Tag: اے آر وائی

  • سردیوں میں مٹر کھانے کے حیران کُن فوائد

    سردیوں میں مٹر کھانے کے حیران کُن فوائد

    مٹر ایک ایسی چیز ہے جسے بچے ہوں یا بڑے سب ہی بڑے شوق سے کھاتے ہیں، مگر ہر کوئی یہ نہیں جانتا کہ مٹر آپ کی صحت کے لئے کتنا فائدہ مند ہے۔

    مٹر کا استعمال سردیوں میں عموماً زیادہ کیا جاتا ہے، کوئی اسے چاول کے ساتھ استعمال کرتا ہے تو کوئی اسے سالن میں استعمال کرتا ہے، یہی نہیں مٹر کی سلاد بھی تیار کی جاتی ہے۔

    آج ہم آپ کو مٹر کے حیرت انگیز فوائد کے بارے میں بتاتے ہیں؟

    فائبر:

    مٹر میں وٹامن کے ساتھ فائبر کی بھی اچھی خاصی مقدار ہوتی ہے، اس کے علاوہ مٹر میں وٹامن اے بھی پایا جاتا ہے جو جلد کی دلکشی کو بڑھانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    آئرن:

    مٹر میں آئرن بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے، جو پورے جسم میں آکسیجن کو زیادہ بہتر طریقے سے پہنچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    وٹامن سی:

    چھوٹے چھوٹے مٹر کے دانوں میں وٹامن سی کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو انسانی جسم میں قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

    ذیابیطس اور بلڈ پریشر:

    مٹر میں کم مقدار میں گلی سیمک اور کم مقدار میں کیلوریز ہوتی ہے جو ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بہترین ہوتا ہے جب کہ ڈائٹ کرنے والے بھی مٹر کے استعمال سے مطلوبہ نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔

  • امریکی ایئر فورس کے نئے جنگی جہاز”بی 21ریڈر“ کی پہلی اُڑان

    امریکی ایئر فورس کے نئے جنگی جہاز”بی 21ریڈر“ کی پہلی اُڑان

    امریکی ایئر فورس میں شامل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے اسٹیلتھ بمبار طیارے ’بی 21 ریڈر‘ نے اپنی پہلی اڑان بھر لی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بی 21 بمبار طیارے نے جمعے کی صبح کیلی فورنیا میں ایئرفورس کے 42 ویں پلانٹ سے پہلی بار اڑان بھری۔

    امریکی ایئر فورس ایسے 100 طیارے خرید کر انہیں اپنی بی 1 اور بی 2 بمبار فلیٹ سے تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بمبار طیارے کی لاگت 2010 میں 550 ملین امریکی ڈالر تھی تاہم آج اس کی لاگت تقریباً 750 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

    دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان نے غزہ میں شہریوں کی ہزاروں اموات کا اعتراف کر لیا۔

    بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر کی جانب سے یہ بیان غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے اموات کی تازہ ترین تعداد فراہم کرنے کے فوراً بعد سامنے آیا ہے۔

  • اصلی اور نقلی آئی فون پہنچاننے کا آسان طریقہ؟

    اصلی اور نقلی آئی فون پہنچاننے کا آسان طریقہ؟

    اگر آپ آئی فون استعمال کررہے ہیں اور آپ کو یہ معلوم نہیں کہ اصلی اور نقلی آئی فون میں کیا فرق ہوتا ہے، تو یہ جاننا آپ کے لئے انتہائی ضروری ہے، آج ہم آپ کو اصلی اور نقلی آئی فون کے بارے میں فرق بتائیں گے۔

    سیریل نمبرکی اہمیت:

    اصلی اور جعلی آئی فونز میں فرق جاننے کے لیے سب سے پہلے آپ کو اس کے سیریل نمبر کو جانچنا ہوگا، آپ آئی فون کی سیٹنگز میں جائیں اس کے بعد آپ جنرل آپشن پر کلک کریں، اس کے بعد آپ Aboutپر کلک کریں اور وہاں سے سیریل نمبر کاپی کرلیں۔

