Tag: اے آر وائی

  • نئے سال کا تحفہ، ایل پی جی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

    نئے سال کا تحفہ، ایل پی جی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

    کراچی: شدید سردی کی لہر کا سامنا کرنے والے شہر قائد کے باسیوں کے لئے بری خبر ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کردیا گیا ہے

    شہر قائد کے باسی آج کل بلوچستان سے آنے والی مغربی ہواؤں کے نتیجے میں ٹھٹھر کر رہ گئے ہیں اور سونے پر سہاگہ شہر میں ٹھنڈ میں اضافے کے ساتھ ہی بیشتر علاقوں میں گیس کی کمی کے مسائل شروع ہوچکے ہیں۔

    اب کراچی میں ایل پی جی استعمال کرنے والے افراد کے لئے بری خبر یہ ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں ر یکارڈ اضافہ کردیا گیا ہے، گھریلوسلنڈر کی قیمت میں 180روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 692روپےکا ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے، گھریلو صارفین کو اب گھریلوسلنڈر1733روپےمیں دستیاب ہوگا۔

    ایل پی جی ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں ایل پی جی کی فی میٹرک ٹن قیمت میں79ڈالرکا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں جنوری سے ملک میں ایل پی جی 132کی جگہ 147روپےفی کلو میں ملےگی۔

    دوسری جانب ایل پی جی ایسوسی ایشن نے دھمکی دی ہے کہ حکومت کی جانب سے لیوی سمیت دیگر ٹیکس ختم نہ کیےتو 15جنوری سے گیس فراہمی بند کردیں گے۔

    دوسری جانب یکم جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی جاچکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  یکم جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان

    ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے،ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا، وزارت خزانہ کی جانب سے آج نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

  • مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم سے بڑا مطالبہ کردیا

    مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم سے بڑا مطالبہ کردیا

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی نے بھی مردم شماری کے نتائج کو جعلی قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی کسی صورت جعلی مردم شماری کو قبول نہیں کرے گی، حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس فیصلے کو فی الفور واپس کیا جائے۔

    مصفطیٰ کمال نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنی وزارتوں کے مزے لینے کے لئے ایم کیوایم نےکمزور ترین حکومت کے آگےگھٹنے ٹیک دیئے، متحدہ نے وفاقی کابینہ میں اپنا اعتراضی بیان ڈال کر مردم شماری منظوری کرادی، باہر آکر کہتے ہیں ہم نے اعتراض کردیا اب عوام کےپاس جائیں گے، تم جاؤ عوام کےپاس جاؤ وہ جوتےلےکربیٹھےہیں، ان کو فی الفور حکومت چھوڑ کر اپوزیشن میں چلےجانا چاہیے۔چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ایم کیوایم کی ڈھائی سالہ مہم کی بنیاد ہےکہ کراچی کےستر لاکھ لوگ لاپتہ کردیئےگئے، آنکھوں میں دھول جھونکنےکےلیےمردم شماری سے متعلق یہ لوگ دو پریس کانفرنس کرچکےہیں، انہوں نے مردم شماری پر ایک ہڑتال نہ کی، عوام کے حقوق کےلیے ایک بار بھی شہربندنہ ہوا۔

    نیوز کانفرنس میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جےآئی ٹی کی رپورٹ میں خالد مقبول کانام ہے، را کےایجنٹ بنانے والےکو آپ نے وفاقی وزیربنادیا، لوکل گورنمنٹ میں اتنی کرپشن کرنے کےباوجود ان کا میئرباہر گھوم رہاہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اتحادی جماعت حکومت سے ناراض، علیحدگی کا اشارہ دے دیا

    مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ آج کراچی پاکستان دشمنوں کےحملےکی زد پر ہے، کراچی کی آبادی صحیح نہ گننا ملک دشمنی ہے، یہی نہیں کراچی کی آبادی کو ٹھیک سے نہ گننا سندھیوں سے بھی دشمنی ہے، اس شہر میں ہر زبان بولنے والا لاکھوں کی تعداد میں رہتا ہے، کراچی کی آبادی کو ٹھیک نہ گننا ہر زبان بولنے والےسے زیادتی ہے۔

    چیئرمین پی ایس پی نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا کہ کوٹا سسٹم کے اوپ رجعلی دومیسائل بنا کر کراچی کا حق ہتھیا جارہا ہے، یہ سندھی بھائی نہیں کررہا یہ پیپلزپارٹی کررہی ہے، سندھی ہمارے بھائی ان پرہمارا احسا ن ہیں یہ آج کےدور کےانصارہیں، اپنےبچوں کو بتاکر مریں گےکہ سندھی ہمارےبھائی ہیں۔

