Tag: اے آر وائی نیوز

  • راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی

    راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی

    راولپنڈی: ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں 7 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، اس دوران احتجاجی ریلیاں، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، مظاہروں پر پابندی لگادی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد مری روڈ کے مختلف علاقوں میں پولیس کی تعیناتی کا عمل جاری ہے۔

    اس کے علاوہ مرید چوک، لیاقت باغ، کمیٹی چوک، رحمان آباد، ڈبل روڈ، فیض آباد شامل ہیں، مختلف چوراہوں پر قیدیوں کی وین بھی کھڑی کی جائیں گی۔

    پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 1403 ٹریفک حادثے

    دوسری جانب بانی پی ٹی آئی سے ممکنہ ملاقات اور 5 اگست کی احتجاج کی کال کی مناسبت سے اڈیالہ جیل اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

    جیل کے اندر رینجرز اور جیل سیکیورٹی الرٹ کرکے نگرانی سخت کردی گئی ہے۔ جیل حکام نے پولیس کوسیکیورٹی انتظامات سے متعلق خط ارسال کیا تھا۔

  • گونگی بہری 7 سالہ بچی سے زیادتی، ملزم آزاد

    گونگی بہری 7 سالہ بچی سے زیادتی، ملزم آزاد

    بھارتی ریاست راجھستان کے ضلع جے پور میں 7 سالہ گونگی بہری بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا، پولیس تاحال ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متاثرہ بچی گزشتہ روز دوپہر سے لاپتہ تھی، جو شام میں اپنے گھر کے قریب سے ملی، اس کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ جب بچی کو گھر لایا گیا تو وہ کانپ رہی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق متاثرہ بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا تو وہاں پر بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اس کے والد نے نامعلوم ملزم کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ بچی نہ بول سکتی ہے اور نہ سن سکتی ہے، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے اور ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اوکاڑہ میں دھاگہ خریدنے گئی ایک آنکھ کی بینائی سے محروم 11 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    ڈی پی او اوکاڑہ کے مطابق دکان کے قریب بچی کے رونے کی آواز پر ملزم بھاگ گیا تاہم پولیس نے ملزم وسیم کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    لاہور: شوہر کے سامنے خاتون سے مبینہ زیادتی کرنیوالے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

    ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہے ملزم کو سزا دلوائی جائے گی، اس سے قبل تھانہ صدر کے علاقہ میں ایک خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اسکی کمسن بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    خاتون نے پولیس کو بتایا کہ 11 سالہ بیٹی ٹیوشن سے واپس آ رہی تھی کہ ملزم حیدر اسے ورغلا کر اپنے ساتھ لے لیا گیا اور ویرانے میں لے جا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

  • حارث رؤف کا وکٹ لینے کے بعد انوکھا انداز سوشل میڈیا پر وائرل

    حارث رؤف کا وکٹ لینے کے بعد انوکھا انداز سوشل میڈیا پر وائرل

    پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے فاست بالر حارث رؤف کا ’اورا فارمنگ‘ ڈانس سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر حارث رؤف کی منفرد ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے فلوریڈا میں گزشتہ روز ہونے والے تیسرے فیصلہ کُن ٹی ٹوئنٹی میچ میں جیول اینڈریو کی وکٹ لینے کے بعد فاسٹ بولر نے غیر متوقع طور پر انوکھے انداز میں جشن منایا، جو سوشل میڈیا صارفین کو بھا گیا۔

    فاسٹ بولر نے ایک کیچ ڈراپ کے سبب آؤٹ ہونے سے بچ جانے والے ویسٹ انڈیز کے بلے باز جیول اینڈریو کو 15 گیندوں پر 24 رنز اسکور کرنے کے بعد پویلین کی راہ دکھادی۔

    حارث نے جیول اینڈریو کی وکٹ پر سوشل میڈیا ٹرینڈ ’اورا فارمنگ‘ ڈانس اسٹیپس کرکے جشن منایا، جو فوری طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے میچ میں 190 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے میچ 13 رنز سے جیت لیا۔

