Tag: اے آر وائی نیوز

  • ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

    ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

    ملک میں جاڑہ اپنے جوبن پر پہنچ گیا ہے، بالائی علاقوں سمیت کئی شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، جڑواں شہروں، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں مطلع ابر آلود اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم بدستور سرد اور خشک رہے گا، تاہم جڑواں شہروں، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی پر برفباری کا امکان ہے۔

    ادھر لاہور میں دھند کی شدت میں شدید دھند کے بعد کچھ کمی واقع ہوئی ہے، گلگت بلتستان اور دیامر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔

    آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کوئٹہ میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

    شہریوں نے رات گئے سردی کی شدت سے بچنے کے لئے لکڑیاں جلاکر ہاتھ تاپے اور ٹھنڈ کی شدت سے محفوظ رہنے کیلئے گرم مشروبات، یخنی اور ڈرائی فروٹس کا لطف اٹھایا۔

  • چیئرمین نادرا طارق ملک کی تقرری کیخلاف درخواست مسترد

    چیئرمین نادرا طارق ملک کی تقرری کیخلاف درخواست مسترد

    سپریم کورٹ نے چیئرمین نادرا طارق ملک کی تقرری کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

    چئیرمین نادرا طارق ملک کی تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کی، سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل ایک سو چوراسی تین کے تحت دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت بنیادی حقوق کے اس آرٹیکل کے دائرہ اختیار سے تجاوز نہیں کرے گی۔

    درخواست گزار کاظم رضا ایڈووکیٹ سے مکالمے میں چیف جسٹس نے کہا کہ ایسی درخواستیں اس آرٹیکل کے تحت دائر کرنا آپ کے وقار کے منافی ہے، آپ چاہیں تو اس درخواست کو دوبارہ مناسب طریقے سے دائر کرسکتے ہیں۔

  • کراچی:رینجرز اور پولیس کا کریک ڈاؤن جاری،50ملزمان گرفتار

    کراچی:رینجرز اور پولیس کا کریک ڈاؤن جاری،50ملزمان گرفتار

    کراچی میں رینجرز اور پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کاروائیوں میں پچاس سے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، سخی حسن چورنگی کے قریب پولیس مقابلےمیں ایک ڈاکو گرفتار جبکہ ایک فرارہوگیا۔

    کراچی میں امن و امان کی بحالی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس اور رینجرز آہنی ہاتھوں سے نمٹنے میں مصروف ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن میں بائیس ملزمان گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    ویسٹ زون پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران ٹارگٹڈ کاروائیوں میں انتیس ملزمان گرفتار کئے جن سے اسلحہ، منشیات، موبائل فونزاورموٹرسائیکلیں قبضے میں لیں گئیں۔

    تیموریہ کےعلاقے سخی حسن چورنگی کے قریب پولیس مقابلے میں ایک زخمی ڈاکو گرفتار جبکہ ایک زخمی حالت میں فرارہوگیا، کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس مقابلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں پکڑے گئے۔

    دوسری جانب جرائم پیشہ عناصر بھی سرگرم ہیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق پاورہاؤس عالم پرائڈ کے قریب سے بوری بند تشدد زدہ لاش ملی، پولیس کے مطابق تھانہ اورنگی اور تھانہ بوٹ بیسن کے علاقوں میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے۔
       

  • عبدالقادرملا کو پھانسی، پاکستان اوربنگلہ دیش کے تعلقات کشیدہ

    عبدالقادرملا کو پھانسی، پاکستان اوربنگلہ دیش کے تعلقات کشیدہ

    بنگلہ دیش میں عبدالقادر ملا کو پھانسی دیئے جانے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، دفتر خارجہ نے ڈھاکا میں پاکستانی کمیشن کے باہر احتجاج اور قومی پرچم نذرآتش کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج اور قومی پرچم نذرآتش کرنے کو افسوسسناک قرار دیا ہے، ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے سفارتی عملے کی حفاظت بنگلہ دیشی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    سیکریٹری خارجہ اعزاز چودھری کے مطابق بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرے کئے گئے، جن میں عبدالقادر ملا کے حوالے سے قرارداد واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا، مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی خاص کر ہمسایہ ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت اور غیر پسندیدہ اصولوں پر وضع کی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ملک کی پارلیمان عبدالقادر ملا کی پھانسی کے خلاف قرارداد کا حق رکھتی ہے لیکن خارجہ پالیسی کے تحت یہ بنگلہ دیش کا اندرونی معاملہ ہے، بنگلہ دیش کی وزیراعطم حسینہ واجد کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ساتھ دینے والوں کی بنگلادیش میں کوئی جگہ نہیں۔

    بنگلادیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے عبدالقادر ملا سے متعلق قرارداد کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا کہ اس نے بنگلادیش کو دل سے قبول نہیں کیا جبکہ حسنہ واجد یہ بھول گئیں ہیں کہ اب بھی لاکھوں بنگالی پاکستان میں رہتے ہیں اور اپنی زندگی آزادی کے ساتھ گزار رہے ہیں۔

  • گلوکارہ بیونسے نے اپنےمداحوں کو سرپرائزدے دیا

    گلوکارہ بیونسے نے اپنےمداحوں کو سرپرائزدے دیا

    گلوکارہ بیونسے نے اپنے مداحوں کو سرپرائزدے دیا، اپنا پانچواں البم اچانک ریلیزکردیا۔

    گلوکارہ بیونسے نے اب تک تو اپنے میوزک البمز کی ریلیز سے پہلے خوب تشہیر کی لیکن اب کی بار بیونسے نے اپنے مداحوں کو سرپرائز دیا، بیونسے نے روایت سے ہٹ کر اپنا البم انٹرنیٹ پر پہلے جاری کیا، بعد میں اس کی کاپیز بیس دسمبر سے دستیاب ہوں گی، جسے خریدنے کے لئے نو لاکھ شائقین نے ایڈوانس بوکنگ کروالی ہے۔

    اس البم کی اہم بات یہ ہے کہ اس میں چودہ نئے گانے اور سترہ میوزک ویڈیوز شامل ہیں، یہ البم دوہزار گیارہ کے البم فور کے بعد جاری کیا گیا ہے اور اس میں ان کے شوہر، بیٹی اور امی بھی نظر آئیں گی، بتیس سالہ گلوکارہ بیونسے نے البم کے پریس ریلیز میں لکھا کہ سرپرائز! دیکھیے کیونکہ میں روایتی طریقے سے البم جاری کر تے کرتے تنگ آچکی تھی۔
       

  • امریکہ نے عالمی رہنماؤں کی نشریاتی جاسوسی ترک نہیں کی

    امریکہ نے عالمی رہنماؤں کی نشریاتی جاسوسی ترک نہیں کی

    امریکہ کے لئے خفیہ معلومات اکٹھی کرنے والے ادارے این ایس اے میں قانونی اصلاحات کے بعد بھی عالمی رہ نماؤں کی نشریاتی جاسوسی ترک نہیں کی، دوسری جانب اقوام متحدہ نے ذاتی معلومات جمع کرنے کوخلاف قانون قرار دے دیا۔

    چھ ماہ قبل امریکی خفیہ ایجنسی کے اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کی جانب سے عالمی رہنماؤں کی جاسوسی کرنے میں امریکی مداخلت کے انکشافات کے بعد امریکہ کی جانب سے خفیہ معلومات اکٹھی کرنے والے ادارے نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے لئے ایک اصلاحاتی کمیشن بنا، تاہم چھ ماہ گزرنے کے بعد بھی امریکی خفیہ ادارہ عالمی رہنماؤں سمیت دنیا بھر کے کروڑوں شہریوں کی ذاتی نوعیت کی معلومات جمع کر رہا ہے، جس پر دنیا بھر میں تشویش پائی جاتی ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ نے ذاتی معلومات کے حقوق کی قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے کسی ادارے کو اس بات کا حق حاصل نہیں ہو گا کہ کسی فرد کی ذاتی نوعیت کی معلومات تک رسائی حاصل کرے، قرارداد جرمنی اور برازیل نے پیش کی، جرمنی اور برازیل حلیف ممالک کے باوجود امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے کی جانب سے جاسوسی کا شکار رہے ہیں۔

  • واشنگٹن:53فیصدامریکی عوام صدراوباما کی پالیسیوں سے ناخوش

    واشنگٹن:53فیصدامریکی عوام صدراوباما کی پالیسیوں سے ناخوش

    امریکا میں صدر اوباما کی پالیسیوں نے عوام کو ناخوش کر دیا، گذشتہ سال کی نسبت کارکردگی کی شرح میں مزید گیارہ پوائنٹ کی کمی آ گئی۔

