Tag: اے اْر وائی نیوز

  • آتشزدگی اور گیس بھرنے سے بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق

    آتشزدگی اور گیس بھرنے سے بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق

    ملک کے مختلف شہروں میں مکان میں گیس بھرنے اور آتشزدگی کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے اور پانچ خواتین بے ہوش گئیں۔

    فیصل آباد کےعلاقے کھرڑیانوالا میں گزشتہ رات جھوپٹری میں آگ لگنے سے دو بچے آٹھ سالہ اعجاز اور دس سالہ شہزاد جھلس کر جاں بحق جبکہ بچوں کا والد جھلس گیا.

    بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ انھوں نے سردی سے بچنے کیلئے جھونپڑی میں چولہا جلایا تھا جسکے باعث آگ بھڑک اٹھی، بھکر میں کام کے دوران بیکری میں گیس بھر جانے سے بیکری کا ملازم جاں بحق ہوگیا۔

    لاہور میں گلشن راوی کے علاقہ میں گھر میں ہیٹر سے ہونے والی آتشزدگی سے ماں بیٹی جھلس گئیں، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، تحصیل ٹل میں گھر کے کمرے میں کوئلے کی گیس بھرنے سے تین خواتین بے ہوش ہوگئیں ایک کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • لاہور:گیس ہیٹر سے آتشزدگی، 2 بہنیں بری طرح جھلس گئیں

    لاہور:گیس ہیٹر سے آتشزدگی، 2 بہنیں بری طرح جھلس گئیں

    لاہور میں گیس ہیٹر سے آتشزدگی کے باعث دو بہنیں بری طرح جھلس گئیں۔

    لاہور کے علاقے گلشن راوی میں دو بہنیں سردی سے بچنے کے لئے کمرے میں ہیٹر جلا کر بیٹھی تھیں کہ اچانک کمبل ہیٹر پر گر گیا، جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔

    بھڑکنے والی آگ کی شدت اس قدر تھی کہ دونوں بہنوں کا بچنے کا موقع نہیں مل سکا، فضا اور مصباح نامی دونوں بہنیں بری طرح جھلس گئیں، دونوں بہنوں کو فوری طور پر میو اسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈاکٹرز کے مطابق ایک بہن اسی فیصد جبکہ دوسری ستر سے پچھتر فیصد جھلسی ہیں۔
        

       

  • کراچی:زہریلا کھانے سے 2بہنیں جاں بحق،4 کی حالت بگڑ گئی

    کراچی:زہریلا کھانے سے 2بہنیں جاں بحق،4 کی حالت بگڑ گئی

    کراچی کے علاقے کورنگی میں زہریلا کھانا کھانے سے دو سگی بہنیں جاں بحق اور چار کی حالت غیر ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی اکیاون سی کے علاقے میں گھر میں زہریلا کھانا کھانے سے چار افراد کی حالت غیر ہوگئی، جن کو نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو بہنیں ماہم اور زرمین دم توڑ گئیں۔

    دیگر بہنوں میں کبریٰ، سمیہ، مصباح اور جگنی شامل ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
        
       

  • پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر عمل درآمد ممکن نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات کے التواء کی درخواست دی گئی تو حلقہ بندیوں کے لئے درکار وقت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اس کے ساتھ ہی پنجاب حکومت نے انتخابات کے التوا کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے مشاورت شروع کردی ہے، صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔

  • کراچی:پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری

    کراچی:پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری

    کراچی میں پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری ہیں، شہر کے مختلف علاقوں سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم سمیت بیس سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    کراچی میں قیام امن کے لئے پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں، ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے وائر لیس گیٹ کے قریب کاروائی کرکے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔

    ملزمان رینجرز پر فائرنگ میں ملوث تھے، نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے پولیس نے کاروائی کے دوران ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    گرفتار ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، پیر آباد کے علاقے میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیاں کرتے ہوئے چودہ ملزمان کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے مختلف نوعیت کے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔
        
       

  • لیہ:ریلوے اسٹیشن کے قریب، آدھا کلو وزنی دیسی ساختہ بم برآمد

    لیہ:ریلوے اسٹیشن کے قریب، آدھا کلو وزنی دیسی ساختہ بم برآمد

    لیہ ریلوے اسٹیشن کے قریب سے دیسی ساختہ آدھا کلو وزنی بم برآمد کرلیا گیا، بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔

    لیہ ریلوے اسٹیشن کے قریب خالی پلاٹ سے برآمد ہونیوالے آدھا کلو وزنی دیسی ساختہ بم کو سول ڈیفنس لیہ اور بم ڈسپوزل سکواڈ ٹیم نے مشترکہ کاوش سے ناکارہ بنا دیا ہے، بم کی اطلاع مقامی تاجر کی جانب سے دی گئی۔

