Tag: اے آر وائی نیوز

  • روس نے دنیا کے سب سے تباہ کن کروز میزائل کا تجربہ کرلیا

    روس نے دنیا کے سب سے تباہ کن کروز میزائل کا تجربہ کرلیا

    روس نے اوریل Orel نیوکلیئر آبدوز کے زریعے دنیا کے سب سے تباہ کن کروز میزائل کا تجربہ کرلیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ تجربہ بحیرہ برینٹس میں کیا گیا، نائن فور نائن اے اینتے کلاس آبدوز روس کے جنگی جہازوں میں جدید ترین ہے اور اسے گرانیٹ کروز میزائلوں سے لیس کیا گیا ہے۔

    گرانیٹ کروز میزائلوں کے بارے میں دعویٰ سامنے آیا ہے کہ یہ جدید بحری جہازوں میں نصب کیے جانیوالے اسٹینڈرڈ کروز میزائلوں سے چار گنا بڑے ہیں۔یہ میزائل ہدف کو پانچ سو کلومیٹر دور سے نشانہ بناسکتے ہیں۔

    دوسری جانب بھارت کی ہندوتوا پر مبنی حکومت ایک بار پھر اپنی اندرونی ناکامیوں اور فوجی شکستوں سے توجہ ہٹانے کے لیے عسکری طاقت کی نمائش پر انحصار کر رہی ہے۔

    نریندر مودی کی حکومت نے 28 اور 29 جولائی کو مسلسل دو دن پرلے میزائل تجربات کیے، جنہیں تجزیہ کار سیاسی چال اور آپریشن سندور کی ناکامی چھپانے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

    میزائل تجربے اڈیشہ کے ساحل پر واقع ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے پر کیے گئے، جہاں پرلے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ دکھایا گیا۔

    میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے والا جدید ہتھیار ہے، جو بھارتی دعووں کے مطابق مختصر فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کا یہ اقدام نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث ہے بلکہ جنوبی ایشیا کو ہتھیاروں کی دوڑ اور ممکنہ تباہ کن جنگ کی طرف دھکیلنے کی خطرناک سازش بھی ہے۔

    یمن سے حوثیوں نے اسرائیل پر میزائل حملہ کر دیا

    بھارت کی جنگی جنونیت کا منہ توڑ جواب پاکستان کا جدید ترین ٹیکٹیکل میزائل ”نصر”ہے، جو جوہری وارہیڈ لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

    نصر میزائل نہ صرف تیز رفتار اور موبائل ہے بلکہ یہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

  • غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری، خواتین سمیت 18 شہید

    غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری، خواتین سمیت 18 شہید

    غزہ میں قائم شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مزید 18 فلسطینیوں کو شہید کردیا، جن میں وہ خواتین بھی شامل ہیں جو امدادی مرکز سے اپنے بھوکے اور قحط زدہ بچوں کے لیے خوارک لینے آئی تھیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مزید 18 فلسطینیوں کو شہید کرنے کے علاوہ بہت سوں کو زخمی کر دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق زیادہ تر افراد کو اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں بمباری کر کے نشانہ بنایا ہے۔ جبکہ بمباری کا نشانہ کچھ فلسطینیوں کو غزہ سٹی میں بھی بنایا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید ہوئے۔

    رفح کے علاقے میں امدادی مرکز آنے والے افراد کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹس کے مطابق اب تک اسرائیلی فوج نے 875 فلسطینیوں کو امداد لینے آنے پر امدادی پوائنٹس کے نزدیک ہلاک کیا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں بسے مظلوم فلسطینیوں کے لیے سمندر تک رسائی پر بھی پابندی لگادی ہے۔ اسرائیلی فوج نے وارننگ جاری کردی ہے کہ غزہ کے ساحل پر بیٹھنا یا مچھلی پکڑنا خطرناک ہے۔

    اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کا غزہ کے ساحل پر جانا، نہانا اور بیٹھنا ’موت کو دعوت‘ دینے کے مترادف قرار دیا ہے۔

    بھوک و افلاس کا شکار فلسطینیوں پر خوراک کا آخری سمندری ذریعہ بھی بند کر کے ان کی سمندر تک رسائی پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے، ماہی گیری پر پابندی کی وجہ سے ہزاروں فلسطینی واحد روزگار سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 100 فلسطینی شہید

    سمندر کنارے بیٹھے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج متعدد ہولناک حملے کرچکی ہے۔

