Tag: اے آر وائی نیوز

  • عمرہ زائرین کی تعداد میں بڑا اضافہ ریکارڈ

    عمرہ زائرین کی تعداد میں بڑا اضافہ ریکارڈ

    سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کا کہنا ہے کہ سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران عمرہ کرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 52 لاکھ 22 ہزار 497 تک پہنچ گئی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں عمرہ ادا کیا جن کا تناسب 24 فیصد رہا۔ ان میں مرد زائرین کی تعداد 60.5 فیصد اور خواتین کی تعداد 39.5 فیصد رہی۔

    رپورٹ کے مطابق 65 لاکھ 23 ہزار 630 عمرہ زائرین بیرون ملک سے آئے جو گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 10.7 فیصد زیادہ ہیں۔ ان میں 82.2 فیصد فضائی راستے سے ملک میں پہنچے۔

    86 لاکھ 98 ہزار 867 افراد نے اندرون مملکت سے عمرہ ادا کیا ان میں 58 فیصد غیرملکی تھے۔

    رپورٹس کے مطابق مدینہ منورہ جانے والے زائرین کی تعداد 64 لاکھ 52 ہزار 696 رہی جن میں سے 44 لاکھ 12 ہزار 689 بیرون ملک سے آئے تھے۔

    عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایت جاری

    سعودی عرب میں وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ طواف کے دوران حجرِ اسود کے سامنے ٹھہرنا طواف کرنے والوں کی حرکت میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وزارت نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ دوسرے زائرین کے لیے رش کا سبب بننے سے گریز کریں۔

    رپورٹس کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ طواف کرتے ہوئے حجرِ اسود کی طرف اشارہ کرنا کافی ہے اور اس سے طواف کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

    وزارت کی جانب سے یہ ہدایات مناسک کی ادائیگی کو آسان بنانے، زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے اور صحنِ مطاف میں روانی قائم رکھنے کے لیے ہیں تا کہ ہر ایک کا طواف سہل اور محفوظ ہو۔

    عمرہ پروازیں لے جانے والی پاکستانی ایئر لائنز پر جرمانہ عائد کیے جانے کا خدشہ

    وزارت حج و عمرہ نے توجہ دلائی کہ ہے درست طواف کے لیے رکنا ضروری نہیں، زائرین سے تعاون اور ہدایات کی پابندی کی اپیل ہے تاکہ اپنی اور دوسروں کی سلامتی برقرار رکھی جا سکے۔

  • کولمبیا کی ایئربیس پر کار بم دھماکا، متعدد ہلاک، درجنوں زخمی

    کولمبیا کی ایئربیس پر کار بم دھماکا، متعدد ہلاک، درجنوں زخمی

    کولمبیا کے علاقے کالی میں ایئربیس پر کار بم دھماکے اور ڈرونز سے حملوں کے نتیجے میں 8 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 36 زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا ہدف ملٹری ایوی ایشن اسکول تھا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں اور لوگوں نے قریبی عمارتیں بھی خالی کردیں۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت نازک ہے، دھماکے سے علاقے میں افراتفری پھیل گئی جبکہ حملے کی وجہ کا تاحال علم نہیں ہوسکا ہے۔

    دوسری جانب امدادی کارکن فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    کولمبیا میں 57 فوجی اغواء کرلیے گئے

    کولمبیا کی فوج کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ ملک کے جنوب مغربی پہاڑی علاقے میں شہریوں نے 57 فوجیوں کو اغوا کرلیا گیا ہے، جو ایف اے آر سی کے علیحدہ گروپوں کے دباؤ میں آئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق فوجی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فوجیوں کو اغوا کرنے کا واقعہ کاوکا کے علاقے کے ایل پلیٹیڈو کے قریب پیش آیا، جو کہ ملک میں کوکین کی پیداوار کے حوالے سے ایک اہم ترین علاقہ ہے اور جہاں اب بھی شدید کشیدگی کی لہر جاری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق فوجیوں کا یہ اغوا اس بات کی علامت ہے کہ کولمبیا کے جاری تنازعہ میں کشیدگی مزید بڑھتی جا رہی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں منشیات کی تجارت اور غیر قانونی گروہ سرگرم ہیں۔

    کولمبیا یونیورسٹی نے وفاقی فنڈنگ بحال کرنے کیلئے ٹرمپ انتظامیہ سے ڈیل کرلی

    ایف اے آر سی کے علیحدہ شدہ دھڑے ان علاقوں میں اپنی گرفت مضبوط کر چکے ہیں، جس کے باعث یہاں کی عوام اور سکیورٹی فورسز دونوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

