Tag: اے آر وائی نیوز

  • میکسیکن سینیٹرز کی سینیٹ اجلاس کے دوران ہاتھا پائی (ویڈیو)

    میکسیکن سینیٹرز کی سینیٹ اجلاس کے دوران ہاتھا پائی (ویڈیو)

    میکسیکو سٹی میں ایوانِ بالا کا اجلاس اچانک اکھاڑے میں تبدیل ہوگیا، امریکی فوجی مداخلت پر بحث کے بعد حزبِ اختلاف اور حکومتی سینیٹرز آپس میں ہاتھا پائی کرنے لگے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واقعہ اجلاس کے دوران اس وقت پیش آیا جب حزبِ اختلاف کے رہنما الیخاندرو مورینو کو تقریر کا موقع نہیں مل سکا، مورینو نے غصے میں سینیٹ کے صدر جیراڈو فرنینڈیز نورونیا کا بازو پکڑا اور دونوں میں لڑائی شروع ہوگئی۔

    رپورٹس کے مطابق میکسیکو سٹی میں ہونے والے ہنگامے کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سینیٹر نے مکا چلایا جبکہ دوسرے کو زمین پر گرا دیا گیا۔

    بعدازاں نورونیا اپنی ٹیم کے زخمی رکن کے ساتھ پریس کانفرنس میں نظر آئے، جس کے بازو اور گردن پر پٹیاں بندھی تھیں۔

    رپورٹس کے مطابق نورونیا نے حزبِ اختلاف پر جتھہ بنا کر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ مورینو نے انہیں قتل کی دھمکی بھی دی ہے، ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ وہ مورینو اور دیگر ملوث اراکین کی ایوان سے بے دخلی کے لیے بھی کوشش کریں گے۔

    روس مذاکرات کی میز کے بجائے بیلسٹک میزائل کو ترجیح دیتا ہے، یوکرینی صدر

    سوشل میڈیا پر مورینو نے کہا کہ حکمران جماعت نے ایجنڈا تبدیل کرکے حزبِ اختلاف کو بولنے سے روکا، جس پر ہم احتجاج پر مجبور ہوگئے، اصل اشتعال نورونیا نے دلایا تھا اور ہم حکومتی بزدلانہ رویے کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوئے۔

  • یمن پر اسرائیلی بمباری، انصاراللہ سے منسلک وزیراعظم احمد غالب جاں بحق

    یمن پر اسرائیلی بمباری، انصاراللہ سے منسلک وزیراعظم احمد غالب جاں بحق

    یمن پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں حوثیوں کی اکثریتی تنظیم انصاراللہ سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم احمد غالب جاں بحق ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم احمد غالب دارالحکومت صنعا کے جنوبی علاقے حدا میں گھر پر بمباری کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے وزیراعظم احمد غالب کے 3 ساتھی بھی شہید ہوگئے۔

    انصاراللہ نے گزشتہ سال 10 اگست کو احمد غالب کو وزیراعظم مقرر کیا تھا، وہ حوثیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے رکن تھے۔

    یمنی وزارت دفاع نے اسرائیلی حملوں میں قیادت نشانہ بننے کی تردید کرتے ہوئے غزہ میں نسل کشی اورفلسطینیوں کوفاقہ کشی سے مارنیوالوں کیخلاف کاروائی جاری رکھنے کااعلان کردیا۔

    دوسری جانب گزشتہ روز اسرائیلی فوج کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ یمن سے داغا گیا میزائل ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے کئی علاقوں میں سائرن بج اُٹھے، جس کے بعد یمن سے داغا گیا ایک میزائل آئی اے ایف نے ناکارہ بنا دیا۔

    ایران جوہری پروگرام پر سفارتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ

    رپورٹس کے مطابق اسرائیل پر داغے جانے والے میزائل حملے کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

  • ایران جوہری پروگرام پر سفارتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ

    ایران جوہری پروگرام پر سفارتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ

    ایران نے جوہری پروگرام پر سفارتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے حامی بھرلی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کو لکھے گئے خط میں زور دیا ہے کہ دیگر فریق بھی سنجیدگی اور خیرسگالی کا مظاہرہ کریں۔

    رپورٹس کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے خط میں کہا کہ جوہری پروگرام پر سفارتی مذاکرات کی بحالی کا انحصار اس بات پر ہے کہ فریقین سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جس سے کامیابی کے امکانات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔

    اس سے قبل وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی واپسی کا مطلب مکمل تعاون کی بحالی نہیں ہے۔