    اسرائیل نے بمباری سے فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیاں تک تباہ کردی ہیں، اسرائیل اب تک فلسطینیوں کی 95 فیصد کشتیاں تباہ اور 210 فلسطینی ماہی گیروں کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔

  • عراق کے کردستان ریجن میں امریکی آئل فیلڈز پر ڈرون حملے

    عراق کے کردستان ریجن میں امریکی آئل فیلڈز پر ڈرون حملے

    بغداد: عراق میں امریکی اور نارویجن آئل گروپ کے زیر انتظام آئل فیلڈز پر ڈرون حملے کئے گئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرد صوبے دہوک میں کیے جانے والے ڈرون حملے میں امریکی کمپنی کے زیر انتظام سرسانگ آئل فیلڈز کونشانہ بنایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق 2 ڈرونز کے ذریعے ضلع ذاخو میں واقع نارویجن آئل گروپ کے زیر انتظام چلنے والی پیش کبیر آئل فیلڈ پر بھی حملہ کیا گیا جب کہ اسی ضلع میں واقع ایک اور آئل فیلڈ پر بھی حملہ کیا گیا۔

    خبرایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈرون حملوں میں آئل فیلڈز کی عمارت اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا تاہم حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملیں جب کہ اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں شمالی عراق میں میتھین گیس کے واقعے میں 12 ترک فوجی شہید ہو گئے تھے۔

    ترک میڈیا کے مطابق عراق میں ایک غار میں سرچ آپریشن کے دوران زہریلی گیس کے اخراج سے 12 فوجی شہید ہوئے۔

    عراقی فضائی حدود کو محدود سطح تک کھول دیا گیا

    وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ شمالی عراق میں آپریشن کے دوران غار میں گیس خارج ہوئی اور یہ کارروائی کرد ملیشیا کیخلاف آپریشن کا حصہ تھی۔

    ترکی کے قومی دفاع کے وزیر یاسر گلر نے معائنہ کرنے اور شہید ہونے والے فوجیوں کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے علاقے کا دورہ بھی کیا تھا۔

  • بابا وانگا کی 2046 سے متعلق چونکا دینے والی پیشگوئی

    بابا وانگا کی 2046 سے متعلق چونکا دینے والی پیشگوئی

    بلغاریہ کے عوام میں احترام کی نظر سے دیکھی جانیوالی نابینا خاتون بابا وانگا جو 1996 میں انتقال کرچکی ہیں نے اپنی زندگی میں کئی ایسی پیشگوئیاں کیں جو آنے والے وقتوں میں بالکل درست ثابت ہوئیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بابا وانگا 1911 میں پیدا ہوئی اور 12 سال کی عمر میں ایک بڑے طوفان کے دوران پراسرار طور پر بینائی سے محروم ہوگئیں، اس وقت بابا وانگا نے دعویٰ کیا تھا کہ بینائی سے محروم ہونے کے بعد خدا نے اسے مستقبل میں دیکھنے کا ایک بہت نایاب تحفہ دیا ہے۔

    بابا وانگا کی پیشگوئیاں 5079 تک کا احاطہ کرتی ہیں جس سال کے بارے میں بابا وانگا کو یقین تھا کہ اس سال دنیا ختم ہوجائے گی۔ بابا وانگا کا انتقال 1996 میں 85 سال کی عمر میں ہوا تھا۔

    بابا وانگا نے نائن الیون کے دہشتگردانہ حملے کی بھی سو فیصد درست پیشگوئی کی تھی جس نے دنیا کو ایک نئے دور میں داخل کردیا تھا۔

    اس کے علاوہ سوویت یونین کی تحلیل، شہزادی ڈیانا کی موت، دو ہزار چار میں تھائی لینڈ میں آنے والے تباہ کن سونامی اور امریکا میں بارک اوباما کی صدارت کے بارے میں بھی درست پیشگوئیاں کی تھیں۔

    بابا وانگا جنہیں بلقان کے نوسٹرا ڈیمس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے نے ایک مصنف ویلنٹن سیدوروف کو کئی دہائیوں قبل بتایا تھا کہ روس دنیا کا حکمران بن جائے گا جب کہ یورپ بنجر زمین بن جائے گا، سب پگھل جائیں گے جیسے برف، صرف ایک ہی باقی رہے گا ”ولادیمیر کی شان اور روس کی شان“۔بابا وانگا نے کہا تھا کہ روس کو کوئی نہیں روک سکے گا وہ بڑا شکاری ہے اور ولادیمیر پیوٹن دنیا بھر میں حکومت کریں گے۔

