Tag: اے اْر وائی نیوز

  • گھوٹکی:لینڈ کروزر حادثے کا شکار،5افراد جاں بحق

    گھوٹکی:لینڈ کروزر حادثے کا شکار،5افراد جاں بحق

    گھوٹکی میں درگاہ جان پور کے قریب ٹریفک حادثےٹریفک حادثے میں پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    پولیس کے مطابق گھوٹکی میں درگاہ جان پور کے قریب لنک روڈ پر تیز رفتار لینڈ کروزر بے قابو ہوکر نہر میں جاگری، لینڈ کروزر نہر میں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں درگاہ جان پور کے پیر بھی شامل ہیں، لاشوں کو نہر سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
       

  • کراچی:فائرنگ کے مختلف واقعات،انسپکٹرسمیت4 افراد جاں بحق

    کراچی:فائرنگ کے مختلف واقعات،انسپکٹرسمیت4 افراد جاں بحق

    کراچی میں قتل وغارتگری تھمنے میں نہیں آرہی، آج فائرنگ کے مختلف واقعات میں انسپکٹرسمیت چارشہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔

    شہرقائد میں سرگرم قاتلوں نے مزید گھروں کے چراغ گل کر دیئے، میٹروول سائٹ میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں انسپکٹر بہاؤ الدین بابرجاں بحق ہوگئے۔

    ان کی شہادت پر ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات نے کہا کہ قاتلوں کو چن چن کر پکڑیں گے، انچارج سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے کہا کہ بہاؤ الدین بابر نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔

    ڈاکٹر شیرازعلی خواجہ سینیئرمیڈیکل لیگل افسر نے کہا کہ انسپکٹر بابرکو آٹھ گولیاں لگیں جو ان کی موت کاسبب بنی، ایک اور واقعے میں بلدیہ داؤد گوٹھ میں ٹریفک پولیس کانسٹیبل غلام حسین کے گھر میں گھس کر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سےاُن کا بیٹا عدنان جاں بحق جبکہ خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

    سائٹ ایریا میں ہی ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ارشد وہرہ کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے، ادھر ملیر، بلدیہ سعیدآباد میں فائرنگ سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
        
       

  • سال 2013 قومی ایئرلائن کیلئے بدترین خسارے کا سال

    سال 2013 قومی ایئرلائن کیلئے بدترین خسارے کا سال

    پی آئی اے انتظامیہ کی بدنظمی اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے مالیاتی خسارے کی اڑان آسمان کی جانب ہے، سال 2013 بھی قومی ایئرلائن کیلئے بدترین خسارے کاسال ثابت ہوا، خسارہ 200 ارب روپے سے زائد تجاوز کرگیا۔

    قومی ایئرلائن ، باکمال لوگ لاجواب سروس اب ماضی کا حصہ بن چکا ہے، فضاؤں کا سینا چیرتے ہوئے پی آئی اے کے جہاز کبھی پاکستانیوں کے مکمل اعتماد اور دنیا بھر میں پاکستانی وقار کی علامت سمجے جاتے تھے مگر شاہانہ اڑان کو انتظامیہ کی بدنظمی اور ناقص حکمت عملی لے ڈوبی۔

     گذرتے وقت کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کی کوتاہیوں کی وجہ سے قومی ایئرلائن کا موازنہ زوال کی جانب سے گامزن دیگر اداروں کے ساتھ کیا جانے لگا، پروازوں کی روانگی میں تاخیر معمول بن گیا۔

    انجنوں کی عدم دستیابی اور طیاروں کے گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے بڑھتا ہوا خسارہ قومی ایئرلائن کو ایک ایسی کھائی میں دھکیل دیا، جس پر حکومت کو قومی ایئرلائن کی نجکاری کا فیصلہ کرنا پڑا، پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے دس سے زائد طیارے بدستور گراؤنڈ ہیں، جو ادارے پر بوجھ بن رہے ہیں۔

    انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے قومی ایئرلائن کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں بھی کمی آنا شروع ہوگئی، جس کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو مزید خسارے سے دوچار ہونا پڑرہا ہے، پی آئی اے میں گذشتہ چند برسوں کے دوران انتظامیہ تبدیلی کے باعث ہر آنے والے سربراہ نے بلند باگ دعوے کیے اب تو سال بیت گیا مگر بات اب بھی جوں کی توں ہے، اس کے مستقبل کا فیصلہ آنے والا وقت ہی کرے گا۔

  • ملک بھر میں سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ جاری

    ملک بھر میں سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ جاری

    ملک کے بیشترعلاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، شہریوں کا سردی کے مارے برا حال ہوگیا، کوئٹہ اور قلات سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں پانی نے برف کی شکل اختیار کرلی۔

    ملک بھر میں سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ جاری ہے، سردی کی شدت میں بے انتہا اضافے نے شہریوں کے ہاتھ پاؤں سن کر دیئے، سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی کے ساتھ دھند کا بھی راج برقرار ہے۔

    کوئٹہ میں سردی کا اڑتیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے تیرہ درجے نیچے گرگیا، قلات میں بھی درجہ حرارت منفی سولہ ہوگیا، سردی کے باعث سڑکیں سنسان دکھائی دیتی ہیں، لوگ جگہ جگہ الاؤ تاپتے نظر آئے۔