    ہر سیریز ورلڈکپ کو مد نظر رکھ کر کھیل رہے ہیں، سلمان علی آغا

    پاکستان کی جانب سے حسن علی، حارث رؤف، صائم ایوب، سفیان مقیم اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، قومی ٹیم نے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز اسکور کیے۔

    صاحبزادہ فرحان 74 اور صائم ایوب 66 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسن نواز 15 اور محمد حارث 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

  • 1000 نئی ملازمتیں، پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری

    1000 نئی ملازمتیں، پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد: پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت آئندہ چند سالوں میں پاکستان میں 1000 نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، جن کے لیے ایسی افرادی قوت تیار کرنا ضروری ہے جو جدید صنعتوں اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے تقاضوں پر پوری اترے۔

    تفصیلات کے مطابق سی پیک کا اگلا مرحلہ ”کاروبار سے کاروبار“ تعاون اور صنعتی ترقی پر مبنی ہے، جس کے تحت پاکستان کی معیشت کو دیرپا بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔

    حکومت ”اُڑان پاکستان“ پروگرام کو رہنما اصول بناتے ہوئے اور چین کے پیشہ ورانہ تعلیم کے کامیاب ماڈل کو اپناتے ہوئے سرکاری اور نجی شعبے کو مل کر نوجوانوں کو چوتھے صنعتی انقلاب کے لیے تیار کرنا ہے۔

    یہ اقدامات پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک انقلابی سفر کا آغاز ہیں۔ ”اُڑان پاکستان پروگرام“ اور”سی پیک“ کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کر کے نوجوان نسل کو مستقبل کی مہارتیں دی جا رہی ہیں، تاکہ ملک کی آبادی کو بوجھ نہیں بلکہ معیشت کی طاقت بنایا جا سکے۔

    پاکستان کی دو تہائی آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، جو دنیا کی سب سے کم عمر ورک فورس میں شمار ہوتی ہے اور یہی پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ تاہم، موجودہ دور میں جہاں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، بگ ڈیٹا، اور گرین ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، وہاں روایتی ملازمتوں کی نوعیت بدل رہی ہے اور نئی مہارتوں کی شدید ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال بیجنگ میں ہزہ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور نیوٹیک کے درمیان معاہدہ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چوتھا صنعتی انقلاب صرف ان اقوام کو فائدہ دے گا جو مہارت، جدت اور مطابقت پذیری میں آگے ہوں گی۔

    اگر ہم نے بروقت تیاری نہ کی تو ہم اپنی پوری نوجوان نسل کو مواقع سے محروم کر دیں گے۔ لیکن اگر ہم حوصلے اور بصیرت کے ساتھ فیصلے کریں تو پاکستان ایک نئے دورِ صنعتی ترقی اور خوشحالی میں داخل ہو سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ”اُڑان پاکستان پروگرام“ کے تحت قومی اقتصادی تبدیلی کے منصوبے میں نوجوانوں کی مہارت سازی ہماری ”5Es فریم ورک”کا کلیدی ستون ہے۔

    برطانوی اخبار گارجین میں سی پیک سے متعلق رپورٹ مکمل جھوٹ ہے، چین

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ نیو ٹیک اب تک 15 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دے چکا ہے جن میں سے 70 فیصد کو باعزت ملازمتیں ملی ہیں اور ان کی آمدنی میں اوسطاً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

  • پاکستان کی 100 ٹن امدادی سامان کی کھیپ فلسطین روانہ کردی گئی

    پاکستان کی 100 ٹن امدادی سامان کی کھیپ فلسطین روانہ کردی گئی

    لاہور: غزہ میں خوراک کے شدید بحران کے شکار فلسطینی خاندانوں کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے 100 ٹن امدادی سامان کی 28 ویں کھیپ اسلام آباد سے روانہ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امدادی سامان کی نئی کھیپ این ڈی ایم اے اور حکومت پاکستان کے تعاون سے روانہ کی گئی۔ خصوصی طیارے میں امداد ی سامان، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن، این ڈی ایم اے حکام نے روانہ کیا، جو اسلام آباد سے اردن کے دارالحکومت عمان پہنچے گا اور پھر غزہ کے بے گھر فلسطینی بہن بھائیوں اور بچوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے الخدمت فاؤنڈیشن کے کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی، انہوں نے غزہ میں جاری امدادی آپریشن پر الخدمت کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