    2025 میں تباہی؟ ’نئی بابا وانگا‘ کی چونکا دینے والی پیش گوئی

    بابا وانگا کے مطابق سال 2046 تک، سائنس اور طب غیر معمولی ترقی حاصل کرلیں گے، خاص طور پر مصنوعی اعضاء کی تخلیق اور بڑے پیمانے پر پیداوار کے حوالے سے، یہ طویل عمر، بعض بیماریوں کے خاتمے، اور دنیا بھر میں طبی علاج میں انقلاب کا باعث بن سکتا ہے۔

    ان کی سب سے پریشان کن پیش گوئیوں میں یہ بھی تھا کہ 2088 میں ایک پراسرار وائرس ظہور پذیر ہوگا، اس وائرس کی وجہ سے لوگوں کی عمر تیز رفتاری سے گھٹنا شروع ہوجائے گی، جس کے باعث تیزی سے جسمانی زوال آئے گا۔

  • بھارت میں مون سون بارشوں سے تباہی، 106 ہلاک

    بھارت میں مون سون بارشوں سے تباہی، 106 ہلاک

    بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں مون سون کی بارشوں نے تہلکہ مچادیا، جس کے باعث اب تک 106 افراد لقمہ بن چکے ہیں۔

    بھارتی میڈیا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ریاست ہماچل پردیش میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ 20 جون سے جاری ہے جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 20 جون سے 15 جولائی کے دوران ہونے والی بارشوں سے 106 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ س میں سے 62 افراد کی اموات لینڈسلائیڈنگ، سیلاب، کلاؤڈ برسٹ، ڈوبنے اور کرنٹ لگنے سے ہوئی جب کہ اسی دوران مزید 44 افراد سڑک حادثات میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔

    رپورٹس کے مطابق انتظامیہ نے انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ املاک اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے وسیع نقصان پر بھی رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 293 سے زیادہ پکے اور 91 کچے مکانات مکمل طور پر زمین بوس ہوچکے ہیں۔

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    اس کے علاوہ تقریباً 850 ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی اور 81 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے جس میں سڑکیں، پانی کی فراہمی کا اسٹرکچر، بجلی کا بنیادی ڈھانچہ، صحت اور تعلیم کی عمارتیں شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کی جانب سے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کے پیش نظر عوام سے الرٹ رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب: پاکستانی شہری کو سزائے موت

    سعودی عرب: پاکستانی شہری کو سزائے موت

    سعودی عرب میں ایک پاکستانی شہری کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں سزائے موت دے دی گئی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس پاکستانی شہری کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں سزائے موت دی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھی دہشت گردی اور وطن دشمنی پر سعودی شہری کو بھی سزائے موت دی گئی تھی۔

    سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق سعودی شہری علی بن علوی بن محمد العلوی نے متعدد دہشت گردانہ جرائم کا ارتکاب کیا۔

    مذکورہ شخص نے دہشت گرد تنظیم میں شمولیت اختیار کی جس کا مقصد سعودی عرب کے امن و امان کو نقصان پہنچانا اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی حمایت کرنا تھا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات کی نقل و حمل یا ان کی تجارت کرنا ایک سنگین جرم سمجھا جاتا ہے، اور اس کے لیے انتہائی سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔ سعودی قوانین کے مطابق، منشیات کے ساتھ پکڑے جانے کی صورت میں درج ذیل سزائیں ہو سکتی ہیں:

    موت کی سزا:

    مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ یا بڑی مقدار میں منشیات رکھنے پر موت کی سزا دی جا سکتی ہے۔ یہ سزا زیادہ تر اس وقت دی جاتی ہے جب کسی شخص کو 50 گرام سے زیادہ ہیروئن، کوکین، یا دیگر منشیات کے ساتھ پکڑا جائے۔

    طویل قید:

    اگر کسی شخص کو منشیات کے ساتھ پکڑا جائے لیکن مقدار کم ہو، تو اس کے بدلے میں کئی سالوں کی قید ہو سکتی ہے۔ یہ قید کئی سالوں سے لے کر کئی دہائیوں تک ہو سکتی ہے، اور جیل کی حالت سخت ہوتی ہے۔

    جرمانہ: کچھ صورتوں میں مجرم سے بھاری جرمانہ بھی وصول کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر منشیات کی مقدار کم ہو یا یہ پہلی دفعہ ہو۔

    سزاؤں کا نفاذ:

    مملکت میں ان سزاؤں کو بہت سختی سے نافذ کیا جاتا ہے اور وہاں کے قوانین کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو بہت کم موقع ملتا ہے۔ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر لیا جاتا ہے، اور ان پر تیز رفتار ٹرائل کیا جاتا ہے۔ یہ ٹرائل عموماً عدالت میں ایک سے دو ہفتوں میں مکمل ہو جاتے ہیں، اور اس کے بعد سزا دی جاتی ہے۔

