Tag: اے آر وائی نیوز

  • عراق میں کلورین گیس کا اخراج، 600 سے زائد زائرین اسپتال منتقل

    عراق میں کلورین گیس کا اخراج، 600 سے زائد زائرین اسپتال منتقل

    عراق میں کلورین گیس کے اخراج کے باعث 600 سے زائد زائرین کی حالت غیر ہوگئی، سانس لینے میں دشواری کے سبب زائرین کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد فراہم کی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عرافی وزارت صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کربلا میں کلورین گیس کے اخراج سے دم گھٹنے کے 621 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    وزارت کے مطابق تمام متاثرین کو فوری علاج فراہم کیا گیا اور وہ صحتیاب ہو کر اسپتال سے روانہ ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کربلا اور نجف کے درمیان راستے پر واقع ایک واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشن میں کلورین گیس کے اخراج کے سبب رونما ہوا۔

    واضح رہے کہ اس سال لاکھوں زائرین اربعین کے موقع پر امام حسینؓ اور حضرت عباسؓ کے روضہ مبارک پر حاضری دیں گے۔

    عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایت جاری

    سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امور کی جنرل اتھارٹی نے مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین اور نمازیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران سیفٹی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔

    رپورٹ کے مطابق ان سیفٹی گائیڈ لائنز میں محفوظ ایریاز میں رہنا، چھتری کا استعمال، موسمیاتی الرٹ کی مانیٹرنگ، حکام کی ہدایات پر عمل، آسمانی بجلی گرنے پر موبائل فون بند کرنا شامل ہیں۔

    عراق جانے والے زائرین (اربعین) کیلیے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان

    بیان کے مطابق کسی رپورٹ یا استفسار کے لیے ہیلپ لائن 1966 پر کال کرکے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے دوران ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔

  • نیوزی لینڈ بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر تیار

    نیوزی لینڈ بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر تیار

    برطانیہ کے بعد اب نیوزی لینڈ نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ نیوزی لینڈ کی کابینہ ستمبر میں کرے گی۔

    واضح رہے کہ برطانیہ نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا مشروط اعلان کر دیا ہے جبکہ پرتگال، جرمنی اور مالٹا نے بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اشارہ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ کینیڈا بھی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو مشروط طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔

    اس سے قبل اپنے بیان میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

    امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکا دنیا میں مزید امن لانے کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں مقاصد کے حصول کے طریقہ کار پر ہمارا برطانیہ سے اختلاف ہو سکتا ہے۔

    آسٹریلیا جلد ہی فلسطین کو ریاست کو تسلیم کر لے گا، آسٹریلوی وزیراعظم کا اعلان

    جے ڈی وینس نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا کیا معنی رکھتا ہے، جب وہاں کوئی حکومت ہی موجود نہیں ہے، غزہ کے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کا بنیادی ہدف اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ حماس کبھی بھی اسرائیلی شہریوں پر دوبارہ حملہ نہیں کر سکے گی، ہمارے اہداف بہت واضح ہیں۔ ہم اسے بنانا چاہتے ہیں تاکہ حماس معصوم لوگوں پر حملہ نہ کر سکے۔ ہم غزہ میں انسانی مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔

  • بارش کے دوران فوڈ ڈیلیوری بوائے کھلے نالے میں گر گیا، ویڈیو وائرل

    بارش کے دوران فوڈ ڈیلیوری بوائے کھلے نالے میں گر گیا، ویڈیو وائرل

    بھارت کے حیدرآباد میں موسلا دھار بارش کے دوران فوڈ ڈیلیوری بوائے کھلے نالے میں گر گیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے حیدرآباد کے ایل بی نگر علاقے میں طوفانی بارش کے دوران ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جب زومایٹو کا فوڈ ڈیلیوری بوائے سید فرحان کھلے نالے میں گر گیا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ٹی کے آر کمان کے قریب پیش آیا جہاں بارش کے باعث نالہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی تھی۔

    فوڈ ڈیلیوری سید فرحان، جو سنتوش نگر کا رہائشی ہے اور گزشتہ 6 سالوں سے ڈیلیوری بوائے کے طور پر کام کر رہا ہے، ایک کسٹمر کو پارسل پہنچانے کے دوران نالے میں گر کر حادثے کا شکار ہوگیا۔

    اس حادثے میں اس کا موبائل فون پانی میں بہہ گیا اور نئی بائیک جس کی وہ ماہانہ قسطیں ادا کررہا تھا خراب ہو گئی اور نالے میں پھنس گئی۔

