Tag: اے آر وائی نیوز

  • جگہ جگہ دھرنےہوں گے توسرمایہ کاری نہیں ہوگی، پرویز رشید

    جگہ جگہ دھرنےہوں گے توسرمایہ کاری نہیں ہوگی، پرویز رشید

    وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کاکہناہے آج خان صاحب کسی اور صوبے میں دھرنادے رہے ہیں کل کوئی ان کے صوبے میں بھی دھرنادے سکتا ہے۔

    وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نےکہا ہے ن لیگ نے تمام صوبوں میں سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کوتسلیم کیا، سیاسی جماعتوں کوچاہئے کہ وہ عوام کو مہنگائی اورلوڈشیڈنگ سے نجات دلانے میں کردار ادا کریں جگہ جگہ دھرنےہوں گے توسرمایہ کاری نہیں ہوگی۔

    پرویز رشید کاکہناتھاگڑ اورآلوتو پشاورمیں سب سے زیادہ پیدا ہوتا ہے خان صاحب ان کے مہنگاہونے پربھی احتجاج کریں، پرویزرشید سے سوال کیا کہ خان صاحب بتائیں کہ انہوں نےکرپٹ لوگوں کیخلاف کیا کارروائی کی، پرویزرشید کاکہناتھا یونس حبیب متعدد مرتبہ اپنے بیانات تبدیل کرچکے ہیں غلط بیانی کرنے والے کو اس کے گھرتک پہنچائیں گے۔
       

  • اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی جنوبی سوڈان دھماکے کی مذمت

    اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی جنوبی سوڈان دھماکے کی مذمت

    اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے جنوبی سوڈان میں ہونے والے جان لیوا بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

    دھماکے میں امن مشن کے دو اور گیارہ سویلین ہلاک ہوئے تھے۔ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ نوزائیدہ افریقی ملک جنوبی سوڈان خانہ جنگی کے دھانے پر کھڑا ہے اور قبائل میں موجود چپقلش کسی بھی وقت انسانی المیے کو جنم دے سکتی ہے۔

    دوسری جانب امریکی صدر بارک اوباما کا کہنا ہے کہ نوزائیدہ ملک جنوبی سوڈان میں امن و استحکام کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، انہوں نے جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی کاموں میں مصروف امریکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے۔

  • یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

    یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

    حکومت نے مہنگائی کی ماری عوام کیلئے نیو ایئر گفٹ کی تیاری کرلی ہے، حکومت نے یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تیار کرلی ہے۔

    نئے سال کی آمد اور سرد موسم کے ساتھ حکومت نے بھی غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے کرنے کی تیاری کرلی ہے، حکومت سال نو کا تحفہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں دے گی۔

    وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے زرائع کے مطابق یکم جنوری سے پٹرول تین روپے تیس پیسے ،ہائی آکٹین پانچ روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل چارروپے ستر پیسے، لائیٹ ڈیزل تین روپے پچھتر پیسے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

    جب کہ غریبوں کے ایندھن مٹی کا تیل بھی دو روپے اٹھانوئے پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پرعائد ٹیکسوں اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی:ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری، تحریک طالبان کا اہم رکن گرفتار

    کراچی:ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری، تحریک طالبان کا اہم رکن گرفتار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کاروائیوں کے دوران تحریک طالبان کے اہم رکن سمیت اڑتالیس افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    جرائم کے خاتمے کے لئے کراچی میں ٹارگٹڈ کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اولڈ ماڑی پورٹرک اسٹینڈ کے قریب ٹارگٹڈ کاروائی میں تحریک طالبان کے اہم ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔

    نیو کراچی میں پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے، دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری میں ٹارگٹڈ کاروائی کی، کاروائی کے دوران گینگ وار کا ملزم رمضان عرف رمضانی گرفتار کر لیا گیا۔

    ملزم کے سر کی قیمت حکومت سندھ نے پانچ لاکھ روپے مقرر کی تھی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی دیگر کاروائیوں میں سینتیس ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار اور بعض سیاسی جماعتوں سے ہے۔

    ملزمان سے مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد ہوئے، ایسٹ زون پولیس کی چوبیس گھنٹوں کی کاروائی میں نو ملزمان گرفتار کئے گئے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بر آمد کیا گیا۔

  • تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں،وزیراعظم

    تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں،وزیراعظم

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو روکنا ہوگا، تمام پاکستانیوں کو بلاامتیازعلم امن اور سلامتی دینا چاہتے ہیں۔

    گورنر ہاؤس پنجاب میں میسحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ حضرت عیسیٰ کی تعلیمات پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں، تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بعض عناصرمذہب کو ذاتی مفاد کےلئے استعمال کررہے ہیں، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کا راستہ روکنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ مذہبی بنیاد پرشہریوں میں امتیاز رکھنا پاکستانی آئین کےخلاف ہے۔

    جب جہالت دہشت گردی اور غربت کا کوئی مذہب نہیں تو علم امن اور خوشحالی کے لئے مذہب کو کیوں دیکھا جائے، مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیراعظم نوازشریف نے کرسمس کا کیک کاٹا اور میسحی برادری کو پیشگی مبارکباد بھی دی، تقریب میں مسیحی برادری کے رہنما اور صوبائی وزراء بھی شریک تھے۔
           

  • پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کے ٹرائل کو چیلنج کردیا

    پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کے ٹرائل کو چیلنج کردیا

    سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے خلاف غداری کیس کی خصوصی عدالت میں سماعت کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

    انہوں نے خالد رانجھا ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ کی سماعت بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔

    واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو24 دسمبر کو طلب کر رکھا ہے، درخواست میں موقف اختیا ر کیا گیا ہے کہ پرویز مشرف نے 3نومبر 2007 کو ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ تنہا نہیں کیا تھا بلکہ اس کیلئے ضروری مشاورت کی گئی تھی۔

    اس لئے صرف ان کے خلاف مقدمہ چلانا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری دفاع اور خصوصی عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان کی صدارت میں انسداد پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس

    وزیراعلیٰ بلوچستان کی صدارت میں انسداد پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس

    وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی صدارت میں انسداد پولیو ٹاسک فورس کا منعقد ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر صحت رحمت بلوچ ،چیف سیکرٹری بلوچستان ،سیکرٹری صحت ،عالمی ادارئے صحت کے نمائندے، بلوچستان کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پولیو کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور صحت کے ذمہ داران سے رپورٹ طلب کی گئی ہے کہ اور مستقبل میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے حکمت عملی پرغور کیا گیا۔

    اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ بلوچستان کو پولیو سے پاک بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کرتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • گرجا گھروں کی سیکورٹی دگنی کرنے کے احکامات

    گرجا گھروں کی سیکورٹی دگنی کرنے کے احکامات

    پاکستان ایکس سروس مین ایسوسی ایشن (پیسا) کے صدر جنرل ریٹائرڈ علی قلی خان نے کرسمس سے قبل گرجا گھروں کی سیکورٹی دگنی کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں تاکہ امن و امان یقینی اور دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ واقعے کی روک تھام کی جاسکے۔

    یہ فیصلہ سابق عسکری قیادت کے ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اقلیتوں کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے، جس میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چائیے۔

    اجلاس میں پشاور چرچ دھماکہ کے بعد سابق فوجیوں کی جانب سےعیسائیوں کے حفاظتی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کرسمس کے موقع پر سیکورٹی دگنی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    جس پر اجلاس میں موجود سابق فوجیوں پر مشتمل دو بڑی نجی سیکورٹی کمپنیوں کے مالکان نے فوری رضامندی ظاہر کر دی، سابق عسکری ماہرین نے کہا کہ اقلیتوں تمام تر حقوق کی حفاظت، مذہبی آزادی، حفاظت اور تحفظ سب کا فرض ہے اور علماء کو اس سلسلہ میں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنے اور عوام کو سب کے عقائد کی عزت کرنے کا درس دینے کی ضرورت ہے۔

  • اسلام آباد: حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی پلان تیار

    اسلام آباد: حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی پلان تیار

    اسلام آباد پولیس نے حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے، تین ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، رینجر بھی ساتھ رہے گی۔

    پولیس حکام کے مطابق جلوس کے راستے پر موبائل فون سروس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی پولیس اور راولپنڈی پولیس اس موقع پر مشترکہ گشت بھی کرے گی۔

    تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور تمام امام بارگاہوں پر کمانڈوز بھی تعینات کردئیے ہیں، اسلام آباد میں دو امام بارگاہوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

  • صوبے بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججز کا اجلاس

    صوبے بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججز کا اجلاس

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں صوبے بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججز کا اجلاس ہوا، جس میں عدالتوں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں صوبے بھر کے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججز اور اعلی پولیس افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں عدالتوں کی سیکورٹی، اشتہاریوں کی گرفتاری کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس منظور احمد ملک نے احکامات جاری کئے کہ سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے اور اشتہاریوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، جسٹس منظور احمد ملک کو بتایا گیا کہ پولیس کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں ملزمان کے چالان پیش کرنے میں تاخیر کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے بہت سے اہم مقدمات کا وقت پر فیصلہ نہیں ہو پاتا۔

    جسٹس منظوراحمد ملک نے حکم دیا کہ جو تفتیشی افسر چالان پیش کرنے میں غفلت برتے اس کے خلاف کاروائی کی جائے، اجلاس میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ جیلوں میں دہشتگردی کے بعض قیدیوں کو موبائل فونز مہیا کئے جانے کی رپورٹ سامنے آئی ہے جس پر جسٹس منظور احمد ملک نے اظہار برہمی کرتے ہوئے حکم دیا کہ تمام جیلوں کے اندر موبائل فونز استعمال کرنے پر پابندی ہونی چاہیئے اور جو اہلکار اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی ہونی چاہیے تاکہ اس مسئلے کا سدباب کیا جاسکے۔

    اجلاس میں عدالتوں کی سیکورٹی، اشتہاریوں کی گرفتاری معاملے پر پولیس اور پراسیکوشن سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