Tag: اے آر وائی نیوز

  • ترکیہ کی بڑی کامیابی، فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کرلیا

    ترکیہ کی بڑی کامیابی، فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کرلیا

    ترکیہ نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی ساختہ فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کر لیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی دفاعی نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ترک صدر اردوان نے کہا کہ اسٹیل ڈوم ترکیے کی طاقت کا مظہر ہے۔

    ترکیہ کے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ڈوم ترک مسلح افواج کی طاقت بڑھانے اور ملکی دفاعی صنعت کی بلندی کی طرف قدم ہے۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ جس ملک کے پاس اپنا ریڈار، فضائی دفاع اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم نہ ہو، وہ مستقبل میں اپنے وجود کو محفوظ نہیں رکھ پائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 47 گاڑیاں شامل ہیں جن کی مالیت 460 ملین ڈالر ہے، جو ترکیے کے دوستوں کے لیے اعتماد اور دشمنوں کے لیے خوف کا سبب ہیں۔

    عالمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کار ایران واپس آگئے

    واضح رہے کہ ترک صدر اردوان کی حکومت نے گزشتہ سال اگست میں اسٹیل ڈوم کے منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد سمندری اور زمینی فضائی دفاعی پلیٹ فارمز اور سینسرز کو ایک نیٹ ورک میں ضم کرکے ترکیے کے فضائی حدود کا تحفظ کیا جاسکے۔

    ترکیے نے روس سے 2019 میں ایس400 میزائل سسٹم حاصل کیا تھا، جس کے نتیجے میں اسے امریکی ایف-35 جیٹ پروگرام سے نکال دیا گیا تھا۔

  • ارجنٹینا کے صدر پر حملہ، بال بال بچ گئے (ویڈیو)

    ارجنٹینا کے صدر پر حملہ، بال بال بچ گئے (ویڈیو)

    ارجنٹینا کے صدر ہاویئر مائیلی پر انتخابی مہم کے دوران مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، خوش قسمتی سے وہ بال بال بچ گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز دارالحکومت بیونس آئرس کے قریب ارجنٹینا کے صدر پر انتخابی مہم کے دوران بدعنوانی کے اسکینڈل کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صورتحال خراب ہونے کے بعد صدر ہاویئر مائیلی کو موقع سے روانہ کردیا گیا جبکہ ان کے قافلے پر پتھراؤ کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

    رپورٹس کے مطابق ہاویئر مائیلی اکتوبر میں ہونے والے مڈ ٹرم الیکشن کے سلسلے میں انتخابی مہم چلا رہے تھے، اس موقع پر وہ ایک پک اپ ٹرک کے پیچھے گاڑی میں سوار تھے، اسی دوران مظاہرین نے ان کی گاڑی پر دھاوا بول دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تمام صورتحال کے دوران صدر اور ان کی بہن سمیت دیگر اہلکاروں کو فوراً ہی گاڑی میں وہاں سے روانہ کردیا گیا۔

    ’آزادی صحافت پر حملہ ناقابل قبول‘ اطالوی وزیراعظم کی صحافیوں پر اسرائیلی حملے کی مذمت

    اس صورتحال کے بعد صدر کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی، اس دوران ایک خاتون زخمی ہوئی جسے طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • اسرائیلی فوج کا یمن سے داغے گئے میزائل ناکارہ بنانے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج کا یمن سے داغے گئے میزائل ناکارہ بنانے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یمن سے داغا گیا میزائل ناکارہ بنا دیا گیا ہے، غزہ میں اسرائیلی مظالم کے جواب میں یمن سے حوثیوں نے باقاعدگی سے اسرائیل پر میزائل حملے کیے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے کئی علاقوں میں سائرن بج اُٹھے، جس کے بعد یمن سے داغا گیا ایک میزائل آئی اے ایف نے ناکارہ بنا دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق میزائل اسرائیل پر داغے جانے والے میزائل حملے کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    واضح رہے کہ حوثیوں نے سات اکتوبر 2023 کے بعد سے اپنے فلسطینی اتحادی حماس کی حمایت میں اسرائیل کو بار بار میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

    دوسری جانب غزہ پر قبضے کے منصوبے کے پیش نظر اسرائیل نے غزہ کی سرحدوں پر تازہ کمک پہنچا دی ہے، اسرائیلی ٹینک زمینی پیش قدمی کے لیے تیار ہیں، غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    رپورٹ کے مطابق غزائی قلت کے سبب مزید تین فلسطینی انتقال کرگئے جس کے بعد اسرائیل کے جبری قحط سے اموات 303 ہو گئیں۔