    خاتون نے اپنی سوتن کی جان بچانے کے لیے بڑی قربانی دے دی

    سید فرحان کو مقامی لوگوں نے نالے سے نکالا اور رسی کی مدد سے اس کی موٹر سائیکل کو بھی باہر نکالا، تاہم، اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) اور حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    مقامی افراد کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہر میں کھلے نالوں کے قریب واضح انتباہی سائن بورڈز لگائے جائیں تاکہ ایسی ناخوشگوار صورتحال دوبارہ نہ ہوں۔

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 52 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 52 فلسطینی شہید

    غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج کی جانب سے قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 52 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے جبری قحط کے باعث غذائی قلت سے اموات 100 بچوں سمیت 217 ہوگئیں۔

    دوسری جانب الجزیرہ کے معروف صحافی انس الشریف اسرائیلی فوج کے غزہ پر کیے گئے ایک حملے میں پانچ ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے 28 سالہ صحافی انس الشریف اس وقت شہید ہوئے جب اسپتال کے مرکزی دروازے کے باہر صحافیوں کے لئے لگائے گئے ایک خیمے میں موجود تھے جس کو اسرائیلی فوج کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔

    صحافی انس الشریف

    حملے کے نتیجے میں الجزیرہ کے 2 صحافی اور 3 کیمرا آپریٹر شہید ہوئے جن میں انس الشریف، محمد قریقہ، محمد ظاہر، محمد نوفل اور مومین علیوا شامل ہیں

    اسرائیلی فوج نے حملے میں الجزیرہ کے صحافی انس الشریف اور دیگر کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ حماس کے ایک خفیہ سیل کی سربراہی کر رہے تھے۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق انس الشریف اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں پر راکٹ حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

    حماس کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے الزامات پر شدید ردعمل

    ترجمان اقوام متحدہ نے غزہ میں صحافیوں کونشانہ بنانے کی شدید مذمت اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    دریں اثناء غزہ کے سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اکتوبر 2023 میں جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 237 ہوگئی ہے۔

  • امریکی فوج کو خوش آمدید نہیں کہیں گے، میکسیکو نے واضح کردیا

    امریکی فوج کو خوش آمدید نہیں کہیں گے، میکسیکو نے واضح کردیا

    میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شینباؤم کا کہنا ہے کہ اپنے ملک میں امریکی فوج کو خوش آمدید نہیں کہیں گے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شینباؤم نے اپنے ملک میں امریکی فوجی دستوں کے استعمال کو مسترد کر دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم تعاون کرتے ہیں لیکن ایسی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، اسے بالکل مسترد کرتے ہیں۔

    میکسیکو کی صدر کا کہنا تھا کہ یہ کسی بھی معاہدے کا حصہ نہیں ہے، جب بھی اس معاملے کو اٹھایا گیا ہے، ہم نے ہمیشہ اسے مسترد کیا ہے۔

    میکسیکو کی وزارت خارجہ کے مطابق ہم اپنی سرزمین پر امریکی فوج کی کارروائی کو قبول نہیں کریں گے۔ ہمیں منشیات کے کارٹلز سے نمٹنے کے لیے اپنی سرزمین پر امریکی فوجی دستوں کی تعیناتی قبول نہیں ہے۔

    امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے پینٹاگون کو میکسیکو میں منشیات کے کارٹلز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

    اس سے قبل میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شینباؤم نے غزہ کے انسانی بحران پر ردعمل میں کہا تھا کہ ”غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔“

    میکسیکو نیوز ڈیلی نے رپورٹ کیا کہ غزہ کی پٹی اقوام متحدہ کے مطابق ”تاریخی تناسب کا ایک ڈراؤنا خواب“ بن گئی ہے، صدر کلاڈیا شینبام نے کہا ہم صرف الفاظ نہیں عملی اقدامات سے امن چاہتے ہیں۔

    میکسیکو کے مافیاز نے روس یوکرین جنگ سے کیسے فائدہ اٹھایا؟

    میکسیکو نے غزہ میں قحط اور اموات پر اسرائیلی اقدامات کی کھل کر مذمت کی ہے، اور کہا ہے کہ غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے،

    عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے ملک نے کہا کہ اب خاموشی کا وقت نہیں، اقدام کریں۔ جیسا کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے مشترکہ مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کا بحران اب ختم ہونا چاہیے۔

  • جینیفر لوپیز کو استنبول کے اسٹور میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، ویڈیو وائرل

    جینیفر لوپیز کو استنبول کے اسٹور میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، ویڈیو وائرل

    معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ جینیفر لوپیز کو سیکورٹی گارڈز نے ترکی کے شہر استنبول میں واقع معروف فیشن برانڈ کے اسٹور میں داخلے سے روک دیا۔
    
    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جینیفر لوپیز سے اسٹور کے سیکیورٹی گارڈز کا کہنا تھا کہ اندر جگہ موجود نہیں ہے اور گلوکارہ کو اندر جانے سے روک دیا جس پر اداکارہ نے پرسکون انداز میں جواب دیا، ”ٹھیک ہے، کوئی بات نہیں،” اور وہاں سے چلی گئیں۔

