Tag: اے آر وائی نیوز

  • نئی امریکی پابندیاں، ایران کا ردِعمل سامنے آگیا

    نئی امریکی پابندیاں، ایران کا ردِعمل سامنے آگیا

    امریکا کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کی ایران کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے اور اسے غیرقانونی، ظالمانہ اور ایرانی قوم کے خلاف کھلی دشمنی پر مبنی اقدام قرار دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں کا مقصد ایران کو کمزور کرنا، ایرانی عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کرنا ہے۔

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیاں بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، امریکا کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے، ایرانی قوم اپنے وقار اور مفادات کا بھرپور طریقے سے دفاع کرے گی اور وہ یہ کرنا جانتی ہے۔

    اُنہو ں نے کہا کہ پابندیاں اور دھمکیاں ایرانی قوم کے پختہ عزم، قومی خودمختاری کے تحفظ کے جذبے کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

    واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے گزشتہ روز ایران کے شپنگ نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو مردہ قرار دے دیا

    امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کی زد میں آنے والا ایرانی شپنگ نیٹ ورک ایرانی حکومت کو اربوں ڈالر کا منافع پیدا کر کے دیتا ہے، یہ نیٹ ورک ایران اور روس سے تیل، پیٹرولیم مصنوعات دنیا بھر کے خریداروں تک منتقل کرتا ہے۔

  • آسٹریلوی نو منتخب سینیٹر کی نومولود بچے کے ہمراہ پارلیمنٹ میں پہلی تقریر

    آسٹریلوی نو منتخب سینیٹر کی نومولود بچے کے ہمراہ پارلیمنٹ میں پہلی تقریر

    آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ کی نو منتخب لیبر پارٹی کی سینیٹر کورین ہولینڈ اپنے نومولود بچے کے ہمراہ پارلیمنٹ میں پہلا خطاب کرنے پہنچ گئیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نو منتخب سینیٹر نے بچے کو گود میں لیے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کا بیٹا ان کی طاقت ہے جو اس بات کی نشاندہی ہے کہ وہ یہاں کیوں ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماؤں کے لیے انہیں کام کی جگہ ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ آسانی سے اپنے بچوں کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے سکیں۔

    آسٹریلیا کا ویزہ حاصل کرنے کا سب سے آسان طریقہ

    سوشل میڈیا پر بھی آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ کی نو منتخب لیبر پارٹی کی سینیٹر کورین ہولینڈ کی ویڈیو کافی مقبول ہو رہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے تعریفی کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

  • غزہ میں غذائی قلت سے اموات کا سلسلہ تیز ہوگیا

    غزہ میں غذائی قلت سے اموات کا سلسلہ تیز ہوگیا

    غزہ: فلسطین کے علاقے غزہ میں انسانی بحران مزید شدت اختیار کرگیا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غذائی قلت کے باعث مزید 7 افراد جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 2023ء میں اسرائیل-حماس جنگ کے آغاز سے اب تک 154 افراد قحط اور غذائی قلت کے باعث اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جن میں 89 بچے شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز اقوام متحدہ کے تعاون سے کام کرنے والے عالمی ماہرینِ غذائی تحفظ نے خبردار کیا کہ غزہ میں قحط کا بدترین منظرنامہ اب عملی طور پر رونما ہو رہا ہے۔

    اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ غزہ میں امدادی سامان کے داخلے پر کوئی پابندی عائد نہیں کر رہا، تاہم اس بیان کو یورپی اتحادیوں، اقوام متحدہ اور غزہ میں سرگرم امدادی تنظیموں نے مسترد کر دیا ہے۔

    فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 60 ہزار 138 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ ان حملوں میں اب تک ایک لاکھ 46 ہزار 269 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    اسرائیلی فنکاروں، دانشوروں کو اپنے ہی ملک کے خلاف بین الاقوامی برادری سے بڑا مطالبہ کرنا پڑ گیا

    رپورٹس کے مطابق شہداء میں 18 ہزار 500 فلسطینی بچے بھی شامل ہیں۔

    امریکی اخبار نے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے بچوں کے نام جاری کردیے ہیں۔ 900 سے زائد بچے اپنی پہلی سالگرہ سے پہلے ہی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

    دوسری جانب غزہ میں فسلطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف سابق اسپیکر بھی بول اٹھے۔

