہ بنایا، حملہ آور پک اپ میں سوار تھا، جس نے قمبرانی روڈ پر اختر آباد کے قریب اپنی گاڑی کو زائرین کی بس سے ٹکرا دیا۔

    جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور بس میں آگ لگ گئی، دھماکے سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوگئے، جنہیں بولان میڈیکل کمپلیکس اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، بس میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کو بھی طلب کر لیا گیا، دھماکے کے بعد افراتفری دیکھنے میں آئی۔

    پولیس وین بھی دھماکے کی زد میں آئی، جس سے چار اہلکار زخمی بھی ہوئے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ خیز مواد کا وزن سو کلوگرام تک تھا۔
       

  • اسلام آباد:سینٹ کمیٹی برائے خزانہ واقتصادی امور کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد:سینٹ کمیٹی برائے خزانہ واقتصادی امور کا اجلاس آج ہوگا

    سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اوراقتصادی امور کا اہم اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری اور آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے معاملے پر کمیٹی کے ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی اپنے آج ہونیوالے اجلاس میں حکومت سے پی آئی اے کی نجکاری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لے گی، اس کے علاوہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں نجکاری کے بارے میں حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدے وعید کے بارے میں بھی تفصیلی جواب طلب کیا جائیگا۔

    واضح رہے کہ سینٹ میں حزب اختلاف حکومت کو آئی ایم یف کے ساتھ طے پانے والے معاہدے اور پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے شدید تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے۔