    بم ڈسپوزل سکواڈ کے ماہرین بم کی ساخت کے حوالے سے جانچ میں مصروف ہیں جبکہ پولیس نے مذکورہ جگہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق کریانہ کے مقامی تاجر شیخ ظفر کو بھی بھتہ کی وصولی کیلئے گھر میں چار بم رکھے جانے کی دھمکی دی گئی، جس پر پولیس نے محلہ شیخانوالہ میں مذکورہ گھر کو گھیرے میں لیکر تلاشی شروع کردی ہے۔

  • را جن پور:بیل دوڑ شہزادہ نامی بیل نے جیت لی

    را جن پور:بیل دوڑ شہزادہ نامی بیل نے جیت لی

    راجن پور کے علاقے میں ہونے والی بیل دوڑ شہزادہ نامی بیل نے اپنے نام کرلی، جیتنے والے بیلوں کے مالکان ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔

    راجن پور کے نواحی علاقے شکار پور میں بیل دوڑ کے مقابلے ہوئے، ہر بیل دوسرے بیل سے خوبصورت تھا، بیلوں کے مالکان بھی معرکہ سر کرنے کیلئے بے تاب تھے، ڈھول بھی بجایا گیا اور منچلوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔

    بیل دوڑ دیکھنے کے لیے بہت سے لوگ آئے ہوئے تھے اور سب کے سب  بہت ہی پرجوش تھے، نئے سال کی پہلی بیل دوڑ جیتنے کا سہرا سجا علی پور کے شہزادہ نامی بیل کے سر رہا، سب بیلوں کو پیچھے چھوڑ کر شہزادہ نامی بیل نے رستم راجن پور کا ٹائیٹل بھی اپنے نام کر لیا۔

    جیتنے والے بیل کے مالک راؤ عمران کامران نے بتایا کہ بیل کو روزانہ دودھ  پلاتے اور مکھن کھلاتے ہیں۔
       

  • عوام کی خدمت کیلئے میدان میں نکل گئے ہیں، فاروق ستار

    عوام کی خدمت کیلئے میدان میں نکل گئے ہیں، فاروق ستار

    ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے میدان میں نکل گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے ابہام دور ہونا چاہیے، اٹھارہ جنوری کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے۔

    ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ضلع شرقی کے دفتر میں آمد کے موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے آر اوز کو رہنمائی فراہم نہیں کی گئی، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام اور مقامی حکومتوں کو ذیادہ بااختیار اور موثر بنانے کی ضرورت ہے، خودمختار مقامی حکومتیں ہی عوام کی ذیادہ خدمت کرسکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین گذشتہ چھ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ بلدیاتی اداروں کی کچرا گاڑیوں کے پاس آئل نہ ہونے کے باعث شہر میں صفائی کا کام بھی متاثر ہوچکا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہروں اور دیہاتوں کو جدید بلدیاتی سہولتیں فراہم کریں گے، جو ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

  • بھارت امن کی پیش کش سے فائدہ اٹھائے، جلیل عباس جیلانی

    بھارت امن کی پیش کش سے فائدہ اٹھائے، جلیل عباس جیلانی

    امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف بھارت سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، بھارت کو ان کوششوں کا مثبت جواب دینا چاہئیے۔

    میڈیا سے گفتگو میں امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف بھارت سے پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں، تعلقات کی بحالی کے لئے بھارت کو یہ موقع گنوانا نہیں چاہئیے۔

    وزیراعظم نواز شریف کی امن کے لئے کی گئی کوششوں کا مثبت جواب دے کر پاک بھارت تعلقات کومعمول پرلایا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کا مکمل انخلا نہیں ہونا چاہئیے کیونکہ افغان عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

  • تیز ترین سینچری کا ریکارڈ ٹوٹنے پر آفریدی حیران

    تیز ترین سینچری کا ریکارڈ ٹوٹنے پر آفریدی حیران

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے تیز ترین سینچری کا ریکارڈ ٹوٹنے پر حیرانگی کا اظہار کیا، انھوں نے کہا خواہش تھی کہ ریکارڈ ان کی رٹائرمنٹ تک برقرار رہتا۔

    اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ صبح وہ سو رہے تھے جب ان کی تیز ترین سینچری کا ریکارڈ ٹوٹنے کے بارے میں بھانجے سے خبر ملی، جسے سن کر وہ کافی حیران ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ کرس گیل اور ڈیوڈ وارنر سے ریکارڈ ٹوٹنے کا خطرہ تھا، سوچا بھی نہیں تھا کہ نیوزی لینڈ کا کوئی کھلاڑی ان کا ریکارڈ توڑ دے گا۔ کولن انڈریسن کے بارے میں کبھی نہیں سنا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ تو بنتے ہیں، ٹوٹنے کے لئے ہیں لیکن ان کی خواہش تھی کہ تیز ترین سینچری کا ریکارڈ ان کی ریٹائرمنٹ تک قائم رہتا لیکن ایسا نہیں ہوا۔