Tag: اے آر وائی نیوز

  • نیٹو چیف مارک روٹے نے برازیل، چین اور بھارت کو خبردار کردیا

    نیٹو چیف مارک روٹے نے برازیل، چین اور بھارت کو خبردار کردیا

    نیٹو چیف مارک روٹے نے خبردار کیا ہے کہ اگر برازیل، چین اور بھارت نے روس کے ساتھ تجارت جاری رکھی تو انہیں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو ان ممالک کی معیشت پر شدید منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیٹو چیف مارک روٹے نے کہا میری برازیل، بیجنگ اور نئی دہلی میں بیٹھے رہنماؤں سے اپیل ہے کہ وہ اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیں، کیونکہ اگر روس کے ساتھ تجارتی تعلقات جاری رکھے گئے تو ان ممالک کو اس کا بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

    نیٹو چیف مارک روٹے نے مزید کہا کہ یورپ یوکرین کو امن مذاکرات میں بہترین پوزیشن پر لانے کے لیے درکار مالی وسائل فراہم کرے گا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے پچھلے ہفتے نیٹو کا مسئلہ حل کر دیا ہے۔

    فاکس نیوز کی اینکر پرسن اور اپنی بہو لارا ٹرمپ کو انٹرویو میں امریکی صدر نے بتایا کہ نیٹو کے ہر رکن ملک سے اب 2 فی صد کے بجائے 5 فی صد تک رقم لی جا رہی ہے، پہلے وہ دو فی صد بھی نہیں دیتے تھے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ ممالک جو امریکا کو استعمال کرتے تھے لیکن ناشکری کرتے تھے وہ اب امریکا کے شکر گزار ہیں، اور یہ کہ ”ٹیرف وار“ اور اتحادیوں سے دفاعی اخراجات میں اضافے کے مطالبات کے فوائد سامنے آ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا فاکس نیوز کے پہلے سے ریکارڈ شدہ انٹرویو میں ٹیرف کے سلسلے میں ممالک کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات کے بارے میں کہا ”ہر ملک شدت سے ہمارے ساتھ کاروبار کرنا چاہتا ہے، لیکن انھوں نے کبھی ہمارے ملک کا شکریہ ادا نہیں کیا، لیکن اب وہ کرتے ہیں۔ انھوں نے ہمارے ملک کو تجارت اور فوج کے حوالے سے استعمال کیا۔“

    نیٹو چیف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیڈی کہنے کے بیان کی وضاحت کر دی

    ٹرمپ نے کہا ”میں نے نیٹو کا مسئلہ حل کر دیا ہے، اب یہ ممالک دفاع کے لیے زیادہ رقم ادا کر رہے ہیں، انھوں نے کبھی جی ڈی پی کا 2 فی صد بھی دفاع کے لیے خرچ نہیں کیا تھا، لیکن اب وہ 5 فی صد خرچ کر رہے ہیں۔“ ان کا اشارہ گزشتہ ماہ دی ہیگ میں منعقدہ نیٹو سربراہی اجلاس کی طرف تھا جس میں نیٹو نے دفاعی اخراجات کو 2035 تک GDP کے 5 فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

    امریکی صدر نے کہا اس سے ہم سالانہ ایک کھرب ڈالر حاصل کر رہے ہیں، نیٹو میں اب ہماری آواز بہت مضبوط ہے، بائیڈن دور میں تو ہماری کوئی سنتا ہی نہیں تھا، اسے تو یہ بھی علم نہیں ہوتا تھا کہ وہ کہاں ہے۔

  • کراچی کا مطلع جزوی ابر آلود، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    کراچی کا مطلع جزوی ابر آلود، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا مطلع جزوی ابر آلود ہے، جبکہ شہر میں آج شام میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 69 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہیں، جنوب مغرب سے ہوا7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

    ملک بھر میں مون سون بارشوں کا تباہ کن اسپیل:

    ملک بھر میں مون سون بارشوں کا تباہ کن اسپیل شروع ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 17 افراد جان سے گئے۔