    اس سیریل نمبر کو کاپی کرنے کے بعد آپ کو گوگل کی ویب سائٹ چیک کوریج ڈاٹ ایپل ڈاٹ کام پر جانا ہوگا اور سیریل نمبر پیسٹ کرنا ہوگا۔ اس طرح حقیقت آپ کے سامنے آجائے گی کہ فون فروخت کرنے والا کہیں آپ سے جھوٹ تو نہیں بول رہا؟

    ماڈل نمبر کی جانچ کریں:

    اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ جعلی آئی فون سے بچ سکیں تو اس کے لئے آپ اس کے ماڈل نمبر سے بھی جانچ کرسکتے ہیں، اس کے لیے بھی آپ کو اپنے آئی فون کی سیٹنگز میں جانا ہوگا اس کے بعد جنرل آپشن پر جانا ہوگا۔ اس کے بعد آپ کو About آپشن پر کلک کرنا ہوگا اور وہاں سے ماڈل نمبر چیک کرنا ہوگا۔

    اگر‘ایم’ سے شروع ہونے والا ماڈل نمبر ہے تو فون اصل ہے، جب کہ اگر‘ایف’ سے شروع ہونے والا آئی فون کا ماڈل نمبر ہے تو فون خراب اور مرمت ہوا ہے، اسی طرح اگر آپ کے آئی فون کا ماڈل نمبر‘N’سے شروع ہوتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ فون کو کسی وجہ سے ایپل نے تبدیل کر دیا ہے۔

    سافٹ ویئر‘iCareFone’کااستعمال:

    اصل اور نقل کا فرق جاننے کے لئے دوسرا طریقہ سافٹ ویئر‘iCarePhone’کا استعمال ہے۔ اگر آپ کے پاس میک بک نہیں ہے تو یہ سافٹ ویئر ونڈوز لیپ ٹاپ پر بھی انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

    اس سافٹ ویئر کی انسٹا لیشن کے بعد اس سافٹ ویئر کو کھولیں اور اپنے آئی فون کو ڈیٹا کیبل کے ذریعے اس سے منسلک کرلیں، یہ سافٹ ویئر آپ کے آئی فون کی تمام تفصیلات ظاہر کردے گا۔

    آئی فون کیئر کے ذریعے آپ کو معلوم ہوجائے گا کہ آیا کوئی چیز جعلی، خراب یا مرمت شدہ ہے۔ اس کے علاوہ جعلی اور اصلی آئی فون کی شناخت اس کے کیمرے، کارکردگی، بیٹری اور یوزر انٹرفیس سے کی جا سکتی ہے۔

  • مغربی کنارے میں اسرائیلی بربریت سے مزید 19 فلسطینی شہید

    مغربی کنارے میں اسرائیلی بربریت سے مزید 19 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں مظالم ڈھانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، مغربی کنارے میں 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 19 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مغربی کنارے میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 176 تک پہنچ گئی ہے۔

    علاوہ ازیں غزہ میں تل الحوا کے علاقے میں القدس اسپتال کے اطراف اسرائیل فوج کی جانب سے شدید بمباری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔ فلسطینی ہلالِ احمر کا کہنا ہے کہ اسپتال میں عملہ، مریض اور 14 ہزار سے زیادہ بے گھر افراد موجود ہیں۔

    دوسری جانب حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے سیاسی مشیر طاہرال نونو کا نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل سے جنگ بندی سے متعلق ابھی کوئی معاہدہ نہیں ہوا، تاہم بات چیت جاری ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس عہدیدار نے اپنے بیان میں اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    جبکہ ترجمان وائٹ ہاؤس جان کربی کا کہنا ہے کہ اسرائیل شمالی غزہ میں روزانہ 4 گھنٹے کے لیے جنگ بندی کرے گا، جزوی جنگ بندی سے یرغمالیوں کی رہائی میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ جزوی جنگ بندی کا عمل آج سے ہی شروع ہوگا، اسرائیل روزانہ تین گھنٹے پہلے جنگ بندی کے وقت کا تعین کرے گا۔