    روس مذاکرات کی میز کے بجائے بیلسٹک میزائل کو ترجیح دیتا ہے، یوکرینی صدر

    وزیر خارجہ نے بدھ کے روز کہا تھا کہ IAEA کے معائنہ کار ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کی رضامندی سے ایران میں داخل ہوئے ہیں۔

    عباس عراقچی کا سرکاری نشریاتی ادارے کے حوالے سے تبصرے میں کہنا تھا کہ آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کے نئے فریم ورک پر ابھی تک کوئی حتمی متن منظور نہیں ہوا ہے اور خیالات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔

  • سہ فریقی سیریز، پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائیگا

    سہ فریقی سیریز، پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائیگا

    آج سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹیموں کے درمیان 3 ملکی ٹی 20 سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ شارجہ میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

    سہ فریقی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی جس میں تینوں ممالک کے کپتان شریک ہوئے، پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا، افغانستان کے کپتان راشد خان اور یو اے ای کے کپتان محمد وسیم کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ ہوا۔

    پاکستانی ٹیم کے کپتان سلما ن آغا کا دوران پریس کانفرنس کہنا تھا کہ تیاری اچھی ہے، موجودہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں سابق کھلاڑیوں کے خیالات سے اُنہیں اور ٹیم کو فرق نہیں پڑتا۔

    بابر اعظم کو بڑی آفر مل گئی!

    افغان کپتان راشد خان کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ٹی 20 ٹورنامنٹس کھیلنے کا موقع نہیں ملا مگر اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

    واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے سے 2، 2 میچز کھیلیں گی اور 7 ستمبر کو سیریز کا فائنل ہوگا۔

  • سعودی عرب: شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا بڑا فیصلہ

    سعودی عرب: شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا بڑا فیصلہ

    سعودی عرب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اعضا کا عطیہ کرنے پر دو سو شہریوں کو تیسرے درجے کا تمغہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان کی طرف سے اعضا کا عطیہ کرنے والوں کو تمغے کے علاوہ اسناد بھی دی جائیں گی۔

    رپورٹس کے مطابق یہ اعزاز اس بات کا عملی اظہار ہے کہ سعودی قیادت انسانی اور قومی نوعیت کی ان پہل قدمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو انسانی جانوں کو بچانے اور اعضا کے عطیہ کی ثقافت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں ضرورت مند مریضوں کے لیے خون کا عطیہ دینے کی مہم بھی وقتا فوقتا چلائی جاتی ہے۔

    اس سے قبل عرب وزرائے داخلہ کونسل کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اعلی ترین درجے کا ’شہزادہ نایف ایوارڈ برائے عرب امن‘ سے نوازا گیا۔

    سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی صحت سے متعلق خبر

    خادم حرمین شریفین کو یہ ایوارڈ عرب معاشرے کے لیے کی گئی بے مثال امن کوششوں کو سراہتے ہوئے دیا گیا ہے۔

    وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو نوازا جانے والا ایوارڈ وصول کیا، جنہوں نے تیونس میں منعقدہ عرب وزرائے داخلہ کونسل کے 41 ویں اجلاس میں شرکت کی۔

  • کیا محمد شامی ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں؟

    کیا محمد شامی ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں؟

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے پہلی بار اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ جب کوئی کھلاڑی میدان میں اترتا ہے تو اس کے ذہن میں صرف ٹیم کو جتوانے اور وکٹ لینے کی سوچ ہوتی ہے، نہ کہ یہ کہ سوشل میڈیا پر کون کیا کہہ رہا ہے۔

    شامی نے کہا کہ میں کوئی مشین نہیں ہوں، سال بھر محنت کرتا ہوں۔ کبھی کامیابی ملے گی، کبھی ناکامی لیکن یہ لوگوں پر ہے کہ وہ اسے کیسے لیتے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ دوران کھیل سوشل میڈیا سے دور رہنا کھلاڑی کے لیے بہتر ہوتا ہے تاکہ مثبت اور منفی دونوں طرح کے تبصرے انہیں متاثر نہ کریں۔

    شامی نے کہا کہ سچے فین کبھی نفرت انگیز باتیں نہیں کرتے، اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ عزت سے اپنی رائے دے۔ ٹرولز کو تو صرف دو جملے لکھنے ہوتے ہیں لیکن کھلاڑی کامیابی کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ بہتر کر سکتے ہیں تو میدان میں آئیے اور کوشش کیجیے۔

    شامی نے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی کھیل سے بیزار نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے لیے منتخب نہ کیا جائے تو وہ گھریلو سطح پر کھیلتے رہیں گے، کیونکہ ان کا مقصد مسلسل محنت کرتے رہنا ہے۔