    ایرانی فورسز کی بڑی کارروائی، 13 شدت پسند ہلاک، متعدد گرفتار

    اقوام متحدہ، کینیڈا، سعودی عرب اور ایران نے اسپتال پر اسرائیلی حملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے اگلے دو سے تین ہفتے میں غزہ جنگ کا فیصلہ کُن نتیجہ سامنے آجائے گا۔

  • ملک میں آج بھی سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

    ملک میں آج بھی سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

    کراچی: ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں آج فی تولہ سونا ایک ہزار روپے مہنگا ہوکر 3 لاکھ 61 ہزار 700 روپے کا ہوگیا۔

    اسی طرح 10 گرام سونا 857 روپے اضافے سے 3 لاکھ 10 ہزار 99 روپے کا ہوگیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونا 10 ڈالر اضافے سے 3390 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

  • ایرانی فورسز کی بڑی کارروائی، 13 شدت پسند ہلاک، متعدد گرفتار

    ایرانی فورسز کی بڑی کارروائی، 13 شدت پسند ہلاک، متعدد گرفتار

    جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑی کارروائی کی گئی ہے، اس دوران 13 شدت پسندوں کو ہلاک اور متعدد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایرانشہر، خاش اور سراوان کے علاقوں میں کی گئیں۔

    ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جن شدت پسندوں کو واصل جہنم کیا گیا ہے ان میں وہ افراد بھی شامل تھے جو گزشتہ دنوں ایرانشہر میں پولیس پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے، جس میں 5 پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    حالیہ حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم جیش العدل نے قبول کی تھی، یہ گروہ ماضی میں بھی ایرانی فورسز پر حملے کرچکا ہے۔

    واضح رہے کہ سیستان بلوچستان ایران کا ایک حساس علاقہ ہے جو پاکستان اور افغانستان سے متصل ہے، یہاں طویل عرصے سے ایرانی فورسز اور مختلف مسلح گروہوں، منشیات فروشوں اور علیحدگی پسندوں کے درمیان لڑائیاں ہوتی رہی ہیں۔

    خامنہ ای نے امریکی مسئلے کو ’ناقابل حل‘ قرار دے دیا

    ایران کے سپریم لیڈر نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال امریکا کے ساتھ ”ناقابلِ حل“ ہے، ایران کبھی بھی واشنگٹن کے دباؤ کے آگے سر نہیں جھکائے گا۔

    روئٹرز کے مطابق مغربی طاقتوں کے ساتھ ایٹمی پروگرام کے تنازعے کے دوران اتوار کو سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران اس کا مطیع ہو، لیکن ایرانی قوم اپنی پوری طاقت کے ساتھ ان لوگوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی جو ایسی غلط توقعات رکھتے ہیں۔“

    ناصر اسپتال پر حملے، حماس کا اسرائیل کو چیلنج

    بیان میں خامنہ ای نے کہا امریکا چاہتا ہے ایران اس کی فرماں برداری کرے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ ایران امریکی فرماں برداری کے مطالبے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔ جو لوگ مسائل کے حل کے لیے واشنگٹن کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی وکالت کرتے ہیں وہ کم عقل ہیں۔

    انھوں نے کہا مخالفین ایران میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن قوم متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنادے گی۔

  • سہ فریقی سیریز کے لیے یو اے ای کا اسکواڈ کا اعلان

    سہ فریقی سیریز کے لیے یو اے ای کا اسکواڈ کا اعلان

    متحدہ عرب امارات یو اے ای نے سہ فریقی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز 2025 میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کی قیادت تجربہ کار اوپننگ بلے باز محمد وسیم کریں گے۔

    شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کا آغاز 29 اگست سے ہوگا۔ یو اے ای 30 اگست کو ٹورنامنٹ کے اپنے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔

    واضح رہے کہ سیریز میں میزبان متحدہ عرب امارات یو اے ای کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

    سہ فریقی سیریز نو ستمبر سے یو اے ای میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ 2025 سے قبل تینوں ٹیموں کو تیاری کا مثالی موقع فراہم کرے گی۔

    معروف بھارتی کرکٹر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان، مداح افسردہ ہوگئے

