Tag: اے آر وائی نیوز

  • قیوم آباد چورنگی کے قریب مسافر کوچ الٹ گئی

    قیوم آباد چورنگی کے قریب مسافر کوچ الٹ گئی

    کراچی (14 جولائی 2025) شہر قائد کے علاقے قیوم آباد چورنگی کے قریب مسافر کوچ الٹ گئی، جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قیوم آباد چورنگی کے قریب اُلٹنے والی مسافر کوچ کا ڈرائیور دوسری کوچ سے ریس لگاتے ہوئے جا رہا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق مسافر کوچ الٹنے سے سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، جبکہ کوچ کو سڑک سے ہٹانے کیلئے مشینری طلب کرلی گئی ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 8 ملزم گرفتار کرلیے گئے جس سے اسلحہ مسروقہ موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی۔

    عزیزآباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر دو موٹر سائیکل لفٹرز عمران اور عرفان کو گرفتار کر کے تیموریہ تھانے کی حدود سے چوری کی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی۔

    پولیس آپریشن میں رحمان ڈکیت کا بھتیجا گرفتار

    حیدری پولیس نے مقابلہ کے بعد ملزم وسیم اور فراز کو گرفتار کرلیا، تیموریہ پولیس نے فائرنگ کے تبادلہ میں چار ملزمان قاسم رضا، عمران، طلحہ رضا اور عادل کو گرفتار کر کے نقلی پستول، دو موٹر سائیکلیں اور نقدی برآمد کرلی۔

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کا ظلم جاری، مزید 60 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کا ظلم جاری، مزید 60 فلسطینی شہید

    12 جولائی 2025: غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 60 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر صبح سے جاری اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 60 فلسطینی شہید ہوگئے، ان شہداء میں امداد لینے کے لیے آنے والے 27 فلسطینی بھی شامل تھے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ میں صبح سے جاری اسرائیلی حملوں میں 180 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں غزہ پر 250 مرتبہ حملے کیے، فوج کی 5 ڈویژن غزہ میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    انروا چیف کا اہم بیان:

    فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے کے سربراہ انروا چیف کا اہم بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ غزہ بچوں اور بھوکے لوگوں کا قبرستان بن چکا ہے۔

    انروا چیف کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے پاس بچنے کا کوئی راستہ نہیں، ایک طرف موت ہے تو دوسری طرف بھوک، ہمارے اصول اور اقدار دفن ہو رہے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کا لبنان میں اہم شخصیت کو ٹارگٹ کرنے کا دعویٰ

    اُنہوں نے کہا کہ بے عملی مزید انتشار لائے گی، مئی سے اب تک تقریباً 800 فلسطینی امداد کی تلاش میں مارے جا چکے۔

    اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ غزہ میں بھوک کا بحران غیر معمولی سطح پر پہنچ چکا، صورتحال مزید بدتر ہورہی ہے، غزہ میں ہر تین میں سے ایک شخص بغیر کچھ کھائے دن گزارتا ہے۔

  • ایران میں لڑکی سے زیادتی اور قتل کے مجرم کو سرِعام پھانسی

    ایران میں لڑکی سے زیادتی اور قتل کے مجرم کو سرِعام پھانسی

    تہران 12 جولائی 2025: ایران میں نوجوان لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے والے شخص کو سرِعام پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندان کی جانب سے سرِعام پھانسی کی درخواست کی گئی تھی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ کا خاندان کا تعلق بوکان شہر سے بتایا جارہا ہے، صوبائی چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عوامی جذبات پر اس کیس کو خصوصی توجہ دی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق مجرم کو سزائے موت مارچ میں سنائی گئی تھی جسے بعدازاں اعلیٰ عدالت نے بھی برقرار رکھا تھا۔

    ایران امریکا سے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے پر مشروط طور پر آمادہ:

    ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی جانب سے امریکا سے دوبارہ مذاکرات کے لیے مشروط آمادگی کا اظہار کیا گیا ہے۔