  • سعودی عرب: تفریحی پارک میں خوفناک حادثہ، جھولا ٹوٹنے کی ویڈیو وائرل

    سعودی عرب: تفریحی پارک میں خوفناک حادثہ، جھولا ٹوٹنے کی ویڈیو وائرل

    سعودی عرب کے شہر طائف کے تفریحی پارک میں جھولا ٹوٹنے سے 23 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بعض کی حالت نازک ہے، طائف میں موجود گرین ماؤنٹین پارک میں جھولا جھولنے کے دوران اچانک جھولے کا پائپ ٹوٹ گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جھولے میں متعدد افراد موجود ہیں اس دوران اچانک جھولا ٹوٹ جاتا ہے۔ جس کے بعد چیخ و پکار مچ جاتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد طائف کے متعدد اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا گیا، جہاں زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    سعودی عرب: غزہ کیلیے غذائی امداد سے لدے مزید ٹرک روانہ

    سیکیورٹی اور ہنگامی خدمات کے ادارے نے فوری طور پر ایکشن لیا جبکہ متعلقہ حکام نے جھولے میں خرابی کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان بڑا تجارتی معاہدہ

    امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان بڑا تجارتی معاہدہ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے ساتھ ایک مکمل اور جامع تجارتی معاہدے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت جنوبی کوریا امریکا میں 350 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سرمایہ کاری کا مکمل کنٹرول اور انتخاب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر نگرانی امریکی حکومت کے پاس ہوگا۔

    امریکی صدر کا ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جنوبی کوریا آئندہ ہفتوں میں مزید سرمایہ کاری کی تفصیلات بھی جاری کرے گا۔

    اس سلسلے میں جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ دو ہفتوں کے اندر وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، جہاں باقاعدہ دو طرفہ ملاقات متوقع ہے۔

    جنوبی کوریا امریکا سے معاہدے کے تحت 100 ارب ڈالر مالیت کی ایل این جی یا دیگر توانائی کی مصنوعات خریدے گا۔

    اس کے علاوہ جنوبی کوریا نے امریکی مصنوعات بشمول گاڑیاں، زرعی اجناس اور دیگر تجارتی اشیاء کے لیے اپنی مارکیٹ مکمل طور پر کھولنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔

    پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی، ٹرمپ کا اعلان

    رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے مزید اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت جنوبی کوریا پر 15 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، جب کہ امریکا کو کوئی ٹیرف ادا نہیں کرنا ہوگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے لیے تجارتی لحاظ سے ایک تاریخی کامیابی ہے۔

  • غزہ میں خونریزی، 900 سے زائد بچے پہلی سالگرہ سے قبل شہید

    غزہ میں خونریزی، 900 سے زائد بچے پہلی سالگرہ سے قبل شہید

    غزہ میں 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک اسرائیل کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد سامنے آگئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 60 ہزار 138 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ ان حملوں میں اب تک ایک لاکھ 46 ہزار 269 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق شہداء میں 18 ہزار 500 فلسطینی بچے بھی شامل ہیں۔

    امریکی اخبار نے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے بچوں کے نام جاری کردیے ہیں۔ 900 سے زائد بچے اپنی پہلی سالگرہ سے پہلے ہی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

    دوسری جانب غزہ میں فسلطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف سابق اسپیکر بھی بول اٹھے۔

    سابق اسپیکرکنیسٹ اور یہودی ایجنسی کے سابق سربراہ آوراہم برگ نے الجزیرہ ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کو بنیادی اقدار سے انحراف پر نتائج بھگتنا ہوں گے، فلسطینیوں کو قتل اور بھوکا مارنا ناقابل قبول ہے عالمی برادری اقدامات کرے۔

    سابق اسپیکر نے کہا کہ اسرائیل انسانیت اور اخلاقی اصولوں سے مکمل انحراف کر چکا ہے درجنوں اسرائیلی شخصیات نے اسرائیل پر پابندیوں کا مطالبہ کر دیا ہے اسرائیلی شخصیات نے مشترکہ درخواست پردستخط بھی کر دیئے ہیں۔

    ”درخواست کا مقصد غزہ میں قحط روکنا اور فلسطینیوں کی جبری بیدخلی روکنا ہے اسرائیلی مظالم دیکھ کر میری حب الوطنی اور انسانیت کے درمیان تصادم پیدا ہو گیا ہے میری ریاست بنیادی انسانی اقدار کو پامال کرے تو خاموشی جرم ہے“