    یو اے ای اسکواڈ میں محمد وسیم (کپتان)، علیشان شرافو، آریانش شرما (وکٹ کیپر)، آصف خان، دھرو پراشر، ایتھن ڈی سوزا، حیدر علی، ہرشیت کوشک، جنید صدیق، محمد فاروق، محمد جواد اللہ، محمد زوہیب، راہول چوپڑا (وکٹ کیپر)، روہید خان اور صغیر خان شامل ہیں۔

  • سری دیوی کی جائیداد پر قبضہ، بونی کپور عدالت پہنچ گئے

    سری دیوی کی جائیداد پر قبضہ، بونی کپور عدالت پہنچ گئے

    نئی دہلی: بھارت کی نامور اداکارہ سری دیوی کی جائیداد پر غیر قانونی قبضے کے خلاف ان کے شوہر مشہور فلم پروڈیوسر بونی کپور مدراس ہائی کورٹ پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بونی کپور کا کہنا ہے کہ تین افراد نے دھوکہ دہی کے ذریعے اس جائیداد کے حقوق کو اپنے نام کرالیا ہے، انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے کیونکہ سری دیوی نے یہ جائیداد اپنی محنت سے خریدی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق اپریل 1988 میں سری دیوی نے مدراس میں ایم سی سمبند مدلیار نامی شخص سے اس جائیداد کو خریدا تھا، بونی کپور کا کہنا تھا کہ اس وقت سمبند مدلیار کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں تھیں اور ان سب کی طرف سے وراثتی سرٹیفکیٹ دیکھنے کے بعد ہی سری دیوی نے اس جائیداد کو خریدا تھا۔

    تاہم حال ہی میں سمبند مدلیار کی دوسری بیوی کے بیٹوں کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ اس جائیداد میں ان کا بھی حصہ ہے اور انہوں نے تحصیلدار کے دفتر میں درخواست دائر کی۔

    بونی کپور کا کہنا ہے کہ سرکاری حکام نے غیر قانونی طور پر ان کے حق میں فیصلہ دے کر اس جائیداد کی ملکیت ان کے نام کردی ہے۔بونی کپور نے عدالت میں عرضی دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ اور جعلی دستاویزات منسوخ کی جائیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ان کی اہلیہ سری دیوی زندہ تھیں تب ہی مدلیار نے دوسری شادی کی تھی جو ان کے دعوے کی قانونی حیثیت پر سوال کھڑا کرتی ہے۔

    سری دیوی کو مجسٹریٹ نے کیوں بلایا تھا؟ وکیل کا حیرت انگیز انکشاف

    مدراس ہائی کورٹ کے جسٹس آنند وینکٹیش نے اس معاملے پر چار ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت دی ہے اور ساتھ ہی تامبرم تعلقہ کے تحصیلدار کو وضاحت پیش کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ بونی کپور نے 1996 میں سری دیوی سے شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں،سال 2018 میں سری دیوی دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔

  • روس سے تیل خریدنے کی سزا، امریکا نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا

    روس سے تیل خریدنے کی سزا، امریکا نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا

    امریکا نے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصداضافی ٹیرف کا اطلاق آج سے کردیا ہے، 25 فیصد اضافی ٹیرف کے بعد بھارت پر مجموعی ٹیرف 50 فیصد تک پہنچ گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اضافی ٹیرف کے حوالے سے امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    امریکی ٹیرف کے مزید 25 فیصد اضافے کے بعد متعدد بھارتی مصنوعات مہنگی ہوجائیں گی جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے اضافی ٹیرف روس یوکرین جنگ میں بھارت کی جانب سے روس کی حمایت کے جواب میں لگایا گیا ہے۔

    امریکا کی جانب سے ٹیرف کے اطلاق کے بعد بھارتی اسٹاک مارکیٹوں میں بھونچال آگیا ہے اور بھارت کی کرنسی بھی گرگئی۔

    امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بھارت سے درآمد ہونے والی یا کسٹم ویئر ہاؤس سے نکلنے والی تمام مصنوعات پر نیا ٹیرف لاگو ہوگیا ہے۔

    امریکی جھنڈا جلانے پر ایک سال کی سزا ہوگی، صدر ٹرمپ کا حکم

    نئے اقدامات کے تحت موجودہ 25 فیصد ڈیوٹی میں مزید 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد بھارتی برآمدات پر کل ڈیوٹی 50 فیصد ہو جائے گی۔ زرعی اجناس، اسٹیل، ٹیکسٹائل اور مینوفیکچرنگ کی دیگر مصنوعات اس اقدام سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گی۔