    فرانسیسی اخبارکو دیے گئے انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ہم امریکا کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر مذاکرات شروع کرنے کیلیے آمادہ ہیں تاہم امریکا کو مذاکرات کے دوران ایران پر حملے نہ کرنے کی ضمانت دیناہوگی اور امریکا غلطیوں کا ازالہ کرے تو مذاکرات کا آغاز ہوسکتا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری تنصیبات پر نقصان کے تخمینے کے بعد معاوضہ طلب کرنے کا حق حاصل ہے، امریکا نے ہی مذاکرات توڑ کر کارروائی کا آغاز کیا، اس لیے اب ضروری ہے کہ امریکا اپنی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرے، امریکا کے حالیہ حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

    ایران میں اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں 3 افراد کو پھانسی

    ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ سمجھنا کہ ایران کو پر امن جوہری منصوبہ ترک کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے درحقیقت یہ ایک سنگین غلط فہمی ہے، ایرانی جوہری پروگرام ایسا قومی سرمایہ ہے جسے آسانی سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

    اُنہوں نے کہا کہ سفارت کاری دو طرفہ معاملہ ہے اوردوست ممالک یا ثالثوں کے ذریعے ایک سفارتی ہاٹ لائن قائم کی جا رہی ہے۔

  • حمیرا اصغر نے آخری انٹرویو میں والدین سے متعلق کیا کہا تھا ؟

    حمیرا اصغر نے آخری انٹرویو میں والدین سے متعلق کیا کہا تھا ؟

    کراچی 12 جولائی 2025: شہر قائد کے پوش علاقے کے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے، جس میں انہوں نے اپنے والدین سے متعلق اپنے چاہنے والوں کو بتایا تھا۔

    حمیرا اصغر نے 2024 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کا تعلق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے، ان کے دو بھائی اور دو بہنیں ہیں، وہ سب سے چھوٹی ہیں۔

    دوران انٹرویو انہوں نے بتایا کہ والدہ کا تعلق قصور جب کہ والد کشمیری ہیں اور دونوں پاک فوج میں تھے، جہاں دونوں کو آپس میں محبت ہوئی اور شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

    حمیرا کا کہنا تھا کہ والدین نے تعلیم حاصل کرنے کے لیے ان کی مدد کی، انہوں نے ایم فل تک تعلیم حاصل کی، جس کے بعد وہ کیریئر بنانے کے لیے لاہور سے کراچی شفٹ ہوگئیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ لاہور سست شہر ہے، کراچی میں زندگی تیز اور مواقع زیادہ ہیں، اسی لیے وہ لاہور سے کراچی منتقل ہوئیں۔ اس موقع پر والدین نے مجھے سپورٹ کیا۔

    حمیرا کے بھائی نے بہن کے قتل کا شبہ ظاہر کردیا:

    حمیرا اصغر کے بھائی نے قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ گھر کی دو چابیاں موجود ہوں۔اداکارہ کی موت بہت سے سوالات چھوڑ گئی ہے۔

    حمیرا اصغر کے چچا محمد علی نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ ’دس ماہ سے حمیرا سے کوئی رابطہ نہیں ہو پایا، پولیس سے ہم نے گمشدگی کے حوالے سے رابطہ نہیں کیا۔چچا کے مطابق حمیرا کے والد پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں اور یہ چار بہن بھائی ہیں۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

    ان کے چچا کا کہنا تھا کہ حمیرا اصغر کراچی میں کہاں رہتی تھیں یہ معلوم نہیں تھا بس ایک فون نمبر ہمارے پاس تھا، ان کی دوستوں کا نمبر تھا جن سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ کچھ معلوم نہیں ہے۔

    اہلخانہ کا کہنا ہے کہ جائیداد کا حمیرا سے کسی قسم کا کوئی تنازع نہیں تھا، وہ ہر دو سے تین ماہ بعد لاہور آیا کرتی تھیں۔

  • آج کل اداکاری نہیں بلکہ دکھاوے کا دور ہے، توقیر ناصر

    آج کل اداکاری نہیں بلکہ دکھاوے کا دور ہے، توقیر ناصر

    کراچی 12 جولائی 2025: پاکستان کے سینئر اداکار توقیر ناصر نے موجودہ شوبز انڈسٹری کے رجحانات پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے ڈراموں میں خلوص، سچائی اور جذبات کی بجائے ظاہری خوبصورتی اور دکھاوے کو زیادہ اہمیت حاصل ہے۔