    ایک مداح نے واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کردی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ بعد ازاں جب اسٹور کے عملے کو اپنی غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے لوپیز کو واپس اسٹور وزٹ کرنے کی دعوت دی، مگر لوپیر نے صاف منع کردیا۔

    جینیفر لوپیز ایک بار پھر قانونی تنازعے کا شکار، مقدمہ درج

    
    رپورٹس کے مطابق جینیفر لوپیز نے اس کے بعد دیگر معروف برانڈز سے خریداری کی اور روانہ ہوگئیں۔ واضح رہے کہ گلوکارہ ترکی میں اپنی ”اپ آل نائٹ: لائیو” کنسرٹ ٹور کے سلسلے میں موجود ہیں، جس کا اختتام 12 اگست کو ہوگا۔

    اداکارہ نے حال ہی میں اپنی 56ویں سالگرہ منائی اور انسٹاگرام پر اپنے چاہنے والوں کے لئے تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

  • نریندر مودی کی انتخابی جیت پر راہول گاندھی نے سوال اُٹھا دیا

    نریندر مودی کی انتخابی جیت پر راہول گاندھی نے سوال اُٹھا دیا

    بھارت میں پچھلے انتخابات میں نریندر مودی کی جیت پر بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے سوال اٹھا دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ بھارتی الیکشن کمیشن نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ مل کر عام انتخابات میں ووٹ چرائے اور عوام سے اُن کا حق چھین لیا۔

    کانگریس کے رہنما اس حوالے سے دستاویزی ثبوت سامنے لے آئے اور کہا کہ کہیں ڈپلی کیٹ ووٹر آئی ڈیز بنائی گئیں تو کچھ حلقوں میں مکانوں کے جعلی ایڈرس بنائے گئے۔

    رپورٹس کے مطابق کانگریس رہنما نے الزام عائد کیا کہ کہیں جعلی تصاویر کا استعمال کیا گیا، کم سے کم 100 سے زیادہ نشستوں پر ڈاکا ڈالا گیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اگر جعل سازی نہ ہوتی تو مودی آج بھارت کے وزیراعظم نہ ہوتے۔ پچھلے انتخابات میں بی جے پی، مودی اور ان کے ساتھیوں نے آئین پر حملہ کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن جو کر رہا ہے وہ غداری ہے، ہم کارروائی کریں گے، یہ بچ نہیں سکیں گے۔

    دوسری جانب امریکا کی جانب سے مزید ٹیرف عائد کرنے ہر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی پُراسرار خاموشی پر شدید برہمی کا اظہار کر دیا۔

    اڈانی کیخلاف امریکی تحقیقات مودی کی خاموشی کی وجہ ہے، راہول گاندھی

    راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا 50 فیصد ٹیرف عائد کرنا معاشی بلیک میلنگ ہے، یہ ایک غیر منصفانہ تجارتی معاہدے میں بھارت کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بہتر ہے وزیر اعظم نریندر مودی اپنی کمزوری کو بھارتی عوام کے مفادات پر غالب نہ آنے دیں۔

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، مزید 36 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، مزید 36 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں کے دوران مزید 36 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر مکمل قبضے کے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کے بعد جمعے کو بھی دن بھر غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری رہا۔

    رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری سے امداد کے منتظر 21 فلسطینیوں سمیت مزید 36 فلسطینی شہید ہو گئے۔

    غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھوک سے مزید 4 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے بعد اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک غذائی قلت سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 201 ہو گئی ہے، جن میں 98 بچے بھی شامل ہیں۔

    اسرائیل نے غزہ میں غیر ملکی امدادی ایجنسیوں کو کام کرنے سے روک دیا ہے اور خوراک کی تقسیم صرف اسرائیلی اور امریکی انتظامیہ کے تحت کی جارہی ہے۔

    اسرائیلی فوج اور امریکی کانٹریکٹرز کی جانب سے غزہ میں خوراک کی تقسیم کے دوران خوراک کے لیے کھڑے فلسطینیوں پر فائرنگ کرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے جن کی ویڈیوز بھی سامنے آچکی ہیں۔

    5 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کے پلان کی مذمت کر دی

    رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جنگ میں 61 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

  • سلمان خان بگ باس 19 کا کتنا معاوضہ لیں گے، حیران کُن انکشاف

    سلمان خان بگ باس 19 کا کتنا معاوضہ لیں گے، حیران کُن انکشاف

    بھارتی فلم انڈسٹری کے بھائی جان سپر اسٹار سلمان خان کے ریئلٹی شو بگ باس 19 کی میزبانی کے حوالے سے حیران کر دینے والی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت سمیت کئی ممالک میں مشہور و معروف ریئلٹی شو بگ باس کا سیزن 19 اس ماہ سے نشر ہوگا جس کی میزبانی سلمان خان کریں گے۔