  • طالب علم نے اسکول میں ٹیچر کو گولی ماردی، حیران کُن وجہ سامنے آگئی

    طالب علم نے اسکول میں ٹیچر کو گولی ماردی، حیران کُن وجہ سامنے آگئی

    بھارت کے کاشی پور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا، اسکول کے طالب علم نے ٹیچر گگن سنگھ کو گولی مار دی۔ طالب علم اپنے ٹفن میں پستول چھپا کر اسکول پہنچا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علم نے گولی چلائی تو اسکول میں خوف و ہراس پھیل گیا، زخمی ٹیچر گگن دیپ سنگھ کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے زخمی ٹیچر کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ٹیچر اپنی کلاس سے جانے ہی والے تھے کہ ایک طالب علم نے ٹفن باکس سے بندوق نکالی اور ان پر فائرنگ کر دی۔ طالب علم نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن اساتذہ نے اسے پکڑ لیا۔

    زخمی ٹیچر کو نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اے ایس پی ابھے سنگھ کا کہنا ہے کہ ٹیچر کی جانب سے نابالغ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پوچھ گچھ کے دوران طالب علم نے بتایا کہ پستول گھر کی الماری میں رکھا ہوا تھا۔ میں نے الماری سے پستول نکال کر ٹفن میں رکھا اور اسکول پہنچ گیا۔

    واقعے کے بعد ملزم طالب علم کا والد بھی روپوش ہوگیا، تاہم بعد میں منظر عام پر آگیا، پولیس ملزم کے والد سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے کہ گھر میں پستول کیسے آئی۔

    عہدیداروں نے واضح کیا کہ ہر پہلو کی تہہ تک جانے کی کوشش کی جائے گی کہ طالب علم نے کن حالات اور ذہنی دباؤ میں اتنا بڑا قدم اٹھایا۔

    اس سنسنی خیز واقعے کے بعد فرانزک ٹیم نے اسکول پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔ اس دوران کرائم سین بھی بنا۔ پولیس ٹیم کو 315 بور پستول اور کارتوس برآمد ہوا۔

    خاتون کی ڈانس کے دوران روح قبض ہوگئی، ویڈیو وائرل

    پولیس کو دوران تفتیش پتہ چلا کہ فزکس کی کلاس میں استاد نے طالب علم سے ایک سوال پوچھا تھا۔ جواب دینے کے باوجود استاد نے اسے تھپڑ مار دیا۔ اس نے کلاس میں تھپڑ مارے جانے کو اپنی توہین سمجھا۔ اس کا بدلہ لینے کے لیے طالب علم نے استاد کو گولی مار دی۔

  • خاتون کی ڈانس کے دوران روح قبض ہوگئی، ویڈیو وائرل

    خاتون کی ڈانس کے دوران روح قبض ہوگئی، ویڈیو وائرل

    بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں، اسٹیج پر ڈانس کے دوران ایک خاتون اچانک گر کر اپنی جان گنوا بیٹھی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈانس کے دوران مرنے والی خاتون کی شناخت 45 سالہ جیوا کے نام سے ہوئی ہے، جو کانچی پورم سے اپنے شوہر کے ساتھ تقریب میں پہنچی تھیں۔

    رپورٹس کے مطابق 45 سالہ جیوا ایک معروف میڈیکل شاپ کے مالک کی اہلیہ تھیں اور ان کے دو بیٹے ہیں، ایک ایم بی بی ایس اور دوسرا فارمیسی کی تعلیم حاصل کررہا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by India Today (@indiatoday)

    واقعہ اس رونما ہوا جب گلوکار حاضرین محفل کو مزید پرجوش بنانے کے لئے اسٹیج پر بلارہے تھے۔ جیوا بھی خوشی خوشی اسٹیج پر چڑھیں اور رقص کے دوران اچانک گر گئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال روانہ کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔

    پرپوزل کیوں ٹھکرایا؟ شادی شدہ شخص نے خاتون کو قتل کردیا

    رپورٹس کے مطابق خوشیوں سے بھرا لمحہ دیکھتے ہی دیکھتے سوگ میں تبدیل ہوگیا، افسوسناک منظر تقریب میں موجود افراد کے کیمروں میں قید ہوگیا۔

  • جمعہ کی نماز چھوڑنے پر سخت سزا کا اعلان

    جمعہ کی نماز چھوڑنے پر سخت سزا کا اعلان

    ملائیشیا کی ریاست ترنکگا نور کی جانب سے بغیر شرعی عذر کے جمعہ کی نماز چھوڑنے والے مردوں کیلئے 2 سال قید اور 3ہزار رنگٹ (2 لاکھ پاکستانی روپے) کے جرمانے کی سزا کا اعلان کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملائیشین اسلامی پارٹی (پی ایس اے) کے زیر انتظام ریاست ترنکگا میں رواں ہفتے اعلان کیا گیا کہ ایک بار بھی جمعے کی نماز چھوڑنا قابل سزا جرم تصور ہوگا۔