    مون سون کی موسلادھار بارشوں میں پنجاب میں مختلف حادثات میں 11، خیبرپختون خوا میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    پاکپتن، پسرور اور اوکاڑہ میں بارش سے سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، چیچہ وطنی، چوک اعظم، عارف والا اور جڑانوالہ کے گلی، محلوں میں بھی پانی جمع ہو گیا، کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں طوفانی بارش سے راجن پور کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی، روجھان میں بھی دریائے سندھ میں طغیانی ہے اور کچے کا علاقہ مکمل ڈوب گیا ہے۔

    پنجاب میں زوردار بارشوں سے بڑے چھوٹے شہر پانی میں ڈوب گئے ہیں، اوکاڑہ میں 172 ملی میٹر بارش ہوئی، 33 گھنٹے بعد بھی سڑکیں دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں، 2 دن سے تجارتی مراکز بند پڑے ہیں، نواحی علاقے میں چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، ساہیوال میں شہر اور محلے ندی نالوں میں تبدیل ہو گئے ہیں، رسیکیو کی گاڑیاں بھی پانی میں پھنس گئیں۔

    موسم سے متعلق خبریں

    بہاولنگر میں 3 دن سے بارش کی وجہ سے سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں، 2 سال پہلے بننے والا سیوریج سسٹم بھی ناکارہ ثابت ہو گیا، پاکپتن میں مکان کی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق، دو افراد زخمی ہوئے، ہارون آباد کے نواحی علاقے میں دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔

    پسرور میں کچے مکان کی چھت ڈھے گئی، جس سے 3 بہنیں ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئیں، چیچہ وطنی میں نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آب آ گئیں، چوک اعظم میں گلی، محلوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، عارف والا میں غلہ منڈی پانی میں ڈوب گ?ی، جڑانوالہ کے کالج روڈ پر پانی جمع ہو گیا، نواحی علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔

  • ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم ڈھاکا روانہ

    ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم ڈھاکا روانہ

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا دوسرا دستہ بھی کراچی سے ڈھاکا کے لیے براستہ دبئی روانہ ہوگیا۔

    کراچی سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہونے والے دوسرے گروپ میں محمد حارث، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سفیان مقیم، حسین طلعت، احمد دانیال، سلمان مرزا اور سپورٹ اسٹاف شامل ہے۔

    اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ منگل کی رات کراچی سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہوا تھا۔

    پہلے گروپ میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان شامل، محمد نواز، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف شامل تھے۔

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 20 جولائی کو شروع ہوگی، سیریز کے تینوں میچ شیر بنگلہ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ دورہ بنگلہ دیش پاکستان کے نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا قومی ٹیم کے ساتھ پہلا اسائنمنٹ ہے۔

    این بشپ نے شاہین آفریدی کو ’بے بی اسٹارک‘ قرار دے دیا

    دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر نے دورہ بنگلہ دیش کے اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی کو شامل نہ کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ بولر کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔

  • زیادتی کیس، بھارتی کرکٹر یش دیال کی گرفتاری پر حکم امتناع جاری

    زیادتی کیس، بھارتی کرکٹر یش دیال کی گرفتاری پر حکم امتناع جاری

    بھارت کے الہ آباد کی ہائی کورٹ نے جنسی استحصال کے کیس میں بھارتی کرکٹر یش دیال کی گرفتاری پر حکم امتناع جاری کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے اگلی سماعت تک پولیس کو یش دیال گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

    الہ آباد ہائی کورٹ کا دوران سماعت کہنا تھا کہ آپ ایک دو دن تک بے وقوف بنا سکتے ہیں، کوئی کسی کو کیسے 5 سال تک بیوقوف بنا سکتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق غازی آباد میں یش کے خلاف 6 جولائی کو ایف آئی آر کا اندراج ہوا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے فاسٹ بولر یش دیال کے خلاف ایک خاتون سے زیادتی کا کیس رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔

    فاسٹ بولر پر ایک خاتون نے جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا، غازی آباد کی خاتون نے فاسٹ بولر پر جنسی استحصال کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی۔

    جس کے بعد خاتون سے زیادتی کے کیس میں بھارتی کرکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