  • معیشت کو فروغ دینے کے لئے پی آئی اے کا بڑا فیصلہ

    معیشت کو فروغ دینے کے لئے پی آئی اے کا بڑا فیصلہ

    کراچی: کوویڈ سے متاثرہ معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کی حکومتی ہدایات کے پیش نظر قومی ایئر لائن نے اہم فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے سعودیہ عرب کیلئے کارگو پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے، عالمی وبا کرونا سے متاثرہ معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کی حکومتی ہدایات پر یہ آپریشن شروع کیا جارہاہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان سے پھل، سبزیاں اور حلال گوشت سعودیہ عرب کو برآمد کیا جاتا ہے، ان مصنوعات کی خرابی سے پہلے فضائی راستے سے ترسیل ضروری ہوتی ہے، تاہم کووڈ کے باعث مسافر پروازوں پر پابندی کے نتیجے برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ تھا ۔

    اس سلسلے میں سی ای او پی آئی اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ نہایت پر کشش اور مناسب نرخ رکھے جائیں۔

    گزشہ روز پی آئی اے کی پہلی پرواز پاکستان سے 42 ٹن کارگو لے کر جدہ روانہ ہوئی، اس کے علاوہ پی آئی اے نے پہلے ہی پاکستان تا چین کی بھی کارگو پروازیں شروع کر رکھی ہیں۔

    واضح رہے کہ اکیس دسمبر کو برطانیہ میں مہلک وبا کرونا وائرس کی نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد کرونا مریضوں کی تعداد میں یک دم اضافہ ہوا تھا، جس پر اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بچانے کےلیے سعودی حکام نے بین الااقوامی فضائی آپریشن پر پابندی عائد کردی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پورپی کمیشن کی ویب سائٹ سے پی آئی اے کا نام خارج

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کےلیے سعودی عرب کے فضائی آپریشن معطل کرنے کے باعث آج سعودی عرب جانے اور آنے والی تمام پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں اور اجازت نامہ دوبارہ حاصل ہونے تک پروازیں منسوخ رہیں گی۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی لہر پھیلنے کے باعث کرونا مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوا تھا جس کے باعث کویت، سعودی عرب، اٹلی سمیت کئی ممالک سے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کردی تھیں۔

  • وزیراعظم آج کن کن منصوبوں کا افتتاح کرینگے؟

    وزیراعظم آج کن کن منصوبوں کا افتتاح کرینگے؟

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے ملک میں کھیلوں کے معیار کی بہتری کا وژن کے تحت خیبرپختونخوا میں کھیلوں کےعالمی معیار کے منصوبے آخری مراحل میں داخل ہوچکے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آج دورہ پشاور میں کھیلوں کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے،منصوبوں پر تعمیراتی کاموں سے متعلق پیشرفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔

    وزیراعظم کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئےحکومتی اقدامات پر بریف کیا جائے گا، وزیراعظم کمپلیکس میں منصوبوں سے متعلق تعمیراتی کاموں کا خود جائزہ لیں گے، اسپورٹس کمپلیکس میں مجموعی طورپر99کروڑ40لاکھ کے منصوبوں پر کام جاری ہے،کمپلیکس میں عالمی معیار کےپویلین،جدید اسکوربور ڈکے منصوبےپر کام تیزی سے جاری ہے۔

    Peshawar Sports Complex (Qayyum Stadium) - Sports Facility - Khilari

    رپورٹ کے مطابق پشاوراسپورٹس کمپلیکس میں11پچز،16 ہزار کھلاڑیوں کےبیٹھنےکے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، حیات آباداسپورٹس کمپلیکس اگلےسال فروری،مارچ تک مکمل ہوگا، حیات آباد کمپلیکس کی تعمیر مکمل ہونےکے بعد پی ایس ایل میچز بھی متوقع ہیں، تعمیر ہونے کے بعد حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں عالمی میچز کیلئے دوسرا وینو ہوگا۔

    دورہ کے پی میں وزیراعظم صوبے میں اپنی نوعیت کےپہلےسوئمنگ پول کا بھی افتتاح کریں گے، گرم، سرد دونوں موسموں میں سوئمنگ پول تیراکوں کیلئےدستیاب ہوگا، 88ملین روپےکی لاگت سے زیر تعمی رسوئمنگ پول جون2021 میں مکمل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب، سندھ کے بعد کامیاب جوان پروگرام کی پختونخوا میں بھی انٹری