    بھارتی میڈیا میں سلو بھائی کی ریئلٹی شو بگ باس 19 میں میزبانی کرنے کے معاوضے سے متعلق کچھ دعوے سامنے آئے ہیں۔

    ریئلٹی شو بگ باس 19 کے میزبان سلمان خان کے 3 ماہ کے معاوضے سے متعلق اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ یہ بھارتی وزیراعظم مودی کی ایک سال کی تنخواہ سے بھی بہت زیادہ ہے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سلمان خان بگ باس 19 کے ایک ویک اینڈ ایپی سوڈ کے لیے 8 سے 10 کروڑ بھارتی روپے وصول کریں گے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت میں وزیراعظم کے عہدے کی ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ 66 ہزار بھارتی روپے ہے۔ دبنگ خان کسی بھی بھارتی وزیراعظم سے تقریباً 600 گنا زیادہ رقم وصول کریں گے۔

    دوسری جانب بالی وڈ کی مشہور فلم بجرنگی بھائی جان کے مداحوں کے لئے اہم خبر سامنے آگئی، 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی تھی۔ سلمان خان کی بہترین پرفارمنس نے فلم کو چار چاند لگا دیئے تھے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کو 63 ویں نیشنل فلم ایوارڈس میں بہترین پاپولر فلم پرووائیڈنگ ہولسم انٹرٹینمنٹ کا ایوارڈ حاصل ہو چکا ہے۔

    فلم میں جذبات، ڈرامہ سب کچھ تھا اور اس فلم کے ذریعے سماجی پیغام بھی پہنچایا گیا تھا، دبنگ خان کے چاہنے والے بے صبری سے اس کے اگلے پارٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔

    اسی دوران یہ خبر آئی ہے کہ سلمان خان نے مشہور فلم کے رائٹر سے ملاقات کی اور فلم کے دوسرے پارٹ کو لے کر پلاننگ شروع ہوچکی ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ فلم کا دوسرا پارٹ بھی جلد آسکتا ہے۔

    ’گاڑی کو بم سے اڑا دیں گے‘ سلمان خان کو جان سے مارنے کی ایک اور دھمکی

    فلم انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دبنگ خان نے کچھ دن پہلے وی ویجے اندرا پرساد سے ملاقات کی ہے۔ دونوں نے ایک آئیڈیا پر بات کی ہے ساتھ ہی یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس پروجیکٹ میں ڈائریکٹر کبیر خان بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ یعنی سلمان ویجے اندرا پرساد اور کبیر خان کی جوڑی ایک بار پھر ساتھ آ سکتی ہے مگر اس حوالے سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

  • اسرائیل اور مصر کے درمیان 35 ارب ڈالر مالیت کا بڑا معاہدہ

    اسرائیل اور مصر کے درمیان 35 ارب ڈالر مالیت کا بڑا معاہدہ

    اسرائیل اور مصر کے درمیان 35 ارب ڈالر مالیت کا تاریخی گیس معاہدہ طے پا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور مصر کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت مصر کو 2040ء تک تقریباً 130 ارب مکعب میٹر قدرتی گیس فراہم کی جائے گی۔

    رپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں مصر کو 20 ارب مکعب میٹر گیس کی فراہمی جبکہ اضافی پائپ لائنز کی تنصیب کے بعد 2026ء کے آغاز میں شروع کردی جائے گی۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق گیس فراہم کرنے والی اسرائیلی کمپنی نیومڈ (NewMed) نے اس معاہدے کو اسرائیل کے گیس ذخائر کی دریافت کے بعد سب سے بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ نیا معاہدہ اسرائیل اور مصر کے درمیان موجودہ گیس معاہدے کی توسیع اور خطے میں توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے کی کوشش ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصر کی وزارتِ پیٹرولیم نے فوری طور پر اس معاہدے پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔

    دوسری جانب برطانوی وزیراعظم اور آسٹریلیا نے اسرائیل کے غزہ پر کنٹرول سے متعلق فوری نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کا غزہ شہر کا کنٹرول سنبھالنے کا فیصلہ غلط تھا اور اسرائیلی حکومت پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی ہے۔

    امریکا نے 2023 کے بعد اسرائیل کو کتنی مالیت کا ہتھیار فراہم کیا؟ رپورٹ میں اہم انکشاف

    انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کا غزہ میں جارحیت کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ غلط ہے، اور ہم اس پر فوری طور پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کرتے ہیں، غزہ میں ہر روز انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے فوری جنگ بند کی جائے۔