    صدر الخدمت ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے بہن بھائیوں کے لیے بھیجی گئی امداد میں 65 ٹن کین فوڈ، بچوں کے لیے 20 ٹن خشک دودھ، 5 ٹن بسکٹ اور 10 ٹن ادویات شامل ہیں۔

    الخدمت گزشتہ 22 مہینوں سے ہر ممکن ذرائع سے مسلسل غزہ کے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک ہزاروں ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کیلئے روانہ کرچکی ہے۔

    جن میں غذائی اجناس، تیارکھانا، گوشت، ادویات، خیموں سمیت دیگر امدادی سامان بھیجا گیا۔24 امدادی کھیپ بذریعہ ائیر کارگو جبکہ چار امدادی کھیپ بحری جہاز کے ذریعے غزہ متاثرین کیلیے روانہ کی گئیں۔

    مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں الخدمت کا کیمپ آفس مسلسل ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے غزہ کیاندر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں تیار کھانا، صاف پانی کی فراہمی سمیت امدادی سامان متاثرین کوفراہم کیا جارہاہے، الخدمت اردن، لبنان میں بھی غزہ متاثرین کیلیے امدادی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے الخدمت، امدادی سامان کی فراہمی کاسلسلہ جاری رکھے گی اور ہرممکن طریقے سے غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں کے ریلیف کیلئے اقدامات کرے گی۔

    اٹلی سے غزہ کے مظلوم بچوں کیلئے امدادی سامان لیکر جہاز روانہ

    انھوں نے کہا کہ اس سے قبل الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کے سٹوڈنٹس کو پاکستان لایا جو یہاں زیرتعلیم ہیں، اگلے مراحل میں مریضوں بالخصوص کینسر جیسے مرض کا شکار غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں کو پاکستان لائیں گے الخدمت فاؤنڈیشن ان کی میزبانی کرتے ہوئے ان کے علاج کے تمام ترانتظامات کرے گی۔

  • نیتن یاہو کی حماس کو آخری مہلت، غزہ میں 62 فلسطینی شہید

    نیتن یاہو کی حماس کو آخری مہلت، غزہ میں 62 فلسطینی شہید

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کو زیر حراست اسرائیلیوں کی واپسی کے لیے امریکی تعاون سے ایک ”آخری مہلت” دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے مزید 62 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کی سربراہی میں اسرائیلی کابینہ آج اہم اجلاس کرے گی جس میں غزہ سے متعلق آئندہ اقدامات پر فیصلے ہونے کی توقع ہے۔

    اسرائیلی نشریاتی ادارے نے سکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کی کسی بھی ممکنہ ڈیل کے امکانات کے بارے میں سکیورٹی اداروں میں شدید مایوسی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے حماس کو خبردار کیا ہے کہ جب تک اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا، غزہ میں جنگ بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

    غزہ میں طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کی پٹی میں 62 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

    طبی ذرائع کے مطابق امداد کے منتظر آٹھ فلسطینی زکیم کے علاقے میں اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بنے، جنہیں بعد ازاں ہسپتال الشفاء منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسرائیل نے امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخلے سے روک دیا

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس شہر میں رہائشی عمارتوں کو بارودی روبوٹز کے ذریعے تباہ کیا، جس کے نتیجے میں شدید دھماکے ہوئے۔

  • اسرائیل نے امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخلے سے روک دیا

    اسرائیل نے امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخلے سے روک دیا

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، موجود حکومتی میڈیا آفس نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے 22 ہزار سے زائد انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روکے گئے ٹرکوں میں زیادہ تر اقوام متحدہ، بین الاقوامی تنظیموں اور دیگر امدادی اداروں کی طرف سے بھیجی گئی اشیائے خورونوش، دوائیں اور دیگر ضروری امداد شامل ہے۔

    غزہ میڈیا آفس نے اس اقدام کو ”بھوک، محاصرے اور افراتفری پر مبنی ایک منظم اسرائیلی پالیسی” کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج جان بوجھ کر ان ٹرکوں کو سرحدی داخلی راستوں پر روکے بیٹھی ہیں۔

