Tag: اے آر وائی

  • ابوظہبی ٹیسٹ : سری لنکن  ٹیم پہلی اننگز میں 204 رنز پرڈھیر ہوگئی

    ابوظہبی ٹیسٹ : سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 204 رنز پرڈھیر ہوگئی

    ابوظہبی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے روز پاکستانی شاہینوں نے سری لنکا کے کھلاڑیوں کی پہلے دن ہی لنکا ڈھا دی، صرف204 رنز پر تمام کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، پاکستانی بالر جنید خان نے اپنی جادوئی بولنگ سے پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔

    جبکہ بلاول بھٹی نے بھی 3 کھلاڑیوں کو گراؤنڈ سے باہر جانے پر مجبور کیا ، دنیا کے بہترین اسپنر سعید اجمل نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، سری لنکا کی بیٹنگ پاکستانی شاہینوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 65 اوورز کا سامنا کر سکی ۔    

     

  • پرویزمشرف پر کل خصوصی عدالت میں فرد جرم عائد کی جائے گی

    پرویزمشرف پر کل خصوصی عدالت میں فرد جرم عائد کی جائے گی

    سابق صدر پرویزمشرف پر کل خصوصی عدالت میں فرد جرم عائد کی جائے گی، پرویزمشرف کا کہنا ہے کہ غداری مقدمے میں وہ آرمی چیف پر چھوڑتے ہیں کہ وہ کہاں تک جاسکتے ہیں، اندازہ نہیں تھا کہ غداری کا مقدمہ چلے گا۔

    اسلام آباد میں برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  فوج کے اندر رائے ضرور لی جاتی ہے تاہم حتمی فیصلہ فوجی سربراہ کرتا ہے، تو میں یہ ان پر چھوڑتا ہوں کہ وہ کیا کرتے ہیں۔

    جنرل مشرف کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف آئین کے خلاف غداری کے الزامات سے پوری فوج ناراض ہے، انھوں نے کہا کہ انہیں فیڈ بیک ہے اور فوج کے اندر گراؤنڈ لیول تک سوچ کا پتہ ہے، صرف فوج نہیں عام آدمی بھی ان کے دور کو یاد کرتا ہے جب غربت میں کمی ہوئی تھی اور موٹر سائیکل والا گاڑی خریدنے کے لائق ہوا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں علم نہیں کس قدر عدالت غیر جانبدار ہوگی لیکن انہیں پتہ ہے کہ انہیں پھنسایا جارہا ہے، انہیں سپریم کورٹ سے امید ہے وہ انہیں انصاف دے گی۔
       

  • کراچی:اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے 2مبینہ ڈاکو ہلاک

    کراچی:اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے 2مبینہ ڈاکو ہلاک

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو ہیں جب کہ ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ایس ایچ او مومن آباد نے دونوں افراد کو شہریوں کے ہاتھوں قتل کرایا ہے۔

    پولیس کے مطابق مومن آباد میں ڈاکوؤں کی اطلاع پر پولیس موبائل موقع پر پہنچی تو شہری دو ڈاکوؤں کوتشدد کا نشانہ بنارہے تھے، پولیس نے ڈاکوؤں کو شہریوں سے چھڑانے کی کوشش کی تو شہریوں نے انہیں مزید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    ہلاک ہونے افراد کے ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ایس ایچ او مومن آباد نے دونوں افراد کو شہریوں کے ہاتھوں قتل کرایا ہے، ورثا نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او کے خلاف کاروائی کی جائے، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکؤں کی فائرنگ سے ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے، جس نے ڈاکوؤں کی شناخت کی ہے۔
       

  • پشاور میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنان کا احتجاج

    پشاور میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنان کا احتجاج

    پشاور میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے تحریک انصاف کے کارکنان واپڈا ہاؤس میں داخل ہوگئے، واپڈاچیف کہتے ہیں تیس جنوری سے پہلے لوڈشیڈنگ دورانئے میں کمی نہیں کرسکتے۔

    بجلی لوڈ شیڈنگ نا منظور نامنظور ، خیبر پختون خوا سے سوتیلوں جیسا سلوک بندکیا جائے، پشاور میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنان صوبے میں بجلی کی طویل اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کےخلاف احتجاج کرتے ،واپڈا ہائوس میں داخل ہوگئے، کارکنان کی چھ رکنی کمیٹی نےچیف واپڈا حکام سے سے بات کی۔