    اعلان میں کہا گیا ہے کہ ایسے شخص کو شریعت کے تحت سزا کے طور پر 2 سال قید اور 3 ہزار رنگٹ کا بھاری جرمانہ یا دونوں میں سے کوئی بھی ایک سزا سنائی جائے گی۔

    اس سے قبل بھی اس ریاست میں 3 مرتبہ نماز جمعہ چھوڑ دینے والے افراد کو سخت سزائیں دی جاتی تھیں۔

    ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ نماز چھوڑنے والے مردوں کے خلاف عوامی رپورٹس یا گشتوں کے ذریعے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    حج سیزن کے دوران کتنے حاجیوں نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی؟

    ملائیشیا میں ترنکگانو ریاستی ایگزیکٹو کونسل کے رکن محمد خلیل عبدالہادی کے مطابق سزا سے قبل یاددہانی اہم ہے کیونکہ جمعہ کی نماز نہ صرف ایک مذہبی علامت ہے بلکہ مسلمانوں کے درمیان فرمانبرداری کا اظہار بھی ہے۔

  • پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر 4 بچے جان سے گئے

    پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر 4 بچے جان سے گئے

    بھارت کے مہاراشٹر کے یوت مال ضلع کے دوارہا میں ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا، ریلوے فلائی اوور کی تعمیر کے لیے کھودے گئے ایک گہرے گڑھے میں ڈوب کر 4 بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بچے فلائی اوور تعمیر کے مقام کے قریب کھیل رہے تھے۔ کھمبے لگانے کے لیے کھودا گیا بڑا گڑھا بارش کے پانی سے بھر گیا تھا۔

    خدشہ ہے کہ بچے کھیلتے کھیلتے اس میں گر گئے یا ممکنہ طور پر تیرنے کی کوشش میں ناکام رہنے کی وجہ سے ڈوب گئے۔ آس پاس کے لوگوں نے بچوں کو گڑھے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق مرنے والے بچوں کی شناخت ریحان اسلم خان (13)، گولو پانڈرنگ نارن ورے (10)، سومیا ستیش کھڈسن (10) اور ویبھو آشیش بودھلے (14) کے طور پر ہوئی ہے۔

    پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، وہیں انتظامیہ نے تعمیراتی کمپنی کی لاپروائی کی بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    بھارت میں شدید بارشوں سے معمولات زندگی مفلوج، اسکول و کالج بند

    بھارت کے مہاراشٹر میں موسلا دھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، اب تک ریاست میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو سو سے زیادہ افراد بادل پھٹنے اور سیلابی صورتحال میں پھنس گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بارش سے سب سے زیادہ متاثر ممبئی ہوا ہے، جہاں موسلا دھار بارش ہورہی ہے، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، گاڑیاں پانی میں پھنسی ہوئی ہیں۔

    طوفانی بارش میں طیارے کی لینڈنگ کی ویڈیو وائرل

    رپورٹس کے مطابق شدید بارش کے سبب ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے، موسم کی صورتحال دیکھتے ہوئے سبھی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اگست صبح ساڑھے آٹھ بجے سے 19 اگست صبح ساڑھے پانچ بجے تک وکرولی میں 194.5 ملی میٹر، سانتا کروز میں 185 ملی میٹر، جوہو میں 173.5 ملی میٹر اور بائیکولا میں 167 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • طوفانی بارش، محکمہ ریلوے کا ٹرینوں کی معطلی کا اعلان

    طوفانی بارش، محکمہ ریلوے کا ٹرینوں کی معطلی کا اعلان

    اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کا بھی سامنا ہے، صورتحال کے پیش نظر محکمہ ریلوے نے متعدد ٹرینوں کی معطلی کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہوا ہے، اندرون ملک آنے اور جانے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق قراقرم ایکسپریس کو معطل کیا گیا ہے، جس کے مسافروں کو پاک بزنس اور کراچی ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

    شاہ حسین ایکسپریس 21 سے 25 اگست تک بند رہے گی، مسافروں کو دیگر ٹرینوں اور گرین لائن ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بھی3 دن معطل رکھا جائے گا۔

    پاک فوج کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن:

    پاک فوج کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہے، پاک فوج کے انجینئر کور کے دستے شانگلہ اور بونیر میں سیلابی ریلیف، ریسکیو آپریشنز میں تعینات ہیں۔

    کراچی میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟

    ریسکیو آپریشنزکے بعد پیر بابا بائی پاس تمام قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، پاک فوج کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے پیر بابا بازار میں رات بھر ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا۔

    پاک فوج کی مشینری نے 7 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ الوچ پُورن 20 کلومیٹر سڑک بحال کردی، ریسکیو آپریشن کے بعد پُورن گاؤں کا زمینی رابطہ بحال ہوگیا، مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