    میڈیا آفس کے مطابق اسرائیل کا یہ عمل ایک جنگی جرم ہے اور یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ اسرائیل کو اس انسانی بحران اور نسل کشی کے بڑھتے ہوئے اقدامات کا مکمل ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق اسرائیل کے ساتھ ساتھ وہ ریاستیں بھی اس جرم میں شریک ہیں جو خاموشی یا بالواسطہ مدد کے ذریعے اس پالیسی کا حصہ بن چکی ہیں۔

    غزہ میڈیا آفس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام رُکے ہوئے امدادی ٹرکوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر غزہ میں داخل ہونے دیا جائے، تمام سرحدی راستے کھولے جائیں اور عام شہریوں تک محفوظ امداد کی ترسیل یقینی بنائی جائے۔

    دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اسیروں کو کھانا پہنچانے کے لئے ریڈکراس کی درخواستوں کو قبول کیا جائے گا۔

    سینکڑوں اسرائیلی سیکیورٹی افسران کا غزہ میں جنگ بندی کے لیے ٹرمپ کو خط

    کتائب القسام کے عسکری ترجمان ابو عبیدہ نے اعلان کیا ہے کہ القسام اسرائیلی قیدیوں کے لیے خوراک اور ادویات پہنچانے کے لیے ریڈ کراس کی کسی بھی درخواست پر مثبت جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ یہ انسانی اقدام اسی وقت ممکن ہوگا جب غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کا مسلسل داخلہ یقینی بنایا جائے اور امدادی پیکجز کی تقسیم کے دوران اسرائیلی فضائی نگرانی روکی جائے۔

  • عبدالرزاق سے شادی سے متعلق افواہیں، تمنا بھاٹیا نے خاموشی توڑ دی

    عبدالرزاق سے شادی سے متعلق افواہیں، تمنا بھاٹیا نے خاموشی توڑ دی

    سابق پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق کے ساتھ تعلقات کی افواہوں پر بالی ووڈ اداکارہ تمنا بھاٹیا نے پہلی بار خاموشی توڑ دی۔

    رپورٹس کے مطابق کئی سال پہلے اس وقت دونوں کی خفیہ شادی کی افواہ اس وقت زور پکڑ گئی تھی جب تمنا بھاٹیا اور عبدالرزاق کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ یہ تصویر ایک جیولری اسٹور کی افتتاحی تقریب کی تھی، جس میں دونوں شریک ہوئے تھے۔

    تاہم اب بھارتی اداکارہ نے اس معاملے پر وضاحت دے دی، اُن کا اس خبر پر ہنستے ہوئے کہنا تھا کہ سوشل میڈیا واقعی ایک تفریح گاہ ہے، یہ سب سے بیتُکی باتیں ہیں۔

    بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ہم نے صرف ایک جیولری اسٹور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی، جہاں عبدالرزاق اور میں اتفاقاً شریک ہوئے تھے، نہ اس سے پہلے کوئی تعلق تھا نہ بعد میں۔ ہمارا کوئی رابطہ تک نہیں تھا، لوگ خود ہی کہانیاں گھڑ لیتے ہیں۔

    تمنا کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ پر گردش کرتی خبروں کے مطابق تو میری عبدالرزاق سے شادی بھی ہو چکی تھی۔ انہوں نے پاکستانی کرکٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’معاف کیجیے گا سر، آپ کے تو بچے ہیں۔‘

    ’میں ابھی اسکول میں ہوں‘ تمنا بھاٹیا کی ویڈیو وائرل

    انہوں نے کہا کہ میں ان سے صرف ایک دن کے لیے ملی تھی، شوٹ کے بعد نہ کبھی بات ہوئی اور نہ ملاقات۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے انٹرویو میں کرکٹر ویرات کوہلی کے ساتھ مبینہ تعلقات کی افواہوں پر بھی کھل کر وضاحت دی۔