  • دبئی پولیس کی بڑی کامیابی، غیر ملکی گروہ گرفتار

    دبئی پولیس کی بڑی کامیابی، غیر ملکی گروہ گرفتار

    دبئی پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے متعدد ملکوں میں بڑی کمپنیوں کا سسٹم ہیک کرنے والے بین الاقوامی گروہ کو حراست میں لے لیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی گروہ معروف کمپنیوں کے سی ای اوز اور ڈائریکٹرز کے ای میلز ہیک کرکے وارداتیں کرنے میں ملوث تھا۔

    رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہیکرز نے 36 ملین ڈالر دومرحلوں میں ملک سے باہر بھیجے تھے۔ پولیس کے ماتحت ای کرائمز کی سپیشل ٹیم ہیکرز کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی۔

    دبئی پولیس کے مطابق ہیکرز کو حراست میں لینے کی کارروائی ’مونوپولی آپریشن‘ کے نام سے انجام دی گئی۔

    دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ہیکرز کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ ان کا گروہ 43 افراد پر مشتمل تھا۔جو منظم کارروائیاں کررہا تھا۔

    گروہ کا سرغنہ جو کہ بیرون ملک میں مقیم ہے کی شناخت کرلی گئی ہے۔ گروہ کی گرفتاری میں انٹرپول سے تعاون حاصل کیا گیا۔ دیگر 20 ملزمان کا پتہ لگالیا گیا ہے۔

    اس کا باقاعدہ طور پر جب معلوم ہوا جب ایک ایشیائی ملک کی کمپنی کے وکیل نے ای کرائم پورٹل کے ذریعے دبئی پولیس سے شکایت کی کہ ایک بین الاقوامی گروہ کمپنی کے سی ای او کا ای میل ہیک کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

  • ہوشیار! کہیں آپ زیادہ نمک تو استعمال نہیں کررہے؟

    ہوشیار! کہیں آپ زیادہ نمک تو استعمال نہیں کررہے؟

    اگر آپ اپنی روز مرہ کی غذا میں زیادہ نمک استعمال کررہے ہیں تو آپ کو یہ جاننا ضروری ہے کہ زیادہ نمک کا استعمال آپ کی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، یہ بات ہر کوئی نہیں جانتا کہ کس طرح معلوم کیا جائے کہ ہمارے جسم میں نمک کی مطلوبہ مقدار مناسب ہے یا نہیں۔

    کھانے میں بہت زیادہ نمک استعمال کرنے سے ہائی بلڈ پریشر کے خطرات بڑھ جاتے ہیں اور اس کے علاوہ بھی کئی علامات ہیں جن سے پتہ چل جاتا ہے کہ آپ اپنی غذا میں زیادہ نمک کا استعمال کررہے ہیں، ان علامات میں سے ایک ہاتھوں اور پیروں کا ورم ہے۔

    نیشنل ہیلتھ سروسز کے مطابق یہ سوجن خود ہی ختم ہو سکتی ہے لیکن اگر یہ چند دنوں میں ختم نہ ہو تو یہ خطرے کی علامت ہے۔

    نمک جسم میں پانی کی مقدار میں اضافہ کردیتا ہے جس کے باعث ٹخنوں، پیروں اور ٹانگوں میں سوجن ہو سکتی ہے۔

    انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز میں بتایا گیا ہے کہ ضعیف العمر افراد کو روزانہ 6 گرام سے زیادہ نمک استعمال نہیں کرنا چاہئے۔