  • شہید فلسطینی صحافی کا بیٹے کے نام آخری خط منظر عام پر آگیا

    شہید فلسطینی صحافی کا بیٹے کے نام آخری خط منظر عام پر آگیا

    اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہید ہونے والی فلسطینی صحافی مریم ابو دقہ کا اپنے بیٹے غیث کے نام لکھا گیا آخری خط منظر عام پر آگیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی صحافی مریم ابو دقہ نے اپنی محبت، قربانی اور بیٹے کے مستقبل سے متعلق اپنی اُمیدوں کا اظہار تحریر کے ذریعے کیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق فلسطینی صحافی نے خط کا آغاز ان الفاظ سے کیا کہ غیث، تم اپنی ماں کا دل اور جان ہو، رو مت، بس میرے لیے دعا کرنا تاکہ مجھے سکون مل سکے۔

    شہید صحافی کا اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ عزت، ایمان اور کامیابی کے ساتھ بڑا ہو، محنت کرے، تعلیم میں کمال حاصل کرے اور ایک دن ایک باعزت کاروباری شخصیت کے طور پر زندگی گزارے۔

    اپنے بیٹے کو مریم ابو دقہ نے تاکید کی کہ وہ ہمیشہ انہیں یاد رکھے، وقار کے ساتھ جیئے اور اپنی ماں کی قربانی کو فخر کے ساتھ یاد کرے۔

    خط میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں نے جو کچھ کیا، وہ صرف اس لیے تھا کہ تم خوش رہو، سکون پاؤ اور کامیاب زندگی بسر کرسکو۔

    ’حماس کے کیمرے کو نشانہ بنایا‘ اسرائیلی فوج کا اسپتال اور صحافیوں پر حملے کے بعد دعویٰ

    اُنہوں نے اپنے خط کے آخر میں بیٹے سے ایک آخری خواہش کا اظہار کیا کہ جب تم بڑے ہو جاؤ اور تمہاری بیٹی ہو تو اس کا نام مریم رکھنا، اپنی اس ماں کے نام پر جس نے تمہیں بے پناہ محبت کی۔

    انہوں نے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ غیث تمہاری نماز ہی تمہاری اصل طاقت ہے، سب سے بڑھ کر اپنی نماز کبھی مت چھوڑنا۔

  • ثناء میر کو کھوئی ہوئی قیمتی چیز واپس مل گئی

    ثناء میر کو کھوئی ہوئی قیمتی چیز واپس مل گئی

    پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کا بازار میں کھوجانے والا والٹ حیرت انگیز طور پر انہیں واپس مل گیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کا کہنا تھا کہ وہ کچھ میٹھا خریدنے کے لئے ایک سے دوسری دکان پر گئیں تو اس دوران ان کا والٹ غلطی سے راستے میں کہیں گر گیا۔

    سابق کپتان نے بتایا کہ انہیں جیسے ہی اس بات کا احساس ہوا تو فوراً پہلی دکان پر دیکھنے گئیں تاہم انہیں والٹ وہاں نہیں ملا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ابھی سی سی ٹی وی دیکھنے کا انتظار ہی کررہے تھے کہ اسی اثناء میں ایک نامعلوم نمبر سے مجھے فون کال آئی۔

    کال کرنے والے شخص نے پہلے مجھ سے تصدیق کی میرا کوئی سامان کھوگیا ہے جس کے بعد میں فوراً ان کی بتائی ہوئی جگہ پرچلی گئی۔

    وہ نیک انسان گرمی میں کھڑے ہوئے میرے منتظر تھے تاکہ میرا والٹ مجھے واپس دے سکیں۔

    سابق کپتان نے بتایا کہ میرے والٹ میں انہیں ایک لفافہ ملا تھا جس پر میرے رابطہ نمبر کے ساتھ کچھ اسٹوڈیو کی تصاویر بھی موجود تھیں۔

    انگلش ون ڈے کپ، امام الحق تیسری سنچری بنانے میں کامیاب

    سابق کپتان نے والٹ واپس کرنے والے دونوں افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے رابطے کی تفصیلات والٹ میں رکھا کریں تاکہ اگر یہ صحیح شخص تک پہنچ جائیں تو وہ آپ سے رابطہ کرکے آپ کی امانت آپ تک پہنچا سکیں۔