    بلوچستان کے متعدد شہروں میں شدید سردی کے باعث پانی کی ٹنکیوں اور پائپوں میں پانی جم گیا، پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، سیالکوٹ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری نے موسم انتہائی سرد کر دیا۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بدھ تک سردی کی لہر برقرار رہے گی، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان اور مری میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اورسرد رہے گا۔
       

  • سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ،3پاکستانی جاں بحق

    سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ،3پاکستانی جاں بحق

    سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں تین پاکستانی جاں بحق اور بیس زخمی ہوگئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس پاکستانی مسافروں کو لے کر جدہ سے مکہ جا رہی تھی، حادثے کے حوالے تفصیلات حاصل کرنے کے لئے سعودی عرب میں قونصل خانے سے رابطے میں ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
       

  • چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت

    چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق وزیر تعلیم اور دیگر فریقین سے تین جنوری کو جواب طلب کر لیا۔

    چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد  ہائی کورٹ میں ہوئی، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق نوے دن میں نئے چیئرمین کی تعیناتی عمل میں لانی تھی جو اب تک نہیں ہوسکی۔

    عدالت نے وزارت تعلیم اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت تین جنوری تک ملتوی کردی۔
       

  • واشنگٹن:پاکستانی سفیرجلیل عباس نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

    واشنگٹن:پاکستانی سفیرجلیل عباس نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

    سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے امریکا میں پاکستانی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

    سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ پہنچے اور سفیر کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھال لیں، یہ عہدہ سابق سفیر شیری رحمان کے استعفے کے بعد سات ماہ سے خالی تھا۔

    امریکا روانگی سے قبل جلیل عباس جیلانی نے صدر ممنون حسین سے ملاقات کی، جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ وہ پاک امریکا تعلقات کی بہتری اور امریکا میں پاکستان کے مفادات کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں گے۔

    امریکا میں پاکستان کے سفیر کا عہدہ سنبھالنے سے پہلےجلیل عباس جیلانی یورپی یونین اور آسٹریلیا میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔

  • چیئرمین نادرا کیخلاف ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی

    چیئرمین نادرا کیخلاف ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی

    چیئرمین نادرا طارق ملک کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا، ایف آئی اے نے اُنھیں طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

    وفاقی حکومت اور چیئرمین نادرا طارق ملک کے درمیان جاری تنازع ختم نہیں ہورہا، حکومت ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کی وجہ سے انہیں ابھی گھر تو نہیں بھیج سکی، لیکن ان کے خلاف کئی اور محاذ کھول رہی ہے۔

    ایف آئی اے نے کرپشن اور بے ضابطگیوں کے الزام میں انہیں طلب کرلیا ہے، چیئرمین نادرا کو طلبی کا نوٹس انسپکٹر عظمت ملک کی جانب سے بھجوایا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ انکوائری کیلئے پیش ہوں اور ادارے میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا جواب دیں۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے نادرا میں کچھ بے ضابطگیوں کے ثبوت حاصل کیے ہیں، جن کے بارے میں چیئرمین سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
            
         

  • چارسدہ:صوفی بزرگ حضرت بابا صاحب کے مزارمیں دھماکا

    چارسدہ:صوفی بزرگ حضرت بابا صاحب کے مزارمیں دھماکا

    چارسدہ میں حضرت بابا صاحب کے مزار پر دھماکے کے نتیجے میں مزار کو جزوی نقصان پہنچا، واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    چارسدہ میں نامعلوم تخریب کاروں نے صوفی بزرگ حضرت بابا صاحب کے مزار کے عقبی دروازے کے ساتھ ٹائم بم سے زور دار دھماکہ کیا، جس کی آواز کئی میل دور تک سنی گئی۔

    دھماکے کے نتیجے میں مزار کو جزوی نقصان پہنچا، واقعے کے بعد حضرت بابا صاحب کے سینکڑوں عقیدت مند جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے  بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کرلیا۔

    بی ڈی ایس کے مطابق واقعے میں دو کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جسے گھی کے ڈبے میں نصب کیا گیا تھا، جائے وقوعہ سے ڈیٹونیٹر اور دیگر شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں۔

  • پشاور ریگی:پولیس کی مبینہ فائرنگ،ایک شخص ہلاک

    پشاور ریگی:پولیس کی مبینہ فائرنگ،ایک شخص ہلاک

    پشاور ریگی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، اہل علاقہ نے پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ مشتعل افراد نے پولیس کی دو چوکیاں نذر آتش کردیں۔

    پشاور کے مضافاتی علاقے ریگی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے گل داد نامی شخص کی ہلاکت کے بعد اہل علاقہ نے ریگی روڈ پر لاش رکھ کر شدید مظاہرہ کیا۔

    ہزاروں مشتعل مظاہرین نے واقعے کے خلاف علاقے میں قائم پولیس کی دو چوکیوں کو آگ لگا دی، مقامی لوگوں سمیت جاں بحق شخص کے بھانجے کا کہنا ہے کہ پولیس کا رویہ دہشتگردوں سے کم نہیں۔

    ایلیٹ فورس نے الزام لگایا ہے کہ گل داد خان نے گھر میں دہشت گردوں کو گھر میں پناہ دی گئی، اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے لگائے الزام میں صداقت نہیں، جب تک ان کو انصاف نہیں ملے گا، ان کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