  • ہر سیریز ورلڈکپ کو مد نظر رکھ کر کھیل رہے ہیں، سلمان علی آغا

    ہر سیریز ورلڈکپ کو مد نظر رکھ کر کھیل رہے ہیں، سلمان علی آغا

    قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد یہی ہے کہ ورلڈکپ کیسے جیتنا ہے، دبئی کی کنڈیشنز کافی مختلف ہیں، ان کنڈیشنز کے بعد جب دبئی جانا ہوگا تو ہمیں اس کا کافی فائدہ ہوگا۔

    سلمان علی آغا کا امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جتنی بھی سیریز کھیلی ہیں یا آگے کھیلنی ہیں وہ تمام ورلڈکپ کو مد نظر رکھ کر کھیل رہے ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف ہوم اور اوے سیریز، ابھی ویسٹ انڈیز پھر ٹرائی نیشن اور ایشیاء کپ یہ تمام سیریز ورلڈ کپ کو دیکھ کر کھیل رہے ہیں۔

    کپتان نے کہا کہ اس سیریز میں صائم ایوب اچھی بولنگ کر رہا تھا، دوسری طرف پریشر بڑھانے کے لیے صفیان مقیم سے بھی بولنگ کروانی تھی، آگے آپ مجھے بولنگ کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

    اُنہوں نے کہا کہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ پہلے 2 میچز سے آج کی پچ بہتر تھی، ہم نے سوچا تھا کہ اگر 160 یا 170 کرتے ہیں تو ڈیفینڈ کر لیں گے، جس طرح سے اوپنرز نے آغاز دیا اور ایسا اسٹارٹ ملے تو آپ 180 یا 190 کر لیتے ہیں، اندازہ تھا کہ پاور پلے میں جب گیند پرانا ہوگا تو جتنا بھی اچھا پچ ہو گیند گرپ ضرور کرے گا اور وہی ہوا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے میچ میں 190 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے میچ 13 رنز سے جیت لیا۔

    فخر زمان ہیمسٹرنگ انجری کا شکار، دورہ ویسٹ انڈیز سے باہر

    پاکستان کی جانب سے حسن علی، حارث رؤف، صائم ایوب، سفیان مقیم اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، قومی ٹیم نے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز اسکور کیے۔

    صاحبزادہ فرحان 74 اور صائم ایوب 66 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسن نواز 15 اور محمد حارث 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

  • سعودی عرب: غیرملکی ڈاکٹر اور اہلیہ گاڑی میں دم گھٹنے سے ہلاک

    سعودی عرب: غیرملکی ڈاکٹر اور اہلیہ گاڑی میں دم گھٹنے سے ہلاک

    سعودی عرب میں غیرملکی ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ گاڑی کے اندر دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شقرا ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر عبدالعزیز ادریس اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر اسما احمد شقرا کے ایک میڈیکل کمپلکس میں فزیشن تھے۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں ریاض کے ایک ریستوران کے باہر گاڑی میں کھانے کے آرڈر کا انتظار کر رہے تھے کہ کار کے ایئرکنڈیشنر سے گیس لیک ہونے پر غیرملکی ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ جاں بحق ہوگئے۔ دونوں ایک دن کے لئے ریاض پہنچے تھے۔

    گزشتہ روز شقرا گورنریٹ کے ایک ریسٹ ہاؤس میں تعزیتی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کے ساتھیوں نے شرکت کی، اس نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    شرکا نے دونوں ڈاکٹروں کے اعلیٰ اخلاق، کام کی لگن، ساتھیوں اور مریضوں کے ساتھ کے حسن سلوک کی تعریف کی۔

    اس سے قبل سعودی عرب کے شہر طائف کے تفریحی پارک میں جھولا ٹوٹنے سے 23 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بعض کی حالت نازک ہے، طائف میں موجود گرین ماؤنٹین پارک میں جھولا جھولنے کے دوران اچانک جھولے کا پائپ ٹوٹ گیا۔

    سعودی عرب: 12 لاکھ سے زائد عمرہ زائرین کی مملکت آمد

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جھولے میں متعدد افراد موجود ہیں اس دوران اچانک جھولا ٹوٹ جاتا ہے۔ جس کے بعد چیخ و پکار مچ جاتی ہے۔