    اس کے علاوہ وزیراعظم 100 ملین روپےکی لاگت سےتعمیرانڈورفی میل جمنازیم کا بھی افتتاح کرینگے،کےپی کے سات ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں انڈور فی میل جمنازیم قائم کیےجائیں گے، منصوبےکےلئے700ملین روپےمختص کئے گئے ہیں، انڈور فی میل جمنازیم خواتین کھلاڑیوں کیلئےسہولیات کی فراہمی کا اہم حصہ ہے۔

    اس کے علاوہ وزیر اعظم جلوزئی اور نوشہرہ میں ہاؤسنگ فلیٹس کا افتتاح کریں گے، جہاں وہ الاٹمنٹ لیٹر مالکان کےحوالے کریں گے۔

  • ترقی پزیر ممالک میں غربت کی وجہ کرپٹ اشرافیہ ہیں، وزیر اعظم

    ترقی پزیر ممالک میں غربت کی وجہ کرپٹ اشرافیہ ہیں، وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے غیر قانونی پیسے سے متعلق پالیسی کا خیر مقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ جو بائیڈن کی غیر قانونی پیسے سے متعلق پالیسی کا خیر مقدم کرتا ہوں، ترقی پزیر ممالک میں غربت کی وجہ ان کے کرپٹ اشرافیہ ہیں، کرپٹ اشرافیہ لوٹی دولت آف شور ٹیکس ہیونز میں منتقل کرتے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن جنہوں نے سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کے دور اقتدار میں نائب صدر کی ذمہ داریاں سنبھالی تھی، نائب صدر کی حیثیت سے انہوں نے اوبامہ انتظامیہ کو امریکا میں بدعنوانی اور غیر قانونی پیسے سے متعلق ٹھوس پالیسی مرتب کرنے کا کہا تھا، اب بطور صدر وہ بار بار اس عزم کا اظہار کرر ہے ہیں کہ وہ اس سنگین مسئلے کی جانب اپنی توجہ کو مرکوز کرینگے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دو سال قبل بھی بائیڈن اور ان کے سابق مشیر مائیکل کارپینٹر نے امریکی جریدے پولیٹیکو میں ایک مضمون میں امریکی انتخابات کی سالمیت کے لئے نامعلوم غیر ملکی رقم کے استعمال کے بارے میں متنبہ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جوبائیڈن نے امریکی تاریخ بدل دی، اہم فیصلہ

    نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن سے توقع ہے کہ وہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں اور بیرون ملک غیر قانونی مالی اعانت کے خلاف اپنی انتظامیہ کو ایک مرکز پر لانے میں کامیاب ہوجائیں گے، اس اقدام سے پوری دنیا میں انسداد بدعنوانی کی کوششوں پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

  • پانی کا بحران : مراد علی شاہ کی زیر صدارت تمام سیاسی و غیر سیاسی اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس

    پانی کا بحران : مراد علی شاہ کی زیر صدارت تمام سیاسی و غیر سیاسی اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس

    کراچی : وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں پانی کے بحران کے پیش نظر تمام سیاسی اور غیر سیاسی اسٹیک ہولڈرز کا ایک اجلاس بلایا تاکہ ان کے مشترکہ وزڈم کے ساتھ قلیل اور طویل المدتی حل وضع کیے جائیں۔

    انہوں نے کے فور منصوبے سے متعلق اسٹیک ہولڈرزکی غلط فہمیاں بھی ختم کیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ30فیصد پانی کے نقصانات جو کہ 174ایم جی ڈی بنتا ہے کو کنٹرول کرنے اور انتظامی اقدامات کے ذریعے پانی کی چوری کو کنٹرول کرنے سے متعلق فیصلہ کیا۔

    اکتوبر کے آخر تک 100ایم جی ڈی اور 65ایم جی ڈی پانی سسٹم میں شامل ہوجائے گا اور وقت کے ساتھ کی گئی کاوشوں کی بدولت کے فور منصوبہ بھی مکمل ہوجائے گا جو کہ ایک مشکل ٹاسک ہے۔

    کثیر الجماعتی اور اسٹیک ہولڈرز کانفرنس جمعہ کو نیو سندھ سیکریٹریٹ کی ساتویں منزل پر منعقد ہوئی جس میں چیف سیکریٹری ممتازشاہ، صوبائی وزیربلدیات سعید غنی، وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مرتضٰی وہاب، وزیراعلی سندھ کے معاونینِ خصوصی وقار مہدی اور راشد ربانی، وسیم اختر، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، پی ڈی کے فور اسد ضامن اور دیگر نے شرکت کی۔