    واپڈاحکام نے بتایاطلب بائیس سو میگاوات کی ہے جبکہ صوبے کو چودہ سو میگاواتٹ فراہم کئے جاتے ہیں، آٹھ سو میگاواٹ کمی کے سبب لوڈشیڈنگ کرنی پڑتی ہے، پیسکو چیف برگئیڈئیر رٹائرڈ طارق سدرو زئی عندیہ دیاہے کہ تیس جنوری سے پہلے لوڈ شیڈ نگ میں کمی نہیں کی جاسکتی۔

    دیہی علاقوں کو اٹھارہ سے بیس گھنٹےاور شہری علاقوں میں آٹھ سے بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔پیسکو چیف نے خوشخبری دیتے ہوئےبتایا چھ ارب روپے کے، لائن ڈسٹیبیوشن سسٹم ۔کو لگانے کی منظوری دی گئی ہے جو لوڈ شیڈنگ کے زخم پر مرہم کا کام کرے گا، کارکنان کی کمیٹی نے واپڈا حکام کو چار نکا ت پیش کئے جس میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ،کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کاروائی ،لو ،وولٹیج اور ،اوور بیلینگ کو قابو میں کرنا شامل ہے۔
       

  • طاہرالقادری مسلمہ طور پر جھوٹ کے سوداگر ہیں، پرویزرشید

    طاہرالقادری مسلمہ طور پر جھوٹ کے سوداگر ہیں، پرویزرشید

    وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویزرشید نے کہا ہے کہ طاہرالقادری مسلمہ طورپرجھوٹ کےسوداگر ہیں۔

       وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پر بھی کنٹینر بابا خاموش رہتا ہے اور جب سیلاب آتا ہے تو بھی غائب ہوجاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قادری جیسوں کو آمریت کا انتظار رہتا ہے ایسا دور اب کبھی نہیں آئے گا، پرویزرشید کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری اپنے مقاصد میں پہلے کامیاب ہوئے نہ اب ہوں گے۔
        
        

       

  • کیو ٹی وی کا بچیوں کے درمیان نعت مقابلہ ،مدحت مصطفیٰ

    کیو ٹی وی کا بچیوں کے درمیان نعت مقابلہ ،مدحت مصطفیٰ

    اے آر وائی کیو ٹی وی ماہ ربیع الاول میں بچیوں کا نعتیہ مقابلہ پروگرام مدحت مصطفٰی میں پیش کررہا ہے، بچیوں کے مابین مقابلہ نعت خوانی ہوا جس میں بڑی تعداد میں بچیوں نے حصہ لیا۔

    نعت خواں کی نعت بچیوں کے مقابلہ نعت میں ججز کے فرائض سینئر نعت خواں سعدیہ کاظمی، سحر اعظم اور سیدہ عنبرین نے دیئے، اس موقع پرسعدیہ کاظمی کا کہنا تھا کہ کیو ٹی وی نے مدحت مصطفیٰ کے پروگرام میں مقابلہ کے ذریعے نئے ٹیلینٹ کو موقع فراہم کیا جو ایک بہترین کاوش ہے۔ 

    سحراعظم نے کہا کہ فروغ نعت کے سلسلے میں کیوٹی وی کا کرداربے مثال ہے، کیوٹی وی نے ابتدا ہی سے فروغ نعت میں اپنا اہم کردارادا کیا ہے،  سیدہ عنبرین نے کہا کہ ٹیلینٹ کے حوالے سے بہت سے چینلز نے کام کیا مگر فروغ نعت میں کیو ٹی وی کا کام سب سے زیادہ اور پہلے ہے۔

    نعت خواں کی نعت اے آروائی کیوٹی وی اپنی خواتین ناظرین کیلئے مدحت مصطفیٰ کے ساتھ محفل میلاد اور دیگر پروگرامز ماہ ربیع الاول کی اسپیشل ٹرانسمیشن میں پیش کررہا ہے۔
       

  • ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اسکالر شپس میں جنوبی پنجاب سے امتیازی سلوک