  • پاک فوج کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری

    پاک فوج کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری

    پاک فوج کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہے، پاک فوج کے انجینئر کور کے دستے شانگلہ اور بونیر میں سیلابی ریلیف، ریسکیو آپریشنز میں تعینات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو آپریشنزکے بعد پیر بابا بائی پاس تمام قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، پاک فوج کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے پیر بابا بازار میں رات بھر ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا۔

    پاک فوج کی مشینری نے 7 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ الوچ پُورن 20 کلومیٹر سڑک بحال کردی، ریسکیو آپریشن کے بعد پُورن گاؤں کا زمینی رابطہ بحال ہوگیا، مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

    کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کا بیان جاری

    محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، گزشتہ روز کہیں درمیانی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

    ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش کا سبب بننے والا سسٹم آج بھی فعال رہے گا، ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ میں مزید بارشوں کا امکان ہے، اور آج دوپہر کے وقت گرج چمک والے بادل بننے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دوپہر سے شام، اور رات کے دوران تیز بارش اور ہوائیں چل سکتی ہیں، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے، جب کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

    کراچی : بارش کے بعد سے شہر بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن جاری

    تاہم محکمے کا کہنا ہے کہ آج رات سے سسٹم کی شدت میں کمی کا امکان ہے، اور بارشوں کا یہ سلسلہ جمعہ تک جاری رہ سکتا ہے۔ دوسری طرف کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

  • بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو موت کی نیند سلادیا

    بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو موت کی نیند سلادیا

    بھارت کے حیدرآباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا، بیوی نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو موت کی نیند سلادیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اللہ پور کے علاقے میں بیوی نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو بے رحمی سے قتل کردیا۔

    رپورٹس کے مطابق تبسّم نامی خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر سوتے ہوئے شوہر محمد شازل پر حملہ کیا اور تکیے سے منہ دبا کر بے رحمی سے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

    پولیس نے نعش کو قبضے میں لے کر مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، اس ہولناک واردات کے بعد علاقے میں خوفناک و ہراس پھیل گیا، پولیس کے مطابق کیس کی مزید تہلکہ خیز تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔

    بیوی نے بیٹے کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا

    سندھ کے شہر شہداد کوٹ میں بیوی نے بیٹے کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ شوہر کے قتل میں ملوث بیوی اور بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا، 5 روز قبل شہری غلام نبی کو گھر میں قتل کیا گیا تھا۔

    ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا بیان دیا تھا، بیوی نے منصوبہ بندی کی اور بیٹے نے باپ کو قتل کیا۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں ملزم نے کہا کہ گھر میں اکثر جھگڑے ہوتے تھے، تنگ آکر وقالد کو قتل کیا۔

    چند ماہ قبل سرگودھا میں اولاد نہ ہونے پر شوہر نے پہلی بیوی کے ساتھ مل کر دوسری بیوی کو قتل کردیا تھا۔

    شوہر اور سسرالیوں نے گھریلوجھگڑے پر خاتون کو زہر پلا کر قتل کردیا

    پولیس کے مطابق سرگودھا میں اولاد نہ ہونے کی بنیاد پر خاتون کو قتل کیے جانے کا مقدمہ اس کے شوہر اور سوکن کے خلاف درج کرلیا گیا تھا جب کہ ملزمان فرار ہوگئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے جون 2024 میں دوسری شادی کی تھی، دوسری بیوی کے ہاں بھی اولاد نہ ہونے پر لڑائی جھگڑے شروع ہوگئے تھے۔

  • مکہ اور مدینہ سمیت مختلف ریجنوں میں بارش کا الرٹ جاری

    مکہ اور مدینہ سمیت مختلف ریجنوں میں بارش کا الرٹ جاری

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بدھ کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت 9 ریجنوں میں بارش سے متعلق موسمی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ریجنوں میں مختلف درجے کی بارش، تیز ہوا، گرج چمک، گرد و غبار اور حد نگاہ متاثر ہونے کے امکانات ہیں‘۔

    رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ طائف، العرضیات، میسان، جدم، یلملم اور القنفذہ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے‘۔

    ’مملکت کے بعض شہروں میں گرد آلود تیز ہوا چلے گی جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے‘۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ’یہی صورتحال مدینہ منورہ شہر کے علاوہ العیص، وادی الفرع، خیبر، بدر اور المہد میں ہوگی جہاں شام 8 بجے تک موسم غیر یقینی ہوگا‘۔

    محکمے کا مزید کہنا تھا کہ ’ریاض ریجن کے مختلف شہروں میں گردو غبار رہے گا جبکہ بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے‘۔

    بھارت میں شدید بارشوں سے معمولات زندگی مفلوج، اسکول و کالج بند

    رپورٹس کے مطابق ’تبوک میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی جبکہ مشرقی ریجن میں شام 8 بجے تک گرد چھائی رہے گی‘۔

    محکمے نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں تیز بارش اور گرج چمک رہے گی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے‘۔