    وفود جنہوں نے اجلاس می شرکت کی ان میں سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی، پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ اور جنید شاہ،ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار،محمد حسین، اے این پی کے شاہی سید، یونس بونیری، سنی تحریک کے ثروت اعجاز قادری شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں پی ایس پی کے مصطفی کمال، ارشد وہرہ، آصف حسنین، حفیظ الدین، جے یو آئی کے قاری عثمان اور مولانا عبدالکریم، پی پی آئی کے ملک ایوب اور عمران گجر، پی ڈی پی کے بشارت مرزا، جے آئی کے سیف الدین اور جنید موتی والاموجود تھے۔

    مزید پڑھیں: کراچی کے مسائل کا حل: وزیر اعلیٰ سندھ نے آج اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا

    فاروق ستار کے نمائندے کامران اختر، کراچی آرٹ کونسل کے احمد شاہ، آباد کے حسن بخش، کے سی سی آئی کے زبیر موتی والا اور جاوید بلوانی، ایف پی سی سی آئی کے اختیار بیگ اور کراچی پریس کلب کے امتیاز فاران نے شرکت کی۔

  • سینیٹرسراج الحق نے امیر جماعت اسلامی کی حیثیت سے دوبارہ حلف اٹھا لیا

    سینیٹرسراج الحق نے امیر جماعت اسلامی کی حیثیت سے دوبارہ حلف اٹھا لیا

    لاہور : سینیٹر سراج الحق نے امیر جماعت اسلامی کی حیثیت سے دوبارہ پانچ سال کے لیے حلف اٹھا لیا۔ تقریب میں دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر سراج الحق دوسری بار بھی امیر جماعت اسلامی منتخب ہوگئے، اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا۔

    شہر کی دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے۔ تقریب میں سینیٹر سراج الحق نے ارکان کی جانب سے دوبارہ جماعت کے امیر چننے کے بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری نظام کا تحفظ کر ے گی۔ موجودہ حکومت بے بس ہے۔ پاکستان میں اصل حکومت غیر سیاسی ماسٹرز کی ہے۔ ملک میں دو نظام اور دو عدالت نہیں چل سکتیں۔

    انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے خودکشی کرنے والوں نے اب تک ساڑھے نو ارب روپے ساڑھے نو ارب قرضہ لے لیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے بیت المقدس اور کشمیر کی آزادی کو امت مسلمہ پر قرض قرار دیتے ہوئے پاکستان سعودی عرب ایران ترکی افغانستان اور ملائشیا کے اسلامی بلاک کی تجویز بھی پیش کی۔

    واضح رہے کہ21مارچ2019 کو جماعت اسلامی کے اراکین کی اکثریت نے سینیٹر سراج الحق پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوسری مرتبہ پانچ سال کے لیے امیر منتخب کیا تھا، سراج الحق کے مقابلے میں پروفیسر ابراہیم اور لیاقت بلوچ کا نام بھی اراکین شوریٰ نے دیا تھا تاہم اس بار بھی امارت کے لئے قرعہ فال سراج الحق کے نام نکلا۔

    واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اُس وقت آٹھ روزہ دورے کے سلسلے میں سعودی عرب میں موجود تھے، انہیں دوسری مرتبہ امیر منتخب ہونے کی خبر دی گئی جسے سن کر سینیٹر سراج الحق آبدیدہ ہو گئے تھے۔

  • تیز رفتار کار نالے میں جاگری، تین لڑکیاں جاں بحق ایک لڑکا اور لڑکی زخمی

    تیز رفتار کار نالے میں جاگری، تین لڑکیاں جاں بحق ایک لڑکا اور لڑکی زخمی

    اسلام آباد : تھانہ کوہسار اسلام آباد کی حدود میں ایک تیز رفتار کار برساتی نالے میں جا گری، حادثے کے باعث کار میں سوار تین لڑکیاں جاں بحق ہوگئیں،حادثے میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی شدید زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کی حدود سیکٹر ایف سیون تھری میں تیز رفتار کار نالے میں جاگری، کار میں پانچ افراد سوار تھے، حادثے کے باعث کار میں سوار تین لڑکیاں جاں بحق ہوگئیں۔

    حادثے میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی شدید زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیاگیا۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کا تعلق اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے ہے۔