    این ایچ ایس کی ماہر غذائیت اولیویا برلی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب نمک کی مقدار زیادہ ہوتی ہے تو جسم میں اضافی سوڈیم موجود ہوتا ہے اور خلیوں کے گرد سیال کی مقدار میں اضافہ ہوجاتا ہے، جس سے گردے کم کارآمد ہو جاتے ہیں۔ جو بالآخر بلڈ پریشر میں اضافے کاباعث بنتا ہے۔

    یہ حالت دل کی بیماری، دل کے دورے اور فالج کے ساتھ ساتھ شریانوں کی سوزش، گردے کی بیماری اور ڈیمنشیا کے خطرات بڑھا سکتی ہے، اس کی بنیادی وجہ زیادہ نمک کا استعمال ہے۔

  • یو اے ای: ہیلتھ انشورنس کے لیے اب کتنی رقم ادا کرنا ہوگی؟

    یو اے ای: ہیلتھ انشورنس کے لیے اب کتنی رقم ادا کرنا ہوگی؟

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے رہائشیوں کو اپنے ہیلتھ انشورنس پریمیم کے لیے مزید رقم خرچ کرنا ہوگی، کیونکہ ایک درجن کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ دو ماہ میں پریمیم میں 35 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریٹس اگست 2023ء کے اوائل میں بڑھنا شروع ہوئے اور یہ سلسلہ ستمبر اور اکتوبر تک جاری رہا۔

    ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے درخواست دہندگان کی عمر کے لحاظ سے اوسط قیمتوں میں 10 فیصد سے 35 فیصد کے درمیان اضافہ ہوا ہے۔ ایک بیمہ کنندہ کے لیے تازہ ترین شرح نظرثانی اکتوبر کے وسط میں ہوئی۔

    طبی ضروریات کی مد میں قابل قدر اضافہ سامنے آنے کی وجہ سے ہر سال وبائی امراض کے بعد ہیلتھ انشورنس کی شرحوں میں 15 فیصد سے 20 فیصد تک مسلسل اضافہ سامنے آرہا ہے۔

    یو اے ای میں چند سال قبل لازمی ہیلتھ انشورنس کو متعارف کرایا گیا تھا اور آجر ملازمین کو ہیلتھ انشورنس کوریج فراہم کرنے کا پابند ہے۔ تاہم، اگر آجر بچوں کے لیے انشورنس فراہم نہیں کر رہا ہے، تو والدین کو ان کے لیے ہیلتھ انشورنس خریدنا پڑے گا۔

  • واٹس ایپ کا صارفین کیلئے بہت جلد خاص سروس متعارف کرانے کا فیصلہ

    واٹس ایپ کا صارفین کیلئے بہت جلد خاص سروس متعارف کرانے کا فیصلہ

    واٹس ایپ صارفین نے اپنے صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک خاص سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، بہت جلد واٹس ایپ صارفین کو فون نمبر کے بغیر اپنے اکاؤنٹ کو لاگ ان کرنے کی اجازت مل جائے گی۔

    آپ نے نیا فون خریدا؟ آپ SMS کے ذریعے OTP تصدیق کے ساتھ اپنے WhatsApp اکاؤنٹ سے جڑ سکتے ہیں۔ لیکن اگر آپ کا فون نمبر اب فعال نہیں ہے یا آپ کا فون چوری ہو گیا ہے تو کیا ہوگا؟

    واٹس ایپ کی ایس ایم ایس کی تصدیق محفوظ طریقہ کار ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ کوئی بھی OTP کے بغیر آپ کے اکاؤنٹ میں لاگ ان نہیں ہو سکتا۔

    تاہم اب واٹس ایپ اس مسئلے کے حل پر کام کر رہا ہے۔ WABetaInfo کے مطابق، کمپنی ایک ای میل تصدیق کی خصوصیت کی جانچ کر رہی ہے جو صارفین کو اپنے فون نمبر کے علاوہ ای میل کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اکاؤنٹس میں لاگ ان کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