    سعودی عرب کے اقامہ قوانین، ہزاروں افراد کے خلاف فیصلے جاری

    مثال: اگر کوئی شخص مملکت میں منشیات کے ساتھ پکڑا جائے، تو اس پر تیزی سے مقدمہ چلایا جاتا ہے اور فیصلہ جلدی کیا جاتا ہے۔ اکثر ملزمان کو عدالت سے موت کی سزا یا طویل قید کی سزا ملتی ہے۔

  • لبنان: مرکزی بینک نے حزب اللہ کے مالی ادارے پر پابندی لگا دی

    لبنان: مرکزی بینک نے حزب اللہ کے مالی ادارے پر پابندی لگا دی

    بیروت: لبنان میں مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے مالی ادارے القرض الحسن پر لبنان کے مرکزی بینک نے پابندی لگا دی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے تمام بینکوں کو القرض الحسن سے معاملات سے روک دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یورپی کمیشن پہلے ہی لبنان کو منی لانڈرنگ کے خطرے والے ممالک میں شامل کرچکا ہے جبکہ فیٹف نے بھی بیروت کو ’گرے لسٹ‘ میں شامل کرلیا ہے۔

    حزب اللہ کا مالی ادارہ القرض الحسن 1983 میں قائم ہوا جو خود کو فلاحی تنظیم قرار دیتا ہے۔ مذکورہ ادارے پر امریکی پابندیاں 2007 سے عائد کردی گئی تھی۔

    اسرائیل کا حزب اللہ کے اہم کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ

    واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز لبنان میں حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو اور کیمپس پر حملہ کیا تھا، جس کے باعث 12 افراد شہید ہوگئے تھے جس میں 5 حزب اللہ کے ارکان بھی شامل تھے۔

    اسرائیلی وزیر دفاع نے حزب اللہ کو ایران کا ساتھ دینے کے نتائج سے خبردار کر دیا

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ سال القرض الحسن کی کئی شاخوں کو بمباری کرکے تباہ کردیا تھا۔

  • فیصل قریشی کا انڈسٹری کے تمام فنکاروں کیلئے اہم ویڈیو پیغام

    فیصل قریشی کا انڈسٹری کے تمام فنکاروں کیلئے اہم ویڈیو پیغام

    پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے انڈسٹری کے تمام فنکاروں کیلئے اہم ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

    اپنے ویڈیو پیغام میں سینئر اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے ساتھی فنکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کسی بھی قسم کی پریشانی کا شکار ہیں تو خود کو اکیلا نہ سمجھیں اور ان سے رابطہ کریں وہ اور ان کے ساتھ دیگر اداکار مدد کرنے کیلئے موجود ہیں۔

    اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ فنکاروں کیلئے بنائی گئی آرگنائزیشن ’ایکٹ پاکستان‘ کی جانب سے اداکارہ عائشہ خان اور حمیرا اصغر کے ایثال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا تھا۔

    فیصل نے کہا کہ فنکاروں کی مدد کیلئے ’ایکٹ‘ میں لوگ موجود ہیں جو ان کی ہر ممکن مدد کریں گے چاہے وہ معاشی مسائل ہوں یا صحت کے مسائل ہوں۔

    اُنہوں نے بتایا کہ میرے ساتھ ساتھ حنا بیات، عتیقہ اوڈھو، عمیر رانا سمیت دیگر لوگ 24 گھنٹے مدد کیلئے موجود ہیں اس لئے براہِ کرم اگر کوئی کسی مسائل اور پریشانی کا سامنا کر رہا ہے تو ہم سے رابطہ کرسکتا ہے۔

    سینئر اداکار کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے ان کی اس کوشش کو خوب سراہا جارہا ہے۔

    حمیرا اصغر شدید مالی بحران کا شکار تھیں:

    واضح رہے کہ تحقیقاتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر شدید مالی بحران کا شکار تھیں واٹس ایپ پر بھائی سمیت 10 افراد کو ’ہیلو‘ کہا کسی نے جواب نہ دیا۔

    ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی موت طبعی تھی، حادثاتی، خودکشی یا قتل؟ خصوصی ٹیم نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ 63 لوگوں سے تحقیقات کی جائیں گی، 5 افراد کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ شدید مالی بحران کا شکار تھیں، بھائی سمیت قریبی لوگوں سے مدد کی درخواست کی تھی، 7 اکتوبر کو حمیرا نے 10 افراد کو واٹس ایپ پر ’ہیلو‘ کے پیغامات بھیجے اور لکھا کہ ہیلو میں تم سے بات کرنا چاہتی ہوں مگر کسی نے کوئی جواب نہ دیا۔