    زخمی لڑکے اور لڑکی کا تعلق اسلام آباد سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں رمشا، حنا اور عشا شامل ہیں، جبکہ گاڑی چلانے والا لڑکا حمزہ اور اگلی نشست پر بیٹھی ایک لڑکی نمرہ شدید زخمی ہوئی، پولیس کے مطابق کار حادثے سے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • ان غذاؤں کو فریج میں رکھنے سے گریز کریں

    ان غذاؤں کو فریج میں رکھنے سے گریز کریں

    ریفریجریٹر جدید دور کی نہایت کارآمد اور فائدہ مند ایجاد ہے جس نے خوراک کو محفوظ کر کے اسے ضائع ہونے سے بچا لیا۔ فریج میں رکھی جانے والی اشیا عموماً تازہ رہتی ہیں مگر کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کو فریج میں رکھنا ان کو غذائیت سے محروم کرنے کا سبب بنتا ہے۔

    یہاں آپ کو ان غذائی اشیا کے بارے میں بتایا جارہا ہے جو فریج سے باہر رہ کر زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔

    کافی

    coffee

    کافی کو اگر فریج میں رکھا جائے تو یہ خشک ہوجاتی ہے۔ علاوہ ازیں اس کی خوشبو سے فریج کی فضا میں موجود تمام جراثیم اس کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔

    شہد

    شہد کو فریج میں رکھنے سے گریز کرنا چاہیئے۔ فریج کی ٹھنڈک شہد کے مالیکیولز کو سخت کردیتی ہے جس کے باعث اسے نکال کر استعمال کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    ڈبل روٹی

    bread

    ڈبل روٹی معمول کے درجہ حرات پر تازہ اور نرم رہتی ہے۔ فریج میں یہ سخت ہوجاتی ہے۔

    آلو

    potatoes

    آلو کی ساخت اور ذائقہ فریج میں رکھنے پر تبدیل ہوجاتا ہے۔ آلو کو ہمیشہ فریج سے باہر مگر ٹھنڈی جگہ پر رکھنا چاہیئے۔

    پیاز

    onions

    بغیر چھلی ہوئی پیاز کو فریج میں رکھنا اسے خراب کرنے کا باعث بنتا ہے۔ پیاز کو فریج کے علاوہ کسی اور ٹھنڈی جگہ پر اور دیگر سبزیوں سے علیحدہ رکھنا چاہیئے۔

    ٹماٹر

    tomatoes

    ٹماٹر کو عموماً فریج میں رکھا جاتا ہے۔ اسے فریج میں رکھنے سے یہ خراب ہونے سے تو بچ جاتے ہیں، مگر ٹھنڈک ان کے ذائقہ پیدا کرنے والے اجزا کو متاثر کرتی ہے جس کے باعث ٹماٹر اپنی لذت کھو دیتے ہیں۔

  • شکست خوردہ گیرت ولڈرز حکومتِ پاکستان کو دھمکیاں دینے پر اتر آیا

    شکست خوردہ گیرت ولڈرز حکومتِ پاکستان کو دھمکیاں دینے پر اتر آیا

    گستاخانہ خاکوں کے متنازع مقابلے کی منسوخی کے بعد شکست خوردہ گیرت ولڈرز حکومتِ پاکستان کو دھمکیاں دینے پر اتر آیا.

    تفصیلات کے مطابق اسلام مخالف ڈچ رکن پارلیمنٹ ملعون گیرٹ ولڈرز کی جانب سے زہر افشانی کا سلسلہ جاری ہے.

    شکست خوردہ سیاست داں پاکستان کی کامیاب سفارت کاری پر سیخ‌ پا ہوگیا اور پاکستانی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دینے سے خود کو باز نہ رکھ سکا.

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گستاخانہ خاکوں کی منسوخی کو مسلم امہ کی بڑی کامیابی قرار دیا تھا.

    ملعون گیرت ولڈرز نے ٹویٹر پر اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتنی جلدی جیت کا دعویٰ مت کروں، معاملہ ختم نہیں ہوا.

    مزید پڑھیں: ملعون ڈچ سیاست داں‌ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص‌ گرفتار

    یاد رہے کہ نیدرلینڈز کی رکن پارلیمنٹ‌ کی جانب سے اس متنازع مقابلے کے اعلان کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا.

    پاکستان نے اس ضمن میں منظم سفارت کاری کی، وزیراعظم پاکستان نے او آئی سی کو منظم کرنے اور اقوام متحدہ میں آواز اٹھانے کا اعلان کیا تھا.

    ساتھ ہی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیدرلینڈز کے وزیرخارجہ سے اس ضمن میں رابطہ کیا، جس کے بعد اس مقابلے کی منسوخی کا اعلان کیا گیا.