    تحریر: راؤ محمد خالد 
    email: [email protected]

     

    انسانی تاریخ بتاتی ہے کہ اگر کسی مخصوص لسانی اکائی ، کمیونٹی ، طبقہ یا جغرافیہ کے لوگوں کے ساتھ عدم مساوات کا مسلسل عمل کیا جاتا ہے تو اس عدم مساوات کے مسلسل عمل سے اس طبقہ آبادی میں احساس محرومی اور غصہ جنم لیتا ہے اور اگر عدم مساوات کا عمل مستقل کیا جائے تو اس کا نتیجہ علیحدگی کی صورت میں نکلتا ہے پاکستان میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بنا ۔
    ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جرمنی اور فرانس سے ملنے والی 8 کروڑ کی 400 اسکالر شپس میں جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیوں کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے ۔جرمنی کے سفیر Cyrill Nunn اور HEC کے قائم مقام چیئر پرسن امتیاز حسین گیلانی کے مابین میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق جرمنی اور فرانس کی جانب سے HEC کو پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فروغ تعلیم کے لیے طلبہ کو 8کروڑ مالیت کے 400 اسکالر شپس دیئے گئے لیکن ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ان تمام اسکالر شپس کے لیے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقہ کی یونیورسٹیوں کا انتخاب نہیں کیا ۔ جرمنی کی جانب سے دیئے جانے والی 4 کروڑ مالیت کے 200 اسکالرشپس کے لیے جن 10 یونیورسٹیوں کا انتخاب کیا ہے ان میں 4 کا تعلق قائم مقام چیئرمین ایج ای سی امتیاز حسین گیلانی کے صوبہ سے ہے ۔ ان یونیورسٹیوں میں یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور ، کوہاٹ یورنیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، یونیورسٹی آف ہری پور اور فرنٹیر ی وومن یونیورسٹی پشاور شامل ہیں اور 2 وفاقی یونیورسٹیز قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور COMSAT یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اسلام آباد اور اپر پنجاب کی 2 یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور بلوچستان کی لسبیلہ یونیورسٹی اور سردار بہادر خان یونیورسٹی شامل ہیں۔ اس سے قبل فرانس سے ملنے والی 4 کروڑ کی 200 سکالر شپس میں بھی جنوبی پنجاب کی جامعات کو نظر انداز کر دیا گیا۔ فرانس سے ملنے والی سکالر شپس میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد ، COMSAT یونیورسٹی آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس منیجمنٹ کراچی اور قراقرم یونیورسٹی گلگت شامل ہے ۔ 
    جرمنی سے ملنے والی سکالر شپس میں جنوبی پنجاب ، کراچی اور سندھ کو نظر انداز کیا گیا جبکہ فرانس سے ملنے والی سکالرشپ میں بھی جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ کو نظر انداز کیا گیا جبکہ کراچی سے صرف IBA کو شامل کیا گیا ۔ 
    وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت انجینئر بلیغ الرحمن کا تعلق بھی جنوبی پنجاب سے ہے لیکن اس کے باوجود جنوبی پنجاب کی یونیورسٹی کا انتخاب نہیں کیا گیا ۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ شہروں ملتان ،بہاولپور ، وہاڑی، ڈی جی خان وغیرہ کو سرے سے نظر انداز کیا گیا۔ جنوبی پنجاب کو اسکالر شپس میں نظر انداز کرنا اس پسماندہ خطہ کے عوامی نمائندوں کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ؟؟؟
    ہزاروں سال پہلے ایک یونانی دانشور نے کہا تھا کہ بہترین معاشرہ وہ ہوتا ہے جس میں ظلم سے محفوظ رہنے والے لوگ بھی ظلم کے خاتمے اور ظالم کو سزا دلوانے کے لیے اتنی ہی دلچسپی اور سر گرمی کا مظاہرہ کریں جتنا ظلم رسیدہ خاندان افراد یا گروہ اس ظالم کے خلاف سر گرم عمل ہو ۔ ایک پاکستانی چاہے پہاڑ کی آغوش میں رہتا ہو یا صحرا کی گود میں رہتا ہو یا میدانوں کے سینے پر رہتا ہو لب سمندر رہتا ہو اگر ہر شخص کو برابر کا پاکستانی اور مساوی حقوق کا حقدار تسلیم نہیں کیا جاتا تو پاکستانیت کیسے فروغ پا سکتی ہے ؟؟؟ میری محب وطن دانشورں، صحافیوں، کالم نگاروں ، اینکر پرسنز ، سیاسی و سماجی رہنماؤں ، انسانی حقوق کی تنظیموں ، پاکستان کے ارباب اختیار سمیت عالمی برادری سے پُر زور اپیل ہے کہ جنوبی پنجاب کے ساتھ ناروا امتیازی سلو کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ یہ پسماندہ خطہ کے 4 کروڑ لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔

     

     
  • وزیراعظم کے اثاثوں میں غیرمعمولی اضافے کا تاثر درست نہیں,پرویز رشید

    وزیراعظم کے اثاثوں میں غیرمعمولی اضافے کا تاثر درست نہیں,پرویز رشید

    وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اثاثوں میں غیرمعمولی اضافےکا تاثر درست نہیں، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کے بیان سے ملک اور پارٹی میں ان کا تشخص متاثر ہوگا۔

    حکومت نے وزیراعظم کے اثاثوں کے بارے میں امیر جماعت اسلامی کے بیان کا نوٹس لے لیا، وزیراعظم کے ترجمان اور وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کے اثاثوں کی پرانی اور موجودہ مالیت سے متعلق ابہام پیدا کیا جارہا ہے۔

    پرویز رشید کا کہنا تھا کہ منقولہ اورغیرمنقولہ اثاثوں کی مالیت میں وقت کیساتھ اضافہ قابل فہم ہے، ساتھیوں کےغلط مشورے امیر جماعت اسلامی کے مبہم بیانات کا سبب ہیں، توقع ہے کہ منور حسن غیرمصدقہ اورغلط بیانات سے اجتناب کرینگے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات سے ملک اور پارٹی میں منور حسن کا تشخص متاثرہوگا، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے جمعے کو منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بتائیں کہ ان کے اثاثے دوگنا کیسے ہوگئے۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عام انتخابات میں اثاثوں کی جو تفصیلات بتائی ہیں وہ انکے موجودہ اثاثوں سے دو گنا کم ہیں۔

  • پرویزمشرف نے31جولائی کے فیصلےکو پھر چیلنج کردیا

    پرویزمشرف نے31جولائی کے فیصلےکو پھر چیلنج کردیا

    سابق صدر پرویز مشرف نے سپریم کورٹ کے اکتیس جولائی دو ہزار نو کے فیصلے کو ایک بار پھر چیلنج کر دیا، فیصلے پرنظر ثانی کی درخواست اعتراضات دور کرکے دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی ہے۔

    سابق صدرکے وکیل کی جانب سے دائرکی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ دو ہزار نو میں پرویز مشرف کو سنے بغیر انہیں غاصب قرار دیا گیا تھا، اس سے قبل بھی پرویز مشرف نے نظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھی۔

    رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگایا تھا کہ درخواست مشرف کے وکیل شریف الدین پیر زادہ ہی دائر کر سکتے ہیں، لگائے جانے والے اعتراضات میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ نظر ثانی کی درخواست پر وکیل کا نام تو ہے لیکن ان کے دستخط نہیں ہیں۔
        

        
       

  • ننکانہ صاحب: گھر کی دیوار گرنےسے 6بچے جاں بحق

    ننکانہ صاحب: گھر کی دیوار گرنےسے 6بچے جاں بحق

    ننکانہ صاحب میں گھر کی دیوار گرنے سے چھ بچے جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں تین کا تعلق ایک ہی خاندان سے جبکہ تین بچے مہمان تھے۔

    ننکانہ صاحب کے علاقےسید والا میں محنت کش نواز دین کے گھر اچانک دیوار گرجانے سے چھ بچے جاں بحق ہوگئے، بچے دیوار کے ساتھ صحن میں کھیل رہے تھے، تمام بچوں کی عمر سات سال کے لگ بھگ تھی۔

    جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے نواز دین کے جبکہ تین بچے گھر میں آئے مہمان تھے، سید والا میں علاج معالجے کی سہولیات کے فقدان کے باعث ریسکیو میں تاخیر ہوئی اور بچے ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