    ’ایک جیسے ڈرامے‘ فیصل قریشی نے مداح کے سوال پر کیا کہا؟

    تحقیقاتی ذرائع کے مطابق حمیرا کے میسجز کا جواب نہ دینے والوں میں بھائی، سلمان، محسن، حسن، عمران شامل ہیں۔

    اداکارہ نے موت کے وقت نائٹ سوٹ پہن رکھا تھا، واش روم سے بھگوئے کپڑے، خشک ٹب اور پھٹے ہوئے کپڑے ملے ہیں، کمرے سے خالی سگریٹ کا پیکٹ اور استعمال فلٹر ملا، کمرے سے کوئی دوا نہیں ملی، موت کے وقت ان کے دونوں ہاتھ سینے سے چمٹے ہوئے تھے، ملازمہ کو بھی ہٹا دیا تھا۔

  • سعودی عرب، فحاشی کے الزام میں 12 غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب، فحاشی کے الزام میں 12 غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب میں فورسز نے نجرام کی ایک رہائشی عمارت میں کارروائی کے دوران جسم فروشی کے دھندے میں ملوث گروہ کے 12 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 5 مرد اور 7 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ گرفتاریاں نجراں ریجن پولیس کی اسپیشل ٹاسک اینڈ ڈیوٹیز فورس اور جنرل ایڈمنسٹریشن فار کمیونٹی سیکیورٹی اینڈ ہیومن ٹریفکنگ کنٹرول کی مشترکہ کارروائی کے دوران عمل میں لائی گئیں۔

    وزارت داخلہ کے مطابق تمام ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائیاں کی گئیں، اور بعد ازاں انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں جسم فروشی، انسانی اسمگلنگ، اور دیگر غیر اخلاقی جرائم کے خلاف سخت قوانین موجود ہیں جس میں سزائے موت بھی شامل ہے۔

    اس سے قبل سعودی عرب مکہ مکرمہ میں پولیس نے ایک عوامی مقام پر اجتماعی جھگڑے میں ملوث چھ غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    سعودی عرب: سنگین جرم میں دو غیر ملکیوں کو سزائے موت

    محکمہ امن عامہ کے بیان کے مطابق ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی اور بنگلہ دیشی شہری کسی تنازع پر جھگڑا کررہے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ سے زیر حراست ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے حوالے کردیا گیا۔

  • ایران نیوکلیئر ڈیل، امریکا اور اتحادیوں نے اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کردی

    ایران نیوکلیئر ڈیل، امریکا اور اتحادیوں نے اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کردی

    ایران سے نیوکلیئر ڈیل کے لیے امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے برطانیہ، فرانس اور جرمن ہم منصب کو ٹیلی فون کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر حتمی سمجھوتے کے لیے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈ لائن دی جائے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ممالک ڈیل نہ ہونے کی صورت میں ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی وہ تمام پابندیاں پھر سے عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو سن 2015 میں ایران نیوکلیئر ڈیل کے موقع پر اٹھالی گئی تھیں۔

    دوسری جانب ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکہ نے جوہری مذاکرات کو یورینیم افزودگی کے خاتمے سے مشروط کیا تو مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق کئی روز سے بات چیت جاری تھی لیکن اسرائیل کے اچانک حملوں کے باعث یہ عمل رک گیا، ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 دن جنگ رہی۔

    دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کے بعد امریکہ اور ایران بات چیت کی بحالی کا عندیہ دیا گیا لیکن ایران نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ اور نہ ہی ایسے کسی مذاکراتی عمل کا حصہ بنے گا۔

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی ولایتی نے سرکاری نیوز ایجنسی ایرنا کو بتایا کہ اگر مذاکرات کی شرط افزودگی کا خاتمہ ہے تو یہ مذاکرات کبھی نہیں ہوں گے۔

    حماس کا اسرائیلی فوجیوں پر اچانک کاری وار، نیتن یاہو پر پیر کی رات بھاری گزری

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا کہ امریکہ سے بات چیت کے لیے ابھی تک کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تاحال ایران کے اعلیٰ سفارت کار عباس عراقچی اور امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے درمیان ملاقات کے لیے بھی کوئی وقت یا مقام مقرر نہیں کیا گیا ہے۔