    امریکا میں ایک جریدے کی سروے رپورٹ کے مطابق صدر اوباما کو کارکردگی کے حوالے سے منفی تاثرات کا سامنا ہے، صدر اوباما کی پالیسیوں پر اکتالیس فیصد عوام نے رضامندی ظاہر کی جبکہ تریپن فیصد نے اختلاف کیا۔

    واضح رہے کہ سابق صدر جارج بش سینئر اور صدر رچرڈ نکسن کے بعد صدر اوباما کاکردگی کے حوالے سے سب سے کم سطح پر آگئے ہیں، حالیہ سروے کے مطابق اوباما کو خفیہ نگرانی پروگرام، شٹ ڈاؤن اور ہیلتھ کئیر پروگرام کے باعث منفی ریٹنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

  • دمشق: فتح کے قریب ہیں، بیشتر علاقے کنٹرول میں ہیں، شیخ محمد فاتح

    دمشق: فتح کے قریب ہیں، بیشتر علاقے کنٹرول میں ہیں، شیخ محمد فاتح

    شامی باغیوں کی تنظیم النصرہ کے امیر شیخ محمد فاتح الجولانی نے دعوی کیا ہے کہ فتح کے قریب ہیں اور بیشتر علاقے انکے کنٹرول میں ہیں۔

    غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے شامی مزاحمت کار تنظیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شام میں باغیوں کی پیش رفت جاری ہے، ملک کاستر فیصد علاقہ ان کے کنٹرول میں ہےاور جلد ہی بڑے حصے پر قابض ہو جائیں گے۔

    النصرہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شام کے باغیوں کی فتح ناگزیرہو چکی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور شام کو جلد ایک پرامن ریاست میں تبدیل کردینگے۔

    الجولانی کا کہنا تھا کہ اسد حکومت کو ہرانے کے بعد شام پر اکیلے حکومت کرنے کا کوئی پروگرام نہیں بلکہ اپوزیشن کو ساتھ لیکر لائحہ عمل طے کریں گے۔

  • قاہرہ: محمدمرسی کودہشت گردی میں ملوث ہونےکےالزامات سامنا

    قاہرہ: محمدمرسی کودہشت گردی میں ملوث ہونےکےالزامات سامنا

    مصر کے برطرف صدر محمد مرسی عدالت میں غیر ملکی عناصر سے مل کر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کریں گے۔

    مصر کے سابق صدر محمد مرسی پر وکیل استغاثہ کی جانب سے نئے الزامات عائد کیے گئے ہیں، مرسی پر اپنے اقتدار میں غیر ملکیوں کے ساتھ مل کر ملک میں دہشت گردی میں ملوث ہونے، دہشت گرد تنظیموں کو ملک کی حساس معلومات اورامداد فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    محمد مرسی کے ساتھ دیگر چونتیس افراد بھی ان الزامات کا سامنا کریں گے۔ وکیل استغاثہ کے مطابق ان کاروائیوں کا مقصد ملک میں اخوان المسمین کی بالا دستی قائم کرنا تھا، مصر میں محمد مرسی حکومت کی برطرفی کے بعد اخوان المسلمین کے خلاف فوجی حکومت کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
       

  • کیف: معاہدے سے یوکرائن دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، وزیراعظم

    کیف: معاہدے سے یوکرائن دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، وزیراعظم

    یوکرائن کے وزیراعظم مائیکولا ازاروف نےکہا ہے کہ ماسکو کے ساتھ اہم تاریخی معاہدہ ہو جانے کے بعد یوکرائن دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔

    وزیراعظم مائیکولا ازاروف نے پارلیمنٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو کے ساتھ پندرہ بلین ڈالرز کے تاریخی تجارتی معاہدے کی وجہ سےیوکرائن دیوالیہ ہونےسےبچ گیا، انکا کہنا تھا کہ یوکرائن میں صنعت، توانائی اور ہاؤسنگ کے شعبے میں ترقی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

    وزیراعظم نے معاہدے کو سراہتے ہوئے خبردار کیا کہ حکومت ملک میں جاری صورتحال کو مزید عدم استحکام کا شکار ہونیکی اجازت نہیں دے گی۔