    کینیڈا بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر تیار ہوگیا

    سابق اسپیکر نے کہا کہ ایسے وقت میں ہر قسم کی مزاحمت جائز ہے مزاحمت کیلئے احتجاج، بھوک ہڑتال یا عالمی تعاون کی دعوت جائز ہے۔ سابق اسپیکر کنیسٹ آوراہم برگ نے بھی عالمی برادری سے سخت اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔

  • السعودیہ نے مسافروں کو خاص سہولت فراہم کردی

    السعودیہ نے مسافروں کو خاص سہولت فراہم کردی

    سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ نے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر گم شدہ سامان کو ٹریک کرنے لیے نئی سہولت فراہم کردی ہے، ’شیئر آئٹم لوکیشن‘ کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس نئی سہولت کے ذریعے مسافر اپنے سامان کو’ایئرٹیگ‘ سے ٹریک کرسکتے ہیں جس کے لیے ’فائنڈ مائی نیٹ ورک‘ کا آپشن فراہم کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مسافر اپنے آئی فون، آئی پیڈ یا میک پر’فائنڈ مائی‘ ایپلی کیشن کے ذریعے سامان کا ٹریکنگ لنک حاصل کرسکتے ہیں جسے السعودیہ کے ڈیجیٹل پورٹل پربا آسانی شیئرکیا جاسکتا ہے۔

    ٹریکنگ لنک سامان کی وصول کے بعد از خود ختم ہوجاتا ہے جبکہ مسافرجب چا ہیں اسے لاگ آف کرسکتے ہیں۔

    سعودیہ گروپ کے چیف ڈیٹا اینڈ ٹیکنالوجی آفیسرعبدالقادر عطیہ نے بتایا کہ نیا فیچر گروپ کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عزم اور مسافروں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ سعودیہ گروپ کی جانب سے عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی اور اپنے صارفین کے فضائی سفر کو بہتر بنانے کیلیے کوشش ہمیشہ جاری رہتی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں رواں ماہ کے دوران فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں اس اضافے کی وجہ مقامی اور بین الاقوامی عوامل کا مجموعہ ہے جنہوں نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بین الاقوامی ٹکٹ کی اوسط لاگت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

    اس کے اہم اسباب میں ہوائی اڈوں کی فیسوں میں اضافہ، آپریٹنگ اخراجات، اجرتیں اور دیکھ بھال کے اخراجات شامل ہیں۔

    ایک اور یورپی ملک کا غزہ کیلیے فضائی امدادی آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    ایئرلائنز کی تجزیاتی رپورٹس کے مطابق سعودی مارکیٹ میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں بڑھنا ہے۔

  • سعودی عرب: غزہ کیلیے غذائی امداد سے لدے مزید ٹرک روانہ

    سعودی عرب: غزہ کیلیے غذائی امداد سے لدے مزید ٹرک روانہ

    سعودی عرب سے شاہ سلمان مرکز کے تحت غزہ کے لیے غذائی امداد لے کر جانے والے مزید سات ٹرکوں نے بدھ کو رفح بارڈر کراسنگ کو عبور کرلیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ انسانی امداد فلسطینی عوام کی فوری مدد کے لیے سعودی عرب کی جاری مہم کا حصہ ہے۔

    رپورٹس کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی جانب سے اب تک 58 طیاروں اور آٹھ بحری جہازوں کے ذریعے 7 ہزار 188 ٹن امدادی سامان غزہ روانہ کیا جا چکا ہے۔

    اس سامان میں شیلٹرز، طبی اور غذائی امداد کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو دی جانے والی 20 ایمبولینسں شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق مرکز نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے لیے امدادی منصوبوں کی فنڈنگ کیلیے متعدد بین الاقوامی تنظیموں کیساتھ معاہدوں پر بھی دستخط کیے جن کی مجموعی مالیت 90.35 ملین ڈالر ہے۔

    شاہ سلمان مرکز اردن کے تعاون سے غزہ کی پٹی کی بندش کے باعث متاثرہ افراد تک غذائی امداد کیلیے ایک ایئر ڈراپ آپریشن میں بھی مصروف ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی بربریت کے باعث غزہ میں قحط کی بدترین صورتحال سامنے آرہی ہے اور وسیع پیمانے پر اموات سے بچنے کیلیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق علاقے میں ایک لاکھ خواتین اور بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔ جنہیں فوری امداد کی اشد ضرورت ہے۔