    بھارتی کرکٹر محمد سراج پر آئی سی سی نے بھاری جرمانہ عائد کردیا

    رپورٹس کے مطابق خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ 5 سالہ تعلق کے دوران یش نے جسمانی اور ذہنی تشدد کیا۔ خاتون نے شادی کا وعدہ کر کے مالی طور بھی استحصال کرنے کا الزام لگایا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق الزامات ثابت ہونے پر بھارتی کرکٹر کو 10 برس قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • اسرائیلی فوج نے مظلوم فلسطینیوں پر بڑی پابندی لگادی

    اسرائیلی فوج نے مظلوم فلسطینیوں پر بڑی پابندی لگادی

    اسرائیلی فوج نے غزہ میں بسے مظلوم فلسطینیوں کے لیے سمندر تک رسائی پر بھی پابندی لگادی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے وارننگ جاری کردی ہے کہ غزہ کے ساحل پر بیٹھنا یا مچھلی پکڑنا خطرناک ہے۔

    اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کا غزہ کے ساحل پر جانا، نہانا اور بیٹھنا ’موت کو دعوت‘ دینے کے مترادف قرار دیا ہے۔

    بھوک و افلاس کا شکار فلسطینیوں پر خوراک کا آخری سمندری ذریعہ بھی بند کر کے ان کی سمندر تک رسائی پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے، ماہی گیری پر پابندی کی وجہ سے ہزاروں فلسطینی واحد روزگار سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سمندر کنارے بیٹھے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج متعدد ہولناک حملے کرچکی ہے۔

    اسرائیل نے بمباری سے فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیاں تک تباہ کردی ہیں، اسرائیل اب تک فلسطینیوں کی 95 فیصد کشتیاں تباہ اور 210 فلسطینی ماہی گیروں کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔

    اماراتی اخبار کے مطابق فلسطینیوں نے شکوہ کیا ہے کہ سمندر کے بغیر بھوک سے مر جائیں گے، سمندر ہمارا واحد سہارا تھا، وہ بھی چھین لیا گیا ہے۔

    دوسری جانب غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے مظالم کا سلسلہ تھم نہ سکا، پیر کو فجر کے وقت سے اب تک جاری اسرائیلی فضائی حملوں کے باعث شہید فلسطینیوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر شہادتوں کی تعداد 32 بتائی گئی تھی، جو وقت گزرنے کے ساتھ بڑھ کر 88 ہوئی اور اب 100 سے تجاوز کر چکی ہے۔

    شام، سویدا میں دو گروپوں میں مسلح تصادم، ہلاکتوں کی تعداد 89 ہوگئی

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی بم باری غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں پر کی گئی، جہاں گزشتہ رپورٹوں کے مطابق 15 افراد شہید ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ جنوبی علاقوں میں خان یونس اور رفح، اور مشرقی جانب التفاح اور الشجاعیہ کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

  • بحرین کا گولڈن ویزا حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    بحرین کا گولڈن ویزا حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    بحرین خلیج کے خطے میں تیزی سے ایک منفرد مقام حاصل کررہا ہے، جہاں غیر ملکی طویل مدتی رہائش کے خواہشمند اپنے لیے ایک سستا اور لچکدار آپشن تلاش کر رہے ہیں۔ بحرین کا گولڈن ویزا، متحدہ عرب امارات کے گولڈن ویزا یا سعودی عرب کے پریمیم رہائشی پروگرام کے مقابلے میں ایک قابل رسائی اور سستا متبادل پیش کرتا ہے۔

    خاص طور پر۔ چاہے آپ ایک ہنرمند پیشہ ور ہوں، ریٹائرڈ شخصیت ہوں، جائیداد کے مالک ہوں یا غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل فرد ہوں، بحرین کا گولڈن ویزا 10 سالہ رہائش کے لیے ایک آسان راستہ فراہم کرتا ہے۔