    توقیر ناصر کا نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماضی کے فنکار اپنے کرداروں سے جذباتی طور پر جُڑے ہوتے تھے اور ان کی اداکاری میں فطری انداز اور سچائی کی عکاسی ہوتی تھی، اس کے برعکس آج کل کی اداکاری میں اصل جذبات کی بجائے میک اپ اور سرجری سے بنائے گئے خدوخال نمایاں ہو رہے ہیں۔

    سینئر اداکار نے اداکاراؤں میں بڑھتے ہوئے پلاسٹک سرجری کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی حسن نے ان کے چہروں کو مصنوعی جیسا بنا دیا ہے۔ جبکہ ماضی کی اداکارائیں سادگی پسند تھیں اور قدرتی طور پر خوبصورت ہوا کرتی تھیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ پہلے ڈائریکٹر سیٹ پر موجود رہتے تھے اور فنکاروں کی رہنمائی کرتے تھے کردار میں ڈھلنے میں اداکاروں کی رہنمائی کرتے تھے جبکہ اب زیادہ تر صرف مانیٹر پر نظر رکھتے ہیں جس سے اداکاری کا معیار متاثر ہو رہا ہے۔

    اس سے قبل توقیر ناصر شوبز انڈسٹری کی نوجوان اداکاراؤں ہانیہ عامر اور سجل علی کے کام کی تعریف بھی کرچکے ہیں۔

    شاہ رخ خان نے میرے کردار کو ہُو بہُو نقل کیا، توقیر ناصر

    ماضی کے نامور اداکار نے ایک شو میں اپنے کریئر، تجربات اور شوبز میں آن والی تبدیلیوں سے متعلق کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرانے زمانے میں کام کرنے والے اسٹارز زیادہ بہتر تھے کیونکہ وہ اپنے کام کے حوالے سے بہت فکرمند رہتے تھے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی ہماری انڈسٹری میں کچھ اچھے اور باصلاحیت فنکار ہیں، ہانیہ عامر اور سجل علی بھی ان اداکاروں میں شامل ہیں جو باصلاحیت ہیں۔

  • امریکی اڈوں پر حملہ معمولی واقعہ نہیں تھا، دوبارہ ممکن ہے، ایرانی سپریم لیڈر

    امریکی اڈوں پر حملہ معمولی واقعہ نہیں تھا، دوبارہ ممکن ہے، ایرانی سپریم لیڈر

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ قطر میں امریکی اڈوں پر حملہ معمولی واقعہ نہیں تھا، دوبارہ بھی ممکن ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ امریکی اڈوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    اس سے قبل ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ امریکا غلطیوں کا ازالہ کرے تو مذاکرات دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔

    فرانسیسی اخبارکو دیے گئے انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ہم امریکا کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر مذاکرات شروع کرنے کیلیے آمادہ ہیں تاہم امریکا کو مذاکرات کے دوران ایران پر حملے نہ کرنے کی ضمانت دیناہوگی اور امریکا غلطیوں کا ازالہ کرے تو مذاکرات کا آغاز ہوسکتا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری تنصیبات پر نقصان کے تخمینے کے بعد معاوضہ طلب کرنے کا حق حاصل ہے، امریکا نے ہی مذاکرات توڑ کر کارروائی کا آغاز کیا، اس لیے اب ضروری ہے کہ امریکا اپنی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرے، امریکا کے حالیہ حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

    قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی حملے میں نقصان کی سیٹلائٹ تصاویر سامنے آگئیں

    ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ سمجھنا کہ ایران کو پر امن جوہری منصوبہ ترک کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے درحقیقت یہ ایک سنگین غلط فہمی ہے، ایرانی جوہری پروگرام ایسا قومی سرمایہ ہے جسے آسانی سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

    اُنہوں نے کہا کہ سفارت کاری دو طرفہ معاملہ ہے اوردوست ممالک یا ثالثوں کے ذریعے ایک سفارتی ہاٹ لائن قائم کی جا رہی ہے۔

  • سعودی عرب: مکہ مکرمہ سے 6 غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب: مکہ مکرمہ سے 6 غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب مکہ مکرمہ میں پولیس نے ایک عوامی مقام پر اجتماعی جھگڑے میں ملوث چھ غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ امن عامہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی اور بنگلہ دیشی شہری کسی تنازع پر جھگڑا کررہے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ سے زیر حراست ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے حوالے کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں قصیم ریجن میں پولیس نے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی سکیورٹی اینڈ کامبیٹنگ ہیومن ٹریفکنگ کرائمز کے تعاون سے ایک خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں غیرملکی کو گرفتار کیا ہے۔