    غزہ میں مظالم پر اسرائیل کے سابق اسپیکر بھی بول پڑے

    ماہرین نے غزہ کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں خبردار کیا کہ وہاں قحط کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں کیونکہ 21 ماہ سے جاری جنگ کے دوران زیادہ تر لوگوں کے پاس مالی وسائل موجود نہیں ہیں۔

  • کینیڈا بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر تیار ہوگیا

    کینیڈا بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر تیار ہوگیا

    اوٹاوا: فرانس اور برطانیہ کے بعد کینیڈا بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر مشروط طور پر رضامند ہوگیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ایک نمایاں پالیسی تبدیلی ہے، جسے کینیڈا کے وزیر اعظم نے دو ریاستی حل کے لیے ضروری قرار دیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم نے وضاحت کی کہ کینیڈا کو امید تھی کہ دو ریاستی حل باہمی مذاکرات کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے، لیکن اب یہ طریقہ کار قابلِ عمل نہیں رہا۔

    مارک کارنی کا کہنا تھا کہ فلسطینی صدر محمود عباس سے فون پر بات ہوئی، کینیڈا کا ارادہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرے۔

    اُنہوں نے کہا کہ کینیڈا کا ارادہ فلسطینی اتھارٹی کے انتہائی ضروری اصلاحات کے عزم پر مبنی ہے، فلسطینی اتھارٹی طرز حکومت میں اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔

    مارک کارنی نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی 2026 میں حماس کے بغیرعام انتخابات کا عزم رکھتی ہے، کینیڈا اس حقیقت کی مذمت کرتا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے غزہ میں تباہی پھیلانے کی اجازت دی۔

    واضح رہے کہ اس سے پہلے فرانس اور برطانیہ بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر مشروط رضامندی کا اظہار کرچکے ہیں۔

    برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر نے منگل کو کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد کہا تھا کہ غزہ کی صورتحال نہ بدلی تو برطانیہ ستمبر میں فلسطین کو ریاست تسلیم کرے گا۔

    اُنہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل نے غزہ جنگ بندی، مغربی کنارے پر تسلط نہ کرنے کا اعلان اور دو ریاستی حل پر رضامندی نہ دی تو فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں گے۔

    روس نے دنیا کے سب سے تباہ کن کروز میزائل کا تجربہ کرلیا

    اس سے قبل فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا تھا کہ فرانس نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کریں گے۔

  • بھارت کا پاکستان کیخلاف کھیلنے سے انکار، شاہد آفریدی کا بیان وائرل

    بھارت کا پاکستان کیخلاف کھیلنے سے انکار، شاہد آفریدی کا بیان وائرل

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر بھارتی کھلاڑیوں پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ بھارت اب ناجانے کس منہ سے کھیلے گا، پر کھیلے گا پاکستان کے ساتھ ہی۔

    برطانیہ میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز لیگ جاری ہے جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

    بھارتی کرکٹرز نے اس سے قبل راؤنڈ میچ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا تھا، بھارتی سیاستدان اروند ساونت نے بھی موجودہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا۔

    پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ان بیانات کے جواب میں برمنگھم کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتی ٹیم پر طنز کیا جس سے ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آج ہم سیمی فائنل میں پہنچے ہیں، ہماری عمر دیکھو، اس عمر میں ہم سیمی فائنل کھیل رہے ہیں، اب بھارت کو ہمارے ساتھ کھیلنا پڑے گا، چاہے وہ چاہے یا نہ چاہے، پتہ نہیں کس منہ سے کھیلے گا، مگر کھیلنا ضرور پڑے گا۔

    سابق کپتان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جہاں پاکستانی شائقین نے بھارتی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا اور آفریدی کی تعریف کی اور دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    بھارت کا سیمی فائنل کھیلنے سے انکار، پاکستان ڈبلیو سی ایل کے فائنل میں پہنچ گیا

    ایک مداح کا تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ہمارے فائٹر جیٹ شاہد آفریدی نے 5 رافیل طیارے مار گرائے‘، ایک اور صارف نے لکھا، ’کمال جواب دیا، اب پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی میدان میں بھارتی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملانا چاہیے‘، کئی صارفین کا کہنا تھا، ’بھارت شکست کے خوف سے میدان میں آنے سے کترا رہا ہے۔‘

    واضح رہے کہ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں 20 جولائی کو ہونے والا پاک بھارت کرکٹ میچ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی، غیر پیشہ ورانہ رویے اور شاہد آفریدی کے خلاف تعصب کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