    بحرین کو طویل مدتی رہائش کے لیے کیوں منتخب کریں؟

    بحرین اپنی سستی، ثقافتی شمولیت اور اسٹریٹجک مقام کے باعث خلیج کے خطے میں نمایاں اہمیت کا حامل ہے، اپنے امیر ہمسایہ ممالک کے برعکس، بحرین میں رہائشی اخراجات کافی کم ہیں، جو اسے خاندانوں، ریٹائرڈ افراد اور پیشہ ور افراد کے لیے مثالی بناتا ہے جو دبئی یا ریاض جیسے شہروں کے بلند اخراجات کے بغیر اعلیٰ معیار کی زندگی سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ بحرین گولڈن ویزا اس کشش کو مزید بڑھاتا ہے کیونکہ یہ ایک کم لاگت والا رہائشی آپشن پیش کرتا ہے جس میں کم سے کم پابندیاں ہیں۔

    بحرین گولڈن ویزا کے اہم فوائد:

    کام اور کاروبار کے لیے لچک: خلیجی ممالک کے روایتی ورک ویزوں کے برعکس جو آجر کی اسپانسر شپ سے منسلک ہوتے ہیں، بحرین گولڈن ویزا حاملین کو کسی بھی کمپنی کے لیے کام کرنے، فری لانسنگ یا اپنا کاروبار شروع کرنے کی آزادی دیتا ہے۔

    سستی زندگی:
    بحرین میں رہائشی اخراجات دبئی یا ریاض کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہیں، جہاں رہائش، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے سستے ذرائع موجود ہیں، جو اسے خاندانوں اور ریٹائرڈ افراد کے لیے بہترین بناتا ہے۔

    دوبارہ داخلے پر کوئی پابندیاں نہیں:
    گولڈن ویزا حاملین بغیر اپنی رہائشی حیثیت کھونے کے ڈر کے آزادانہ طور پر سفر کر سکتے ہیں، جو بار بار سفر کرنے والوں یا بین الاقوامی رابطوں والے افراد کے لیے ایک بڑا فائدہ ہے۔

    اسٹریٹجک مقام:
    خلیج کے قلب میں واقع بحرین سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے، جو اسے علاقائی سفر اور کاروبار کے لیے ایک آسان بنیاد بناتا ہے۔

    بحرین گولڈن ویزا کے لیے کون اہل ہے؟
    بحرین گولڈن ویزا کو جامع بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں درخواست دہندگان کے لیے سادہ اہلیتی معیار ہیں۔ اہل ہونے کے لیے، آپ کو درج ذیل چار زمروں میں سے ایک میں آنا ہوگا:

    ہنرمند پیشہ ور افراد:
    وہ افراد جو کم از کم پانچ سال سے بحرین میں رہائش پذیر ہوں اور ماہانہ BHD 2,000 (تقریباً USD 5,300) کی مستحکم آمدنی رکھتے ہوں۔

    ریٹائرڈ افراد:
    وہ افراد جن کی پنشن آمدنی ماہانہ BHD 2,000 ہو (غیر رہائشیوں کے لیے کم از کم BHD 4,000)۔

    جائیداد کے مالکان:
    وہ افراد جو بحرین میں کم از کم BHD 200,000 مالیت کی جائیداد کے مالک ہوں۔

    غیر معمولی صلاحیتوں والے افراد:
    سائنس، ٹیکنالوجی، فنون، کھیل یا کاروباری شعبوں میں تسلیم شدہ افراد جو بحرینی حکام سے توثیق حاصل کریں۔

    بحرین گولڈن ویزا کے لیے درخواست دینے کا طریقہ:

    بحرین گولڈن ویزا کے لیے درخواست دینا ایک صارف دوست عمل ہے، اپنی 10 سالہ رہائش حاصل کرنے کے لیے ان مراحل پر عمل کریں:

    اہلیت کی تصدیق کریں: سرکاری بحرین گولڈن رہائشی پورٹل پر جا کر چیک کریں کہ آپ چار زمروں (ہنرمند پیشہ ور، ریٹائرڈ، جائیداد کا مالک یا غیر معمولی صلاحیت) میں سے کسی ایک کے معیار پر پورا اترتے ہیں۔

    مطلوبہ دستاویزات جمع کریں:

    درست پاسپورٹ (کم از کم چھ ماہ کی میعاد کے ساتھ)