    یہ نیا فیچر موجودہ تصدیقی عمل میں ایک اضافہ ہوگا اور ایس ایم ایس کی تصدیق کی جگہ نہیں لے گا۔ یہ ایک متبادل طریقہ کے طور پر کام کرے گا تاکہ صارفین کو ان کے اکاؤنٹس میں لاگ ان کرنے میں مدد مل سکے، اگر وہ SMS کے ذریعے 6 ہندسوں کا OTP وصول کرنے سے قاصر ہیں۔

    واٹس ایپ کا ”ای میل تصدیق” فیچر فی الحال اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے۔ صارفین اسے نئے شامل کردہ اکاؤنٹ کی ترتیبات کے سیکشن میں تلاش کر سکتے ہیں۔

  • تم کیوں چلے گئے؟ غزہ میں بیٹے کی لاش دیکھ کر باپ پر سکتہ طاری، دردناک ویڈیو

    تم کیوں چلے گئے؟ غزہ میں بیٹے کی لاش دیکھ کر باپ پر سکتہ طاری، دردناک ویڈیو

    اسرائیل کی جانب سے کی گئی بمباری کے سبب اب ہزاروں فلسطینی شہری اپنی زندگیوں سے محروم ہوچکے ہیں، ایسی صورتحال میں خوفناک اور دل دہلا دینے والے مناظر کی ویڈیوز بھی سامنے آرہی ہیں۔

    فلسطینی باپ کی ایک درد ناک ویڈیو سامنے آئی ہے، جب وہ مردہ خانے پہنچا تو اسے اپنے جوان سالہ بیٹے کی لاش ملی، جسے دیکھ کر وہ اپنے ہوش کھو بیٹھا اور آہ بکا کرنے لگا۔

    اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی پراسرائیلی چھاپوں کے نتیجے میں جواں سالہ فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا گیا تھا، لاچار باپ نے اپنے بیٹے کو دیکھتے ہی چیخنا چلانا شروع کر دیا۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے تقریباً ایک ماہ سے محصور غزہ کی پٹی پر شروع کی گئی جنگ کے بعد غزہ سے دردناک مناطر کی ویڈیوز سامنے آرہی ہیں۔

    اس عرصے کے دوران جاری جنگ اور پرتشدد اسرائیلی حملوں نے غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور اس پٹی میں 1.4 ملین افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے۔ 10 ہزار سے زائد شہادتیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔

  • ٹرمپ کیخلاف رئیل اسٹیٹ فراڈ کی تحقیقات کا دائرہ وسیع

    ٹرمپ کیخلاف رئیل اسٹیٹ فراڈ کی تحقیقات کا دائرہ وسیع

    سابق امریکی صدرٹرمپ کیخلاف رئیل اسٹیٹ فراڈ کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، جبکہ ٹرمپ کے دونوں بیٹوں کی نیویارک کی عدالت میں پیشی ہوئی، اس موقع پر دونوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ایرک اور ٹرمپ جونیئر نے دھوکے سے کاروبار کی قدر بڑھانے کا الزام مسترد کردیا، دونوں کا موقف تھا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    سابق امریکی صدر ٹرمپ کے وکیل کا عدالت میں کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ عوام کاپیسہ بے بنیاد مقدمے پرضائع کررہی ہے، ٹرمپ آئندہ صدارتی الیکشن کیلئے ریپبلکن نامزدگی کی دوڑ میں بدستور سرفہرست ہیں۔

    دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر مسلمانوں پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    ریپبلکن جیوش کولیشن کے سالانہ سربراہی اجلاس سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کیا آپ کو سفری پابندی یاد ہے؟ ایک دن میں یہ پابندی دوبارہ عائد کروں گا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جس دن میں اقتدار میں آیا کسی کو اپنے شہریوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں دوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دورِ حکومت میں وعدہ پورا کیا اور یروشیلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے وہاں امریکی سفارت خانہ کھولا۔