    بھارتی فاسٹ بولر نے کہا کہ کیا میرے ریٹائر ہونے سے کسی کی زندگی بہتر ہو جائے گی؟ اگر ہاں، تو بتائیے۔ میں کس کی زندگی کا بوجھ بن گیا ہوں؟

    محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی ون ڈے رینکنگ میں بہتری

    بھارتی فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اس وقت لینا چاہیے جب وہ کھیل سے بور ہونے لگے۔ ابھی وہ وقت نہیں آیا ہے۔ جب بور ہو جاؤں گا تو خود ہی کھیل چھوڑ دوں گا۔

  • روس مذاکرات کی میز کے بجائے بیلسٹک میزائل کو ترجیح دیتا ہے، یوکرینی صدر

    روس مذاکرات کی میز کے بجائے بیلسٹک میزائل کو ترجیح دیتا ہے، یوکرینی صدر

    کیف: یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کے حملوں سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں سفارت کاری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روسی دارالحکومت کیف پر گزشتہ رات روسی حملے میں 8 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر نے کہا کہ روس مذاکرات کی میز کے بجائے بیلسٹک میزائلوں کو چُنتا ہے، کیف پر حملے سے ظاہر ہے کہ روس کو حقیقی سفارت کاری میں دلچسپی نہیں۔

    زیلنسکی کا روس پر نئی پابندیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روس جنگ ختم کرنے کے بجائے قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

    روس نے یوکرین کیلیے یورپ کی سیکورٹی گارنٹی مسترد کر دی

    کریملن کا کہنا ہے کہ روس یوکرین کے لیے یورپی تحفظ کی ضمانتوں کا مخالف ہے۔

    روس نے واضح اعلان کیا ہے کہ ماسکو یوکرین کے لیے سلامتی کی ضمانتوں سے متعلق یورپی تجاویز کا مخالف ہے اور وہ اپنے پڑوسی کی سرزمین پر نیٹو فوجیوں کی موجودگی کی اجازت نہیں دے گا۔

    بدھ کے روز ماسکو میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ماسکو نے یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ روس کیف کے لیے سلامتی کی ضمانتوں کے حصے کے طور پر وہاں یورپی فوجیوں کی تعیناتی کو قبول نہیں کرے گا، کیونکہ یہ نیٹو کی ایک طویل مدتی موجودگی کے مترادف ہوگا۔

    پیسکوف نے کہا کہ حقیقی طور پر یہ نیٹو کے فوجی ڈھانچے کی ترقی اور آگے بڑھنے کی کوشش یوکرین میں دراندازی تھی جسے ممکنہ طور پر پیدا ہونے والی تنازعہ کی صورت حال کی بنیادی وجوہات میں شامل کیا جا سکتا ہے لہذا ہم ان مباحثوں کے بارے میں منفی رویہ رکھتے ہیں۔

    ترکیہ کی بڑی کامیابی، فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کرلیا

    یوکرین میں روس کی جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی کوششوں میں مستقبل کی روسی جارحیت کے خلاف تحفظ کی ضمانتیں ایک اہم خیال کے طور پر سامنے آئی ہیں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ وہ ایک ممکنہ امن معاہدے کے حصے کے طور پر نیٹو کے آرٹیکل 5 کے قریب ہونے کی ضمانت چاہتے ہیں، جس میں ایک رکن ریاست کے خلاف حملہ سب پر حملہ ہے۔

  • جنگ کے دوران یوکرین چھوڑنے والی خاتون کا امریکا میں لرزہ خیز قتل

    جنگ کے دوران یوکرین چھوڑنے والی خاتون کا امریکا میں لرزہ خیز قتل

    روس کے ساتھ جنگ کے باعث یوکرین سے امریکا آنے والی خاتون کو کیرولائنا میں موت کی نیند سلادیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خاتون کو ریاست شمالی کیرولائنا میں چھریوں کے وار کر کے قتل کیا گیا، مقتولہ کی عمر 23 سال تھی۔

    پولیس کے مطابق یوکرین سے امریکا آنے والی خاتون کو ریلوے اسٹیشن پر قتل کیا گیا، جائے وقوعہ پر پہنچے تو خاتون جان کی بازی ہار چکی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایک 34 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حملہ آور اور مقتولہ دونوں ایک دوسرے کو جانتے نہیں تھے، تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے، ملزم پہلے بھی کئی مرتبہ متعدد کیسز میں گرفتار ہوچکا ہے۔

    روس و یوکرین نے ایک دوسرے کے 146 قیدی رہا کر دیے

    روس اور یوکرین کی جانب سے ایک دوسرے کے مزید 146 قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق روسی وزارتِ دفاع نے قیدیوں کے تبادلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ یو اے ای کی ثالثی میں ہوا ہے۔