    صحت انشورنس کا ثبوت

    مالی دستاویزات (تنخواہ کی پرچیاں، بینک اسٹیٹمنٹس، پنشن خطوط یا جائیداد کے دستاویزات) ملازمت کے سرٹیفکیٹ یا سرکاری تسلیم (ٹیلنٹ کیٹیگری کے لیے)

    ای کی اکاؤنٹ بنائیں:
    بحرین کے حکومتی ڈیجیٹل خدمات تک رسائی کے لیے ای کی اکاؤنٹ بنائیں تاکہ درخواست کا عمل ہموار ہو۔

    درخواست جمع کروائیں:
    سرکاری پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دیں، جس کی ابتدائی فیس صرف BHD 5 (تقریباً USD 13) ہے، جو خلیج میں سب سے سستی ویزا فیسوں میں سے ایک ہے۔

    پروسیسنگ کا انتظار کریں:
    درخواستیں عام طور پر 5 سے 10 کاروباری دنوں میں پروسیس ہوتی ہیں۔

    ویزا فیس ادا کریں:
    منظوری کے بعد، بحرین گولڈن ویزا حاصل کرنے کے لیے BHD 300 (تقریباً USD 795) کی ویزا فیس ادا کریں۔

    10 سالہ رہائش حاصل کریں:
    فیس کی ادائیگی کی تصدیق کے بعد، آپ کو 10 سالہ رہائشی ویزا ملے گا جس کے ساتھ خاندان کے افراد کو اسپانسر کرنے کا حق بھی ملے گا۔

    خاندان کی اسپانسر شپ:
    اپنے میاں بیوی، بچوں اور والدین کی رہائش کے لیے آسانی سے اسپانسر شپ حاصل کرے۔

    اختیاری ورک پرمٹ:
    اگر آپ رسمی ملازمت اختیار کرنا چاہتے ہیں تو لیبر مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی (LMRA) کے ذریعے ورک پرمٹ کے لیے درخواست دیں۔

    بحرین طویل مدتی رہائش کے لیے ایک مثالی منزل کیوں ہے؟

    اپنی سستی رہائشی لاگت، لچکدار بحرین گولڈن ویزا پروگرام، اور جامع ماحول کے ساتھ، بحرین خلیج میں پائیدار اور بھرپور زندگی کی تلاش میں غیر ملکیوں کے لیے ایک اعلیٰ انتخاب کے طور پر ابھر رہا ہے۔ چاہے آپ ایک پیشہ ور شخص ہوں جو کیریئر کی لچک کی تلاش میں ہوں، ایک ریٹائرڈ شخص جو سستی لیکن متحرک طرز زندگی چاہتے ہوں، یا ایک خاندان جو طویل مدتی منتقلی کی منصوبہ بندی کر رہا ہو، بحرین گولڈن ویزا رہائش کے لیے ایک سستا اور قابل رسائی راستہ پیش کرتا ہے۔

    مفت سعودی ٹرانزٹ ویزا پر عمرہ کیسے کریں؟

    کیا آپ بحرین میں زندگی کی تلاش کے لیے تیار ہیں؟ سرکاری بحرین گولڈن رہائشی پورٹل پر جا کر آج ہی اپنی درخواست جمع کرائیں اور ایک محفوظ اور فائدہ مند مستقبل کی طرف پہلا قدم اٹھائیں۔

  • بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    بھارت کے شمال میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے دہلی میں بھی تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 جولائی تک ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، وہیں اتر پردیش، بہار، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، راجستھان، مدھیہ پردیش میں بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، اتر پردیش کے 13 اضلاع میں آج تیز بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بہرائچ، بلرام پور، گونڈا، اعظم گڑھ، جونپور، مہاراج گنج، وارانسی، چندولی، مرزا پور، امبیڈکر نگر، پریاگ راج، بلیا میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں، جبکہ بہار کے آرہ، پٹنہ، نالندہ، لکھی سرائے، جموئی، اورنگ آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پہاڑی ریاستوں میں بھی مسلسل بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے عام زندگی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ہماچل پردیش میں 17 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق شملہ اور سولن ضلع میں بارش کو لے کر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اترا کھنڈ کے دہرہ دون، باگیشور اور نینی تال میں شدید بارش کا آرینج الرٹ جاری کردیا گیا ہے، جبکہ ریاست کے دوسرے ضلعوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش میں آج موسم تبدیل ہوسکتا ہے، ریاست کے کئی ضلعوں میں بارش کا امکان ہے، کچھ مقامات پر درجہ حرارت معمول سے تھوڑا کم ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان کے کوٹا، جئے پور، اجمیر اور جودھپور ڈویژن کے ضلعوں میں بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا جاچکا ہے، جبکہ کونکن اور گوا میں الگ الگ مقامات، گجرات، وسطی مہاراشٹر کے گھاٹ علاقوں میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔

    نیو یارک، موسلا دھار بارشوں سے سیلاب کا خطرہ، ایمرجنسی نافذ

    رپورٹس کے مطابق اگلے 7 دنوں تک شمال مشرقی ہند میں کئی مقامات پر گرج اور بجلی کڑکنے کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے، آسام اور میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور اروناچل پردیش، تریپورہ میں بعض مقامات پر تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

  • نیو یارک، موسلا دھار بارشوں سے سیلاب کا خطرہ، ایمرجنسی نافذ

    نیو یارک، موسلا دھار بارشوں سے سیلاب کا خطرہ، ایمرجنسی نافذ

    نیو یارک سٹی کے اطراف میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے سبب ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیو یارک، نیو جرسی اور کنیٹیکٹ سے گزرنے والا طوفان سُست رفتاری سے آگے کی جانب بڑھ رہا ہے اور وہاں بارشیں ابھی مزید کچھ گھنٹے جاری رہیں گی۔

    رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں اور اچانک سیلاب کے خطرے کے باعث نیو جرسی کے گورنر فِل مرفی نے ہنگامی صورتِ حال ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا کہا ہے۔

    مغربی میڈیا کا کہنا ہے کہ میساچیوسٹس سے لے کر ورجینیا تک سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ پانی کے چڑھاؤ میں 2 سے 3 انچ فی گھنٹہ اضافہ ہو رہا ہے۔

    امریکا کے ایسٹ کوسٹ میں ہوا میں نمی کا تناسب بہت زیادہ ہے اور ہوا بھی کم چل رہی ہے جس کی وجہ سے طوفان ایک ہی جگہ پر معمول سے زیادہ دیر تک اٹکا ہوا ہے۔

    ٹرمپ کا سیلابی مقامات کا دورہ:

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے میلانیا ٹرمپ کے ساتھ ریاست ٹیکساس میں سیلابی مقامات کا دورہ کیا، اور مقامی حکام کی تعریف کی، تاہم امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقامی حکام شہریوں کو سیلاب کے سلسلے میں بر وقت خبردار کرنے میں ناکام رہے تھے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے جمعہ، 11 جولائی کو ٹیکساس میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اور وہاں ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی، انھوں نے کہا یہ امریکی تاریخ کا بد ترین سیلاب تھا جس میں انتظامیہ نے بہترین کام کیا، میں ان کی کارکردگی کو سراہتا ہوں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سیلاب خوف ناک تھا، اس طرح کا واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا، پہلے کبھی ٹیکساس میں ایسی تباہی نہیں ہوئی، انتظامیہ نے فرائض کو بہترین انداز میں انجام دیا ہے، کوسٹ گارڈز نے 169 بچوں کی جان بچائی، ابھی بھی بہت سے بچے لا پتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے، سیلاب میں جانی نقصان پر افسوس ہے۔

    سعودی عرب: سورج آج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    امریکی میڈیا کے مطابق صدر نے دورے کے موقع پر ریاستی اور مقامی حکام کی بھرپور تعریف کی، اس کے باوجود کہ مقامی حکام شہریوں کو اس حوالے سے بر وقت خبردار کرنے میں ناکام رہے تھے کہ پانی کی ایک مہلک دیوار ان کی طرف چلی آ رہی ہے، جس کی وجہ سے مقامی حکام پر تنقید بڑھتی جا رہی ہے۔

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 100 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 100 فلسطینی شہید

    غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے مظالم کا سلسلہ تھم نہ سکا، پیر کو فجر کے وقت سے اب تک جاری اسرائیلی فضائی حملوں کے باعث شہید فلسطینیوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر شہادتوں کی تعداد 32 بتائی گئی تھی، جو وقت گزرنے کے ساتھ بڑھ کر 88 ہوئی اور اب 100 سے تجاوز کر چکی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی بم باری غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں پر کی گئی، جہاں گزشتہ رپورٹوں کے مطابق 15 افراد شہید ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ جنوبی علاقوں میں خان یونس اور رفح، اور مشرقی جانب التفاح اور الشجاعیہ کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے رفح میں امدادی سامان کی تقسیم کے مقام الشاکوش کے قریب فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوئے۔

    مزید یہ کہ جنوبی علاقوں پر مختلف حملوں میں سات فلسطینی جاں بحق ہوئے، جبکہ خان یونس کے مشرقی علاقے سے تین لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔ اسی طرح غزہ شہر کے مشرقی علاقے پر حملے میں چار افراد جاں بحق اور دیگر زخمی ہوئے۔

    دوسری جانب امریکی صدر نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جنگ روکنے کے لیے ایک معاہدے کے بارے میں اُمید کا اظہار کیا ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ ”ہم غزہ پر بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اسٹیو وٹکوف یہاں ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس جلد ہی بات کرنے کے لیے کچھ ہو سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے جون کے آخر میں کہا تھا کہ اسرائیل نے 60 روزہ جنگ بندی کی شرائط پر اتفاق کیا ہے، اور غزہ پر اسرائیل کی 21 ماہ سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے قطر میں مذاکرات جاری ہیں۔

    شام، سویدا میں دو گروپوں میں مسلح تصادم، ہلاکتوں کی تعداد 89 ہوگئی

    حماس مبینہ طور پر امریکی ضمانت چاہتی ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملے اور زمینی حملے، جن میں دسیوں ہزار فلسطینی شہید ہوئے ہیں ہیں، دوبارہ شروع نہیں ہوں گے یہاں تک کہ جنگ کے مستقل خاتمے کے بغیر جنگ بندی ختم ہو جائے۔

  • سعودی عرب: سورج آج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    سعودی عرب: سورج آج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    مکہ مکرمہ (15 جولائی 2025) سعودی عرب میں جدہ فلکیاتی سوسائٹی کا کہنا ہے آج دوپہر کے وقت سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔ سال رواں میں یہ دوسرا موقع ہوگا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں سورج کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا وقت دوپہر 12 بجکر27 منٹ ہوگا۔

    رپورٹس کے مطابق جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ ماجد ابو زہرہ نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت ہوتا ہے جب سورج خط استوا سے جنوب کی طرف بڑھتا ہے۔

    سورج تقریبا 89.5 ڈگری پر ہو گا جس کی وجہ سے خانہ کعبہ اور کسی بھی مجسم عمارت یا دیگر اشیا کا سایہ نہیں ہوگا۔

    فلکیاتی ماہرین کے مطابق سورج کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے سے قبلہ رخ کا درست تعین کیا جاسکتا ہے۔

    سورج کا تعین کرنے کے لیے دنیا کے کسی بھی مقام سے مکہ وقت کے مطابق سورج کو دیکھا جائے اور جس سمت میں اس وقت سورج دکھائی دے گا وہ قبلہ کی سمت ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں کعبۃ اللہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، خانہ کعبہ کو عرقِ گلاب، اودھ، عطر اور آبِ زم زم سے غسل دیا گیا۔

    ہر سال کی طرح اس برس بھی محرم الحرام کی 15 تاریخ کو خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو غسل دیا گیا، کعبہ کی اندرونی دیواروں، فرش اور دروازے کو آب زم زم اور عرق گلاب سے دھویا گیا۔

    اس بابرکت عمل کے لیے خانہ کعبہ کے کلید بردار نے نماز فجر کے بعد بیت اللہ کا دروازہ کھولا اور پھر حکام اندر داخل ہوئے۔ خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں، فرش اور دروازے کو آب زم زم اور عرق گلاب سے دھویا گیا۔ غسل کے بعد اسے عود، عرق گلاب اور بخوز سمیت دیگر خوشبوؤں سے معطر کیا گیا۔