    بیان کے مطابق یمنی باشندے صادق سعید فرحان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں سکیورٹی حکام کی جانب سے ریاض اور حائل سے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث کریمنل گینگ کے 37 ارکان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے سرکاری ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں وزارت داخلہ کے 6 ملازمین شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق زیر حراست افراد میں 28 سعودی، 5 شامی، دو ایتھوپین، اور دو یمنی شہری شامل ہیں، جو نشہ آور اشیا اور منشیات کے حصول اور اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے۔

    سعودی عرب: سنگین جرم میں دو غیر ملکیوں کو سزائے موت

    اس کے علاوہ سعودی شہریوں میں وزارت دفاع اور وزارت نیشنل گارڈ کے دو، دو جبکہ وزارت داخلہ اور وزارت صحت کا ایک اہلکار شامل ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے حراست میں لئے گئے افراد کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق سکیورٹی ایجنسیاں منشیات کے ذریعے مملکت اور اس کے نوجوانوں کو ہدف بنانے کی تمام مجرمانہ سازشوں کے خلاف چوکس ہیں۔

  • سعودی عرب: فضائی کمپنی السعودیہ کا بعد ازحج آپریشن مکمل

    سعودی عرب: فضائی کمپنی السعودیہ کا بعد ازحج آپریشن مکمل

    سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ کا بعد ازحج آپریشن مکمل ہو گیا۔ ایئر لائن کی آخری فلائٹ گزشتہ روز مدینہ منورہ سے انڈونیشی حجاج کو لے کرروانہ ہوئی۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودیہ ایئرلائن کے ڈائریکٹر گراونڈ آپریشن محمد عبدالرزاق نے کہا کہ رواں برس حج سیزن کے دونوں مراحل 74 دن پر مشتمل تھے۔

    رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ کے ذریعے 8 لاکھ 8 ہزار سے زیادہ حجاج کو دوطرفہ سفری سہولت فراہم کی گئیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ ایئرلائن کے ذریعے 145 ممالک سے حجاج کو سفری سہولت فراہم کی گئی جس میں 147 طیاروں کے ذریعے 4400 پروازوں کو آپریٹ کیا گیا۔

    السعودیہ کا ’حج بغیرسامان‘ کا اقدام کافی کامیاب رہا جس سے حجاج کو سہولت ہوئی اور ایئرپورٹس پر حجاج کو آمد و رفت میں کسی قسم کی پریشانی نہیں اُٹھانا پڑی۔

    رپورٹس کے مطابق آپریشن کے دوران 2 لاکھ 40 ہزار آب زم زم کی بوتلین حجاج کو فراہم کی گئی ہیں۔

    دوسری جانب سال 2026 میں حج کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر آگئی، رجسٹریشن کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا گیا۔

    حج 2026 کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں دو دن کی توسیع کر دی گئی ہے، توسیع کے بعد نامزد بینکوں اور وزارت کے آن لائن پورٹل پ رجسٹریشن 11 جولائی تک جاری رہے گی۔

    عازمین حج کی درخواست پر رجسٹریشن کا عمل جمعہ کے روز تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اب تک 313,000 افراد حج 2026 کے لیے اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں تاہم حج اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط کا اعلان حج پالیسی کے مطابق الگ سے کیا جائے گا۔

    حج 2026 کے لیے لازمی رجسٹریشن کا عمل جاری

    یاد رہے حج 2026 کے لیے عازمین کی قبل از وقت رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی تاہم کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔

    رجسٹریشن کروانے والے درخواست گزار ہی حج 2026 کے اہل تصور ہوں گے، حج رجسٹریشن ملک بھرمیں منظور شدہ 15 بینکوں سے کرائی جا سکتی ہے۔