    روس نے یوکرین کیلیے یورپ کی سیکورٹی گارنٹی مسترد کر دی

    رپورٹس کے مطابق یوکرین نے کرسک ریجن سے تعلق رکھنے والے 8 روسی شہریوں کو بھی رہا کیا ہے۔

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کا ظلم جاری، مزید 10 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کا ظلم جاری، مزید 10 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کے ظلم کا سلسلہ جاری ہے، تازہ بمباری کے باعث 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں بے گھر افراد کے خیموں پر ڈرون حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    شہید ہونے والوں میں ایک عورت اور ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ 21 افراد زخمی ہوگئے، غزہ شہر میں اسرائیلی فوج کے الگ الگ حملوں میں مزید 6 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    صیہونی افواج کی جانب سے غزہ میں امداد تقسیم کرنے کے مقامات کے قریب بھی حملے کیے گئے جن میں کم از کم 12 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    طبی عملے کے مطابق شمالی غزہ میں 4 افراد کو اُس وقت شہید کیا گیا جب وہ امداد کے منتظر تھے۔

    ’آزادی صحافت پر حملہ ناقابل قبول‘ اطالوی وزیراعظم کی صحافیوں پر اسرائیلی حملے کی مذمت

    غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ میں بھوک کی شدت سے مزید 10 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے جس کے بعد اسرائیل کے مسلط کردہ قحط سے شہید ہونے والوں کی تعداد 313 تک پہنچ گئی۔

    وزارت صحت کے مطابق صرف بدھ کی صبح سے اسرائیلی افواج نے مجموعی طور پر51 فلسطینیوں کو شہید کیا۔

  • سعودی عرب، ریاض میں طلبا کے لیے بڑی رعایت کا اعلان

    سعودی عرب، ریاض میں طلبا کے لیے بڑی رعایت کا اعلان

    سعودی عرب کے شہر ریاض میں پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلبا کیلیے پبلک ٹرانسپورٹ کے ٹکٹوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان کردیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’آپ کی عمر 6 سے 18 سال کے درمیان ہے یا آپ یونیورسٹی کے طالبعلم ہیں تو پبلک ٹرانسپورٹ کے ٹکٹوں پر 50 فیصد رعایت کے اہل ہیں۔‘

    رپورٹس کے مطابق طلبا 50 فیصد رعایت حاصل کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ یا اقامہ کے ساتھ اسکول انرولمنٹ لیٹر، یونیورسٹی کا شناختی کارڈ کے ساتھ ریاض میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کسی بھی دفتر کا وزٹ کریں اور آج ہی سے سستے، محفوظ اور آسان سفر کا آغاز کریں۔

    اس اقدام کا مقصد خاندانوں کی مدد، ان کے مالی بوجھ کو کم کرنا اور ٹرانسپورٹیش کے جدید ذرائع پر انحصار کو فروغ دینا ہے۔

    سعودی ایئرلائن فلائی ناس کا ریاض اور ماسکو کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز

    سعودی عرب میں مشرق وسطی کی مشہور لو بجٹ ایئرلائن فلائی ناس نے یکم اگست سے ریاض اور ماسکو کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پہلی پرواز نے جمعے کو دوپہر ایک بجکر 46 منٹ پر ماسکو کے ونوکوو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، فلائی ناس روس کے لیے ہفتے میں تین براہ راست پروازیں پیر، بدھ اور جمعے کو چلائے گی۔

    ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ماسکو کے ونوکوو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر افتتاحی پرواز کے موقع پر جمعے کو تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں روس میں سعودی سفیر عبدالرحمن الاحمد نے شرکت کی۔

    سعودی ایوی ایشن کا مقصد قومی کیریئرز کے ذریعے مملکت کو250 بین الاقوامی مقامات سے جوڑنا اور 2030 تک سیاحوں کی تعداد بڑھا کر سالانہ 150 ملین تک لے جانا ہے۔

    فلائی ناس مشرق وسطی کی پہلی لو بجٹ ایئرلائن ہے جو سعودی سٹاک مارکیٹ تداول میں رجسٹرڈ ہے۔ 30 ملکوں میں 70 سے زیادہ ملکی اور بین الاقوامی مقامات کے لیے 139 روٹس آپریٹ کرتی ہے۔

    سعودی عرب میں عربی اے آئی ایپ لانچ

    فلائی ناس 2007 سے اپنے آغاز کے بعد سے دو ہزار سے زیادہ ہفتہ وار پروازیں چلا رہی ہے۔ 80 ملین سے زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کرچکی ہے۔