  • کرد جنگجوؤں کا علامتی طور پر اسلحہ جلا کر مسلح جدوجہد کے خاتمے کا اعلان

    کرد جنگجوؤں کا علامتی طور پر اسلحہ جلا کر مسلح جدوجہد کے خاتمے کا اعلان

    شمالی عراق میں کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے 30 کرد جنگجوؤں نے ترکیے کے خلاف دہائیوں سے جاری مسلح تحریک کے خاتمے پر علامتی طور پر اپنے ہتھیار جلا کر مسلح جدوجہد کے خاتمے کا اعلان کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مرد و خواتین جنگجو قطار میں کھڑے ہو کر اپنے ہتھیار ایک بڑے دیگ نما برتن میں منتقل کررہے ہیں، جسے بعد میں جلا دیا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبرساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ 1984 سے ترک ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد میں مصروف اور پابندی کا شکار پی کے کے نے رواں سال مئی میں اپنے قید رہنما عبداللہ اوجلان کی اپیل پر گروہ کو تحلیل کرنے، ہتھیار ڈالنے اور علیحدگی پسند تحریک کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ تقریب عراق کے شمالی کرد علاقے میں سلیمانیہ سے 60 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع دوقان قصبے کے قریب جسانہ نامی غار کے دہانے پر منعقد ہوئی۔

    اس دوران فوجی وردیوں میں ملبوس کرد جنگجوؤں کے ہمراہ چار اعلیٰ کمانڈرز بھی موجود تھے جن میں سینیئر خاتون رہنما بیسے حوزات بھی شامل تھیں۔ انہوں نے ترک زبان میں اپنا بیان پڑھ کر تنظیم کے ہتھیار ڈالنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔

    ’کرد جنگجوؤں نے ہتھیار نہ ڈالے تو انہیں شام میں دفن کر دیں گے‘

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے ہتھیار، آپ کی موجودگی میں، خیر سگالی اور عزم کے اظہار کے طور پر رضاکارانہ طور پر تباہ کر رہے ہیں‘۔

    رپورٹس کے مطابق اس موقع پر ترک اور عراقی انٹیلی جنس حکام، عراق کے کرد خودمختار علاقے کی حکومت کے نمائندے اور ترکی کی کرد نواز ڈی ای ایم پارٹی کے سینیئر اراکین بھی موجود تھے۔

  • احمد آباد طیارہ حادثہ، تحقیقاتی رپورٹ میں بڑا انکشاف

    احمد آباد طیارہ حادثہ، تحقیقاتی رپورٹ میں بڑا انکشاف

    بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کی تحقیقاتی رپورٹ میں اہم انکشاف ہوا ہے، حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث رونما ہوا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے ایئر کرافٹ ایکسیڈینٹ انویسٹی گیشن بیورو کی ابتدائی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ایندھن کنٹرول کرنے والے دونوں سوئچز ایک سیکنڈ کے فرق سے یکے بعد دیگرے ”CUTOFF” پوزیشن میں چلے گئے تھے۔ ایندھن کی سپلائی منقطع ہونے سے انجن بند اور جہاز نیچے آنے لگا۔

    رپورٹ کے مطابق کاک پٹ ریکارڈنگ میں ایک پائلٹ کو دوسرے سے پوچھتے سنا گیا کہ اس نے ’کٹ‘ کیوں کیا؟ تو دوسرے پائلٹ نے جواب دیا کہ اس نے ایسا نہیں کیا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں سوئچ ’CUTOFF‘ ہونے کی بھی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

    رپورٹ میں بوئنگ اور انجن بنانے والے اداروں کے خلاف کوئی کارروائی تجویز نہیں کی گئی، تاہم کہا گیا ہے کہ مکمل تحقیقات میں ایک سال سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے۔

    یاد رے کہ جون میں بھارتی شہر احمد آباد کے قریب ایئر انڈیا کا مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس کے باعث 260 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    حادثے میں زندہ بچ جانے والے شخص کی نئی ویڈیو وائرل:

    ایئر انڈیا طیارے حادثے میں زندہ بچ جانے والے شخص کی نئی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں اسے آگ لگی عمارت سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی، جس میں حادثے میں زندہ بچ جانے والے واحد شخص وشواس کمار رمیش کو اپنا موبائل فون ہاتھ میں لیے جلتی ہوئی عمارت سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    وشواس کمار رمیش کی ملبے سے نکلنے کی فوٹیج منظر عام پر آئی اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

    تازہ ترین وائرل کلپ میں وشواس کمار رمیش کو جائے حادثہ سے سفید ٹی شرٹ پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے پیچھے ملبے سے گاڑھا سیاہ دھواں اٹھ رہا ہے اور اسے اپنے بائیں ہاتھ میں اسمارٹ فون پکڑے دیکھا جا رہا ہے۔